Author: فرید قریشی

  • کرونا وائرس، اسکواش کے لیجنڈری کھلاڑی اعظم خان لندن میں انتقال کرگئے

    کرونا وائرس، اسکواش کے لیجنڈری کھلاڑی اعظم خان لندن میں انتقال کرگئے

    لندن: اسکواش کے لیجنڈی کھلاڑی اعظم خان کرونا وائرس کے باعث لندن میں انتقال کرگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کے باعث اسکواش کے لیجنڈری کھلاڑی اعظم خان 95 برس کی عمر میں انتقال کرگئے، گزشتہ ہفتے اعظم خان کا کرونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔

    اعظم خان اسکواش پلیئر ہاشم خان کے چھوٹے بھائی تھے، وہ 1959 سے 1962 تک مسلسل 4 بار برٹش اوپن اسکواش چیمپئن رہے۔

    اعظم خان کے بیٹے واصل خان کا کہنا ہے کہ اسپتال کے حکام نے ہفتہ کی سہ پہر والد کے انتقال کے بارے میں اہلخانہ کو آگاہ کیا۔

    مزید پڑھیں: لندن:‌ کرونا وائرس نے باپ بیٹی کی جان لے لی

    واصل خان کا کہنا ہے کہ ہم سب لندن میں آئسولیشن میں ہیں، عوام سے درخواست ہے کہ والد کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کریں۔

    واضح رہے کہ برطانوی محکمہ صحت کے مطابق برطانیہ میں کرونا وائرس سے ایک ہی دن میں 260 افراد ہلاک ہوگئے، برطانیہ میں کرونا سے آج سب سے زیادہ ہلاکتیں ریکارڈ کی گئیں۔

    برطانیہ میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 1019 ہوگئی ہے جبکہ کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 17089 تک جاپہنچی ہے۔

  • کورونا وائرس  ،  باکسر عامر خان کا بڑا اعلان

    کورونا وائرس ، باکسر عامر خان کا بڑا اعلان

    لندن : کورونا وائرس کے پیش نظر پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے اسلام آبادباکسنگ اکیڈمی حکومت پاکستان کو دینے کا اعلان کردیا اور کہا لوگوں کی زندگیاں بچانےکیلئے کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے اسلام آبادباکسنگ اکیڈمی حکومت پاکستان کو دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا باکسنگ جم میں ایک ہزاربیڈز رکھنے کی گنجائش ہے، باکسنگ رنگ ہٹا دیں گے تاکہ مزید جگہ بن سکے۔

    باکسرعامرخان کا کہنا تھا کہ لوگوں کی زندگیاں بچانےکیلئے کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔

    اس سے قبل پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے این ایچ ایس اسپتال کو زیر تعمیر 4 منزلہ عمارت عارضی اسپتال کے لیے دینے کی پیشکش کردی۔

    باکسر عامر خان کا کہنا تھا کہ احساس ہے اسپتال میں اس وقت بیڈ ملنا مشکل ہے، این ایچ ایس زیر تعمیر عمارت کو مریضوں کے لیے استعمال کرسکتا ہے، عمارت بولٹن میں تعمیر کے آخری مراحل میں ہے، واضح رہے کہ 4 منزلہ عمارت میں عامر خان شادی ہال اور شاپنگ مال بنارہے ہیں۔

    خیال رہے ملک بھر میں کورونا کےکیسزکی تعداد 1296 ہوگئی ہے جبکہ کورونا سے جاں بحق افراد کی تعداد 11 اور 23 افراد کورونا وائرس سےمکمل طور پر صحتياب ہوچکے ہیں۔

  • برطانوی وزیراعظم بورس جانسن بھی کورونا وائرس کا شکار

    برطانوی وزیراعظم بورس جانسن بھی کورونا وائرس کا شکار

    لندن : برطانوی وزیراعظم بورس جانسن بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے، جس کے بعد وہ قرنطینہ میں چلے گئے ہیں، بورس جانسن کا کہنا ہے کہ ویڈیو کانفرنس کےذریعے اپنی حکومتی ذمہ داری نبھاتا رہوں گا۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کا کوروناوائرس ٹیسٹ مثبت آگیا ، بورس جانسن کا کہنا ہے کہ میں نے خود کو قرنطینہ کردیا ہے، چیف میڈیکل آفیسر کی ایڈوائس پر ٹیسٹ کروائے۔

    بورس جانسن نے کہا ہے کہ میں نے معمولی کھانسی اور بخار کی شکایت پر ٹیسٹ کرایا تھا ، ویڈیو کانفرنس کے ذریعے اپنی حکومتی ذمہ داری نبھاتا رہوں گا۔

    خیال رہے برطانیہ میں کرونا کے مریضوں کی تعداد 11,658 ہو گئی جبکہ وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 578 تک جا پہنچی ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 113 ہلاکتیں ہوئیں۔

    این ایچ ایس اب تک 104,866 افراد کے ٹیسٹ کر چکا ہے ، جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 2129 نئے کیسز سامنے آئے ، طبی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ دو سے تین ہفتوں میں وائرس کا پھیلاؤ بڑے پیمانے پر بڑھے گا۔

    واضح رہے نئے اور مہلک وائرس COVID 19 دنیا کے 199 ممالک تک پھیل گیا ہے، ہلاکتیں بڑھ کر 24 ہزار 89 ہوگئیں، جب کہ 5 لاکھ 32 ہزار 237 افراد وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں، دوسری طرف صحت یاب افراد کی تعداد بھی بڑھ کر ایک لاکھ 24 ہزار 331 ہو گئی ہے۔

  • کرونا وائرس ، برطانیہ میں مقیم غیر ملکیوں کیلئے بڑی خوشخبری

    کرونا وائرس ، برطانیہ میں مقیم غیر ملکیوں کیلئے بڑی خوشخبری

    لندن : برطانوی وزارت داخلہ نے غیر ملکیوں کیلئے ویزوں میں توسیع کا اعلان کر دیا اور کہا صورتحال بہترنہ ہوئی تو ویزوں میں مزید توسیع بھی کی جا سکتی ہے، غیرملکی ویزوں میں31مئی تک توسیع کراسکتےہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کے دوران برطانیہ میں مقیم غیر ملکوں کیلئے اچھی خبر آگئی ، برطانوی وزارت داخلہ نے غیرملکیوں کیلئے ویزوں میں توسیع کا اعلان کر دیا ہے۔

    ہوم آفس نے فیصلہ کیا ہے کہ جن افراد کے ویزے ختم ہو رہے ہیں یا جنہیں ہوم آفس نے ملک چھوڑنے کا حکم دے رکھا ہے، انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ہوم آفس سےرابطہ کرکےویزوں میں31مئی تک توسیع کراسکتےہیں۔

    بر طانوی وزیر داخلہ پریٹی پاٹیل کا کہنا تھا کہ اگر صورتحال میں بہتری نہ آئی تو ویزوں میں مزید توسیع بھی کی جائے گی، اس وبا کے دوران غیر قانونی طور پر مقیم افراد کو تلاش کرنے کیلئے ہوم آفس چھاپے بھی نہیں مارے گا تاہم صورتحال بہترہونے پر غیرغیرقانونی طورپرمقیم افراد کو جانا ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ ہمارے نزدیک ویزوں سے زیادہ لوگوں کی صحت اور زندگیاں اہم ہیں، ویزوں کے اجراء کے سلسلے میں ہوم آفس کے اندر ایک کووڈ 19 امیگریشن ٹیم بنا دی گئی ہے۔

    خیال رہے برطانیہ میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 8077 ہو گئی ہے ، گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 1427 نئے کیسز سامنے آئے ، برطانیہ میں ایک روز میں رپورٹ ہونے والے کیسز میں اب تک یہ سب سے بڑی تعداد ہے۔

    وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 422 ہو گئی ہے ، این ایچ ایس 90 ہزار سے سے زائد افراد کے ٹیسٹ کر چکا ہے ، اسپتالوں میں مدد میں کے لیے فوج کو طلب کر لیا گیا ہے، تمام روٹین چیک اپ اپائنٹمنٹ کینسل کر دی گئیں اور لوگوں کو گھروں سے کام کرنے کی ہدایات کی گئی ہیں۔

  • کورونا وائرس ، برطانوی وزیراعظم  نے ‘نیشنل ایمرجنسی’ کا اعلان کر دیا

    کورونا وائرس ، برطانوی وزیراعظم نے ‘نیشنل ایمرجنسی’ کا اعلان کر دیا

    لندن : برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے نیشنل ایمرجنسی کا اعلان کر دیا، جس کے تحت دو سے زیادہ افراد کے گھر سے نکلنے پر پابندی عائد ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے نیشنل ایمرجنسی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی ایمرجنسی کی صورتحال ہے، گھر پر رہیں ہم سب مل کر کرونا وائرس کو شکست دیں گے۔

    بورس جانسن نے خطاب میں کہا اگر بہت زیادہ لوگ اکٹھے بیمار ہو گئے تو این ایچ ایس کیلئے مشکل ہو جائے گا، لوگوں کی اکثریت ہدایات پر عمل کر رہی ہے۔

    برطانوی وزیراعظم نے سخت ہدایات جاری کیں کہ ایک بار شاپنگ اور صرف ایک بار ایکسرسائز کیلئے باہر نکلیں، اگر دوست بلائیں تو بھی باہر نہ جائیں، رشتہ داروں سے ملنے کیلئے بھی باہر نہ نکلیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ خوراک کیلئے ڈیلیوری سروس استعمال کریں ، دو سے زیادہ لوگ اکٹھے باہر نہ نکلیں، پولیس کے پاس طاقت کے استعمال کا اختیار ہے اور ہدایات پر عمل نہ کرنے والوں کو جرمانے بھی کئے جائیں گے۔

    وزیراعظم نے کہا کہ پارکس کھلے رہیں گے مگر لوگوں کو اکٹھا ہونے کی اجازت نہیں دیں گے، تاہم اگر صورتحال بہتر ہوئی تو نرمی کریں گے۔

    بورس جانسن نے کہا کہ این ایچ ایس کو لاکھوں ٹیسٹ کٹس مہیا کر دی ہیں اور ادارے کی مکمل سپورٹ جاری رکھیں گے۔ ہمیں معاشرے کے ہر فرد کی حمایت کی ضرورت ہے ماضی میں ہماری قوم نے ایسے بہت سے چیلنجز کا مقابلہ کیا اور ہم اس بحران سے بھی نکلیں گے اور کرونا وائرس کو شکست دیں گے۔

    خیال رہے برطانیہ میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 6650 ہو گئی، گزشتہ چوبیس گھنٹوں 967 نئے کیسز سامنے آئے جبکہ ملک بھر میں ہلاکتوں کو تعداد 335 تک جا پہنچی ہے۔

    این ایچ ایس اب تک83,945 افراد کے ٹیسٹ کر چکا ہے۔ برطانیہ میں آج سے پندرہ لاکھ افراد کو تین مہینوں تک گھروں میں رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں، یہ وہ افراد ہیں جنہیں کرونا سے شدید خطرات لاحق ہیں، ان افراد میں مختلف بیماریوں میں مبتلاءیا کمزور قوت مدافعت کے حامل افراد ہیں۔

    برطانوی سیکرٹری ہیلتھ نے آج ملک سے باہر تمام برطانوی شہریوں کو جلد از جلد واپس گھر لوٹنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

  • برطانوی حکومت کا گھر بیٹھے لوگوں کو تنخواہ دینے کا اعلان

    برطانوی حکومت کا گھر بیٹھے لوگوں کو تنخواہ دینے کا اعلان

    لندن: برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے سینما، جم اور نائٹ کلبز بند کرنے کا حکم دے دیا جب کہ وزیر خزانہ نے گھر بیٹھے ملازمین کو تنخواہ دینے کا اعلان کردیا۔

    لندن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم بورس جانسن نے کہا کہ کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے حکومت نے سخت فیصلے کیے ہیں، سینما، جم، نائٹ کلبز،ریسٹورنٹ، کیفے اورباربند رکھے جائیں گے۔

    وزیر خزانہ نے کورونا وائرس کے باعث کاروبار کی بندش اور تجارتی سرگرمیاں معطل ہونے پر گھروں پر بیٹھے افراد کو تنخواہ دینے کا اعلان کیا ہے۔

    برطانوی وزیرخزانہ نےکورونا وائرس جاب اسکیم متعارف کراتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اسکیم کم سےکم 3ماہ چلےگی اس لیے ملازمین فکرمندنہ ہوں۔

    انہوں نے بتایا کہ حکومت تنخواہوں کا 80 فیصد گھر بیٹھے ادا کرے گی جب کہ 3ماہ کیلئے وی اےٹی معطل کیا جائے گا۔ برطانوی حکومت نے کرایہ داروں کی مدد کیلئے ایک ارب پاؤنڈ کا بھی اعلان کیا ہے۔

    دوسری جانب کرونا وائرس کے مریضوں کی بھرمار سے لندن کے اسپتالوں نے صورتحال تشویشناک قرار دے دی، ہیرو کے اسپتال کا شمار لندن کے بڑے ہسپتالوں میں ہوتا ہے جس کا انتہائی نگہداشت ڈیپارٹمنٹ بھر گیا اور مریضوں کو دیگر اسپتالوں میں منتقل کرنے کی کوششیں شروع کردی گئی ہیں۔

    واضح رہے کہ برطانیہ بھر میں کووڈ 19 سے ہلاکتوں کی تعداد 177 ہو گئی ہےاور گزشتہ 24 گھنٹوں میں 33 اموات کے ساتھ تعداد 184 ہو گئی ہیں۔

  • اسپتال انتظامیہ ہینڈ سینیٹائزر مریضوں کے بستر سے باندھنے پر مجبور

    اسپتال انتظامیہ ہینڈ سینیٹائزر مریضوں کے بستر سے باندھنے پر مجبور

    لندن: کرونا وائرس کے خوف نے برطانوی لوگوں کو بھی چوری کرنے پر مجبور کر دیا ہے، ملک میں ہینڈ سینیٹائزر کی قلت کے باعث لوگوں نے اسپتالوں سے چوری کرنا شروع کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی اسپتالوں سے ہینڈ سینیٹائزر چوری ہونے کا معاملہ اتنی سنجیدگی اختیار کر گیا ہے کہ محکمہ صحت کو اپیل جاری کرنی پڑی ہے، این ایچ ایس نے اپنی اپیل میں کہا ہے کہ خدارا سینیٹائزر چوری نہ کریں، اس سے مریضوں کی زندگیوں کو خطرہ ہے۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق مارکیٹ میں سینیٹائزر کی قلت پیدا ہو گئی ہے، جس کے باعث چوری کی وارداتیں ہونے لگی ہیں، مجبور ہو کر اسپتالوں میں اسٹاف نے سینیٹائزر کی بوتلیں مریضوں کے بستر سے باندھنا شروع کر دی ہیں، این ایچ ایس کا کہنا تھا کہ ایکسیڈنٹ ایمرجنسی سے بھی لوگوں نے سینیٹائزر چوری کر لیے، اس سے مریضوں کی زندگی خطرے میں پڑ سکتی ہے۔

    کرونا کا خوف، چھینکنے پر دوران پرواز مسافروں میں جھگڑا

    دریں اثنا، نجی اسپتالوں نے بھی سینیٹائزر چوری نہ کرنے کی اپیل کر دی ہے۔ لندن کے ایک اسپتال میں کینسر کے وارڈ کے اسٹاف نے ٹویٹر اکاؤنٹ پر اپیل کی کہ مجھے شرم آ رہی ہے یہ کہتے ہوئے کہ جب آپ اسپتال آئیں تو پلیز ہمارے وارڈز سے ہینڈ سینیٹائزرز اٹھا کر نہ لے جائیں۔

    ایک اور قومی اسپتال کے اسٹاف نے ٹویٹر پر لوگوں سے اپیل کی کہ ‘اب بڑے ہو جائیں اور تمیز دکھائیں’۔ نوٹنگھم میں کوئینز میڈیکل سینٹر کی ایک نرس نے لکھا کہ میں آج مریض کے بستر سے ہینڈ سینیٹائزر باندھے پر مجبور ہوئی، برائے مہربانی ہمارا سینیٹائزر نہ چرائیں۔

    خیال رہے کہ برطانیہ میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 35 تک پہنچ گئی ہیں جب کہ 1391 افراد وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔

  • برطانوی پولیس کو کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کو گرفتار کرنے کا حکم

    برطانوی پولیس کو کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کو گرفتار کرنے کا حکم

    اسلام آباد: کرونا وائرس کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال سے نمٹنے کے لیے برطانوی پولیس کو اضافی اختیارات دے دیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے پولیس کو اضافی اختیارات دے دیے گئے۔ برطانوی پولیس کرونا سے متاثرہ مریضوں کوحراست میں لے سکےگی۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق پولیس کے پاس اختیار ہوگا وہ اسکولز بند نہ ہونے دے، حکومت کے پاس مردہ خانوں میں محدود جگہ ہے، نئی قانون سازی 2 ہفتے کے اندر پاس کرائی جائے گی۔ ایمرجنسی پر پارلیمنٹ کی منظوری کے بغیر قوانین لاگو کیے جائیں گے۔

    برطانوی حکومت کے مطابق آبادی کی اکثریت کرونا سے متاثر ہو گی۔ پولیس کو 2 سال تک اضافی اختیارات حاصل رہیں گے، پولیس کسی بھی گاڑی،ٹرین یا جہاز کو روک سکےگی۔

    برطانیہ میں نومولود بھی کرونا وائرس سے متاثر

    برطانیہ میں نومولود میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے، نومولود میں ہلاکت خیز وائرس کی تشخیص کا لندن میں پہلا کیس سامنے آیا ہے۔

    واضح رہے کہ کرونا وائرس کی وبا نے دیگر ممالک کی طرح برطانیہ کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، جہاں اب تک 11 افراد ہلاک جبکہ 798 شہری متاثر ہوچکے ہیں۔

  • اینٹی کرونا ویکسین کی تیاری جاری، جون تک متعارف کرادی جائے گی

    اینٹی کرونا ویکسین کی تیاری جاری، جون تک متعارف کرادی جائے گی

    لندن : کرونا وائرس کی ویکسین تیاری آخری مراحل میں داخل ہوگئی، سائنسدان چوہوں پر ویکسین کا کامیاب تجربہ کر چکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی سائنسدانوں نے دعویٰ کیا ہے کہ کورونا وائرس کی ویکسین تیاری کے آخری مراحلے میں ہے،جون تک ویکسین عوام کے لئے تیار
    ہوجائے گی۔

    امپیرئل کالج  لندن کے سائنسدان ویکسین کی تیاری میں مصروف عمل ہیں۔ اس حوالے سے ہیڈ آف ریسرچ ڈاکٹر رابن شاٹوک نے بتایا ہے کہ جون تک ویکسین انسانوں کیلئے تیار ہو جائے گی۔

    مزید پڑھیں : سائنس دان مرنے کے بعد میراث میں کروناوائرس کی ویکسین چھوڑ گیا

    ان کا کہنا ہے کہ چوہوں پر تجربات مکمل کرلیے گئے ہیں اگلے مرحلے میں بندروں پر ویکسین کا تجربہ کیا جائے گا،  ڈاکٹر رابن کے مطابق فرانس کے سائنسدان بھی ویکسین تیاری میں شریک ہیں۔

  • لندن میں ڈاکٹر عدنان پر حملے کی اصل کہانی سامنے آگئی

    لندن میں ڈاکٹر عدنان پر حملے کی اصل کہانی سامنے آگئی

    لندن: سابق وزیراعظم نوازشریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان پر حملے کی اصل کہانی سامنے آگئی۔

    تفصیلات کے مطابق (ن) لیگ نے ڈاکٹر عدنان پر حملے کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کی جو ناکام ہوگئی، لندن پولیس نے (ن) لیگ کا سیاسی دعویٰ مسترد کر دیا۔

    پولیس ذرائع نے بتایا حملہ ذاتی نوعیت کا نہیں بلکہ ڈکیتی کی واردات تھی، حملہ آور ڈاکٹر عدنان کی گھڑی چھین کر فرارہوئے اور اس چھیناجھپٹی کے دوران ڈاکٹر عدنان کو چوٹیں آئیں۔

    لندن میں موبائل چھیننے کی ایسی وارداتیں روز ہوتی ہیں، ڈاکٹرعدنان پر حملے کا سیاسی یا لسانی پہلو ہوتا تو تحقیق زیادہ سنجیدگی سے کی جاتی۔

    ڈاکٹرعدنان کو گزشتہ شب اسپتال سے فارغ کیا گیا تھا اور وہ آج پارک لین فلیٹس پہنچے جہاں نوازشریف رہائش پذیر ہیں۔

    پارک لینے پہچنے پر ڈاکٹر عدنان چھڑی کے سہارے چل رہے تھے اور وہ کیمروں کی موجودگی میں آہستہ آہستہ چل کر پارک لین فلیٹس میں داخل ہوئے۔

    واضح رہے کہ (ن) لیگ نے ڈاکٹر عدنان کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کو حملہ قرار دیتے ہوئے پی ٹی آئی پر الزام عائد کیا تھا، (ن) لیگ نے بغیر ثبوت حملے کا الزام پی ٹی آئی پر لگاتے ہوئے کہا کہ حملہ تحریک انصاف نے کروایا۔