Author: فرید قریشی

  • لندن: مسجد میں‌ داخل ہوکر نمازی کو زخمی کرنے والا حملہ آور گرفتار

    لندن: مسجد میں‌ داخل ہوکر نمازی کو زخمی کرنے والا حملہ آور گرفتار

    لندن: اسکاٹ لینڈ یارڈ نے برطانوی دارالحکومت میں واقع مسجد میں نمازیوں پر چھری سے حملہ کرنے والے شخص کو ڈرامائی انداز سے گرفتار کرلیا۔

    اسکاٹ لینڈ یارڈ کے ترجمان کے مطابق ’پولیس کو اطلاع موصول ہوئی کہ پارک روڈ این ڈبلیو 8 میں واقع مسجد میں ایک حملہ آور داخل ہوا جس نے نمازیوں کو زخمی کرنے کی کوشش کی‘۔

    برطانوی میڈیا رپورٹ کے مطابق حملے میں ایک شخص زخمی ہوا جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔اسکاٹ لینڈ یارڈ کے مطابق زخمی ہونے والے شخص کی عمر 70 سال ہے، جسے چھریوں کو کئی وار کر کے زخمی کیا گیا، ڈاکٹرز نے اُن کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

    سیکیورٹی فورس حملے کی اطلاع موصول ہونے کے بعد ریجینٹ پارک میں واقع مسجد پہنچی اور حملہ آور کو ڈرامائی انداز سے حراست میں لیا۔ رپورٹ کے مطابق حملہ آور نے ظہر کی نماز کے وقت مسجد میں داخل ہوکر نمازیوں پر حملہ کرنے کی کوشش کی مگر وہ اپنے عزائم میں ناکام رہا۔

    پولیس نے تحقیقات کے لیے کرائم سین کو سیل کردیا جبکہ وہاں سے گرفتار ہونے والے شخص کو پوچھ گچھ کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔

    اسکاٹ لینڈ یارڈ نے حراست میں لیے جانے والے شخص کی شناخت ظاہر نہیں کی البتہ مسجد میں موجود ایک نمازی نے گرفتاری کی ویڈیو بنائی اور اسے انٹرنیٹ پر شیئر کیا۔

  • برطانیہ میں مسلم جوڑوں کی غیر رجسٹرڈ شادی بےحیثیت قرار

    برطانیہ میں مسلم جوڑوں کی غیر رجسٹرڈ شادی بےحیثیت قرار

    لندن: ہائیکورٹ نے مسلم جوڑوں کی غیر رجسٹرڈ شادی کو بے حیثیت قرار دے دیا ہے، اس فیصلے کے بعد برطانیہ میں مقیم مسلم جوڑوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لندن ہائیکورٹ نے خلع کے مقدے میں اٹارنی جنرل کی اپیل پر فیصلہ سناتے ہوئے غیر رجسٹرڈ مسلم شادیوں کو بے حیثیت قرار دیا ہے۔

    عدالت نے اس غیر معمولی فیصلے میں واضح کیا ہے کہ تمام شادیاں رجسٹرار کی موجودگی میں ہونی چاہیئں، وہ شادیاں اور نکاح جس میں رجسٹرار موجود نہ ہوں، ان کی ملکی قانون کے تحت کوئی حیثیت نہیں ہے۔

    مسلم جوڑے کے خلع سے متعلق مقدمے میں لندن ہائیکورٹ نے 2018 میں قرار دیا کہ لوگوں کی موجودگی میں ہونے والی شادی قانونی ہے جس پر اٹارنی جنرل نے اپیل دائر کرتے ہوئے موقف اپنایا تھا کہ رجسٹرار کی غیر موجودگی میں ہونے والی شادی کو قانونی تصور نہیں کیا جا سکتا۔

    عدالت نے اپیل پر سماعت کی اور دلائل سننے کے بعد فیصلہ سناتے ہوئے رجسٹرار کی غیر موجودگی میں ہونے والی شادیوں کو بے حیثیت قرار دے دیا۔

    قابل ذکر بات یہ ہے کہ اپیل کی سماعتوں کے دوران کوئی بھی مسلم کمیونٹی کا نمائندہ یا وکیل شریک نہیں ہوا، اس نئے فیصلے کا اثر برطانیہ میں مقیم ان جوڑوں پر ہوگا جو شریعت کے مطابق شادی شدہ ہیں لیکن ملکی قوانین کے تحت انہوں نے رجسٹریشن نہیں کروائی۔

  • شہبازشریف نے وطن واپسی کی تیاری کر لی

    شہبازشریف نے وطن واپسی کی تیاری کر لی

    لندن: اپوزیشن لیڈر و مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے پاکستان واپسی کا فیصلہ کیا ہے اور آئندہ چند روز میں ان کے وطن پہنچنے کا امکان ہے۔

    اے آر وائی نیوز نمائندے کے مطابق لندن میں موجود شہبازشریف کی بڑے بھائی نوازشریف سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی ہوئی جس میں طویل مشاورت کے بعد شہبازشریف کی وطن واپسی کا فیصلہ کیا گیا۔

    ملاقات میں طے پایا کہ شہبازشریف اگلے چند روز میں وطن لوٹ جائیں گے جب کہ ذرائع کا کہنا ہے کہ شہبازشریف کی اگلے 2 روز میں واپسی کا امکان ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: شہباز شریف صحافی کے سوال پر غصے میں آگئے

    شہبازشریف لندن میں نوازشریف کی ناسازی طبیعت کے باعث کے ان ہمراہ موجود ہیں، لندن میں ان کی موجودگی کو 2 ماہ سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے۔

    شہبازشریف کی وطن واپسی کے حوالے سے پارٹی کے سینئر رہنما خواجہ آصف اور راناثناء اللہ عندیہ دے چکے ہیں، رہنماؤں نے متعدد بار میڈیا سے بات چیت میں شہبازشریف کی فروری کے آخری میں وطن واپسی کی پیشگوئی کی تھی۔

    واضح رہے کہ 20 نومبر کو شہبازشریف اپنے بھائی نوازشریف کے ساتھ لندن پہنچے تھے، جب صحافی نے سوال کیا کہ آپ کب تک لندن میں ہیں؟ تو شہباز شریف نے برُا مان گئے اور کہا کہ آپ کہیں تو ابھی چلاجاؤں۔

  • مقبوضہ کشمیر کی اصل صورت حال سے کوئی واقف نہیں: اراکین برطانوی پارلیمنٹ

    مقبوضہ کشمیر کی اصل صورت حال سے کوئی واقف نہیں: اراکین برطانوی پارلیمنٹ

    لندن: اراکین برطانوی پارلیمنٹ نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا حل نہ ہونا اقوام متحدہ کی ناکامی ہے، مقبوضہ کشمیر کی اصل صورت حال سے کوئی واقف نہیں، وادی کے حالات دن بدن خراب ہوتے جا رہے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ان خیالات کا اظہار اراکین برطانوی پارلیمنٹ نے لندن میں یوم یک جہتی کشمیر کے حوالے سے پاکستان ہائی کمیشن میں منعقدہ سیمینار میں کیا، سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ہائی کمشنر نفیس زکریا نے کہا کہ عالمی طاقتوں کو مقبوضہ کشمیر کی صورت حال کا نوٹس لینا چاہیے۔

    رکن برطانوی پارلیمنٹ لارڈ قربان نے اپنے خطاب میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کو من مانی کی کھلی اجازت ملی ہوئی ہے۔ ڈیبی ابراہیم ایم پی کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر پاک بھارت ایٹمی جنگ کا سبب بن سکتا ہے، سعیدہ وارثی نے کہا کہ کئی دہائیوں سے حل طلب مسئلے کو اب حل ہونا چاہیے۔

    دنیا بھر میں آج یوم یک جہتی کشمیر منایا جا رہا ہے، پاکستان میں ایک منٹ کی خاموشی

    برطانوی پارلیمنٹ کی رکن یاسمین قریشی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے حالات دن بدن خراب ہوتے جا رہے ہیں، مسئلہ کشمیر دو ممالک کا اندرونی معاملہ نہیں، یہ انسانیت کا مسئلہ ہے۔ رکن افضل خان نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل نہ ہونا اقوام متحدہ کی ناکامی ہے۔ ناز شاہ کا کہنا تھا مقبوضہ کشمیر کی اصل صورت حال سے کوئی واقف نہیں۔

    رکن محمد یاسین نے خطاب میں کہا کہ مسئلہ کشمیر برطانیہ کا چھوڑا ہوا ادھورا ایجنڈا ہے۔ رکن برطانوی پارلیمنٹ بین ایمرسن نے بھی سیمینار سے خطاب کیا، انھوں نے کہا کہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت ملنا چاہیے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز پانچ فروری کو پاکستان سمیت پوری دنیا میں یوم یک جہتی کشمیر کے طور پر منایا گیا، اور بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے لایا گیا۔

  • نواز شریف کی صحت اہم یا مریم کا لندن پہنچنا، ذاتی معالج کی نرالی منطق

    نواز شریف کی صحت اہم یا مریم کا لندن پہنچنا، ذاتی معالج کی نرالی منطق

    لندن: سابق وزیر اعظم نواز شریف کے ذاتی معالج کی نرالی منطق سامنے آئی ہے، جس سے معلوم نہیں ہو پاتا کہ نواز شریف کی صحت اہم ہے یا مریم نواز کا لندن پہنچنا۔

    تفصیلات کے مطابق نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے کہا ہے کہ نواز شریف زندگی اور موت کی کشمکش میں متبلا ہیں مگر انھوں نے مریم نواز کے بغیر آپریشن معطل کرا دیا۔

    ڈاکٹر عدنان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ جمعرات کو نواز شریف کی کارونری انٹروینشن ہونا تھی، لیکن مریم نواز کے نہ پہنچنے کے باعث میاں نواز شریف نے آپریشن مؤخر کرایا، نواز شریف کی خواہش تھی کہ مریم نواز اسپتال میں ان کے ہمراہ ہوں۔

    شہباز شریف نے بڑے بھائی کی صحت سے متعلق تشویش ناک بیان جاری کر دیا

    ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے جمعرات کے لیے انٹروینشن کی درخواست کی تاکہ مریم بھی آ جائیں، اب ایک بار پھر کارونری انٹروینشن کی اپائنٹمنٹ مؤخر کر دی گئی ہے۔ دوسری طرف ڈاکٹر عدنان نے یہ بھی کہا کہ نواز شریف کی سرجری میں تاخیر نہیں ہو سکتی، کسی بھی قسم کی تاخیر خطرناک ہو سکتی ہے، کار ڈیک انٹروینشن نواز شریف کی زندگی موت کا مسئلہ ہے، اس میں تاخیر ان کی صحت کے لیے انتہائی نقصان دہ ہوگا۔

    ذاتی معالج نے یہ بھی کہا کہ ہائی رسک سرجری کے دوران مریم نواز کو ساتھ ہونا چاہیے، نواز شریف کی دل کی سرجری گزشتہ جمعرات کو ہونا تھی، انھوں نے مریم کے انتظار میں آپریشن مؤخر کرایا، یہ دوسری بار ہے جب سرجری مؤخر کرائی گئی۔

    ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان کی ان متضاد باتوں سے یہ سمجھ میں نہیں آرہا ہے کہ نواز شریف کی جان بچانا زیادہ اہم ہے یا ان کی صاحب زادی کا لندن پہنچنا۔

  • عمران فاروق قتل کیس سماعت: ’معظم ایم کیو ایم سیکریٹریٹ سے باہر نکلا تو کانپ رہا تھا‘

    عمران فاروق قتل کیس سماعت: ’معظم ایم کیو ایم سیکریٹریٹ سے باہر نکلا تو کانپ رہا تھا‘

    اسلام آباد: ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس میں دو گواہان نے معین الدین شیخ اور اکبر الدین نے بھی عدالت میں اپنا بیان ریکارڈ کرادیا۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں تیسرے روز بھی عمران فاروق قتل کیس کی سماعت ہوئی جس میں دو گواہان نے ویڈیو لنک کے ذریعے  اپنا بیان ریکارڈ کرایا۔

    اس موقع پر ایف آئی اے کے پراسیکیوٹر نے مالک مکان سے سوال کیا کہ ’کیا آپ نے پولیس کے سامنے قتل کیس میں بیان ریکارڈ کرایا تھا؟‘۔ معین الدین (مالک مکان) نے عدالت کو آگاہ کیا کہ انہوں نے 2013 میں پولیس کو بیان ریکارڈ کرایا۔

    انہوں نے بتایا کہ محسن علی سید 2010 میں میرے لندن کے گھر پر رہا، وہ اُسی دکان پر کام کرتا تھا جہاں میری ملازمت تھی، اُسے رہائش کے لیے کمرے کی تلاش تھی تو محسن نے مجھے اپنے پاسپورٹ اور اسٹوڈنٹ کارڈ کی کاپی دی جس کے بعد میں نے اُسے اپنے گھر کا کمرہ کرائے پر دیا۔

    مزید پڑھیں: ڈاکٹر عمران فاروق کی قتل سے پہلے اپنے قاتلوں سے ملاقات ہوئی تھی، شمائلہ فاروق

    مالک مکان شیخ معین الدین نے بتایا کہ میں محسن سے ہر ہفتے 40 پاؤنڈ کرائے کی مد میں لیتا تھا، ایک روز محسن سے کامران نامی شخص ملنےآیا اور پھر ستمبر 2020 میں محسن اچانک غائب ہوگیا، میں اُس کے نمبر پر فون کیا مگر جواب نہ ملا جس کے بعد میں نے کالج رابطہ کیا تو معلوم ہوا کہ وہاں بھی نہیں جارہا۔

    شیخ معین الدین کے مطابق محسن کے لاپتہ ہوجانے کے بعد میں نے پولیس کو اطلاع دی اور کامران کا حلیہ بتایا، تھانے میں موجود خاتون پولیس اہلکاربےمجھےبتایا کہ محسن کو ملک بدر (ڈی پورٹ) کردیا گیا۔

    دوسرے گواہ کا بیان

    اکبر الدین نے بتایا کہ میں نے ملزم محسن علی کو ہیتھرو ایئرپورٹ ٹرمینل 4سے اپنی گاڑی میں بیٹھایا، وہ کسی بات میں دلچسپی نہیں لے رہا تھا، وہ صرف مِل ہِل علاقےکے بارے میں جاننا چاہتا تھا، ڈاکٹر عمران فاروق کا قتل بھی اسی علاقے میں ہوا۔

    گواہ نے بتایا کہ ملزم معظم علی خان کا تعارف ایک دوست شہزاد کے توسط سے ہوا جس کے بعد اُس نے میرے گھر پر قیام کیا، معظم علی بانی متحدہ کی شادی میں شرکت کرنے آیا تو اُس وقت ملاقات ہوئی جس کے بعد ہم دونوں میں دوستی ہوگئی، وہ مجھے پاکستان سے بھی کالز کیا کرتا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں: ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس، برطانوی پولیس نےانتہائی اہم شواہدعدالت میں پیش کر دیے

    اکبر الدین نے بتایا کہ میں معظم کو ایم کیو ایم کے سیکریٹریٹ بھی لے کر گیا، وہ 2 گھنٹے بعد جب باہر نکلا تو کانپ رہا اور مسلسل سگریٹ پھونک رہا تھا، پھر اُس نے بتایا کہ محسن نامی رشتے دار پاکستان سے آرہا ہے، اُس کا بہت خیال رکھنا۔

    گواہان کے بیانات ریکارڈ کرنے کے بعد انسداد دہشت گردی عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند نے کیس کی سماعت کل تک ملتوی کردی۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل کیس میں ڈاکٹر عمران فاروق کی اہلیہ شمائلہ عمران، اسکاٹ لینڈ یارڈ کے پولیس اہلکار بھی اپنے بیانات ریکارڈ کراچکے ہیں۔

  • سازش یا حماقت؟ سابق وزیر اعظم کا گارڈ پستول باتھ روم میں بھول گیا

    سازش یا حماقت؟ سابق وزیر اعظم کا گارڈ پستول باتھ روم میں بھول گیا

    لندن: برطانیہ کے سابق وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون کا سیکیورٹی گارڈ پستول جہاز کے باتھ روم میں بھول گیا جس کی وجہ سے ہنگامی حالت نافذ ہوگئی۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق ڈیوڈ کیمرون اپنی اہلیہ کے ساتھ برٹش ایئرویز کی پرواز سے پیر کے روز نیویارک سے لندن جارہے تھے کہ اسی دوران جہاز میں عجیب واقعہ پیش آیا۔

    برطانیہ کے سابق وزیر اعظم کی سیکیورٹی کے لیے ایک افسر تعینات ہے جو میٹروپولیٹن پولیس سے تعلق رکھتا ہے۔ ہیتھرو ائیرپورٹ پر محافظ باتھ روم گیا تو وہ وہی پر پستول بھول کر آگیا۔

    سیکیورٹی گارڈ سابق برطانوی وزیر اعظم کا پاسپورٹ بھی ٹوئلٹ میں چھوٹ کر آیا، پستول اور دو پاسپورٹ ایک مسافر کو باتھ روم سے ملے جس نے فوری طور پر انتظامیہ کو اطلاع دی۔

    انتظامیہ نے کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے فوری طور پر ایمرجنسی نافذ کی اور کمانڈوز نے جہاز کو سیکیورٹی حصار میں لے کر سب کی تلاشی شروع کی۔

    سرچنگ کی وجہ سے ہیتھرو ائیرپورٹ سے اڑنے والی پرواز تاخیر کا شکار ہوئی ، بعد ازاں گارڈ نے اعتراف کیا کہ وہ جلد بازی میں اسلحہ اور پاسپورٹ باتھ روم میں بھول آیا تھا۔ جہاز کے کپتان کے مطابق باتھ روم سے اخبارات بھی برآمد ہوئے۔

  • برطانوی پارلیمنٹ نے وزیراعظم کی بریگزٹ ڈیل منظور کرلی

    برطانوی پارلیمنٹ نے وزیراعظم کی بریگزٹ ڈیل منظور کرلی

    لندن: برطانوی ارکان پارلیمنٹ نے وزیراعظم بورس جانسن کی بریگزٹ ڈیل منظور کرلی۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق برطانوی ارکان پارلیمنٹ نے وزیراعظم بورس جانسن کی بریگزٹ ڈیل منظور کرلی جس کے بعد برطانیہ کے یورپی یونین سے اخراج کی راہ ہموار ہوگئی۔

    بریگزٹ ڈیل کی حمایت میں 330 ارکان نے ووٹ دئیے جبکہ 231 ارکان نے مخالفت میں ووٹ دئیے، جس کے بعد اسپیکر نے ڈیل کی منظوری کا اعلان کیا۔

    رپورٹ کے مطابق قانون بننے کے لیے ڈیل ہاؤس آف لارڈز میں جائے گی، ہاؤس آف لارڈز کی منظوری کے بعد برطانیہ 31 جنوری کو یورپی یونین سے نکل جائے گا۔

    واضح رہے کہ برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے انتخابات میں کامیابی کے بعد کہا تھا کہ عوام نے یہ مینڈیٹ یورپی یونین سے نکلنے کے لیے دیا ہے، برطانیہ آئندہ ماہ یورپی یونین سے علیحدہ ہوجائے گا۔

    برطانیہ میں گزشتہ 5 سال کے دوران یہ تیسری مرتبہ عام انتخابات ہوئے تھے، بریگزٹ ڈیل میں ناکامی پر اس سے قبل وزیراعظم تھریسامے مستعفی ہوگئی تھیں۔

    یاد رہے کہ برطانیہ میں یورپی یونین میں رہنے یا اس سے نکل جانے کے حوالے سے 23 جون 2017 کو ریفرنڈم ہوا تھا جس میں بریگزٹ کے حق میں 52 فیصد جبکہ مخالفت میں 48 فیصد ووٹ دئیے گئے تھے جس کے بعد اس وقت کے وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا کیونکہ وہ بریگزٹ کے مخالف تھے۔

  • برمنگھم، محمد حمزہ خان نے انڈر 15 کیٹیگری کا ٹائٹل جیت لیا

    برمنگھم، محمد حمزہ خان نے انڈر 15 کیٹیگری کا ٹائٹل جیت لیا

    برمنگھم: برٹش جونیئر اوپن اسکواش چیمپئن شپ 2020 کا ٹائٹل پاکستان کے محمد حمزہ خان نے جیت لیا۔

    تفصیلات کے مطابق برمنگھم میں منعقدہ جونیئر اوپن اسکواش چیمپئن شپ میں پاکستانی کھلاڑی محمد حمزہ خان نے انڈر 15 کیٹیگری کا ٹائٹل جیت لیا۔

    حمزہ خان نے انگلینڈ کے یوسف شیخ کو تینوں راؤنڈز میں شکست دے کر کامیابی اپنے نام کی۔

    محمد حمزہ خان نے کہا کہ خوشی ہے انڈر 15 کیٹیگری کا برٹش چیمپئن بن گیا ہوں، بھرپور سپورٹ کرنے پر اسکواش فیڈریشن کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

    حمزہ خان نے کہا کہ میں نے حریف کھلاڑیوں کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دی، انشا اللہ اگلی بار انڈر 17 کھیلوں گا اور انڈر 17 کا ٹائٹل بھی جیت کر لاؤں گا۔

    واضح رہے کہ محمد حمزہ خان نے ملائیشیا کے ہیرت دانیال کو 4-11، 3-11 اور 8-11 سے ہرا کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی تھی جبکہ پاکستان کے عبداللہ نواز کو مصر کے کھلاڑی یوسف سلیم کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

  • لندن برج پر پولیس کی فائرنگ، چاقو بردار شخص ہلاک

    لندن برج پر پولیس کی فائرنگ، چاقو بردار شخص ہلاک

    لندن: برطانوی دارالحکومت لندن برج پر پولیس کی فائرنگ سے چاقو بردار شخص ہلاک ہوگیا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق لندن برج پر لوگوں پر چاقو سے حملہ کرنے والا شخص پولیس کی فائرنگ سے مارا گیا، واقعے میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے۔

    برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ لندن برج پر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے اور برج کو سیل کردیا گیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق پولیس کی فائرنگ سے مارا گیا شخص چاقو کے ذریعے لوگوں پر حملہ کرنے کی کوشش کررہا تھا۔

    لندن پولیس کا کہنا ہے کہ چاقو بردار شخص کے حملے سے 5 افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    لندن پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں ایک شخص کو حراست میں بھی لیا گیا ہے۔

    عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ لندن برج پر لوگوں کا ہجوم تھا کہ اچانک ایک شخص نے چاقو سے حملہ کرنا شروع کردیا جس کے سبب بھگدڑ مچ گئی۔

    واضح رہے کہ رواں سال اپریل میں بھی 17 سالہ نوجوان چاقو کے متعدد وار کے باعث ہلاک ہوگیا تھا، مقتول جھگڑے کے دوران چاقو زنی کا شکار ہوا تھا۔

    خیال رہے کہ برطانیہ میں بچوں کے حقوق کے کام کرنے والے کمشنر کی جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ 10 برس سے 17 برس کی عمر کے ایسے 27ہزار بچوں کی شناخت ہوئی جو صرف انگلینڈ میں جرائم پیشہ گروہوں سے وابستہ ہیں۔

    رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ برطانیہ میں 3 لاکھ 13 ہزار کم عمر بچے گینگ ممبر ہیں اور 34 ہزار بچے ایسے ہیں جو پُرتشدد جرائم کا تجربہ کرچکے ہیں۔