Author: فرید قریشی

  • ٹوکیو اجلاس کے مشترکہ اعلامیے میں پاکستان کا ذکر نہیں تھا، اردو ترجمان امریکی محکمہ خارجہ

    ٹوکیو اجلاس کے مشترکہ اعلامیے میں پاکستان کا ذکر نہیں تھا، اردو ترجمان امریکی محکمہ خارجہ

    لندن: امریکی محکمہ خارجہ کی اردو ترجمان مارگریٹ میکلوڈ نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’کواڈ‘ کے تحت ہم انڈوپیسیفک میں پڑوسیوں کے لیے مثبت ایجنڈے پر کچھ اچھا کرنا چاہتے ہیں، انھوں نے یہ بھی کہا کہ گزشتہ روز ہونے والے ٹوکیو اجلاس میں جو مشترکہ بیان جاری کیا گیا، اس میں پاکستان کا ذکر نہیں تھا۔

    تفصیلات کے مطابق لندن میں تعینات امریکی محکمہ خارجہ کی اردو ترجمان مارگریٹ میکلوڈ کہتی ہیں کہ امریکا چاہتا ہے پاکستان اور انڈیا بات چیت کے ذریعے مسائل حل کریں، پاکستان اور بھارت اہم شراکت دار ہیں۔

    اس سوال پر کہ امریکا، آسٹریلیا، جاپان اور انڈیا کا جو ٹوکیو میں اجلاس ہوا، کیا یہ سب مل کر چین کے خلاف اتحاد بنانے جا رہے ہیں؟ مارگریٹ میکلوڈ نے کہا کہ بات یہ ہے کہ ٹوکیو میں ہونے والا اجلاس کسی ملک کے خلاف نہیں ہے، بس ہم ایک مثبت ایجنڈے پر پڑوسیوں کے لیے کچھ اچھا کام کرنا چاہتے ہیں۔

    انھوں نے کہا ہمیں انڈوپیسیفک کے لیے ایسا مستقبل چاہیے جو پرامن ہو، خوش حال ہو، جو محفوظ اور مستحکم ہو، کواڈ کا آغاز 2004 میں ہوا جب بحر ہند میں سونامی آیا تھا، جس کے لیے انسانی امداد کے لیے باہمی رابطوں کی ضرورت تھی، اس کے بعد کرونا وبا میں ان چار ممالک نے کووِڈ ویکسین پارٹنر شپ میں بھی ساتھ ساتھ کام کیا، تاکہ اس خطے کے لیے 40 کروڑ محفوظ اور گھر گھر ڈوزز فراہم کیے جا سکیں۔

    انھوں نے کہا ہم سمجھتے ہیں کہ ہر ایک ملک اپنے آپ میں قابلیت رکھتا ہے اور یہ سب مل کر ہمارے پڑوسیوں کے لیے کچھ اچھا کرنا چاہتے ہیں۔

    اس سوال پر کہ کیا مستقبل میں کواڈ ممالک ملٹری کے حوالے سے بھی تعاون کریں گے؟ مارگریٹ میکلوڈ نے واضح کیا کہ کواڈ کوئی دفاعی معاہدہ نہیں ہے، ہم ابھی کنیکٹویٹی، فری اینڈ اوپن نیویگیشن پر کام کر رہے ہیں، ہم میری ٹائم ڈومین اویئرنس انیشی ایٹو میں دوسرے ممالک کو ان کے بیرونی سمندری حدود کے بارے میں اطلاعات فراہم کر رہے ہیں، اور فلپائن میں کچھ سائبر ایجوکیشن بھی دے رہے ہیں، اور اسی سال میں پاپوا نیو گنی میں لینڈ سلائیڈ ہونے پر انسانی امداد کے لیے تعاون کیا گیا۔

    اس سوال پر کہ امن اور کوآرڈینیشن کی ان باتوں کے دوران، جب کہ انڈیا اور پاکستان کے درمیان بات چیت بند ہے، تو اس کے لیے امریکا کا کیا خیال ہے کہ کواڈ کے تحت یا اس کے علاوہ بھی ان دونوں ممالک میں بات چیت ہو سکتی ہے؟

    ماگریٹ میکلوڈ نے کہا کہ ٹوکیو اجلاس میں جو مشترکہ بیان جاری کیا گیا، اس میں پاکستان کا ذکر نہیں تھا، ہم سمجھتے ہیں کہ دونوں ممالک انڈیا اور پاکستان ہمارے لیے بہت اہم پارٹنرز ہیں، اور ہماری خواہش ہے کہ یہ ایک دوسرے سے بات چیت کے ذریعے سے، امن سے اپنے الگ الگ نکتہ نظر کو کلیئر کریں۔ لیکن میرا خیال ہے کہ کواڈ کا اس کی ثالثی میں کوئی خاص کردار نہیں ہے۔

  • نوازشریف کے گارڈ کا خاتون پر تھوکنے کا کیس خارج

    نوازشریف کے گارڈ کا خاتون پر تھوکنے کا کیس خارج

    لندن: نوازشریف کے گارڈ فرید نیموچی کی جانب سے خاتون پر تھوکنے کے معاملے پر کراؤن پراسیکیوشن سروس نے کیس خارج کر دیا۔

    برطانیہ میں کسی کے منہ پر تھوکنے کو قابل سزا جرم تصور کیا جاتا ہے۔ پنزانی چیمہ نے تھوک پھینکنے کے واقعے پر پولیس کو شکایت کی تھی۔

    فرید نیموچی اپنے وکیل کے ہمراہ ویسٹ منسٹر مجسٹریٹس کورٹ میں پیش ہوئےتھے۔ پنزانی چیمہ پر گارڈ کی جانب سے تھوکنےکا واقعہ گزشتہ برس 16 ستمبر کو پیش آیا تھا۔

    ذرائع کے مطابق خاتون نے پولیس کو بتا دیا تھا کہ وہ کیس میں گواہ کے طور پر پیش نہیں ہوں گی اور مدعی خاتون کی عدم پیروی پر کیس کو خارج کیا گیا۔

    سیکیورٹی گارڈ فرید نیموچی کی پنزائی چیمہ پر تھوکنےکی ویڈیو وائرل ہو گئی تھی۔ وائرل ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین نے سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا اور قانونی چارہ جوئی عمل میں لانے کی اپیل کی تھی۔

    ملزم کے وکیل معین خان کا کہنا تھا کہ عدالت میں ثابت کریں گے فرید نیموچی نےکوئی قانون نہیں توڑا۔

  • نوازشریف کے گارڈ کی خاتون پر تھوکنے کے کیس میں اہم پیشرفت

    نوازشریف کے گارڈ کی خاتون پر تھوکنے کے کیس میں اہم پیشرفت

    لندن میں خاتون پر تھوکنے کے کیس میں نواز شریف کے سیکیورٹی گارڈ پر فردِجرم عائد کر دی گئی۔

    کراؤن پراسیکیوشن سروس  کے مطابق سیکیورٹی گارڈ پر “کامن اسالٹ” کی دفعات عائد کی گئی ہیں۔ گارڈ فرید نیموچی کے خلاف خاتون پنزائی چیمہ نے پولیس کو شکایت درج کرائی تھی۔

    خاتون پر تھوکنے کا واقعہ گزشتہ برس ستمبر میں پیش آیا تھا۔ سیکیورٹی گارڈ فرید نیموچی کی پنزائی چیمہ پر تھوکنےکی ویڈیو وائرل ہو گئی تھی۔

    وائرل ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین نے سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا اور قانونی چارہ جوئی عمل میں لانے کی اپیل کی تھی۔

    ملزم کے وکیل معین خان کا کہنا ہے کہ عدالت میں ثابت کریں گے فرید نیموچی نےکوئی قانون نہیں توڑا۔

  • برطانوی رکن پارلیمنٹ کا غزہ پر وزیر اعظم رشی سوناک سے چُھبتا سوال

    برطانوی رکن پارلیمنٹ کا غزہ پر وزیر اعظم رشی سوناک سے چُھبتا سوال

    لندن: برطانوی رکن پارلیمنٹ افضل خان نے غزہ کی صورت حال پر وزیر اعظم رشی سوناک سے چُھبتا سوال کیا، جس پر انھوں نے ساری ذمہ داری حماس کے سر ڈال دی۔

    برطانوی پارلیمنٹ کے اجلاس کے دوران رکن افضل خان نے وزیر اعظم سے سوال کیا کہ اسرائیل غزہ میں بہیمانہ طریقے سے فلسطینیوں کا قتل عام کر رہا ہے، اسرائیل نے سیکیورٹی کونسل کی سیز فائر قرارداد کو بھی نظر انداز کر دیا، کیا برطانوی وزیر اعظم ایوان کو بتائیں گے کہ اسرائیل کو کن نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا، کیا اسرائیل سے اس رویے کی جواب طلبی ہوگی؟

    برطانوی وزیر اعظم نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہمارا مؤقف بالکل واضح ہے کہ غزہ میں بہت سی معصوم جانیں ضائع ہوئی ہیں، یو این سیکیورٹی کونسل قرارداد میں حماس کو بھی یرغمال افراد کو رہا کرنے کا کہا گیا تھا، لیکن حماس نے بھی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد کو رد کر دیا۔

    برطانوی ارکان پارلیمنٹ کا یاسین ملک کی قید سزائے موت میں بدلنے کی کوشش پر اظہار تشویش

    رشی سوناک نے اسرائیلی بربریت اور فلسطینیوں کی نسل کشی کو نظر انداز کرتے ہوئے سفاکی کا مظاہرہ کر کے کہا کہ ہمیں غزہ میں مزید امداد بھیجنے سے پہلے حماس سے یرغمالیوں کی رہائی پر توجہ دینی چاہیے۔

  • برطانوی ارکان پارلیمنٹ کا یاسین ملک کی قید سزائے موت میں بدلنے کی کوشش پر اظہار تشویش

    برطانوی ارکان پارلیمنٹ کا یاسین ملک کی قید سزائے موت میں بدلنے کی کوشش پر اظہار تشویش

    لندن: برطانوی ارکان پارلیمنٹ نے یاسین ملک کی عمر قید کو سزائے موت میں بدلنے کی بھارتی کوشش پر اظہار تشویش کیا ہے۔

    برطانوی پارلیمنٹ کے کمیٹی روم نمبر بیس میں کشمیری حریت پسند رہنما یاسین ملک کے حق میں اجلاس ہوا، جس میں 17 ممبران پارلیمنٹ نے شرکت کی۔

    ارکان پارلیمنٹ نے یاسین ملک کی عمر قید کی سزا کو سزائے موت میں بدلنے کی بھارتی کوشش کی مذمت کی اور یاسین ملک سمیت تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا۔

    دوسری طرف غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر کی حریت قیادت نے مختلف جیلوں میں نظر بند کشمیریوں کی حالت زار پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایک بیان میں کہا ہے کہ سزا مکمل کرنے اور عدالتی احکامات کے باوجود انھیں رہا نہیں کیا جا رہا ہے۔

    کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کئی قیدی پچیس پچیس سال سے نظر بند ہیں جو بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کے باعث مختلف امراض کا شکار ہو چکے ہیں، ان میں محمد قاسم فکتو، محمد شفیع شریعتی، نذیر احمد اور محمد ایوب شامل ہیں۔

  • پاکستان میں عظیم معیشت بننے کی تمام صلاحیتیں موجود ہیں، وزیر خارجہ

    پاکستان میں عظیم معیشت بننے کی تمام صلاحیتیں موجود ہیں، وزیر خارجہ

    وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ملک میں ایک عظیم معیشت بننے کی تمام صلاحیتیں موجود ہیں تاہم اقتصادی سفارت کاری کو ترجیح دینے کی ضرورت ہے.

    وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن افسران سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اقتصادی سفارت کاری پاکستان کو مضبوط کرے گی۔ بیرون ملک پاکستانی مشنز کو سرمایہ کاری کو راغب کرنے پر توجہ دینی چاہیے۔

    انھوں نے کہا کہ روایتی سفارت کاری کے علاوہ اقتصادی سفارت کاری کو ترجیح دینے کی ضرورت ہے۔ مالیاتی نظم و ضبط لانے اور بیرونی خسارے کو کم کرنے کے لیے مربوط انداز اپنایا جائے۔

    وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ اس وقت کی واحد ضرورت وسائل کا مؤثر انداز میں انتظام کرنا ہے۔

    خیال رہے کہ وزیر خارجہ کل برسلز میں پہلی نیوکلیئر انرجی سمٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرینگے۔ وزیرخارجہ اسحاق ڈار آج برسلز روانہ ہوں گے۔

    اسحاق ڈار کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ پہلا نیوکلیئر انرجی سمٹ ہو رہا ہے، 29 ممالک شرکت کریں گے۔ میں پاکستان کی نمائندگی کروں گا، کوشش کروں گا پورا حق ادا کروں۔

  • تارکین وطن سے متعلق برطانیہ کا نیا معاہدہ

    تارکین وطن سے متعلق برطانیہ کا نیا معاہدہ

    تارکین وطن کو روانڈا بھیجنے کے معاملے پر برطانیہ نے روانڈا سے نیا معاہدہ کر لیا۔

    رپورٹ کے مطابق نئے معاہدے پر برطانوی وزیرداخلہ جیمز کلیورلی نےدستخط کئے ہیں۔ معاہدے کے تحت روانڈ اتارکین وطن کوآبائی ملک نہیں بھیجےگا۔

    سپریم کورٹ کے روانڈا منصوبے کیخلاف فیصلےکے بعد نیامعاہدہ کیا گیا ہے۔

    وزیرداخلہ جیمزکلیورلی کا کہنا ہے کہ روانڈا نے نئے معاہدے پر دستخط کر کے ساکھ مضبوط کی ہے برطانیہ یقینی بنائےگا تارکین وطن روانڈا میں محفوظ طریقے سے رہیں۔

    سپریم کورٹ کے ججوں نے اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ اس بات کے واضح خدشات موجود ہیں کہ روانڈا ڈی پورٹ ہونے والے افراد کو روانڈا حکومت ان جگہوں پر بھیج سکتی ہے جہاں وہ غیر محفوظ ہوں گے۔ یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ کسی ملک کو محفوظ قرار دینا عدالت کے سامنے یہ ثابت کرنے کے مترادف نہیں ہے کہ وہ حقیقی طور پر بھی محفوظ ہے۔

    واضح رہے کہ میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ ایمرجنسی قانون کے ذریعے روانڈا کو محفوظ ملک قرار دیا جائے گا، نیز روانڈا کے سیاسی پناہ کے متلاشیوں کو واپس بھیجنے اور انھیں واپس برطانیہ آنے سے روکنے کے متنازع منصوبے پر برطانوی حکومت اب تک 140 ملین پاؤنڈز خرچ کر چکی ہے، اور اسے عدالتی چیلنجز کا سامنا ہے۔

  • فلسطین کیلئے متنازع بیان، برطانوی وزیر داخلہ عہدے سے برطرف

    فلسطین کیلئے متنازع بیان، برطانوی وزیر داخلہ عہدے سے برطرف

    لندن: فلسطین کیلئے متنازع بیان دینا برطانوی وزیر داخلہ کے گلے پڑ گیا، برطانوی وزیراعظم رشی سونک نے وزیر داخلہ سویلا بریورمین کو عہدے سے برطرف کردیا۔

    بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق برطانوی وزیراعظم رشی سونک نے اپنی کابینہ میں بطور وزیر داخلہ ذمہ داریاں انجام دینے والی سویلا بریورمین کو وزارت سے ہٹا دیا ہے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانوی وزیر داخلہ کی برطرفی کابینہ میں بڑے ردو بدل کا آغاز ہے جب کہ سویلا کو ملک میں فلسطینیوں کے حق میں ہونے والے مارچ سے نمٹنے کی حکمت عملی پر تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔

    بین الاقوامی میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ وزیر خارجہ جیمز کلیوری کو نیا وزیر داخلہ بنائے جانے کا امکان ہے، وزیراعظم رشی سونک نے سویلا کو فوری طور پر عہدہ چھوڑنے کا حکم دیا، جسے انہوں نے قبول کرلیا۔

    برطانوی وزیر اعظم کی جانب سے کابینہ میں بڑے پیمانے پر ردو بدل کیے جانے کا امکان ہے جس میں چند وزرا کو ہٹا کر اتحادیوں کو کابینہ میں شامل کیا جاسکتا ہے۔

    برطانوی وزیراعظم کی جانب سے کابینہ میں اکھاڑ پچھاڑ کے آغاز کے ساتھ ہی سابق وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون کو بھی ڈاؤننگ اسٹریٹ میں داخل ہوتے دیکھا گیا ہے جس کے بعد ان کی حکومت میں واپسی کی خبریں بھی سامنے آرہی ہیں۔

  • چیئرمین پی ٹی آئی سے صلح ہوگی تو ملک آگے بڑھے گا، مونس الٰہی

    چیئرمین پی ٹی آئی سے صلح ہوگی تو ملک آگے بڑھے گا، مونس الٰہی

    لندن : پاکستان تحریک انصاف کے صدر چوہدری پرویز الہی کے صاحبزادے مونس الٰہی نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی سے صلح ہوگی تو ملک آگے بڑھے گا۔

    لندن میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے مونس الٰہی نے کہا کہ شہباز شریف کو موقع ملا لیکن وہ ڈلیور کرنے میں ناکام رہے۔

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار اورشہباز شریف اپنے مقاصد میں کامیاب رہے، انہوں نے ملکی معیشت کو بہت نقصان پہنچایا، بجلی کے بلوں، مہنگائی اور بڑھتی بیروزگاری نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔

    انتخابات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ آئین کے مطابق وقت پر انتخابات وقت کی ضرورت ہے اور اگر الیکشنز میں تاخیر ہوئی تو ملکی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان ہوگا۔

  • نواز شریف کی وطن واپسی حتمی مراحل میں داخل

    نواز شریف کی وطن واپسی حتمی مراحل میں داخل

    لندن: سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی پاکستان واپسی حتمی مراحل میں داخل ہوگئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطقبق فیملی ذرائع نے بتایا کہ نواز شریف کی ستمبر میں پاکستان واپسی کیلیے مشاورت جاری ہے جبکہ ان کے وکلا نے واپسی کا مشورہ دے دیا۔

    فیملی ذرائع نے بتایا کہ سابق وزیر اعظم کی واپسی کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی، شہباز شریف اور مریم نواز ان کی واپسی سے متعلق مسلسل رابطے میں ہیں۔

    ذرائع کے مطابق شہباز شریف اپنے بھائی سے ملاقات کیلیے آئندہ ہفتے لندن پہنچیں گے، رانا ثنا اللہ، خواجہ آصف، جاوید لطیف، پرویز رشید و دیگر بھی لندن آئیں گے۔

    سپریم کورٹ ریویو آف آرڈر اینڈججمنٹس فیصلے کے باوجود نواز شریف واپس جائیں گے۔ واپسی پر قانونی مشکلات اور سابق وزیر اعظم کے وکلا نے دفاع کی مکمل تیاریاں کر لیں۔

    گزشتہ روز خواجہ آصف نے نجی نیوز چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ قانونی اور آئینی رسک صفر ہونے تک نواز شریف کی واپسی کا نہیں سوچیں گے، جب تک رسک زیرو نہیں ہو جائے گا ہم ان کی واپسی کا رسک نہیں لے سکتے۔

    خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ نہیں چاہتے کہ کسی اور کا اسکور نواز شریف سے سیٹل کرنے کی کوشش کی جائے، نواز شریف کیلیے کسی قسم کے خطرات نہیں چاہتے۔

    ان کا کہنا تھا کہ انصاف کیلیے دوسرے فریق کو سننا لازمی ہے مگر نواز شریف کو تو اپیل کا موقع بھی نہیں دیا گیا، چیئرمین پی ٹی آئی تو ہائی کورٹ اور پھر سپریم کورٹ میں بھی اپیل کر سکتے ہیں۔