Author: فاطمہ بتول

  • ویڈیو رپورٹ: پاکستان میں‌ ایک ارب روپے کی گاڑی نے دھوم مچا دی

    ویڈیو رپورٹ: پاکستان میں‌ ایک ارب روپے کی گاڑی نے دھوم مچا دی

    پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں سجا آٹوکار کا میلہ جس میں سب کی نگاہوں کی توجہ کا مرکز ایک ارب روپے کی گاڑی رہی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کہتے ہیں شوق کا کوئی مول نہیں۔ ایسے ہی شوقین افراد کے لیے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سینیٹوریس مال میں سجا سپر کارز آٹو شو، جس نے دھوم مچا دی۔ یہ شو دیکھنے کے لیے دور دور سے شہری آئے۔

    اس سپر کارز شو میں جدید لگژری گاڑیوں سے لے کر پرانے ماڈل تک کی گاڑیاں ہر ایک کی توجہ کا مرکز بنیں۔ تاہم شو میں پاکستان میں لائی گئی واحد جی ٹی ایکس 26 اور سکس بائی سکس برابس ٹرک نے دھوم مچا دی، جس کی مالیت ایک ارب روپے ہے۔

    نمائش میں بڑی عمر کے لوگوں نے کلاسیک اور ونٹیج کاروں میں دلچسپی ظاہر کی تو نوجوانوں اور بچوں کی ایک بڑی تعداد نے اسپورٹس کاروں اور ہیوی بائیکس کو پسند کیا۔

    اسلام آباد کے شہریوں نے شاپنگ مال میں شاپنگ کے ساتھ ساتھ آٹو شو کے انعقاد کو بہترین تفریح قرار دیا۔

    شو دیکھنے کے لیے آنے والے افراد نے اس نمائش کو سراہا اور کہا کہ پاکستان میں کار سے پیار کرنے والے بڑی تعداد میں موجود ہیں اور ان کے لیے یہ شو بہت بڑی نعمت ہے، جس میں بہت پیاری گاڑیاں ہیں۔ دنیا بھر میں ونٹیج کار کو پروموٹ کیا جاتا ہے، پاکستان میں بھی اس کو پروموٹ کرنا چاہیے اور اسی لیے ہم اس نمائنش میں آئے ہیں۔

    رپورٹ: فاطمہ بتول

     

  • پاکستان میں آئندہ ہفتے کی موسمی رپورٹ جاری

    پاکستان میں آئندہ ہفتے کی موسمی رپورٹ جاری

    اسلام آباد: این ڈی ایم اے کے این ای او سی نے آئندہ ہفتے کے لیے موسمی رپورٹ جاری کر دی۔

    رپورٹ کے مطابق آئندہ ہفتے پنجاب میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے، جس کے باعث میدانی علاقوں میں دھند اور اسموگ میں اضافہ متوقع ہے۔

    خطہ پوٹھوہار بشمول اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک اور صوبے کے شمال مشرقی علاقوں میں 23 دسمبر سے مختلف مقامات پر ہلکی بارش اور موسم ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔

    صوبہ سندھ اور بلوچستان میں اگلے ہفتے کے دوران موسم خشک اور سرد رہے گا۔ خیبر پختونخواہ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی 21 تا 26 دسمبر موسم سرد اور خشک جب کہ چند مقامات پر بارش اور پہاڑی علاقوں میں برف باری متوقع ہے۔

    این ڈی ایم اے نے مقامی انتظامیہ، متعلقہ اداروں اور عوام کے لیے الرٹ جاری کر دیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ اسموگ سے متاثرہ علاقوں میں عوام گھر سے بلا ضرورت باہر نکلنے سے پرہیز کریں، اور پہاڑی علاقوں میں برف باری کے پیش نظر سفر کے دوران احتیاط برتیں۔

    برفباری کے باعث سڑکوں پر پھسلن سے بچاؤ کے لیے ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں، اور بروقت معلومات کے لیے این ڈی ایم اے کی ایپ پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ استعمال کریں۔

  • مارگلہ ویو پوائنٹ منصوبے کا ماسٹر پلان منظور کر لیا گیا

    مارگلہ ویو پوائنٹ منصوبے کا ماسٹر پلان منظور کر لیا گیا

    اسلام آباد: مارگلہ ویو پوائنٹ منصوبے کا ماسٹر پلان منظور کر لیا گیا، چیئرپرسن رعنا سعید خان نے اسے ماحول کی بحالی کی کوششوں میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔

    اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ (IWMB) کے زیر اہتمام ہونے والے پانچویں عمل درآمد کمیٹی کے اجلاس میں مارگلہ ویو پوائنٹ منصوبے کے ماسٹر پلان کو متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا ہے۔

    یہ منصوبہ مارگلہ ہلز نیشنل پارک کے ماحولیاتی نظام کو ایک مقبول سیاحتی مقام میں تبدیل کرنے کی کوششوں میں سنگ میل ثابت ہوگا، معروف آرکیٹیکٹ عمرانہ ٹوانہ اور کولیبریٹنگ آرکیٹیکٹ ڈی بی اسٹوڈیو کا تیار کردہ جامع ماسٹر پلان شراکت داروں کے درمیان پیچیدہ منصوبہ بندی اور تعاون کا نتیجہ ہے، جس سے مارگلہ کی پہاڑیوں کا قدرتی حسن بحال ہوگا اور رہائشیوں اور سیاحوں کے لیے ایک منفرد تفریحی مقام بھی فراہم ہوگا۔

    اس منصوبے کے نمایاں پہلوؤں میں شامل ہیں چہل قدمی کے لیے راستے، جس سے سیاح پہاڑیوں کے قدرتی مناظر دیکھ سکیں گے، عکاسی کرنے والا پول، اوپن ایئر ایمفیتھیٹر، بچوں کے لیے پلے ایریا، بزرگوں کے بیٹھنے کی جگہیں، جائے نماز، وزیٹر انفارمیشن سینٹر اور دفاتر کی جگہ جہاں سے مارگلہ ہلز نیشنل پارک کی نباتات اور حیوانات کے بارے میں معلومات لی جا سکیں گی اور پارکنگ ایریا۔

    ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان اس منصوبے کے لیے مالی معاونت فراہم کرے گی، ماسٹر پلان اور مکمل شدہ انوائرمینٹل امپیکٹ اسسمنٹ (EIA) کو منظوری کے لیے انوائرنمنٹ پروٹیکشن ایجنسی کو پیش کیا جائے گا۔ چئرپرسن رعنا سعید کا کہنا ہے کہ ماسٹر پلان کی منظوری مارگلہ پہاڑیوں کے ماحولیاتی نظام کو بحال کرنے کی ہماری کوششوں میں ایک اہم سنگ میل کی نشان دہی کرتی ہے۔

  • بین الاقوامی این جی اوز پاکستان میں کیا کر رہی ہیں، ادارے لاعلم

    بین الاقوامی این جی اوز پاکستان میں کیا کر رہی ہیں، ادارے لاعلم

    اسلام آباد: بین الاقوامی این جی اوز پاکستان میں کیا کر رہی ہیں، ادارے اس حوالے سے لاعلم نکلے ہیں، اقتصادی امور ڈویژن اور وزارت داخلہ نے ذمہ داری ایک دوسرے پر ڈال دی۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹر آغا شاہ زیب درانی کی زیر صدارت سینیٹ فنکشنل کمیٹی برائے کم ترقی یافتہ علاقہ جات کے اجلاس میں وزارت داخلہ نے انٹرنیشنل این جی اوز سے متعلق بریفنگ دی۔

    وزارت داخلہ کے حکام نے بتایا کہ سیکیورٹی کے پیش نظر آئی این جی اوز کی فنڈنگ اور رجسٹریشن وزارت داخلہ کی ذمہ داری ہے، اس وقت 112 آئی این جی اوز رجسٹرڈ ہیں، 85 کے ساتھ ایم او یوز ہیں۔

    حکام کے مطابق 2015 میں آئی این جی اوز کی ریگولیشن کا فیصلہ کیا گیا تھا، اب یہ آئی این جی اوز کر کیا رہی ہیں اس کا تعلق وزارت داخلہ سے نہیں ہے، ان کی سرگرمیوں کی مانیٹرنگ اقتصادی امور ڈویژن کی ذمہ داری ہے۔

    تاہم وزارت اقتصادی امور نے آئی این جی اوز کی مانیٹرنگ کی ذمہ داری سے انکار کیا، ای اے ڈی حکام نے بتایا کہ اقتصادی امور ڈویژن کا تعلق مقامی این جی اوز سے ہے۔

    چیئرمین کمیٹی نے استفسار کیا کہ کیا کسی ادارے کو نہیں پتا کہ آئی این جی اوز کیا کر رہی ہیں؟ حکام کے مطابق آئی این جی اوز پالیسی کے مطابق مانیٹرنگ کی ذمہ داری وزارت داخلہ کی ہے۔ بریفنگ کے بعد سینیٹ کمیٹی نے وزارت داخلہ سے عالمی این جی اوز کی گزشتہ 10 سال کی کارکردگی رپورٹ طلب کر لی۔

  • پنجاب حکومت کی جانب سے نیشنل پارک کو نقصان پہنچائے جانے کا انکشاف

    پنجاب حکومت کی جانب سے نیشنل پارک کو نقصان پہنچائے جانے کا انکشاف

    اسلام آباد: پنجاب حکومت کی جانب سے نیشنل پارک کو نقصان پہنچائے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق راول ڈیم کے قریب وزیر اعلیٰ پنجاب کے کیمپ آفس کی تعمیر پر کام جاری ہے، جس کے لیے نیشنل پارک کے ایریا میں درجنوں درخت کاٹ دیے گئے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت نے پاک ای پی اے اور سی ڈی اے سے منظوری تک نہیں لی، صوبائی حکومت نے انوائرنمنٹل پروٹیکشن ایجنسی کے نوٹس بھی نظر انداز کر دیے، پہاڑی کی کٹائی سے قدیم مندر کو بھی نقصان پہنچنے کا خدشہ لاحق ہو گیا ہے۔

    واضح رہے کہ وزیر اعلی کیمپ آفس کی تعمیر پنجاب کمیونکیشن اینڈ ورکس ڈپارٹمنٹ کر رہا ہے، جب کہ راول ڈیم اور ریسٹ ہاؤس پنجاب ایری گیشن ڈپارٹمنٹ کی ملکیت ہے، حکام کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کو شروع کرنے سے پہلے پاک ای پی اے سے اجازت نہیں لی گئی۔

    ادارے کے حکام کے مطابق منصوبے سے نیشنل پارک اور ماحولیات کو نقصان پہنچ رہا ہے، پنجاب حکومت کو متعدد نوٹس بھیجے گئے لیکن کوئی جواب نہیں ملا۔

    ادھر ڈپٹی ڈی جی انوائرنمنٹ سی ڈی اے کا بھی کہنا ہے کہ یہ تعمیرات سی ڈی اے ریگولیشنز کی خلاف وزی ہیں۔

  • ملک کے 60 فی صد آبی ذرائع آلودہ، صاف پانی کے لیے 7.42 ملین ڈالر کا منصوبہ تیار

    ملک کے 60 فی صد آبی ذرائع آلودہ، صاف پانی کے لیے 7.42 ملین ڈالر کا منصوبہ تیار

    اسلام آباد: حکام کی جانب سے ملک کے 60 فی صد آبی ذرائع آلودہ قرار دیے گئے ہیں، جس کے پیش نظر صاف پانی کے لیے 7.42 ملین ڈالر کا ایک اہم منصوبہ تیار کر لیا گیا ہے۔

    اسلام آباد میں پاک کوریا تعاون سے SDG6 منصوبے کی اختتامی تقریب کا اہتمام کیا گیا، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کی کوآرڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی رومینہ خورشید عالم نے کہا کہ اس وقت ملک کے 60 فی صد سے زیادہ آبی ذرائع آلودہ ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان کوریا کے ساتھ ساتھ کئی دیگر ممالک کے ساتھ مل کر موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات کے ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے کام کر رہا ہے۔

    کوئیکا کے کنٹری ڈائریکٹر یون جی ہُو نے کہا کہ کوریا پاکستان کے ساتھ مل کر ایسے منصوبے پر کام کر رہا ہے جس سے پاکستان کے عوام کو صاف پانی پینے کے وسائل حاصل ہو سکیں گے۔

    ایس ڈی جی سکس منصوبے کے لیے 7.42 ملین ڈالر کی لاگت آئے گی، جن میں پنجاب میں 36 لیب، اور خیبر پختونخوا میں 8 لیباٹریوں کے لیے پانی کی جانچ کے جدید آلات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔

    پانی کے معیار کی جانچ کے لیے جدید ترین لیبارٹریوں کا قیام عمل میں لایا گیا ہے، جب کہ اسلام آباد سے پانی کے سیمپل جمع کیے جا چکے ہیں جب کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا میں ابھی سیمپل حاصل کرنے کا کام جاری ہے۔

  • ویڈیو: وائلڈ لائف اہلکاروں نے زخمی تیندوے کو ریسکیو کر لیا

    ویڈیو: وائلڈ لائف اہلکاروں نے زخمی تیندوے کو ریسکیو کر لیا

    اسلام آباد: وائلڈ لائف اہلکاروں نے بھاگنے سے معذور ایک زخمی تیندوے کو آزاد کشمیر سے ریسکیو کیا ہے۔

    ترجمان اسلام آباد وائلڈ لائف کے مطابق آزاد کشمیر محکمہ وائلڈ لائف کی درخواست پر اسلام آباد وائلڈ لائف کی ریسکیو ٹیم نے ایک زخمی تیندوے کو بہ حفاظت ریسکیو کیا ہے۔

    وائلڈ لائف منیجمنٹ بورڈ کے مطابق تیندوے کی پچھلی دونوں ٹانگیں زخمی ہیں، یہ معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ تیندوا کیسے زخمی ہوا، تیندوے کا طبی معائنہ شروع کر دیا گیا ہے، ترجمان کا کہنا ہے کہ تیندوے کی ٹانگوں کے ایکسرے کے بعد حقائق سامنے آئیں گے۔

    تیندوے کو آج رات اسلام آباد وائلڈ لائف کے ریسکیو اور بحالی کے مرکز منتقل کیا جائے گا، جب کہ تیندوے کے علاج سے متعلق مزید حکمت عملی طبی ماہرین کی رائے کے بعد مرتب کی جائے گی۔

  • کیا راول ڈیم میں ہزاروں مچھلیوں کی ہلاکت کی وجہ زہر ملایا جانا تھا؟

    کیا راول ڈیم میں ہزاروں مچھلیوں کی ہلاکت کی وجہ زہر ملایا جانا تھا؟

    اسلام آباد: راول ڈیم میں مبینہ طور پر زہر ملائے جانے سے ہزاروں مچھلیوں کی ہلاکت کی تحقیقات شروع کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان انوائرنمنٹل پروٹیکشن ایجنسی نے راول ڈیم کے پانی میں زہر ملائے جانے سے ہزاروں مچھلیوں کی ہلاکت کی تحقیقات کا آغاز کر دیا۔

    پاک ای پی اے کی ٹیم نے ڈاکٹر ضیغم عباس کی قیادت میں راول ڈیم کا دورہ کیا، ٹیم نے ڈیم میں 3 مقامات پر پانی کے نمونے لیبارٹری ٹیسٹ کے لیے حاصل کر لیے۔

    کشمیر چوک، ڈپلومیٹک انکلیو اور کورنگ روڈ پوائنٹس سے پانی کے نمونے لیے گئے ہیں، جو پاک ای پی اے کی لیبارٹری کو ٹیسٹ کے لیے بھیج دیے گئے ہیں، انوائرنمنٹل پروٹیکش ٹیم نے ڈیم کے پانی کا آن سائٹ فیزیو کیمیکل اینالسسز بھی کیا۔

    لیبارٹری رپورٹ کی روشنی میں مچھلیوں کی ہلاکت کی وجوہ کا تعین کیا جائے گا، اور رپورٹ کی روشنی میں ذمہ داروں کے خلاف کارروائی بھی تجویز کی جائے گی۔

    یاد رہے کہ راول ڈیم میں چند روز قبل مبینہ طور پر زہر ملائے جانے سے ہزاروں مچھلیاں ہلاک ہو گئی تھیں، جب کہ ڈیم کے پانی میں زہر ملانے کے پہلے بھی کئی واقعات سامنے آ چکے ہیں۔

  • سرکاری اسکولوں کے بچوں کے لیے بڑی خوشخبری

    سرکاری اسکولوں کے بچوں کے لیے بڑی خوشخبری

    اسلام آباد: کل سے وفاقی اسکولوں میں ’پرائم منسٹر اسکول میلز پروگرام‘ کا آغاز کر دیا جائے گا اور اس پروگرام کے تحت بچوں کو کھانا فراہم کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق پیر سے سرکاری پرائمری اسکولوں میں ’پرائم منسٹر اسکول میلز پروگرام‘ شروع کر دیا جائے گا، اس پروگرام میں پرائم منسٹرز نیشنل نیوٹریشن انیشیٹو فائر لیس ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جا رہا ہے۔

    پروگرام کے تحت 60,000 کھانے پکانے کے لیے جدید ترین سینٹرلائزڈ کچن کا استعمال کیا جائے گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اس بھاپ ککنگ ٹیکنالوجی کے ذریعے فوڈ گریڈ کھانا پکانے کے برتنوں میں کھانا پکایا جائے گا، کھانا پکنے کے بعد اسے انسالڈڈ کنٹینرز میں ڈالا جائے گا اور پھر اسکولوں میں ترسیل کے لیے بھیج دیا جائے گا۔

    پروگرام سے وفاق کے 217 پرائمری اسکولوں کے بچے مستفید ہوں گے اور پڑھائی کے ساتھ جب کھانا بھی دستیاب ہوگا تو یقیناً بچوں کی اسکول میں حاضری بڑھے گی، جس سے تعلیم اور صحت کے معیار میں بھی بہتری آئے گی۔

  • مارگلہ ہلز پر کنٹرول کس کا؟ وزیر اعظم نے فیصلہ کر لیا

    مارگلہ ہلز پر کنٹرول کس کا؟ وزیر اعظم نے فیصلہ کر لیا

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے وزارت موسمیاتی تبدیلی سے اسلام آباد وائلڈ لائف بورڈ کا کنٹرول لے کر داخلہ ڈویژن کو سونپ دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد وائلڈ لائف بورڈ اور سی ڈی اے کے درمیان مارگلہ ہلز پر کنٹرول کا تنازعہ چل رہا تھا، وزیر اعظم پاکستان نے اب اسلام آباد وائلڈ لائف بورڈ کو داخلہ ڈویژن کے ماتحت کر دیا ہے۔

    وزیر اعظم آفس نے وائلڈ لائف بورڈ کو داخلہ ڈویژن کے ماتحت کرنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے، وائلڈ لائف بورڈ کے اثاثے اور واجبات بھی داخلہ ڈویژن کو شفٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ بورڈ کو داخلہ ڈویژن شفٹ کرنے کی تمام رسمی کارروائیاں ایک ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    ذرائع کے مطابق سی ڈی اے اور وائلڈ لائف منیجمنٹ بورڈ کا مارگلہ ہلز میں حدود کا تنازعہ چل رہا تھا، سی ڈی اے نے گزشتہ دنوں وائلڈ لائف منیجمنٹ بورڈ کے دفاتر بھی کنٹرول میں لے لیے تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد وائلڈ لائف منیجمنٹ بورڈ اب سی ڈی اے کے ماتحت کام کرے گا۔

    خیال رہے کہ رواں موسم گرما میں مارگلہ ہلز میں آگ لگنے کے کئی واقعات رونما ہو چکے ہیں۔