Author: فاطمہ بتول

  • عوام تیاری کرلیں! طوفانی بارشوں کا الرٹ جاری

    عوام تیاری کرلیں! طوفانی بارشوں کا الرٹ جاری

    اسلام آباد : این ڈی ایم اے نے طوفانی بارشوں کا الرٹ جاری کردیا ہے ، جس میں اربن فلڈنگ اور مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری الرٹ میں کہا گیا ہے کہ بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے مون سون کا سلسلہ31 جولائی کو بالائی علاقوں میں داخل ہو کر 2 تا 5اگست 2024 تک ملک کے وسطی اور جنوبی حصوں میں داخل ہو گا، جس کے نتیجے میں ملک کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

    طوفانی بارشوں سے مری، گلیات، مانسہرہ، کوہستان، چترال، دیر، شانگلہ، بونیر، بنوں، کرم، وزیرستان، ڈی آئی خان، اورکزئی، خیبر، مہمند، نوشہرہ، صوابی، اسلام آباد/راولپنڈی اور شمال مشرقی پنجاب کے مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے جبکہ ڈی جی خان، راجن پور، سلیمان اور کیرتھر رینج میں ہل تورنٹس سیلابی صورتحال کا باعث بن سکتے ہیں۔

    موسلا دھار بارش 2 سے 5 اگست 2024 تک اسلام آباد/راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، شیخوپورہ، قصور، سیالکوٹ، سرگودھا، فیصل آباد، ملتان، ساہیوال، نوشہرہ اور پشاور کے نشیبی علاقوں میں شہری سیلاب کا باعث بن سکتی ہے اور بارش ندی نالوں میں پانی کی سطح میں اضافے کا باعث بن سکتی ہیں جبکہ بالائی خیبر پختونخواہ، مری، گلیات، کشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ کا امکان ہے.

    این ڈی ایم اے نے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور دیگر متعلقہ ذیلی اداروں کوہدایت جاری کی ہے کہ وہ الرٹ رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہیں، متعلقہ ادارے ضروری مشینری کی پہلے سے تعیناتی اور خطرے سے دوچار علاقوں میں انتظامی عملے کی دستیابی کو یقینی بنائیں۔

    مقامی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ دریا کے کناروں اور نالوں کے قریب مکینوں کو پانی کے بہاؤ میں متوقع اضافے کے بارے میں آگاہ کریں، اور انخلاء کے منصوبوں کے مطابق نشیبی اور سیلاب کے خطرے سے دوچار علاقوں میں بروقت انخلاء میں سہولت فراہم کریں۔

    مزید برآں،عوام الناس سے التماس ہے کہ احتیاطی تدابیر اختیارکریں اور بجلی کے کھمبوں اور کمزورتعمیرات سے دور رہیں، آبی گزرگاہوں اور ندی نالوں میں پانی کا بہاؤ تیز ہونے کی صورت میں گاڑی چلانے یا پیدل چلنے سے گریز کریں۔سیاحوں اور مسافروں سے درخواست ہے کہ دوران سفر محتاط رہیں، سفر کرنے سے پہلے موسم اور راستوں کے حالات کا جائزہ لیں۔

    عوام بروقت ڈیزاسٹر الرٹس، گائیڈ لائنز اور احتیاطی تدابیر کے لیے کی Pak NDMA Disaster Alert موبائل ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

  • کل سے  6  اگست تک طوفانی بارشوں کی پیش گوئی

    کل سے 6 اگست تک طوفانی بارشوں کی پیش گوئی

    اسلام آباد : محکمہ موسمیات نے کل سے 6 اگست تک طوفانی بارشوں کی پیش گوئی کردی اور تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے یکم اگست سے چھ اگست تک ملک میں شدید مون سون بارشوں کی پیشگوئی کردی۔

    31 جولائی سے 6 اگست تک کشمیر، مظفر آباد میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کئی مقامات پر ژالہ باری بھی متوقع ہے جبکہ یکم اگست سے 6 اگست تک پنجاب اسلام آباد سرگودھا سمیت مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور کئی مقامات پر طوفانی بارش بھی متوقع ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 2 اگست سے 6 اگست کے دوران بہاولپور بہاول نگر ڈیرہ غازی خان میں تیز ہوا گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارشیں جبکہ 1 اگست سے 6 اگست تک چترال، دیر، سوات، صوابی میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارشوں کی توقع ہے۔

    بلوچستان کے مشرقی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ سندھ میں 2 اگست سے 6 اگست تک مٹھی، عمر کوٹ، ٹھٹھہ، بدین میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش متوقع ہے۔

    3 اگست سے 6 اگست تک کشمیر گلگت بلتستان میں شدید بارشوں کی توقع ہے، 2 سے 5 اگست کے درمیان موسلادھار بارش سے اسلام آباد، راولپنڈی سمیت مختلف علاقوں میں پہاڑوں اور ندی نالوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

    2 اگست سے پانچ اگست تک سیالکوٹ گجرانوالہ نارووال میں اربن فلڈنگ جبکہ خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں مری، گلیات بلوچستان میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ٹریفک کی آمد و رفت متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

    مون سون بارشوں کے باعث روز مرہ کی معمولات متاثر ہونے کمزور انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی ہے۔

  • شہریوں نے الیکٹرک اور پلوشن فری بسوں کی سروس کو ذہنی سکون کے لیے بہترین قرار دے دیا

    شہریوں نے الیکٹرک اور پلوشن فری بسوں کی سروس کو ذہنی سکون کے لیے بہترین قرار دے دیا

    اسلام آباد کے شہریوں نے الیکٹرک اور پلوشن فری بسوں کی سروس کو ذہنی سکون کے لیے بہترین قرار دے دیا ہے۔

    اسلام آباد میں ماحول دوست بسیں چلنا شروع ہو گئی ہیں، شہریوں نے الیکٹرک اور پلوشن فری بسوں کی سروس کو ماحولیاتی آلودگی سے پاک اور ذہنی سکون کے لیے بہترین سروس قرار دیا۔

    ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے اسلام آباد میں الیکٹرک بس سروس شروع کر دی ہے، 160 میں سے 100 بسیں اسلام آباد پہنچ چکی ہیں، جن میں سے 30 بسیں شہر کے دو روٹس نسٹ ٹو پمز، اور پمز تا بری امام پر چل رہی ہیں۔ ان روٹس پر ایک سے دو کلومیٹر کے کئی اسٹاپس پر بس رکے گی۔

    الیکٹرک بسیں اسلام آباد کے دیہی اور شہری علاقوں کو ملانے والے 11 روٹس پر چلانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے، جس کا مقصد شہریوں کو آرام دہ سفر کی سہولت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ میڑو بس اسٹیشن کے ساتھ فیڈر کرنا بھی ہے، تاکہ شہری راولپنڈی میٹرو کی سہولت سے بھی فائدہ اٹھا سکیں۔

    سی ڈی اے نے کنونشن سینٹر میں 6 چارجنگ پوائنٹس کے ساتھ ایک چارجنگ اسٹیشن نصب کیا ہے، جہاں ایک چارجنگ کے ساتھ بیک وقت 2 گنز کے ذریعے 2 الیکٹرک بسوں کو چارج کیا جاتا ہے۔ زیرو پوائنٹ کے قریب الیکٹرک بسوں کے لیے ایک ڈپو اسٹیشن تیار کیا جا رہا ہے جہاں مستقبل میں 70 سے زائد بسوں کی چارجنگ کا نظام قائم کیا جائے گا۔ سی ڈی اے حکام کا کہنا ہے کہ مستقبل میں چارچنگ کے لیے سولر پینل کا پروجیکٹ بھی شروع کیا جائے گا۔

    الیکٹرک بسوں میں خصوصی افراد کی آسانی کے لیے بھی پش بٹن بنائے گئے ہیں، جن کی مدد سے ایکسلیریٹرز کے ذریعے ویل چیئر کو آسانی کے ساتھ بس میں چڑھایا جا سکتا ہے۔ ہر الیکٹرک بس میں خصوصی افراد کے لیے 2 نشستیں مختص ہیں۔ بس میں ایمرجنسی ایگزٹ کی سہولت کے لیے 4 ہیمرز بھی موجود ہیں تاکہ ناگہانی صورت حال میں بس سے مسافر آسانی سے نکل سکیں۔

    الیکٹرک بس میں ڈرائیور کے رویے کو بھی لائیو اسٹریمنگ کے ذریعے مانیٹرنگ سینٹر میں دیکھا جاتا ہے، نیند، اونگھ، لاپرواہی سمیت ڈرائیور کے ہر طرح کے رویے کو اس کیمرے کی مدد سے دیکھا جاتا ہے۔

    الیکٹرک بسوں میں اے سی کی سہولت نے بھی شہریوں کو خوش کر دیا ہے، ہر بس میں 4 اے سی بھی نصب ہیں، اس وقت 30 ماحول دوست الیکٹرک بسیں اسلام آباد کے دو روٹس پر رواں دواں ہیں جب کہ اگلے ماہ مزید 70 بسیں مزید روٹس کور کریں گی، اور 60 مزید بسیں بھی جلد اسلام آباد میں پہنچ جائیں گی۔

  • محکمہ موسمیات نے رواں ہفتے مزید مون سون بارشوں کی پیش گوئی کر دی

    محکمہ موسمیات نے رواں ہفتے مزید مون سون بارشوں کی پیش گوئی کر دی

    اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے رواں ہفتے مزید مون سون بارشوں کی پیش گوئی کر دی ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق 16 جولائی سے بحیرہ عرب سے ملک کے بیش تر علاقوں میں مون سون ہوائیں داخل ہوں گی، جس سےاسلام آباد سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں 17 سے 20 جولائی کے دوران تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔

    خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں 16 سے 21 جولائی کے دوران تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے، بلوچستان کے مختلف علاقوں میں 17 سے 19 جولائی کے دوران آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔

    کراچی کے موسم سے متعلق محکمہ موسمیات کا اہم بیان

    سندھ کے مختلف علاقوں میں 18 اور 19 جولائی کو آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے، کشمیر میں 16 سے 21 جولائی کے دوران تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔

    گلگت بلتستان میں 17 سے 21 جولائی کے دوران مطلع جزوی ابر آلود رہنے اور وقفے وقفے سے بارش کی توقع ہے۔

  • میٹرک کے نتائج کا اعلان کردیا گیا

    میٹرک کے نتائج کا اعلان کردیا گیا

    اسلام آباد : میٹرک کے نتائج کا اعلان کردیا گیا، نتائج میں کامیاب طلباء کی کامیابی کا تناسب 88 فیصد رہا۔

    تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ نے میٹرک کے نتائج کا اعلان کردیا، امتحان میں تقریباً تین لاکھ امیدواروں نے حصہ لیا ، جس میں ایک لاکھ چھیانوے ہزار آٹھ سو طلباء کامیاب ہوئے۔

    نتائج میں کامیاب طلباء کی کامیابی کا تناسب 88 فیصد رہا، میٹرک پارٹ ٹو سائنس گروپ میں 1087 نمبر کے ساتھ زبادیہ نسیم کی پہلی پوزیشن حاصل کی۔

    اس کے ساتھ 1085 نمبرکےساتھ حجاب فاطمہ کی دوسری پوزیشن جبکہ مصادق شہباز اور فاطمہ باجوہ نے 1084 نمبر لے کر تیسری پوزیشن لی۔

    اسی طرح ہیومنٹی گروپ میں فیچر فاؤنڈیشن سکول مصریال روڈ راولپنڈی کینٹ سے تعلق رکھنے والی اقصی فاروق نے 1032 نمبر لے کر پہلی ، ڈی ایچ اے سنیئر سکول برائے خواتین ڈی ایچ اے لاہور سے اونایزہ جلیل نے 1025 نمبر حاصل کر کے دوسری اور انسٹیٹیوٹ آف اسلامک سائنس سترا میل اسلام آباد سے محمد انس نے 1014 نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی ۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین وفاقی تعلیمی بورڈ سید جنید اخلاق نے وفاقی سیکرٹری تعلیم کو امتحانی نظام کے بارے میں بریف کیا اور پوزیشن حاصل کرنے والے بچوں کو مبارکباد پیش کی۔

    اس موقع پر مہمان خصوصی وفاقی سیکرٹری تعلیم محی الدین احمد وانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ بطور سیکرٹری تعلیم ذمہ داریاں نبھانے کا موقع ملا ہے، یہ ہماری کامیابی ہے کہ آج دنیا بھر میں پاکستانی ہونہار بچے اپنا مقام رکھتے ہیں۔

    انہوں مزید کہا کہ ہم سرکاری سکولوں میں تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے کوشاں ہیں، میں کامیاب ہونے والے ہونہار طلباء کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

    تقریب کے اختتام پر وفاقی سیکرٹری تعلیم محی الدین احمد وانی، چیئرمین فیڈرل بورڈ سید جنید اخلاق اور سیکرٹری فیڈرل بورڈ ڈاکٹر بشیر خان نے پوزیشن حاصل کرنے والے بچوں میں انعامات تقسیم کیے۔

  • سندھ میں مون سون سسٹم  ، این ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

    سندھ میں مون سون سسٹم ، این ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

    کراچی : نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے سندھ میں مون سون سسٹم سے اربن فلڈنگ کاخدشہ ظاہر کردیا ، جس سے کراچی بھی متاثر ہوسکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے کہا گیا کہ کہ سندھ کے مختلف علاقوں میں اربن فلڈنگ اور ندی نالوں میں درمیانے درجے کی طغیانی متوقع ہے۔

    این ڈی ایم اے نے الرٹ میں کہا ہے کہ نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق موجودہ مون سون سسٹم کے زیر اثر اگلے 12 سے 24 گھنٹوں میں سندھ اثر انداز ہونے کا امکان ہے ، جس سے سندھ کے مختلف علاقوں میں اربن فلڈنگ کاخدشہ ہے۔

    ترجمان نے بتایا کہ سندھ کے علاقے کشمور، کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ، عمرکوٹ، بدین، مٹھی، تھرپارکر متاثر ہو سکتے ہیں ، بارشوں کے باعث مقامی اربن فلڈنگ/ ندی نالوں میں درمیانے درجے کی طغیانی ہو سکتی ہے۔

    الرٹ میں کہنا تھا کہ نشیبی علاقوں کے مکین ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پیشگی تیاری مکمل رکھیں اور خطرے سے دو چار علاقوں کے رہائشی مقامی حکام کی ہدایات پر عمل کریں۔

    این ڈی ایم اے نے کہا کہ عوام بروقت الرٹس کے لیے ‘پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ’ موبائل ایپ ڈاؤن لوڈ کریں اور موسمی صورتحال سے آگاہ رہیں۔

  • ملک کے بیشتر علاقوں میں آج موسم گرم اور مرطوب رہے گا

    ملک کے بیشتر علاقوں میں آج موسم گرم اور مرطوب رہے گا

    اسلام آباد: محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں آج موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔

    کشمیر، خیبر پختونخوا، سندھ، بلوچستان، جنوبی پنجاب اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ موسمیات اسلام آباد نے موسلادھار بارش کے باعث زیریں بلوچستان کے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق آج اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کے علاوہ شام/رات میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، خیبر پختونخوا میں دیر، سوات، شانگلہ، بٹگرام، ہری پور، صوابی، مردان، نوشہرہ، پشاور، کوہاٹ، ہنگو، کرک، ٹانک، خیبر، مہمند، باجوڑ، کرم، لکی مروت، وزیرستان، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے، جب کہ خیبر پختونخوا کے دیگر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔

    پنجاب کے بیش تر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، مری، گلیات، اٹک، نارووال، سیالکوٹ، لاہور، لیہ، تونسہ، ڈی جی خان، ملتان، خانیوال، بہاولپور، راجن پور اور رحیم یار خان میں چند مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

    بلوچستان کے بیش تر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، ژوب، بارکھان، کوہلو، سبی، ڈیرہ بگٹی، جھل مگسی، لورالائی، خضدار، آواران، گوادر، لسبیلہ اور گرد و نواح میں چند مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، زیریں بلوچستان میں چند مقامات پر موسلادھار بارش بھی متوقع ہے۔

    سندھ کے بیش تر اضلاع میں بھی موسم گرم اور مرطوب رہے گا، جیکب آباد، سکھر، شکارپور، قمبر شہداد کوٹ، لاڑکانہ، دادو، پڈعیدن، عمرکوٹ، تھرپارکر، میر پور خاص، بدین، سجاول اور ٹھٹھہ چند مقامات پر تیز ہواؤں/ آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

  • کسان ٹی وی چینل، موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے حکومت کا بڑا قدم

    کسان ٹی وی چینل، موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے حکومت کا بڑا قدم

    اسلام آباد: موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے حکومت نے کسان ٹی وی چینل شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کی کوآرڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی رومینہ خورشید عالم نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے کسان ٹی وی چینل شروع کیا جائے گا۔

    انھوں نے کہا کہ اس چینل کے ذریعے کسانوں کو موسمی صورتِ حال اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کا بتایا جائے گا، ماحولیاتی انحطاط سے نمٹنے کے لیے احتیاتی تدابیر اور پائیدار طریقوں کو فروغ دیا جائے گا۔

    رومینہ خورشید کے مطابق کسان چینل کے لیے پی ٹی وی کے ساتھ باہمی اشتراک کیا جائے گا، 6 علاقائی زبانوں بشمول پنجابی، پشتو، سندھی، بلوچی، اور ہندکو میں پروگرام نشر کیے جائیں گے، جب کہ صوبائی سطح پر مقامی پی ٹی وی اسٹیشنز کے ذریعے پروگرامز نشر کیے جائیں گے۔

    رومینہ خورشید نے کہا اس چینل کے ذریعے خواتین کو زیادہ سے زیادہ بااختیار بنانے پر توجہ دی جائے گی، اور چینل کو کامیاب بنانے کے لیے پی ٹی وی کے ساتھ ساتھ نجی چینلز سے بھی رہنمائی لی جائے گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ اس چینل کا قیام پاکستان میں خوش حال زرعی شعبے کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہوگا۔

  • ’سیلاب سے ریلوے کا 500 ارب روپے سے زائد کا نقصان ہوا ہے‘

    ’سیلاب سے ریلوے کا 500 ارب روپے سے زائد کا نقصان ہوا ہے‘

    محکمہ ریلوے کے چیف ایگزیکٹو افسر فرخ تیمور نے کہا ہے کہ حالیہ سیلاب سے ریلوے کو 500 ارب روپے سے زائد کا نقصان ہوا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق قومی اسمبلی کی سب کمیٹی برائے ریلوے کا اجلاس ہوا جس میں سی ای او فرخ حبیب نے ریلوے سے سیلابی صورتحال پر کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سیلاب کے باعث ریلوے کا شدید نقصان ہوا ہے اور نقصانات کا تخمینہ 500 ارب روپے سے اوپر جا رہا ہے، سیلاب زدہ علاقوں میں دیکھ کر ایسا لگتا ہے ریلوے لائن سمندر میں موجود ہے۔

    سی ای او ریلوے نے کہا کہ ایسا نہیں ہے کہ ریلوے کا سارا سسٹم روک دیا گیا ہے تاہم ٹرینیں نہ چلنے سے 7 ارب روپے کا نقصان ہوچکا ہے اور ہمارے پاس اب تنخواہ دینے کے پیسے بھی نہیں ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ سیلاب زدہ علاقوں میں صورتحال اتنی خطرناک تھی کہ ایسا بھی ہوا کہ کسی جگہ کام کر رہے تھے تو وہاں سیلابی ریلا آگیا، کوشش کی ریلوے کا جو ڈھانچہ ہے اس پر آپریشن جاری رکھیں، افغانستان سے آنیوالے کوئلے کی ترسیل کیلئے پشاور ڈویژن نے کام کیا۔

    اس موقع پر کنوینر کمیٹی حامد حمید نے کہا کہ ریلوے اور ہوا بازی کا ٹریک ایک نہیں ہے لیکن وزیر ایک ہے، انہوں نے سوالات اٹھائے کہ کیا کہ اگر مستقبل میں بھی کوئی آفت آتی ہے تو ریلوے کی کیا حکمت عملی ہوگی؟ حکومت مدد نہیں کرتی تو ریلوے کے پاس کوئی اور راستہ ہے؟ کیا ریلوے کسی عالمی مالیاتی ادارے یا ملک سے رابطہ کر سکتا ہے؟

  • پی ٹی آئی خواتین ارکان پارلیمنٹ کے دروازے پر چڑھ گئیں

    پی ٹی آئی خواتین ارکان پارلیمنٹ کے دروازے پر چڑھ گئیں

    پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے موقع پر احتجاج کرنے والی پی ٹی آئی کی خواتین اراکیں کو گیٹ پر روکا تو وہ پارلیمنٹ کے دروازے پر چڑھ گئیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے موقع پر پی ٹی آئی کی خواتین اراکین پارلیمنٹ لاجز سے احتجاج کرتے ہوئے پارلیمنٹ ہاؤس تک پہنچیں، انہوں نے ہاتھوں میں برتن بھی اٹھا رکھے تھے اور نعرے لگا رہی تھیں جہاں اسلام آباد پولیس نے انہیں اندر جانے سے روک دیا اور گیٹ بند کردیا۔

    پی ٹی آئی رہنما کنول شوزب نے کہا کہ ہم این آر او ٹو نہیں مانگتے اور نہ ہی لینے دیں گے، اوورسیز کے ووٹوں پر ڈاکا ڈالنے کی کوشش کی جارہی ہے، ہم اپنا احتجاج ریکارڈ کرانے آئے ہیں اس موقع پر خواتین نے کہا کہ انہیں اندر جانے دیا جائے لیکن دروازہ نہ کھولنے پر پی ٹی آئی رہنما عالیہ حمزہ اور کنول شوزب پارلیمنٹ ہاؤس کے دروازے پر چڑھ گئیں اور خواتین نے دھکے دے کر گیٹ کھولا اور اپنی مدد آپ کے تحت پارلیمنٹ ہاؤس کے اندر آگئیں۔

    اس تگ ودو کے دوران پی ٹی آئی رہنما عالیہ حمزہ کے ہاتھ اور پیر زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں، دوسری جانب پی ٹی آئی خواتین نے پارلیمنٹ ہاؤس میں داخل ہوکر احتجاج کیا اور ظلم کے ضابطے ہم نہیں مانتے، مریم کے پاپا چور ہیں سمیت دیگر نعرے لگائے۔