Author: Hammad Hasan Syed

  • پیرس حملے کی ذمہ داری القاعدہ یمن نے قبول کرلی

    پیرس حملے کی ذمہ داری القاعدہ یمن نے قبول کرلی

    دبئی: القاعدہ نے گزشتہ ہفتے توہین آمیز خاکے شائع کرنے والے فرانسیسی میگزین ’’چارلی ہیبڈو‘‘ پر حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق القاعدہ کی جزیرہ نماعرب شاخ کی جانب سے  پیرس حملےکے حوالے سے ایک ویڈیو  پیغام جاری کیا گیا ہے۔

    ویڈیو پیغام میں القاعدہ کے رہنماء نصرالانسی نے کہا ہے کہ فرانسیسی جریدے چارلی ہیبڈو پر حملہ توہین آمیز خاکوں کا بدلہ ہے، جسے القاعدہ کے مرکزی سربراہ ایمن الظواہری کے حکم پر انجام دیا گیا۔

    القاعدہ گروپ کے شیخ نصرالانسی نے کہا کہ فرانس مزید حملوں کے لیے بھی تیار رہے، بیان میں کہا گیا ہے کہ حملہ کرنیوالے دو افراد اصلی ہیرو ہیں جبکہ پولیس پر فائرنگ والا واقعہ محض اتفاقی تھا۔

    واضح رہےکہ فرانسیسی رسالہ چارلی ہیبڈو ماضی میں توہین آمیز خاکے جاری کرتا رہا ہے اور گذشتہ ہفتے رسالے کے دفتر پر حملے میں بارہ افراد کی ہلاکت کے بعد رسالے کا پہلا شمارہ جاری ہوا، جس کے سرورق پر توہین آمیزخاکہ چھاپا گیا ہے۔

  • سعودی عرب میں ایک اور پاکستانی کا سرقلم

    سعودی عرب میں ایک اور پاکستانی کا سرقلم

    ریاض: سعودی عرب میں بدھ کو ہیروئین اسمگلنگ کرنے کے جرم میں ایک اور پاکستانی شہری کا سر قلم کر دیا گیا۔

    خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق رواں برس اکتوبر سے اب تک سعودی عرب میں منشیات کی اسمگلنگ کے الزامات میں 14 پاکستانیوں کو سزائے موت دی جاچکی ہے جبکہ مجموعی طور پر یہ تعداد 87 غیرملکیوں پر مشتمل ہے۔

    سعودی وزارتِ داخلہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق تازہ ترین سزا محمود مسیح اقبال مسیح نامی پاکستانی شہری کو دی گئی، جسے ہیروئین اسمگلنگ کرنے کے جرم میں سزا سنائی گئی تھی۔

    اقوام متحدہ کے مطابق خلیجی ممالک حالیہ برسوں کے دوران منشیات کی اسمگلنگ کے حوالے سے اہم مارکیٹ کی حیثیت اختیار کرچکے ہیں، تاہم سعودی عرب میں منشیات کی اسمگلنگ کے جرم میں موت کی سزا سنائی جاتی ہے۔

  • کراچی: چنیسر  گوٹھ میں فائرنگ  سےزخمی ایم کیو ایم کا کارکن دم توڑ گیا

    کراچی: چنیسر گوٹھ میں فائرنگ سےزخمی ایم کیو ایم کا کارکن دم توڑ گیا

    کراچی:شہر قائد کےعلاقے چنیسر گوٹھ میں دوماہ قبل فائرنگ سےزخمی سے ہونے والا ایم کیو ایم کا کارکن جاں بحق ہوگیا۔

    ایم کیوایم کے اعلامیہ کے مطابق عیدالاضحی پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا   کارکن عبدالقادر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے خالق حقیقی سے جا ملا۔

    ایم کیو ایم کے مطابق عبدالقادر کراچی مضافاتی کمیٹی کا رکن تھا،کارکن کےقتل پر ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے اظہارافسوس کیا اور حکومت سے چنیسرگوٹھ واقعے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا جبکہ ایم کیوایم کے رہنمامصطفی عزیزآبادی کا کہنا ہے کہ لیاری کی طرح چنیسرگوٹھ کو دہشت گردوں نے یرغمال بنا رکھا ہے۔

    وزیرداخلہ چنیسرگوٹھ میں دہشت گردی کانوٹس لیں اور ڈی جی رینجرز چنیسرگوٹھ میں بھی کارروائی کریں۔

  • کارساز دھماکے میں ملوث ملزم پولیس مقابلے میں ہلاک

    کارساز دھماکے میں ملوث ملزم پولیس مقابلے میں ہلاک

    کراچی: شہر قائد میں پولیس کی جرائم پیشہ عناصر کےخلاف کارروائیاں جاری ہیں ،منگھو پیر میں سی آئی ڈی پولیس سے مقابلے میں ایک دہشت گرد مارا گیا،گودھرا اور نیو کراچی میں سرچ آپریشن میں متعدد افراد زیر حراست۔

    منگھو پیر میں سی آئی ڈی پولیس سے مقابلے میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیا،پولیس کے مطابق ہلاک ملزم کا تعلق کالعدم تنظیم سے تھا اور وہ دو ہزار سات میں کارسازکےقریب ہونےوالےدھماکے میں ملوث تھا۔

    گودھرا میں پولیس نے سرچ آپریشن کرتے ہوئے تین ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے دستی بم اور اسلحہ برآمد کرلیا،ملزمان پولیس پرحملوں،ٹارگٹ کلنگ اوردیگرسنگین جرائم میں ملوث ہیں۔

    نیوکراچی انڈسٹریل ایریا میں پولیس نےسرچ آپریشن میں مخصوص گھروں کی تلاشی لی اور سات مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا اس دوران کسی پولیس اہلکار نے موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئےموبائل فون اور پرس چوری کرلیے جس پر علاقہ مکینوں نے احتجاج کرتے ہوئے پولیس کے خلاف نعرے بازی کی۔

  • ماحول دوست کاغذ جس پر بار بار لکھا جا سکتا ہے

    ماحول دوست کاغذ جس پر بار بار لکھا جا سکتا ہے

    یونیورسٹی آف کیلی فورنیا کے ماہرین نے ایسا ماحول دوست کا غذ تیار کرلیا ہے جس پر بار بار لکھنے پر بھی اس کی کوالٹی متاثر نہیں ہوتی۔

    یونیورسٹی آف کیلی فورنیامیں کی گئی تحقیق میں ایک ایسا کاغذ بنایا گیا ہے جس پر کم از کم 20بار مٹا کر لکھا جا سکتا ہے جبکہ لکھنے کے لئے ایک خاص کیمیکل کااستعمال کیا جاتا ہے اور دلچسپ امر یہ ہے کہ اسے 20بار مٹانے کے بعد بھی دوبارہ لکھنے پراس کی کوالٹی متاثر نہیں ہوتی،

    یونیورسٹی کے پروفیسریاڈونگ ینا کہنا تھا کہ اس کاغذ پر لکھے ہوئےالفاظ تین دن تک با آسانی محفوظ رہ سکتے ہیں اوراس کے بعد چاہیں تو اس کاغذ پر مٹا کردوبارہ بھی لکھا جا سکتا ہے۔

  • تمباکو نوش افراد کو کینسر کے خطرے سے آگاہ کرنے کا طریقہ دریافت

    تمباکو نوش افراد کو کینسر کے خطرے سے آگاہ کرنے کا طریقہ دریافت

    تمباکو نوشی کرنے والے افراد کو کینسرکے خطرے سے قبل ازوقت آگاہی کا طریقہ دریافت کرلیا گیا۔

    برطانیہ میں یونیورسٹی کالج آف لندن کے سائنسدانوں نے پہلی دفعہ ایک ایسا ٹیسٹ ایجاد کر لیا ہے جس کے ذریعے سگریٹ نوشوں کے خلیات کا معائنہ کرکے یہ بتایا جاسکتا ہے کہ انہیں پھیپھڑے کے کینسر کا خدشہ ہے یا نہیں۔

    اس ٹیسٹ کیلئے منہ اور ناک سے خلیات لےکر ان میں سے انفرا ریڈ روشنی گزاری جاتی ہے،انفراریڈ روشنی گزارنے پر ان خلیوں سے انعکاس یا انعطاف مختلف طرح سے ہوتا ہے جس کے باعث کینسر کا پتا چلانا ممکن ہو جاتا ہے۔

  • نئی کامیڈی فلم ’’وائل وی آر ینگ ‘‘کا ٹریلر جاری

    نئی کامیڈی فلم ’’وائل وی آر ینگ ‘‘کا ٹریلر جاری

    ہالی ووڈ اداکار نومی واٹس اور بین اسٹلر کی نئی کامیڈی ڈرامہ فلم”وائل وی آر ینگ”کا پہلا ٹریلرجاری کر دیا گیا ہے۔

    فلمساز،رائٹر و ہدایتکار نوا بومباک کی فلم میں نومی واٹس اور بین اسٹلر کے ساتھ ایڈم ڈرائیور،امانڈا سیفرائیڈ،چارلس گورڈن اور ایڈم ہوروٹز اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

    اسکاٹ روڈن کی پروڈیوس کردہ اس فلم کی کہانی شادی شدہ جوڑے کے گرد گھومتی ہے،ایک نوجوان اچانک ان کی شادی شدہ زندگی میں بھونچال لے آتا ہے۔

    کامیڈی ڈرامہ فلم وائل وی آر ینگ اگلے سال ستائیس مارچ کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔

  • کراچی میں ہونے جا رہا ہے ایک بار پهرعالمی فلم فیسٹول کا آغاز

    کراچی میں ہونے جا رہا ہے ایک بار پهرعالمی فلم فیسٹول کا آغاز

    کراچی:شہر قائد میں ہونے جا رہا ہے ایک بار پهرعالمی فلم فیسٹول کا آغاز، جس میں دنیا بھر کے فلم میکرز اپنی کاوش کو شو کیس کرسکتے ہیں۔

    ملکی سینما کو فروغ اور ترقی دینے کے لئے کارا وڈ فلمز کی جانب سے فلم فیسٹول کا آغاز کیا جارہا ہے،فیسٹیول میں چار مختلف کیٹگریز رکهی گئی ہیں جن میں ڈاکیومنٹری،شارٹ،فیچر اور اینیمنٹڈ شامل ہیں.

    فلم فیسٹیول میں اپنی بنائی ہوئی فلم کو شامل کرنے کے خواہش مند امیدوار پندرہ دسمبر سے پندرہ فروری تک اپنی انٹریز کروا سکتے ہیں،کاراوڈ فلمز کی سی ای او بتول خان کا کہنا ہے کہ فلمی میلے کے انعقاد سے دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت امیچ اجاگر ہوگا اور مقامی سینما کو فروغ ملے گاہ.

    کاراوڈ فلم فیسٹول کی جیوری ممبران میں ٹی وی اور فیشن انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی معروف شخصیات کو شامل کیا گیا ہے،فیسٹیول میں کامیاب ہونے والی فلموں کو مارچ دوسرے ہفتے میں انعامات سے بهی نوازا جائے گا۔

  • اے آر وائی زندگی اور اے آروائی ڈیجیٹل لا رہا ہے ناظرین کے لئے نئے ڈرامے

    اے آر وائی زندگی اور اے آروائی ڈیجیٹل لا رہا ہے ناظرین کے لئے نئے ڈرامے

    کراچی ( کلچرل رپورٹر, م ش خ ) اے آروائی زندگی اور ڈیجیٹل اپنے ناظرین کیلئے خوبصورت سیریل اور سوپ آن ائیر کریگا
    پروگراموں کے حوالے سے م ش خ نے بتایا کہ سیریل نہ کترو نپکھ میرے، ایک خوشحال خاندان کی کہانی ہے اسے تحریر کیا ہے ارم وسیع اور صائمہ وسیع نے جبکہ ہدایت نین مینار کی ہیں اس کے فنکاروں میں صبا قمر، حسین رضوی، دانش تیمور، نبیل ، اکد ، رابعہ نودین پرویز رضا اور دیگر شامل ہیں، سیریل نہ کترو نپکھ میرے، اے آر وائی زندگی کے ہر ہفتے کی رات8بجے دیکھایا جائے گا۔

    سیریل میرے خواب لوٹادو، یہ ایسی لڑکی کی کہانی ہے جو حسین خواب رکھتی ہے مگر نصیب کہاں تک ساتھ دیتے ہیں یہ وقت بتاتا ہے اسے تحریر کیا ہے ثمینہ اعجاز نے ہدایت ہشام کیدکی ہیں اس کے فنکاروں میں اعجاز اسلم، صبا فیل ، سمیر اظہر و دیگر شامل ہیں، یہ سیریل ہر جمعہ کی رات8بجے اے آر وائی زندگی سے دیکھائی جائے گی۔

    سوپ اور پیار ہوگیا، پیرسے لیکر جمعرات تک 8.30بجے اے آر وائی زندگی سے دیکھا یا جائے گا جبکہ سیریل پیار تو نے کیا کیا ہر اتوار کی رات7بجے اے آر وائی زندگی سے دیکھائی جائے گی، سیریل دوسری بیوی ہر پیر کی رات 8بجے اے آروائی ڈیجیٹل سے دیکھائی جائے گی۔

  • عزیزمیاں قوال کو بچھڑے  14برس گزرگئے

    عزیزمیاں قوال کو بچھڑے 14برس گزرگئے

    فن قوالی کو منفرد انداز بخشنے والے عزیزمیاں قوال کو بچھڑے ہوئے آج چودہ برس گزر گئے لیکن ان کی قوالیاں آج بھی سننے والوں پر وجد طاری کر دیتی ہیں۔

    بھارت کے شہر دہلی میں پیدا ہونے والے عزیز میاں قوال نے فن قوالی میں اپنے منفرد انداز سے وہ شہرت حاصل کی جو بہت کم لوگوں کو نصیب ہوتی ہے۔دس سال کی عمر میں قوالی سیکھنا شروع کی تو سولہ سال کی عمر تک قوالی کی تربیت حاصل کرتے رہے،عزیز میاں قوال نے پنجاب یونیورسٹی سے اردو اورعربی میں ایم اے کی تعلیم حاصل کی،تصوف اور معارفت کی محفلوں میں وہ اپنا لکھاہوا کلام ہی پیش کرتے تھے۔

    عزیز میاں قوال کی شہرہ آفاق قوالیوں میں،میں شرابی شرابی، تیر ی صورت، اللہ ہی جانے کون بشرہے اور دیگر شامل ہیں، 115 منٹ طویل قوالی اور حشر کے روز ہی پوچھوں گا،انھوں نے خود لکھی،خود کمپوز کی اور خود ہی دنیا کے سامنے پیش کی،ان کی قوالی سننے والوں پر وجد طاری کر دیتی ہے،حکومت نے ان کو کئی اعزازات سے نوازا، شاہ ایران نے بھی انہیں گولڈ میڈل پیش کیا تھا،عزیزمیاں ایران کے شہر تہران میں 06 دسمبر سن 2000کو بیماری کی حالت میں خالق حقیقی سے جا ملے۔