Author: حسن حفیظ

  • گورنر پنجاب سے اختلافات، ایچی سن کالج کے پرنسپل مستعفی

    گورنر پنجاب سے اختلافات، ایچی سن کالج کے پرنسپل مستعفی

    معروف تعلیمی ادارے ایچی سن کالج لاہور کے پرنسپل مائیکل اے تھامسن نے گورنر پنجاب سے وفاقی وزیر کے بچوں کے جرمانہ معافی سے اختلافات کے بعد عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کو ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق گورنر پنجاب بلیغ الرحمان سے ایک وفاقی وزیر کے بچوں کے جرمانہ معافی معاملے پر اختلافات کے بعد لاہور کے معروف تعلیمی ادارے ایچی سن کالج کے پرنسپل مائیکل اے تھامسن نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

    مستعفی ہونے کا اعلان کرنے کے ساتھ ہی ایچی سن کالج کے پرنسپل مائیکل اے تھامسن نے عملے کے نام خط لکھا جس میں انہوں نے کہا کہ اسکولوں میں اقربا پروری اور سیاست کی کوئی گنجائش نہیں، بورڈ کی سطح پر جو ہو رہا ہے وہ آپ سب کو معلوم ہے۔

    پرنسپل نے مزید لکھا کہ کالج کی شہرت کی حفاظت کے لیے بھرپور کوشش کی لیکن چند افراد کی خاطر پالیسیوں میں تباہ کن تبدیلیاں لائی گئیں اور گورنر ہاؤس کے جانبدارانہ اقدامات کے باعث گورننس کا نظام تباہ ہو گیا۔

    مائیکل اے تھامسن نے کہا کہ اتنی در اندازی کامیابی سے چلنے والے اسکول کے لیے ناقابل یقین ہے، انتہائی بُری گورننس کی وجہ سے میرے پاس استعفیٰ دینے کے علاوہ کوئی اور راستہ نہیں بچا۔ یکم اپریل کو اسکول چھوڑ رہا ہوں اور داخلوں کا حصہ نہیں بنوں گا۔

  • گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور میں خاتون کو ہراساں کرنے پر استاد معطل

    گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور میں خاتون کو ہراساں کرنے پر استاد معطل

    لاہور: گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور میں خاتون کو ہراساں کرنے کے معاملے پر انتظامیہ نے انگریزی ڈیپارٹمنٹ کے استاد کو معطل کر دیا۔

    انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق انگریزی ڈیپارٹمنٹ کے استاد کو وقتی طور پر معطل کر رہے ہیں، جب تک تحقیقات مکمل نہیں ہوتی استاد کو کلاسز لینے کی اجازت نہیں ہوگی۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق معطل استاد کی یونیورسٹی میں داخلے پر پابندی نہیں ہے، واقعے سے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کی امیج کو نقصان پہنچا ہے۔

    انتظامیہ نے کہا کہ واقعے سے متعلق تحقیات مکمل ہونے تک کسی کو بیان دینے کی اجازت نہیں ہے۔

    19 مارچ 2024 کو خاتون نے یونیورسٹی میں داخل ہو کر استاد پر تشدد کیا تھا۔ انگریزی شعبے کے استاد پر خاتون نے ہراسانی کا الزام لگایا تھا۔

    گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور میں خاتون کو ہراساں کرنے پر استاد معطل

  • ٹیچنگ اسپتالوں میں ادویات کی چوری اور گھپلوں پر مریم نواز کی ہدایت پر متعدد افراد معطل

    ٹیچنگ اسپتالوں میں ادویات کی چوری اور گھپلوں پر مریم نواز کی ہدایت پر متعدد افراد معطل

    لاہور: ٹیچنگ اسپتالوں میں ادویات کی چوری اور گھپلوں پر مریم نواز کی ہدایت پر متعدد افراد کو معطل کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کرپشن، لوٹ مار، ادوایات کی چوری میں ملوث افراد کے خلاف حکومت پنجاب نے بڑا ایکشن لے لیا، مختلف ٹیچنگ اسپتالوں میں ادوایات کی چوری، خریداری میں گھپلے اور ٹھیکے داروں کی ملی بھگت سے سرکاری خزانے کو نقصان پہنچنے والے عناصر کو معطل کر دیا گیا۔

    ایک مراسلے میں کہا گیا ہے کہ جناح اسپتال کے فارمیسی ٹیکنالوجی جاوید سرور اور جناح اسپتال کے اسٹور کیپر محمد زبیر چوہدری کو معطل کیا گیا، سر گنگا رام اسپتال کے فارماسسٹ سعید رضوان حیدر کو بھی معطل کر دیا گیا۔

    ہولی فیملی راولپنڈی کے سینئر کلرک خالد محمود، ہولی فیملی راولپنڈی کے فارمیسی ٹیکنیشن سعید عنصر حسین، نشتر اسپتال کے نائب قاصد راؤ محمد اکبر کو بھی معطل کر دیا گیا، تمام کرپٹ عناصر کے اسپتالوں میں بھی داخلے پر پابندی لگا دی گئی، جب کہ متعلقہ افراد کی آخری سیلری سلپ بھی ان کے گھروں پر پہنچانے کا حکم دیا گیا ہے۔

    محکمہ صحت میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مریضوں کو ادوایات کی فراہمی میں یہ تمام افراد سب سے بڑی رکاوٹ تھے، وزیر اعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر سرکاری اسپتالوں میں ادویات کی مفت فراہمی میں رکاوٹ پیدا کرنے والے عناصر کے خلاف سخت ایکشن لینے کا فیصلہ کیا گیا۔

    محکمہ صحت نے اینٹی کرپشن اور نیب سے بھی ان کے اثاثہ جات کی چھان بین کروانے کا فیصلہ کیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ ادویات کی چوری میں ملوث زیادہ تر ملازمین جعلی بھرتی ہوئے یا غیر قانونی ترقی لی گئی ایسے تمام عناصر کا سروسز ریکارڈ بھی طلب کر لیا گیا ہے۔

  • افتخار عارف، انور مسعود، راحت فتح سمیت ادیبوں، فنکاروں کو قومی اعزازات سے نوازا گیا

    افتخار عارف، انور مسعود، راحت فتح سمیت ادیبوں، فنکاروں کو قومی اعزازات سے نوازا گیا

    لاہور: افتخار عارف، انور مسعود اور راحت فتح علی خان سمیت ادیبوں اور فنکاروں کو قومی اعزازات سے نوازا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق یوم پاکستان کے موقع پر ملک کے معروف شاعر افتخار عارف اور انور مسعود کو نشان امتیاز سے نوازا گیا ہے، جب کہ قوال اور گلوکار راحت فتح علی خان کو ہلالِ امتیاز دیا گیا۔

    ہدایت کار بلال لاشاری، گلوکار جاوید بشیر، اور فاخر محمود کو ستارہ امتیاز سے نوازا گیا، گلوکارہ شازیہ منظور، موسیقار ذوالفقار علی عطرے، اداکار عدنان صدیقی کو پرائیڈ آف پرفارمنس دیا گیا۔

    ادکارہ مہربانو عرف جگن کاظم اور استاد رستم فتح علی خان کو تمغہ امتیاز، چیئرمین پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر شاہد منیر کو اعلیٰ تعلیم، بہترین تعلیمی اداروں کی تشکیل میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں تمغہ امتیاز سے نوازا گیا۔ پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز کو بھی شعبہ تعلیم میں نمایاں کارکردگی دکھانے پر تمغہ امتیاز سے نوازا گیا۔

    بلوچستان

    کوئٹہ یوم پاکستان پر گورنر ہاؤس میں اعزازات دینے کی تقریب میں قائم مقام گورنر بلوچستان عبدالخالق نے اعزازات تقسیم کیے، فن و ادب کے شعبے میں عبدالکریم بریالی کو ستارہ امتیاز سے نوازا گیا، خدمات عامہ کے شعبے میں لال جان جعفر کو ستارہ امتیاز، قانون و خدمات عامہ کے شعبے میں جسٹس (ر) محمد نور مسکان زئی کو ستارہ امتیاز، خدمات عامہ کے شعبے میں ڈاکٹر مریم کو تمغہ برائے حسن کارکردگی سے نوازا گیا۔

    فن شعبہ بلوچی دستکاری میں شکر بی بی کو تمغہ برائے حسن کارکردگی، خالد باقی، محمد بالاچ شہید کو تمغہ شجاعت، ادب و تحریر کے شعبے میں ڈاکٹر عبدالصبور بلوچ کو تمغہ امتیاز، ادب و شاعری کے شعبے میں غلام قادر بزدار کو تمغہ امتیاز، خدمات عامہ کے شعبے میں بشیر احمد بنگلزئی، عبدالرؤف بلوچ اور محمد امتیاز بزدار کو تمغہ امتیاز سے نوازا گیا۔

    کراچی میں یوم پاکستان پر گورنر ہاؤس میں اعزازات دینے کی تقریب میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے اعزازات تقسیم کیے، 18 کو ستارہ امتیاز، 8 کو صدارتی تمغہ حسن کارکردگی سے نوازا گیا، 7 کو تمغہ شجاعت اور 43 افراد کو تمغہ امتیاز دیا گیا۔

    سندھ

    اداکار عدنان صدیقی، قادر بخش مٹو کو تمغہ برائے حسن کارکردگی، مفتی منیب الرحمان کو ستارہ امتیاز، عارف حبیب اور مرزا اختیار بیگ کو ستارہ امتیاز، سابق چیف سیکریٹری سندھ سہیل راجپوت کو ستارہ امتیاز، عزیز میمن کو خدمات عامہ کے شعبے میں ستارہ امتیاز، سابق آئی جی سندھ پولیس کلیم امام کو بھی ستارہ امتیاز سے نوازا گیا۔

    شعبہ طب میں نمایاں خدمات پر ڈاکٹر امجد سراج کو ستارہ امتیاز، آرٹ اور آرکیٹیکچر میں نمایاں خدمات پر ملائکہ جنید، سائرہ فرقان کو سماجی خدمات پر ستارہ امتیاز سے نوازا گیا۔

  • داخلے کے خواہش مند طلبہ و طالبات کے لیے بڑی خبر آگئی

    داخلے کے خواہش مند طلبہ و طالبات کے لیے بڑی خبر آگئی

    پنجاب میں میٹرک اور انٹر کے نتائج کا انتظار کرنے والے طلبہ و طالبات کے لیے بڑی خبر آگئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب میں پہلی مرتبہ میٹرک اور انٹر کے نتائج سے قبل فرسٹ ایئر اور تھرڈ ایئر میں داخلے کھولنے کی ہدایات جاری کر دی گئیں۔

    جاری کردی نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب میں پہلی مرتبہ سرکاری کالجز میں میٹرک اور ایف اے ایف ایس سی کے نتائج سے پہلے داخلہ کھولے جا رہے ہیں۔

    نوٹیفکیشن میں ڈی پی آئی کالجز ایجوکیشن کالجز کو فرسٹ ائیر اور تھرڈ ائیر میں داخلہ کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

    نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ فرسٹ ائیر میں داخلہ نویں جماعت اور تھرڈ ائیر میں داخلہ فرسٹ ائیر کے نتائج کے مطابق ہونگے، پہلے داخلہ کھولنے کا مقصد ذہین اور قابل طالب علموں کو سرکاری کالجز میں داخلہ دینا ہیں۔

  • ویڈیو: یونیورسٹی طالبہ نے اسسٹنٹ پروفیسر کے بال نوچ ڈالے

    ویڈیو: یونیورسٹی طالبہ نے اسسٹنٹ پروفیسر کے بال نوچ ڈالے

    لاہور: گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور میں ایک طالبہ کو پروفیسر کی جانب سے ہراساں کرنے کا مبینہ واقعہ پیش آیا ہے، جس پر طالبہ کے شدید رد عمل کی ویڈیو بھی سامنے آ گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں جی سی یونیورسٹی کی ایک طالبہ نے اسسٹنٹ پروفیسر پر حملہ کر کے ان کے بال نوچ ڈالے۔

    طالبہ نے میز پر پڑی فائلیں اٹھا کر اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد محبوب احمد کو دے ماریں، واقعے کے وقت آفس میں دیگر خواتین بھی موجود تھیں، جن میں سے ایک نے ویڈیو بنائی۔

    وائس چانسلر جی سی یونیورسٹی نے واقعے پر فوری نوٹس لے لیا ہے اور تحقیقات کے لیے کمیٹی قائم کر دی، ترجمان جی سی یونیورسٹی نے ایک بیان میں کہا کہ تحقیقاتی کمیٹی جلد ذمہ داران کا تعین کرے گی اور قصوروار کے خلاف میرٹ پر کارروائی کی جائے گی۔

  • تمباکو مصنوعات پر یکساں ٹیکس کی آئی ایم ایف کی سفارشات کا خیرمقدم

    تمباکو مصنوعات پر یکساں ٹیکس کی آئی ایم ایف کی سفارشات کا خیرمقدم

    اسلام آباد میں قائم تھنک ٹینک کیپٹل کالنگ نے ان رپورٹس کا خیر مقدم کیا ہے کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان سے مقامی اور غیر ملکی سگریٹ مینوفیکچررز دونوں پر یکساں ایکسائز ریٹ عائد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

    اجلاس میں سابق وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان کی جانب سے سگریٹ پر ٹیکسوں میں 50 فیصد اضافے کے مطالبے کو بھی سراہا گیا۔

    تھنک ٹینک نے وفاقی وزیر کے اس بیان کی توثیق کی ہے جس میں انہوں نے اس پروپیگنڈے کو بے بنیاد قرار دیا ہے کہ ٹیکسوں میں اضافے سے سگریٹ کی اسمگلنگ ہوگی جس کے نتیجے میں قومی خزانے کو نقصان پہنچے گا۔
    ایک اندازے کے مطابق پاکستان میں سگریٹ کی قیمتیں دیگر علاقائی ممالک کے مقابلے میں سب سے سستی ہیں۔

    آئی ایم ایف کی سفارشات پر رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس نے تمام گھریلو طور پر تیار کردہ سگریٹوں پر ایک سلیب میں مستقل ایکسائز ریٹ لاگو کرنے کی تجویز دی ہے، چاہے مینوفیکچرر کی اصل کچھ بھی ہو۔
    اس کا مطلب ہے کہ مقامی اور ملٹی نیشنل مینوفیکچررز کو ٹیکسوں میں کسی امتیاز کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ اس وقت سگریٹ پر دو درجوں میں ٹیکس عائد ہے جس کے نتیجے میں سگریٹ کی صنعت سے ٹیکس کی وصولی کم ہو رہی ہے۔

    مزید برآں، آئی ایم ایف نے صحت پر پڑنے والے اثرات کا حوالہ دیتے ہوئے روایتی تمباکو مصنوعات کی طرح ای سگریٹ پر بھی ٹیکس عائد کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔

    انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر حسن شہزاد نے کہا کہ یہ سفارش عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی جانب سے طے کردہ ہدایات کے عین مطابق ہے۔ انہوں نے کہا کہ دو سطحی نظام کی وجہ سے ملٹی نیشنل کمپنیاں اپنے سگریٹ کو نچلے درجے میں رکھنے میں کامیاب ہوجاتی ہیں جس کے نتیجے میں سگریٹ کی قیمتوں میں کمی واقع ہوتی ہے۔

    ان سفارشات کا مقصد سگریٹ کی مصنوعات پر مساوی ٹیکس کو یقینی بنانا ہے، قطع نظر اس کے کہ ان کا ذریعہ کچھ بھی ہو۔

    تھنک ٹینک کا کہنا ہے کہ ایک اندازے کے مطابق بین الاقوامی تمباکو کمپنیوں کے اثر و رسوخ کی وجہ سے حکومت کو 567 ارب روپے کا نقصان ہوا ہے۔

    اس میں کہا گیا ہے کہ تمباکو نوشی نے معاشرے کو جو نقصان پہنچایا ہے اس کی پیمائش کرنے کے لئے تحقیق کی کمی ہے۔ اس نقصان کا تخمینہ لگانے کے لئے کیا گیا سروے معاشیات کی طرف بہت زیادہ جھکا ہوا ہے ، لہذا معاشرے میں تمباکو نوشی کو کم کرنے کے لئے کوئی حل پیش نہیں کیا گیا ہے۔

    اسی طرح، تمباکو نوشی اور اس کے نفسیاتی اثرات کا مقابلہ کرنے کے لئے کوئی ٹھوس میڈیا حکمت عملی نہیں ہے.
    اس میں کہا گیا ہے کہ تمباکو نوشی کرنے والوں کی اکثریت تیس سال کی عمر میں ہے اور اس عمر کے گروپ کے بارے میں سوچنے کی ضرورت ہے جو پالیسیاں تشکیل دے رہے ہیں۔

    تمباکو نوشی کا مقابلہ کرنے کے لئے بنائے گئے ادارے ہم آہنگی اور بصیرت کی کمی کا شکار ہیں۔ لہذا، تیزی سے اپنی مطابقت کھو رہے ہیں. کیپیٹل کالنگ نے تمباکو کا مقابلہ کرنے کے طریقہ کار کو ازسرنو ترتیب دینے اور تمباکو کی مصنوعات پر یکساں ٹیکس کے لئے آئی ایم ایف کی سفارشات پر مکمل عمل درآمد کا مطالبہ کیا ہے۔
    واضح رہے کہ مبینہ طور پر کیپیٹل کالنگ پاکستان کا واحد آزاد تھنک ٹینک ہے جس کی رپورٹ آئی ایم ایف نے اپنی سفارشات کے ریفرنس سیکشن میں پیش کی ہے۔

  • لیور ٹرانسپلانٹ کا مریض انتقال کر گیا

    لیور ٹرانسپلانٹ کا مریض انتقال کر گیا

     پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ لاہور میں لیور ٹرانسپلانٹ کا مریض جاں بحق ہو گیا۔

    کچھ روز قبل 50 سالہ عتیق الرحمان کا لیور ٹرانسپلانٹ کیا گیا تھا۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ عتیق الرحمان آئی سی یو میں تھا۔

    جگر ٹرانسپلانٹ کا دوسرا مریض بچہ ہمدان بھی آئی سی یو میں ہے۔ 6 سالہ ہمدان کی طبیعت میں بہتری کی امید ہے۔

    انتظامیہ کے مطابق لبلبہ کے مریض 23 سالہ حسنین کو ڈسچارج کیا جاچکا ہے۔ لاہور: راولپنڈی کے عزیر بن یاسین کے عطیہ کردہ اعضاء پی کے ایل آئی میں 3 مریضوں کو لگائے گئے تھے۔

  • رمضان کیلیے اسکول کے اوقات جاری

    رمضان کیلیے اسکول کے اوقات جاری

    لاہور: اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے رمضان المبارک میں سرکاری اسکولوں کے نئے اوقات کار جاری کردیئے۔

    محکمہ تعلیم پنجاب کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اسکول صبح ساڑھے 8 بجے لگا کریں گے اور چھٹی ایک بجے ہوا کرے گی۔

    https://urdu.arynews.tv/railway-booking-timings-for-ramadan-continue/

    جمعہ کے روز سکولوں کو چھٹی ساڑھے بارہ بجے ہوا کرے گی۔

    ڈبل شفٹ میں اسکول دوپہر2 بجے لگا کریں گے اور چھٹی 5 بجے ہو گی۔ ڈبل شفٹ میں مارننگ شفٹ صبح ساڑھے 8 بجے لگا کریں گے،چھٹی ساڑھے 12 بجے ہوگی۔

  • مشترکہ پارلیمانی اجلاس کی اندرونی کہانی

    مشترکہ پارلیمانی اجلاس کی اندرونی کہانی

    حکمران اتحاد میں شامل جماعتوں کے مشترکہ پارلیمانی اجلاس کا احوال سامنے آگیا۔

    ذرائع کے مطابق پارلیمانی اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ارکان کو کل دس بجے پنجاب اسمبلی پہنچنےکی ہدایت کر دی۔

    وزیراعلی نے اراکین سے گفتگو میں کہا کہ حکومتی اتحاد کے صدر کے امیدوار آصف علی زردرای صاحب جمہوریت پر یقین رکھنےوالے ہیں ہم نے اتحادیوں سے جو وعدہ کیا وہ پورا کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ ہمارا حکومتی اتحاد ہے جو برقرار رہے گا ایک دفعہ پھر سے جمہوریت کا تسلسل چل پڑا ہے جو بہتر ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ بلال بھٹو زرداری نے اراکین کو صدارتی انتخاب میں آصف علی زرداری کو ووٹ کاسٹ کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی اتحاد صدارتی امیدوار آصف علی زرداری ہے۔

    بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آصف علی زردای کامیاب ہوکر اسی طرح آپ کا خیال رکھیں گے جیسا میرا خیال رکھتے ہیں۔