Author: حسن حفیظ

  • پاکستان میں پہلی بار لبلبے اور ایک جگر کی 2 مریضوں میں پیوند کاری

    پاکستان میں پہلی بار لبلبے اور ایک جگر کی 2 مریضوں میں پیوند کاری

    لاہور: پاکستان میں پہلی بار لبلبے اور ایک جگر کی 2 مریضوں میں پیوند کاری کا کامیاب آپریشن کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میں پہلی بار اسپلٹ لیور ٹرانسپلانٹ کا کامیاب تجربہ کیا گیا ہے، یہ آپریشن پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ لاہور میں کیا گیا، جہاں لبلبے کی پیوند کاری بھی کی گئی۔

    سپلٹ لیور ٹرانسپلانٹ میں عطیہ کردہ جگر کا ایک بڑا والا حصہ لاہور کے 50 سالہ عتیق الرحمٰن کو لگایا گیا، جب کہ دوسرا حصہ کوہاٹ کے 6 سالہ ہمدان کو لگایا گیا۔ عطیہ کردہ لبلبہ لاہور کے 23 سالہ حسنین کو لگایا گیا۔

    بتایا گیا ہے کہ راولپنڈی کے عزیر بن یاسین نے اپنے اعضاعطیہ کیے تھے، 31 سالہ عزیر نے مرنے کے بعد اپنے اعضا عطیہ کرنے کی وصیت کی تھی، عطیہ کردہ اعضا سے پی کے ایل آئی میں 3 افراد کی جان بچائی گئی۔

  • ’’آؤ پولیو کو آؤٹ کریں‘‘، ابھرتے ہوئے فاسٹ بولر محمد علی کا ویڈیو پیغام

    ’’آؤ پولیو کو آؤٹ کریں‘‘، ابھرتے ہوئے فاسٹ بولر محمد علی کا ویڈیو پیغام

    پی ایس ایل 9 میں ملتان سلطانز کے ابھرتے فاسٹ بولر پولیو محمد علی انسداد پولیو مہم میں پولیو ورکرز کے شانہ بشانہ ہو گئے ہیں اور عوام کے لیے پیغام جاری کیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ملتان سلطانز کے ابھرتے ہوئے فاسٹ بولر محمد علی جنہوں نے اپنی گھومتی ہوئی گیندوں سے ہر بیٹر کو پریشان کر رکھا ہے اور جاری پی ایس ایل 9 میں 13 کھلاڑیوں کو آؤٹ کر چکے ہیں اب موذی مرض پولیو کو پاکستان سے آؤٹ کرنے کے لیے پولیو ورکرز کے شانہ بشانہ ہو گئے ہیں۔

    ان دنوں ملک بھر میں انسداد پولیو کی قومی مہم جاری ہے۔ اس موقع پر فاسٹ بولر محمد علی نے پولیو ٹیموں کی سپورٹ میں بیان جاری کرتے ہوئے پاکستان کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ پولیو ورکرز سے تعاون کریں اور مہم کے دوران اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوائیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ ان قطروں سے محروم بچہ پولیو کا آسان شکار ہو سکتا ہے اس لیے آئیں سب مل کر پولیو کو آؤٹ کریں۔

    واضح رہے کہ ملک بھر میں جاری انسداد پولیو کی قومی مہم کا آج تیسرا روز ہے اور دو روز کے دوران ایک کروڑ 34 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا رہے ہیں۔

    یہ مہم سیوریج کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی موجودگی کے تناظر میں منعقد کی جا رہی ہے جو تین مارچ تک جاری رہے گی۔

    اس حوالے سے پنجاب پولیو پروگرام کے سربراہ خضر اقبال کا کہنا ہے کہ قومی ہیروز کی سپورٹ پولیو کے خاتمے کے لیے اہم ہے اور پولیو پروگرام اس حوالے سے پاکستانی ہیروز کا مشکور ہے۔

  • حکومت نے جان بچانے والی 146 ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا

    حکومت نے جان بچانے والی 146 ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا

    اسلام آباد: نگراں حکومت نے جان بچانے والی 146 ادویات کی قیمتیں بڑھا دیں جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔

    تفصییلات کے مطابق پاکستان فارماسسٹ لیگل فورم کی صدر نور مہر نے بتایا کہ کینسر، ویکسین اور اینٹی بائیوٹک دواؤں کی قیمتیں بڑھائی گئی ہیں۔

    حکام کا کہنا ہے کہ ڈریپ نے حکومت کو 262 ادویات کی قیمتیں بڑھانے کی سمری بھیجی تھی تاہم نگراں حکومت نے لسٹ میں شامل جان بچانے والی 146 ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کیا۔

    حکام کا بتانا ہے کہ لسٹ میں شامل 116 ادویات کی قیمتیں فارماسیوٹیکل کمپنیاں از خود بڑھائیں گی، حکومت اب صرف نیشنل اسینشل میڈیسنز لسٹ میں شامل صرف 200  ادویات کی قیمتوں پر کنٹرول رکھے گی باقی 90 ہزار ادویات پر کوئی کنٹرول نہیں ہوگا۔

    نور مہر نے کہا کہ ڈسٹریبیوٹر اور مینوفیکچرر اپنی مرضی سے  ان ادویات کی قیمتوں کا تعین کریں گے، حکومت نے گزشتہ روز ادویات کی قیمتیں ڈی ریگولیٹ کر کے فارماسیوٹیکل کمپنیوں کو قیمتیں از خود بڑھانے کی اجازت دی تھی۔

  • 5 معروف بین الاقوامی کمپنیوں کی جعلی ادویات تیار ہونے کا انکشاف

    5 معروف بین الاقوامی کمپنیوں کی جعلی ادویات تیار ہونے کا انکشاف

    اسلام آباد : پانچ معروف کمپنیوں کی جعلی ادویات تیار ہونے کے انکشاف کے بعد ڈائریکٹوریٹ آف ڈرگ کنٹرول پنجاب نے مارکیٹ سے جعلی ادویات قبضے میں لینا شروع کردیں۔

    تفصیلات کے مطابق 5 معروف کمپنیوں کی جعلی ادویات تیار ہونے کا انکشاف سامنے آیا ، جس کے بعد ڈائریکٹوریٹ آف ڈرگ کنٹرول پنجاب نے کارروائی کرتے ہوئے مارکیٹ سے جعلی ادویات قبضے میں لینا شروع کردیں۔

    ڈائریکٹوریٹ آف ڈرگ کنٹرول پنجاب نے پانچ ادویات کے مخصوص بیچ کا استعمال روکنے کا حکم دے دیا، معروف بین الاقوامی کمپنی فائزر اور گلیکسو سمتھ کلائن کی جعلی ادویات بھی تیار کی گئی۔

    ڈرگ کنٹرول پنجاب نے کہا کہ بیکٹیریل انفیکشن، ذہنی تناو کی ادویات جعلی تیار کی گئی ، ادویات کی ٹیسٹنگ کے بعد جعلی ہونے کی نشاندہی ہوئی، جعلی ادویات تیار کرنے والوں کے خلاف ایف آئی آر دے دی گئی، ڈی جی ڈرگ کنٹرول

    ڈی جی ڈرگ کنٹر کا کہنا تھا کہ جعلی ادویات تیار کرنے والوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں، جعلی ادویات تیار کر کے مخصوص بیچ نمبر بھی لگائے گئے۔

  • یکم فروری سے طلبا کے لیے اہم خبر آگئی

    یکم فروری سے طلبا کے لیے اہم خبر آگئی

    لاہور: یکم فروری سے اسکولز کے اوقات کار تبدیل کردیے گئے جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

    محکمہ اسکول کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق یکم فروری سے تمام اسکولز صبح 8:30 بجے سے دوپہر 2:30 بجے تک ہوں گے۔

    لڑکیوں کے اسکولز کے اوقات 8:15 سے 2:15 بجے تک ہوں گے۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق ڈبل شفٹ والے اسکولز میں پہلی شفٹ 7:45 سے 12:15 تک ہوگا، دوسری شفٹ میں 12:30 سے شام 5 بجے تک کلاسز ہوں گی۔

     

  • پنجاب میں نمونیہ سے مزید 13 بچے جاں بحق

    پنجاب میں نمونیہ سے مزید 13 بچے جاں بحق

    لاہور: صوبہ پنجاب میں سردی کے باعث نمونیہ سے بچوں کی اموات میں اضافہ ہو گیا ہے، روزانہ کی بنیاد میں اموات ہو رہی ہیں، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بھی مزید 13 بچے نمونیہ سے جاں بحق ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت پنجاب نے کہا ہے کہ صوبے میں نمونیہ سے مختلف اسپتالوں میں مزید تیرہ بچوں کی اموات ہوئی ہیں، لاہور شہر میں 24 گھنٹوں کے دوران نمونیہ سے ایک بچہ انتقال کر گیا۔

    محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق پنجاب میں 24 گھنٹوں کے دوران نمونیہ کے 1045 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، جب کہ صرف لاہور شہر میں رپورٹ ہونے والے نئے کیسز کی تعداد 248 ہے۔

    پنجاب میں رواں سال کے پہلے مہینے (جنوری) میں نمونیہ سے 288 اموات ہو چکی ہیں، اور 17 ہزار 248 کیسز سامنے آئے، لاہور میں رواں ماہ نمونیہ سے 57 اموات اور 3 ہزار 151 کیسز رپورٹ ہوئے۔

    کھانسی کے شربت سے متعلق خطرناک انکشاف ، ہرگز استعمال نہ کریں

    محکمہ صحت پنجاب نے ہدایت جاری کی ہے کہ والدین اپنے بچوں کو سردی سے بچائیں، اور حفاظتی ٹیکوں کا کورس لازمی مکمل کروایا جائے۔

  • نمونیہ سے بچوں کی اموات میں اضافہ، مزید 18 بچے انتقال کرگئے

    نمونیہ سے بچوں کی اموات میں اضافہ، مزید 18 بچے انتقال کرگئے

    لاہور: پنجاب میں خشک اور شدید سردی کے دوران نمونیا کی وبا پرقابو نہ پایا جاسکا 24 گھنٹے کے دوران پنجاب میں مزید  18 بچے دم توڑ گئے۔

    محکمہ صحت پنجاب کے مطابق انتقال کرنے والے 3 بچوں کا تعلق لاہور سے ہے جس کے بعد پنجاب میں جنوری کے دوران نمونیہ سے انتقال کرنے والے بچوں کی تعداد 258 ہوگئی

    محکمہ صحت کے مطابق پنجاب میں 24 گھنٹوں کے دوران 870 بچے میں نمونیہ کی تصدیق ہوئی جبکہ جنوری کے دوران پنجاب میں 14530 میں نمونیا کی تصدیق ہوئی۔

    محکمہ صحت کا مزید کہنا ہے کہ والدین اپنے بچوں کو سردی سے بچائیں، حفاظتی ٹیکوں کا کورس لازمی مکمل کروایا جائے۔

  • پنجاب میں نمونیہ سے 9 بچے جاں بحق

    پنجاب میں نمونیہ سے 9 بچے جاں بحق

    لاہور سمیت پنجاب میں نمونیہ کے مریضوں میں اضافہ ہونے لگا، 24 گھنٹوں میں مزید 9 بچوں کی اموات رپورٹ ہوئیں۔

    تفصیلات کے مطابق اسموگ اور خشک سردی میں نمونیہ اموات اور کیسز میں اضافہ جاری ہے، لاہور میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 2 بچے جاں بحق ہوئے جس کے بعد نمونیہ سے جاں بحق بچوں کی مجموعی تعداد 188 تک پہنچ گئی ہے۔

    گذشتہ چوبیس گھنٹوں میں پنجاب میں نمونیہ کے مزید 275 کیسز اور لاہور میں 155 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد لاہور میں مجموعی کیسز کی تعداد 1430 جبکہ پنجاب میں مجموعی طور پر 8140 سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

    لاہور کے اسپتالوں میں نمونیہ، چیسٹ انفیکشن اور وائرل انفیکشن کے سیکڑوں بچے زیر علاج ہیں، چلڈرن اسپتال میں 60 سے زائد بچے زیر علاج ہیں جبکہ جناح اسپتال، سروسز، جنرل اور گنگا رام ہسپتال میں بھی سیکڑوں بچے زیر علاج ہیں۔

    ذرائع کا بتانا ہے کہ عام مارکیٹ میں نمونیہ ویکسین اور ادویات عدم دستیاب ہے، ادویات کی عدم دستیابی سے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

  • ایواسٹین انجیکشن اسکینڈل کی تحقیقات 3 ماہ بعد مکمل، ڈرگ کنٹرولرز پر الزامات ثابت ہو گئے

    ایواسٹین انجیکشن اسکینڈل کی تحقیقات 3 ماہ بعد مکمل، ڈرگ کنٹرولرز پر الزامات ثابت ہو گئے

    لاہور: کچھ عرصہ قبل آنکھوں کے انجیکشن ایواسٹین سے بینائی جانے کا اسکینڈل سامنے آیا تھا، پنجاب حکومت نے ساڑھے تین ماہ بعد اسکینڈل کی تحقیقاتی رپورٹ مکمل کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق ایواسٹین انجیکشن کے استعمال سے بینائی جانے کے واقعات سامنے آنے کے بعد پنجاب حکومت نے معاملے کی تحقیق شروع کی تھی، ساڑھے تین ماہ بعد رپورٹ مکمل ہو گئی ہے، جس میں ڈرگ کنٹرولرز اور سرکاری ملازمین کے خلاف الزامات ثابت ہو گئے ہیں۔

    رپورٹ وزیر اعلیٰ پنجاب کو جمع کرا دی گئی، اور کمیٹی نے پیڈا ایکٹ کے تحت کاروائی کا آغاز کر دیا ہے، رپورٹ کے مطابق 18 ڈرگ کنٹرولرز، ڈپٹی ڈرگ کنٹرولرز، فارمسسٹ ایواسٹین انجیکشن اسکینڈل میں ملوث تھے۔

    تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایواسٹین انجیکشن کارگو کے ذریعے مختلف شہروں میں گیا، 66 افراد کی آنکھوں کے انجیکشن سے بینائی متاثر ہوئی، یہ انجیکشن جھنگ کے سرکاری، پنجاب کے 15 نجی اسپتالوں میں استعمال ہوا، اور تمام ڈرگ کنٹرولرز انجیکشن کا اپنی حدود میں استعمال روکنے میں ناکام رہے۔

    لاہور میں 5 افراد کی انجیکشن لگنے سے بینائی گئی، انجیکشن لاہور سے دوسرے شہروں میں بھی غیر قانونی طور پر منتقل ہوتا رہا، شوکت خانم اسپتال اور جینیس فارما کمپنی بغیر لائسنس انجیکشن تیار کرتی رہی، لاہور کے ڈرگ کنٹرولر اور فارمسسٹ بغیر لائسنس انجیکشن کی تیاری کو روکنے میں ناکام رہے۔

    قصور سے 5، جھنگ سے 4، رحیم یار خان سے 3، گوجرانوالہ سے 3 افراد کی بینائی گئی، خانیوال سے 6، بہاولپور سے 8، اور ملتان سے بینائی متاثر ہونے کے 19 افراد سامنے آئے، وہاڑی سے 10، شِخوپورہ، سیالکوٹ، راجن پور سے ایک ایک شہری کی بینائی گئی۔

    رپورٹ کے مطابق ملوث سرکاری ملازمین کو 7 روز میں جواب جمع کروانے کی مہلت دی گئی ہے، اگر وہ جواب جمع کروانے سے قاصر رہے تو پیڈا ایکٹ کے تحت سزائیں سنا دی جائیں گی۔

  • رنگ گورا کرنے والی کریمیں استعمال کرنے والے ہوشیار

    رنگ گورا کرنے والی کریمیں استعمال کرنے والے ہوشیار

    لاہور : رنگ گورا کرنے والی جعلی کریموں کیخلاف پنجاب میں کریک ڈاؤن کا آغاز کرتے ہوئے پچھتر غیرمعیاری کریموں کی فروخت پر پابندی بھی لگادی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق پرائمری و سکینڈری وزیر صحت ناصر جمال نے بیوٹی پارلر اور مارکیٹ میں فروخت ہونے والی جعلی کریموں کے خلاف کمر کس لی۔

    ناصر جمال کا کہنا تھا کہ متعدد بار شکایات موصول ہوئیں 75 کریموں پر پابندی لگائی ہے، راولپنڈی میں بڑے پارلرز اور باربر شاپس پر چھاپے مارے تو ان کے پاس کسی قسم کا سرٹیفکیٹ نہیں تھا۔

    وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر محمود ایاز نے بھی رنگ گورا کرنے والی جعلی کریمیں استعمال کرنے والے افراد کو وارننگ دے دی ہے۔

    محمود ایاز نے کہا کہ ایسٹھٹک کلینکس پر صرف کوالیفائیڈ پلاسٹک سرجن کھول سکے گا، تمام غیر رجسرڈ کلینس اور پارلر کو بند کرنے جارہے ہیں جبکہ معروف 24 کریموں کے نمونے منگوا کر لیباٹری بھجوا دیےگئے ہیں۔