Author: حسن حفیظ

  • لاہور: عید قرباں کے بعد معدے کی تکالیف و ڈائریا کے ہزاروں مریض اسپتال پہنچ گئے

    لاہور: عید قرباں کے بعد معدے کی تکالیف و ڈائریا کے ہزاروں مریض اسپتال پہنچ گئے

    لاہور: عید قرباں کے بعد شہریوں کی بڑی تعداد بسیار خوری کی وجہ سے مختلف اسپتالوں میں پہنچ گئی، زیادہ تر مریض معدے کی جلن، السر اور فوڈ پوائزنگ میں مبتلا ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں شہریوں کو عید کے دنوں میں بسیار خوری مہنگی پڑ گئی، ہزاروں مریض اسپتال پہنچ گئے۔ 2 دونوں میں شہر کے 7 بڑے اسپتالوں میں معدے کی تکالیف و ڈائریا کے 18 ہزار سے زائد مریضوں نے اسپتالوں کا رخ کیا۔

    لاہور کے میو اسپتال میں 33 سو، جناح اسپتال میں 3 ہزار، جنرل اسپتال میں 29 سو، سروسز اسپتال میں 26 سو اور گنگا رام اسپتال میں 23 سو اسپتال مختلف امراض کا شکار ہو کر پہنچ گئے۔

    اسی طرح شاہدرہ اسپتال میں 18 سو، گورنمنٹ میاں میر اسپتال میں 15 سو، نواز شریف اسپتال میں 13 سو اور کوٹ خواجہ سعید اسپتال میں 12 سو مریض رپورٹ ہوئے۔

    اسپتال انتظامیہ کے مطابق زیادہ تر مریض انٹریوں میں انفیکشن، معدے کی جلن، السر اور فوڈ پوائزنگ میں مبتلا ہیں، بیماریوں کی بڑی وجہ قربانی کا گوشت جلدی پکانا ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ شہری کھانوں سے لطف اندوز ہونے کے لیے بسیار خوری سے گریز کریں۔ کالے یرقان، یورک ایسڈ، گردوں، جوڑوں کے مریض اور معدے کی بیماریوں میں مبتلا مریضوں کے لیے گوشت کا زیادہ استعمال خطرناک ہوتا ہے۔

    محکمہ صحت کی جانب سے تمام اسپتالوں کو عید کے تینوں دنوں میں ہائی الرٹ کیا گیا تھا، تمام اسپتالوں کے ایم ایس کو ایمرجنسی میں ڈاکٹرز و دیگر عملے کی دستیابی کو ممکن بنانے کی ہدایات بھی جاری کردی گئی ہیں۔

    محکمہ صحت نے جان بچانے والی ادویات اور ڈراپس کا وافر اسٹاک رکھنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

  • میو اسپتال میں آتشزدگی، مریضوں کو جان کے لالے پڑگئے

    میو اسپتال میں آتشزدگی، مریضوں کو جان کے لالے پڑگئے

    لاہور: لاہور کے میو اسپتال میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا ہے، آتشزدگی کے باعث مریض وارڈ میں پھنس گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق آگ میو اسپتال کے تیسری منزل پر واقع آرتھو وارڈ میں لگی، جس کے نتیجے میں وارڈ میں دھواں بھر گیا اور متعدد مریض وارڈ میں پھنس گئے۔

    ایم ایس میو اسپتال کے مطابق آرتھو وارڈ سے ملحقہ دوسرے وارڈ سے بھی مریضوں کو باہر نکالا جارہا ہے، ریسکیو کی پانچ گاڑیاں آگ بجھانے میں مصروف عمل ہیں، فوری طور پر آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے۔

    ایم ایس میواسپتال نے میڈیا کو بتایا کہ ریسکیو ٹیموں کی بروقت اقدامات کے باعث آرتھو وارڈ پر لگی آگ پر قابو پالیا گیا ہے اور تمام مریضوں کو بحفاظت باہر نکالا گیا، مریضوں کو ریسکیو کرتے وقت کچھ مشکلات پیش آئی، کئی مریضوں کو تو وارڈ کا دروازہ توڑ کر باہر نکالا گیا۔

    یہ بھی پڑھیں: ‏لاہور: میو اسپتال کی لفٹ نے معصوم بچے کی جان لے لی

    دوسری جانب سیکریٹری صحت پنجاب نے میواسپتال میں آگ لگنےکے واقعے کی فوری رپورٹ طلب کرلی ہے، سیکریٹری صحت نے ہدایت دی کہ مریضوں کو محفوظ جگہ پر پہنچا کر بہترین طبی سہولتیں دی جائیں، طبی سہولتوں کی فراہمی میں غفلت برداشت نہیں کی جائیگی۔

  • معروف سرجن پروفیسر کا ایک اور کارنامہ، خاتون کو نئی زندگی مل گئی

    معروف سرجن پروفیسر کا ایک اور کارنامہ، خاتون کو نئی زندگی مل گئی

    لاہور: ہیں وہی لوگ جہاں اچھے آتے ہیں جو کام دوسروں کے، سرجن نے چودہ سال سے بستر پر پڑی مریضہ کی مفت سرجری کرتے ہوئے انسانی ہمدردی کی اعلیٰ مثال قائم کردی۔

    تفصیلات کے مطابق سرجن پروفیسر معاذ الحسن نے دو سو کلو گرام وزن رکھنے والی غریب خاتون کی مفت سرجری کردی، پینسٹھ سالہ رشیدہ نامی بزرگ خاتون چودہ سال سے وزن میں زیادتی کے باعث بستر پر پڑی تھی۔

    سرجن پروفیسر معاذ الحسن نے بتایا کہ سرجن پروفیسر معاذ الحسن نے غریب خاتون کی مفت سرجری کردی گئی ہے، جس کے بعد اب وہ چلنے پھرنے کے قابل ہوجائیں گی اور ان کا وزن دو سو سے کم ہوکر ایک سو دس کلو ہوجائے گا۔

    انسانی ہمدردی کی اعلیٰ مثال قائم کرنے والے سرجن پروفیسر معاذ الحسن نے بتایا کہ بیریاٹرک سرجری پر بیس لاکھ روپے کا خرچ آتا ہے، معاذالحسن کا کہنا تھا کہ کسی اذیت میں مبتلا شخص کی مدد کرنا ہم ڈاکٹرز کا فرض ہے۔

    رشیدہ بی بی نے بتایا کہ میں ایک اسکول ٹیچر تھی جب مجھے موٹاپے کا مرض لاحق ہوا، میں گذشتہ چودہ سال سے بستر پر اذیت بھری زندگی گزار رہی تھی، سرجن پروفیسر معاذ الحسن میرے لئے فرشتہ بن کر آئے، ڈاکٹر معاذ نے میری سرجری کے تمام تر اخراجات برداشت کئے، جس پر میں ان کے بے حد شکر گزار ہوں۔

    ڈاکٹر معاذ الحسن اس سے قبل بھی اس طرح کے متعدد آپریشن کرچکے ہیں جو کامیاب رہے ہیں

     

  • لاہور میں چھینے گئے حل شدہ امتحانی پرچوں کو آگ لگانے کی ویڈیو سامنے آ گئی

    لاہور میں چھینے گئے حل شدہ امتحانی پرچوں کو آگ لگانے کی ویڈیو سامنے آ گئی

    لاہور: لاہور کے علاقے کاہنہ نو امتحانی سینٹر کے سپرنٹنڈنٹ سے انٹرمیڈیٹ کے حل شدہ پرچے چھین کر آگ لگائے جانے کے واقعے کی ویڈیو منظر عام پر آ گئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور کے علاقے کاہنہ نو کے امتحانی مرکز کے سپرنٹنڈنٹ انٹرمیڈیٹ کے حل شدہ پرچے بینک میں جمع کرانے جا رہے تھے، کہ راستے میں حملہ آوروں نے ان سے پرچے چھین کر انھیں نذر آتش کر دیا۔

    اس واقعے کی ویڈیو فوٹیج سامنے آ گئی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزمان نے سپرنٹنڈنٹ کی موٹر سائیکل کو بھی آگ لگائی ہے، جب کہ ادھ جلے پرچے فٹ پاتھ پر بکھرے پڑے ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق ملزمان پرچے چھین کر انھیں آگ لگانے کے بعد موقع سے فرار ہو گئے تھے، جن کی گرفتاری کے لیے پولیس نے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔

    نذر آتش ہونے والے پرچوں کو سپرنٹنڈنٹ مایوسی کے ساتھ بچانے کی کوشش بھی کرتے نظر آتے ہیں، انھوں نے ہاتھ سے آگ بجھانے کی کوشش کی، اور پرچوں کو مکمل جلنے سے بچایا۔

    صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے چیئرمین لاہور بورڈ کو واقعے کی فوری رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

  • لاہورمیں بھارتی وائرس ڈیلٹا کا خطرہ بڑھ گیا، 12 کیس رپورٹ

    لاہورمیں بھارتی وائرس ڈیلٹا کا خطرہ بڑھ گیا، 12 کیس رپورٹ

    لاہور : پنجاب کے دارلحکومت لاہور میں بھارتی ڈیلٹا وائرس کے 12 کیسز سامنے آگئے ، سیکرٹری صحت کا کہنا ہے کہ بھارتی وائرس کی روک تھام کیلئے اقدامات کیے جارہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت پنجاب نے لاہور میں بھارتی ڈیلٹا وائرس کے 12 کیسز کی تصدیق کردی ، سیکرٹری صحت نے بتایا کہ 2 روز قبل28 مشتبہ نمونے لیے گئے تھے ، 28 مشتبہ نمونےمیو،سروسز،جناح اسپتال کےمریضوں سے لیے گئے۔

    سیکرٹری صحت کا کہنا تھا کہ بھارتی وائرس کی روک تھام کیلئے اقدامات کیےجارہےہیں، بھارتی وائرس کا پھیلاؤ دوسرے وائرس سے 50 فیصد زیادہ ہے۔

    خیال رہے پنجاب میں کورونا وائرس کے کیسز میں نمایاں اضافہ ہورہا ہے ، محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ صرف ویکسینیشن ہی کورونا اور اس کی نئی قسم (ڈیلٹا) ویرینٹ کے خلاف واحد اور موثر علاج ہے۔

    محکمہ صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر سے 415 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ، جس کے بعد پنجاب بھر میں کرونا کے کیسز کی ٹوٹل تعداد 349,890 ہو گئی۔

    گزشتہ روز صوبہ بھر کے تمام شہروں میں کرونا کی مجموعی مثبت شرح 2.3 ریکارڈ کی گئی، صوبائی دارالحکومت لاہور میں مثبت شرح 3.6، فیصل آباد میں2.0، بہاولپور میں 1.1 اور ملتان میں 1.4 ریکارڈ کی گئی۔

    واضح رہے پاکستان میں کورونا کی چوتھی لہرمیں شدت آنے لگی ہے اور ملک میں کورونا مثبت کیسزکی شرح ساڑھے پانچ فیصد سے زیادہ رہی۔

    چوبیس گھنٹے میں کورونا کے دوہزارسات سوتراسی مثبت آئے اور مزید انتالیس مریض انتقال کرگئے۔

  • ملالہ کی تصویر بغیراین اوسی کتاب میں شامل کرنے پر آکسفورڈ پریس کو شوکاز جاری

    ملالہ کی تصویر بغیراین اوسی کتاب میں شامل کرنے پر آکسفورڈ پریس کو شوکاز جاری

    لاہور : پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ نے ملالہ کی تصویر بغیر این اوسی کتاب میں شامل کرنے پرآکسفورڈ پریس کو شوکازجاری کرتے ہوئے 7 روز میں جواب جمع کرانے کی مہلت دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ نے ملالہ کی تصویر بغیر این اوسی کتاب میں شامل کرنے پرآکسفورڈ پریس کو شوکازجاری کردیا۔

    نوٹس میں کہا گیا ہے کہ بغیراین اوسی ملالہ کی تصویرساتویں جماعت کی کتاب میں شائع کی گئی ، آکسفورڈپریس کو7روزمیں جواب جمع کرانے کی مہلت دی ہے۔

    ٹیکسٹ بک بورڈ کا کہنا ہے کہ کتاب کاسارااسٹاک لاہورکی کتاب مارکیٹ سے اٹھالیا گیا ہے۔

    وزیر تعلیم پنجاب مراد راس نے کتاب میں ملالہ کی تصویر کے حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ کتاب آکسفوڈ پبلشر کی جانب سے شائع کی گئی تھی، جس کا این او سی کبھی پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈسےکیاہی نہیں گیا، این اوسی نہ لیناقانون کی خلاف ورزی ہے۔

  • محکمہ خصوصی تعلیم کا منفرد اقدام

    محکمہ خصوصی تعلیم کا منفرد اقدام

    لاہور: محکمہ خصوصی تعلیم پنجاب اب ‘خصوصی تعلیم’ کے بارے میں آگاہی پھیلانے کے لیے بسوں کا استعمال کرے گا، اس حوالے سے تصاویر بھی جاری کردی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب میں خصوصی بچوں کے لیے بسوں پر محکمہ کے اقدامات کی تشہیر کے لیے ڈیزائن تیار کیے گئے ہیں۔ بسوں پر خصوصی طور پر ہیلپ لائن نمبر آویزاں ہیں۔

    گزشتہ برس خصوصی بچوں کے لیے 52 بسیں خریدی گئیں تھی۔ بچوں کی نگرانی اور حفاظت کو مد نظر رکھتے ہوئے بسوں میں سی سی ٹی وی کیمرے بھی نسب کے گئے ہیں، بسوں کو مختلف رنگوں میں ڈیزائن کیا گیا ہے۔

    محکمہ خصوصی تعلیم اپنے اداروں میں داخلوں کے تناسب کو دوگنا کرنے کے ہدف کے ساتھ کام کر رہا ہے۔

    وزیر خصوصی تعلیم پنجاب چوہدری اخلاق کا کہنا ہے کہ گزشتہ دور حکومت میں خصوصی تعلیم پر توجہ کا فقدان رہا، خصوصی بچوں کی بسوں پر محکمہ کی تشہیر کے لیے مختلف پیغامات لکھے جائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ پنجاب میں خصوصی بچوں کی تعلیم و تربیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

  • لاہور، کنگا رام اسپتال میں پہلی بار کامیاب آپریشن، تین بچوں‌ کو بینائی مل گئی

    لاہور، کنگا رام اسپتال میں پہلی بار کامیاب آپریشن، تین بچوں‌ کو بینائی مل گئی

    لاہور کے گنگا رام اسپتال میں ڈاکٹرز نے آنکھوں کا انتہائی پیچیدہ آپریشن کامیاب سے مکمل کیا، جس کے بعد تین نابینا بچوں کو بینائی مل گئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور کے کنگا رام اسپتال میں چودہ، 17 اور بیس سال کی عمر کے تین نابینا بچوں کی آنکھوں کا کارنیا آپریشن کامیابی کے ساتھ کیا گیا۔

    اس حوالے سے ایک ٹیم تشکیل دی گئی تھی، جس کی سربراہی ماہرِ امراضِ چشم پروفیسر ہما کیانی نے کی۔ انہوں نے بتایا کہ امریکا نے تین کارنیا سر گنگارام اسپتال کے شعبہ چشم کو عطیہ کی تھیں، جو ان بچوں کو لگائیں گئیں۔

    انہوں نے بتایا کہ گنگارام  اسپتال میں پہلی بار کارنیا کا کامیاب آپریشن کیا گیا، جس میں تین نابینا بچوں کو مل گئی۔

    پروفیسر ہما کیانی کے مطابق حق دار افراد کے کارنیا کے مفت  آپریشن کیے گئے ہیں، بینائی ملنے والے بچوں کی عمریں 14, 17 اور 20 سال ہیں۔

    قوتِ بصارت بحال ہونے پر متاثرہ بچوں اور اہل خانہ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، جس پر انہوں نے اللہ کے حضور سجدہ شکر کیا جبکہ ڈاکٹرز کا بھی شکریہ ادا کیا۔

  • غیرقانونی دوا ساز کمپنیوں کے خلاف گرینڈ کریک ڈاؤن کا فیصلہ

    غیرقانونی دوا ساز کمپنیوں کے خلاف گرینڈ کریک ڈاؤن کا فیصلہ

    لاہور : پنجاب میں غیرقانونی دوا ساز کمپنیوں کے خلاف گرینڈ کریک ڈاؤن کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا گیا کہ صوبے میں غیر رجسٹرڈ دواساز کمپنیاں اب نہیں چلیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب میں غیرقانونی دوا ساز کمپنیوں کے خلاف گرینڈ کریک ڈاؤن کا فیصلہ کرتے ہوئے غیر رجسٹرڈ دوا بنانے اور سپلائی کمپنیوں کے خلاف سخت آپریشن کے احکامات جاری کردیئے گئے۔

    چیف ڈرگ کنٹرولرنےتمام ڈرگ انسپکٹرز کو ہدایات دے دیں ، جس میں کہا ہے کہ ڈرگ انسپکٹرزکارروائی کرکےرپورٹ پیش کریں اور غیرقانونی دوا بنانے والے یونٹس بند کرنے کی رپورٹ14روز میں جمع کرائیں۔

    یاد رہے مئی میں ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے کراچی میں کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر اسٹاک کیا گیا ادویات کا خام مال بھاری مقدار میں برآمد کیا تھا، جسے ادویات کی غیر قانونی تیاری میں استعمال کیا جانا تھا۔

    ڈریپ کی جانب سے جعلی ادویات کے خلاف یہ بہت بڑی کارروائی تھی، جس میں ملک کی مشہور دوا ساز کمپنیوں کے ملوث ہونے کا امکان ظاہر کیا جارہا تھا۔

  • محکمہ صحت پنجاب کو موڈرنا ویکسین کی 3 لاکھ ڈوز موصول

    محکمہ صحت پنجاب کو موڈرنا ویکسین کی 3 لاکھ ڈوز موصول

    لاہور : محکمہ صحت پنجاب کو موڈرنا ویکسین کی 3 لاکھ ڈوز موصول ہوگئی، بیرون ملک سفر کرنے والوں کو موڈرنا ویکسین لگائی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت پنجاب کو اسلام آباد سے موڈرنا ویکسین کی 3 لاکھ ڈوز موصول ہوگئی ، بیرون ملک سفر کرنیوالوں کی سہولت کےلیے موڈرنا ویکسین متعارف کرائی گئی ہے۔

    محکمہ صحت پنجاب کا کہنا ہے کہ موڈرنا ویکسین فوری 14 اضلاع کو بھجوائی جا رہی ہے، بیرون ملک سفرکرنےوالوں کوموڈرنا ویکسین لگائی جائے گی۔

    یاد رہے ملک میں موڈرناویکسین لگانے کاآغاز 5جولائی سے ہو گا، موڈرناویکسین کی ملک گیر تقسیم آخری مراحل میں داخل ہوگئی ہے ، ویکسین کی تقسیم آج مکمل ہوجائے گی۔

    ذرائع نے بتایا کہ دوسرے فیز میں صوبوں کو حسب ضرورت ویکسین فراہم کی جائے گی ، موڈرنا کورونا ویکسین 16بڑے شہروں اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ ، فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ، سوات، حیدرآباد ، مظفرآباد، میرپور اور گلگت میں دستیاب ہو گی۔

    خیال رہے موڈرناویکسین کی 25 لاکھ ڈوزگزشتہ روزاسلام آبادپہنچائی گئی تھیں ، پاکستان کوموڈرناکوروناویکسین کوویکس پلیٹ فارم سےملی ہیں ، وزارت قومی صحت موڈرناویکسین کےاستعمال کی گائیڈ لائنزجاری کر چکی ہے۔