Author: حسن حفیظ

  • پنجاب میں ویکسینیشن سینٹرز میں اضافہ، عملے کی تعداد دگنی

    پنجاب میں ویکسینیشن سینٹرز میں اضافہ، عملے کی تعداد دگنی

    وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ صوبے بھر میں ویکسینیشن سنٹرزکی تعداد ‏کو بڑھایا جا رہا ہے اور عملے کی تعداد کو دگنا کیا جارہا ہے۔

    ایک بیان میں ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر 80ہزار افرادکی ویکسینیشن کی ‏جارہی ہےاب ہمارے سسٹم میں نجی سیکٹرکے40 وینٹی لیٹرز اور 400 بستروں کا اضافہ ہوگیاہے۔

    ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا کہ پنجاب بھرمیں کوروناکے تدارک کیلئے تمام ادارے مشترکہ کوششیں ‏کررہے ہیں اور کورونا کے مثبت کیسزکی شرح میں اضافہ والے شہروں میں مزیدپابندیاں عائد کی ‏جائیں گی۔ ‏‎ ‎

    ان کا کہنا تھا کہ کورونامریضوں کے علاج معالجہ کیلئے سرکاری ہسپتالوں کی صلاحیت کو بڑھا دیا ‏گیا ہے جب کہ عوام کی سہولت کی خاطرویکسینیشن سنٹرزپرعملہ کی تعدادکو دگنا کیا جا رہا ‏ہے۔

    صوبائی وزیر نے کہا کہ این سی اوسی کی ہدایات کے مطابق صوبہ بھرمیں ایس اوپیز پر مکمل ‏عملدرآمد کروایا اور ویکسینیشن کی تعداد کو بڑھا دیا گیا ہے، عوام کی صحت اور زندگیوں ‏کا تحفظ اولین ترجیح ہے، مشکل گھڑی میں عوام کے لئے سہولیات پیداکی جارہی ہیں۔

  • پنجاب میں کورونا سے اموات میں واضح کمی

    پنجاب میں کورونا سے اموات میں واضح کمی

    اسلام آباد : پنجاب میں کورونا وائرس سے مزید 22 مریض جان کی بازی ہار گئے جبکہ 2040 نئے کیسز سامنے آئے ، جس کے بعد اموات کی کل تعداد 8572 ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب میں کورونا سے اموات میں واضح کمی دیکھنے میں آئی ، محکمہ صحت پنجاب کا کہنا ہے کہ صوبے میں مزید 22 اموات ہوئیں ، جس کے بعد اموات کی کل تعداد 8572 ہو گئی۔

    ترجمان محکمہ صحت نے بتایا کہ لاہور میں مزید 8 ہلاکتیں ریکارڈ کی گئیں، جس کے بعد شہر میں اموات کی کل تعداد 3521 ہو گئی۔

    پنجاب میں کورونا وائرس کے 2040 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ، جس سے صوبے میں کورونا وائرس کے کنفرم مریضوں کی تعداد 306,929 ہو گئی، سب سے زیادہ لاہور میں 1049 کیسز سامنے آئے۔

    اعدادو شمار کے مطابق ننکانہ 53، قصور 12، شیخوپورہ 23، راولپنڈی 94، جہلم 2، اٹک 1، چکوال 20، مظفرگڑھ 8، حافظ آباد 17 اور گوجرانوالہ 32، سیالکوٹ 5، نارووال 5، گجرات 30، منڈی بہاؤالدین 21، ملتان 92، خانیوال 15 کیسز رپورٹ ہوئے۔

    اسی طرح راجن پور 3، لیہ 1، ڈیرہ غازی خان 18 اور وہاڑی میں 50 ، فیصل آباد 139، چنیوٹ 24، ٹوبہ ٹیک سنگھ 11، جھنگ 26 اور رحیم یار خان میں 11
    ، سرگودھا 22، میانوالی 16، خوشاب 34، بہاولنگر 6، بہاولپور 44، لودھراں 7 ، بھکر 35، ساہیوال 59، پاکپتن 5 اوراوکاڑہ میں 50 کیس سامنے آئے۔

  • لاہور کے  سرکاری اسپتالوں میں وینٹی لیٹرز کا حصول مشکل

    لاہور کے سرکاری اسپتالوں میں وینٹی لیٹرز کا حصول مشکل

    لاہور : پنجاب میں کوروناکےلئےمختص8 سرکاری اسپتالوں میں وینٹی لیٹرزکاحصول مشکل ہوگیا ، مجموعی طورپراسپتالوں میں سواکروڑ کی آبادی والے شہر میں 16 وینٹی لیٹرز خالی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے تمام سرکاری اسپتالوں کےوینٹی لیٹرز96فیصد زیراستعمال میں ہونے کے باعث کوروناکےلئےمختص8 سرکاری اسپتالوں میں وینٹی لیٹرزکاحصول مشکل ہوگیا ہے۔

    اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ میو اسپتال کے 84 وینٹی لیٹرپر80 تشویشناک مریض زیرعلاج ہیں جبکہ سروسزاسپتال میں کوروناکےمختص32وینٹی لیٹرزپرمریض موجود ہیں۔

    انتظامیہ کے مطابق گورنمنٹ نوازشریف اسپتال یکی گیٹ کودیے گئے10 وینٹی لیٹرز ، پی کےایل کےلئےمختص 8 وینٹی لیٹرزبھی تا حال زیر استعمال ہیں جبکہ کوٹ خواجہ سعیداسپتال میں مختص تینوں وینٹی لیٹرزپرمریض موجود ہیں۔

    اسی طرح جنرل اسپتال میں30وینٹی لیٹرزپر28 مریض ، جناح اسپتال کے40 وینٹی لیٹرزپر33 مریض اور گنگارام اسپتال کے20 وینٹی لیٹرزپرکورونا متاثرہ 16 خواتین زیرعلاج ہیں۔

    مجموعی طورپراسپتالوں میں سواکروڑ کی آبادی والے شہر میں 16 وینٹی لیٹرز خالی ہیں، جس کے باعث لوگوں کو وینٹی لیٹرز کے حصول مشکلات کا سامنا ہے۔

    دوسری جانب لاہورکے6بڑے اسپتالوں میں آکسیجن کااسٹاک16سے24 گھنٹے کا باقی رہ گیا ہے ، ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ جناح اسپتال لاہور میں 10ہزار لیٹرآکسیجن ٹینک نصب کردیا گیا ہے ، اب آکسیجن کی صلاحیت20ہزارلیٹرتک پہنچ گئی ہے، جناح اسپتال میں کورونامریضوں کیلئےآکسیجن کامسئلہ نہیں ہوگا۔

    ایم ایس جناح کا کہنا ہے کہ آکسیجن کی مقررہ مقدارکم ہونےسے آکسیجن پریشرمتاثرہوتاہے، آکسیجن کااستعمال معمول سے5 گناہ زیادہ ہورہاہے، ہر 18گھنٹے بعد آکسیجن سپلائی کی ضرورت ہوتی ہے۔

  • پنجاب میں کورونا بے قابو ، ایک دن میں مزید 83 اموات، 2296 نئے کیسز رپورٹ

    پنجاب میں کورونا بے قابو ، ایک دن میں مزید 83 اموات، 2296 نئے کیسز رپورٹ

    لاہور : پنجاب میں کورونا سے اموات کا سلسلہ جاری ہے ، ایک دن میں مزید 83 افراد جان کی بازی ہار گئے اور 2296 نئےکیسز رپورٹ ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب میں کورونا کی صورتحال روز بروز بگڑتی جارہی ہے، پرائمری اینڈسیکنڈری ہیلتھ کیئر کا کہنا ہے کہ پنجاب میں کوروناوائرس کے 2296 نئےکیسز سامنے آئے ، جس کے بعد صوبے میں کورونا مریضوں کی تعداد 301،114 ہو گئی، سب سے زیادہ لاہورمیں 1086 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں کورونا وائرس سےمزید83 مریض انتقال کرگئے، جس سے کورونا سےانتقال کرنیوالوں کی تعداد8410ہوگئی، صوبے میں 83 اموات میں 30 لاہور میں ہوئی، اور لاہور میں تعداد3458 تک پہنچ گئی۔

    یاد رہے پاکستان میں کورونا کی تیسری لہر خطرناک صورتحال اختیار کرتی جارہی ہے ، گزشتہ 24 گھنٹوں میں ایک سو اکتیس مریض جاں بحق ہوئے جبکہ مثبت آنے والے کیسز کی تعداد 5 ہزار 112 رہی، جس کے بعد آج ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 10.41 فی صد رہی۔

    مجموعی اموات کی تعداد 17 ہزار 811 ہو گئی ہے، جب کہ مجموعی کیسز کی تعداد 8 لاکھ 20 ہزار 823 ہو گئی، جن میں سے 7 لاکھ 11 ہزار 465 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

    این سی او سی کے مطابق تشویش ناک مریضوں کی تعداد 5 ہزار 360 ہے، جب کہ ملک میں فعال کیسز کی تعداد 91 ہزار 547 تک پہنچ گئی ہے۔

  • اے لیولز کے پرچے انٹرنیٹ‌ پر لیک، امتحانات منسوخ‌ نہ کرنے پر مزید مواد شیئر کرنے کی دھمکی

    اے لیولز کے پرچے انٹرنیٹ‌ پر لیک، امتحانات منسوخ‌ نہ کرنے پر مزید مواد شیئر کرنے کی دھمکی

    لاہور:  انٹرنیٹ پر نامعلوم شخص نے اے لیولز سیکنڈ ایئرز کے پیپرز لیک کرتے ہوئے دھمکی دی ہے کہ اگر امتحانات منسوخ نہ کیے گئے تو وہ مزید مواد بھی شیئر کردے گا، طلبہ کے مطابق امتحان میں پرچہ بھی بالکل ویسا ہی آیا تھا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق سوشل میڈیا پر اے لیولز سیکنڈ ائیر کے  پیپرز لیک ہونے کا انکشاف ہوا ہے، نامعلوم شخص نے سوشل میڈیا پر اے لیولز سیکنڈ ائیر کے پیپر اردو پی 2 اور اردو پی 4 کے مضامین لیک کردئیے۔

    مبینہ طور پر نقل مافیا سے تعلق رکھنے والے نامعلوم شخص نے انسٹاگرام پر ”کیمبرج ٹیکن ڈاون” کے نام سے اکاؤنٹ بنایا ہوا ہے، جہاں پر وہ پرچوں کا مواد پہلے سے ہی لیک کردیتا ہے۔

    مذکورہ شخص نے اگلا پرچہ بھی سوشل میڈیا پر لیک کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے دھمکی دی کہ ’اگر برٹش کونسل اور کیمبرج بورڈ نے امتحانات منسوخ نہیں کیے تو وہ وہ سارے پیپرز لیک کردے گا، جس کے بعد بورڈ کو  امتحانات منسوخ کرنا پڑیں گےُ۔

    انٹرنیٹ پر پرچے لیک کرنے والا نامعلوم شخص برٹش کونسل اور کیمبرج بورڈ کو چیلنج بھی کر رہا ہے۔

    امتحان دینے والے اے لیوز کے طلبہ نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ’سوشل میڈیا پر جاری پرچے میں جو مضامین بتائے گئے تھے، امتحان میں وہی سب کچھ آیا‘۔

  • لاہورمیں کورونا کی بدتر صورتحال،  آکسیجن بیڈز پر درجنوں تشویشناک مریض وینٹی لیٹرز کے منتظر

    لاہورمیں کورونا کی بدتر صورتحال، آکسیجن بیڈز پر درجنوں تشویشناک مریض وینٹی لیٹرز کے منتظر

    لاہور : شہر کے تمام سرکاری اسپتالوں کے وینٹی لیٹرز 96 فیصد بھر گئے ، جس کے باعث آکسیجن بیڈز پر درجنوں تشویشناک مریض وینٹی لیٹرز کے منتظر ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں کورونا کی ابتر صورتحال ہوتی جارہی ہے ، لاہور کے تمام سرکاری اسپتالوں کے وینٹی لیٹرز 96 فیصد استعمال میں ہیں ، جس کے باعث شہر میں کورونا کے لئے مختص کئے گئے 8 سرکاری اسپتالوں میں وینٹی لیٹرز کا حصول مشکل ہو گیا ہے۔

    میو اسپتال کے 84 وینٹی لیٹر پر 81 تشویشناک مریض زیرعلاج ہیں اور سروسز اسپتال میں کورونا کے مختص 32 وینٹی لیٹرز پر بھی مریض موجود ہیں جبکہ گورنمنٹ نواز شریف اسپتال یکی گیٹ کو دیئے گئے 10 وینٹی لیٹرز اورپی کے ایل کے لئے مختص کئے گئے 8 وینٹی لیٹرز بھی تا حال زیر استعمال ہیں۔

    کوٹ خواجہ سعید اسپتال میں مختص کئے گئے تینوں وینٹیلیٹرز پر مریض موجود ہیں جبکہ جنرل اسپتال میں 30 وینںٹی لیٹر پر 25 مریض اور جناح اسپتال کے 40 وینٹی لیٹرز پر 33 مریض زیر علاج ہیں۔

    اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ گنگارام اسپتال کے 20 وینٹی لیٹرز پر کورونا سے متاثرہ 15 خواتین زیر علاج ہیں، مجموعی طور پر تمام سرکاری اسپتالوں میں سوا کروڑ کی آبادی والے شہر میں 18 وینٹیلیٹر خالی ہیں ، جس کی وجہ سے آکسیجن بیڈز پر درجنوں تشویشناک مریض وینٹی لیٹرز کے منتظر ہیں۔

    وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ اسپتالوں میں مزید وینٹی لیٹرز بھیجوا رہے ہیں۔

  • آکسیجن سیلنڈرز اور ایمرجنسی آلات، پنجاب حکومت کے احکامات جاری

    آکسیجن سیلنڈرز اور ایمرجنسی آلات، پنجاب حکومت کے احکامات جاری

    پنجاب حکومت نے آکسیجن سیلنڈرز اور ایمرجنسی آلات کی ذخیرہ اندوزی اور منافع خوروں کے ‏خلاف کارروائی فیصلہ کیا ہے۔

    اس حوالے سے سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر سارہ اسلم نے نوٹیفیکیشن جاری ‏کر دیا ہے جس کے مطابق آکسیجن سلنڈرز، آکسی میٹرز ،آکسیجن ریگولیٹر، نیزل کینولا اور دیگر ‏ایمرجنسی آلات کی ذخیرہ اندوزی کرنا قانوناً جرم ہو گا۔

    نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ ایمرجنسی آلات پر منافع کمانے والوں اور ذخیرہ کرنے والوں کے ‏خلاف قانونی طور پر کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

    تمام اسپتالوں میں کورونا کے مریضوں کے لیے ایمرجنسی آلات کی فراہمی کے لیے خاطر خواہ ‏اقدامات کیے گئے ہیں۔ ان احکامات کا اطلاق اگلے 2 مہینے تک رہےگا، نوٹیفیکیشن

    عوام سے درخواست کی گئی ہے کہ اگر کوئی ایسی غیر قانونی کاروائی دیکھیں تو فوراً 1033 پر ‏رابطہ کریں یا قانون نافذ کرنے والے اداروں کو رپورٹ کریں جب کہ وباء کے ان خطرناک دنوں میں ‏اپنے ہم وطنوں کو آکسیجن سلنڈرز اور دیگر ایمرجنسی آلات رضاکارانہ طور پر فراہم کرکے ‏حکومت کا ساتھ دیں۔

  • پنجاب کے تمام اسکولز بند کرنے سے متعلق نیا حکم جاری ‏

    پنجاب کے تمام اسکولز بند کرنے سے متعلق نیا حکم جاری ‏

    پنجاب حکومت نے صوبے کے تمام سرکاری و نجی اسکولز بند کرنے کے احکامات جاری کردیے۔

    محکمہ تعلیم نے اسکولز بند رکھنے کا نوٹفیکیشن جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے بھر میں عید ‏تک اسکولز بند رکھے جائیں گے۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق اسکولز بند کرنے کا فیصلہ کورونا کی تشویشناک صورتحال کے پیش نظر کیا ‏گیا۔اس سے قبل پنجاب کے صرف 25 اضلاع میں اسکولز بند کئے گئے تھے۔

    قبل ازیں اسلام آباد میں ڈاکٹر فیصل سلطان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر تعلیم شفقت ‏محمود نے کہا کہ کرونا کی بگڑتی صورت حال کے پیش نظر پندرہ جون تک تمام امتحانات ملتوی ‏کردئیے گئے ہیں،اب او لیول کے امتحانات اکتوبر اور نومبر میں ہوں گے۔

    پریس کانفرنس میں وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے بتایا کہ جن طلبا کا سال ضائع ‏ہونےکاخدشہ ہے وہ اسی ڈیٹ شیٹ پرامتحان دے سکیں گے، اس حوالے سے کیمبرج انتطامیہ سے ‏بات چیت ہوئی ہے، کمیبرج نےکہا ہے کہ اکتوبر نومبر میں امتحانات پر اضافی فیس نہیں ہوگی، جو ‏بچے امتحان دینگے وہ سخت ایس اوپیز کےساتھ ہونگے، اگر کہیں امتحان ہوئے تو 50سےزیادہ ‏بچے نہ ہوں۔

  • پنجاب میں انتہائی سنگین صورتحال، کورونا سے ایک ہی دن میں ابتک کی سب سے زیادہ اموات ریکارڈ

    پنجاب میں انتہائی سنگین صورتحال، کورونا سے ایک ہی دن میں ابتک کی سب سے زیادہ اموات ریکارڈ

    لاہور : پنجاب میں کورونا سے ایک ہی دن میں ابتک کی سب سے زیادہ اموات ریکارڈ کی گئیں ، 24 گھنٹوں میں 107 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب میں کورونا کی صورتحال بد سے بدتر ہوتی جارہی ہے ، محکمہ صحت پنجاب کا کہنا ہے کہ پنجاب میں کورونا وائرس سے ایک دن میں 107 افراد جاں بحق ہو گئے، جس کے بعد کورونا وائرس سے اموات کی کل تعداد 8097 ہوگئی۔

    ایک دن میں پنجاب میں کورونا وائرس کے 2680 نئے کیسز سامنے آئے اور کورونا وائرس کے کنفرم مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 93 ہزار 468 ہو گئی، لاہور میں 1306 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے۔

    اعدادو شمار کے مطابق ننکانہ 52، قصور 44، شیخوپورہ 37، راولپنڈی 180، جہلم 6، اٹک 7 ، چکوال 9، مظفرگڑھ 18، حافظ آباد 19 اور گوجرانوالہ 40 ، سیالکوٹ 33، نارووال 7، گجرات 38، منڈی بہاؤالدین 5، ملتان 111، خانیوال 61، راجن پور 6، لیہ 2، ڈیرہ غازی خان 6 کیسز رپورٹ ہوئے ۔

    اسی طرح وہاڑی میں 39 ، فیصل آباد 141، چنیوٹ 33، ٹوبہ ٹیک سنگھ 51، جھنگ 59 اور رحیم یار خان میں 50 ، سرگودھا 120، میانوالی 20، خوشاب 3، بہاولنگر 21، بہاولپور 54، لودھراں 12 ، بھکر 7، ساہیوال 17، پاکپتن 10 اوراوکاڑہ میں 56 کیس سامنے آئے۔

  • محکمہ صحت پنجاب کا آپریشن تھیٹرز مزید 2 ہفتے بند رکھنے کا فیصلہ

    محکمہ صحت پنجاب کا آپریشن تھیٹرز مزید 2 ہفتے بند رکھنے کا فیصلہ

    لاہور: کورونا کیسز میں اضافے کے باعث محکمہ صحت پنجاب نے آپریشن تھیٹرز مزید 2 ہفتے کے لیے بند رکھنے کا فیصلہ کرلیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق محکمہ صحت پنجاب نے تمام اسپتالوں، میڈیکل اداروں کے سربراہان کے نام مراسلہ جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ٹرشری کیئر اسپتالوں میں 10 مئی تک سرجریز کی اجازت نہیں ہوگی، اطلاق ایمرجنسی سرجریز پر نہیں ہوگا۔

    مراسلے کے مطابق کورونا کیسز کی شدت میں کمی نہ آنے کے باعث فیصلہ کیا گیا، 11 مئی کو صورت حال کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل 27 اپریل تک آپریشن تھیٹرز بند کرنے کا اعلان کیا گیا تھا جبکہ میو اور جناح اسپتال کی او پی ڈیز مکمل طور پر بند ہیں۔

    علاوہ ازیں ٹرشری کیئر اسپتالوں میں ای این ٹی، جلد، دماغ اور نفسیات کے شعبے بھی بند ہیں۔