Author: حسن حفیظ

  • کورونا ویکسی نیشن: بزرگ شہریوں کے لیے اہم خبر

    کورونا ویکسی نیشن: بزرگ شہریوں کے لیے اہم خبر

    لاہور: وزیرصحت پنجاب یاسمین راشد نے کہا ہے کہ صوبے میں 10مارچ کو کورونا ویکسین لگوانے والے بزرگ شہری یکم اپریل کو دوبارہ ویکسین لگوائیں۔

    تفصیلات کے مطابق اپنے تازہ بیان میں یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ دوسری ڈوز لگوانے والے بزرگ شہری ویکسینیشن سینٹر پر تشریف لے جائیں، بزرگ شہریوں کی سہولت کے لیے اتوار والے دن بھی ویکسینیشن سینٹرز کھلے رہیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ پہلی ڈوز لگوانے والے بزرگ شہریوں کو دوسری ڈوز21دن بعد لگے گی۔

    صوبائی وزیر کا کہنا ہے کہ ویکسینیشن سینٹرز پر وافرمقدار میں کوروناویکسین دستیاب ہے، صوبہ بھر میں 126 کورونا ویکسی نیشن سینٹرز قائم کیے گئے ہیں، پنجاب میں روزانہ20ہزارکے قریب بزرگ شہریوں کوویکسین لگائی جارہی ہے۔

    یاسمین راشد نے مزید کہا کہ چین سے ویکسین کے10لاکھ ڈوز جلد پاکستان پہنچ رہے ہیں، پنجاب میں کورونا ویکسین کی کوئی کمی نہیں ہے، 50سال عمر سے زائد افراد کی رجسٹریشن کا عمل شروع کردیا گیا۔

  • کورونا وائرس کی تیسری لہر : لاہور میں ایک اور پابندی لگا دی گئی

    کورونا وائرس کی تیسری لہر : لاہور میں ایک اور پابندی لگا دی گئی

    لاہور : پنجاب میں کورونا وائرس کے تیزی سے بڑھتے ہوئے کیسز کے بعد متعلقہ حکام نے کورونا پابندیوں میں مزید اضافہ کردیا۔

    اس حوالے سے ذرائع نے بتایا ہے کہ لاہور سمیت پنجاب کے 9شہروں میں ہر طرح کی ٹرانسپورٹ پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

    ٹرانسپورٹ کمپنی کی جانب سے پبلک ٹرانسپورٹ پر پابندی کا باقاعدہ مراسلہ بھی جاری کردیا گیا ہے جس کے بعد ٹرانسپورٹ کمپنی نے پبلک ٹرانسپورٹ کیخلاف کارروائی شروع کردی ہے۔

    ذرائع کے مطابق مراسلہ میں کہا گیا گیا ہے لاہور میں پبلک ٹرانسپورٹ بس، ویگن کوسٹر، ٹیکسی، رکشہ اور چنگچی پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

    اس کے علاوہ اورنج ٹرین اسپیڈو بس،میٹرو بس کی بندش تک پبلک ٹرانسپورٹ بند رہے گی، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

  • کورونا کی تیسری لہر، مزید بچے متاثر ہونے لگے

    کورونا کی تیسری لہر، مزید بچے متاثر ہونے لگے

    لاہور: کورونا کی تیسری لہر کے دوران صوبہ پنجاب میں مزید بچے مہلک وائرس کا شکار ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں مزید 8 بچے وبا کا نشانہ بنے ہیں، بچوں کو چلڈرن اسپتال کے کورونا وارڈ میں منتقل کردیا گیا ہے۔

    لاہور کے چلڈرن اسپتال میں کورونا کے زیرعلاج بچوں کی تعداد 11 ہوگئی۔

    اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کوروناوائرس کا شکار بچوں کی عمریں 2 سے 10 سال کے درمیان ہیں۔

    خیال رہے کہ سب سے پہلے 27 مارچ کو مذکورہ اسپتال سے ہی چار بچوں میں وائرس کی تصدیق سامنے آئی تھی۔ ایم ڈی چلڈرن اسپتال پروفیسر سلیم نے بتایا تھا کہ چلڈرن اسپتال کے کورونا وارڈ میں ایک ہی روز 4 بچے داخل ہوئے ، بچوں کی عمریں 2 ماہ، ایک سال ،5 اور 10سال ہیں۔

    خطرے کی گھنٹی :پاکستان میں کورونا کی تیسری لہر سے بچے بھی شکار ہونا شروع

    پروفیسر سلیم کا کہنا تھا کہ چاروں بچوں کا علاج کیا جا رہا ہے، بچوں میں کرونا وائرس پازیٹو آنا تشویشناک ہے، حالیہ لہر سے بچنے کیلئے تمام افراد کو احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کرنا چاہیے۔

  • پنجاب میں کورونا کی تیسری لہر  قابو سے باہر ہونے لگی

    پنجاب میں کورونا کی تیسری لہر قابو سے باہر ہونے لگی

    لاہور : پنجاب کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر صورتحال قابو سے باہر ہونے لگی ، ایک دن میں 2309 نئے کیسز رپورٹ اور 17 مریض جان کی بازی ہار گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب میں کورونا وائرس کی تیسری لہر کے خطرناک وار جاری ہے ، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے مزید 17 افراد جاں بحق ہو گئے ، جس کے بعد صوبے میں کورونا سے اموات کی کل تعداد 6،244 ہو گئی۔

    محکمہ صحت پنجاب کا کہنا ہے کہ گذشتہ24گھنٹوں کے دوران پنجاب میں کورونا وائرس کے 2309 نئے کیسز سامنے آگئے، صرف لاہور میں 1478 کیسز رپورٹ ہوئے۔

    کیسز کے اعدادو شمار کے مطابق ننکانہ میں 16، قصور میں 8، شیخوپورہ میں 22، راولپنڈی میں 145، جہلم میں 2 اور چکوال میں 2 کیسز سامنے آئے جبکہ مظفرگڑھ میں 5، حافظ آباد میں 15 اور گوجرانوالہ میں 51کیسز رپورٹ ہوئے۔

    اسی طرح سیالکوٹ میں 45، نارووال میں 6، گجرات میں 21، منڈی بہاؤالدین میں 10، ملتان میں 77، خانیوال میں 29 ، راجن پور میں 1، لیہ میں 3، ڈیرہ غازی خان میں 5 اور وہاڑی میں 13 کیس سامنے آئے۔

    محکمہ صحت پنجاب کے مطابق فیصل آباد میں 120، چنیوٹ میں 29، ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 44، جھنگ میں 24 اور رحیم یار خان میں 16 ، سرگودھا میں 11، میانوالی میں 1، بہاولنگر میں 11، بہاولپور میں 33 اور لودھراں میں 14 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ ساہیوال 24، پاکپتن 4 اور اوکاڑہ میں 24 کیس سامنے آئے۔

  • لاہور میں مکمل لاک ڈاؤن کی تیاریاں

    لاہور میں مکمل لاک ڈاؤن کی تیاریاں

    ملک کے دوسرے بڑے شہر لاہور میں کورونا کیسز میں ہوش ربا اضافے پر محکمہ صحت اور ‏ضلعی انتظامیہ نے سفارشات تیار کر لیں۔

    لاہور میں مکمل لاک ڈاون کی سفارشات تیار کی گئیں ہیں۔ کابینہ کمیٹی برائے انسداد کورونا کے ‏سامنے لاہور کو مکمل لاک ڈاون کرنے کی سفارش کی جائے گی۔

    ذرائع کے مطابق لاہور میں تمام شادی ہالز، ریسٹورنٹ اور پبلک ٹرانسپورٹ بند کرنے کی سفارش کی ‏جائے گی جب کہ تمام کاروباری مقامات، مارکیٹس کو مکمل بند کرنے کی بھی تجویز ہے۔

    محکمہ صحت پنجاب اور ضلعی انتظامیہ وزیراعلیٰ پنجاب کے سامنے سفارشات رکھیں گے۔ ‏محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ لاہور میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح میں اضافہ ہو رہا ہے اگر ‏مکمل لاک ڈاون نہ کیا تو حالات قابو سے باہر ہوجائیں گے۔

    محکمہ صحت پنجاب کا کہنا ہے کہ لاہور میں کورونا وائرس کے 1 لاکھ 12 ہزار سے زائد کیسز اور ‏‏2500 سے زائد اموات ہوچکی ہیں۔

  • کورونا کے  تشویشناک مریضوں میں خوفناک حد تک اضافہ، مختص بیڈز کم پڑنے لگے

    کورونا کے تشویشناک مریضوں میں خوفناک حد تک اضافہ، مختص بیڈز کم پڑنے لگے

    لاہور: کورونا کے تشویشناک مریضوں میں خوفناک حد تک اضافہ کے بعد سرکاری اسپتالوں کے وینٹی لیٹرز 88.50 فیصد تک بھر گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے دارلحکومت لاہور کے سرکاری اسپتالوں میں کرونا کے مختص بیڈز کم پڑنے لگے ، سرکاری اسپتالوں میں کورونا مریضوں کیلئے 164 وینٹی لیٹرز مختص کئے گئے ہیں۔

    شہر کے سرکاری اسپتالوں کے وینٹی لیٹرز 88.50 فیصد تک بھر گئے ، جس کے باعث مریضوں کو وینٹی لیٹرز کے حصول کیلئے شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

    شہر میں کرونا مریضوں کیلئے 475 آکسیجن بیڈز مختص کیے گئے ہیں، جس میں سے 66.20 فیصد تک آکسیجن بیڈز بھر گئے ہیں۔

    رپورٹ میں بتایا گیا کہ شہر کے سرکاری و نجی اسپتالوں میں 785 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 93 تشویشناک مریض وہینٹی لیٹرز پر، 201 مریض انتہائی نگہداشت وارڈ اور 491مریض آکسیجن پر زیر علاج ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق سرکاری اسپتالوں میں 531 ، نجی ہسپتالوں میں 254 کرونا کے مریض زیرِ علاج ہیں، میو ہسپتال سب سے زیادہ 251 مریض زیر علاج ہیں، جس میں سے 59مریض آئی سی یو اور 42مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں جبکہ سروسز اسپتال میں 59 اور جناح اسپتال 74 مریض زیرِ علاج ہیں۔

    وی سی یو ایچ ایس پروفیسر جاوید اکرم نے کہا ہے کہ کرونا کی تیسری لہر کی پیک شروع ہو چکی ہے، وائرس نے اپنی ساخت اور ہیت تبدیل کر لی ہے، تشویشناک کیسز بڑھنے سے اموات بھی بڑھے گی۔

    پروفیسر جاوید اکرم کا کہنا تھا کہ اسپتالوں کو لوڈ تب ہی کم ہو گا جب لوگ احتیاط کریں گے ، ویکسینیشن کے عمل کو ہر شہری کیلئے ممکن بنایا جائے، سماجی و مذہبی تقریبات پر فوری پابندی لگائی جائے۔

    انھوں نے مزید کہا شہریوں کو ہر صورت کرونا ایس او پیز پر سنجیدگی سے عملدرآمد کرنے کی ضرورت ہے۔

  • کورونا کے مریضوں میں اضافہ، پنجاب کے اسپتالوں کو 124 مزید وینٹی لیٹرز فراہم

    کورونا کے مریضوں میں اضافہ، پنجاب کے اسپتالوں کو 124 مزید وینٹی لیٹرز فراہم

    لاہور : این ڈی ایم اے نے کورونا کی تشویشناک صورتحال کے پیش نظر پنجاب کے اسپتالوں کو 124 مزید وینٹی لیٹرز فراہم کر دئیے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب میں کورونا وائرس کے انتہائی تشویشناک مریض بڑھنے لگے، جس کے پیش نظر این ڈی ایم اے نے پنجاب کے اسپتالوں کو 124 مزید وینٹی لیٹرز فراہم کر دئیے۔

    پنجاب کے 11 ٹیچنگ اسپتالوں میں وینٹی لیٹرز کی تنصیب کا کام شروع کر دیا گیا جبکہ لاہور کے اسپتالوں کو 70 وینٹی لیٹرز فراہم کر دئیے گئے۔

    سر گنگارام اسپتال میں 10،جناح اسپتال میں 10، میو اسپتال کو 14 ، لاہور جنرل اسپتال کو 20اور سروسز اسپتال کو 16 وینٹی لیٹرز فراہم کئے گئے۔

    اسی طرح نشتر اسپتال ملتان کو 18، ڈی ایچ کیو اسپتال فیصل آباد اور ڈی ایچ کیو اسپتال گوجرانوالہ کو 8 وینٹی لیٹرز دئیے گئے۔

    خیال رہے پنجاب کے دارلحکومت لاہور کے سرکاری اسپتالوں میں کرونا کے مختص بیڈز کم پڑنے لگے ہیں اور اسپتالوں کے وینٹی لیٹرز 88.50 فیصد تک بھر گئے ، جس کے باعث مریضوں کو وینٹی لیٹرز کے حصول کیلئے شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

    شہر میں کرونا مریضوں کیلئے 475 آکسیجن بیڈز مختص کیے گئے ہیں، جس میں سے 66.20 فیصد تک آکسیجن بیڈز بھر گئے ہیں۔

  • خطرے کی گھنٹی :پاکستان میں کورونا کی تیسری لہر سے بچے بھی شکار ہونا شروع

    خطرے کی گھنٹی :پاکستان میں کورونا کی تیسری لہر سے بچے بھی شکار ہونا شروع

    لاہور: پاکستان میں بچے بھی کورونا وبا کا شکار ہونے لگے ، لاہور میں ایک دن میں 4 بچوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق ملک میں کورونا کی تیسری لہر سے بچے بھی شکار ہونا شروع ہوگئے ، ایم ڈی چلڈرن اسپتال پروفیسر سلیم نے بتایا کہ چلڈرن اسپتال کے کورونا وارڈ میں ایک ہی روز 4 بچے داخل ہوئے ، بچوں کی عمریں 2 ماہ، ایک سال ،5 اور 10سال ہیں۔

    پروفیسر سلیم کا کہنا تھا کہ چاروں بچوں کا علاج کیا جا رہا ہے، بچوں میں کرونا وائرس پازیٹو آنا تشویشناک ہے، حالیہ لہر سے بچنے کیلئے تمام افراد کو احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کرنا چاہیے۔

    یاد رہے لاہورمیں کورونا کیسز میں تشویشناک اضافہ کے بعد محکمہ صحت نے ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے شہر کے تمام اسپتالوں کے ایم ایس صاحبان کو الرٹ کردیا تھا ، جس میں اسپتالوں کے ایم ایس دفاتر کو 24 گھنٹے کھلے کی ہدایت کی گئی تھی۔

    پنجاب بالخصوص لاہور میں کورونا کیسز کی شرح 18فیصد تک پہنچ گئی اور لاہور میں 10 ماہ کے بعد 1566 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 4 روز میں 5 ہزار 174 کیسز سامنے آئے اور 69 اموات ہوئیں۔

    خیال رہے این سی او سی کے سربراہ  اسد عمر کا کہنا تھا کہ کورونا کی تیسری لہر بنیادی طور پر برطانیہ سے آئے وائرس کے باعث ہے، یہ وائرس زیادہ آسانی سےپھیلاتاہے، اس قسم کاوائرس ایک شخص کو ہو تو پورے خاندان کو ہو جاتا ہے اور پہلےسےمتاثرہ شخص کودوسری باربھی کورونا ہوسکتا ہے۔

    انھوں نے کہا تھا برطانوی قسم کا کورونا کم عمر کے بچوں میں زیادہ تیزی سے پھیلتا ہے، جون سے بہت کم عرصے میں کورونا وائرس تیزی سے پھیلا ہے، لوگ بد قسمتی سے احتیاط نہیں کررہے ہیں۔

  • شہبازشریف کوکوٹ لکھپت جیل میں کورونا ویکسین کی پہلی ڈوز لگا دی گئی

    شہبازشریف کوکوٹ لکھپت جیل میں کورونا ویکسین کی پہلی ڈوز لگا دی گئی

    لاہور : اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کوکوٹ لکھپت جیل میں کوروناویکسین کی پہلی ڈوزلگادی گئی، دوسری ڈوز21دن بعد لگائی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت کے حکم کے بعد اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کو کورونا ویکسین لگانے کیلئے ایم ایس جناح اسپتال سمیت دیگر ڈاکٹرز کوٹ لکھپت جیل پہنچے۔

    جناح اسپتال کی میڈیکل ٹیم نے شہبازشریف کو کوٹ لکھپت جیل میں کورونا ویکسین کی پہلی ڈوزلگائی جبکہ ویکسین کی دوسری ڈوز21دن بعدلگائی جائے گی۔

    یاد رہے گذشتہ روز احتساب عدالت لاہور نے آمدن سے زائد اثاثے کیس میں شہباز شریف کو میڈیکل رپورٹ دینے اور کورونا ویکسین لگوانے کے لیے دو روز میں انتظامات کرنے کا حکم دیا تھا۔

    شہباز شریف نے کہا تھا اس سال میں 70سال کا ہو جاؤں گا، کوروناویکسین لگوانےکامیرابھی حق ہے۔

  • لاہورچڑیا گھر میں موجود نایاب پرندہ مردہ حالت میں برآمد

    لاہورچڑیا گھر میں موجود نایاب پرندہ مردہ حالت میں برآمد

    لاہور کے چڑیا گھر میں موجود نایاب بزرگ پرندہ آج صبح دم توڑ گیا۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور کے چڑیا گھر کا سب سے پرانا پرندہ کیسو ویری آج صبح پنجرے میں مردہ حالت میں پایا گیا۔

    لاہور چڑیا گھر کی ڈپٹی ڈائریکٹر  کرن کے مطابق کیسو ویری کی عمر 56 سال تھی، وہ ایک سال کی عمر میں یہاں آیا تھا۔

    انہوں نے بتایا اس نسل کے پرندے کی اوسط عمر 40 سال ہوتی ہے مگر لاہور میں یہ بہت زیادہ عرصے تک زندہ رہا۔

    ڈپٹی ڈائریکٹر نے بتایا کہ پرندے کی لاش کو یونیورسٹی آف ویٹرنری سائنسز منتقل کردیا گیا ہے جہاں ماہرین لاش کا پوسٹ مارٹم کر کے موت کی وجوہات تلاش کریں گے۔

    واضح رہے کہ لاہور چڑیا گھر کی انتظامیہ وہاں موجود جانوروں کی خوراک اور صحت کا مکمل خیال رکھتی ہے، اگر کوئی جانور بیمار ہوجائے تو اُس کا فوری طور پر ڈاکٹر سے معائنہ کروایا جاتا ہے۔