Author: حسن حفیظ

  • پنجاب میں بڑھتے ہوئے کورونا کیسز: بڑی پابندی عائد

    پنجاب میں بڑھتے ہوئے کورونا کیسز: بڑی پابندی عائد

    لاہور : پنجاب میں بڑھتے ہوئے کورونا کیسز کے پیش نظر 7 اضلاع کے اسکولوں میں غیرنصابی سرگرمیوں اور اسپورٹس پر پابندی عائد کرتے ہوئے کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کی سختی سے ہدایت کردی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب میں کورونا کیسز کی دوبارہ بڑھتی صورتحال کے باعث 7 اضلاع کے اسکولوں میں غیرنصابی سرگرمیوں اور اسپورٹس پر پابندی عائد کردی۔

    اس حوالے سے محکمہ اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے ، جس میں کہا گیا ہے کہ 20فیصد سے زائد کیسزوالے اضلاع میں غیرنصابی سرگرمیاں نہیں ہوں گی۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق مذکورہ اضلاع میں لاہور، فیصل آباد،گجرات ،ملتان، رحیم یار خان، سیالکوٹ ،راولپنڈی شامل ہیں ، ان 7اضلاع کو اسکولوں میں ایکٹیوٹی کرانے سے روک دیا گیا ہے۔

    نوٹی فکیشن میں مذکورہ اضلاع میں اسکولوں کو کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کی سختی سے ہدایت کی گئی ہے۔

    یاد رہے چند روز قبل کورونا کے بڑھتے ہوئے کرونا کیسز کے پیش نظر مقامی انتظامیہ نے لاہور کے مزید 12 علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا تھا، مذکورہ علاقوں میں شاپنگ مالز، ریستورنٹس اور دفاتر بند رہیں گے۔

  • کیسز میں اضافہ ، پنجاب میں کورونا شدت اختیار کرنے لگا

    کیسز میں اضافہ ، پنجاب میں کورونا شدت اختیار کرنے لگا

    لاہور : لاہور میں کورونا کیسز کی تعداد میں اضافہ شدت اختیار کر گیا، 546 افراد موذی مرض کا شکار ہوگئے جبکہ 30 افراد جان سے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ کورونا کے وار میں تیزی سے اضافہ ہونے لگا ہے، لاہور میں سب سے زیادہ 546 کیس سامنے آئے ہیں، جس کے بعد پنجاب میں کورونا وائرس کے کنفرم مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 75 ہزار 051 ہوگئی۔

    ترجمان نے بتایا کہ ننکانہ میں 6، قصور میں 4، شیخو پورہ میں 8، راولپنڈی میں 44، جہلم میں 2، حافظ آباد میں 16 اور گوجرانوالہ میں 16 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ سیالکوٹ میں 28، نارووال میں 1، گجرات میں 42 ، ملتان میں 14 ، خانیوال میں 2، وہاڑی میں 2، فیصل آباد میں 56 ،چنیوٹ میں 4، ٹوبہ میں 5، جھنگ میں 15 اور رحیم یار خان میں 11 کیسز سامنے آئے۔
    .
    اسی طرح سرگودھا میں 11، میانوالی میں 2 ، بہاولنگر میں 1، بہاولپور میں 2، لودھراں میں 1، راجن پور میں 1، ڈیرہ غازی خان میں 7، ساہیوال میں 11 ، پاکپتن میں 1 اور اوکاڑہ میں 1 کیسز رپورٹ ہوئے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس سے مزید 30 ہلاکتیں ہوئیں ، جس کے بعد اموات کی کل تعداد 5 ہزار 510 ہوچکی ہے

  • اسکول فیسوں میں اضافے سے پریشان والدین کیلئے بڑی خوشخبری

    اسکول فیسوں میں اضافے سے پریشان والدین کیلئے بڑی خوشخبری

    لاہور : وزیر تعلیم پنجاب ڈاکٹر مراد راس نے اسکولوں کی فیسیں نہ بڑھانے کے احکامات جاری کر دئیے ، تین بڑے نجی اسکولوں نے سالانہ فیس 5 فیصد کی بجائے 8 فیصد بڑھانے کی درخواست کی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے نجی اسکولزکی جانب سےفیس بڑھانے کی درخواست مسترد کردی ، اس حوالے سے وزیر تعلیم پنجاب ڈاکٹر مراد راس نے فیس نہ بڑھانے کے احکامات جاری کردیے ہیں۔

    درخواست تین بڑےنجی اسکولز کی جانب سےجمع کرائی گئی تھی ، جس میں سالانہ فیس 5 کے بجائے 8 فیصد بڑھانے کی درخواست کی گئی تھی۔

    ڈاکٹر مراد راس کا کہنا ہے کہ تینوں نجی اسکول فیس بڑھانے کے حوالے متعلقہ دستاویزات جمع کرانے میں ناکام رہے، درخواستیں دینے والے تینوں سکول اب سالانہ 5 فیصد سے زائد اضافہ نہیں کر سکیں گے، بیکن ہاؤس، لاہور گرامر، اور بلوم فیلڈ اسکول عدالت کے جاری کردہ احکامات کے مطابق فیس کا تعین کرنے کے پابند ہوں گے۔

    وزیر تعلیم پنجاب نے کہا والدین کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے تمام نجی اسکولوں کو پابند کیا جاتا ہے کہ فیس میں سالانہ مخض پانچ فیصد اضافہ کیا جائے، جو اسکول سالانہ 5 فیصد سے زیادہ اضافے کے خواہاں ہوں انہیں اس سے متعلقہ دستاویزات فراہم کرنا ہوتے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ فیس میں سالانہ 8 فیصد اضافے کی درخواست کرنے والے تینیوں نجی سکولوں کی جانب سے متعلقہ دستاویزات جمع نہیں کروائے گئے اور فیسوں کی وصولی کے حوالے کسی بھی گزشتہ حکومت کی جانب سے والدین کو ریلیف دینے کے لئے اس طرز کے اقدامات نہیں کیے گئے۔

    ڈاکٹر مراد راس نے مزید کہا کہ عوام کے بنیادی مسائل کا حل پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

  • کرونا کے بڑھتے کیسز، پاکستان کے اہم شہر میں‌ لاک ڈاؤن کا نفاذ

    کرونا کے بڑھتے کیسز، پاکستان کے اہم شہر میں‌ لاک ڈاؤن کا نفاذ

    لاہور: پنجاب کے دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں کرونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق کرونا کے بڑھتے ہوئے کرونا کیسز کے پیش نظر مقامی انتظامیہ نے لاہور کے مزید علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا اعلان کیا۔

    سیکریٹری پرائمری سیکنڈری ہیلتھ (پی اینڈ ایس ایچ ڈی) کے مطابق لاہور کے مزید 12 علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کا نفاذ آج رات 12 بجے سے ہوگا، مذکورہ علاقوں میں شاپنگ مالز، ریستورنٹس اور دفاتر بند رہیں گے۔

    پی اینڈ ایس ایچ ڈی کے مطابق مذکورہ علاقوں میں ہر قسم کے عوامی اجتماعات پر پابندی ہوگی جبکہ رہائشیوں کو محدود نقل و حرکت کی اجازت دی جائے گی، انتہائی ضرورت کے پیش نظر ایک شخص کو ایک سواری استعمال کرنے کی اجازت ہوگی۔

    پی اینڈ ایس ایچ ڈی کے مطابق صحت کےشعبے سےمنسلک تمام ادارے24گھنٹےکھلے رہیں گے جبکہ گوشت کی دکانیں، بیکریاں، دودھ کی دکانیں صبح 7 سے شام 7 بجے تک کھولنے کی اجازت ہوگی۔

    پی اینڈ ایس ایچ ڈی کے مطابق اشیائے ضروریہ (گروسری)، پھل اور سبزی فروش کو صبح 9 سے شام سات بجے تک کاروبار کی اجازت ہوگی جبکہ آٹا چکیاں، تندور، پیڑول پمپس صبح 9بجےسےشام7تک کھلےرکھنےکی اجازت ہوگی۔

  • کورونا ویکسین لگنے کے بعد کورونا مثبت آنے پر نئی تحقیق سامنے آ گئی

    کورونا ویکسین لگنے کے بعد کورونا مثبت آنے پر نئی تحقیق سامنے آ گئی

    لاہور : کورونا ویکسین لگنے کے بعد کورونا مثبت آنے پر نئی تحقیق سامنے آ گئی، سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کا کہنا ہے کہ ویکسین لگنے کا عمل مکمل ہونے کے بعد بھی احتیاط کرنا ہرگز مت چھوڑیں۔

    تفصیلات کے مطابق ویکسین کی پہلی ڈوز لگنے کے بعد ہیلتھ کئیر ورکرز میں کورونا مثبت آنے کی خبر کے معاملے پر ویکسین لگنے کے بعد کورونا مثبت آنے پر نئی تحقیق سامنے آ گئی۔

    سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر قاری محمد عثمان کا کہنا ہے کہ ویکسین کی پہلی خوراک لگنے کے 14 دن بعد اینٹی باڈی بننے شروع ہوتے ہیں، ویکسین لگنے کا عمل مکمل ہونے کے بعد بھی احتیاط کرنا ہرگز مت چھوڑیں، اس وقت دستیاب ویکسین ہی کورونا وائرس کے خلاف بہترین تحفظ ہے۔

    محمد عثمان نے کہا کہ ویکسین بہت سے اقسام کے خلاف موثر ہے جو انتہائی خوش آئند اور اہم ہے، پہلے مرحلے میں فرنٹ لائن ہیلتھ کئیر ورکرز کو ویکسین لگا کر زیادہ سے زیادہ محفوظ بنا رہے ہیں۔ اب تک 62 ہزار سے زائد فرنٹ لائن ہیلتھ کئیر ورکرز کو ویکسین لگائی جاچکی ہے۔

    سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کا کہنا تھا کہ اگلے مرحلے میں 60 سال سے زیادہ عمر کے افراد کو ویکسین لگائیں گے، عوام سے گزارش ہے کہ اپنے 60 سال سے زائد عمر کے بزرگوں کی رجسٹریشن فوراََ کروائیں اور رجسٹریشن کے لیے 60 سال سے زائد عمر کے بزرگوں کا شناختی کارڈ نمبر 1166 پر ایس ایم ایس کریں۔

  • امتحانی شیڈول، 40 لاکھ سے زائد طلبہ کا مستقبل داؤ پر لگ گیا

    امتحانی شیڈول، 40 لاکھ سے زائد طلبہ کا مستقبل داؤ پر لگ گیا

    لاہور: پنجاب کے 9 تعلیمی بورڈز میٹرک اور انٹر کے امتحانی شیڈول جاری کرنے میں ناکام رہے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے نو تعلیمی بورڈز نے میٹرک اور انٹر کے امتحانی شیڈول جاری نہیں کیے، امتحانی شیڈول جاری نہ ہونے سے 40 لاکھ سے زائد طلبہ کا مستقبل داؤ پر لگ گیا ہے۔

    لاہور بورڈ کے تحت 5 لاکھ سے زائد طلبہ شدید ذہنی اذیت کا شکار ہیں، دوسری طرف سیکریٹری لاہور بورڈ اویس سلیم امتحانی شیڈول سے لا علم نکلے ہیں۔

    لاہور بورڈ کے سیکریٹری نے کہا میں تو اضافی چارج پر ہوں اور مجھے کسی معاملے کا نہیں پتا، کرونا وبا کے بعد کچھ پتا نہیں کہ بورڈ کے معاملات کیسے چلانے ہیں۔

    واضح رہے کہ لاہور بورڈ میں سیکریٹری اور کنٹرولر طویل عرصے سے عارضی طور پر تعینات کیے گئے ہیں، اور سیکریٹری لاہور بورڈ پی بی سی سی کے سیکریٹری بھی ہیں۔

    میٹرک کے امتحانات کب ہوں گے؟ تاریخ کا اعلان ہوگیا

    ادھر چیئرمین تعلیمی بورڈ کو بھی چارج سنبھالے ایک ہفتہ ہی ہوا ہے، ماضی میں لاہور بورڈ میں مبینہ گھپلوں کی وجہ سے آگ بھی لگ چکی ہے، واٹس ایپ پر پرچے لیک ہونے کے معاملے پر بورڈ انتظامیہ کی انکوائری بھی چل رہی ہے۔

    خیال رہے کہ پنجاب کے تعلیمی بورڈز کے زیر اہتمام میٹرک امتحانات 4 مئی سے شروع ہوں گے جب کہ انٹر میڈیٹ سالانہ امتحان 12 جون 2021 سے شروع ہوں گے۔

  • پنجاب میں نئے تعلیمی سال سے متعلق اہم اعلان

    پنجاب میں نئے تعلیمی سال سے متعلق اہم اعلان

    محکمہ تعلیم پنجاب نے نئے تعلیمی سال سے متعلق اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیاتعلیمی سال ‏یکم اگست سے31 مارچ 2022تک ہوگا۔

    محکمہ تعلیم جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ پنجاب کےتمام تعلیمی اداروں پر فیصلہ لاگو ہو ‏گا۔

    کورونا وبا کے باعث اسکولوں میں سو فیصد حاضری پر عملدرآمد کرنے کے لیے لاہور، گجرات، ‏ملتان، رحیم یار خان، سیالکوٹ،فیصل آباد اور راولپنڈی میں ایک ماہ کی مزید توسیع کردی گئی۔

    ایسے علاقے جہاں کورونا کے بیس کیسز ہورہے ہیں وہاں اسکولوں میں پچاس فیصد حاضری رہے گی ‏جبکہ دیگر اضلاع میں سو فیصد حاضری پر عملدرآمد ہوگا۔

    اس سے قبل وفاقی وزیرتعلیم شفقت محمودنے اعلان کیاتھاکہ یکم مارچ سے پورےملک میں ‏تعلیمی ادارے سو فیصد حاضری کےساتھ کھول دئے جائیں گے،وفاقی حکومت کے فیصلے کے ‏برخلاف سندھ کےاسکولوں میں پچاس فیصد حاضری برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیاہے۔

  • کورونا وائرس کی صورتحال میں بہتری ،  لاک ڈاؤن میں لگائی گئیں تمام پابندیاں ختم

    کورونا وائرس کی صورتحال میں بہتری ، لاک ڈاؤن میں لگائی گئیں تمام پابندیاں ختم

    لاہور : حکومت پنجاب نے کورونا وائرس کی صورتحال میں بہتری کے بعد لاک ڈاؤن میں لگائی گئیں تمام پابندیاں ختم کر دی تاہم عوام کو گھر سے باہر ماسک لازمی پہنے کے ایس او پیز پر سختی سے عمل کرنا ہو گا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب میں وبائی امراض آرڈیننس 2020کے تحت نوٹیفیکیشن جاری کردیا گیا اور کورونا وائرس کی بہترصورتحال پر حکومت پنجاب کی جانب سے لاک ڈاؤن میں لگائی گئیں تمام پابندیاں ختم کر دی گئی۔

    سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کیپٹن(ر)محمد عثمان کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن میں کہا کہ تمام کاروباری سرگرمیوں اور تفریحی مقامات پرطے کردہ اوقات کار کی حد ختم کر دی گئی اور 50فیصد اسٹاف کے گھر سے کام کرنے والی پابندی کو بھی ختم کر دیا گیاہے۔

    کیپٹن(ر)محمد عثمان نے کہا نوٹیفیکیشن کے اطلاق کے بعد 100 فیصد اسٹاف کو دفاتر میں کام کرنے کی اجازت ہو گی اور ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے 15مارچ سے انڈور شادیوں اور دیگر تقریبات کی اجازت ہو گی۔

    نوٹیفیکیشن کے مطابق ایس او پیز پرلازمی عمل درآمد یقینی بناتے ہوئے مزارات اور سینماہالوں کو بھی 15مارچ سے کھول دیا جائے گا تاہم عوام کو گھر سے باہر ماسک لازمی پہنے کے ایس او پیز پر سختی سے عمل کرنا ہو گا۔

    سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے کہا کورونا ایس او پیز پر عمل کر کے ہم نے ذمہ دار قوم ہونے کا ثبوت دیا، عوام کے ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد نے ہمیں مہلک بیماری کے سنگین نتائج سے محفوظ رکھا۔

  • پنجاب میں تعلیمی سیشن خطرے میں پڑ گیا

    پنجاب میں تعلیمی سیشن خطرے میں پڑ گیا

    لا ہور : پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ اور نجی پبلشروں کے درمیان جاری سرد جنگ شدت اختیار کرگئی جس سے ماضی کی طرح اس سال بھی پنجاب کے لاکھوں طالب علموں کو مفت کتابوں اور پریکٹیکل کاپیوں کی بروقت فراہمی میں تاخیر کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔

    ایک نصاب اور نئی کتابوں کی اشاعت پر پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ (پی ٹی بی بی) اور نجی پبلشرز کے درمیان رسہ کشی عروج پر پہنچ گئی، دو فریقین کی اس لڑائی میں طلبا و طالبات کا مستقبل خطرے میں پڑگیا۔

    اس تنازع کے باعث نجی پبلشرز کو درسی کتب کی اشاعت کی اجازت نہ مل سکی جس کی وجہ سے نیا تعلیمی سیشن خطرے میں پڑگیا ہے۔

    اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں نمائندہ لاہور حسن حفیظ نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اس سال نجی پبلشرز کو کتابیں چھاپنے کیلئے این او سی نہیں دیا جارہا، پبلشرز کا کہنا ہے کہ پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ سے متعلق آف دی ریکارڈ ہمیں معلوم ہوا ہے کہ انہیں این او سی جاری کرنے سے منع کردیا گیا ہے جس کا تحریری حکم نہیں ملاہے۔

    پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹیکسٹ بک پبلشر ایسوسی ایشن فواد نیاز نے بتایا کہ پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ کی جانب سے فی کتاب کی فیس دو ہزار سے ساڑھے چار لاکھ روپے کردی گئی ہے۔ اس کے علاوہ بچوں کی رائٹنگ یا پینٹنگ کاپیز کی فیس بھی دو لاکھ 85ہزار روپے کردی گئی ہے۔

    واضح رہے کہ حکومت نے پرائیوٹ پبلشرز پر بغیر اجازت کتب کی اشاعت پر پابندی عائد کردی ہے کیونکہ ملک بھر میں یکساں نطام تعلیم کے نفاذ کے بعد پرائیوٹ پبلشرز کو بغیراجازت کتابیں چھاپنے کی اجازت نہیں ہوگی، صرف این او سی حاصل کرنے والے پبلشرز کتابیں چھاپ سکیں گے۔

    پبلشرز کو کتابیں چھاپنے کے لئے پی سی ٹی بی سے این او سی لینا لازمی ہوگا۔ پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ پبلشرز کو این او سی جاری کرے گا۔

    پرائیویٹ پبلشرز پی سی ٹی بی کی جاری کردہ ہدایت کے مطابق کتابیں پبلش کر سکیں گے، قواعد و ضوابط سے ہٹ کر پبلشرز کو کتابیں چھاپنے کی اجازت نہیں ہوگی،صرف پی سی ٹی بی کے جاری کردہ رولز کے مطابق کتابیں پرنٹ کرنا ہوں گی۔

  • ایک اور گرفتار لیگی رہنما جیل سے اسپتال منتقل

    ایک اور گرفتار لیگی رہنما جیل سے اسپتال منتقل

    لاہور: لیگی رہنما خواجہ آصف کو آنکھ میں انفیکشن کے باعث لاہور کے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ نون کے ایک اور رہنما گرفتاری کے بعد جیل سے اسپتال پہنچ گئے ہیں، خواجہ آصف کو کوٹ لکھپت جیل کے حکام نے آج آنکھوں میں انفیکشن کے باعث میئو اسپتال منتقل کیا۔

    اسپتال منتقل کرنے کے بعد لیگی رہنما کو اسپتال کے وی آئی پی روم اےوی ایچ وارڈ میں منتقل کیا گیا،جہاں ان کا کرونا ٹیسٹ بھی کیا گیا۔

    اس حوالے سے سی ای او میو اسپتال پروفیسر اسد اسلم کا کہنا تھا کہ خواجہ آصف کی آنکھوں میں سفید موتیا ہے ، خواجہ آصف کے ضروری ٹیسٹ ہو رہے ہیں، وہ صحت مند ہے، رپورٹس کل تک آجائیں گی ،جس کے بعد آپریشن کا فیصلہ کیا جائے گا۔

    سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کے بیٹے خواجہ آصف کا علاج کرینگے۔

    یہ بھی پڑھیں: خواجہ آصف نے جیل میں سہولتیں مانگ لیں

    واضح رہے نیب نے لیگی رہنما خواجہ آصف کو آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں گذشتہ سال انتیس دسمبر گرفتار کیا تھا، ان کی گرفتاری احسن اقبال کے گھر سے عمل میں لائی گئی تھی۔

    خواجہ آصف قومی اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی لیڈر ہیں اور وہ سابق وزیر خارجہ بھی رہے ہیں، خواجہ آصف قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 73 سیالکوٹ 2 سے مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔