Author: حسن حفیظ

  • میواسپتال لاہور کے 12 ہیلتھ پروفیشنلز کورونا میں مبتلا

    میواسپتال لاہور کے 12 ہیلتھ پروفیشنلز کورونا میں مبتلا

    لاہور : کورونا کی دوسری لہر کی شدت میں اضافہ ہوتا جارہا ہے ، میواسپتال لاہور کے 12 ہیلتھ پروفیشنلز میں کورونا مثبت آگیا ، جن میں تین نرسیں بھی شامل ہیں۔

    تفصیلات سرکاری اسپتال کا طبی عملہ کورونا کے نشانے پر ہیں ، میو اسپتال میں 12 ہیلتھ پروفیشنلز کورونا وائرس میں مبتلا ہو گئے، کورونا سے متاثر ہونے والوں میں 9 ڈاکٹراور 3 نرسز شامل ہیں، تمام کورونا سے متاثرہ طبی عملہ کو آئسولیٹ کردیا گیا ہے۔

    سی ای او میو اسپتال پروفیسر اسد اسلم کا کہناہے کہ میو اسپتال میں 50 سے زائد طبی عملہ کے کورونا ٹیسٹ کئے جا رہے ہیں، ہیلتھ پروفیشنلز میں علامات ظاہر ہونے پر کورونا ٹیسٹ کر رہے ہیں۔

    اسپتال انتظامیہ نے اپیل کی ہے کہ مریضوں کے ساتھ لواحقین کی کم سے کم تعداد اسپتال آئے۔

    خیال رہے ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال خطرناک ہونےلگی، چوبیس گھنٹے کے دوران تین ہزار سے زائد کورونا کیسز سامنے آگئے جبکہ ایک روزکے دوران مہلک وائرس 59 جانیں نگل گیا۔

    ملک میں کورونا سے جاں بحق افراد کی تعداد سات ہزارآٹھ سو تین ہوگئی، این سی او سی کے مطابق چوبیس گھنٹے کے دوران اکتالیس ہزار پانچ سو تیراسی کورونا ٹیسٹ کئے گئے جبکہ ملک میں کورونا کے فعال کیسز 42 ہزار115 تک جا پہنچے ہیں۔

  • لاہور:کسٹم حکام کی بڑی کارروائی ، مسافر سے کروڑوں روپے مالیت کے آئی فونز برآمد

    لاہور:کسٹم حکام کی بڑی کارروائی ، مسافر سے کروڑوں روپے مالیت کے آئی فونز برآمد

    لاہور : کسٹم حکام نے علامہ اقبال انٹر نیشنل ایئر پورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے مسافر سے 65 مہنگے فون برآمد کرلئے، موبائل فونز کی مالیت ایک کروڑ چالیس لاکھ سے زائد ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں علامہ اقبال انٹر نیشنل ایئر پورٹ پر کسٹم حکام نے بڑی کارروائی کی اور دبئی کی پرواز سے لاہور آنے والے مسافر سے 65 آئی فون برآمد کر لیے۔

    ڈی سی کسٹم ثاقب وڑائچ نے کہا ایک کروڑ چالیس لاکھ سے زائد لاگت کے موبائل فون کی کھیپ بیرون ملک سے اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔

    ثاقب وڑائچ کا کہنا تھا کہ مسافر ایمرٹس ائر کی پرواز 624سے دبئی سے لاہور پہنچا ، مسافر امداد اللہ لاہور کراچی موبائل مارکیٹ میں سپلائی دیتا ہے، مسافر عرصہ دراز سے اسمگلنگ میں ملوث تھا اور ریگولر لاہور کراچی دبئی کا سفر کر نا معمول تھا۔

    ڈی کسٹم کے مطابق مسافر کے سامان سے 58 آئی فون پرو میکس الیون اور سات پرومیکس سیون گیارہ فون پرومیکس 7بھی برامد ہوئے۔

    کسٹم حکام نے سارے موبائل فون ضبط کر لیے اور مسافر کے خلاف کسٹم سمگلنگ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا جا رہا ہےْ

  • شادی ہالز کے اندر تقریبات پر پابندی لگ گئی، تفصیلات جاری

    شادی ہالز کے اندر تقریبات پر پابندی لگ گئی، تفصیلات جاری

    لاہور: پنجاب حکومت نے شادی ہالز کے اندر تقریبات پر پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پنجاب میں شادی ہالز کے اندر تقریبات پر پابندی ہوگی، شادی و دیگر تقریبات کی اجازت صرف کھلی جگہوں پر ہوگی۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق تقریبات میں زیادہ سے زیادہ 300 افراد کی اجازت ہوگی، عوامی اجتماعات میں 300 سے زائدافراد کے اکٹھے ہونے کی اجازت نہیں۔

    نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ کھلی جگہ پر تقریبات میں ایس او پیز پر عمل درآمد لازم ہوگا، تقریبات کے علاوہ عوامی مقامات پر ماسک پہننا بھی لازم ہوگا۔

    ملک میں 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 36 مریض جاں بحق

    یہ پابندی پنجاب انسدادِ وبائی امراض آرڈیننس کے تحت لگائی گئی ہے، اور اس پابندی کا اطلاق 20 نومبر (آج ) سے ہوگا، اور 31 جنوری تک لاگو رہےگا۔

    واضح رہے کہ کرونا وائرس وبا کی دوسری لہر میں ایک بار پھر ملک بھر میں کیسز کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے، کرونا انفیکشن کے باعث اموات کی تعداد بھی بڑھنے لگی ہے۔

    نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 2 ہزار 738 کرونا کیسز رپورٹ ہوئے، جس سے ملک میں کرونا کے مصدقہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 68 ہزار 665 ہو گئی ہے۔

  • پنجاب یونیورسٹی کیلئے ایک اور بڑا عالمی اعزاز

    پنجاب یونیورسٹی کیلئے ایک اور بڑا عالمی اعزاز

    لاہور : پنجاب یونیورسٹی کے تین پروفیسرز کو دنیا کے بہترین 2 فیصد محققین میں شامل کر لیا گیا، شاندار بین الاقوامی کامیابی پر وائس چانسلر ڈاکٹر نیاز احمد نے اساتذہ کو مبارکباد دی۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب یونیورسٹی کو ایک اور بڑا عالمی اعزاز مل گیا، تین پروفیسرز کو دنیا کے بہترین 2 فیصد محققین میں شامل کر لیا گیا۔

    اسٹینفورڈ یونیورسٹی کیلفورنیا کی جاری کر دہ فہرست کے مطابق پنجاب یونیورسٹی کے ڈین فیکلٹی آف مینجمنٹ سائنسز کے ڈاکٹر خالد محمود، ڈین فیکلٹی آف سائنس ڈاکٹر محمد شریف اور شعبہ میتھمیٹکس کے ڈاکٹر محمد اکرم دنیا کے بہترین 2 فیصد محققین میں شامل ہو گئے۔

    بہترین محققین کی عالمی درجہ بندی میں تمام شعبوں سے ایک لاکھ ساٹھ ہزار محققین کو شامل کیا گیا، پنجاب یونیورسٹی کے محققین کو اپنے تحقیقی مقالات کی بین الاقوامی جانچ پڑتال کی بنیاد پر منتخب کیا گیا۔

    شاندار بین الاقوامی کامیابی پر وائس چانسلر ڈاکٹر نیاز احمد نے اساتذہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا یونیورسٹی انتظامیہ کے بین الاقوامی رینکنگ بہتر بنانے کے لئے اقدامات کے ثمرات ملنا شروع ہو چکے ہیں۔

    ڈاکٹر نیاز احمد کا مزید کہنا تھا کہ مختلف شعبوں میں پنجاب یونیورسٹی کی بین الاقوامی رینکنگ 2 سال میں بہتر ہوئی ہے۔

  • پنجاب میں کرونا کے 407 نئے کیسز سامنے آگئے، 12 اموات

    پنجاب میں کرونا کے 407 نئے کیسز سامنے آگئے، 12 اموات

    لاہور: ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کا کہنا ہے کہ صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کروناوائرس کے مزید 407 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 12 مریض انتقال کرگئے۔

    تفصیلات کے مطابق پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے ترجمان نے بتایا کہ نئے 407 کیسز رپورٹ ہونے کے بعد صوبے میں کرونا مریضوں کی مجموعی تعداد 1 لاکھ7ہزار329ہوگئی ہے۔

    پاکستان میں کورونا سے اموات کی تعداد 7 ہزار تک جاپہنچی

    ترجمان کے مطابق کرونا وائرس سے مزید 12 مریض جاں بحق ہوئے جس کے بعد اموات کی تعداد2,420 ہوچکی ہے، پنجاب میں اب تک 16لاکھ89ہزار450ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں۔ کروناوائرس کو شکست دینے والوں کی تعداد97ہزار651 ہوگئی۔

    خیال رہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کی دوسری لہر میں شدت آنے لگی، نیشنل کمانڈاینڈآپریشن سینٹر نے کورونا کی صورتحال کے تازہ ترین اعداد و شمار جاری کردیئے۔

    جس میں بتایا گیا کہ ملک میں 24گھنٹے کے دوران ایک ہزار637 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے ، جس کے بعدپاکستان میں کورونا کے ایکٹیو کیسز کی تعداد 20 ہزار 45 ہوگئی جبکہ کیسز کی مجموعی تعداد 3لاکھ46 ہزار476 تک پہنچ گئی۔

  • پنجاب میں کورونا ایک بار پھر سر اٹھانے لگا، متعدد مقامات مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاون کے تحت سیل

    پنجاب میں کورونا ایک بار پھر سر اٹھانے لگا، متعدد مقامات مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاون کے تحت سیل

    لاہور : پنجاب میں کورونا وائرس ایک بار پھر سر اٹھانے لگا، پنجاب حکومت کی جانب سے صوبہ بھر کے متعدد مقامات کو مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاون کے تحت سیل کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کے بڑھتےکیسز کے پیش نظر پنجاب حکومت نے صوبہ بھر میں 830مقامات مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاون کے تحت سیل کر دئیے۔

    ان علاقوں میں1416افراد کورونا وائرس کا شکار ہوئے، جہاں کل 3332 افراد رہائش پذیر ہیں، سب سے زیادہ لاہور کے 435، اٹک دو، بہاولنگر 4، بہاولپور 37، بھکر 35، چکوال 2، چینوٹ کے 7مقام مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاون کے تحت سیل کئے گئے۔

    ڈیرہ غازی خان میں 17، فیصل آباد میں 34اور گوجرانوالہ میں 14مقام کو سیل کیا گیا جبک گجرات کے 29، حافظ آباد3، جھنگ میں 2، جہلم میں 8، قصور میں 3مقامات میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاون لگا دیا گیا ہے۔

    اسی طرح لودھراں 4، منڈی بہاءالدین 7، میانوالی 2، ملتان 44خانیوال میں 6، خوشاب 5اور لیہ کے ایک مقام کو بھی سیل کر دیا گیا ہے جبکہ مزید علاقوں میں مظفرگڑھ میں 2، ننکانہ صاحب 3، نارووال 1، اوکاڑہ 3، پاکپتن 1رحیم یار خان 2، راجن پور 1، روالپنڈی 47، ساہیوال 16، سرگودھا 24، شیخوپورہ 10، سیالکوٹ کے 5، ٹوبہ ٹیک سنگھ کے 11اور وہاڑی کے 3 علاقے بھی شامل ہیں۔

    واضح رہے پنجاب میں 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے 283نئے کیسز رپورٹ ہوئے ، جس کے بعد صوبے میں کورونا کیسزکی تعداد 104554ہوگئی۔

    ترجمان ہیلتھ کیئر کا کہنا ہے کہ کوروناسےمزید3افرادانتقال کرگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد2365ہوگئی جبکہ کورونا کو شکست دینے والوں کی تعداد97471 ہوگئی ہے۔

  • علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر 34 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی اسمگلنگ ناکام

    علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر 34 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی اسمگلنگ ناکام

    لاہور: علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کسٹم اسٹاف نے کارروائی کے دوران 34 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی اسمگلنگ ناکام بنا دی۔

    تفصیلات کے مطابق ڈی سی کسٹم ثاقب وڑائچ کا کہنا ہے کہ بیرون ملک سے اسلام آباد کے لیے ایئر لائن نے بغیر مسافر کے سامان دبئی سے لاہور بھیجا، لاہور سے ایئر بلیو نے رش ٹیگ کو دوبارہ بغیر مسافر کے اسلام آباد بھجوانا چاہا۔

    ڈی سی کے مطابق بغیر مسافر کے بیگ میں آئی فون، آئی پیڈ، کیمرے اور وائر لیس سیٹ برآمد کر لیے۔

    کسٹم حکام کا کہنا ہے کہ بغیر مسافر کے بیگ سے 12 جدید آئی فون، 11 آئی فون الیون، 4 آئی پیڈ، 3 عدد سونی کیمرے اور 1 وائر لیس سیٹ برآمد کیا گیا۔

    بیرون ملک سے لاہور لایا جانے والا اسمگلنگ کا سامان ڈومیسٹک ڈپارچر سے اسلام آباد بھجوایا جانا تھا۔

    ایئر پورٹ ٹریفک کسٹم نے کارروائی کے دوران سارا سامان ضبط کر لیا، تمام ایئر لائنز کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ جو بیگ مسافر کے بغیر لاہور لایا جائے گا اس کو اسکین کیا جائے گا۔

  • اسموگ میں کمی کے لیے سرکاری افسران سائیکل پر دفتر آنے لگے

    اسموگ میں کمی کے لیے سرکاری افسران سائیکل پر دفتر آنے لگے

    لاہور: صوبہ پنجاب کی واٹر اینڈ سینی ٹیشن ایجنسی (واسا) کے افسران سائیکل پر سوار ہو کر دفتر پہنچنے لگے، مینیجنگ ڈائریکٹر زاہد عزیز کا کہنا ہے کہ لاہور میں اسموگ کے پیش نظر واسا نے یہ اقدام کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسموگ میں کمی کے اقدامات کے تحت واٹر اینڈ سینی ٹیشن ایجنسی (واسا) کا عملہ سائیکلوں پر دفتر پہنچنے لگا، واسا کے مینیجنگ ڈائریکٹر زاہد عزیز کی قیادت میں افسران نے سائیکلوں پر سفر کیا۔

    زاہد عزیز کا کہنا ہے کہ لاہور میں اسموگ کے پیش نظر واسا نے یہ اقدام کیا ہے۔

    ایم ڈی واسا نے چند دن قبل اسموگ میں کمی کے لیے ہدایت نامہ جاری کیا تھا جس کے تحت 31 اکتوبر کے بعد سے ہر ہفتے کے روز افسران سائیکل پر دفتر آئیں گے۔

    علاوہ ازیں 31 اکتوبر سے رواں سال کے آخر تک افسران دفاتر تک اکیلے گاڑی چلا کر نہیں آسکیں گے، ایک گاڑی کم از کم 2 افسران استعمال کریں گے، صرف خواتین افسران کو اس سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔

    واسا نے اعلان کیا تھا کہ 16 اکتوبر کے بعد سے تمام ہیوی مشنری 2 ماہ کے لیے بند رکھی جائے گی۔

    خیال رہے کہ گزشتہ دو برسوں سے زہریلی دھند یعنی اسموگ کا مسئلہ نہایت شدت اختیار کرگیا ہے، اسموگ موسم سرما میں صوبہ پنجاب کو خاص طور پر متاثر کر رہی ہے۔

    اسموگ کی وجہ سے سانس لینا دو بھر ہوجاتا ہے جبکہ شہریوں کی بڑی تعداد سانس کی بیماری سمیت مختلف طبی امراض میں مبتلا ہوجاتی ہے۔

    اسموگ کی بڑی وجہ پنجاب میں اینٹوں کے بھٹے اور فصلوں کی باقیات کو جلانا قرار دیا گیا تھا جس کے باعث گزشتہ برس صوبے بھر میں قائم اینٹوں کے بھٹوں کو عارضی طور پر بند کردیا گیا تھا۔

    رواں برس بھی پنجاب میں اکتوبر سے دسمبر تک اینٹوں کے بھٹے بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، شہر میں اسموگ کی آمد سے قبل اداروں کی مشترکہ ٹیمیں بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    چیئرمین جوڈیشل واٹر اینڈ انوائرمینٹل کمیشن جسٹس (ر) علی اکبر قریشی کا کہنا ہے کہ فضائی آلودگی میں اضافہ کرنے والی گاڑیوں کے چالان یقینی بنائے جائیں اور فٹنس سرٹیفکیٹ کے اجرا تک انہیں بند رکھا جائے۔

  • پنجاب میں کرونا کے مزید نئے کیسز سامنے آگئے

    پنجاب میں کرونا کے مزید نئے کیسز سامنے آگئے

    لاہور: ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کا کہنا ہے کہ صوبے میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کروناوائرس کے مزید 244 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب نے کرونا سے متعلق تازہ اعدادشمار جاری کردیے جس میں کہا گیا ہے کہ پنجاب میں کرونا وائرس کے 244نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ سب سے زیادہ کیسز لاہور سے 129 رپورٹ ہوئے، جبکہ کرونا وائرس سے مزید7افراد کا انتقال ہوگیا جس کے بعد اموات کی کل تعداد2ہزار354ہوگئی ہے۔

    دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی) نے کہا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کروناوائرس کے 1 ہزار 78 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور 20 مریض انتقال کرگئے۔

    ملک میں کرونا کے 1 ہزار 78 نئے کیسز رپورٹ، 20 مریض جاں بحق

    نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے پاکستان میں کرونا کیسز کے تازہ ترین اعداد وشمار جاری کردیے، جس میں کہا گیا ہے کہ 20 اموات کے بعد پاکستان میں کرونا سے انتقال کرنے والوں کی تعداد 6ہزار795 ہوگئی ہے۔

    این سی او سی کے مطابق ملک میں24گھنٹے کے دوران32ہزار933کرونا ٹیسٹ کیے گئے۔

  • کورونا میں اضافہ، تجارتی سرگرمیوں کے نئے اوقات کار سے متعلق نوٹیفکیشن جاری

    کورونا میں اضافہ، تجارتی سرگرمیوں کے نئے اوقات کار سے متعلق نوٹیفکیشن جاری

    لاہور : پنجاب حکومت نے تجارتی سرگرمیاں رات 10 بجے بند کرنے سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کردیا، سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کا کہنا ہے کہ نوماسک نوسروس کےقانون کوقائم رکھا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے تجارتی سرگرمیوں کےاوقات کارسےمتعلق نوٹیفکیشن جاری کردیا ، جس میں کہا گیا ہے کہ تجارتی سرگرمیاں اور ادارے رات 10 بجے بند کر دیے جائیں گے جبکہ میڈیکل سروسز، فارمیسیز، میڈیکل اسٹورز 24 گھنٹے کھلے رہیں گے۔

    نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ ٹائرپنکچرشاپس،پھل وسبزیوں کی دکانیں،تندور،آٹاچکیاں کھلی رہیں گی جبکہ ڈرائیور ہوٹل، پیٹرول پمپس،آئل ڈپو،ایل پی جی شاپس اور فلنگ پلانٹس،زرعی آلات ورکشاپس،سپئرپارٹس شاپس،پرنٹنگ پریس بھی مسلسل کام جاری رکھ سکیں گے۔

    جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کال سنٹرز(50%عملے کے ساتھ)اور ریسٹورنٹس سے ٹیک اوے/ہوم ڈیلیوری سرویسز 24گھنٹے کام کر سکیں گے جبکہ تفریحی اور پبلک پارکس صبح 7 سے شام 6 بجےتک کھلے رہیں گے۔

    نوٹیفیکیشن میں کہا گیا کہ تمام صنعتی سرگرمیاں اور ادارے اس نوٹیفیکیشن سے مستشنٰی اپنا کام پہلے کی جاری کردہ ہدایات کے مطابق جاری رکھیں گے۔

    مزید پڑھیں : ملک بھر میں مارکیٹس، دکانیں، شاپنگ مالز رات 10 بجے بند کرنے کا فیصلہ

    سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کا کہنا ہے کہ لازمی ماسک پہنے اور سماجی فاصلہ قائم رکھنے کے ایس او پیز پر پہلے کی طرح سختی سے عمل پیرا رہنا ہو گا اور نوماسک نوسروس کےقانون کوقائم رکھا جائے۔

    کیپٹن (ر)محمد عثمان نے کہا کہ اس نوٹیفیکیشن کا اطلاق فوری طور پر لاہور،ملتان اور راولپنڈی ڈسٹرکٹ کے علاقائی حدود پر ہوگا، فیس ماسک،ہینڈ سینیٹائزر اور گلوز کا استعمال مسلسل جاری رکھا جائے۔

    دوسری جانب ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشیدچیمہ نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہ این سی او سی کے اقدامات عوام کےمفاد میں ہیں، کوروناسےمحفوظ رہنےکیلئےویکسین اب تک تیارنہیں ہوسکی ہے۔

    مسرت جمشیدچیمہ کا کہنا تھا کہ جہاں کوروناایس اوپیزپرعمل نہیں ہوگاوہ مقام سیل کیاجائیگا، پنجاب میں اس وقت کہیں بھی اسمارٹ لاک ڈاؤن نہیں، کوروناکیسزرپورٹ ہونےپرمتاثرہ مقام کوہی سیل کیاجائے گا۔

    یاد رہے گذشتہ روز کورونا وبا کی دوسری لہر کے پیش نظر نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹرل (این سی او سی) نے سے ملک بھر میں مارکیٹس، دکانیں اور شاپنگ مالز رات 10 بجے بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔