Author: حسن حفیظ

  • پنجاب میں کورونا کے نئے کیسز کی تعداد میں زبردست کمی

    پنجاب میں کورونا کے نئے کیسز کی تعداد میں زبردست کمی

    لاہور: پنجاب میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے صرف 24 نئے کیسز سامنے آئے اور صرف 4 اموات ہوئیں جبکہ شکست دینے والوں کی تعداد 82،563 ہو چکی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب میں کورونا کے نئے کیسز کی تعداد میں زبردست کمی سامنے آئی ، پنجاب میں کورونا وائرس کے صرف 24 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، جس کے بعد کورونا وائرس کے کنفرم مریضوں کی تعداد93،197 ہو گئی۔

    ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے کہا لاہورمیں 11اورگوجرانوالہ میں 1کیس ، ملتان اورفیصل آبادمیں 2,2کیسز ، سرگودھا1،میانوالی 2اور ساہیوال میں 5کیسز رپورٹ ہوئے۔

    ترجمان کے مطابق کورونا وائرس سے 4 مزیداموات ہوئیں اور کل تعداد2،148 ہوگئی جبکہ کورونا وائرس کو شکست دینے والوں کی تعداد 82،563 ہوچکی ہے اور اب تک739،253ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

    خیال رہے ملک میں کوروناکیسز اور اموات میں بتدریج کمی کا سلسلہ جاری ہے ، چوبیس گھنٹے میں 8 اموات اور323 نئے کیسزرپورٹ ہوئے، جس کے بعد ملک میں کورونا سے صحتیاب مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 48 ہزار آٹھ سو تہترہوگئی ہے جبکہ کُل اموات کی تعداد 6 ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے۔

  • پنجاب میں رات 12 بجے لاک ڈاون کا خاتمہ، نوٹیفکیشن جاری

    پنجاب میں رات 12 بجے لاک ڈاون کا خاتمہ، نوٹیفکیشن جاری

    لاہور : حکومت پنجاب نے آج رات 12 بجے سے کرونا لاک ڈاون ختم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی کرونا وائرس کا پھیلاو روکنے کےلیے گزشتہ کئی ماہ سے لاک ڈاون جاری ہے تاہم پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں لاک ڈاون ختم 5 اگست کے بجائے 3 اگست سے ہی ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

    حکومت پنجاب کی جانب سے لاک ڈاون ختم کرنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے، جس کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔

    نمائندہ اے آر وائی کا کہنا ہے کہ پنجاب میں مکمل لاک ڈاون ختم کرکے اسمارٹ لاک ڈاون کا نفاذ کردیا جائے گا۔

    سیکریٹری پرائمری ہیلتھ کا کہنا تھا کہ متعلقہ ادارے تمام ایس او پیز پر عملدر آمد یقینی بنائیں گے، تمام کاروباری مقامات صبح 9 سے شام 7 بجے تک، پیر تا جمعہ کھلے رہیں گے۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق 5 اگست کو کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے اجتماع کی اجازت ہوگی جبکہ میڈیکل اسٹور، پنکچر شاپ، آٹا، چکی تندور، زرعی ورکشاپس 24 گھنٹے کھلی رکھنے کی بھی اجازت ہوگی۔

    سیکریٹری ہیلتھ کیئر نے نوٹیفکیشن میں کہا کہ تعلیمی ادارے، شادی ہال، ریسٹورنٹ، پارک،سینما بدستور بند رہیں گے تاہم کال سنٹرز کو 50 فیصد اسٹاف کیساتھ کھلا رکھنے کی اجازت ہوگی۔

    سیکریٹری ہیلتھ کیئر نے کہا کہ بین الاضلاع ٹرانسپورٹ کو 24 گھنٹے چلنے کی اجازت ہوگی اور گروسری و کریانہ اسٹور صبح 9 سے شام 7 تک، ہفتہ بھر کھلے رہیں گے جبکہ چرچ صرف اتوار کو صبح 7 سے شام 5 بجے تک عبادت کیلئے کھلے رہیں گے۔

    نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ سماجی و مذہبی اجتماعات، کھیل کی سرگرمیوں کیلئے جمع ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔

    سیکریٹری ہیلتھ کئیر کا مزید کہنا تھا کہ نوٹیفکیشن کا اطلاق فی الفور ہوگا، 17 اگست تک نافذ العمل رہے گا۔

    ذرائع کے مطابق حکومت پنجاب نے مویشی منڈیوں سے لیے گئے سیمپلز کے حوصلہ افزا نتائج آنے کے بعد لاک ڈاؤن کے خاتمے کا فیصلہ کیا ہے، مویشی منڈیوں میں کرونا وائرس نہ ہونے پر صوبائی حکومت نے تین اگست کو لاک ڈاؤن ختم کرنے کا فیصلہ کیا، علاوہ ازیں عید پر مارکیٹوں کی بندش کے بعد کرونا وائرس کے پھیلاو کے امکانات کم ہوئے جس کی بنیاد پر لاک ڈاؤن کے خاتمے کا فیصلہ کیا گیا۔

    پنجاب حکومت کا کل سے اسمارٹ‌ لاک ڈاؤن ختم کرنے کا فیصلہ

    یاد رہے کہ پنجاب حکومت نے عیدالاضحیٰ کی مناسبت سے صوبے بھر میں اچانک اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا تھا، جس کے تحت مویشی منڈیوں کو شہر کی حدود سے باہر لگانے کی اجازت دی گئی تھی جبکہ صوبے کے تمام بازار، مارکیٹس اور پلازوں کو عید سے تین روز قبل بند کردیا گیا تھا۔

    پنجاب میں ہونے والے اسمارٹ لاک ڈاؤن کے بعد کرونا کیسز میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی۔ صوبائی وزیر صحت نے تصدیق کی تھی کہ 19 اضلاع میں ایک بھی کیس رپورٹ نہیں ہوا جس کے بعد اُن علاقوں کو کرونا فری قرار دے دیا گیا ہے۔

  • پنجاب حکومت کا کل سے اسمارٹ‌ لاک ڈاؤن ختم کرنے کا فیصلہ

    پنجاب حکومت کا کل سے اسمارٹ‌ لاک ڈاؤن ختم کرنے کا فیصلہ

    لاہور: پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں نافذ اسمارٹ لاک ڈاؤن کو کل سے ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کو ذرائع سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق پنجاب حکومت نے اسمارٹ لاک ڈاؤن کو پانچ اگست کے بجائے 3 اگست کو ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

    لاک ڈاؤن کے خاتمے کا نوٹی فکیشن پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر  کے سیکریٹری رات گئے جاری کریں گے۔

    ذرائع کے مطابق حکومت پنجاب نے مویشی منڈیوں سے لیے گئے سیمپلز کے حوصلہ افزا نتائج آنے کے بعد لاک ڈاؤن کے خاتمے کا فیصلہ کیا،مویشی منڈیوں میں کرونا وائرس نہ ہونے پر صوبائی حکومت نے تین اگست کو لاک ڈاؤن ختم کرنے کا فیصلہ کیا، علاوہ ازیں عید پر مارکیٹوں کی بندش کے بعد کرونا وائرس کے پھیلاو کے امکانات کم ہوئے جس کی بنیاد پر لاک ڈاؤن کے خاتمے کا فیصلہ کیا گیا۔

    مزید پڑھیں: عید الاضحیٰ پر پنجاب میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کا فیصلہ

    ذرائع کا کہنا تھا کہ 5 اگست کوکشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلی کی اجازت بھی دی جائے گی جبکہ کل سے صوبے بھر کی مارکیٹس، بازار اور پلازہ کھولنے کی اجازت بھی دے دی جائے گی۔

    یاد رہے کہ پنجاب حکومت نے عیدالاضحیٰ کی مناسبت سے صوبے بھر میں اچانک اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا تھا، جس کے تحت مویشی منڈیوں کو شہر کی حدود سے باہر لگانے کی اجازت دی گئی تھی جبکہ صوبے کے تمام بازار، مارکیٹس اور پلازوں کو عید سے تین روز قبل بند کردیا گیا تھا۔

    پنجاب میں ہونے والے اسمارٹ لاک ڈاؤن کے بعد کرونا کیسز میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی۔ صوبائی وزیر صحت نے تصدیق کی تھی کہ 19 اضلاع میں ایک بھی کیس رپورٹ نہیں ہوا جس کے بعد اُن علاقوں کو کرونا فری قرار دے دیا گیا ہے۔

    ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ صوبے کے باقی اضلاع میں بھی رپورٹ ہونے والی کیسز کی شرح بہت کم ہوئی ہے، لوگوں سے اپیل ہے کہ وہ کرونا ایس او پیز پر عمل درآمد کریں تاکہ صورت حال اسی طرح معمول پر آتی رہے۔

    یہ بھی پڑھیں: پنجاب کے 19 اضلاع کرونا فری بن گئے ہیں: ڈاکٹر یاسمین راشد

    دوسری جانب  پنجاب میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا سے صرف 6 مریضوں کی اموات ہوئیں جس کے بعد مرنے والوں کی مجموعی تعداد 5 ہزار 976 تک پہنچ گئی جبکہ 593 مزید کیسز بھی سامنے آئے۔

  • پنجاب میں کرونا وائرس کے کیسز اور اموات میں کمی جاری

    پنجاب میں کرونا وائرس کے کیسز اور اموات میں کمی جاری

    لاہور: صوبہ پنجاب میں کرونا وائرس کے کیسز اور اموات میں کمی جاری ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 116 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی جبکہ 2 مزید اموات ہوئیں۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں مزید کمی آرہی ہے، پنجاب میں نئے سامنے آنے والے کیسز کی تعداد 116 ہے۔

    ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق صوبے میں کرونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 93 ہزار 173 ہوگئی ہے۔ لاہور میں 39، گوجرانوالہ میں 13، ملتان میں 11، سیالکوٹ میں 9 اور راولپنڈی، فیصل آباد اور گجرات میں 5، 5 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی۔

    اسی طرح بہاولپور میں 4، بہاولنگر میں 3، ننکانہ صاحب، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ڈیرہ غازی خان، سرگودھا، اٹک اور مظفر گڑھ میں 2، 2 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی۔

    علاوہ ازیں شیخو پورہ، جہلم، چکوال، نارروال، حافظ آباد، منڈی بہاؤ الدین، خانیوال، جھنگ، اوکاڑہ اور رحیم یار خان میں 1، 1 نیا کیس سامنے آیا۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس سے گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 2 اموات ہوئیں جس کے بعد صوبے میں مجموعی اموات کی تعداد 2 ہزار 144 ہوگئی۔

    ترجمان کے مطابق صوبے میں اب تک 7 لاکھ 35 ہزار 699 ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں جبکہ اب تک کرونا وائرس کو شکست دینے والوں کی تعداد 82 ہزار 552 ہوچکی ہے۔

  • پنجاب میں کرونا وائرس کے 184نئے کیسز سامنے آگئے

    پنجاب میں کرونا وائرس کے 184نئے کیسز سامنے آگئے

    لاہور: پنجاب میں کروناوائرس کے مزید 184 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد صوبے بھر میں وبائی مریضوں کی مجموعی تعداد 93,057 ہوگئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب میں کرونا وائرس کے کنفرم مریضوں کی تعداد میں مزید کمی ریکارڈ کی گئی ہے، روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ ہونے والے کیسز میں آج بھی مزید کمی دیکھی گئی۔

    ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس سے 2 مزید دو افراد انتقال کرگئے جس کے بعد اموات کی کل تعداد 2,142 ہوچکی ہیں۔

    پاکستان میں کرونا کیسز اور اموات میں بتدریج کمی

    ترجمان نے بتایا کہ اب تک733,365ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں، جبکہ کرونا وائرس کو شکست دینے والوں کی تعداد 82,541 ہوگئی۔ نئے کیسز لاہور میں59، شیخوپورہ 3، راولپنڈی، 5جہلم 3 اور گوجرانوالہ میں 17 رپورٹ ہوئے۔

    اسی طرح سیالکوٹ6، گجرات4، حافظ آباد1، منڈی بہاؤالدین6، ملتان4، خانیوال 2، وہاڑی 4، فیصل آباد9، جھنگ2 اور رحیم یار خان میں 3 کیسز سامنے آئے۔ سرگودھا2، خوشاب 3، بھکر1 1،بہاولنگر 1، بہاولپور21، لودھراں 3،ڈی جی خان4، مظفر گڑھ3، ساہیوال1، اوکاڑہ میں 4 اور پاکپتن میں 3کیسز رپورٹ ہوئے۔

  • کرونا کیسز میں کمی، آنکھوں کے آپریشن شروع، 5 افراد کو روشنی مل گئی

    کرونا کیسز میں کمی، آنکھوں کے آپریشن شروع، 5 افراد کو روشنی مل گئی

    لاہور: ملک میں کرونا وائرس کیسز میں کمی کے بعد آنکھوں کے آپریشن کے منتظر مریضوں کی امید بر آئی، لاہور کے اسپتال میں پانچ مریضوں کو آنکھوں کی روشنی مل گئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور کے میو اسپتال میں بیرون ملک سے عطیہ شدہ قرنیہ سے ضرورت مند افراد کی پیوند کاری ہوئی ہے، جس سے 5 مریضوں کی آنکھوں میں روشنی لوٹ آئی۔

    قرنیہ کی پیوند کاری آئی وارڈ میں پروفیسر اسد اسلم نے کی ہے، سی ای او میو اسپتال کا کہنا ہے کہ آنکھ کی پیوند کاری کے تمام مریضوں کی حالت بہتر ہے۔

    پروفیسر اسد اسلم نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ قرنیہ کی پیوند کاری سے 5 افراد کو آنکھوں کی روشنی مل گئی ہے، گزشتہ 4 مہینوں سے کرونا وائرس کی وجہ سے ان مریضوں کے قرنیہ کے آپریشن رکے ہوئے تھے، اب وبا کم ہونے پر ان کے آپریشن کیے گئے۔

    واضح رہے کہ قرنیہ کی پیوند کاری کے مریضوں کے لیے قرنیہ امریکا سے آئی ہیں، جو امریکا میں پاکستانی فزیشن کی ایک تنظیم نے بھجوائیں، پروفیسر اسد اسلم کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر پانچ قرنیہ آئیں، تاہم مزید بھی آئیں گی اور لوگوں کی بینائی واپس لائی جائے گی۔

  • پنجاب: کرونا کیسز میں کمی، آج 218 مریض رپورٹ ہوئے

    پنجاب: کرونا کیسز میں کمی، آج 218 مریض رپورٹ ہوئے

    لاہور: ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب میں کرونا کے 218نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد مریضوں کی مجموعی تعداد 92873 ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے ترجمان نے بتایا کہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد پنجاب بھر میں کرونا کے کیسز کی مجموعی تعداد92873 ہوگئی، صوبے میں کرونا سے آج 2مزید اموات ہوئیں۔

    پنجاب میں کرونا سے انتقال کر جانے والے مریضوں کی مجموعی تعداد2140 ہوگئی ہے۔

    ترجمان کے مطابق صوبے میں اب تک726089ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں جبکہ کرونا کو شکست دینے والوں کی تعداد82526 ہوگئی۔ خیال رہے کہ مذکورہ اعداد وشمار نئی رپورٹ سے حاصل کی گئی ہے۔

    پاکستان میں کورونا کیسز اوراموات میں بتدریج کمی، 903 نئے کیسز رپورٹ،27 افراد جاں بحق

    واضح رہے کہ پاکستان میں یومیہ رپورٹ ہونے والے کیسز اور اموات میں بتدریج کمی ہورہی ہے، 24 گھنٹوں میں 903 نئے کرونا کیسز سامنے آئے جبکہ 27 افراد جان سے گئے۔ ملک میں کورونا کیسز اور اموات میں کمی کا سلسلہ برقرار ہے۔

  • پنجاب میں کرونا وائرس کے 173 نئے کیسز سامنے آ گئے

    پنجاب میں کرونا وائرس کے 173 نئے کیسز سامنے آ گئے

    لاہور: صوبہ پنجاب میں کرونا وائرس کے 173 نئے کیسز سامنے آ گئے ہیں، جس کے بعد پنجاب میں کرونا وائرس کے کنفرم مریضوں کی تعداد 92,452 ہو گئی۔

    ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق پنجاب میں کرونا وائرس سے آج 8 مزید اموات ہوئی ہیں، صوبے میں اموات کی کُل تعداد 2,133 ہو گئی ہے، دوسری طرف کرونا وائرس کو شکست دینے والوں کی تعداد بھی بڑھ کر 82,592 ہو گئی ہے۔

    ترجمان نے بتایا آج جو کیسز سامنے آئے ہیں، مختلف شہروں میں اس کی تفصیل یوں ہے کہ لاہور میں 86، راولپنڈی 34 اور گوجرانوالہ میں 2 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔

    سیالکوٹ میں 3 نئے کیس، گجرات میں بھی 3، حافظ آباد میں 2، منڈی بہاؤالدین میں 1، جب کہ ملتان میں 10 نئے کیس رپورٹ ہوئے، وہاڑی میں 2، فیصل آباد میں 8 اور رحیم یار خان میں صرف 1 کیس سامنے آیا۔

    ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق سرگودھا میں 8 نئے کیسز، بہاولپور میں 6 نئے کیسز، ڈیرہ غازی خان میں 2، ساہیوال میں 3، اوکاڑہ اور پاکپتن میں ایک ایک کیس رپورٹ ہوا۔

    اب تک صوبے میں 713,688 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں، جن میں سے 92 ہزار 452 ہی مثبت آئے، جن میں اب تک 82 ہزار 592 افراد مکمل طور پر صحت یاب ہو چکے ہیں۔

  • لاک ڈاؤن میں کون کون سے کاروبار مستثنیٰ قرار، نیا حکم نامہ جاری

    لاک ڈاؤن میں کون کون سے کاروبار مستثنیٰ قرار، نیا حکم نامہ جاری

    لاہور : پنجاب بھر میں عیدالاضحی پر لاک ڈاون میں درزیوں، ڈرائی کلینرز، فرٹیلائزر اورایکسچینج کمپنیز لاک ڈاؤن سے مستثنٰی قرار دے دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پینجاب میں لاک ڈاؤن سے متعلق نیا حکم نامہ جاری کردیا گیا، جس میں عیدالاضحی پر لاک ڈاون، درزیوں، ڈرائی کلینرز، فرٹیلائزر اورایکسچینج کمپنیز لاک ڈاؤن سے مستثنٰی قرار دیا گیا ہے۔

    سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کیپٹن (ر) محمد عثمان نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا، جس کے مطابق عید کے موقع پر بیرون ملک سے بھیجی جانے والی رقوم حاصل کرنے میں دشواری نہیں ہوگی۔

    کیپٹن (ر) محمد عثمان نے کہا فصلوں پر بروقت زرعی ادویات کے استعمال کے پیش نظر فرٹیلائزر کمپنیوں کو کام کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔

    سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق لاک ڈاون میں کھلے رکھے جانے والے تمام کاروبار حکومت کی جانب سے جاری کردہ ایس او پیز پر سختی سے عمل پیرا رہیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن کی صورتحال میں بھی عوام کو سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے ، صوبہ بھر میں سمارٹ لاک ڈاؤن کا مقصد رش کے باعث کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنا ہے۔

    کیپٹن (ر) محمد عثمان نے کہا کہ احتیاطی تدابیر کے باعث صوبے میں کوروناکیسز کی شرح میں بتدریج کمی آرہی ہے، عوام کے تعاون اور حکومت کے بروقت فیصلوں کے باعث وباء کو کنٹرول کرنے میں مدد مل رہی ہے ۔

  • قطری طیارے کی لاہور ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ

    قطری طیارے کی لاہور ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ

    لاہور: قطری دارالحکومت دوحہ سے بنگلادیش کے دارالحکومت ڈھاکا جانے والی قطرایئرلائن کی پرواز کو لاہور ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑگئی۔

    تفصیلات کے مطابق دوحہ سے ڈھاکا جانے والی قطری پرواز ’کیو آر 3248‘ کو میڈیکل ایمرجنسی کے لیے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اتارا گیا، طیارے میں سوار 6 بنگلادیشی مسافروں کی طبیعت خراب ہونے پر جہاز کو ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی، بنگلادیشی مسافر امین الحق کو دل کی تکلیف کے باعث اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    ایئرپورٹ ذرایع کا کہنا ہے کہ دیگر پانچ مسافروں کو ایئرپورٹ پر ہی طبی امداد فراہم کی گئی، ایک مسافر امین الحق اور اس کے ساتھی مسافر کو جہاز سے آف لوڈ کردیا گیا۔

    اسپتال جانے والے مسافر اور اس کے ساتھی کو چھوڑ پر غیر ملکی طیارہ واپس ڈھاکا روانہ ہوگیا ہے۔

    ایمرجنسی کی صورت میں پائلٹ کی جانب سے لاہور ایئرپورٹ اے ٹی سی سے لینڈ کرنے کی اجازت طلب کی گئی تھی، جس پر لاہور ایئرپورٹ ایئر ٹریفک کنٹرولر نے جہاز کو لینڈ کرنے کی اجازت دی۔