Author: حسن حفیظ

  • پنجاب کے ڈاکٹروں ، نرسوں اور طبی عملے میں کورونا کی شرح سب سے زیادہ

    پنجاب کے ڈاکٹروں ، نرسوں اور طبی عملے میں کورونا کی شرح سب سے زیادہ

    لاہور : پنجاب کے ڈاکٹروں ، نرسوں اور طبی عملے میں کوروناکی شرح سب سے زیادہ ہے ،  اب تک 12 ڈاکٹراور 2 نرسیں کورونا سے شہید ہوچکی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت نے کہا ہے کہ پنجاب کے ڈاکٹروں ، نرسوں اور طبی عملے میں کوروناکی شرح سب سے زیادہ ہے ، 20 فیصد ڈاکٹر اور ہیلتھ پروفیشنلزکورونا سے متاثر ہوئے۔

    محکمہ صحت کا کہنا تھا کہ پنجاب میں طبی عملےکے 2940 ٹیسٹ کرائے گئے، طبی عملے کے562افرادمیں کورونا کی تصدیق ہوئی جبکہ پرنسپل جنرل ہسپتال پروفیسر الفریدظفر کاکوروناٹیسٹ مثبت آیا۔

    محکمہ صحت کے مطابق پنجاب میں اب تک 12 ڈاکٹراور 2 نرسیں کورونا سےشہیدہوئیں، ایم ایس جنرل اسپتال صلاح الدین، ڈاکٹرسلمان حسیب،ڈاکٹرعاطف چوہدری، ڈاکٹرخضرحیات بھی کورونا کا شکار ہوئے جبکہ ڈاکٹرمعروف وینس اور ینگ ڈاکٹرزمیں بھی کوروناسے متاثر ہوئے۔

    اسپتال ذرائع کے مطابق کوروناکےباعث اسپتالوں میں ہرقسم کی سرجری اورآپریشن ملتوی کردیئے گئے ہیں جبکہ سیکرٹری صحت سپیشلا ئزد ہیلتھ کئیر کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرز و دیگر عملے کی حفاظت کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

    بیرسٹر نبیل اعوان نے کہا ہے کہ کرونا وارڈز میں کام کرنے والے تمام ڈاکٹرز ودیگر عملے کو حفاظتی لباس و ماسک فراہم کیے جارہے جبکہ چئیرمین گرینڈ ہیلتھ الائنس کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرز کمیونٹی تمام تر مشکلات کے باوجود دن رات مریضوں کی خدمت کر رہی ہے اور کرتی رہے گی۔

    ڈاکٹر سلمان حسیب نے کہا کروناوائرس میں مریضوں کی خدمت کرتے ہوئے شہید ہونے والے ڈاکٹرز و دیگر عملے کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

  • اسپتال کی لاکھوں کی دوائیں گاڑی میں لوڈ کرتے وقت چور پکڑے گئے

    اسپتال کی لاکھوں کی دوائیں گاڑی میں لوڈ کرتے وقت چور پکڑے گئے

    لاہور: سروسز اسپتال کی لاکھوں کی دوائیں گاڑی میں لوڈ کرتے وقت چور پکڑے گئے، پولیس گرفتار کرنے پہنچ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق سروسز اسپتال لاہور میں لاکھوں روپے کی دواؤں کی چوری پکڑی گئی ہے، ایم ایس اسپتال ڈاکٹر افتخار کا کہنا تھا کہ امراض قلب اور گردوں کی دوائیں چوری کر کے فروخت کی جاتی تھیں۔

    ڈاکٹر افتخار نے میڈیا کو بتایا کہ امجد اور زاہد نامی ملزمان کو دوائیاں چوری کرتے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا ہے، امجد نامی ملزم 7 سال سے اسپتال کا ملازم ہے، ملزمان 50 سے 60 لاکھ کی دوائیں گاڑی میں لاد چکے تھے۔

    ایم ایس سروسز اسپتال نے بتایا کہ دونوں ملزمان سرکاری اسپتال کو کروڑوں کا نقصان پہنچا چکے ہیں۔ ملزمان کو رنگے ہاتھوں پکڑنے کے بعد پولیس کو بھی بلا لیا گیا۔

    واضح رہے کہ پنجاب اور سندھ کے سرکاری اسپتالوں سے ادویات کی چوری منظم طریقوں سے ایک عرصے سے جاری ہے، گزشتہ برس جنوری میں کراچی سے پولیس نے ایسے تین ملزمان کو گرفتار کیا تھا جو سرکاری اسپتالوں میں مفت فراہم کی جانے والی دوائیں سرکاری لیبل مٹا کر فروخت کرتے تھے۔

  • مرغیوں میں کورونا وائرس کی خبریں ، اصل حقیقت سامنے آگئی

    مرغیوں میں کورونا وائرس کی خبریں ، اصل حقیقت سامنے آگئی

    لاہور : محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے برائلر مرغیوں میں کورونا وائرس کی موجودگی کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا سوشل میڈیا پر کچھ لوگوں نے جعلی مراسلہ بناکر وائرل کیا ہے، اس خبر میں کوئی صداقت نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق برائلر مرغیوں میں کورونا وائرس کی موجودگی کے معاملے پر محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے تردید جاری کردی، جس میں کہا کہ ایسا کوئی مراسلہ جاری نہیں کیا گیا۔ برائلر مرغیوں میں کرونا وائرس کی موجودگی کا سوشل میڈیا پر غلط مراسلہ وائرل ہے۔

    محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کا کہنا تھا کہ برائلر مرغیوں میں کرونا وائرس کی موجودگی کی خبر میں کوئی صداقت نہیں، سوشل میڈیا پر کچھ لوگوں نے جعلی مراسلہ بناکر وائرل کیا ہے۔

    دوسری جانب پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن نے سوشل میڈیا پر وائرل بے بنیاد پروپیگنڈے کو مسترد کرتے ہوئے کردیا اور کہا ہے کہ مرغی کے گوشت میں کرونا وائرس کی موجودگی کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے لوگ بنا کسی خوف اور خطرے کے پولٹری مصنوعات کا استعمال جاری رکھیں کیوں کہ اس میں کرونا وائرس موجود نہیں ہے۔

    مزید پڑھیں : کیا پاکستان میں‌ مرغیاں کرونا وائرس سے متاثر ہورہی ہیں؟

    یاد رہے رواں سال فروری میں سوشل میڈیا سائٹ فیس بک پر وائرس پھیلنے سے متعلق جھوٹی افواہیں‌ زیر گردش رہی تھیں ، جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ پاکستان میں موجود پولٹری فارم کی مرغیوں میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی اور اس حوالے سے محکمۂ صحت نے بھی الرٹ جاری کردیا ہے۔

    دوسری جانب محکمہ صحت نے فرانسیسی خبررساں ادارے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں مرغیوں میں کرونا وائرس کی موجودگی کے کوئی شواہد نہیں ملے، انٹرنیٹ پر شیئر ہونے والی تصاویر میں مرغیاں کسی اور بیماری کا شکار ہیں جس کا تعلق اس وائرس سے نہیں ہے‘۔

  • پنجاب میں آج سے پبلک پارکس کھولنے کا اعلان

    پنجاب میں آج سے پبلک پارکس کھولنے کا اعلان

    لاہور:پنجاب حکومت نےآج سے تمام پبلک پارکس کھولنے کا اعلان کر دیا۔

    کورونا وائرس کے پھیلاؤ روکنے کی خاطر اٹھائے گئے احتیاطی اقدامات کے تحت عوامی پارکوں کو کئی روز کی بندش کے بعد آج سے کھولا جارہا ہے۔

    ڈی جی پی ایچ اے مظفر خان سیال نے پبلک پارکس کھولنے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے پارکس کھولے جائیں گے۔

    پارکس میں آنے والےوالے افراد کیلئےماسک اور گلوز کا استعمال لازمی قرار دیتے ہوئے بچوں کےجھولے اور کھیلنے کےمقامات فی الحال بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    دوسری جانب محکمہ صحت پنجاب کا کہنا ہے کہ برائلرمرغیوں میں کورونا کی موجودگی کاسوشل میڈیا پر جعلی مراسلہ زیر گردش ہے، برائلرمرغیوں میں کوروناکی موجودگی کی خبر میں صداقت نہیں ہے۔

  • پی آئی طیارہ حادثہ ، شہید ہو نیوالی ایئر ہوسٹس انعم خان کی نماز جنازہ ادا ،  ہر آنکھ اشکبار

    پی آئی طیارہ حادثہ ، شہید ہو نیوالی ایئر ہوسٹس انعم خان کی نماز جنازہ ادا ، ہر آنکھ اشکبار

    لاہور : پی آئی طیارہ حادثہ میں شہید ہو نیوالی ایئر ہوسٹس انعم خان کی نماز جنازہ ادا کردی گئی، اس موقع پر ہر آنکھ اشکبار تھی۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی طیارہ حادثہ میں شہید ہو نیوالی ایئر ہوسٹس انعم خان اور خاتون مسافرفاطمہ کی میتیں نجی ایئر لائنز کے ذریعے لاہور پہنچیں، دونوں کا نماز جنازہ پہلے ایئر پورٹ پر پی آئی اے ملازمین نے اور پھر خاندان کے افراد نے میاں میر دربار میں ادا کیا گیا، نمازجنازہ میں پی آئی اے ملازمین شریک ہوئے۔

    ایئر ہوسٹس انعم خان کے ساتھ کام کرنے والے ملازمین کا کہنا تھا کہ انعم انتہائی محنتی دیانتدار اور بہترین کردار کی حامل تھی۔

    کراچی سے لاہور تک نجی ائیرلائن میں لائی جانے والی میتوں کے تمام تر اخراجات پی آئی اے نے برداشت کیے۔

    خیال رہے کراچی طیارہ حادثہ میں شہید ہونے والی ائیر ہوسٹس انعم خان گھر کی واحد کفیل تھی اور اپنے بہن بھائیوں کی شادی کرناچاہتی تھی، شہید ہونے والی ائیر ہوسٹس انعم خان کے گھر دھرم پورہ میں عزیز و اقارب اور اہل علاقہ کا اظہار افسوس کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

    اضح رہے کہ چند روز قبل پی آئی اے کا طیارہ ایئرپورٹ کے قریب ماڈل کالونی جناح گارڈن میں رہائشی آبادی پر گر کر تباہ ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں 97 مسافر ہلاک جبکہ 2 مسافر معجزانہ طور پر بچ گئے تھے۔ حادثے میں مقامی لوگوں کی ہلاکتیں بھی ہوئیں جبکہ پانچ گھر مکمل تباہ ہوگئے تھے۔

  • مسلم لیگ ن کے ایم پی اے شوکت چیمہ کرونا وائرس سے انتقال کرگئے

    مسلم لیگ ن کے ایم پی اے شوکت چیمہ کرونا وائرس سے انتقال کرگئے

    لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے رکن صوبائی اسمبلی شوکت چیمہ کروناوائرس سے جاں بحق ہوگئے، وہ وبائی مرض میں مبتلا ہونے کے بعد مقامی اسپتال میں زیر علاج تھے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی کے رکن اور ن لیگ کے اہم رہنماؤں شمار کیے جانے والے شوکت چیمہ عالمگیر وبا کروناوائرس سے انتقال کرگئے، شوکت چیمہ پی کے ایل آئی میں زیر علاج تھے۔

    شوکت چیمہ گوجرانوالہ سےن لیگ کی ٹکٹ پر ایم پی اے بنے تھے۔

    ادھر مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے لیگی ایم پی اےشوکت چیمہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ شوکت چیمہ کا انتقال پارٹی کے لیے صدمے کا باعث ہے، ان کی پارٹی کے لیے خدمات ناقابل فراموش ہیں، شوکت چیمہ کے انتقال پر اہل خانہ سے غم کا اظہار کرتے ہیں۔

    شہبازشریف نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شوکت چیمہ کی مغفرت اور اہل خانہ کو صبرجمیل عطا فرمائے۔

  • شدید گرمی اور سن اسٹروک کے پیش نظر احتیاطی تدابیر جاری

    شدید گرمی اور سن اسٹروک کے پیش نظر احتیاطی تدابیر جاری

    لاہور : محکمہ صحت پنجاب کی جانب سے شدید گرمی اور سن اسٹروک کے پیش نظراحتیاطی تدابیر جاری کردی گئی، ڈی جی ہیلتھ نے کہا  درجہ حرارت 40 سے 45 ڈگری تک پہنچ رہا ہے ، احتیاط کریں۔

    تفصیلات کے مطابق شدید گرمی اور سن اسٹروک کے پیش نظر محکمہ صحت پنجاب میں احتیاطی تدابیر جاری کردیں،سیکرٹری پرائمری ائنڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر کیپٹین(ریٹائرڈ) محمدعثمان نے کہا تمام اسپتالوں میں سن اسٹروک کے علاج کی ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

    کیپٹین(ریٹائرڈ) محمدعثمان نے کہا بازاری کھانوں سے پرہیز کریں، بچوں کو دھوپ میں نہ کھیلے دیں جبکہ باسی کھانوں اور گلے سڑے پھل نہ استعمال کریں، زیادہ ٹھنڈا پانی اور برف کے گولے گلا خراب کر سکتے ہیں۔

    ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر ہارون جہانگیر خان کے مطابق درجہ حرارت 40 سے 45 ڈگری تک پہنچ رہا ہے ، احتیاط کریں ، گہرے رنگ والے کپڑے پہننے سے پرہیز کریں ، شدید گرمی سے بزرگ لوگ زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔

    ڈاکٹر ہارون جہانگیر خان نے کہا انتہائی گرمی کے اوقات میں بلا ضروری گھر سے نہ نکلیں ، نمک کم سے کم استمعال کریں ، موسمی سبزی ، تازہ پھل اور ہلکے رنگ کے کپڑوں کا استمعال کریں۔

    ڈی جی ہیلتھ کا کہنا تھا کہ گھر سے نکلتے وقت گیلا تولیہ ضرور ساتھ رکھیں اور سر پر کپڑے سے ڈھانپ لیں ، دھوپ سے بچاؤ کے لئے چشمے اور مشروبات زیادہ استعمال کریں۔ ڈی جی ہیلتھ

    سونف اور الائچی کا قہوہ گرمی کا توڑ ہے ،گھر میں تیار کردہ املی اور آلو بخارے کا شربت مفید ہے،جتنی بار ممکن ہو دن میں غسل کریں۔

  • پی آئی اے طیارہ حادثہ، مزید 4 افراد کی شناخت ہو گئی

    پی آئی اے طیارہ حادثہ، مزید 4 افراد کی شناخت ہو گئی

    لاہور: پی آئی اے طیارہ حادثے کے شہدا کی شناخت کا عمل جاری ہے، یونی ورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کی ٹیم نے مزید 4 افراد کی شناخت کر لی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق گزشتہ 36 گھنٹوں کے دوارن یو ایچ ایس ماہرین نے 4 افراد کی شناخت کر لی ہے، شناخت کے بعد لواحقین کو سندھ حکومت آگاہ کرے گی۔

    چاروں افراد کی شناخت دانتوں کے علاج کے ریکارڈ کی مدد سے کی گئی ہے، جن میں سے پاک فضائیہ کے اسکواڈرن لیڈر زین العارف خان کی میت کی بھی شناخت شامل ہے۔ زین العارف خان پی آئی اے کے تباہ بدقسمت طیارے میں سوار تھے، اسکواڈرن لیڈر لاہور سے عید منانے کے لیے اپنے گھر کراچی آ رہے تھے، زین العارف خان کی تدفین آج کورنگی قبرستان میں ہوگی۔

    فرانسیسی ٹیم کی حادثے کو سمجھنے کے لیے منفرد انداز میں واقعے کا ریہرسل

    خیال رہے کہ گزشتہ روز یونی ورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کی ٹیم نے دانتوں کے ریکارڈ کی مدد سے پہلی نعش شناخت کی تھی، 62 سالہ محمد عطا اللہ کے دانتوں کے علاج کا ریکارڈ ان کی فیملی نے فراہم کیا تھا، یو ایچ ایس کی ٹیم نے حادثے میں جاں بحق ہونے والے 21 افراد کے دانتوں کا ریکارڈ بھی حاصل کر لیا ہے۔

    ادھر گزشتہ روز اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں گفتگو کرتے ہوئے یو ایچ ایس کے وائس چانسلر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا کہ شناخت کے سلسلے می ڈی این اے ٹیسٹ کی رپورٹ میں 10 سے 14 دن لگتے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ اس سے قبل بھی ڈینٹل فرانزک سے شناخت کی کوشش کی گئی تھی لیکن سپورٹ نہیں کیا گیا، حکومتیں سپورٹ کرتیں تو ڈینٹل ٹریٹمنٹ سے شناخت کا طریقہ اختیار کرتے۔

    ڈاکٹر جاوید اکرم نے پروگرام کے ذریعے اپیل کی کہ شہدا میں کسی نے ڈینٹل ٹریٹمنٹ کرائی ہو تو ان کے اہل خانہ یو ایچ ایس سے اس نمبر 03134171447 پر رابطہ کریں، ڈی این اے کی نسبت ڈینٹل ٹریٹمنٹ والوں کا جلد پتا چل سکتا ہے، کسی کا آرتھوپیڈک علاج ہوا ہے تو بھی ان کی شناخت جلد ہو سکتی ہے۔

  • شہباز شریف کے آفس سیکریٹری کرونا کا شکار

    شہباز شریف کے آفس سیکریٹری کرونا کا شکار

    لاہور: مسلم لیگ ن کے  صدر اور قومی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف  کے آفس سیکریٹری بدر شہباز کرونا وائرس کا شکار ہوگئے۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق بدر شہباز نے عید کی نماز مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کے ساتھ اُن کے گھر میں ہی ادا کی جس کے بعد اُن کی طبیعت خراب ہوئی۔

    بدر شہباز نے طبیعت ناساز ہونے کے بعد ڈاکٹر سے رجوع کیا جس پر اُن کا کرونا کی تشخیص کا ٹیسٹ کروایا گیا اور آج ہی اُن کو رپورٹ موصول ہوئی۔

    شہباز شریف کے آفس سیکریٹری کو ڈاکٹرز نے رپورٹ دیکھ کر بتایا کہ وہ کرونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں۔

    مزید پڑھیں: خیبرپختونخوا کے چیف سیکریٹری کروناوائرس کا شکار

    آفس سیکریٹری کو کرونا کی تشخیص ہونے کے بعد مسلم لیگ ن کے صدر نے گھر میں تمام افراد کا داخلہ بند کرتے ہوئے خودکو احتیاطاً قرنطینہ کرلیا ہے۔

    پنجاب کی صورت حال

    دوسری جانب محکمہ صحت پنجاب کی جانب سے جاری اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ صوبے میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا کے 579 کیسز سامنے آئے جس کے بعد مریضوں کی تعداد 20 ہزار 656 تک پہنچ گئی۔

    محکمہ صحت کے ترجمان کے مطابق نئے رپورٹ ہونے والے کیسز مقامی منتقلی کے ہیں، لاہور میں کرونا وائرس کے 318نئے کیسز سامنے آئے جبکہ صوبے میں وائرس سے متاثر ہونے والے مزید 15 افراد انتقال کرگئے جس کے بعد اب تک ہونے والی اموات کی تعداد 352 تک پہنچ گئی، اسی طرح کرونا سے صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد بھی اضافے کے بعد 6 ہزار 124 تک پہنچ گئی۔

    ہیلتھ کیئر ترجمان کے مطابق پنجاب میں اب تک دو لاکھ نو ہزار دوسو ستر افراد کے کرونا ٹیسٹ کیے گئے۔

  • کرونا وائرس ٹیسٹ کرنے والی لیبارٹریز کا کام عید میں‌ بھی جاری رہے گا

    کرونا وائرس ٹیسٹ کرنے والی لیبارٹریز کا کام عید میں‌ بھی جاری رہے گا

    اسلام آباد : پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر حکام نے کہا ہے کہ کرونا وائرس ٹیسٹ کرنے والی لیبارٹریاں عید کے دنوں میں بھی کام کرتی رہیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر حکام نے وائرس کے خلاف عید کے دنوں میں بھی جنگ جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ عید کے پہلے روز سنگل شفٹ میں کام ہوگا جبکہ باقی دو روز ڈبل شفٹ میں کام ہوگا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب کرونا وائرس ٹیسٹنگ لیبارٹریوں کا عید الفطر کی چھٹیوں کا شیڈول جاری ہوگیا، ترجمان پرائمری اینڈ ہیلتھ کیئر کا کہنا ہے کہ سیمپل لوڈ کو دیکھتے ہوئے شفٹوں کی تعداد کم زیادہ کرنے کی گنجائش بھی رکھی گئی ہے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ لیبارٹریوں میں کام کرنے والا سٹاف فرنٹ لائن ورکرز کے مترادف ہے، لیبارٹریوں میں کام کرنے والوں کی خدمات کو پوری قوم سراہتی ہے۔

    ترجمان نے کہا کہ کرونا وائرس کے خلاف جنگ میں لیبارٹری سٹاف کلیدی حیثت رکھتا ہے، عید کے دنوں میں بھی لیبارٹریوں میں کام کرنا جہاد سے کم نہیں ہوگا۔

    پرائمری اینڈ ہیلتھ کیئر ترجمان کا کہنا تھ کہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے لیبارٹری سٹاف کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان سے ملاقات کی اور وزیر اعلیٰ کی جانب سے انہیں تعریفی اسناد بھی دی جاچکی ہیں۔

    ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر کا مزید کہنا تھا کہ شفٹوں کی تعداد کم کرنے سے اسٹاف کو تازہ دم ہونے میں بھی مدد ملے گی۔