Author: حسن حفیظ

  • مریم نواز کی ہدایت پر ٹی ایچ کیو اسپتال میاں چنوں ارشد ندیم کے نام سے منسوب

    مریم نواز کی ہدایت پر ٹی ایچ کیو اسپتال میاں چنوں ارشد ندیم کے نام سے منسوب

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر گورنمنٹ تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال میاں چنوں کا نام گورنمنٹ ٹی ایچ کیو ارشد ندیم اسپتال رکھ دیا گیا۔

    صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے بتایا کہ ملک کیلیے 32 سال بعد پہلا گولڈ میڈل حاصل کرنے والے پاکستانی ارشد ندیم کو خراج تحسین پیش کرنے کیلیے ان کے نام سے اسپتال کو منسوب کیا گیا ہے۔

    خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ پنجاب حکومت گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کا واپسی پر فقیدالمثال استقبال بھی کرے گی، ارشد ندیم نے پیرس اولمپکس میں جیولن میں پہلا گولڈ میڈل حاصل کر کے پاکستان کا عالمی سطح پر نام روشن کیا ہے۔

    محکمہ صحت پنجاب نے وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر اسپتال جیولین تھرور کے نام سے منسوب کرنے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

    ارشد ندیم کو سول ایوارڈ دینے کا اعلان

    صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستانی ایتھلیٹ کو پیرس اولمپکس میں ریکارڈ کارکردگی پر ہلال امتیاز سے نوازنے کی ہدایت دے دی۔

    آصف علی زرداری ارشد ندیم کو کھیل کے میدان نمایاں خدمات کے اعتراف میں خصوصی تقریب میں سول ایوارڈ دیں گے۔

    ان کی ہدایت پر ایوانِ صدر نے ارشد ندیم کو سول ایوارڈ دینے کیلیے کابینہ ڈویژن کو خط ارسال کر دیا جس میں لکھا گیا کہ ارشد ندیم نے بہترین کارکردگی سے کھیل کے میدان میں قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔

    صدر مملکت نے لکھا کہ ارشد ندیم کی عالمی سطح پر شاندار کامیابی قوم کیلئے فخر کا باعث بنی، انہوں نے ایتھلیٹکس کے میدان میں ملک کا نام روشن کیا اس لیے ارشد کو سول ایوارڈ آئین کے آرٹیکل 259 (2) کے تحت دیا جائے گا۔

  • رواں سال پنجاب میں پہلا پولیو کیس سامنے آگیا

    رواں سال پنجاب میں پہلا پولیو کیس سامنے آگیا

    لاہور: رواں سال صوبہ پنجاب میں بھی پہلا پولیو کیس سامنے آگیا، چکوال کے رہائشی بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

    نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ کی جانب سے چکوال کے رہائشی چھ سالہ بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق کردی گئی ہے۔ رواں سال اب تک پاکستان میں جو کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، ان میں یہ بارہواں پولیو کا کیس ریکارڈ ہوا ہے۔

    ذرائع این آئی ایچ نے بتایا کہ دو پولیو کے کیسز صوبہ سندھ سے رپورٹ ہوئے جبکہ نو پولیو کے کیسز بلوچستان سے رپورٹ ہوچکے ہیں۔

    واضح رہے کہ رواں سال اپریل میں ملک بھر کے 8 شہروں کے 12 سیوریج سیمپلز میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی تھی، سیوریج میں وائلڈ پولیو وائرس ون اور وائی بی اے تھری کلسٹر پایا گیا تھا۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ کراچی، کوئٹہ، اوستہ محمد اور سبی کے سیوریج میں پولیو وائرس پایا گیا جبکہ پشاور، مستونگ، نصیر آباد اور کوہاٹ کے سیوریج میں بھی پولیو پازیٹو نکلا۔

  • اے لیول کا لیک شدہ ریاضی کا پرچہ دینے والے طلبہ کے لیے بڑی خبر

    اے لیول کا لیک شدہ ریاضی کا پرچہ دینے والے طلبہ کے لیے بڑی خبر

    لاہور: کیمبرج انٹرنیشنل امتحان کی تحقیقات میں ثابت ہو گیا ہے کہ پاکستان میں اے لیول کا ریاضی کا پرچہ لیک ہو گیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق کیمبرج انٹرنیشنل نے تحقیقات کے بعد اے لیول کے لیک ہونے والے ریاضی امتحان کے مارکس نہ دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    کیمبرج کی رپورٹ کے مطابق 2 مئی کو ریاضی کا پرچہ پاکستان میں لیک ہوا تھا، اور امتحان سے قبل بیش تر طلبہ نے ریاضی کا پرچہ دیکھ لیا تھا۔

    پاکستان میں پرچہ لیک ہونے پر کیمبرج انٹرنیشنل نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پیپر لیک ہونے سے متعلق سیکیورٹی کو مزید بڑھایا جا رہا ہے۔

    کیمبر انٹرنیشنل کے مطابق تمام طلبہ کو باقی امتحانات کی پرفارمنس اور ریاضی کے دیگر امتحانات پر نمبر ملیں گے، اور تمام طلبہ کو منصفانہ انداز میں مارکس دیے جائیں گے جس سے نقصان نہ ہو۔

    کیمبرج کا یہ بھی کہنا ہے کہ جو طلبہ دوبارہ امتحان دینا چاہتے ہیں وہ نومبر میں دے سکیں گے، طلبہ سے دوبارہ امتحان کی فیس بھی وصول نہیں کی جائے گی۔

  • پنجاب میں ڈاکٹروں کے پوسٹ گریجویشن پروگرام غیر رجسٹرڈ ہونے کا انکشاف

    پنجاب میں ڈاکٹروں کے پوسٹ گریجویشن پروگرام غیر رجسٹرڈ ہونے کا انکشاف

    لاہور: پنجاب میں ڈاکٹروں کے پوسٹ گریجویشن پروگرام غیر رجسٹرڈ ہونے کا انکشاف ہوا ہے، سیکڑوں پروگرام پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل سے منظور شدہ نہیں ہیں۔

    محکمہ صحت پنجاب کی دستاویزات میں انکشاف ہوا ہے کہ ایف سی پی ایس، ایم ڈی ایم ایس غیر رجسٹرڈ پروگرامز میں شامل ہیں، لاہور کے 13 سرکاری اسپتالوں میں بھی غیر رجسٹرڈ پروگرامز کا انکشاف ہوا ہے۔

    جناح اسپتال کے 32، سروسز اسپتال کے 31، میو اسپتال کے 3، پی آئی سی کے 5 جب کہ چلڈرن اسپتال کے 4 پروگرام غیر رجسٹرڈ نکلے ہیں۔

    حکومتی دستاویزات کے مطابق علامہ اقبال اسپتال سیالکوٹ کے 24، الائیڈ اسپتال فیصل آباد کے 17 پروگرامز کی تاحال منظوری نہیں ہوئی، بہاول وکٹوریہ اسپتال بہاولپور کے 24، ڈی ایچ کیو ساہیوال کے 34 پروگرامزغیر رجسٹرڈ نکلے ہیں۔

    دستاویزات کے مطابق شیخ زید اسپتال رحیم یار خان کے 40، علامہ اقبال اسپتال ڈی جی خان کے 32 پروگرام بھی تاحال منظور نہیں کیے گئے۔

    محکمہ صحت پنجاب کے مطابق پروگرامز کی منظوری کے لیے پی ایم ڈی سی میں رابطہ جاری ہے، جلد پوسٹ گریجویشن پروگرامز کی منظوری ہو جائے گی۔

  • لڑکیوں کے اغوا میں ملوث خاتون  گرفتار، 16 سالہ لڑکی بازیاب

    لڑکیوں کے اغوا میں ملوث خاتون گرفتار، 16 سالہ لڑکی بازیاب

    لاہور : لڑکیوں کے اغوا میں ملوث خاتون کو گرفتار کرکے 16 سالہ ماہ نور کو فیصل آباد سے بازیاب کرالیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں اغوا برائے تاوان سیل نے لڑکیوں کے اغوا میں ملوث خاتون کو گرفتارکرلیا گیا اور تھانہ نواں کوٹ سے اغوا 16 سالہ ماہ نور کو فیصل آباد سے بازیاب کرالیا۔

    پولیس نے بتایا کہ ملزمہ کے انکشاف پر3 لڑکیوں کو بازیاب کرایاگیا ہے ، ملزمہ بچیوں کو نوکری کاجھانسہ دےکرغیراخلاقی کام کراتی تھی۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ ملزمہ نے2لڑکیوں کوساڑھے3لاکھ روپےمیں فیصل آبادفروخت کیاتھا اوربعد میں اسلام آباد بھجوایا، جہاں سے ہر ماہ 60 سے 70ہزار لیتی تھی۔

    ملزمہ اور اس کا گروہ جعلی نکاح نامے اور اسٹامپ پیپرتحریرکراتےاوربلیک میل کرتےتھے، گروہ کے مزید ارکان کی گرفتاریوں کیلئےٹیمیں تشکیل دیدی گئیں ہیں۔

  • حکومتِ پنجاب کا احتجاج کرنے والے ینگ ڈاکٹرز سے مذاکرات نہ کرنے کا فیصلہ

    حکومتِ پنجاب کا احتجاج کرنے والے ینگ ڈاکٹرز سے مذاکرات نہ کرنے کا فیصلہ

    لاہور: حکومتِ پنجاب نے اسپتالوں میں احتجاج کرنے والے ینگ ڈاکٹرز سے مذاکرات نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

    صوبائی وزرا خواجہ عمران نذیر اور خواجہ سلمان رفیق کی زیرِ صدارت اجلاس میں مذکورہ فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں کل سے ڈیوٹی پر نہ آنے والے عملے کی غیر حاضری لگانے کی ہدایت کی گئی۔

    اجلاس میں صوبائی وزیر اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر سلمان رفیق نے کہا کہ گزشتہ روز صوبے کے فعال اسپتالوں کی او پی ڈیز میں 60 ہزار مریضوں کا علاج ہوا، وائس چانسلرز، ایم ایس اور پرنسپلز خود او پی ڈی میں کام کر رہے ہیں۔

    سلمان رفیق نے کہا کہ وائس چانسلرز، ایم ایس اور پرنسپلز سے بدکلامی برداشت نہیں کریں گے، اسپتالوں کا نظام خراب کرنے میں ایک سیاسی پارٹی کے ایجنڈے پر عمل ہو رہا ہے۔

    وزیر صحت پنجاب عمران نذیر نے کہا کہ حکومت بات کرنے کو تیار ہے مگر احتجاج ختم کیا جائے، احتجاج کے دوران کسی سے بات نہیں کریں گے، صحت کی سہولت مریضوں کا حق ہے اس پر سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

    عمران نذیر نے کہا کہ ریاست کی رٹ چیلنج کرنے والوں کو برداشت نہیں کریں گے، اسپتالوں سے ہڑتال کا کلچر ہمیشہ کے لیے ختم کریں گے۔

  • کرکٹرز بسمہ معروف اور محمد علی انسداد پولیو پروگرام کے سفیر مقرر

    کرکٹرز بسمہ معروف اور محمد علی انسداد پولیو پروگرام کے سفیر مقرر

    لاہور: کرکٹرز بسمہ معروف اور محمد علی کو انسداد پولیو پروگرام کے سفیر مقرر کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سربراہ انسداد پولیو پروگرام خضر افضال نے کہا ہے کہ بسمہ معروف اور محمد علی کو انسداد پولیو پروگرام کے سفیر مقرر کیا گیا ہے، کرکٹرز کی شمولیت پولیو ٹیموں کے لیے سازگار ثابت ہوگی۔

    خضر اقبال نے بتایا کہ بسمہ اور علی کی پولیو کے انسداد کے لیے کاوشیں قابل داد ہیں، قومی ہیروز والدین کے ساتھ رابطہ کاری میں مدد دے رہے ہیں۔ انھوں نے کہا پنجاب میں پولیو کی مقامی افزائش کا چیلنج درپیش ہے، اور ان کی ترجیح 100 فی صد بچوں کو قطرے پلانا ہے۔

    بسمہ معروف نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان سے پولیو کا خاتمہ ہماری ترجیح ہونی چاہیے، پولیو کے مکمل خاتمے تک سخت نگرانی کی ضرورت ہے، کرکٹر محمد علی نے کہا کہ ہم پولیو ٹیموں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

  • عید الاضحیٰ کے موقع پر کتنا گوشت کھانا چاہیے؟ ماہر امراض قلب نے بتا دیا (ویڈیو)

    عید الاضحیٰ کے موقع پر کتنا گوشت کھانا چاہیے؟ ماہر امراض قلب نے بتا دیا (ویڈیو)

    عام طور سے عید الاضحیٰ کے موقع پر لوگ بہت زیادہ مقدار میں گوشت خوری کرتے ہیں، جن سے وہ صحت کے کئی مسائل کا شکار ہو جاتے ہیں۔

    ماہر امراض قلب پروفیسر ڈاکٹر پرویز چوہدری نے اس سلسلے میں بتایا ہے کہ عید قرباں پر زیادہ گوشت کھانے سے احتیاط کریں، جہاں گیسٹرو کے مسائل سامنے آتے ہیں وہیں دل کے مریضوں کے لیے بھی خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

    ایسے میں عید کے موقع پر گوشت کھانے میں کیسے توازن برقرار رکھا جائے؟ اس سلسلے میں پروفیسر ڈاکٹر پرویز چوہدری نے بتایا کہ اگر مریض کا دل ٹھیک ہے تو زیادہ گوشت کھانے سے گیسٹرو کا مرض تو ہو سکتا ہے، تاہم دل یہ بوجھ برداشت کر جائے گا، ایک دو مرتبہ ایسا کرنے سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔

    انھوں نے کہا کہ اگر کوئی ہارٹ فیلیئر کا مریض ہے، یعنی پہلے دل کا مسئلہ ہو چکا ہے، وہ جب زیادہ گوشت کھا کر اپنے معدے کو اس سطح تک بھرتا ہے تو اس سے دل کا آؤٹ پٹ معدے کی طرف زیادہ ہو جاتا ہے، عام حالت میں یہ آؤٹ پٹ 5 سے 10 فی صد ہوتا ہے، ایسے میں یہ 30 سے 40 فی صد تک چلا جاتا ہے۔

    ڈاکٹر پرویز نے بتایا کہ ایسے وقت یہ افراد خطرے سے دوچار ہوتے ہیں، اور انھیں ہارٹ اٹیک بھی ہو سکتا ہے، اس لیے دل کے مریض کو ایک ہفتے میں آدھا کلو سے لے کر 3 پاؤ تک گوشت کھانا چاہیے، اتنی مقدار میں ہمارا جسم گوشت کو برداشت بھی کر لیتا ہے اور اس کی ضرورت بھی ہے۔

  • سابق ایم ایس جناح اسپتال ڈاکٹر امجد محمود پیٹ میں گولی لگنے سے شدید زخمی

    سابق ایم ایس جناح اسپتال ڈاکٹر امجد محمود پیٹ میں گولی لگنے سے شدید زخمی

    لاہور: جناح اسپتال لاہور کے سابق ایم ایس ڈاکٹر امجد محمود پیٹ میں گولی لگنے سے شدید زخمی ہو گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے نواب ٹاؤن میں فائرنگ سے سابق ایم ایس جناح اسپتال ڈاکٹر امجد محمود زخمی ہو گئے، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ ڈاکٹر امجد کے گھر پر پیش آیا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سابق ایم ایس کو ڈکیتی مزاحمت پر ڈاکوؤں نے گولی مار کر زخمی کیا ہے، دو نا معلوم ڈکیت ڈاکٹر امجد محمود کے گھر میں داخل ہوئے، آواز سن کر ڈاکٹر امجد اٹھے تو ڈاکوؤں نے فائرنگ کر دی، ڈاکٹر امجد پیٹ میں گولی لگنے سے زخمی ہو گئے۔

    پولیس ذرائع کے مطابق زخمی ڈاکٹر امجد محمود جناح اسپتال میں زیر علاج ہیں، واقعے سے متعلق تفتیش جاری ہے، قریبی علاقوں کے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز حاصل کی جا رہی ہیں، جب کہ ڈاکٹر امجد کے ہوش میں آنے کے بعد ان کا بیان قلم بند کیا جائے گا، فرانزک ٹیموں کی مدد سے شواہد بھی جمع کر لیے گئے ہیں۔

  • یاسمین راشد کی جیل میں اچانک طبیعت بگڑ گئی

    یاسمین راشد کی جیل میں اچانک طبیعت بگڑ گئی

    لاہور: سابق صوبائی وزیر و رہنما پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) یاسمین راشد کی کوٹ لکھپت جیل میں طبیعت اچانک بگڑ گئی۔

    ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ یاسمین راشد کی طبیعت ناساز ہونے پر انہیں علاج کیلیے سروسز اسپتال منتقل کر دیا گیا، وہ جیل میں بے ہوش ہوگئی تھیں۔

    ذرائع نے بتایا کہ سخت گرمی کی وجہ سے یاسمین راشد کا جیل میں بلڈ پریشر ہائی ہوگیا تھا جس کی وجہ سے وہ جیل میں بے ہوش ہوئیں

    سروسز اسپتال میں پی ٹی آئی رہنما کا علاج جاری ہے۔ سخت گرمی کی وجہ سے آئی جی جیل خانہ جات نے کوٹ لکھپت جیل میں ائر کولر لگانے کا حکم دیا تھا۔

    یاسمین راشد 9 مئی کے پُرتشدد واقعات میں ملوث ہونے کے باعث قید ہیں۔ فروری میں گاڑیاں اور تھانہ شادمان جلانے کے مقدمات میں ان سمیت محمود الرشید اور اعجاز چوہدری پر فردِ جرم عائد کی گئی تھی۔

    اس سے قبل اپریل میں یاسمین راشد کو طبیعت ناسازی کے باعث جیل سے اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ ان کو سانس کی تکلیف اور کھانسی کی شکایت تھی، اسپتال میں ان کا میڈیکل ایمرجنسی میں معائنہ کیا گیا تھا۔

    ذرائع بتایا تھا کہ پی ٹی آئی رہنما کا پلمونولوجی اور میڈسن کے ڈاکٹرز نے چیک اپ کیا تھا۔