Author: حسن حفیظ

  • پی آئی اے انتظامیہ اور فضائی عملے میں کشیدگی ختم

    پی آئی اے انتظامیہ اور فضائی عملے میں کشیدگی ختم

    اسلام آباد: پی آئی اے انتظامیہ نے پائلٹس کے ساتھ ساتھ فضائی عملے کو بھی راضی کرنا شروع کردیا۔

    انٹرنیشنل پروازوں پر فضائی عملے کا رکا ہوا بین الاقوامی سلپ الاؤنس بحال کر دیا گیا ہے اور اس حوالے سے چیف ہومن ریسورس آفیسر ائیرکموڈور عامر الطاف نے نوٹیفیکیشن جاری کردیا ہے۔

    سی ای او ایئر مارشل ارشد ملک کی ہدایت پر پی آئی اے انتظامیہ نے بین الاقوامی پروازوں کی روانگی سے پہلے فضائی میزبانوں کو انٹرنیشنل سلپ الاونس ادا کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے، پالپا کےمذاکرات کامیاب، قومی ایئر لائن کا آپریشن بحال

    روانگی سے پہلے آئندہ فضائی عملے کو انٹرنیشنل سلپ الاؤنس ائیرپورٹ پر نقد ادا کر دیا جائے گا۔فضائی میزبانوں کا الاؤنس آئی پی آئی اے کے بڑھتے ہوئی خسارے کے باعث پچھلے کئی ماہ سے بند تھا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز سیکریٹری ایوی ایشن اور پائلٹس ایسوسی ایشن (پالپا) کے درمیان مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد قومی ایئرلائن کا آپریشن بحال ہوگیا تھا۔

    پی آئی اے اور پالپا کے درمیان کامیاب مذاکرات کے بعد تحریری معاہدہ طے پایا، پالپا کے نائب صدر اور ڈائریکٹر پی آئی اے نے معاہدے پر دستخط کیے تھے۔

  • لاہور میں کرونا وائرس سے ایک اور شخص جاں بحق

    لاہور میں کرونا وائرس سے ایک اور شخص جاں بحق

    لاہور: کرونا وائرس سے جناح اسپتال لاہور میں ایک اور شخص جاں بحق ہو گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور میں ایک اور کرونا وائرس کا مریض جاں بحق ہو گیا ہے، مغل پورہ کے رہایشی 44 سال کے شخص کو 4 روز قبل کوارنٹین سینٹر منتقل کیا گیا تھا۔

    ایم ایس جناح اسپتال کا کہنا تھا کہ متاثرہ مریض کا کرونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا تھا، مریض میں کرونا کی شدید علامات تھیں اور وہ مختلف بیماریوں کا شکار تھا۔

    محکمہ صحت کے مطابق لاہور میں کرونا وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 10 ہو گئی ہے، جب کہ پنجاب بھر میں جاں بحق افراد کی تعداد 16 ہو گئی۔ ترجمان محکمہ صحت کے مطابق پنجاب میں کرونا وائرس کے مزید 78 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے، جس کے بعد صوبے میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 2108 ہو گئی۔

    ترجمان کے مطابق 695 مریضوں کا تعلق زائرین سینٹرز سے ہے، 744 رائے ونڈ سے منسلک افراد ہیں، 58 قیدیوں میں تصدیق ہوئی، جب کہ 744 عام شہری ہیں، اب تک جن میں کرونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔ زائرین کی تفصیل کے مطابق ڈی جی خان میں 220 زائرین، ملتان میں 457 زائرین، فیصل آباد میں 18 زائرین میں کرونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔

    اسسٹنٹ کمشنر چشتیاں کا کہنا تھا کہ آج 3 سال کی بچی میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، جس کے بعد چشتیاں میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 5 ہو گئی، 3 خواتین سمیت 5 افراد کو قرنطینہ سینٹر منتقل کر دیا گیا ہے۔ بھکر کے اسٹنٹ کمشنر کے مطابق آج 11 افراد کے کرونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں جنھیں ڈی ایچ کیو اسپتال بھجوا دیا گیا ہے، قرنطینہ کیے گئے 34 افراد کو ٹیسٹ منفی آنے پر گھر بھیج دیا گیا۔

    اسسٹنٹ کمشنر پسرور عامر شہزاد کے مطابق شہر میں کرونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 25 ہو گئی ہے، ایران سے آنے والے 53 زائرین میں سے 18 میں کرونا کی تصدیق ہو گئی ہے، 29 زائرین کی رپورٹ نیگٹو ہے جب کہ 6 کی رپورٹ آنا باقی ہے، خیال رہے کہ ایران سے آئے زائرئن ملتان قرنطینہ سے کلیئر ہو کر پسرور پہنچے تھے۔

  • ٹورنٹو سے آنے والے پی آئی اے کے 5 ملازمین میں کرونا وائرس کی تصدیق

    ٹورنٹو سے آنے والے پی آئی اے کے 5 ملازمین میں کرونا وائرس کی تصدیق

    لاہور: ٹورنٹو سے آنے والے پی آئی اے کے 5 ملازمین میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز 2 پائلٹس اور ایک ایئرہوسٹس کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا، باقی 2 ملازمین میں آج کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

    یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کا متاثرہ عملہ لاہور کے اسپتال میں زیرعلاج ہے۔

    پی آئی اے کے سی ای او ایئر مارشل ارشد ملک کا خصوصی پیغام میں کہنا تھا کہ پی آئی اے کا فضائی عملہ قومی ہیروز ہیں جو خطرات کے باوجود بیرون ملک بے یارو مددگار ہم وطنوں کو واپس لانے کے لیے مستعد اور سرگرم ہے۔

    مزید پڑھیں: پائلٹس کے بعد پی آئی اے کی ایئرہوسٹس میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق

    ان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے ہر قومی خدمت میں ایک قدم آتے کھڑی ہوتی ہے جب بھی ملک کو ضرورت پڑی پی آئی اے تمام وسسائل بروئے کار لاتے ہوئے خدمات سر انجام دیتی ہے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل پی آئی اے کے پائلٹس کے بعد ایک ایئرہوسٹس میں بھی کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی، جس کے بعد متاثرہ ایئرہوسٹس کو ایکسپو سینٹر لاہور قرنطینہ منتقل کردیا گیا تھا۔

    یاد رہے قومی ائیرلائن ( پی آئی اے ) کے دو پائلٹس میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی ،دونوں پائلٹ گزشتہ روز ٹورنٹو سے لاہور آئے تھے، متاثرہ پائلٹس کو اسپتال کےآئیسولیشن وارڈ میں منتقل کردیا گیا تھا۔

  • پی آئی اے کے 2 پائلٹ کورونا وائرس کا شکار

    پی آئی اے کے 2 پائلٹ کورونا وائرس کا شکار

    لاہور :قومی ائیرلائن ( پی آئی اے ) کے دو پائلٹ میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی،دونوں پائلٹ گزشتہ روز ٹورنٹو سے لاہور آئے تھے جبکہ چار پائلٹس کے نتائج منفی آئے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ائیرلائن ( پی آئی اے ) کے دو پائلٹ کی کوروناٹیسٹ رپورٹ مثبت اور چار پائلٹس کےنتائج منفی آگئے، متاثرہ پائلٹس کو اسپتال کےآئیسولیشن وارڈ میں منتقل کردیاگیا ہے۔

    محکمہ صحت پنجاب کا کہنا ہے کہ پی آئی اےکےدوپائلٹ میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی،دونوں پائلٹ گزشتہ روزٹورنٹوسےلاہو رآئےتھے۔،پائلٹس کواسپتال کےآئسولیشن وارڈمنتقل کردیا گیا ہے جبکہ پائلٹ سمیت پانچ افراد کئی روزسےٹورنٹومیں پھنسے ہوئے تھے۔

    دوسری جانب لندن سے آنے والے چاروں پائلٹس اور کریو کا کورونا ٹیسٹ منفی آیا، ترجمان قومی ایئرلائن کے مطابق سیکریٹری صحت سندھ نے پائلٹس اور کریو کو جانے کی اجازت دے دی، لندن سے واپسی پرچاروں پائلٹ اورعملے کو قرنطینہ منتقل کیا گیا تھا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ائی اے کے تین پائلٹ اور دو کیبن کرو میں کرونا وائرس کے شبے میں پی آئی اے عملے کو لاہور میں ہوٹل سے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق پی ائی اے کا یہ عملہ ٹورنٹو سے پرواز لیکر واپس ایا تھا، عملے میں کرونا وائرس کے ٹیسٹ میں کچھ علامات سامنے آئیں، جس پر انھیں مال روڈ کے ایک مقامی فائیو اسٹار ہوٹل سے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے

    ذرائع کا کہنا ہے کہ دوبارہ ٹیسٹ پازیٹیو انے پر ان کو کورنٹائن کر دیا جائے گا، پالپا نے انہی خدشات کے پیش نظر پروازیں اڑانے سے انکار کر دیا ہے۔

  • بھارت سے آنیوالے 3پاکستانی شہریوں میں کورونا وائرس کی تشخیص

    بھارت سے آنیوالے 3پاکستانی شہریوں میں کورونا وائرس کی تشخیص

    لاہور : بھارت سےآنیوالے 3پاکستانی شہریوں میں کوروناوائرس کی تشخیص ہوگئی، جس کے بعد تینوں کو سروسز اسپتال کے آئسولیشن مرکز منتقل کردیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت سےآنیوالے 3پاکستانی شہریوں میں کوروناوائرس کی تشخیص ہوگئی ، محکمہ صحت پنجاب کا کہنا ہے کہ مریض، اس کے اٹنڈنٹ اور ڈونر تینوں کے کوروناٹیسٹ مثبت آئے۔

    محکمہ صحت پنجاب نے کہا کہ تینوں افرادلاہور کے رہائشی اوربھارت میڈیکل ویزےپر گئےتھے، کورونا مریضوں کو سروسز اسپتال کے آئسولیشن مرکز منتقل کردیا گیا ہے۔

    ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ تینوں افراد 8مارچ کو جگر کی پیوندکاری کیلئےبھارت گئے تھے جبکہ بھارت سے 29 مارچ کو 5پاکستانیوں کی خصوصی انتظام سے واپسی ہوئی تھی۔

    محکمہ صحت نے بتایا بھارت سے واپس آنے پر تمام افراد کو قرنطینہ میں رکھا گیاہے، قرنطینہ میں ٹیسٹ کےدوران 3افرادکےٹیسٹ مثبت آئے۔

    خیال رہے محکمہ صحت پنجاب کے مطابق صوبےمیں کوروناکےکنفرم مریضوں کی تعداد 740ہو گئی ہے جبکہ کورونا سے9 اموات اور 5 مریض صحت یاب ہو چکےہیں۔

  • پرائیویٹ اسکولز مالکان سے فیس میں  20 فیصد کمی کی درخواست

    پرائیویٹ اسکولز مالکان سے فیس میں 20 فیصد کمی کی درخواست

    لاہور : وزیر تعلیم پنجاب ڈاکٹر مراد راس نےپرائیویٹ اسکولزمالکان سےفیس میں20فیصدکمی کی درخواست کردی اور کہا اسکولوں کی فیس میں کمی کی بات عوامی مفاد کیلئے ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر تعلیم پنجاب ڈاکٹر مراد راس کی زیر صدارت پرائیویٹ اسکولوں کی فیسوں پراجلاس ہوا ، جس میں وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت،سی ای او لاہور،پرائیویٹ اسکول مالکان نے شریک کی۔

    اجلاس میں ڈاکٹر مراد راس نے کہا پوری دنیا کو اس وقت ایک بڑے چیلنج کا سامنا ہے، مشکل وقت میں ہم سب کوملکر حالات کا سامنا کرنا ہے، 31 مئی 2020 تک دی چھٹیاں گرمیوں کی چھٹیاں تصور کی جائیں گی۔

    وزیر تعلیم پنجاب کا کہنا تھا کہ ہماری ہر ممکن کوشش ہو گی تعلیمی کیلنڈر کومکمل کیا جا سکے، ایسالائحہ عمل ترتیب دینا ہے جو عوام کے لئے مفیدثابت ہو۔

    انھوں نے کہا کہ پرائیویٹ اسکولزفیس میں کمی سے حکومت کو فائدہ نہیں، پرائیویٹ اسکولزفیس میں کمی کی بات عوامی مفاد کیلئے ہے ، پرائیویٹ اسکولوں کے مالکان سے فیس میں20فیصدکمی کی درخواست کی ہے اور کہا ہے کہ کوئی بھی پرائیویٹ اسکول اساتذہ کو نوکری سے نہ نکالے۔

    ڈاکٹر مراد راس کا کہنا تھا کہ پرائیویٹ اسکول مالکان حکومتی تجویز پرکمی کے حوالےسے فیصلہ کریں گے، پرائیویٹ اسکولوں کے مالکان سے 20 فیصدکمی کی گزارش اپریل اور مئی کیلئے کی گئی۔

    راجہ بشارت کا کہنا تھا کہ کوئی بھی ایسا طبقہ نہیں جو اس وبا کےاثرات سے متاثر نہ ہوا ہو۔

  • لاہور: میو اسپتال کی نرس میں کورونا وائرس کی تصدیق

    لاہور: میو اسپتال کی نرس میں کورونا وائرس کی تصدیق

    لاہور: میو اسپتال کی نرس میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ،ترجمان اسپتال کا کہنا ہے کہ نرس آئسولیشن وارڈ میں کام کر رہی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے میو اسپتال کی نرس میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی، ترجمان میو اسپتال نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ نرس میں علامات ظاہرہونے پرنرس کاٹیسٹ کرایاگیا، وہ آئسولیشن وارڈ میں کام کر رہی تھی۔

    دوسری جانب محکمہ صحت پنجاب نے کہا ہے کہ صوبے میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 658 ہے جبکہ وائرس سے اموات کی تعداد 9 ہو چکی ہے۔

    ترجمان کے مطابق صوبے میں کرونا وائرس کے 8 مریض صحت یاب ہوئے، تمام کنفرم مریض آئسولیشن وارڈز میں رکھے گئے ہیں، ڈی جی خان میں 207 زائرین، ملتان سے 89 زائرین زیر علاج ہیں، رائیونڈ کوارنٹین میں 27، فیصل آباد کوارنٹین میں 5 کرونا مریض ہیں۔

    خیال رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق ملک بھر میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد بڑھ کر 1865 ہو گئی ہے، جب کہ وائرس سے اموات 25 تک پہنچ گئیں۔

  • لاہور کے میو اسپتال میں کرونا مریض کی موت معمہ بن گئی

    لاہور کے میو اسپتال میں کرونا مریض کی موت معمہ بن گئی

    لاہور: صوبہ پنجاب میں کرونا وائرس کے مریض کی موت معمہ بن گئی، میواسپتال انتظامیہ کی جانب سے مریض کے ساتھ ناروا سلوک کا انکشاف ہوا ہے۔

    ذرائع کے مطابق لاہور کے میواسپتال میں شیخوپورہ سے تعلق رکھنے والے کرونامریض نے طبیعت خراب ہونے پر ڈاکٹر سے وینٹی لیٹر مانگا، وینٹی لیٹر دینے کے بجائے مریض کو رسیوں سے باندھ دیا گیا۔

    ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ مریض کو 2وارڈز بوائے نے مل کر رسیوں سے باندھا، مریض صبح کے وقت واش روم گیا اور بیس منٹ تک باہر نہیں آیا، بعد ازاں واش روم کا دروازہ توڑنے پر مریض کی لاش ملی۔

    خیال رہے کہ آج لاہور کے میو اسپتال میں شیخوپورہ سے تعلق رکھنے والے 70 سالہ شہری کی کروناوائرس سے موت واقع ہوئی۔ محکمہ صحت پنجاب نے ہلاکت کی تصدیق بھی کی۔

    پاکستان میں ایک اور کورونا وائرس کا مریض چل بسا، تعداد 10 ہوگئی

    ترجمان ہیلتھ کیئر کا کہنا تھا کہ پنجاب میں کروناوائرس سےجاں بحق افراد کی تعداد 4ہوگئی ہے، لاہور میں تین اور راولپنڈی میں ایک مریض جاں بحق ہوا۔

    ترجمان نے مزید کہا کہ پنجاب میں کرونا وائرس کے419 کنفرم مریض ہیں، ڈی جی خان سے207 زائرین، ملتان سے19زائرین اور لاہورمیں 113 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔

  • پاکستان میں ایک اور کورونا وائرس کا مریض چل بسا، تعداد 10 ہوگئی

    پاکستان میں ایک اور کورونا وائرس کا مریض چل بسا، تعداد 10 ہوگئی

    لاہور : لاہور میں کورونا وائرس میں مبتلا ایک اور شخص جان کی بازی ہار گیا، جس کے بعد وائرس سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 10 ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت پنجاب نے لاہور کے میو اسپتال میں کورونا وائرس سے ایک شخص کے جاں بحق ہونے تصدیق کردی اور کہا جاں بحق 70سالہ شخص شیخوپورہ کا رہائشی تھا۔

    ترجمان ہیلتھ کیئر کا کہنا ہے کہ پنجاب میں کوروناوائرس سےجاں بحق افراد کی تعداد 4ہوگئی ہے، لاہور میں تین اور راولپنڈی میں ایک مریض جاں بحق ہوا۔

    ترجمان نے کہا ہے کہ پنجاب میں کورونا وائرس کے419 کنفرم مریض ہیں، ڈی جی خان سے207 زائرین، ملتان سے19زائرین اور لاہورمیں 113 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔

    ہیلتھ کیئر کے ترجمان کا کہنا تھا کہ گجرات میں 22، گوجرانوالہ میں 8،جہلم میں 19 ،پنڈی میں 12، ملتان میں 3، فیصل آباد میں 3 ، منڈی بہاالدین 2 کورونا کے کیسز ہیں۔

    ترجمان کے مطابق نارروال ، رحیم یار خان اور سرگودھا میں ایک ایک مریض اور اٹک ،بہاولنگر میں بھی ایک ایک، میانوالی میں 2 مریضوں میں تصدیق ہوئی۔

    خیال رہے ملک بھر میں کورونا کےکیسزکی تعدادبارہ سو پینتیس ہوگئی ہے، سندھ میں 429 ،بلوچستان میں 131 ،خیبرپختونخوامیں147 ،گلگت بلتستان میں اکیانوے،آزادکشمیرمیں دوہوگئی جبکہ   متاثرہ 23 مریض صحت یاب ہوئے۔

  • جناح اسپتال لاہور سے فرار کرونا کی مریضہ ایک اور اسپتال سے مل گئی

    جناح اسپتال لاہور سے فرار کرونا کی مریضہ ایک اور اسپتال سے مل گئی

    لاہور: جناح اسپتال سے کرونا کی تصدیق شدہ مریضہ کے فرار ہونے کا معاملہ حل ہو گیا ہے، مریضہ لاہور کے سروسز اسپتال سے مل گئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق 2 روز قبل لاہور کے جناح اسپتال سے فرار ہونے والی 24 سالہ کرونا وائرس کی مریضہ ثمن سروسز اسپتال سے مل گئی ہے، خاندانی ذرایع نے بتایا ہے کہ مریضہ جناح اسپتال میں علاج سے مطمئن نہیں تھی، اسپتال انتظامیہ نے غفلت چھپانے کے لیے فرار کا الزام لگایا۔

    مریضہ نے نجی لیب سے کرونا کا ٹیسٹ کرایا تھا جو مثبت آ گیا تھا، سروسز اسپتال کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ مذکورہ مریضہ گزشتہ روز اسپتال میں علاج کے لیےآئی تھی، اب مریضہ کے دوبارہ سرکاری کرونا ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں، جب کہ مریضہ کو سروسز اسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں رکھا گیا ہے۔

    لاہور ، جناح اسپتال سے کورونا کی مریضہ فرار

    خیال رہے کہ مذکورہ مریضہ لاہور کے جناح اسپتال کے ہائی ڈپنڈینسی یونٹ میں داخل تھی، جب وہ بغیر بتائے اسپتال سے چلی گئی تو اسپتال انتظامیہ نے پولیس کو رپورٹ کرتے ہوئے مریضہ کے تمام کوائف فراہم کر دیے۔ مریضہ کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہ گلشن راوی کے علاقے کی رہایشی ہے۔

    واضح رہے کہ پاکستان میں کرونا کو شکست دینے والوں کی تعداد 21 ہو گئی ہے جب کہ ملک بھر میں 1102 افراد کرونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں جب کہ 8 افراد وائرس کا شکار ہو کر جاں بحق ہو چکے ہیں۔ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں سب سے زیادہ 417 افراد وبا سے متاثر ہیں، پنجاب میں 323، بلوچستان میں117، گلگت بلتستان میں 84، خیبر پختون خوا میں 121، اسلام آباد میں 25 کیس رپورٹ ہو چکے ہیں۔