Author: حسن حفیظ

  • گولڈ میڈل جیتنے والے پہلوان انعام بٹ کا وطن واپسی پر شاندار استقبال

    گولڈ میڈل جیتنے والے پہلوان انعام بٹ کا وطن واپسی پر شاندار استقبال

    لاہور: دوحہ ورلڈ بیچ گیمز میں گولڈ میڈل جیتنے والے پاکستانی پہلوان انعام بٹ وطن واپس پہنچ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ورلڈ بیچ گیمز میں گولڈ میڈل جیت کر قوم کا سر فخر سے بلند کرنے والے پہلوان انعام بٹ کا وطن واپسی پر شاندار استقبال کیا گیا۔

    لاہور ایئرپورٹ پر پاکستانی پہلوان کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے اور ان کے حق میں نعرے بازی کی گئی۔

    انعام بٹ نے اپنا تمغہ کشمیری بہن بھائیوں کے نام کردیا ساتھ ہی ریسلنگ پر عدم توجہ پر حکومت اور فیڈریشن کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔

    انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپنا میڈل کشمیری عوام کے نام کرتا ہوں، کشمیری بہن بھائیوں پر مظالم ڈھائے جارہے ہیں۔

    مزید پڑھیں: پاکستانی پہلوان انعام بٹ نے ورلڈ بیچ ریسلنگ میں گولڈ میڈل جیت لیا

    ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان نے ریسلنگ میں 70 میڈلز حاصل کیے لیکن اسکے باوجود ریسلنگ پر کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے اگر حکومت ریسلنگ فیڈریشن اور اسپورٹس بورڈ پنجاب پر توجہ دے تو کئی انعام بٹ پیدا ہوسکتے ہیں۔

    انعام بٹ نے وفاقی وزیر فہمیدہ مرزا کی جانب سے پھولوں کا گلدستہ بھیجنے اور قومی کرکٹرز وہاب ریاض، شعیب ملک کی جانب سے ٹویٹ کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

    واضح رہے کہ دو روز قبل پاکستانی پہلوان انعام بٹ نے دوحہ میں ورلڈ بیچ ریسلنگ میں گولڈ میڈل جیتا تھا۔

    انعام بٹ نے فائنل میں جارجیا کے ریسلر داتو مارسا گیشولی کو 2-5 سے شکست دی تھی۔ جیت کے بعد پاکستانی پہلوان نے قومی پرچم لہراتے ہوئے گراؤنڈ کا چکر لگایا تھا۔

  • لاہور: لیجنڈ کرکٹر عبدالقادر سپرد خاک

    لاہور: لیجنڈ کرکٹر عبدالقادر سپرد خاک

    لاہور: لیجنڈ‌ کرکٹر عبدالقادر کی نماز  جنازہ لاہور میں ادا کر دی گئی، نمازجنازہ میں اہم شخصیات اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

    تفصیلات کے مطابق ممتاز لیگ اسپنر کے جنازے میں سابق اور موجودہ کرکٹرز بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔

    پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان اوردیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد بھی اس موقع پر موجود تھے.

    گزشتہ روز حرکت قلب بند ہونے کے باعث جہان فانی سے کوچ کرنے عبدالقادر کو آہوں اور سسکیوں میں سپرد خاک کیا گیا۔

    خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے عبدالقادر کی وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ٹویٹ کیا کہ تھا کہ غم کی اس گھڑی میں میری دعائیں عبدالقادرکے اہل خانہ کے ساتھ ہیں، وہ باصلاحیت انسان تھے اور اب تک کے سب سے بڑے لیگ اسپنرزمیں سے ایک تھے.

    مزید پڑھیں: عبد القادر  ڈریسنگ روم کی جان تھے، وزیراعظم

    کرکٹ کے تجزیہ کار عبدالقادر کو گلگی کا موجد ٹھہراتے ہیں. انھوں نے 67 ٹیسٹ اور 104 ون ڈے انٹر نیشنل میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی اور کئی میچز  میں‌ پاکستان کو کامیابی دلائی.

  • لاہور، سابق ٹیسٹ کرکٹر عبدالقادر انتقال کرگئے

    لاہور، سابق ٹیسٹ کرکٹر عبدالقادر انتقال کرگئے

    لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق لیگ اسپنر عبدالقادر دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے سابق ٹیسٹ کرکٹر عبدالقادر دل کا دورہ پڑنے 63 برس کی عمر میں‌ انتقال کرگئے، عبدالقادر کو دل کا دورہ پڑنے پر اسپتال لے جایا جارہا تھا کہ وہ راستے میں ہی انتقال کرگئے۔

    ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ عبدالقادر اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی انتقال کرچکے تھے، بیٹے سلمان قادر نے کہا ہے کہ میرے والد کو دل کا کوئی عارضہ لاحق نہیں تھا۔

    گلوکار وارث بیگ نے عبدالقادر کے گھر کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ عبدالقادر کی نماز جنازہ آج بعد نماز عصر ادا کی جائے گی جبکہ تدفین میاں میر قبرستان میں ہوگی۔

    سابق لیگ اسپنر عبدالقادر 15 ستمبر 1955 کو پنجاب کے شہر لاہورمیں پیدا ہوئے، عبدالقادر کے چار بیٹے ہیں جن میں رحمان قادر، عمران قادر، سلمان قادر اور عثمان قادر شامل ہیں۔

    عبدالقادر کا شمار اپنے دور کے مایہ ناز لیگ اسپنرز میں ہوتا تھا انہوں نے متعدد مقامات پر پاکستانی کرکٹ ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کرایا، کرکٹ میں گگلی بھی عبدالقادر نے متعارف کرائی تھی۔

    واضح رہے کہ عبدالقادر نے 67 ٹیسٹ اور 104 ایک روزہ میچوں میں پاکستان کی نماندگی کی اور بالترتیب 236 اور 132 وکٹیں حاصل کیں۔

    خیال رہے کہ قومی کرکٹر عمر اکمل مرحوم عبدالقادر کے داماد تھے، 17 اپریل 2014 کو مڈرل آرڈر بلے باز عمر اکمل کی شادی عبدالقادر کی صاحبزادی نور آمنہ سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے۔

    چیئرمین پی سی بی احسان مانی اور ایم ڈی پی سی بی وسیم خان نے عبدالقادر کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

    احسان مانی نے کہا کہ عبدالقادر کے اچانک انتقال کا سن کر بہت دکھ ہوا ہے، وہ ایک لیجنڈری کرکٹر اور بہترین انسان تھے، ان کی کرکٹ میں خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

    پی سی بی کے منیجنگ ڈائریکٹر وسیم خان نے کہا کہ سابق مایہ ناز لیگ اسپنر عبدالقادر کی وفات کا سن کر یقین نہیں آرہا ہے۔

    عبدالقادر کے انتقال پر موجودہ و سابق کھلاڑیوں سمیت سیاسی و سماجی شخصیات نے بھی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی ہے۔

  • پنجاب کے ٹیچنگ اسپتالوں کے لیے نیا آرڈیننس جاری کرنے کی تیاری مکمل

    پنجاب کے ٹیچنگ اسپتالوں کے لیے نیا آرڈیننس جاری کرنے کی تیاری مکمل

    لاہور: پنجاب کے ٹیچنگ ہسپتالوں میں اصلاحات کا آرڈیننس نافذ کرنے کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں، اس ایکٹ کو نجکاری آرڈیننس بھی کہا جارہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب میڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوٹ ایکٹ 2019 نافذ کرنے کے لیے گزٹ تیارکرلیا گیا ہے اور کسی بھی وقت اس کا آرڈیننس جاری کیا جاسکتا ہے۔

    گزٹ کے مطابق ٹیچنگ ہسپتالوں کا نظام پرائیویٹ افراد پر مشتمل بورڈ آف گورنر کے سپرد ہو گا۔بورڈ آف گورنرز اس آرڈیننس کے تحت ٹیچنگ ہسپتالوں میں مفت علاج کی فراہمی جاری رکھنے یا اس سلسلے کو بند کرنے کا اختیار رکھتے ہیں۔

    اس دستاویز میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ مالی اور انتظامی انتظامات اب بورڈ آف گورنرز کے سپرد کر دیئے جائیں گے، ٹیچنگ ہسپتالوں کا نظام چلانے کے لیے پرنسپل اور ایم ایس کا عہدہ ختم کردیا جائے گا اورڈین، ہسپتال ڈائریکٹرز، میڈیکل ڈائریکٹرز، نرسنگ ڈائریکٹر کاعہدہ متعارف کرایا جائے گا۔

    بور ڈ کے ارکان کا تقرر کمیٹی کی جانب سے بھیجے گئے ناموں میں سے کیا جائے گا اور ان کے عہدے کی مدت تین سال کے لیے ہوگی۔ ایک بار منتخب ہونے والے ممبر کو دوبارہ بھی منتخب کیا جاسکتا ہے۔ بورڈ کا ایک چیئر مین بھی ہوگا اور یہ بورڈ سال میں تین بار لازمی ملاقات کرے گا اور ایک سالانہ میٹنگ بھی لازمی ہوگی۔

    بورڈ پنجاب کے تمام ٹیچنگ اسپتالوں کے مالی اور انتظامی معاملات بھی دیکھے گا اور اسپتالوں کا تمام تر ریکارڈ بھی الیکٹرانک فارم میں رکھنے کا اہتمام کرے گا۔ ساتھ ہی ساتھ بورڈ اسپتالوں کا آڈٹ بھی کرے گا۔
    بور ڈ کے پاس اختیار ہوگا کہ وہ نئے شعبہ جات کے قیام کی منظوری دے اور نئی تعیناتیاں کریں ، تاہم بورڈ کے پاس دو ملین سے زیادہ مالیت کی اسپتال کی املاک ازخود بیچنے کا اختیار نہیں ہوگا۔ اس کے لیے وزیر ِ صحت سے منظوری لازمی ہوگی۔

  • حفاظتی ٹیکہ جات، لاہور کی ناقص کارکردگی کا انکشاف

    حفاظتی ٹیکہ جات، لاہور کی ناقص کارکردگی کا انکشاف

    لاہور: محکمہ صحت کی جون کی ماہانہ کارکردگی رپورٹ میں حفاظتی ٹیکہ جات کے سلسلے میں لاہور کی ناقص کارکردگی کا انکشاف ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حفاظتی ٹیکہ جات میں لاہور کی کارکردگی ناقص نکلی ہے، محکمہ صحت نے جون کے مہینے کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی، رپورٹ کی کاپی اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی۔

    رپورٹ میں محکمہ صحت کی جانب سے تمام اضلاع کے حفاظتی ٹیکہ جات کی ماہانہ کارکردگی کا جائزہ لیا گیا، لاہور حفاظتی ٹیکہ جات میں پنجاب کے تمام اضلاع میں سب سے نچلے نمبر پر ہے۔

    رپورٹ کے مطابق اوکاڑہ اور راولپنڈی ایک سو چار فی صد کوریج کے ساتھ سر فہرست ہیں، لاہور حفاظتی ٹیکہ جات میں 65 فی صد کوریج کے ساتھ سب سے آخر میں ہے۔

    محکمہ صحت کے چارٹ کے مطابق لاہور 10 حفاظتی ٹیکہ جات میں سے 8 میں سب سے نیچے ہیں، جن میں روٹا، پینٹا، آئی پی وی اور خسرہ کے حفاظتی ٹیکہ جات شامل ہیں۔

    ویکسین ضایع کرنے کے حوالے سے بھی لاہور 14 فی صد کے ساتھ تمام اضلاع میں دوسرے نمبر پر ہے۔

    ڈائریکٹر ای پی آئی کا کہنا ہے کہ لاہور کی کارکردگی پر تشویش ہے جلد ہی لاہور ٹاپ ٹین اضلاع میں شامل ہو جائے گا، ڈاکٹر سعید گھمن نے کہا کہ موبائل ہیلتھ یونٹ اور کریش پروگرام کے ذریعے لاہور کی کارکردگی کو بہتر بنایا جائے گا۔

  • عثمان عمر نے بارہویں ساؤتھ ایشین فزیک چیمپئین شپ جیت لی

    عثمان عمر نے بارہویں ساؤتھ ایشین فزیک چیمپئین شپ جیت لی

    لاہور: پنجاب یونی ورسٹی کے سابق طالب علم عثمان عمر نے بارہویں ساؤتھ ایشین باڈی بلڈنگ اینڈ فزیک چیمپئین شپ 2019 جیت لی۔

    تفصیلات کے مطابق بارہویں ساؤتھ ایشین فزیک چیمپئین شپ کٹھمنڈو، نیپال میں منعقد ہوئی جس میں عثمان عمر نے جنوبی ایشیا میں سب سے بہترین فزیک رکھنے والے شخص کا ٹائٹل جیت لیا۔

    باڈی بلڈنگ کلب کے کوچ عثمان عمر کی یہ جیت نہ صرف پاکستان بلکہ پنجاب یونی ورسٹی کے لیے بھی بڑی خوش خبری ہے۔

    پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو بھی مقابلے میں شکست دی، ساؤتھ ایشین فزیک چیمپئین شپ 2019 میں بھارت نے دوسری اور بھوٹان نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

    مقابلے میں پاکستان کی جیت پر پاکستان کے قومی ترانے کی دھن بجائی گئی، عثمان عمر نے پاکستان کا جھنڈا فخر سے بلند کر دیا۔

    عثمان عمر پنجاب یونی ورسٹی شعبہ اسپورٹس سائنسز میں ایم ایس سی اسپورٹس سائنس 2012 سیشن میں گولڈ میڈل حاصل کر چکے ہیں، وہ چئیرمین شعبہ اسپورٹس سائنسز ڈاکٹر ظفر اقبال بٹ کے طالب علم اور شعبے کے وزیٹنگ لیکچرار رہے۔

    ایڈیشنل ڈائریکٹر اسپورٹس زبیر بٹ نے آٹھ سال قبل عثمان عمر کو پنجاب یونی ورسٹی باڈی بلڈنگ کلب کا کوچ منتخب کیا تھا، انھوں نے 2017 میں مسٹر پنجاب اور مسٹر پاکستان کا ٹائٹل بھی جیتا، 2019 میں یحیی کلاسک کا ٹائٹل بھی اپنے نام کیا۔

    عثمان عمر کی شان دار کامیابی پر وائس چانسلر پنجاب یونی ورسٹی ڈاکٹر نیاز احمد نے خوشی کا اظہار کیا۔

  • لاہور: غافل ڈاکٹرز نے غلط ٹانگ کا آپریشن کر دیا، مریض کے اہل خانہ کا احتجاج

    لاہور: غافل ڈاکٹرز نے غلط ٹانگ کا آپریشن کر دیا، مریض کے اہل خانہ کا احتجاج

    لاہور: نجی اسپتال میں ڈاکٹرزکی جانب سے غفلت کا ایک سنگین مظاہرہ سامنے آیا ہے.

    تفصیلات کے مطابق مسیحائی کے پیشے سے وابستہ افراد کی غفلت نے مریض کی زندگی اجیرن کر دی. ڈاکٹرز نے بائیں ٹانگ کے بجائےدائیں ٹانگ کا آپریشن کر دیا.

    لاہور کے علاقے والٹن کا رہائشی محمد عارف پیر کو ٹریفک حادثے میں زخمی ہوا تھا، حادثے کے نتیجے میں محمد عارف کا بائیاں گھٹنا فریکچرہوا .

    اسے ایک نجی اسپتال لایا گیا، مگر بھاری فیس لینے والے اسپتال کے ڈاکٹرز کی جانب سے سنگین غفلت کا مظاہرہ کیا گیا.

    مزید پڑھیں: اسلام آباد، پمز اسپتال میں ڈاکٹرز کی مبینہ غفلت سے بچی معذور ہوگئی

    ڈاکٹرز نے بائیں ٹانگ کی بجائے دائیں ٹانگ کاآپریشن کردیا، واقعے پر اہل خانہ کی جانب سے شاید احتجاج کیا گیا.

    احتجاج کے بعد اسپتال کے ڈاکٹرز نے اپنی غلطی کا اعتراف کر لیا اور  تب مریض کے بائیں ٹانگ کا آپریشن کیا گیا.

    خیال رہے کہ 8 جولائی 2019 کو اسلام آباد کے پمز اسپتال میں غفلت کا ایک افسوس ناک واقعہ پیش آیا تھا، بازو میں فریکچر پر 6 سال کی جیا کو پمز اسپتال منتقل کیا گیا تھا، مگر دوران علاج ڈاکٹرز کی مبینہ غفلت سے بچی کا ہاتھ خراب ہوگیا۔

  • وزیر صحت نے پنجاب ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام کی ذمہ داری سیکنڈ ہیلتھ کیئر کے سپرد کردی

    وزیر صحت نے پنجاب ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام کی ذمہ داری سیکنڈ ہیلتھ کیئر کے سپرد کردی

    لاہور: وزیرصحت پنجاب ڈاکٹریاسمین راشد نے پنجاب ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام کے تمام انتظامی امور محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈ ہیلتھ کیئر کے سپرد کرنے کا حکم جاری کردیا۔

    نمائندہ اے آر وائی حسن حفیظ کے مطابق ڈاکٹریاسمین راشد نے یہ ہدایت محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں پنجاب ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام کے حوالہ سے اعلیٰ سطح اجلاس میں دی۔

    اس موقع پر صوبائی سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر زاہد اختر زمان، اسپیشل سیکرٹری میاں شکیل احمد و دیگر افسران موجود تھے۔

    ڈاکٹر یاسمین راشد نے بلڈ ٹرانسفیوژن سروسز پنجاب کی استعدادکار کو بڑھانے کے حوالہ سے بھی انتظامی امور کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر آئندہ ہیپاٹائٹس کی ادویات کی خریداری، اسکریننگ اور علاج معالجے کا مکمل ذمہ دار ہوگا۔

    انہوں نے بتایا کہ محکمہ پرائمری ہیلتھ 116 ڈی ایچ کیو اور تحصیل ہیڈ کوارٹرز، محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر 23اسپتالوں جبکہ پی کے ایل آئی 23اضلاع کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرزمیں ہیپاٹائٹس کی روک تھام کے لیے مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔

    ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر میں پنجاب ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام کے اعداد وشمار سے متعلق ڈیش بورڈ بنایا جائے گا کیونکہ ہمیں پروگرام کی تمام تر سرگرمیاں یکجا کرنا اور اسٹین ایبل گولز 2030 کے ہدف کو حاصل کرنا ہے۔

  • لاہور: موٹاپے کا شکارصادق آباد کا رہائشی نورالحسن انتقال کرگیا

    لاہور: موٹاپے کا شکارصادق آباد کا رہائشی نورالحسن انتقال کرگیا

    لاہور: موٹاپے کا شکار صادق آباد کا رہائشی نورالحسن انتقال کرگیا، نورالحسن کی 2 ہفتے قبل سرجری کی گئی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق موٹاپے کا شکارصادق آباد کا رہائشی نورالحسن لاہور کے نجی اسپتال میں انتقال کرگیا، نورالحسن کو 2 ہفتے قبل سرجری کے بعد اسپتال میں ہی رکھا گیا تھا۔

    ڈاکٹر معاذ کے مطابق اسپتال میں ڈلیوری کے دوران خاتون انتقال کرگئی تھیں، خاتون کے لواحقین نے اشتعال میں آکراسپتال میں توڑ پھوڑشروع کردی تھی۔

    انہوں نے بتایا کہ اسپتال میں توڑپھوڑکے دوران نورالحسن سمیت 2 افراد انتقال کرگئے، نورالحسن کی موت کی وجہ اسپتال میں توڑپھوڑ بنی۔

    ڈاکٹرمعاذ کا کہنا تھا کہ نورالحسن کی حالت سیریس ہونے کی وجہ سے آئی سی یومیں رکھا گیا تھا۔

    موٹاپےکا شکار صادق آباد کے نور الحسن کی پہلی سرجری کامیاب

    یاد رہے کہ 28 جون کو سرجن ڈاکٹر معاذ کی سربراہی میں ایک ٹیم نے نورالحسن کا کامیاب آپریشن کیا جو ڈیڑھ گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہا تھا، سرجری کے بعد مریض کو انتہائی نگہداشت وارڈ منتقل کردیا گیا تھا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ دنوں نور الحسن نے اپنے ویڈیو پیغام میں آرمی چیف سے مدد کی اپیل کی تھی۔ سوشل میڈیا پرنور الحسن کی ویڈیو وائرل ہونے پرآرمی چیف نے نوٹس لیتے ہوئے مریض کو علاج ومعالجے کی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی تھی۔

  • علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پرگولیوں سے بھرا بیگ ملنے کا معمہ حل

    علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پرگولیوں سے بھرا بیگ ملنے کا معمہ حل

    لاہور: علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر گولیوں سے بھرا بیگ ملنے کا معمہ حل کرلیا گیا ، ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کسٹم حکام نے بیرون ملک سے گولیاں غیرقانونی طور پر ساتھ لانے والے مسافر محسن نواز کو تحویل میں لے کر اس کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ایف آئی آر میں مسافر کےخلاف ممنوع سامان کو ذاتی سامان کی آڑ میں لانے کی دفعات شامل کی۔

    کسٹم حکام نے1969ء کسٹم ایکٹ کے مطابق مقدمہ درج کیا ہے ۔ذرائع کے مطابق مسافر محسن فیصل آباد کا رہائشی ہے اور گزشتہ روز پاکستانی پاسپورٹ پر پاکستان آیا تھا۔

    محسن نواز کا کہنا ہے کہ وہ نشانہ بازی اور شوٹنگ کا کھلاڑی ہے اور اس کا کسی غیر قانونی سرگرمی یا کسی دہشت گرد تنظیم سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ محسن نواز کے مطابق وہ فیصل آباد شوٹنگ کلب کا ممبر ہے اور اس نے تین کاٹن گولیوں کے بک کرائے تھے۔وہ گولیاں اپنے ساتھ اپنے کھیل کےلئے لے کر آیا ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روزعلامہ اقبال ایئر پورٹ پر دبئی سے آنے والا مسافر گولیوں سے بھرا بیگ چھوڑ کر فرار ہوگیا تھا جس کے بعد کسٹم نے ملزم کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دیں تھی۔

    گولیوں سے بھرے بیگ کو جب کسٹم کی اسکیننگ مشین سے گزارا گیا تو تین بیگ میں سے 4600مکمل گولیوں اور800خول موجود تھے، کسٹم کے عملے نے بیگ کو ضبط کرکے مسافر کی تلاش شروع کردی تھی ۔

    تینوں ہینڈ کیری میں شکار میں استعمال ہونے والی گولیوں کے خول لانگ رینج اور شاٹ رینج شامل تھے ۔کسٹم کے افسران سمیت سیکورٹی ایجنسی نے غیر ملکی ائیرلائن کے عملے سمیت افسران کو شامل تفتیش کرلیا تھا کہ دبئی سے کس طرح جہاز میں اسکینگ مشین کی موجودگی میں گولیوں سے بھرے بیگ پاکستان پہنچ گئے ۔