Author: حسن حفیظ

  • پنجاب کی جیلوں میں قیدیوں کی ایچ آئی وی ایڈز اسکریننگ کرانے کا حکم

    پنجاب کی جیلوں میں قیدیوں کی ایچ آئی وی ایڈز اسکریننگ کرانے کا حکم

    لاہور : حکومت پنجاب نے صوبے بھر کی جیلوں میں قیدیوں کی ایچ آئی وی ایڈز اسکریننگ کرانے کا حکم دیا ہے، اس کے علاوہ نام نہاد اور جعلی حکیموں کے خلاف کریک ڈاؤن کرنے کے احکامات بھی جاری کیے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کی زیرصدارت اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

    اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر یاسمین راشد نے حکم دیا کہ پنجاب کی جیلوں میں قیدیوں کی ایچ آئی وی ایڈز اسکریننگ کی جائیں اور قیدیوں کی اصلاح کیلئے جیلوں میں ری ہیبلی ٹیشن سینٹرز قائم کئے جائیں۔

    ڈاکٹر یاسمین راشد کا مزید کہنا تھا کہ جیل کے دیگر قیدیوں کو بیماریوں سے بچانے کیلئے ایڈز اور ٹی بی کےمریض قیدیوں کو الگ بیرکس میں رکھا جائے اور جیلوں کے اسپتالوں میں ڈاکٹرز کی کمی کو فوری طور پر پورا کیا جائے۔

    اجلاس سے خطاب میں صوبائی وزیر صحت نے ہدایت دی کہ پنجاب بھر کے نام نہاد اور جعلی حکیموں کے خلاف بھی کریک ڈاؤن کیاجائے۔

    انہوں نے کہا کہ ٹاسک فورس آن ڈرگ ایڈکشن قائم کرنے کی سفارش کی جائے گی، اس کے علاوہ تعلیمی اداروں میں منشیات سے متعلق آگاہی مہم شروع کی جائے۔

  • لاہور: علامہ اقبال ایئر پورٹ سے  گولیوں سے بھرا بیگ برآمد، مسافر فرار

    لاہور: علامہ اقبال ایئر پورٹ سے گولیوں سے بھرا بیگ برآمد، مسافر فرار

    لاہور : علامہ اقبال ایئر پورٹ پر دبئی سے آنے والا مسافر گولیوں سے بھرا بیگ چھوڑ کر فرار ہوگیا، اے ایس ایف نے ملزم کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دے دیں۔

    تفصیلات کے مطابق علاقہ اقبال انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر ملنے والے گولیوں سے بھرے بیگ کا معاملہ سنگین صورت اختیار کرگیا، غیر ملکی ایئرلائن کی پرواز سے دبئی سے لاہور پہنچنے والا مذکورہ بیگ کا مالک مسافر پرسرار طور پر ایئرپورٹ سے غائب ہے۔

    گولیوں سے بھرے بیگ کسٹم کی اسکیننگ مشین سے گزارا گیا تو تین بیگ میں سے 4600مکمل گولیوں اور800خول موجود تھے، کسٹم کے عملے نے بیگ کو ضبط کرکے مسافر کی تلاش شروع کردی، جس کے بعد علامہ اقبال انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر مسافر کی تلاش کیلئے دوڑیں لگ گئیں۔

    اے ایس ایف اہلکار سی سی ٹی وی کی مدد سے دبئی سے آنے والے مسافر کا سراغ لگانے کی کوشش کررہے ہیں، ابتدائی معلومات کے مطابق غیر ملکی ائیرلائن کی پرواز622سے دبئی سے آنے والے مسافر نے لاہور ایئر پورٹ پر غیرملکی گولیوں کے بیگ چھوڑے۔

    تینوں ہینڈ کیری میں شکار میں استعمال ہونے والی گولیوں کے خول لانگ رینج اور شاٹ رینج شامل ہیں۔ دبئی سے کس طرح جہاز میں اسکینگ مشین کی موجودگی میں گولیوں سے بھرے بیگ پاکستان پہنچ گئے، اس حوالے سے کسٹم کے افسران سمیت سیکورٹی ایجنسی نے غیر ملکی ائیرلائن کے عملے سمیت افسران کو شامل تفتیش کرلیا ہے۔

    دوسری جانب حکام نے تفتیش کا رخ تبدیل کردیا، ائر لائن کا پورا ریکاڈ ضبط کر لیا گیا، ملزم کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کے احکامات جاری کردیئے گئے، ایف آئی ار میں دہشت گردی کی دفعات سمیت دیگر دفعات بھی شامل کی جائیں گی۔

    کسٹم کے عملے نے مسافر کی تلاش میں چھاپہ مار ٹیمیں بنا دیں۔ اے ایس ایف سمیت کسٹم دیگر سیکیورٹی ایجنسیز بھی جوائنٹ انوسٹی گیشن کریں گی، ائر لائن کے عملے نے بھی کسٹم حکام کو مذکورہ مسافر کے کوائف فراہم کر دئیے ہیں۔

  • لاہور، خاتون کے ہاں بیک وقت 4 بچوں کی پیدائش

    لاہور، خاتون کے ہاں بیک وقت 4 بچوں کی پیدائش

    لاہور: پنجاب کے شہر لاہور کے نجی اسپتال میں خاتون کے ہاں بیک وقت 4 بچوں کی پیدائش ہوئی ہے، ماں اور بچے خیریت سے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے جلوموڑ کے رہائشی محمد قیصر کی اہلیہ نے 4 بچوں کو جنم دیا، جن میں 2 لڑکیاں اور 2 لڑکے شامل ہیں۔

    اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ چاروں بچے صحت مند ہیں، بچوں کی پیدائش پر اسپتال انتظامیہ کی جانب سے ان کے لیے تحائف بھی پیش کیے گئے۔

    مزید پڑھیں: لاڑکانہ میں خاتون کے ہاں چار بچوں کی پیدائش

    بچوں کے والدین کا کہنا ہے کہ ان کی اچھی پرورش کریں گے اور اعلیٰ تعلیم دلوائیں گے۔

    واضح رہے کہ تین سال قبل سندھ کے شہر لاڑکانہ میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والی خاتون کے ہاں نے ایک ساتھ چار بچوں کو جنم دیا تھا، بچے صحت مند تھے۔

    خاتون کے تین بچے پہلے سے ہیں اور مزید چار بچوں کی پیدائش کے بعد وہ سات بچوں کی ماں بن گئی تھیں۔

  • گیسڑو کی وبا شدت اختیار کرگئی، ہزاروں لوگ متاثر

    گیسڑو کی وبا شدت اختیار کرگئی، ہزاروں لوگ متاثر

    لاہور: پنجاب کے مختلف شہروں میں گرمی، گندے پانی اور ناقص خوراک کے استعمال کی وجہ سے گیسٹرو کا مرض شدت اختیار کرگیا۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز حسن حفیظ کی رپورٹ کے مطابق عید الفطر کی چھٹیوں کے دوران شہریوں کی بڑی تعداد گیسٹرو کے مرض میں مبتلا ہوئی، شہر کے پانچ سرکاری اسپتالوں میں گیسٹرو سے متاثر ہونے والے ہزاروں مریض لائے گئے۔

    میو اسپتال میں 3000 سے زائد، سروسز اسپتال میں 2500، جناح اسپتال میں 2200، لاہور جنرل اسپتال میں 2000 جبکہ گنگارام اسپتال میں 1800 سے زائد مریضوں نے ڈاکٹر سے رجوع کیا۔

    پروفیسر جاوید اکرم کا کہنا ہے کہ عیدی کی رقم سے کھلے بازاری کھانے او رمشروبات کا استعمال بچوں میں گیسٹرو کے مرض کا موجب بن رہا ہے، کھلے مشروبات، تیل والے پکوان سے پرہیز بہت ضروری ہے۔

    انہوں نے احتیاطی تدابیر بتاتے ہوئے کہا کہ ’’کھانے سے پہلے اور رفع حاجت کے بعد ہاتھ صابن سے ضرور دھوئیں، دست اسہال کی صورت میں نمکول کے پانی کا استعمال بہترین علاج ہے۔

  • محکمہ صحت پنجاب کا ہڑتالی ڈاکٹرز اور نرسز کے خلاف حتمی کارروائی کا فیصلہ

    محکمہ صحت پنجاب کا ہڑتالی ڈاکٹرز اور نرسز کے خلاف حتمی کارروائی کا فیصلہ

    لاہور: محکمہ صحت پنجاب نے ہڑتالی ڈاکٹرز،نرسز،پیرا میڈیکل اسٹاف کے خلاف حتمی کارروائی کا فیصلہ کرلیا جس کے تحت تمام ملازمین کی فہرستیں طلب کرلی گئیں۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز حسن حفیظ کے مطابق محکمہ صحت پنجاب نےہڑتالی ڈاکٹر،نرسزودیگرعملےکی فہرست طلب کرلیں اور اُن کے خلاف جلد حتمی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

    گرینڈ ہیلتھ الائنس نےگزشتہ 10روز سے مطالبات منظور نہ ہونے کی وجہ سے احتجاجاً کام بند کر رکھا ہے جس کی وجہ سے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور سرکاری اسپتالوں میں لوگ رُل رہے ہیں۔

    محکمہ صحت پنجاب نے 12 بڑے اسپتالوں کے چیف ایگزیکٹو، ایم ایس کو مراسلہ جاری کیا جس میں ہدایت کی گئی ہے کہ اسپتالوں میں کام نہ کرنے والے ملازمین اور مریضوں کے علاج میں خلل ڈالنے والوں کے نام فوری طور پر فراہم کیے جائیں۔

    مزید پڑھیں: ینگ ڈاکٹرز کا احتجاج، پنجاب کے اسپتالوں میں کام بند

    محکمہ صحت کے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹرز، نرسز و دیگر عملے کی ہڑتال کے باعث مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، کل یعنی 11 مئی کی صبح دس بجے تک جو بھی کام کرنے پر رضامند نہ ہو ایسے ملازم کا نام وزارت کو ارسال کیا جائے۔

    یاد رہے کہ پنجاب بھر کے ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل اسٹاف اور نرسز سمیت دیگر عملے نے 10 روز سے احتجاج جاری رکھا ہوا ہے اور انہوں نے دو ٹوک مؤقف اختیار کیا کہ مطالبات منظور نہ ہونے تک احتجاجاً کام بند رکھا جائے گا۔

  • عمر 12 سال، وزن 200 کلو، گجرات کا ابرار سرجری کے لیے تیار

    عمر 12 سال، وزن 200 کلو، گجرات کا ابرار سرجری کے لیے تیار

    گجرات: دو سو کلو وزنی بارہ سالہ بچے ابرار کی سرجری آج ہوگی، جس کے بعد وہ عام زندگی گزار سکے گا۔

    تفصیلات کے مطابق بارہ سالہ ابرار کا وزن دو سو کلو ہے، جو اس کے لیے پریشانیوں‌ کا سبب بن گیا ہے.

    کھیلنا تو در کنار، وہ تو صحیح سے چل بھی نہیں‌ سکتا، ہر کام کے لیے اسے دوسروں‌ پر انحصار کرنا پڑتا ہے. اسی وجہ سے وزن اس کے بوجھ بن گیا ہے.

    ڈاکٹر معاذ کا کہنا ہے کہ سرجری کے بعد دو سو کلو کے ابرار کا وزن 60 کلو رہ جائے گی اور پھر وہ عام بچوں‌ کی طرح کھیلوں کی سرگرمیوں میں‌ حصہ لے سکے گا.

    نمائندہ اے ار وائی کے مطابق یہ پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ ہے، جب بارہ سال کے بچے کی سرجری کی جارہی ہے.آپریشن کے بعد اس کے لیے خاص ڈائٹ پلان بنایا جائے گا، جس کی پیروی لازم ہے.

    مزید پڑھیں: کراچی: سول اسپتال میں کینسر ’روبوٹک سرجری‘ بالکل مفت

    بچے کے مطابق اسے بچپن سے برگر، شورما اور نان بہت پسند تھے، وہ ایک وقت کے کھانے میں‌ تین نان کھاتا ہے، ایسی ہی بد احتیاطیوں کی وجہ سے اس کا وزن اتنا بڑھا.

    ابرار کی لیپوپلاسٹی سرجری کی جائے گی، جس میں‌ جسم سے چربی کو نکال لیا جاتا ہے. بچے کے ماں باپ پرامید ہیں کہ اس سرجری کے بعد ان کا بیٹا بھی عام زندگی گزار سکے گا.

  • لاہور میں ایک اور پولیو کیس کی تصدیق

    لاہور میں ایک اور پولیو کیس کی تصدیق

    اسلام آباد: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں پولیو کا ایک اور کیس سامنے آگیا، رواں برس یہ لاہور میں ریکارڈ ہونے والا تیسرا پولیو کیس ہے جبکہ ملک بھر میں مجموعی پولیو کیسز کی تعداد 10 ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور سے ایک اور پولیو وائرس کیس سامنے آگیا جس کی قومی انسداد پولیو پروگرام نے تصدیق کردی۔ پروگرام کے مطابق لاہور کے علاقے اقبال ٹاؤن کے 2 سالہ بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

    اینڈ پولیو پاکستان کے مطابق صرف لاہور سے رواں برس سامنے آنے والا یہ تیسرا پولیو کیس ہے۔ لاہور میں پہلا کیس رواں برس جنوری جبکہ دوسرا گزشتہ ماہ ہی سامنے آیا تھا۔

    لاہور میں گزشتہ 3 ماہ میں پولیو کے 3 کیسز سامنے آئے ہیں، اس سے قبل شالیمار ٹاون کے ایک بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی، اس کے بعد اقبال ٹاؤن کے 10 سالہ بچے میں پولیو وائرس سامنے آیا۔

    بعد ازاں داتا گنج بخش ٹاؤن کی 13 ماہ کی بچی میں بھی پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی۔

    رواں برس ملک میں اب تک 10 پولیو کیسز سامنے آچکے ہیں، جن میں سے خیبر پختونخواہ، قبائلی علاقوں اور پنجاب میں 3، 3 اور سندھ میں 1 ریکارڈ کیا گیا ہے۔

    راولپنڈی سے ہونے والی سیمپلنگ پولیو وائرس سے پاک

    دوسری جانب پولیو کے خلاف جنگ میں راولپنڈی انتظامیہ کو بڑی کامیابی مل گئی، راولپنڈی کے مختلف علاقوں سے 450 سیمپلز لیے گئے تھے اور رپورٹ میں کسی بھی سیمل میں پولیو وائرس کی تصدیق نہیں ہوئی۔

    نالہ لئی میں پولیو وائرس کی موجودگی پر راولپنڈی کو ہائی رسک ضلع قرار دیا گیا تھا، پہلی مرتبہ راولپنڈی سے ہونے والی سیمپلنگ میں پولیو وائرس نہیں آیا۔

    خیال رہے کہ اس وقت دنیا بھر میں صرف پاکستان اور افغانستان میں پولیو وائرس موجود ہے۔ چند روز قبل قومی انسداد پولیو پروگرام نے ملک کے 12 بڑے شہروں کے سوریج میں بھی پولیو وائرس کی تصدیق کی تھی۔

    جن شہروں میں پولیو وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی ان میں پشاور، لاہور، کراچی، راولپنڈی، مردان، بنوں، وزیرستان، حیدر آباد، سکھر اور قمبر شہداد کوٹ شامل ہیں۔

    وائرس کی موجودگی پر پولیو ویکسی نیشن کے لیے عمر کی حد میں اضافے کا فیصلہ بھی کرلیا گیا تھا جس کے بعد راولپنڈی اور پشاور میں 10 سال تک کے بچوں کی بھی پولیو ویکسی نیشن کی جائے گی۔

    چند روز قبل پاکستان میں داخل ہونے والے افغان شہریوں کی پولیو ویکسی نیشن کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا تھا، ویکسی نیشن کے بعد افغان شہریوں کو پولیو کارڈ کا اجرا کیا جائے گا۔ پولیو کارڈ کے بغیر افغان شہری پاکستان میں داخل نہیں ہو سکیں گے۔

  • پنجاب بھر میں 13000 سے زائد والدین کا بچوں کو پولیو ویکسین پلانے سے انکار

    پنجاب بھر میں 13000 سے زائد والدین کا بچوں کو پولیو ویکسین پلانے سے انکار

    لاہور : پنجاب بھر میں 13000 سے زائد والدین نے بچوں کوپولیو ویکسین  پلانے سے انکار کر دیا،سلمان غنی کا کہنا ہے ملک بھر میں پولیو  وائرس کی موجودگی کی وجہ سے ہر بچہ خطرے میں ہے، رہ جانے والے بچوں کو آنے والے دنوں میں پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور میں میں افواہ کی وجہ سے پنجاب میں پولیو مہم کو شدید نقصان پہنچا، پنجاب بھر میں 13000 سے زائد والدین نے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے سے انکار کر دیا۔

    کوآرڈینیٹرایمرجنسی آپریشن سینٹرز برائے انسداد پولیو سلمان غنی نے کہا تیرہ ہزار میں سے 5 ہزار والدین کو ٹیموں نے بات چیت کے ذریعے کائل کیا اور حفاظتی قطروں کی خوراک پلائی۔

    سلمان غنی کا کہنا تھا پہلے دو روز میں ایک کروڑ 30 لاکھ بچوں کو قطرے پلائے گئے، زیادہ تر والدین نے پشاور میں افواہ کی وجہ سے بچوں کو پولیو کے قطرے نہیں پلائے۔

    انھوں نے کہا راولپنڈی میں سب سے زیادہ 5600 والدین قطرے پینے سے انکار کیا، جبکہ لاہور اور اٹک میں بلترتیب 600 اور 500 والدین بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے سے انکاری ہیں، رہ جانے والے بچوں کو آنے والے دنوں میں پولیو سے بچاو کے قطرے پلائے جائیں گے۔

    مزید پڑھیں : پشاور میں انسدادپولیومہم بدنام کرنے کی سازش کرنے والا شخص گرفتار

    کوآرڈینیٹرایمرجنسی آپریشن سینٹرز برائے انسداد پولیو کا کہنا تھا والدین اپنے بچوں کو بلا فکر پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں، ملک بھر میں پولیو وائرس کی موجودگی کی وجہ سے ہر بچہ خطرے میں ہے، بار بار پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے سے بچے کو مکمل تحفظ فراہم ہوتا ہے اور اس خو پلانے سے کوئی نقصان نہیں۔

    یاد رہے پشاورمیں دو روز قبل پولیو ویکسی نیشن سےبچوں کی حالت غیر ہونےکی افواہوں نےکھلبلی مچادی تھی، جس کےبعدمشتعل افراد نےسرکاری مرکز صحت ماشو خیل پر دھاوا بول دیا تھا۔

    ناقص ویکسین فلاپ ڈرامے کا ڈراپ سین سوشل میڈیا پر وائرل ہوا ، جس میں دیکھاجاسکتاہےکہ ایک شخص بچوں کوزبردستی بسترپر لٹاکر بے ہوشی کاڈرامہ رچا رہا ہے لیکن بچے تندرست دکھائی دے رہے تھے۔

    بعد ازاں پشاورمیں پولیس نے بچوں سے بےہوشی کا ڈرامہ کرانے والے ملزم کو گرفتار کرلیا تھا ، عدالت نے ملزم کو ایک روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا تھا۔

  • چوہے نے نجی ایئر لائن کی پرواز روک کر طیارہ گراؤنڈ کروا دیا

    چوہے نے نجی ایئر لائن کی پرواز روک کر طیارہ گراؤنڈ کروا دیا

    لاہور: علامہ اقبال ائیر پورٹ پر نجی ایئر لائن کی پرواز میں چوہا گھس گیا، جس کی وجہ سے پرواز کئی گھنٹے تاخیر کا شکار ہو گئی تاہم فیومی گیشن کے بعد طیارے کو گراؤنڈ کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ایئر پورٹ پر نجی ایئر لائن کے طیارے میں چوہا نکلنے کے معاملے پر طیارے کو گراؤنڈ کرنا پڑ گیا، نجی ائیر لائن کی پرواز پی اے 470 نے 3 بج کر 20 منٹ پر جدہ روانہ ہونا تھا۔

    ترجمان ایئر لائن نے کہا کہ مسافروں کو جدہ پہنچانے کے لیے اسلام آباد سے فیری فلائٹ لاہور پہنچے گی، مسافروں کو متبادل پرواز کے ذریعے جدہ روانہ کیا جائے گا۔

    یہ بھی پڑھیں:  نیواسلام آباد ایئرپورٹ مسائل کا گڑھ بن گیا، مسافروں کو پریشانی کا سامنا

    چوہا گھسنے کی وجہ سے تاخیر پر پرواز 8 بجے روانہ ہونے کا شیڈول جاری کیا گیا تاہم بعد میں پرواز کو ری شیڈول کر کے رات ساڑھے 12 بجے روانہ ہونے کا اعلان کیا گیا۔

    مذکورہ پرواز سے 218 مسافر روانہ ہونے تھے، تمام مسافر ائیر پورٹ لاؤنج میں جہاز سے چوہا نکلنے کا انتظار کرتے رہے، جہاز میں چوہے مار سپرے بھی کیا گیا، تاہم چوہا نہ نکالا جا سکا، جس کی وجہ سے پرواز پی اے 470 مزید تاخیر کا شکار ہوا۔

    اطلاعات کے مطابق ائیر لائن کا عملہ تا حال چوہے کو تلاش کرنے میں نا کام ہے، جس کی وجہ سے طیارے کو گراؤنڈ کر دیا گیا۔

  • نواز شریف کا پانچویں بار شریف میڈیکل کمپلیکس میں طبی معائنہ

    نواز شریف کا پانچویں بار شریف میڈیکل کمپلیکس میں طبی معائنہ

    لاہور : سابق وزیر اعظم نواز شریف کا پانچویں بار شریف میڈیکل سٹی میں طبی معائنہ کیا گیا اور دماغ میں خون کی گردش کو معمول پر لانے کیلئے نیورو سرجری کے ماہر پروفیسرز نے مختلف ٹیسٹ کئے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم نواز شریف آج پانچویں بار طبی معائنے کیلئے شریف میڈیکل کمپلیکس پہنچے جہاں ان کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان اور نیوروسرجری کے ماہر پروفیسر کی نگرانی میں چیک اپ کیا گیا۔

    سابق وزیراعظم کے دماغ میں خون کی گردش کو معمول پر لانے کیلئے نیورو سرجری کے ماہر پروفیسرز نے بھی مختلف ٹیسٹ کئے، ایک گھنٹہ تک جاری رہنے والے معائنے کے بعد سابق وزیراعظم واپس روانہ ہو گئے۔

    نوازشریف کو دل گردوں، شوگر اور دماغ میں خون کی کم سپلائی کے مرض لاحق ہیں۔

    قبل ازیں بتایا گیا تھا کہ سابق وزیراعظم کی صحت کے معاملات انتہائی پیچیدہ ہیں، وہ ہسپتال میں تو داخل نہیں البتہ گھر پر ڈاکٹروں کی زیر نگرانی رہتے ہیں۔

    مزید پڑھیں : نوازشریف کےدل کی دھڑکن نارمل نہیں، مستقل پیس میکر لگانا پڑے گا ،ڈاکٹرعدنان

    نواز شریف کے دل کی دھڑکن متوازن رکھنے کیلئے مستقل پیس میکر لگانا پڑے گا جبکہ دل میں انٹروینشن کی بھی ضرورت ہے۔

    خیال رہے ان کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان بھی کہہ چکے ہیں کہ پیس میکر لگانے کے لئے ٹائم لائن واضح نہیں کچھ اور چیزیں بھی ہیں جنہیں دیکھ رہے ہیں۔ علاج کا روڈ میپ ابھی طے نہیں کیا نہ ہی یہ بتا سکتے ہیں کہ علاج کب تک چلے گا۔

    یاد رہے نواز شریف کو علاج کروانے کیلئے 6ہفتوں پر مشتمل ضمانت دی گئی تھی، 15دن گزرنے کے بعد اب کے پاس 4 ہفتے باقی بچے ہیں۔