لاہور: احد چیمہ کے بچوں کی فیس معافی کے تنازع کے سلسلے میں گورنر کی جانب سے غیر حاضری کے دوران فیس معافی کا فیصلہ کالج بورڈ نے مسترد کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق ایچی سن کالج کے بورڈ آف گورنرز نے رولز میں ترامیم کر دی ہیں، ایچی سن کالج بورڈ نے فیصلہ کیا ہے کہ غیر حاضری کے دوران طالب علم کی 50 فی صد فیس معاف ہوگی۔
اس فیصلے کا اطلاق صرف جونیئر طلبہ پر ہوگا، سینئر طلبہ کی غیر حاضری پر مکمل فیس وصول ہوگی، 100 فی صد فیس معافی کا اطلاق صرف قرآن حفظ کے لیے چھٹی پر ہوگا۔
ایچی سن بورڈ کے مطابق پچھلی تاریخوں میں کسی طالب علم کی فیس معاف نہیں کی جائے گی، گورنر بلیغ الرحمان کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں نئے رولز کی منظوری دے دی گئی، فیصلے کا اطلاق قانونی رائے کے بعد کر دیا جائے گا۔
لاہور: وزیر خوراک پنجاب بلال یاسین کی موجودگی میں متعدد بچوں کا پرچہ حل کرنے کیلیے رشوت مانگنے کا انکشاف ہوا ہے۔
امتحانی مراکز میں پرائیویٹ نگرانوں کی کرپشن کی بازگشت جاری ہے۔ صوبائی وزیر بلال یاسین نے لارنس روڈ امتحانی مرکز کا دورہ کیا۔ مرکز میں 93 پرائیویٹ افراد کو نگران مقرر کیا گیا تھا جو فی پرچہ حل کرنے کے 7 ہزار مانگتے تھے۔
صوبائی وزیر نے تمام 93 پرائیویٹ نگرانوں کو برطرف کر دیا۔ ایک طالب علم نے بتایا کہ پرائیویٹ نگران ایک پرچے کا 7 ہزار مانگتے تھے، ریاضی کے پرچے کیلیے زیادہ رقم کا تقاضہ کیا گیا۔
طالب علموں نے صوبائی وزیر کی موجودگی میں بیان ریکارڈ کروائے۔
اس موقع پر بلال یاسین کا کہنا تھا کہ امتحانی مراکز میں قانون کی کھلم کھلا خلاف ورزی پر لاہور میں 10 ایف آئی آر درج کی ہیں، ناقص ترین کارکردگی پر چیرمین اور کنٹرولر امتحانات کو عہدے سے ہٹایا گیا۔
انہوں نے ہدایت کی کہ تمام امتحانی مراکز میں سرکاری نگرانی مقرر کیے جائیں، کابینہ کمیٹی روزانہ کی بنیاد پر سخت ایکشن لے کر امتحانی عمل کو قانون کے مطابق بنانے کیلیے سرگرم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ رولز کی خلاف ورزی کسی صورت قابل قبول نہیں ہوگی، انتظامیہ نقل کو روکنے کیلیے ٹھوس اقدامات یقینی بنائے۔
لاہور: میٹرک امتحانات میں نقل کے حوالے سے وزیر تعلیم پنجاب نے بڑے انکشافات کر دیے ہیں، انھوں نے کہا چیئرمین لاہور بورڈ اور کنٹرولر امتحانات نقل مافیا کے ساتھ ملے ہوئے تھے، جنھیں معطل کر دیا گیا ہے۔
وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے کہا کہ کنٹرولر امتحانات نے انویجیلیٹرز پورے کرنے کے لیے پرائیویٹ لوگ رکھنے کی اجازت دی، مجھے بھی پیپر مافیا کی جانب سے دھمکیاں اور بڑی بڑی آفرز دی گئی ہیں۔
رانا سکندر حیات کے مطابق پرائیویٹ اسکول مافیا نے اپنے بچوں کو نمبرز دلوانے کے لیے سینٹرز خریدے ہیں، امتحانی سینٹرز 80 ہزار روپے میں بیچے گئے ہیں، پورے پورے سینٹرز کا سودا ہونے کے شواہد ملے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ پرچے کا ریٹ 4 ہزار سے 7 ہزار کے درمیان ہے، انویجیلیٹرز نے سوشل میڈیا پر فی پرچہ فیس کے پیغامات ڈال رکھے تھے۔
وزیر تعلیم نے کہا میں پنجاب کو سندھ اور کراچی نہیں بننے دوں گا، مافیا کا پیچھا جاری رکھوں گا، ابھی تک 30 افراد گرفتار کروا چکا ہوں، جلد بڑے بڑے لوگ بے نقاب ہوں گے، گرفتار افراد کے ذریعے مافیا کے گرد گھیرا تنگ کر رہے ہیں۔
رانا سکندر حیات نے کہا کل ہونے والے ریاضی کے پرچے کی ایڈوانس بکنگ بھی ہو چکی ہے، شفافیت برقرار رکھنے میں ناکامی پر چیئرمین بورڈ کی معطلی ابھی آغاز ہے، پرچوں کی خرید و فروخت میں بڑا اور منظم گروہ ملوث ہے، ماضی میں اس گروہ پر کسی نے ہاتھ ڈالنے کی کوشش نہیں کی، یہ مافیا کسی سے پکڑا نہیں جا رہا تھا، مریم نواز نے اس کے خلاف اسٹینڈ لیا ہے، اس مافیا میں کچھ حد تک پرائیویٹ اسکولز بھی شامل ہیں۔
انھوں نے کہا یہ پیپر مافیا ہر ضلع میں موجود ہے، اور اس حد تک طاقت ور ہے کہ کنٹرولرز بھی ان کی مرضی کے لگتے ہیں، لاہور میں 70 سپرنٹنڈنٹ اور ڈپٹی سپرنٹنڈٹ شیخوپورہ سے لا کر لگائے گئے، حیرت ہے انٹر پاس انجویجیلیٹر میٹرک کے امتحانات لینے کے لیے لگائے گئے، شہروں میں یہ حالات ہیں تو دیہاتوں میں کیا عالم ہوگا۔
وزیر تعلیم نے کہا سابقہ حکومت کی نام نہاد تعلیمی پالیسیوں کے نتائج کھل کر سامنے آ رہے ہیں، کسی دھمکی کو خاطر میں نہیں لاؤں گا اور ڈٹا رہوں گا، مریم نواز کی قیادت میں پیپر مافیا کے آخری فرد تک پیچھا کروں گا۔
لاہور: صوبہ پنجاب میں نقل مافیا کے کھلے راج نے نظام تعلیم کو ہلا کر رکھ دیا ہے، ایک دن میں نقل کا مسلسل چوتھا بڑا کیس سامنے آ گیا ہے، وزارت تعلیم نے ایکشن میں آ کر نقل کرانے والے 7 بڑے گروپوں کا پتا لگا لیا۔
وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے بوٹی مافیا کے خلاف تابڑ توڑ چھاپے شروع کر دیے ہیں، آج تیسرے دن بھی انھوں نے امتحانی مراکز پر چھاپے مارے، اور ایک بڑے چھاپے کے دوران گورنمنٹ گریجویٹ کالج سبزہ زار میں نقل کرواتے عملہ رنگے ہاتھوں پکڑا گیا، جہاں نگران عملے کی اجازت سے نقل کا بازار گرم تھا۔
وزیر تعلیم نے دی پنجاب اسکول پی آئی اے سوسائٹی میں امیدواروں سے پیسے طلب کرنے والے نگران عملے کو پکڑ لیا، جہاں مختلف تعلیمی اداروں کے طلبہ ہی نگران بنے بیٹھے تھے، سول لائنز کالج کے علاوہ ڈی پی ایس ماڈل ٹاؤن میں بھی عملہ نقل کراتے پکڑا گیا، سپرنٹنڈنٹ سمیت 4 افراد کو نقل کرانے پر گرفتار کر لیا گیا ہے۔
طلبہ کی گواہیاں
نگراں امتحانی عملے کے خلاف طلبہ کی گواہیاں بھی سامنے آ گئی ہیں، طلبہ نے بتایا کہ عملہ پیپر حل کرانے کے لیے ان سے پیسے مانگتا ہے، نگراں عملہ امیدواروں کو اپنا رابطہ نمبر دے کر پیسے بھیجنے کا کہتا ہے۔ وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے بتایا کہ امیدواروں سے 4،4 ہزار روپے مانگے گئے، اب بوٹی مافیا کے خلاف مانیٹرنگ کا دائرہ کار بڑھا رہے ہیں۔
وزیر تعلیم پنجاب نے بتایا ’’میں نے کچھ دن پہلے ہی چارج سنبھالا ہے، مجھے یقین ہے کہ ان سینٹرز میں نقل کئی سال سے جاری ہے، جو بچے نقل نہیں کرنا چاہتے انھیں بھی تنگ کیا جاتا ہے، ہم نے نقل کرانے والے 7 بڑے گروپوں کا پتا لگا لیا ہے۔‘‘
انھوں نے عزم کا اظہار کیا کہ ملزمان کو گرفتار کر کے سخت سزا دی جائے گی، ان کے خلاف مضبوط ایف آئی آر درج کر کے مثال بنایا جائے گا، نقل مافیا نے پنجاب میں سندھ جیسی صورت حال پیدا کی ہوئی ہے، گزشتہ 5 سال میں نقل مافیا کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔
رانا سکندر کے مطابق گریڈ 9 کا بچہ بھی انویجلیٹر بنا ہوا ہے، اور اس سلسلے میں کوئی طریقہ کار موجود نہیں ہے، کس طرح چھوٹی جماعت کا بچہ بڑی جماعت کا پیپر لے سکتا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ میٹرک کے بچوں کا امتحان انٹر کے انویجیلیٹرز لے رہے ہیں، دوسرے شہروں سے تعلق رکھنے والے پرائیویٹ انویجیلیٹرز خود طالب علم نکلے۔
صوبائی وزیر تعلیم نے بتایا کہ چیکنگ کی گئی تو امیدواروں کے پرچے بھی آپس میں تبدیل پائے گئے، عملہ خود آ کر پرچہ حل کروانے میں مدد اور پیسوں کی پیشکش کر رہا ہے، معلوم ہوا کہ طلبہ سے 5 سے 10 ہزار روپے مانگے جاتے تھے۔
لاہور: پنجاب کے شہر لاہور میں لاکھوں مالیت کی جعلی کریمیں اور جعلی ایلوپیتھک ادویات کا کیمیکل برآمد ہوا ہے۔
صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے ٹیم کے ہمراہ لالہ زار کالونی میں چھاپا مار کر ایک فیکٹری سے 80 لاکھ روپے مالیت کی جعلی کریمیں اور بڑی مقدار میں کیمیکل برآمد کیے۔
حکام کا کہنا ہے کہ جعلی کریمیں آن لائن فروخت کی جاتی تھیں، جب کہ برآمد کیمیکل جعلی ایلوپیتھک ادویات کی تیاری میں استعمال ہوتا تھا، فیکٹری مالک عامر محمود نے بغیر لائسنس پروڈکٹس کی تیاری کا اعتراف بھی کر لیا ہے۔
صوبائی وزیر خواجہ عمران نذیر نے بتایا کہ فیکٹری میں مختلف برانڈز کی پروڈکٹس غیر قانونی طور پر تیار کی جا رہی تھیں، جن کمپنیوں کی پروڈکٹس تیار کی جا رہی تھیں ان سے تصدیق کے لیے رابطہ کیا جائے گا، فیکٹری میں موجود پروڈکٹس کو قبضے میں لے لیا گیا ہے، جب کہ رپورٹ آنے پر کارروائی کی جائے گی۔
انھوں نے عوام سے اپیل کی کہ مستند برانڈز اور مستند ڈاکٹر کی تجویز کردہ پروڈکٹس استعمال کریں۔
لاہور: پنجاب میں ایک دن میں نقل کا مسلسل چوتھا بڑا کیس سامنے آنے کے بعد سپرنٹینڈنٹ سمیت 4 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔
سول لائنز کالج اور ڈی پی ایس ماڈل ٹاؤن میں پورا سینتر پکڑا گیا۔ وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کے مطابق عملے کے خلاف طلبہ کی گواہیاں بھی سامنے آگئیں۔
طلبہ نے اپنے بیان میں بتایا کہ عملہ پیپر حل کروانے کیلیے پیسے ڈیمانڈ کرتا ہے، نگراں عملہ امیدواروں کو اپنا رابطہ نمبر دیتا اور جاز کیش کروانے کو کہتا ہے۔
رانا سکندر حیات نے کہا کہ امیدواروں سے چار چار ہزار روپے ڈیمانڈ کیے گئے، عملہ کو گرفتار کروا دیا اور اب مانیٹرنگ کا دائرہ کار بڑھا رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ طلبہ کے مستقبل سے کھیلنے والوں کے خلاف آخری حد تک جائیں گے۔
قبل ازیں، گورنمنٹ گریجویٹ کالج سبزہ زار میں عملہ نقل کرواتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔ طلبہ کا کہنا تھا کہ عملے نے پیسوں کی ڈیمانڈ کے عوض پیپر حل کرانے کی پیشکش کی تھی۔
طلبہ نے بیان میں کہا تھا کہ عملہ خود آ کر پرچہ حل کرانے میں مدد اور پیسوں کی پیشکش کر رہا ہے اور زبردستی دوسرے امیدوار کو نقل کرانے کا کہا جاتا ہے۔
اس پر صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کا کہنا تھا کہ میٹرک کے بچوں کا امتحان انٹر کے انویجیلیٹرز لے رہے ہیں، چیکنگ پر امیدواروں کے پرچے بھی آپس میں تبدیل پائےگئے، طلبہ سے 5 سے 10 ہزار روپے مانگے جاتے تھے۔
انہوں نے پولیس طلب کر کے ایک نگراں کو گرفتار کروایا اور کہا کہ شہروں میں یہ حالات ہیں تو دیہاتوں میں کیا حال ہوگا، خفیہ مانیٹرنگ ٹیموں کی تعداد میں اضافہ کر رہا ہوں۔
لاہور : گورنمنٹ گریجویٹ کالج سبزہ زار میں عملہ نقل کرواتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا ، طلبہ کا کہنا ہے کہ عملہ نے پیسوں کی ڈیمانڈ کےعوض پیپرحل کرانےکی پیشکش کی۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب میں نقل کی روک تھام کیلئے وزیر تعلیم پنجاب نے تیسرےدن بھی امتحانی مراکز پر چھاپہ مارا اور گورنمنٹ گریجویٹ کالج سبزہ زارمیں نقل کراتے عملے کو رنگے ہاتھوں پکڑا لیا۔
طلبہ نے بیان میں کہا کہ نگران عملہ نے پیسوں کی ڈیمانڈ کےعوض پیپرحل کرانےکی پیشکش کی، عملہ خودآکر پرچہ حل کرانےمیں مدداورپیسوں کی پیشکش کررہاہے اور زبردستی دوسرےامیدوارکونقل کرانے کا کہا جاتا ہے۔
وزیرتعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کا کہنا تھا کہ میٹرک کےبچوں کاامتحان انٹرکےانویجیلیٹرزلےرہےہیں، چیکنگ پرامیدواروں کےپرچےبھی آپس میں تبدیل پائےگئے، طلبہ سے5سے10ہزارروپےمانگےجاتے تھے۔
لاہور:وزیر تعلیم پنجاب نے پولیس بلواکرایک نگران کوگرفتارکروا دیا اور کہا شہروں میں یہ حالات ہیں،دیہاتوں میں کیا حال ہوگا، خفیہ مانیٹرنگ ٹیموں کی تعدادمیں اضافہ کررہاہوں۔
پنجاب میں وزیر تعلیم نے چھاپہ مار کر لاہور میں اساتذہ کو پیسے لے کر بچوں کو امتحان میں نقل کرواتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے اپنی خفیہ ٹیم کی نشاندہی پر لاہور کے علاقے مزنگ میں گورنمنٹ ہائی اسکول پر چھاپہ مارا اور نقل کرتے طلبہ کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔
اس چھاپے میں انکشاف ہوا کہ پورے امتحانی مرکز میں کھل کر نقل کی جا رہی تھی اور یہ سب امتحانی مرکز کے انچارج اور انویجیلیٹرز کی نگرانی میں ہو رہا ہے۔
وزیر تعلیم نے صورتحال دیکھ کر فوری طور پر پولیس سے رابطہ کیا جس پر ایس ایس پی آپریشنز اور متعلقہ پولیس حکام موقع پر پہنچ گئے، جنہوں نے سینٹر کے دو انچارج، 4 پرائیویٹ انویجلیٹرز سمیت 8 افراد کو گرفتار کر لیا جب کہ وزیر تعلیم کے حکم پر امتحانی مرکز کو سیل کر دیا گیا۔
چھاپے کے دوران طلبہ وطالبات وزیر تعلیم کے سامنے پھٹ پڑے اور تمام بھید کھولتے ہوئے بتایا کہ اور امتحانی مرکز کو سیل کر دیا۔
امتحانی مرکز کے 500 سے زائد طلبہ نے سینٹر انچارج اور انویجیلیٹرز کے خلاف گواہی دی اور بتایا کہ پیپر کے 30 ہزار اور ایم سی کیوز کا 20 ہزار مانگے جا رہے تھے۔ انویجیلٹرز کا تو نعرہ تھا کہ ’پیسے دو اور پاس ہو جاؤ‘۔
اس موقع پر وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا کہ امتحانات میں نقل نا قابل برداشت ہے۔ سینٹر کے بارے میں شکایات ملنے پر چھاپہ مارا۔
ان کا کہنا تھا کہ طلبہ کے مستقبل سے کھیلنے والوں کی ہر صورت حوصلہ شکنی کی جائے گی۔ خفیہ ٹیمیں صوبے بھر میں موجود، ہر سینٹر سے با خبر ہیں۔ ذمے دار عناصر کو کڑی سزا دی جائے گی۔
لاہور: پنجاب کے سب سے بڑے امراض قلب کے اسپتال پی آئی سی میں مریض آپریشن کے لیے رل گئے، آپریشن نہ ہونے سے سینکڑوں مریض متاثر ہو رہے ہیں۔
پی آئی سی کے 8 آپریشن تھیٹر میں صرف 2 چل رہے ہیں، 6 آپریشن تھیٹرز گزشتہ پانچ ماہ سے بند پڑے ہیں، جس کی وجہ سے بائی پاس، دل کے بند وال، دل میں سوراخ، شہ رگ پھٹنے سمیت دیگر آپریشن بھی نہیں ہو رہے۔
ایم ایس پنجاب کارڈیالوجی ڈاکٹر محسن نقوی کی جانب سے کوئی بھی جواب دینے سے انکار کیا گیا، اسپتال میں روزانہ کی بنیاد پر پہلے 20 آپریشن ہوتے تھے، گزشتہ چھ ماہ سے روزانہ 4 سے 5 آپریشن ہو رہے ہیں، اسپتال میں داخل مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور غریب مریض نجی اسپتالوں سے مہنگے علاج کروانے کے قابل بھی نہیں۔
دوسری طرف اے آر وائی نیوز کی خبر پر وزیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے نوٹس لیتے ہوئے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں بند آپریشن ٹھیٹرز جلد بحال کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
خواجہ سلمان رفیق نے اے آر وائی نیوز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس نے غریب مریضوں کے لیے آواز اٹھائی، میں جانتا ہوں پی آئی سی میں آپریشن ٹھیٹرز بند ہونے کی وجہ سے متعدد آپریشنز نہیں ہو رہے، آپریشن ٹھیٹرز میں کام ہو رہا ہے اس لیے وہ بند ہیں۔
انھوں نے کہا بند آپریشن ٹھیٹرز میں کام کرنے والی کمپنی کو 10 اپریل کا الٹی میٹم دے دیا گیا ہے۔
لاہور :پرنسپل ایچیسن کالج کے استعفے کی وجہ سامنے آگئی، گورنر پنجاب نے احد چیمہ کے بچوں کی تین سال کی فیس و جرمانے معاف کرتے ہوئے بچوں کا داخلہ خارج کرنے کے پرنسپل کے آرڈرز بھی مسترد کئے۔
تفصیلات کے مطابق پرنسپل ایچیسن کالج کے استعفے کی وجہ سامنے آگئی، پرنسپل ایچیسن کالج کے فیصلے کے برعکس گورنر پنجاب کا حکم نامہ اے آر وائی نیوز کو موصول ہوگیا ہے۔
گورنرپنجاب نے وفاقی وزیر احد چیمہ کے 2بچوں کی تین سال کی فیس و جرمانے معاف کئے جبکہ گورنر پنجاب نے احد چیمہ کے بچوں کا داخلہ خارج کرنے کے پرنسپل کے آرڈرز بھی مسترد کئے۔
احد چیمہ نے اسلام آباد شفٹ ہونے پر ایچیسن کالج بچوں کی طویل رخصت کی درخواست کی ، پرنسپل ایچیسن کالج نے احد چیمہ کے بچوں کی چھٹی کی درخواست پالیسی کے تحت منظور کی اور کالج کی پالیسی کے تحت چھٹی کے دورانیے کی فیس کی ادائیگی کا حکم دیا۔
احد چیمہ کی اہلیہ نے فیس معافی کے لئے گورنر پنجاب بلیغ الرحمان کو درخواست دی، جس میں کہا گیا کہ احد چیمہ تنخواہ دار ہیں، اتنی فیس نہیں دے سکتے۔
گورنر پنجاب نے اہلیہ کی شنوائی کے بعد احد چیمہ کے دونوں بچوں کی 3سال کی فیسیں معاف کر دیں اور حکم نامے میں کہا کہ
ذاتی یاسرکاری وجوہات پر والدیا والدہ کو شہر چھوڑنے پر طویل رخصت منظورہوتی ہے، والدین کی ذاتی یا سرکاری مجبوری کےباعث طویل رخصت پر بچوں کی فیس لینانا انصافی ہے۔
، گورنر پنجاب کی جانب سے حکم نامے میں کہا گیا کہ چند بچوں کی فیس معافی سے ایچیسن کالج کو مالی نقصان نہیں ہوگا ، ایچیسن کالج میں مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے والدین کے بچے داخلہ لیتے ہیں، رخصت کے دوران والدین بچوں کے 2اسکولوں کی فیس ادا کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے، ایسی صورت میں والدین کا مکمل حق ہے کہ بچوں کی فیس معافی کامطالبہ کریں۔
ایچیسن کالج کے پرنسپل نے اسکول جوائن نہ کرنے پر احد چیمہ کے بچوں کا داخلہ بھی کینسل کیا تھا ، جس کے بعد گورنر پنجاب نے احد چیمہ کے بچوں کا داخلہ خارج کرنے کے پرنسپل کے آرڈرز بھی مسترد کئے۔