Author: حنا دیدار

  • بلوچستان: ساحل کے قریب اچانک جزیرہ نمودار (ویڈیو اور تصویر دیکھیں)

    بلوچستان: ساحل کے قریب اچانک جزیرہ نمودار (ویڈیو اور تصویر دیکھیں)

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے ساحل کے قریب اچانک جزیرہ ابھر آیا، سمندر کی تہہ سے ابھرنے والا یہ جزیرہ کافی رقبے پر محیط ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں بلوچ ماہی گیروں کی بستی ‘کنڈ ملیر’ کے قدموں پر بہنے والے سمندر کے قریب جزیرہ نمودار ہوا ہے۔ کنڈ ملیر ساحل پر ابھرنے والا جزیرہ کافی رقبے پر مشتمل ہے۔

    ماہرین کا ماننا ہے کہ جزیرے گہرے پانی میں جغرافیائی ردوبدل کی وجہ سے وجود میں آتے ہیں۔

    ڈبلیو ڈبلیو ایف(پاکستان) تکنیکی مشیر معظم خان کا کہنا ہے کہ بعض اوقات بیشتر جزیرے ابھرنے کے کچھ عرصے بعد دوبارہ غائب ہوجاتے ہیں۔

    خیال رہے کہ کنڈ ملیر کو سال 2018 میں ایشیا کے 50 خوبصورت ترین ساحلوں میں شامل بھی کیا گیا تھا۔ یہ درجہ بندی سیاحت اور فوٹو گرافی کے لحاظ سے کی گئی تھی۔

    بلوچستان کے اس ساحل پر سیاحوں کا رش لگا رہتا ہے، مختلف ممالک سے بھی سیاح کنڈ ملیر کے دلچسپ نظاروں سے لطف اندوز ہونے کے لیے آتے ہیں۔

  • تعلیمی اداروں میں ویکسینیشن کا طریقہ کار کیا ہوگا؟

    تعلیمی اداروں میں ویکسینیشن کا طریقہ کار کیا ہوگا؟

    کراچی : پرائویٹ اسکولز ایسوسی ایشنز کے سربراہان کا تعلیمی اداروں میں ویکسینیشن مہم کے لیے طریقہ کار طے کرنے کے حوالے سے اجلاس ہوا ، 17 سال اور اس سے بڑی عمر کے طلبہ وطالبات کو ویکسینیشن کروائی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق پرائویٹ اسکولز ایسوسی ایشنز کے سربراہان کا طلبا کی ویکسی نیشن مہم پر انتہائی اہم اجلاس ہوا، اجلاس تعلیمی اداروں میں ویکسینیشن مہم کے لیے طریقہ کار طے کرنے کے لیے ڈائیریکٹوریٹ پرائیویٹ انسٹیٹیوشنز سندھ میں منعقد کیا گیا۔

    حکومت سندھ کے اعلان اور این سی او سی کی ہدایات کے مطابق 17 سال اور اس سے بڑی عمر کے طلبہ وطالبات کو ویکسینیشن کروائی جائے گی ، ویکسینیشن کےلئے کلاس سے زیادہ عمر کا خیال رکھا جائے گا۔

    پرائیوٹ اسکولزایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ ویکسینیشن کےلئے والدین سے ان کی رضامندی کا فارم جمع کیا جائے گا اور صرف رضامند والدین کے بچوں کو ویکسینیشن کروائی جائے گی۔

    ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز کی جانب سے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف پر مشتمل ایک ٹیم ہائر سیکنڈری اسکول اور کالج میں جا کر ویکسینیشن کا عمل انجام دے گی اور ہر طالبعلم کو ابتدائی میڈیکل ایگزامینیش کےبعد ہی ویکسینیشن دی جائے گی ۔

    ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز کی نگرانی میں ویکسینیشن ٹیم میں ڈائریکٹوریٹ پرائویٹ انسٹیٹیوشنز اور پرائویٹ اسکولز ایسوسیشنز کے نمائندے شامل ہوں گے ، ہر ہائر سیکنڈری اسکول اور کالج میں جا کر ویکسینیشن کا عمل انجام دیا جائے گا

    پرائویٹ اسکولز اور کالجز ویکسینیشن کےلئے والدین کو زیادہ سے زیادہ آمادہ کریں گے ۔

    خیال رہے حکومت سندھ نے کورونا صورتحال کے پیش نظر 9ویں سے12جماعت کے طلبا کی ویکسی نیشن کو لازم قرار دیا ہے۔

  • بارشوں کا نیا اسپیل ، کراچی والے ایک بار پھر تیار ہوجائیں

    بارشوں کا نیا اسپیل ، کراچی والے ایک بار پھر تیار ہوجائیں

    کراچی : محکمہ موسمیات نے 9ستمبر سے کراچی سمیت سندھ بھر میں مون سون بارشوں کا نیا اسپیل شروع ہونے کی پیش گوئی کردی ہے اور کہا اس اسپیل میں ہلکی سے درمیانے درجے کی بارشیں ہوسکتی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے کراچی میں بارش کے نئے اسپیل کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا مون سون کا نیا اسپیل 9ستمبر کومتوقع ہے ، اس اسپیل میں ہلکی سے درمیانے درجےکی بارشیں ہوسکتی ہیں۔

    ڈائریکٹرمیٹ سردارسرفراز کا کہنا تھا کہ اسپیل کا دورانیہ 2روز 9 اور10ستمبر تک رہےگا اور آئندہ چند روز موسم گرم اور مرطوب رہے گا ، اس دوران کراچی کا درجہ حرارت 34سے 36ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق خلیج بنگال میں ہوا کا ایک اور کم دباؤ بن رہا ہے، بارش کا سسٹم سینٹرل انڈیا اور بھارتی راجستھان سے سندھ کا رخ کرے گا، ہوا کا کم دباؤ 7 اور 8 ستمبرکو سندھ میں داخل ہوگا۔

    گذشتہ روز محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ اندرون سندھ موسلادھار بارش برسانے والا سسٹم ختم ہوگیا تاہم شہر قائد میں کہیں کہیں بونداباندی ہوسکتی ہے۔

    خیال رہے گزشتہ دو روز میں ہونے والی بارش سے کراچی کے مختلف علاقے زیرآب آگئے تھے ، ملیر ندی میں پانی کے تیز بہاؤ کی وجہ سے کورنگی کا زوے زیر آب آنے کے باعث شہریوں کی حفاظت کے لیے محکمہ ٹریفک نے ملیر ولایت شاہ سے مرتضیٰ چورنگی، بلوچ کالونی سے بروکس چورنگی جانے والا روڈ ٹریفک کے لیے بند کردیا تھا۔

  • ’بابا چاہتے تھے میں ڈاکٹر بنوں‘ بیٹی سے باپ کا سہارا چھن گیا

    ’بابا چاہتے تھے میں ڈاکٹر بنوں‘ بیٹی سے باپ کا سہارا چھن گیا

    کراچی کے علاقے کورنگی مہران ٹاؤن میں 16 افراد کی زندگی کے چراغ بجھ گئے اسی فیکٹری میں مزدوری کرنے والے 33 سالہ صابر بیٹی کو آج بھی اپنے بابا کا انتظار ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی مہران ٹاؤن میں فیکٹری حادثے میں جاں بحق ہونے والے 33 سالہ صابر کی 12 سالہ بیٹی اپنے والد کا خواب پورا نہ کرسکی۔

    12 سالہ آمنہ نے روتے ہوئے بتایا کہ ’ابو کی خواہش تھی کہ میں ڈاکٹر بنوں، میں بابا کی خواہش پوری کروں گی۔‘
    صابر اپنے خاندان کے واحد کفیل تھے، مرحوم کے صابر کے تین بچے ہیں۔

    مرحوم کے بھائی نے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ آتشزدگی سے جاں بحق ہونے والوں کو گھر فراہم کیے جائیں اور ان کے بچوں کے بہتر مستقبل کے لیے ماہانہ معاوضہ ادا کیا جائے۔

    صابر کرایے کے گھر میں رہائش پذیر تھے، مرحوم کی اہلیہ شدت غم سے نڈھال ہیں اور ان کے معصوم بچے آج بھی اپنے بابا کا انتظار کررہے ہیں جو کہ اب کبھی واپس نہیں آسکتے اور منوں مٹی تلے جاسوئے ہیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز کورنگی مہران ٹاؤن کی فیکٹری میں لگنے والی آگ نے سو لہ مزدوروں کی جان لے لی تھی، پولیس کی ابتدائی تحقیات کے مطابق فیکٹری انتظامیہ کی غفلت کے باعث لوگوں کی اموات ہوئیں فیکٹری میں ایمرجنسی کی صورت میں نکلنے کا کوئی راستہ نہیں تھا۔

    فائر بریگیڈ حکام کا کہنا تھا کہ متاثرہ فیکٹری میں استعمال ہونے والے کیمیکل سے آگ لگنے کے بعد زہریلی گیس کا اخراج ہوا جس کی وجہ سے فیکٹری میں کام کرنے والے مزدور دم گھٹنے کے باعث جاں بحق ہوئے۔

    پولیس کے مطابق فیکٹری کی فارنسک کروائی جائیگی فارنسک رپورٹ آنے کے بعد آگ لگنے کی وجوہات سامنے آسکیں گی۔ ایف آئی آر میں نامزد فیکٹری مالک اور دیگر ملزمان کی گرفتاری جلد عمل میں لائی جائیگی۔

  • سندھ میں کورونا کیسز میں اضافے کا الرٹ جاری، اسکولز کھولنے سے متعلق اہم خبر آگئی

    سندھ میں کورونا کیسز میں اضافے کا الرٹ جاری، اسکولز کھولنے سے متعلق اہم خبر آگئی

    کراچی : محکمہ صحت سندھ نے کورونا کیسز میں اضافے کے پیش نظر اسکولز نہ کھولنے کی تجویز دے دی، جس کے بعد محکمہ تعلیم نے پرائمری اور سکینڈری کلاسز کےدوبارہ آغاز کا فیصلہ واپس لینے پر غور شروع کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ میں 23 اگست سے تمام کلاسز کا تدریسی عمل بحال نہ ہونے کا امکان ہے، محکمہ صحت سندھ نے کورونا کیسز میں اضافےکا الرٹ جاری کردیا، جس میں کہا ہے کہ حالیہ دنوں میں ایس اوپیزپر عمل نہ ہونے سے کورونا پھیلاؤ کا خدشہ ہے۔

    محکمہ صحت سندھ کی جانب سے اسکولز نہ کھولنے کی تجویز دی گئی ہے ، جس کے بعد محکمہ تعلیم نے پرائمری اور سکینڈری کلاسز کے دوبارہ آغاز کا فیصلہ واپس لینے پر شروع کردیا ہے۔

    اس حوالے سے محکمہ تعلیم سندھ نے ورکنگ کمیٹی کا اجلاس 22اگست کو طلب کرلیا ہے ، کمیٹی محکمہ صحت کی ایڈوائزری پر تعلیمی اداروں سے متعلق فیصلہ کرے گی ،محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ اساتذہ اوروالدین کی ویکسینیشن مکمل نہیں کی جاسکی ہے، والدین اور اساتذہ کی مکمل ویکسینیشن تک خطرات منڈلاتے رہیں گے۔

    خیال رہے سندھ حکومت کی جانب سے م پرائمری تا یونیورسٹی کلاسز 23اگست سےکھولنے کا اعلان کیاگیا تھا۔

  • پاکستان کی معروف اور سینیئر اداکارہ دردانہ بٹ انتقال کر گئیں

    پاکستان کی معروف اور سینیئر اداکارہ دردانہ بٹ انتقال کر گئیں

    کراچی: پاکستان کی معروف اور سینیئر اداکارہ دردانہ بٹ انتقال کر گئیں ، وہ کئی دن سے وینٹی لیٹرپرتھیں، ان میں کورونا کی بھی تشخیص ہوئی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کی معروف اور سینیئر اداکارہ دردانہ بٹ عرف دودی کراچی میں انتقال کر گئیں، وہ کینسر کے عارضے میں مبتلا اورکئی دن سے وینٹی لیٹرپر تھیں جبکہ ان کو کورونا کی بھی تشخیص ہوئی تھی۔

    آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے صدر احمد شاہ نے دردانہ بٹ کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دردانہ بٹ آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی معزز ممبر تھیں، ان سے میرا بہت پرانا تعلق تھا۔

    احمد شاہ کا کہنا تھا کہ آرٹس کونسل کراچی کی گورننگ باڈی گہرے دکھ میں ہے، دعا ہے کہ اللہ دردانہ بٹ کے درجات بلند کرے آمین۔

    واضح رہے کہ 83 سالہ دردانہ بٹ نے اداکاری کا آغاز 70 کی دہائی میں پاکستان ٹیلی ویژن کے مشہور کامیڈی ڈرامہ ’ففٹی ففٹی‘ میں معین اختر کے ساتھ کیا تھا۔

    دردانہ بٹ نے اے آر وائی ڈیجیٹل کے مشہور ڈرامے ’ڈگ ڈوگی‘ میں اشرف کی ماں کا کردار نبھایا تھا جب کہ ڈرامہ رسوائی میں امّاں کا کرداد نبھایا تھا۔

    سینئر اداکارہ کو ان کی بہترین صلاحیتوں کے اعتراف میں سال 1985 میں پی ٹی وی کی جانب سے بہترین اداکارہ کا ایوارڈ بھی دیا جا چکا ہے۔

  • بینائی سے محروم بہن بھائی کا کامیاب آن لائن فوڈ بزنس

    بینائی سے محروم بہن بھائی کا کامیاب آن لائن فوڈ بزنس

    بینائی کا نہ ہونا زندگی میں اندھیرا بھر دیتا ہے لیکن بعض لوگ ایسے بھی ہیں جو بینائی سے محروم ہونے کے باوجود ایسی زندگی گزارتے ہیں کہ لوگوں کو حیران کردیتے ہیں۔

    کراچی کے رہائشی دو بہن بھائی فزا اور علی آنکھوں کی نعمت سے محروم ہیں لیکن نہایت کامیابی سے اپنا فوڈ بزنس چلا رہے ہیں۔

    فزا کھانے بناتی ہیں اور علی انہیں آن لائن فروخت کرتے ہیں۔

    فزا نہایت مزیدار کھانا بناتی ہیں اور اس کے لیے کٹنگ وغیرہ کا تمام کام بغیر کسی مدد کے خود ہی نہایت مہارت سے انجام دیتی ہیں۔

    اس بارے میں ان کا کہنا ہے کہ جب کوئی شخص اپنی بینائی سے محروم ہوجاتا ہے تو اس کی بقیہ حسیات اتنی تیز ہوجاتی ہیں کہ ان کی مدد سے وہ اپنے تمام کام سر انجام دے سکتا ہے۔

    علی نے بتایا کہ ایک بار انہوں نے معروف شخصیات کے لیے ڈائننگ ان دا ڈارک نامی ایونٹ کا انعقاد کیا تھا جہاں انہیں مزیدار کھانے پیش کیے گئے، اس کے بعد سے انہوں نے اپنا آن لائن کام شروع کردیا۔

    دونوں بہن بھائی کی والدہ کا کہنا ہے کہ انہیں خوشی ہے کہ ان کے نابینا بچے بغیر کسی سہارے کے بہترین زندگی گزارنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

  • کراچی: 106 سالہ خاتون نے کورونا کی ڈیلٹا قسم کو شکست دیدی

    کراچی: 106 سالہ خاتون نے کورونا کی ڈیلٹا قسم کو شکست دیدی

    کراچی کی رہائشی 106 سالہ خاتون نے کورونا کے بھارتی ویرینٹ ڈیلٹا کو شکست دے دی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کی رہائشی 106 سالہ خاتون حسین بی بی کورونا کے بھارتی ویرینٹ ڈیلٹا سے صحت یاب ہوگئیں۔

    ذرائع کے مطابق معمر خاتون شہید محترمہ بینظیر بھٹو میڈیکل کالج لیاری کے تحت چلنے والے کوویڈ سینٹر میں زیر علاج تھیں، خاتون کو صحت یاب ہونے کے بعد اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا ہے۔

    معمر خاتون کے صحت یاب ہونے کے بعد اسپتال میں ان کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا اس موقع پر خاتون کے اہلخانہ کے دیگر افراد بھی موجود تھے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ برس ستمبر میں کورونا کا ڈیلٹا ویرینٹ سب سے پہلے بھارت میں سامنے آیا تھا جس کے بعد بھارتی وزارت صحت نے اسے ’ڈبل میوٹنٹ‘ کا نام دیا تھا۔

    چینی ماہرین کو تحقیق سے پتا چلا کہ ڈیلٹا ویرینٹ سے متاثرہ لوگوں پر وائرس کی گزشتہ قسم کے مقابلے میں ہزار گنا زیادہ اثر ہوتا ہے جب کہ اس ویرینٹ سے متاثرہ لوگوں میں علامات ظاہر ہونے کا وقت بھی انتہائی کم ہے۔

    ماہرین کے مطابق اگر کوئی شخص ڈیلٹا ویرینٹ سے متاثر ہوتا ہے تو اس میں انفیکشن سے پہلے بخار اور کھانسی جیسی علامات ظاہر ہونے میں صرف چار دن لگتے ہیں، اس کے مقابلے میں کورونا وائرس کی سب سے پہلی قسم سے متاثر ہونے والے افراد میں 6 روز میں یہ علامات ظاہر ہوتی ہیں۔

    ماہرین کے مطابق تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہےکہ ڈیلٹا ویرینٹ کورونا وائرس کی سب سے پہلی قسم کے مقابلے میں دو سے تین گنا زیادہ تیزی سے پھیلتا ہے۔

  • نادیہ حسین بھی کورونا وائرس کا شکار

    نادیہ حسین بھی کورونا وائرس کا شکار

    کراچی: معروف ماڈل اور اداکارہ نادیہ حسین بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئیں۔

    تفصیلات کے مطابق اداکارہ نادیہ نے سوشل میڈیا پر پوسٹ کے ذریعے وائرس میں مبتلا ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے اپنے مداحوں سے دعاؤں کی اپیل بھی کی۔

    ان کا کہنا تھا کہ کوئی میجر کورونا وائرس کی علامات نہیں ہیں صرف دو روز سے بخار محسوس ہورہا ہے۔

    نادیہ حسین نے بتایا بخار کے علاوہ میں ٹھیک ہوں، میری کورونا ویکسینیشن ہوچکی ہے، مجھ سے رابطے میں رہنے والوں کو اگر کورونا علامات کا سامنا ہے تو ٹیسٹ کرالیں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز اداکار فیصل قریشی اور اداکارہ اشنا شاہ بھی کرونا وائرس سے متاثر ہوئیں۔

    اداکار فیصل قریشی بھی کرونا وائرس سے متاثر ہو گئے

    اشنا شاہ کورونا ویکسین کے دونوں ڈوزز لگانے کے باوجود کرونا وائرس کا شکار ہوئیں، اداکارہ نے سب سے ماسک پہننے، ویکسین لگوانے اور ایس او پیز پر عمل کرنے کی اپیل بھی کی۔

  • اداکار فیصل قریشی بھی کرونا وائرس سے متاثر ہو گئے

    اداکار فیصل قریشی بھی کرونا وائرس سے متاثر ہو گئے

    لاہور: اداکار فیصل قریشی بھی کرونا وائرس سے متاثر ہو گئے ہیں، فیصل قریشی نے کرونا وائرس کے خلاف ویکسینیشن بھی کروائی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ٹی وی اور فلم کے معروف اداکار فیصل قریشی بھی کرونا وائرس کے حملے کا شکار ہو گئے ہیں، انھوں نے یہ اطلاع سوشل میڈیا کے ذریعے دی ہے۔

    فیصل قریشی نے انسٹاگرام پر اسٹوری شیئر کی اور مداحوں کو اس حوالے سے مطلع کیا، اور کہا کہ اپنا خیال رکھیں اور محفوظ رہیں، کیوں کہ ڈیلٹا ویرینٹ بہت پھیل چکا ہے۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Sheny ( die-hard fan ) (@shenyfidai)

    انھوں نے بتایا کہ وہ کل کرونا وائرس سے متاثر ہوئے تھے، رپورٹ مثبت آنے کے بعد انھوں نے ائندہ چند روز کے لیے خود کو آئسولیٹ کر لیا ہے۔

    فیصل قریشی نے یہ بھی بتایا کہ میں ویکسینیٹڈ ہوں، تاہم ابھی تک کرونا انفیکشن کے کوئی اثرات نمودار نہیں ہوئے ہیں۔

    اداکارہ اشنا شاہ بھی کرونا کا شکار، ویکسین لگوانے اور ایس او پیز پر عمل کرنے کی اپیل

    واضح رہے کہ اس سے قبل بھی کرونا وائرس کی چوتھی لہر نے کئی اداکاروں کو متاثر کیا، آج اداکارہ اشنا شاہ بھی کرونا ویکسین کے دونوں ڈوزز لگانے کے باوجود کرونا وائرس کا شکار ہوگئی ہیں، اداکارہ نے سب سے ماسک پہننے، ویکسین لگوانے اور ایس او پیز پر عمل کرنے کی اپیل بھی کی۔

    کرونا ٹیسٹ مثبت آنے پر اداکارہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ ویکسین کے دونوں ڈوزز لگانے کے باوجود میرا کووڈ 19 ٹیسٹ مثبت آیا ہے، میں ایک صحت مند لڑکی ہوں، میری قوت مدافعت بھی کافی بہتر ہے، لیکن پھر بھی میں وائرس سے متاثر ہوگئی ہوں اور اس کے اثرات ناخوش گوار ہیں۔