Author: حسین احمد چودھری

  • نیب کیس میں نامزد ملزم دبئی سے سرنڈر کرنے وطن واپسی کے لیے تیار

    نیب کیس میں نامزد ملزم دبئی سے سرنڈر کرنے وطن واپسی کے لیے تیار

    اسلام آباد : نیب کیس میں نامزد ایک اور ملزم وطن واپسی کے لیے تیار ہے، ملزم نے عدالت سے نیب کو گرفتاری سے روکنے کی استدعا کردی۔

    تفصیلات کے مطابق نیب کیس میں نامزد ملزم دوبئی سے سرنڈر کرنے کے لیے تیار ہوگئے، نیب لاہور کو مطلوب سابق سینیٹر وقار احمد خان نے حفاظتی ضمانت کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔

    درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ وطن واپس آ کر عدالت میں سرنڈر کرنے کو تیار ہوں حفاظتی ضمانت منظور کی جائے۔

    رجسٹرار آفس اسلام آباد ہائیکورٹ نے ملزم وقار احمد کی حفاظتی ضمانت کی درخواست پیر کو سماعت کے لیے مقرر کردی، چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری سماعت کریں گے ۔

    نیب پراسکیوٹر رافع مقصود کے مطابق ملزم وقار احمد خان کے خلاف احتساب عدالت لاہور میں ریفرنس زیر سماعت ہے، ملزم کا ایک بھائی گرفتار ہوگیا تھا جبکہ ملزم خود دوبئی فرار ہوگیا تھا۔

    ملزمان کے خلاف عوام کے ساتھ فراڈ اور دھوکہ دہی کا الزام ہے، ملزمان لاہور کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے مالکان ہیں، ملزم وقار احمد خان 2015 تک سینیٹ کے رکن رہ چکے ہیں۔

  • تھانوں کو خرچے پہنچ جاتے ہیں، ہائیکورٹ آرڈر کی کسی کو پرواہ نہیں، عدالت  پولیس حکام پر برہم

    تھانوں کو خرچے پہنچ جاتے ہیں، ہائیکورٹ آرڈر کی کسی کو پرواہ نہیں، عدالت پولیس حکام پر برہم

    اسلام آباد : اسلام آباد ہائیکورٹ نے اقدام قتل کیس میں ناقص تفتیش پر پولیس حکام پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھانوں کو خرچے پہنچ جاتے ہیں ہائیکورٹ آرڈر کی کسی کو پرواہ نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اقدام قتل کیس میں ناقص تفتیش پر اسلام آباد ہائیکورٹ پولیس حکام پر برہم کا اظہار کیا، جسٹس طارق جہانگیری نے ایس پی اور ایس ڈی پی او انڈسٹریل ایریا کو جھاڑپلادی۔

    عدالت نے کہا کہ ایس ڈی پی او اور ایس پی بغیر تیاری عدالت آجاتے ہیں یہ کیا طریقہ ہے۔ آپ کے 2بندے آج اگر جیل چلےجائیں توسب کام درست ہوجائے گا اور آج آپ کا آئی جی جیل چلا جائے تو دیکھیں کیسےدرست ہوتی ہیں چیزیں، آئی جی کو لکھ لکھ کر تھک گئے لیکن تفتیش درست نہیں ہوتی۔

    جسٹس طارق محمود جہانگیری نے ریمارکس دیے تھانوں کو خرچےپہنچ جاتے ہیں ہائیکورٹ آرڈر کی کسی کو پرواہ نہیں ، آئی جی کی ہدایات پڑھیں جس میں تیاری کیساتھ پیش ہونے کا کہا گیا ، میں اس کیس میں توہین عدالت کی کارروائی شروع کروں گا۔

    عدالت نے ایس پی سے مکالمے میں کہا کہ بغیر تیاری عدالت آئیں گے تو کیا عدالت کو بند کردیں ، جس پر ایس پی نے جواب دیا کہ تفتیشی افسر کو شوکاز کیا ہے آئندہ ایسا نہیں ہوگا۔

    جسٹس طارق محمود جہانگیری کا کہنا تھا کہ اس سے کیا ہوگا بات پھر محرر پر آ جائے گی ،شوکاز آپ نے ماتحت کو کردیا اپنی ذمہ داری کیوں نہیں نبھائی ، جس پر ایس پی نے بتایا کہ روز میٹنگ ہوتی ہے روز تیاری کے حوالے سے ہدایات جاری ہوتی ہیں۔

    ایسی باتیں نہ کریں کہانیاں نہ سنائیں، جب صبح ہائیکورٹ پیشی ہو تو آپ کو رات کو نیند نہیں آنی چاہیے، اٹک سے بندہ یہاں آجاتا ہے اور یہاں تیاری ہی نہیں ہوتی کسی کو پرواہ نہیں، ہائی کورٹ کے آرڈر کا مذاق نہیں چلے گا۔

    عدالت نے کہا کہ کیوں نہ آپ کے خلاف توہین عدالت کاروائی شروع کروں،سیکرٹری داخلہ کو لکھ دوں،ایس پی انڈسٹریل ایریا نے یقین دہانی کرائی کہ آئندہ ایسا نہیں ہوگا ، جس پر جسٹس طارق محمود جہانگیری کا کہنا تھا کہ لکھ کر دیں کہ آئندہ ایسا نہیں ہوگا۔

  • شیریں مزاری کی ای سی ایل سے نام نکلوانے کی درخواست، ایف آئی اے نے جواب جمع کرا دیا

    شیریں مزاری کی ای سی ایل سے نام نکلوانے کی درخواست، ایف آئی اے نے جواب جمع کرا دیا

    اسلام آباد : وفاقی تحقیقاتی ادارے ( ایف آئی اے) نے پی ٹی آئی کی سابق رہنما شیریں مزاری کی ای سی ایل سے نام نکلوانےکی درخواست پر جواب جمع کرادیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں پی ٹی آئی کی سابق رہنما شیریں مزاری کی ای سی ایل سے نام نکلوانےکی درخواست پر سماعت ہوئی۔

    ایف آئی اے نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں جواب جمع کرا دیا، جس میں کہا ہے کہ شیریں مزاری کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالا گیا ہے، اسلام آباد پولیس کی درخواست پرپاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں نام ڈالاگیا۔

    عدالت کی جواب کی کاپی شیریں مزاری کوفراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی سماعت ایک ہفتے کے لیے ملتوی کردی۔

    گذشتہ سماعت میں شیریں مزاری کے وکیل بیرسٹر احسن جمال پیرزاد نے عدالت کو بتایا تھا کہ میڈیا سے ہم نے سنا ہے کہ شیریں مزاری کا نام ای سی ایل میں ہے۔

    جس پر جسٹس طارق محمود جہانگیری نے استفسار کیا تھا کہ آپ کیسے فرض کر سکتے ہیں آپ کا نام ای سی ایل پر ہے ؟ شیریں مزاری کے وکیل نے جواب دیا کہ ہمارے پاس ایسی کوئی دستاویز موجود نہیں جہاں لکھا ہو نام شامل ہے۔

    معزز جج نے وزارت داخلہ کو ہدایت کی تھی کہ شیریں مزاری کا نام ای سی ایل میں ہے یا نہیں ؟عدالت کو آگاہ کریں۔

  • فواد چوہدری کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری معطل

    فواد چوہدری کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری معطل

    اسلام آباد : اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری معطل کردیے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں سابق پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کی الیکشن کمیشن کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کیخلاف درخواست ہوئی ، اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری نےسماعت کی۔

    ایڈووکیٹ فیصل چوہدری نے بتایا کہ الیکشن کمیشن میں فواد چوہدری کیخلاف توہین کمیشن کی کارروائی جاری ہے، جس پر عدالت نے کہا کہ چیف جسٹس نےفیصلہ دیا توہین کمیشن کی کارروائی جاری رہےگی، چیف جسٹس نےفیصلےمیں کمیشن کو معاملےپرحتمی فیصلہ جاری کرنے سے روکا ہے، جو بھی ہے وہ بھی عدالت ہے، آپ کو نوٹس جاری ہوئےہیں۔

    جسٹس طارق محمود جہانگیری نے استفسار کیا کہ کیاوجہ ہےکہ آپ وہاں ذاتی حیثیت میں پیش نہیں ہورہے؟ آپ نےتوہائیکورٹ کے آرڈر کی بھی خلاف ورزی کی ہے تو وکیل فیصل چوہدری نے بتایا کہ ہم اسی دن اسلام آباد ہائیکورٹ کے سامنے پیش ہوئے تھے۔

    جسٹس طارق محمود کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کونسا کراچی میں ہے،ہائیکورٹ سے وہاں چلےجاتے، آپ نےہائیکورٹ کے آرڈرکی خلاف ورزی کی ہے،کمیشن میں پیش نہیں ہورہے، جس پر وکیل فیصل چوہدری کا کہنا تھا کہ ہم الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہونے کو تیار ہیں۔

    اسلام آباد ہائیکورٹ نےفوادچوہدری کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری معطل کرتے ہوئے فوادچوہدری کو20 جولائی کو الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہونے کا حکم دے دیا۔

    جسٹس طارق محمود جہانگیری نے کہا کہ آئندہ تاریخ پرالیکشن کمیشن کے روبروپیش نہ ہوئے تو اس کے نتائج ہوں گے، توہین عدالت کارروائی شروع کروں گا۔

    یاد رہے الیکشن کمیشن نےعدم حاضری پرفواد چوہدری کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کئے تھے، جس کے بعد فواد چوہدری نے ناقابل ضمانت وارنٹ کیخلاف عدالت سے رجوع کیا تھا۔

  • پارلیمنٹینرز گروپ بننے پر شاہ محمود کا رد عمل سامنے آ گیا

    پارلیمنٹینرز گروپ بننے پر شاہ محمود کا رد عمل سامنے آ گیا

    اسلام آباد: پرویز خٹک کی پارٹی پی ٹی آئی پارلیمنٹینرز گروپ بننے پر وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کا ردعمل سامنے آگیا۔

    انسداد دہشتگردی عدالت کے باہر وائس چیئرمین  پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی پارلیمنٹرینرز کی لانچ بھی لانچ سے پہلے ہی فارغ ہوگئی ہے۔

    وائس چیئرمین کا کہنا تھا کہ جو کچھ کل کے پی کے میں ہوا قیادت اس پر نوٹس لے گی، قیادت کے نوٹس کی وجہ سے بہت سے ارکان نے اپنے ویڈیو بیانات دے کر پی ٹی آئی پارلیمنٹینرز سے لاتعلقی کا اعلان کردیا ہے۔

    شاہ محمود قریشی سے صحافی نے سوال کیا کہ پرویز خٹک نے چیئرمین پی ٹی آئی کی طرف سے الیکشن نہ ہونے کا الزام لگایا گیا وہ الیکشن کیوں نہیں چاہتے؟ اس کے جواب میں پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین نے کہا کہ اس سوال کا جواب بھی جلد دے دیں گے۔

  • قائداعظم یونیورسٹی میں بغیر اجازت ہولی کی تقریب ،  طلبہ اور عملے کو شوکازنوٹس جاری

    قائداعظم یونیورسٹی میں بغیر اجازت ہولی کی تقریب ، طلبہ اور عملے کو شوکازنوٹس جاری

    اسلام آباد : قائداعظم یونیورسٹی نے بغیر اجازت ہولی تقریب کے انعقاد اور تیز آواز میں میوزک لگانے پر طلبا اور عملے کو شوکاز نوٹس جاری کردیئے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی قائداعظم یونیورسٹی نےبغیراجازت ہولی تقریب کے انعقاد پر شوکاز نوٹس جاری کردیے۔

    یونیورسٹی ڈسپلن کمیٹی نے طلبہ اور عملے کو تیز آوازمیں میوزک لگانے اور یونیورسٹی سے نکالے گئے طلبہ کو تقریب میں بلائے جانے پرشوکاز نوٹس جاری کیا گیا۔

    شوکاز ملنے والے طلبہ کو اٹھارہ جولائی کو کمیٹی کے سامنے پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔

  • گڈ ٹو سی یو،ان نیو کچہری،  چیئرمین پی ٹی آئی  کے وکیل کا جج سے مکالمہ

    گڈ ٹو سی یو،ان نیو کچہری، چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل کا جج سے مکالمہ

    اسلام آباد: عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف توشہ خانہ فوجداری کارروائی سےمتعلق کیس کی سماعت سترہ جولائی تک ملتوی کردی، چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل نے جج ہمایوں دلاور سے مکالمے میں کہا گڈ ٹو سی یو،ان نیو کچہری۔

    تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف الیکشن کمیشن کی توشہ خانہ فوجداری کارروائی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔

    کیس کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاورنے کی ، وکیل سعد حسن نے استدعا کی کہ کچہری کی شفٹنگ ہو رہی ہے چاہتے ہیں سماعت پیر تک ملتوی کر دی جائے۔

    چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر گوہر عدالت میں پیش ہوئے، جج ہمایوں دلاور نے بیرسٹر گوہر سے مکالمے میں کہا کہ بیرسٹر صاحب آج کل بہت مصروف ہیں، جس پر وکیل نے بتایا کہ امجد پرویز آج پیش نہیں ہو سکتے وہ بھی سماعت پیر تک ملتوی کرنے کی استدعا کر رہےہیں۔

    جج ہمایوں دلاور نے کہا کہ پیر کو نئی کچہری میں سماعت کریں گے تو بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ نئی کچہری میں نئے ماحول کے ساتھ سماعت ہو گی، گڈ ٹو سی یو،ان نیو کچہری۔

    بیرسٹر گوہر نے استدعا کی کہ پیر کو دن 11بجے کا ٹائم رکھ لیں، عدالت نے الیکشن کمیشن کی سماعت ملتوی کرنے کی استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت پیر تک ملتوی کردی۔

  • چیئرمین پی ٹی آئی کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

    چیئرمین پی ٹی آئی کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

    اسلام آباد: اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی اور دیگر رہنماؤں کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے ہیں۔

    جوڈیشل کمپلیکس میں ہنگامہ آرائی سے متعلق چیئرمین پی ٹی آئی سمیت دیگر رہنماؤں کے خلاف تھانہ رمنا میں درج 2 مقدمات کی سماعت ہوئی۔

    تاہم چیئرمین پی ٹی آئی آج  بھی عدالت میں پیش نہیں ہوئے اور ان کے وکیل نے آج کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی، کیس کی سماعت انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے کی۔

    چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے درخواست دائر کرنے والے وکیل سردار مصروف نے بتایا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے لاہور ہائیکورٹ میں پیش ہونا ہے، لاہور ہائیکورٹ میں پیشی کے باعث چیئرمین پی ٹی آئی اسلام آباد نہیں آسکے۔

    عدالت نے جوڈیشل کمپلیکس حملہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی فرخ حبیب، شبلی فراز، حسان خان نیازی کےقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔

    عدالت نے ریماکس دیے کہ ملزم کو عدالت پیش ہونا پڑے گا، عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی سمیت دیگر ملزمان کو 19 جولائی کو ذاتی حیثیت میں طلب کرتے ہوئے سماعت 19 جولائی تک ملتوی کردی۔

    اس کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی نے پہلے ہی ضمانت لے رکھی ہے لیکن آج عدالت نے انہیں پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔

  • شیریں مزاری کا نام ای سی ایل میں ہے یا نہیں ؟ آگاہ کریں، عدالت کی ہدایت

    شیریں مزاری کا نام ای سی ایل میں ہے یا نہیں ؟ آگاہ کریں، عدالت کی ہدایت

    اسلام آباد : سابق وفاقی وزیر شیریں مزاری کی نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزارت داخلہ اور ڈی جی ایف آئی اے کو نوٹس جاری کر دئیے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر شیریں مزاری کی نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست پر سماعت جسٹس طارق محمود جہانگیری نے کی۔

    شیریں مزاری کے وکیل بیرسٹر احسن جمال پیرزاد نے عدالت کو بتایا کہ میڈیا سے ہم نے سنا ہے کہ شیریں مزاری کا نام ای سی ایل میں ہے۔

    جس پر جسٹس طارق محمود جہانگیری نے استفسار کیا کہ آپ کیسے فرض کر سکتے ہیں آپ کا نام ای سی ایل پر ہے ؟ شیریں مزاری کے وکیل نے جواب دیا کہ ہمارے پاس ایسی کوئی دستاویز موجود نہیں جہاں لکھا ہو نام شامل ہے۔

    معزز جج نے وزارت داخلہ کو ہدایت کی کہ شیریں مزاری کا نام ای سی ایل میں ہے یا نہیں ؟عدالت کو آگاہ کریں۔

    عدالت نے ریمارکس دیے کہ ایف آئی اے اور وزارت داخلہ کی ذمہ داری ہے وہ آپ کو بتائیں نام ای سی ایل پر ہے یا نہیں۔

    وکیل احسن جمال پیرزادہ قانون کے مطابق تو کچھ ہو نہیں رہا، عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 19 جولائی تک ملتوی کر دی

  • کبھی ایسا دیکھا ہے کہ 7 ماہ سے کیس چل رہا ہو اور ملزم صرف ایک بارعدالت آیا ہو؟ جج کے توشہ خانہ کیس میں ریمارکس

    اسلام آباد: سیشن کورٹ نے توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی، جج نے ریمارکس دیئے کبھی ایسا دیکھا ہے کہ سات ماہ سے کیس چل رہاہو اور ملزم صرف ایک بارعدالت آیا ہو؟

    تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈسیشن کورٹ اسلام آباد میں توشہ خانہ کیس کی سماعت ہوئی ، چیئرمین پی ٹی آئی کےوکیل نیازاللہ نیازی کمرہ عدالت پیش ہوئے۔

    جج ہمایوں دلاور نے استفسار کیا کہ ملزم کدھرہے؟ وکیل نیازاللہ نیازی نے بتایا کہ اسلام آبادہائیکورٹ میں درخواست دائرکی ہے، چیئرمین پی ٹی آئی کی استثنیٰ کی درخواست دائرکی ہے۔

    وکیل سعدحسن نے کہا کہ توشہ خانہ کیس کے دونوں گواہان عدالت میں شہادت کیلئےپہنچ چکےہیں، جس پر چیئرمین پی ٹی آئی کےوکیل کی جانب سے2دن سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی۔

    جج ہمایوں دلاور نے ریمارکس دیئے آپ کریمینل وکیل ہیں،7ماہ سےکیس التواکاشکارہے، کبھی ایسادیکھا ہے7ماہ سےکیس چل رہاہواورملزم ایک بارصرف عدالت آیا ہو؟

    ہائیکورٹ درخواست دائرکی بنیادپرآج حاضری سےاستثنیٰ منظور کررہاہوں، ساڑھے11بجےتک ہائیکورٹ میں دائر درخواست کی کاپی عدالت جمع کروائیں، صرف آج کی حد تک استثنیٰ کی درخواست منظورکررہاہوں کل ملزم حاضری یقینی بنائے۔