Author: عرفان مغل

  • ڈی آئی خان میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 4 کسٹمز اہلکار شہید

    ڈی آئی خان میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 4 کسٹمز اہلکار شہید

    ڈی آئی خان میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 4 کسٹمز اہلکار شہید ہوگئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ڈی آئی خان کے علاقے سگو روڈ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ کی جس کے نتیجے میں کسٹمز کے 4 اہلکار شہید ہوگئے۔

    پولیس کا بتانا ہے کہ فائرنگ کے بعد گاڑی کے ٹکرانے سے کار سوار بچی اور ایک شخص جاں بحق ہوا، بچی اور شہری کو اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے۔

    پولیس کے مطابق کسٹمز کے اہلکار ڈی آئی خان کوئٹہ روڈ پر معمول کی ڈیوٹی پر تھے جب نامعلوم افراد نے انہیں نشانہ بنایا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان فائرنگ کے بعد فرار ہوگئے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ ڈیرہ اسماعیل خان میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر خودکش حملہ ہوا تھا، خودکش بمبار نے سیکیورٹی فورسز کے قافلے سے اپنی گاڑی ٹکرا دی تھی اور اور خود کو دھماکے سے اڑا لیا تھا۔

    آئی ایس پی آر کاکہنا تھا کہ دھماکے کے نیتجے میں دو جوان شہید ہوگئے ، 38 سالہ نائب صوبیدار یاسر شکیل اور 34 سالہ سپاہی طاہر نوید دونوں کا تعلق کوہاٹ سے تھا۔

  • ٹانک میں 100 گھروں کے منصوبے کے لاپتا عملے کے لیے سرچ آپریشن جاری

    ٹانک میں 100 گھروں کے منصوبے کے لاپتا عملے کے لیے سرچ آپریشن جاری

    ٹانک: وزیراعظم کے اعلان کردہ 100 گھروں کے منصوبے کا عملہ ٹانک سے مبینہ طور پر اغوا ہو گیا ہے، جس کی تلاش جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کے اعلان کردہ سو گھروں کے منصوبے کا عملہ خیبر پختون خوا کے شہر ٹانک سے مبینہ طور پر اغوا کر لیا گیا ہے۔

    ڈبرہ کے قریب ہاؤسنگ سوسائٹی کے سپروائزر، جنرل منیجر اور اکاؤنٹنٹ کو اغوا کیا گیا۔

    پولیس حکام کے مطابق زیر استعمال گاڑی چیسن کچ گاؤں کے قریب ملی، پولیس کی جانب سے عملے کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔

    یاد رہے کہ وزیر اعظم نے ٹانک میں سیلاب متاثرین کے لیے سو گھر بنانے کا اعلان کیا تھا، اس ہاؤسنگ منصوبے پر ڈبرہ مہاجر کیمپ کے مقام پر سوسائٹی تعمیراتی کام کر رہی ہے۔

  • کلاوڈ سیڈنگ کے ذریعے مصنوعی بارش عرب خطے کے لیے کتنی اہم  ہے؟ جانئے

    کلاوڈ سیڈنگ کے ذریعے مصنوعی بارش عرب خطے کے لیے کتنی اہم ہے؟ جانئے

    ڈرون ٹیکنالوجی کا جہاں بہت سے منصوبوں میں استعمال ہو رہا ہے وہاں موسمیاتی تبدیلیوں میں بھی اس کے استعمال کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

    کلاوڈ سیڈنگ کیا ہے؟

    بادلوں میں برقی چارجز کا استعمال کرتے ہوئے مصنوعی بارش برسانے کے عمل کو کلاؤڈ سیڈنگ کہتے ہیں۔

    سائنسدان بارش برسانے کے کئی طریقے تلاش کر رہے ہیں، امارات کی آب و ہوا دیگر خلیجی ممالک کی طرح ہے اور یہاں کلاؤڈ سیڈنگ کا تجربہ ان کے لیے بہت مفید ثا بت ہو سکتا ہے، کلاؤڈ سیڈنگ تیزی سے بڑھتی ہوئی سائنس ہے جسے متحدہ عرب امارات میں بہتر طریقے سے استعمال کیا جا رہا ہے۔

    امارات میں یہ کام اس سے قبل دو ہزار سترہ میں شروع ہوا تھا اور بارش میں اضافے کےنو منصوبوں میں پندرہ ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی تھی۔

    دیگر خلیجی ممالک کی طرح امارات کو بھی گرمی اور خشک سالی کا سامنا ہے جہاں دوہزار اکیس کے ابتدائی تین ماہ میں صرف 1.2ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی اور موسم گرما کا درجہ حرارت اکثر علاقوں میں پچاس سینٹی گریڈ تک جا پہنچا، اس لئے سائنسدان گرمی کاحل تلاش کر رہے ہیں۔

    متحدہ عرب امارات کے پاس میٹھے پانی کے اپنے قیمتی چند وسائل موجود ہیں، اس کے نتیجے میں اس کی معیشت درآمدات اور ڈی سیلینیشن یعنی سمندری پانی سے نمک نکال کر استعمال کے قابل بنانے کے عمل پر بہت زیادہ انحصار کرتی ہے تاکہ فصلوں اور بڑھتی ہوئی آبادی کی ضروریات پوری کی جا سکیں۔

    سعودی عرب نے بھی گزشتہ سال کلاؤڈ سیڈنگ ٹیکنالوجی پروگرام کی منظوری دی تھی جس کا مقصد مملکت میں بارش میں تقریبا 20 فیصد اضافہ کرنا تھا۔

    اقوام متحدہ کے مطابق مشرق وسطی میں پانی کا تناسب باقی دنیاسے قدرے کم ہےاور اس خطے میں موجود 17 ممالک کو پانی کے لحاظ سے غربت کی لکیر سے نیچے سمجھا جاتا ہے۔

    ورلڈ بینک کی رپورٹ کے مطابق صرف مینا خطے کی زراعت کے لیے پانی کا استعمال تقریبا 80 فیصد ہے۔

    یاد رہے کہ متحدہ عرب امارات نے پانی کے ذخیرے کے لیے تقریبا 130 ڈیم تعمیر کیے ہیں جن میں پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش تقریبا 120 ملین مکعب میٹر ہے تا کہ پانی کو بخارات بننے یا صرف سمندر میں بہنے سے روکا جا سکے ۔

  • بیروزگارشخص نے گھرکے پانچ افراد کو قتل کرکے خودکشی کرلی

    بیروزگارشخص نے گھرکے پانچ افراد کو قتل کرکے خودکشی کرلی

    ٹانک: خیبر پختونخواہ کےانتہائی جنوبی و پسماندہ ضلع ٹانک میں قرض اور بے روزگاری سے تنگ آکر سید رسول نامی شخص نے اپنے ہی گھر کے اندر فائرنگ کرکے پانچ افراد کو قتل اور دو کو شدید زخمی کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ ٹانک کے محلے قاضیانوالہ میں پیش آیا جہاں معاشی حالات سے پریشان ایک شخص نے اپنے بیوی اور بچوں سمیت 5 افراد کو فائرنگ کرکے قتل کردیا، واقعے میں قاتل کی ایک بیٹی اور بیٹا شدید زخمی ہوئے ہیں، ملزم نے خود کو بھی گولی مار کر خودکشی کرلی۔

    پولیس کے مطابق ٹانک کے محلہ قاضیانوالہ کا رہائشی سید رسول پیشے کے لحاظ سے جیولر تھا لیکن روزگار نہ ہونے اور لاکھوں روپے قرض پڑنے کی وجہ سے ذہنی طور پر شدید پریشان تھا ۔

    بتایا جارہا ہے کہ ملزم سید رسول نے ذہنی پریشانی کے عالم میں آج علی الصبح 6 بجے اپنے گھر میں سوتے ہوئے اہل خانہ پر فائرنگ کردی ۔ سانحے میں ملزم کی بیوی مسماتہ حلیمہ بی بی، 15 سالہ بیٹی کرن اور 13 سالہ عمیرہ بی بی، 18 سالہ بیٹا سلیمان ، 20 سالہ ثوبیہ 13 سالہ عمیرہ اور 11 سالہ عثمان پر فائرنگ کرکے بعد میں خود کو گولی مار کر اپنی بھی زندگی کا چراغ گل کردیا۔

    فائرنگ کے نتیجے میں عمیرہ اور عثمان شدید زخمی ہوگئے جبکہ خاندان کے دیگر تمام 5 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے، میتوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں سے انہیں بدنصیب خاندان کے دیگر لواحقین کے حوالے کردیا جائے گا۔

    پورا خاندان ختم ہوجانے پر جہاں ایک جانب لواحقین صدمے کی حالت میں ہیں وہی اس واقعےکو لے کر اہل محلہ میں بھی خوف اور صدمے کی ملی جلی فضا پائی جاتی ہے۔

  • دریاے سندھ کو صاف رکھنے کا عزم، پھولوں سے خراجِ تحسین

    دریاے سندھ کو صاف رکھنے کا عزم، پھولوں سے خراجِ تحسین

    ڈی آئی خان: ڈیرہ اسمعیل خان کے شہریوں نے دریائے سندھ کو صاف کرنے کے عزم روایتی ثقافتی طریقے سے احتجاج کرتے ہوئے دریا کو پھولوں سے خراج تحسین پیش کیا۔

    تفصیلات کے مطابق موسم بہار کی آمد کے موقع پر جب ہر طرف رنگوں اور خوشیوں کی بہار نظر آتی ہے ۔ وہیں ڈی آئی خان میں دریائے سندھ کو آلودگی سے پاک کرنے کیلئے پھولوں کا خراج پیش کیا جاتا ہے ۔انتظامیہ نے بے حسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے شہر کے نکاسی آب اور گندے پانی کے تمام نالے دریائے سندھ میں ڈال دئیے گئے ہیں جس نہ صرف آبی حیات کا نقصان کا اندیشہ ہے بلکہ شہریوں کو پینے کا صاف پانی بھی اب میسر نہیں رہا۔

    انتظامیہ کی اسی بے حسی کے خلاف یہ منفرد اور دلچسپ احتجاج ہر سال موسم بہار کی آمد کے ساتھ منعقد کیا جاتا ہے، جس میں ڈیرہ اسماعیل خان کے باسی دریائے سندھ کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے دریا میں پھول کی پتیاں نچھاور کرتے ہیں۔

    ہر سال کی طرح اب کی بار بھی ثقافتی وادبی تنظیم سپت سندھو سلہاڑ کے زیر اہتمام چیت بہار میلہ جسے عرف عام میں پھولوں والا میلہ بھی کہا جاتا ہے کا انعقاد کیاگیا۔جس میں ضلع ڈیرہ اسماعیل خان’ضلع ٹانک اور ضلع بھکر کے علاوہ سرائیکی وسیب کے دیگر شہروں سے بھی عوام نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

    میلے کے شرکاء ریلی کی صورت میں امامیہ گیٹ پر اکھٹے ہوئے اور ڈھول کی تھاپ پر سرائیکی جھمر کا رقص پیش کرتے ہوئے اپنے روایتی راستے محکمہ موسمیات روڈ سے ہوتے ہوئے دریا ئے سند ھ کے کنارے پر پہنچے تو وہاں پر پہلے سے موجود شہریوں نے ریلی کا استقبال کیا۔جس کے بعدعاطف شہید پارک کے قریب دریا میں پھول بہا کر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ دریا کے پانی کو کسی صورت گدلا نہیں ہونے دیں گے۔پانی میں ہی انسانوں کی بقاء اس لئے ہم دریا کی بقاء کی جنگ اپنی آخری سانس تک جاری رکھیں گے۔

    تقریب میں شرکت کرنیوالے ملک علی آصف سیال نے بتایا کہ شہر کے نکاسی آب اور گندے پانی کے تمام نالے دریائے سندھ میں ڈال دئیے گئے ہیں جس نہ صرف آبی حیات کا نقصان کا اندیشہ ہے بلکہ شہریوں کو پینے کا صاف پانی بھی اب میسر نہیں رہا ہے ۔گل پاشی کی تقریب کے بعد تمام شرکاء عاطف قیوم شہید پارک میں اکھٹے ہوئے جس سے پنڈال مرد وخواتین سے کچھا کھچ بھر گیا۔

    دریائے سندھ میں گل پوشی کے بعد عاطف قیوم شہید پارک میں سپت سندھو سلہاڑ کی پررونق تقریب سعید اختر سیال کی صدارت میں منعقد ہوئی۔جس میں سعید اختر سیال اور قیصر انور’ملک علی آصف سیال’سید حفیظ گیلانی’سلیم شہزادنے خطاب کیا اور دریا میں پھولوں بہانے کے اغراض ومقاصد اور پانی کی آلودگی پر تفصیلی روشنی ڈالی۔

    ڈاکٹر نعمان لطیف سدوزئی اور محمد عرفان مغل نے بطور مہمان خصوصی شرکاء سے خطاب کیا جبکہ اعجاز قریشی اور آفتاب احمد اعوان نے سٹیج سیکرٹری کے فرائض سرانجام دئیے۔اس موقع پر شرکاء کا کہنا تھا کہ اس وقت ساری دنیا آبی وسائل کی بقاء جنگ لڑ رہی ہے۔بدقسمتی سے ہمارے دریائے سندھ کے پانی کو محفوظ اور شفاف رکھنے کے لئے کوئی اقدامات نہ کئے گئے جس کی وجہ سے آج جہاں پانی ہر طرف پانی کی قلت کاسامنا ہے وہاں پانی کو آلودہ کیا جارہا ہے اور آبی حیات کے ساتھ ساتھ انسانوں کی بقاء بھی خطرے میں پڑگئی ہے۔

    لاکھوں کی کثیر آبادی والے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کا سارا فضلہ دریا میں براہ راست گر رہا ہے جس کی وجہ سے پانی پینے کے قابل نہیں رہا تو دوسری طرف فلٹریشن پلانٹ نصب نہ ہونے کی وجہ سے عوام آلودہ پانی پینے پر مجبور ہیں جس کی وجہ سے آرسینک کی مقدار بڑھ گئی ہے۔موذی بیماریاں پھیل رہی ہیں اور وبائیں پھوٹنے کاخدشہ بھی درپیش ہے۔شرکاء نے کہا کہ شومئی قسمت کہ زمانوں پہلے ہمارے اجداد دریاکے کنارے پر آباد ہوئے اور ہمیشہ اس دریا سے محبت وعقیدت کااظہار کیا لیکن آج دریا کی حالت زار دیکھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے۔

    شرکاء کا کہنا تھا کہ مقامی ڈیرے وال ہر سال 23 مارچ کو دریا پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کرکے خاموش اورپرامن احتجاج کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ شہر بھر کی گندگی کو پانی میں نہ انڈیلا نہ جائے ا ور جامعہ منصوبے وحکمت عملی سے شہر سے باہر نکاسی کے گندے پانی کو نکالا جائے تاکہ شہری تعفن زدہ پانی پینے سے محفوظ رہیں۔تاہم ہنگامی بنیادوں پر حکومت فلٹریشن پلانٹ کی تنصیب کو یقینی بنائے اور شہر میں پلاسٹک کے شاپر پر پابندی عائد کی جائے تاکہ دریا میں جمع ہونے والی گندگی کی روک تھام میں مدد مل سکے اور دریائی پانی آلودہ ہونے سے بچ سکے۔

    سپت سندھو سلہاڑ کے زیر انتظام اس میلے میں خواتین کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی جبکہ شعراء نے ڈیرہ اسماعیل خان کی ثقافت کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہوئے سرائیکی میں اپنا کلام پیش کرکے حاضرین کے دل موہ لئے۔اس کے علاوہ دھرتی ڈیرہ اسماعیل خان کے سپوت اور سرائیکی وسیب کے شہرازے لوک فنکار امجد نواز کارلو نے بھی اپنے فن کا جادو جگایا جس پر حاضرین جھومنے پر مجبور ہوگئے۔

  • ٹانک میں 16 سال بعد منعقد ہونے والا جشنِ دامان اختتام پذیر

    ٹانک میں 16 سال بعد منعقد ہونے والا جشنِ دامان اختتام پذیر

    ڈی آئی خان: ٹانک میں سجا تین روزہ جشنِ دامان اختتام پذیر ہوگیا، میلے میں شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور فنکاروں کو سراہا۔

    تفصیلات کے مطابق ٹانک کے جہاز گراؤنڈ میں تین روزہ ثقافتی میلے کا اہتمام ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفس کی جانب سے کیا گیا تھا ، یہ میلہ 16 سال کے تعطل کے بعد دوبارہ منعقد کیا گیا ہے۔

    تین روزہ میلہ میں شہریوں کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی اور میلہ کے پروگراموں سے لطف اندوز ہوتے رہے۔اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی کمشنر ڈیرہ جاوید مروت تھے ، میلے کے موقع پر مقامی پولیس اور پاک فوج کی جانب سے سیکورٹی کے بہترین انتظامات کئے گئے تھے ۔

    اختتامی تقریب میں کمانڈنگ آفیسر لیفیٹنٹ کرنل الطاف بلوچ،ڈپٹی کمشنر شاہ رخ علی خان،ڈی پی او عارف ،ضلعی ناظم مصطفی خان کنڈی،ضلعی ناظم ڈیرہ عزیز اللہ علیزئی ،تحصیل ناظم ڈیرہ عمر آمین،پریس کلب ٹانک کے صدر آوردین محسود ،ضلعی ممبر ملک نجیب اللہ محسود ،ڈائیریکٹر لائیو سٹا ک عمر ایوب ،مقامی صحافیوں اور شائقین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

    یاد رہے کہ ڈی آئی خان گزشتہ کئی سال سے براہ راست بد امنی کا شکار رہا تھا۔ امن کی بحالی کے بعد ضلعی حکومت کے سربراہ ضلعی ناظم مصطفی خان کنڈی کی سرپرستی اور ضلعی انتظامیہ کے سربراہ ڈپٹی کمشنر شاہ رخ علی خان کی زیر نگرانی تین روزہ جشن دامان میلہ کا انعقاد کیا گیا ۔

    میلے میں مختلف نوعیت کے پروگرامات کا اہتمام کیا گیا، جن میں گھوڑا ریس ،گھوڑا رقص،نیزہ بازی ،کشتیاں،کبڈی،باسکٹ بال،کتا ریس،میوزک ،تیر بازی،پی ٹی شو،مشاعرہ اور نعتیں شامل ہیں ۔

    اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر ڈیرہ جاوید مروت کاکہنا تھا کہ ٹانک میں دامان میلہ کا انعقاد ٹانک کی ضلعی حکومت اور ضلعی انتظامیہ کے لئے ایک بہت بڑی کامیابی ہے اور یہ ایک واضح پیغام ہے کہ ٹانک کی عوام کتنی امن پسند ہے۔ میلے میں عوام کی کثیر تعداد میں شرکت علاقہ کے امن کے لئے نیک شگون ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ میلوں کے انعقاد سے شہریوں کو تفریحی اور خوشحالی کے مواقعہ میسر آئیں گے اور علاقائی ثقافت پروان چڑھے گی ۔تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی کمشنر ڈیرہ جاوید مروت، کمانڈنگ آفیسر لیفیٹنٹ کرنل الطاف بلوچ،ضلعی ناظم مصطفی خان کنڈی اور ڈپٹی کمشنر شاہ رخ علی خان نے کھیلوں اور پروگراموں میں اچھی کار دگی کا مظاہرہ دکھانے والے افراد میں نقد انعام اور ٹرافیاں تقسیم کیں۔

  • ٹانک میں 16 سال بعد جشنِ دامان کا انعقاد

    ٹانک میں 16 سال بعد جشنِ دامان کا انعقاد

     ٹانک: ڈی آئی خان میں تین روزہ ثقافتی میلے کا انعقاد ہوا، جشنِ دامان نامی اس میلے میں کئی منفرد مقابلوں کا انعقاد کیا گیا، یہ میلہ 16 سال کے تعطل کے بعد منعقد ہورہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق تین روزہ جشن دامان ثقافتی میلہ کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب ٹاؤن ہال ٹانک میں منعقد ہوئی۔جشن دامان ثقافتی میلہ کی تقریبات تین دن تک جاری رہیں گی جس میں موسیقی پروگرام ،کبڈی ،نیزہ بازی،نشانہ بازی ڈاگ ریس سمیت دیگر مقابلوں کا انعقاد کیا جائے گابہترین کارکردگی پیش کرنے والے کھلاڑیوں اور شرکاء میں انعامات تقسیم کئے جائیں گے۔

    گزشتہ شام ٹاون ہال گرائونڈ میں افتتاحی تقریب کے موقع پرسکول کے طلباء نے ملی نغمے ،ٹیبلو پیش کیے شرکاء کو محظوظ کرنے کے لئے گھوڑا رقص پیش کیا گیا۔جبکہ شاندار آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔اردو سرائیکی وپشتو ادبی مشاعرہ سے شرکاء نے شائقین کو خوب لطف اندوز کیا۔

    جش دامان کے افتتاعی تقریب میں شائقین و عوام نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ضلع ناظم مصطفی کنڈی ڈپٹی کمشنر شاہ رخ علی خان نے کہا کہ جشن دامان میلے کا مقصد عوام کو تفریح فراہم دینے سمیت ثقافتی سرگرمیوں کو اجاگر کرنا ہے ، تاکہ نئی نسل کو منفی سرگرمیوں سے باز رکھنے میں مدد گار ثابت ہو ۔عوام جشن دامان کو کامیاب بنانے میں اپنا کردار ادا کریں ۔

    میلے کا انعقاد اور باہر سے آنے والے مہمانوں کی شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ سیکورٹی فورسز کی بے تحاشہ قربانیوں سے ٹانک میں دیر پا امن قائم ہو چکا ہے جس پر سیکورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جشن دامان کا انعقاد ہر سال جاری رہے گا۔اس میلے کا انعقاد 16 سال کے تعطل کے بعد ممکن ہوسکا ہے۔

    جشن دامان میلہ میں نیزا بازی و ڈاگ ریس جبکہ ٹاون ہال میں تیر اندازی جیسے کھیلوں سے شائقین کو خوب لطف انداز کیا گیا۔ ریجنل سپورٹس آفیسر رضی اللہ بیٹنی نے کہا کہ میلے کے انعقاد سے جہاں مقامی کھلاڑیوں کو اپنے فن کے جوہر دکھانے کو ملتے ہیں وہیں پر کاروباری و سماجی سرگرمیوں میں کو بھی فروغ ملتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم نے 16سال بعد علاقہ میں ایک بار پھر مثبت سرگرمیوں کی داغ بیل ڈال دی ہے اور اب ان شاء اللہ ہر سال تواتر سے اس میلے کا انعقاد کیا جاتا رہے گا ۔

  • ڈی آئی خان میں کبڈی کی پریمئرلیگ کا انعقاد

    ڈی آئی خان میں کبڈی کی پریمئرلیگ کا انعقاد

    ڈی آئی خان: ڈیرہ اسماعیل خان کی تاریخ کے کھیلوں کے بڑے ایونٹ’ڈیرہ پریمئرلیگ‘ کاافتتاح کردیاگیا، ایونٹ میں خیبر پختونخواہ اورپنجاب سے کبڈی کے کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔

    ریجنل سپورٹس آفیس کی زیرنگرانی پاک فوج اورانتظامیہ کے تعاون سے منعقدہونے والے ” ڈیرہ پریمئرلیگ”کی افتتاحی رنگارنگ تقریب میں مہمان خصوصی ضلع ناظم اسٹیشن کمانڈربریگیڈئیررائوعمران سرتاج تھت تقریب میں ڈپٹی کمشنر برکت اللہ مروت ،ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرظہوربابرآفریدی ،ریجنل سپورٹس آفیسرانورکمال برکی ،تحصیل ناظم سردار عمرامین خان گنڈہ پورکے علاوہ تحصیل ناظمین ، مختلف محکموں کے سربراہان موجودتھے ۔

    تمام مہمانوں نے ’ڈیرہ پریمئرلیگ‘کاافتتاح ڈی پی ایل کی ٹرافی کی رونمائی کرکے کیا۔اس موقع پررنگارنگ پروگرام پیش کیے گئے ۔تقریب میں کھلاڑیوںاورلوگوں کی بڑی تعدادموجودتھی۔ ڈیرہ پریمئرلیگ میں پنجاب اورخیبرپختونخواکے کھلاڑیوں کی بڑی تعداد شرکت کر رہی ہے ۔ کبڈی کے مقابلوں کے لیے پنجاب کے 16پہلوانوں کے علاوہ ڈیرہ اورلکی مروت کے 16پہلوان بھی حصہ لے رہے ہیں ۔

    کبڈی کاپہلامقابلہ رستم پہلوان فضل پہلوان آف کیچ اوررستم بہاولپورحنیف پہلوان کے درمیان کھیلاگیاجس میں رستم پہلوان ، فضل پہلوان آف کیچ نے رستم پہلوان حنیف پہلوان کو شکست دی۔ تقریبات کے دوران مارشل آرٹ کا خوبصورت مظاہرہ بھی کیاگیا۔ مقابلوں میں حصہ لینے والی ٹیموں نے مارچ پاسڈکامظاہرہ کیااورمہمانوں نے تمام ٹیموں کے ساتھ الگ الگ گروپ فوٹوبھی بنوائے ۔

    یہ مقابلے 9دسمبر 2018تک جاری رہیں گے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ضلع ناظم نوابزادہ عزیزاللہ خان علیزئی نے کہاکہ پاک فوج اورانتظامیہ کے تعاون سے ریجنل سپورٹس آفیسرانورکمال برکی کے زیراہتمام ڈیرہ پریمئرلیگ کامظاہرہ ڈیرہ کے کھیلوں کی تاریخ کابڑامظاہرہ ہے۔

    کھیلوں کی صحت مندسرگرمیوں کے فروغ کے لیے ضلعی حکومت ،پاک فوج کے ساتھ مل کرہرممکن اقدامات اٹھائے گی ۔ کھیلوں کے فروغ کے حوالے سے ریجنل سپورٹس دفترکی کارکردگی مثالی ہے اوراس کو ہم قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ ریجنل سپورٹس آفیسرانورکمال برکی نے کہاکہ ریجنل سپورٹس دفترعلاقے میں مثبت سرگرمیوں کے فروغ کے لیے کھیلوں کے مقابلے کرتارہے گااوراس میں مزید بہتری آئے گی ۔

  • ایف بی آرنے بھٹہ مزدورکولاکھوں کے ٹیکس کا نوٹس بھیج دیا

    ایف بی آرنے بھٹہ مزدورکولاکھوں کے ٹیکس کا نوٹس بھیج دیا

    ڈی آئی خان: فیڈرل بورٹ آف ریونیو نے مبینہ بھٹہ مزدور کو لاکھوں روپے ٹیکس کی ادائیگی کا نوٹس بھیج دیا، ٹیکس ادا نہ کرنے پر گرفتار کرنے کا عندیہ بھی دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان سے متصل ضلع ٹانک میں بھٹہ خشت مزدور بشیر احمد کو ایف بی آر کی جانب سے 89لاکھ24ہزار3سو75روپے ٹیکس کے عدم ادائیگی پر وارنٹ گرفتاری کا نوٹس جاری کیا گیا ہے۔

    ایف بی آر کی جانب سے جاری کردہ نوٹس میں بشیر احمد کو 27انڈس کار کرولا گاڑیوں کا مالک ظاہر کیا گیا ہے جبکہ علاقہ عمائدین اور بشیر احمد کے مطا بق وہ روزانہ کے حساب سے بھٹہ خشت پر مزدوری کرتا ہے اور نو ٹس کی اجراء سے شدید ذہنی کوفت کا شکار ہے۔

    ایف بی آرکی جانب سے جاری کردہ وارنٹ گرفتاری نو ٹس میں کہا گیا ہے کہ بشیر احمد 89لاکھ24ہزار3سو75روپے ٹیکس کے نادہندہ ہیں ، لہذا وہ فوری اپنے ذمے واجب الادا ٹیکس کی ادائیگی کو یقینی بنا ئیں، بصورت دیگر انہیں گرفتار کیا جائےگا۔

    بشیر احمد کا کہنا ہے کہ وہ عرصہ دراز سے شیخ اتار میں بھٹہ خشت پر روزانہ مزدوری کر رہا ہے اور مذکورہ گاڑیوں کے کاروبار کا اسے کوئی علم نہیں اور نہ ہی پوری زندگی میں اس نے کبھی کوئی گاڑی خریدی یا فروخت کی ہے۔

    بشیر احمد نے مطالبہ کیا ہے کہ ایف بی آرکے اعلیٰ حکام اس واقعے کا نوٹس لیں اور جاری کردہ نوٹس کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات کریں۔ اس نے التجا کی ہے کہ اسے جلد از جلد اس آفت سے چھٹکارہ دلایا جائے۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل کئی اور غریب شہریوں کے نام پر بے نامی اکاؤنٹ منظر عام پر آچکے ہیں، کراچی کے علاقے کورنگی انڈسٹریل ایریا کی فیکٹری میں مزدوری کرنے والے شاہد نامی شہری کے شناختی کارڈ پر بینک لون لیا گیا جبکہ کریڈٹ کارڈ حاصل کرکے اس سے بھی رقم حاصل کی گئی تھی۔

    اورنگی ٹاؤن کے رہائشی ایک فالودے والے کو ایک غیر قانونی ٹرانزیکشن نے ارب پتی بنا دیا، ان کے بینک اکاؤنٹ میں 2 ارب روپے سے زائد کی رقم موجود ہونے کا انکشاف ہوا تھا ، جس کے بعد ایف آئی اے نے تحقیقات شروع کردی تھیں۔

    دوسری جانب اسلام آباد کے ریٹائرڈ جج میاں سکندر حیات کے نام پر بھی 2224 گاڑیاں رجسٹرڈ نکل آئیں تھیں، معلوم ہوا ہے کہ یہ گاڑیاں نو سربازوں نے ان کے نام رجسٹرد کرائیں۔سابق جج سکندر حیات کے وکیل کا کہنا تھا کہ سکندر حیات کے پاس ایک گاڑی ہے، لیکن ان کے نام پر 2224 گاڑیاں رجسٹرڈ ہیں۔

  • ڈی آئی خان میں سائبرکرائم کا پہلا مقدمہ پولیس اہلکارکے خلاف درج

    ڈی آئی خان میں سائبرکرائم کا پہلا مقدمہ پولیس اہلکارکے خلاف درج

    ڈی آئی خان: ڈیرہ اسمعیل خان میں وفاقی تحقیقاتی ادارے نے سائبر کرائم ایکٹ کے تحت شہر کا پہلا مقدمہ درج کرلیا، مقدمہ بیوی کی درخواست پر شوہر کے خلاف درج کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ نے خاتون کی شکایت پر اس کے شوہر کو حراست میں لیا ، ڈیرہ اسماعیل خان سائبر سرکل نے الیکٹرانک جرائم کی روک تھام کے لئے بنائے گئے پی آئی سی اے ایکٹ 2016 کے تحت سوشل میڈیا پر ہراسانی اور بے جا تنگ کرنے کے خلاف پہلی ایف آئی آر درج کر کے ملزم کو گرفتار کیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق امتیاز الحسن نامی شہری کے خلاف اس کی بیوی نے فیس بک پر ہراسانی اور دھمکیوں کی شکایت درج کرائی تھی ،جس پر سائبر ونگ نے پی پی سی کی دفعات 506 اور 509 کے تحت ایف آئی آر نمبر 1/2018 درج کر کے پولیس اہلکار کو گرفتار کر لیا ۔

    ملزم سبط الحسن ہیڈ کانسٹیبل ہے اور بطور نیب کورٹ ایڈیشنل سیشن جج 1 ڈیرہ کی عدالت میں تعینات ہے، انچارج سائبر کرائم تھانہ کا کہنا ہے کہ متاثرہ شہریوں کی کرائم کے حوالے سے درخواستوں کی تعداد جتنی مرضی ہو ،ان کا ازالہ کرنا ہمارے فرائض میں شامل ہے ۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ملزمان کا قلع قمع کرنا ہمارے فرائض منصبی میں شامل ہے اور یہ کہ والدین اپنے بچوں خصوصا نوجوانوں کو سوشل میڈیا کے ذمہ دارانہ استعمال بارے آگاہ کریں تاکہ مستقبل میں کسی بھی پریشانی سے بچاؤ ممکن ہو۔