Author: عرفان مغل

  • ڈیرہ اسماعیل خان میں ’منی زو‘ کا افتتاح

    ڈیرہ اسماعیل خان میں ’منی زو‘ کا افتتاح

    ڈیرہ اسماعیل خان : محکمہ جنگلات ڈیرہ اسماعیل خان کے ڈی ایف او آفس میں خصوصی طور پر بنائے جانے والے ’منی چڑیاگھر‘ میں مختلف اقسام کے پرندے فراہم کر دئیے گئے۔

    وسیع و عریض پنجرے میں محکمہ جنگلی حیات کی جانب سے فراہم کردہ ان پرندوں کو صوبائی سیکرٹری جنگلات سید نذر حسین شاہ نے اپنے ہاتھوں سے چھوڑتے ہوئے کہا کہ چھوڑے جانے والے یہ پرندے نہ صرف ڈیرہ اسماعیل خان کے جنگلات دفتر کی خوبصورتی میں اضافی کریں گے بلکہ ان قیمتی پرندوں کی نسل بڑھانے کے اقدامات کو بھی فروغ دینے کا سبب بنیں گے۔

    Mini Zoo

    انہوں نے مزید کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں بلین ٹری منصوبے کے تحت لگائے جانے والے جنگلات میں بھی کوشش کی جائے گی کہ جہاں جہا ں ممکن ہو، وہاں جنگلی حیات کی نایاب نسلوں کو پروان چڑھایا جائے گا جبکہ ان قیمتی اور نایاب پرندوں کی حفاظت کے لئے بھی خصوصی انتظامات کئے جائیں گے۔

    اس موقع پر کنزرویٹو شفقت اللہ خان، ڈویژنل فارسٹ آفیسر ڈیرہ عابد ممتاز اور ڈی ایف او جنگلی حیات سجیل بلوچ بھی صوبائی سیکرٹری جنگلات سید نذر حسین شاہ کے ہمرا ہ موجود تھے۔

    دوسری جانب ماہرین کا ماننا ہے کہ اس طرح پرندوں کو ان کے قدرتی ماحول سے دور رکھنے سے ان کی افزائش ِ نسل اور ان کے عادات واطوار میں فرق پڑتا ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • ڈی آئی خان بڑی تباہی سے بچ گیا،7دہشتگرد دھماکہ خیزمواد سمیت گرفتار

    ڈی آئی خان بڑی تباہی سے بچ گیا،7دہشتگرد دھماکہ خیزمواد سمیت گرفتار

    ڈیرہ اسماعیل خان : سی ٹی ڈی پولیس نے ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا، کالعدم تنظیم کے سات دہشت گرد بھاری اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد سمیت گرفتار کرلیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) پولیس نے بروقت کارروائی کرکے ڈیرہ اسماعیل خان کو بڑی تباہی سے بچا لیا۔

    سی ٹی ڈی نے خفیہ اطلاع ملنے پر علاقہ غلام فرید جھوک ندو والی سے سات دہشت گردوں حسنین معاویہ ولد قاری امان اللہ سکنہ ملانہ، ابوبکر ولد ثناء اللہ سکنہ ملانہ، محمد طاہر ولد محمد حسن سکنہ ملانہ، محمد جنید ولد عصمت اللہ سکنہ ملانہ، محمد شعیب ولد اللہ وسایہ سکنہ ملانہ، محمد کلیم ولد اسماعیل سکنہ ملانہ اور محمد اجمل ولد قاری محمد یاسین سکنہ بستی دریا والی ملانہ کو گرفتارکرلیا۔

    ملزمان کے قبضے سے بارود بمعہ بالٹی5کلو گرام، نٹ بولٹ اور چھرے ایک کلو گرام، موٹرسائیکل بیٹری ایک عدد، سیفٹی فیوز دوفٹ ایک عدد، پرائما کارڈ وائر تین فٹ، ڈیٹونیٹر ایک عدد اور تیس بور پسٹل بمعہ میگزین دو برآمد کر لیں۔


    مزید پڑھیں: ڈی آئی خان میں چیک پوسٹ پرحملہ ناکام ‘ 3 دہشتگرد ہلاک


    سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق ابتدائی تفتیش سے پتہ چلا کہ ہے کہ دہشت گردوں کا تعلق ایک کالعدم تنظیم سے ہے، ملزمان ڈی آئی خان میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ بنا رہے تھے کہ دھر لیے گئے۔

    گرفتار دہشت گردوں سے تفتیش جاری ہے جس میں مزید انکشافات متوقع ہیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

     

  • ہزاروں لیٹر غیر معیاری دودھ پکڑا گیا

    ہزاروں لیٹر غیر معیاری دودھ پکڑا گیا

    ڈی آئی خان: پنجاب سے ڈیرہ اسماعیل خان ‘ ٹینکروں کے ذریعے منتقل کیا جانے والا 15ہزار لیٹر غیر معیاری دودھ قبضے میں لے کر دریائے سندھ میں بہاکر تلف کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخواہ اور پنجاب کو ملانے والے ڈیرہ دریا خان پل پر اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ کیپٹن (ر) زبیر نیازی نے کارروائی کرتے ہوئے 15 ہزار لیٹر غیر معیاری دودھ قبضے میں لے لیا۔،

    اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ کے مطابق تلف کیا جانے والا دودھ مختلف کیمیکلز اور مضر صحت اجزاءکی بدولت انسانی استعمال کے قابل نہیں تھا جس کی تصدیق موقع پر موجود طبی عملہ نے جدید ٹیسٹوں کے ذریعے کی ہے۔

    دنیا کا سب سے مفید مشروب دودھ*

    انہوں نے کہا کہ مسلسل شکایات موصول ہوتی رہتی ہیں کہ دریا پل کے راستے پنجاب سے مضر صحت دودھ اکثر ڈیرہ اسماعیل خان اور اس سے آگے خیبر پختونخواہ کے دیگر اضلاع کو سمگل کیا جاتا ہے۔

    اس سلسلے میں ڈیرہ اسماعیل خان کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے گاہے گاہے کاروائیاں کرتے ہوئے اب تک پچاسیوں ہزار دودھ تلف کرنے کے ساتھ ساتھ اس قبیح فعل کے مرتکب افراد کے خلاف قانونی کاروائیاں کی گئی ہیں لیکن اس غیر انسانی اقدام میں ملوث عناصر کی تعداد اس قدر زیادہ ہے کہ ہر کارروائی میں ایک نیا کردار سامنے آجاتا ہے۔

    ڈیرہ اسماعیل خان کے اسسٹنٹ کمشنر نے عزم کا اظہار کیا کہ ایسی کاروائیوں میں تیزی لانے کے ساتھ ساتھ ایک ایسا مکینزم تیار کیا جا رہا ہے کہ انسانی جانوں سے کھیلنے والے ان عناصر کو مکمل طور پر ڈیرہ دریا خان پل کے راستے سے ڈیرہ اسماعیل خان میں داخل ہونے سے روکا جا سکے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • ڈی آئی خان میں چیک پوسٹ پرحملہ ناکام ‘ 3 دہشت گرد ہلاک

    ڈی آئی خان میں چیک پوسٹ پرحملہ ناکام ‘ 3 دہشت گرد ہلاک

    ڈیرہ اسماعیل خان : ڈی آئی خان میں چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بناتے ہوئے سیکورٹی فورسز نے 3 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخواہ میں ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درابن میں دہشت گردوں نے چیک پوسٹ پر حملہ کیا تاہم سیکورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں تینوں دہشت گرد مارے گئے۔

    سیکورٹی فورسز نے چیک پوسٹ پر حملے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گردوں میں اقبال، وحید اورماجد شامل ہیں۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گرد اقبال کے سرکی قیمت 10لاکھ مقرر تھی۔


    راجگال : دہشت گردوں کی فائرنگ‘ پاک فوج کےآفیسرکمانڈنگ شہید


    یاد رہے کہ گزشتہ روز وفاق کے زیرانتظام خیبرایجنسی میں پاکستانی چیک پوسٹ پرسرحد پار سے دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے آفیسر کمانڈنگ لیفٹیننٹ ارسلان عالم شہید ہوگئے تھے۔

    پاک فوج کے آفیسر لیفٹیننٹ ارسلان عالم والدین کے اکلوتے بیٹے اور3 بہنوں کے بھائی تھے۔


    سی ٹی ڈی کی ملتان میں کارروائی‘2 دہشت گرد ہلاک


    واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے ملتان کے علاقے جلال پورپیر والامیں سی ٹی ڈی کی خفیہ اطلاع پر کارروائی میں 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے تھے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • ڈکیتی میں ملوث کانسٹیبل سمیت 3 ملزمان گرفتار

    ڈکیتی میں ملوث کانسٹیبل سمیت 3 ملزمان گرفتار

    ڈیرہ اسماعیل خان : خیبر پختونخوا پولیس نے 28 اگست 2017 کو مندھراں کلاں اڈہ پر ہونے والی ڈکیتی کے معمے کو حل کر کے ایف آر پی (فرنٹئیر ریزرو پولیس ) کے کانسٹیبل سمیت تین ملزمان کو گرفتار کرلیا جب کہ ایک ملزم تاحال مفرور ہے۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا پولیس نے ڈکیتی میں ملوث تین ملزمان کو حراست میں لے لیا ہے جن میں سے ایک ملزم فرنٹیئر ریزرو پولیس کا ملازم ہے جب کہ ایک ملزم تاحال مفرور ہے جب کہ دس لاکھ روپے، موٹر سائیکل، تین موبائل اور دو پستول برآمد کرلیے گئے ہیں۔

    ڈی پی او ڈیرہ راجہ عبد الصبور خان نے ایس پی انویسٹی گیشن حاجی ثناء اللہ خان، ایس پی محمد اشفاق، ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر ساجد ممتاز کے ہمراہ اپنے دفتر میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ 28 اگست 2017 کو تھانہ صدر کی حدود میں مندھراں کلاں اڈے پر ہونے والی 17 لاکھ روپے کی ڈکیتی کے مقدمے کے سلسلے میں ایس پی انویسٹی گیشن حاجی ثناء اللہ کی قیادت میں کیس کو ٹریس کرنے کے لیے ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر ساجد ممتاز اور ڈی ایس پی سٹی کی قیادت میں ٹیم تشکیل دی تھی۔

    ڈی پی او راجہ عبدالصبور نے کہا کہ ٹیم نے انتھک محنت کے بعد صرف ایک ہفتے کی محنت کے دوران تکنیکی بنیادوں پر ایف آر پی کانسٹیبل ہدایت اللہ بلوچ ولد کاظم حسین سکنہ لاڑ، فتح اللہ بلوچ ولد شائستہ خان سکنہ لاڑ اور سلیمان کنڈی ولد عمر خان سکنہ گرہ کوڑہ ضلع ٹانک کو گرفتار کرلیا ہے جب کہ ایک ملزم نزاکت بلوچ ولد غلام صادق سکنہ جبار والا تاحال روپوش ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ پولیس نے گرفتار ملزمان سے 10 لاکھ روپے کی نقدی، تین موبائل سیٹ، ایک موٹر سائیکل اور دو پستول بھی برآمد کرلیے ہیں جس کے لیے پولیس نے انتھک محنت کی اور اس اندھی ڈکیتی کا سراغ لگا کر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔

    اس موقع پر انہوں نے مزید کہا کہ محرم الحرام کے حوالے سے ڈیرہ اسماعیل خان کو حساس ترین ضلع قرار دیا گیا ہے اور اس حوالے سے سیکورٹی کے تمام انتظامات مکمل ہیں اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علماء رابطے میں ہیں جنہوں نے پولیس کو اپنے تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے جب کہ بنوں ،مالا کنڈ اور مردانہ وغیرہ سے پولیس کی اضافہ نفری بھی ڈیرہ اسماعیل خان پہنچ رہی ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • ڈی آئی خان میں ٹارگٹ کلنگ کی واردات محبت کا شاخسانہ نکلی

    ڈی آئی خان میں ٹارگٹ کلنگ کی واردات محبت کا شاخسانہ نکلی

    ڈیرہ اسماعیل خان: دوست کے ہاتھوں دوست قتل ہوگیا‘ قاتل خود بھی واقعے میں زخمی ہونے کا سوانگ بھر کر پولیس کو دھوکہ دیتا رہا‘ مقتول کے والد نے چپقلش سے پردہ اٹھادیا‘ واقعے کو ٹارگٹ کلنگ کا شاخسانہ تصور کیا جارہا تھا۔

    ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر راجہ عبدالصبور نے نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ گزشتہ پیر ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کچی پائند خان میں دریا کنارے ہونے والی واردات، جس میں عالم زیب نامی نوجوان فائرنگ سے قتل اور اس کے دوست فرحان کے زخمی ہونے کی واردات کا شمار ٹارگٹ کلنگ میں کیا گیا تھا۔

    مذکورہ واقعہ کی تحقیقات کےدوران یہ بات سامنے آئی ہے کہ مقتول عالم زیب کا محمد فرحان نامی اسی دوست کیا تھا جو کہ مذکورہ واقعہ میں زخمی ہونے کا ڈرامہ رچاتے ہوئے شکایت کنندہ کے طور پر سامنے آیا تھا ۔ پولیس کے مطابق فرحان نے شہر میں جاری ٹارگٹ کلنگ کی لہر کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے گھناؤنے جرم کودہشت گردی کے واقعات میں چھپانے کی کوشش کی تھی۔

    سوتیلی ماں کے کہنے پر باپ نے تین بچوں کو قتل کردیا*

     ڈی پی او ڈیرہ عبد الصبور کی جانب سے کی جانے والی پریس کانفرنس میں بتایا گیا کہ دونوں دوستوں کے درمیان کسی لڑکی کے رشتے کے حوالے سے تنازعہ تھا جو ماضی میں بھی دونوں کے درمیان لڑائی جھگڑے کا سبب بنتا چلا آرہا تھا۔

    مبینہ طور پر ملزم فرحان نے مقتول عالم زیب اور اس کے اہل خانہ کو دھمکی آمیز خطوط بھی لکھے تھے جوکہ دوران تفتیش پولیس نے قبضے میں لے لئے ہیں۔ ان تمام انکشافات پر سے پردہ اس وقت اٹھا کہ جب مقتول عالم زیب کے والد اورنگزیب نے اپنے بیٹے کے قتل کا الزام اس کے اسی دوست کے خلاف عائد کر دیا جو کہ وقوعہ کے موقع پرمقتول کے ساتھ زخمی ہو کر خود کو مظلوم ظاہر کرنے کا ڈرامہ رچارہا تھا۔

    اورنگزیب خان کی درخواست پر ڈیرہ پولیس نے تحقیقات شروع کیں تو واردات میں استعمال شدہ آلہ قتل کی خریداری سے لے کر ملزم فرحان کے ہاتھ پر موجود گن پاوڈرتک اور دونوں دوستوں کے درمیان پائی جانے والی دیرینہ چپقلش سے لے کر ملزم کی جانب سے لکھے گئے دھمکی آمیز خطوط تک کی کڑیوں نے درخواست گزار اورنگزیب کے موقف کو درست ثابت کردیا۔

    ڈی پی او ڈیرہ کے مطابق، مقدمہ کے اندراج کے بعد مزید تحقیقات جاری ہیں اورواردات میں استعمال شدہ پستول پر موجود فنگر پرنٹس اورقاتل و مقتول دونوں کے موبائل فونز کے لیبارٹری تجزئیے کے بعد مزید انکشافات کی بھی توقع کی جا رہی ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • کراچی سے اغوا ہونے والا بچہ ڈی آئی خان سے بازیاب

    کراچی سے اغوا ہونے والا بچہ ڈی آئی خان سے بازیاب

    ڈیرہ اسماعیل خان : کراچی کے تھانہ فیڈرل بی ایریا سے اغوا ہونے والا بارہ سالہ عبدالوہاب ڈیرہ کے ٹانک اڈا سے بازیاب کروا لیا گیا‘ اغوا کار زربادشاہ کو بھی حراست میں لےلیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سٹی ایس ایچ او سلیم پرویزکی سربراہی میں پولیس کی جانب سے کی جانے والی کاروائی اس وقت عمل میں آئی جب زربادشاہ نامی اغوکار اس معصوم بچے کو جنوبی وزیرستان منتقل کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔

    کراچی سے اغوا ہونے والا بچہ بازیاب*

    Karachi child

    پولیس ذرائع کے مطابق ڈیرہ پولیس کے حکام کو اطلاع ملی تھی کہ کراچی کے تھانہ فیڈرل بی ایریا کی حدود سے ایک بارہ سالہ بچہ اغوا کیا گیا تھا جو کہ ممکنہ طور پر ڈیرہ میں موجود ہے۔ ڈیرہ پولیس نے اس حوالے سے ٹھوس حکمت عملی مرتب کرتے ہوئے پولیس کی مختلف پارٹیاں تشکیل دی تھیں جن کا مقصد مذکورہ اطلاع کے مطابق اغوا شدہ بچے کا سراغ لانا تھا۔

    نامعلوم عورت جناح اسپتال سے نومولود بچہ اغواء کرکے فرار*

    Karachi child

    ذرائع کا کہنا ہے کہ چھاپہ مار کارروائی کے لئے بنائی جانے والی پولیس پارٹیوں میں سے ایک ، جس کی سربراہی تھانہ سٹی کے ایس ایچ او سلیم پرویز کر رہے تھے، نے ٹانک اڈا پر کاروائی کرتے ہوئے ننھے عبدالوہاب ولد شیر پاؤ جس کا تعلق محسود قبیلے سے ہے‘ اسے بازیاب کرانے کے ساتھ ساتھ اغوا کر کے جنوبی وزیرستان منتقل کرنے کی کوشش کرنے والے ایک شخص زر بادشاہ کو گرفتار کر لیا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ چند روز میں ڈیرہ اسماعیل خان پولیس کی یہ دوسری ایک جیسی کاروائی ہے۔ اس سے قبل پشاور سے اغواکی گئی دس سالہ اقرا کو بھی تھانہ ٹاون کے ایس ایچ او کاشف ستار نے ڈی ایس پی صدر ساجد ممتاز دوسہرہ کی نگرانی میں بازیاب کرواتے ہوئے بچی کے ورثا ءتک پہنچایا تھا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • کوٹلی : نامعلوم مسلح ملزمان کی فائرنگ 2پولیس اہلکار جاں بحق

    کوٹلی : نامعلوم مسلح ملزمان کی فائرنگ 2پولیس اہلکار جاں بحق

    کوٹلی: امام حسین کے قریب نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کوٹلی امام حسین کے قریب نامعلوم مسلح ملزمان نے ڈیوٹی سے واپس گھر جانے والے دو پولیس اہلکاروں پرفائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ جاں بحق ہوگئے۔

    پولیس ذرائع کے مطابق دونوں اہلکار ڈیوٹی ختم کر کے واپس گھر جارہے تھے کہ انہیں نامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کا نشانہ بنایا، جاں بحق اہلکاروں کی شناخت یاسر شاہ اور ناصر شاہ کے نام سے ہوئی۔

    جاں بحق ہونے والے پولیس اہلکاروں کی لاشوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ اسپتال منتقل کیا گیا اور واقعے کے بعد ڈیرہ شہر میں خوف و حراس پھیل گیا تاہم پولیس نے تمام علاقوں کی ناکہ بند کر کے سرچ آپریشن شروع کردیا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • جنوبی وزیرستان میں جشنِ آزادی کی خصوصی تقریبات کا انعقاد

    جنوبی وزیرستان میں جشنِ آزادی کی خصوصی تقریبات کا انعقاد

    وانا: جنوبی وزیرستان میں 70 ویں یوم آزادی کو شایان شان طریقے سے منانے کیلئے پورے علاقے میں پاک فوج کے زیر اہتمام متعدد تقریبات منعقد کی جائیں گی اور اس سلسلہ میں جشن آزادی کی تیاریاں جاری ہیں ۔

    جنوبی وزیرستان میں 70 ویں یوم آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں جاوید سلطان کیمپ وانا میں ایک پریس بریفنگ کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر بریگیڈئیر عامر احمد نے ڈیرہ اسماعیل خان ‘ٹانک اور جنوبی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے صحافیوں کو جنوبی وزیرستان میں 70 ویں یوم آزادی کے سلسلہ میں منعقدہ تقریبات کی تفصیلات سے آگاہ کیا ۔

    Independence Day

    اس موقع پر کرنل اختر ‘کرنل اجمال ‘میجر فاروق ‘میجر انس ودیگر فوجی افسران موجود تھے ۔ بریگیڈئیر عامر احمدنے کہا کہ یوم آزادی کے سلسلہ میں جنوبی وزیرستان کے تین بڑے شہروں وانا ‘ کانیگرم اور شکئی میں 13اگست کی رات 12بجے جیسے ہی 14اگست کا آغاز ہو گا آتش بازی کا مظاہرہ کیا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ جنوبی وزیرستان کے لوگوں میں جشن آزادی کے حوالے سے بہت زیادہ جوش و خروش پایا جاتا ہے اور مقامی لوگوں کی دلچسپی اور حب الوطنی کے جذبے کو دیکھتے ہوئے فیصلہ کیا گیا ہے جنوبی وزیرستان کے ہر گھر پر قومی پرچم لہرا کو پاکستان سے محبت اور ملی جذبے کا اظہار کیا جائے گا ۔ جبکہ 14اگست کے دن جنوبی وزیرستان ‘ ٹانک ‘ شکئی ‘کانیگرم ‘ لدھا ‘ مکین ‘ مروبی ‘ پش زیارت اور بروند سمیت ڈیرہ اسماعیل خان میں جشن آزادی کے حوالے تقریبات منعقد ہوں گی جن کی میڈیا کوریج کے لئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں ۔

    Independence Day

    بریگیڈئیر عامر احمد نے کہا کہ جشن آزادی کے سلسلے میں کھیلوں کے مقابلے ‘ٹیبلو ‘تقریری مقابلے ‘ کار ریلی ا ور دیگر بہت سے پروگرام ترتیب دئیے گئے ہیں ۔

    ان کا کہنا تھا کہ جنوبی وزیرستان میں قیام امن کے بعد عوام کا جذبہ دیدنی ہے اور ہم 70ویں یوم آزادی کو ملی جوش و جذبے اور تاریخی طور منانا چاہتے ہیں تاکہ جشن آزادی کی تقریبات یاد گار ثابت ہوں اور قبائلی عوام کی جانب سے پورے پاکستان کو ایک مثبت پیغام جائے ۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • خیبر پختونخواہ میں ہفتۂ شہدائے پولیس کی تقریبات جاری

    خیبر پختونخواہ میں ہفتۂ شہدائے پولیس کی تقریبات جاری

    ڈی آئی خان: خیبر پختونخواہ پولیس ہفتہ شہدائے پولیس منارہی ہے جس کی تقریبات کا آغاز گزشتہ روز ہوا‘ اس سلسلے میں ڈیرہ اسمعاعیل خان میں عطیہ خون کا کیمپ بھی لگایا گیا جس میں جوانوں کے ساتھ آرپی او نے بھی خون کا عطیہ دیا۔

    تفصیلات کے مطابق 31 جولائی بروز پیر سےہفتہ شہدائے پولیس کا باقائدہ آغازکر دیا گیا ہے۔ 4 اگست تک جاری رہنے والے اس ہفتۂ شہدا کے دوران ڈیرہ اسماعیل خان میں مختلف قسم کی تقریبات اور سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔

    محکمہ پولیس کی جانب سے ترتیب دئیے گئے پروگرامات کے تحت تھانہ جات کی سطح پر مساجد میں روزانہ کی بنیاد پر قرآن خوانی کی جائے گی۔جبکہ اسی سلسلے میں آج پہلے روز پولیس لائن ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس کے افسران کی جانب سے عطیہ خون کا خصوصی کیمپ لگایا گیا۔

    دیگر تقریبات میں کل بروز منگل شرقی سرکلر روڈ پر پولیس شہدا کی یادگار پر شہریوں کی جانب سے پھول چڑھائے جائیں گے اور اس دوران تاثرات ک کتاب میں شہری پولیس کےشہدا کے حوالے سے اپنے جذبات بھی تحریر کریں گے۔


    عام آدمی کی پولیس تک رسائی کا نیا نظام متعارف


    بدھ کے روز ڈسٹرکٹ اسمبلی ہال میں صبح 10 بجے ایک سیمنار منعقد کیا جائے گا جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شہدائے پولیس کے حوالے سے اظہار خیال کریں گے۔

    جمعرات اور جمعہ کے روز جی پی او چوک پر شہدائے پولیس کیمپ منعقد کیا جائے گا جہاں دستخطی مہم کے ذریعے شہدا کو خراج تحسین پیش کرنے کے ساتھ ساتھ پولیس اور عوام کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنے کے لئے مشترکہ واک ، جو مذکورہ کیمپ سے لے کر توپانوالہ چوک تک محدود ہو گی، منعقد کی جائے گی۔ جبکہ 4 اگست کو صبح پولیس لائن ڈیرہ میں سیمنار ہو گا جہاں شہدائے پولیس کے لواحقین میں تحائف تقسیم کئے جائیں گے ۔


    آر پی او سید فدا حسن شاہ ودیگر پولیس اہلکاروں نے اس موقع پر خون کے عطیات بھی دئیے ۔ڈیرہ اسماعیل خان :ہفتہ شہدائے پولیس کے سلسلے میں اعجاز شہید پولیس لائن ڈیرہ میں بلڈ کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس میں پولیس کے جوانوں کے علاوہ ریجنل پولیس آفیسر سید فدا حسن شاہ و دیگر سینئر پولیس افسران نے بھی رضا کارانہ طور پر خون کے عطیات دیئے۔

    اس موقع پر آر پی او سید فدا حسن شاہ نے پولیس جوانوں کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ خون کا عطیہ جب کسی ضرورت مند کو ملے گا تو اس کا ثواب ہمارے پولیس کے شہداء کو جائے گا یہ صدقہ جاریہ ہے جس میں ہم سب کو بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیئے انہوں نے کہا کہ ہفتہ شہدائے پولیس کے دوران کئی تقریبات کا انعقاد کیا جارہا ہے جو کہ چار اگست 2017تک جاری رہیں گی۔


    اگرآپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اوراگرآپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پرشیئرکریں۔