Author: عرفان مغل

  • جنوبی وزیرستان کے مارشل آرٹسٹ نےعالمی ریکارڈ قائم کردیا

    جنوبی وزیرستان کے مارشل آرٹسٹ نےعالمی ریکارڈ قائم کردیا

    ڈیرہ اسماعیل خان: جنوبی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے مارشل آرٹ کے بے گھر کھلاڑی عرفان محسود نے ایک ٹانگ پر کھڑے ہوکر گھٹنے سے ایک منٹ میں 87 ککس لگا کر عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے۔

    جنوبی وزیرستان سے تقریباً سات سال قبل نقل مکانی کرکے ڈیرہ اسماعیل خان میں رہائش اختیار کرنیوالے طالب علم محمد عرفان محسود نے حال ہی میں مارشل آرٹ کے شعبے میں عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے اور ان کا نام گینزبک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

    عرفان محسود نے ایک ٹانگ پر کھڑے ہوکر گھٹنے سے ایک منٹ میں 87 ککس لگا کر عالمی ریکارڈ قائم کیا۔گنز بک آف ورلڈ ریکارڈ نے اس سلسلے میں ایک اعلامیہ بھی جاری کیا ہے جس میں عرفان محسود کو عالمی اعزاز کا حقدار قرار دیا گیا ہے۔یہ اعزاز حاصل کرنے والے وہ دوسرے پاکستانی ہیں اس سے پہلے یہ اعزاز پاکستان ہی کے ایک نوجوان احمد امین بودلہ کو حاصل تھا جس نے ایک منٹ میں 79 کیک لگاکر یہ منفرد ریکارڈ قائم کیا تھا ۔ عرفان محسود نے اب یہ ریکارڈ توڑ دیا ہے۔

    sport-post-1

    عرفان محسود نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 2009 میں جب جنوبی وزیرستان میں آپریشن راہ نجات شروع ہوا تو انھیں خاندان سمیت گھر بار چھوڑ کر ڈیرہ اسماعیل خان منتقل ہونا پڑا۔عرفان محسود کے مطابق انھوں نے چھ اور ریکارڈز بھی گنز بک کو بھیجے ہوئے ہیں جس پر آئندہ چند دنوں میں فیصلہ متوقع ہے۔

    انھوں نے بتایا ‘مجھے بچپن سے مارشل آرٹ سے جنون کی حد تک شوق تھا لہٰذا میں نے باوجود مشکلات کے حوصلہ نہیں ہارا اور ڈیرہ اسماعیل خان آکر میں نے یہاں ایک چھوٹی سی اکیڈیمی بنائی جس میں زیادہ تر کھلاڑی بھی جنوبی وزیرستان کی متاثرین ہی کی ہیں۔

    sport-post-2

    عرفان کا کہنا تھا کہ وہ گذشتہ دو تین سالوں سے عالمی اعزاز حاصل کرنے کیلئے کوششیں کررہے تھے اور بالاآخر ان کی محنت رنگ لے ہی آئی۔وہ بتاتے ہیں: ‘گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کو اپنے تمام تر ریکارڈ بھیجنے کے دو طریقے ہیں ایک تو ان کے نمائندے کو بلا کر ان کے سامنے عملی مظاہرہ کیا جائے جس پر لاکھوں روپے خرچ ہوتے ہیں اور دوسرا یہ کہ آپ انھیں اپنی تمام وڈیوز بھیجیں اور وہ ان پر کوئی فیصلہ کرے جس پر رقم زیادہ خرچ نہیں ہوتی لیکن وقت زیادہ لگتا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز کی طرف سے کھیل کے قواعد و ضوابط بہت سخت بنائے گئے ہیں جس میں معمولی سی غلطی کی کوئی گنجائش نہیں ہوتی۔’میں نے ٹانگ سے ایک منٹ میں ایک خاص زاویے اور فاصلے سے بیلٹ کو مسلسل ایک منٹ میں 87 کک مارکر یہ اعزاز حاصل کیا ہے جو کہ ایک بہت مشکل مرحلہ تھا۔

    عرفان اس سے قبل کنگ فو میں نیشنل چمپئین بھی رہ چکے ہیں۔ان کے بقول ابھی تک کسی حکومتی اہلکار کی طرف سے ان سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا ہے اور نہ کسی نے ان کو مبارکباد کیلئے فون کیا ہے۔

    sport-post-3

    خیال رہے کہ مارشل آرٹ کے ماہر محمد عرفان محسود نے فائن آرٹس میں ماسٹر کی ڈگری حاصل کی ہے اور آج کل وہ ایم فل کے سکالر ہیں۔اس سے پہلے وہ کنگ فو میں نیشنل چمپئین بھی رہ چکے ہیں جبکہ اس کے علاوہ انھوں نے کئی دیگر اعزازات بھی حاصل کیے ہیں۔



  • محرم الحرام کی آمد ‘ ڈی آئی خان میں سیکیورٹی سخت

    محرم الحرام کی آمد ‘ ڈی آئی خان میں سیکیورٹی سخت

    ڈیرہ اسماعیل خان: محرم الحرام کی آمد کے پیش ِ نظر ضلع بھر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیےجارہے ہیں، ڈیرہ اسماعیل خان میں ساڑھے پانچ ہزار سے زائد اہلکار اپنے فرائض انجام دیں گے۔

    ڈی پی او ڈیرہ لیفٹینٹ کمانڈر (ر)یاسر آفرید ی نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ محرم الحرام کی سیکورٹی کو مد نظر رکھتے ہوئے ضلع کودس سیکٹرز میں تقسیم کیا گیا ہے ۔ ہر سیکٹر انچارچ ایس پی /ڈی ایس پی رینک کا آفسر رکھا گیا ۔

    ضلع میں کل 66تھلہ جات ہیں جن میں 26رجسٹرڈ اور چالیس غیر رجسٹرڈ ہیں تمام ضلع میں 174جلوس نکالے جائیں گے جن میں سے 71رجسٹرڈ اور 103غیر رجسٹرڈ ہیں انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران 642مجالس منعقد کی جائیں گی۔

    جلوسوں اور مجالس کی سیکورٹی پر تین ایس پی ،دس ڈی ایس پیز ، پندرہ انسپکٹرز ،95سب انسپکٹرز ،146اسسٹنٹ سب انسپکٹرز،500ہیڈ کانسٹیبلز،4955کانسٹیبلز سمیت کل 5781پولیس اہلکار ڈیوٹیاں سر انجام دیں گے ۔اس کے علاقہ پاک فوج کی بھی 20QRFسیکورٹی سرانجام دیں گی ۔

    ضلع میں 83داخلی خارجی پوائنٹس پر ناکہ بندیاں ہونگی ۔ان میں سے 18ناکہ بندیوں پر پاک فوج کے ساتھ پولیس کے جوان بھی ڈیوٹی سرانجام دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کا معاشرے میں اہم کردار ہے جس کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا پولیس نے محرم الحرام کے دوران سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کررکھے ہیں ۔کسی کو شر پسندی کی اجازت نہیں دیں گے ۔

    واضح رہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں گزشتہ سالوں کے دوران سیکیورٹی کی صورتحال انتہائی نازک رہی ہے اوردہشت گردی کے کئی واقعات دیکھنے میں آئے ہیں۔

  • خیبرپختونخواہ  کے وزیر زراعت سرکاری اسپتال سے والدہ کا علاج نہ کراسکے

    خیبرپختونخواہ کے وزیر زراعت سرکاری اسپتال سے والدہ کا علاج نہ کراسکے

    ڈیرہ اسماعیل خان: خیبرپختونخواہ کے صوبائی وزیر نے اپنی ہی حکومت کی کارکردگی کا پول کھول دیا‘ صوبائی وزیرزراعت اپنی والدہ کے ٹیسٹ کے لیے آدھا گھنٹا انتظار کرتے رہے لیکن اسپتال کے جنریٹر نا چلے۔

    پی ٹی آئی کے صوبائی وزیر زراعت خیبرپختونخوا سردار اکرام اللہ خان گنڈہ پور نے اپنی رہائشگاہ پر منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران اپنی حکومت کی کارکردگی پر شرمندگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز میری والدہ کی طبیعت خراب ہو گئی تھی‘ لہذا میں انہیں تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال کلاچی لے آیا مگر وہاں سہولیات نہ ہونے کے باعث مجبوراً ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ٹیچنگ اسپتال ڈیرہ اسماعیل خان لانا پڑا ۔

    اسپتال منتقل کرنے پر ڈاکٹروں نے چیک اپ کے بعد پہلے ای سی جی کرائی اور اس کے بعد ایکو کرانے کیلئے گئے تو اس دوران لائٹ چلی گئی ۔ اسپتال عملہ اور میں تقریباً آدھا گھنٹہ بجلی کا انتظار کرتے رہے مگر بجلی نہ آئی ۔

    انہوں نے کہا کہ مجھے بہت افسوس ہوا اور شرمندگی بھی ہوئی کیونکہ میں صوبائی حکومت کا حصہ اور وزیر ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ میں نے میڈیا کے ذریعے اسپتال میں بجلی کا نظام صحیح نہ ہونے کے بارے میں بھی سنا تھا اور آج اپنی آنکھوں سے دیکھ لیا ہے ۔

    اسپتال انتظامیہ نے اپنی کرپشن اور نا اہلی کو چھپانے کیلئے اسپتال میں میڈیا پر پابندی عائد کردی جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ دال میں ضرور کچھ کالا ہے ۔ اگر ایسا نہ ہوتا تو میڈیا پر پابندی عائد نہ کی جاتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسپتال کے جرنیٹر کیلئے ملنے والے تیل کا فنڈ بچانے کیلئے اس قسم کا اقدام انتہائی افسوسناک ہے ۔

    انہوں نے مزید کہا کہ میں ایک صوبائی وزیر ہوں میں اپنی والدہ کی پرائیویٹ ایکو کرالی مگر ان غریبوں کا کیا جو سارا دن اسپتال میں دھکے کھاتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ تو ایکو کی بات ہے اگر خدانخواستہ کسی کے آپریشن کے دوران بجلی چلی جائے تو اس کا کیا بنے گا ۔

    انہوں نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک ‘ صوبائی وزیر صحت شہرام ترکئی ‘ سیکرٹری و ڈی جی صحت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس معاملے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے فوری کارروائی کریں اور صوبے کے دوسرے بڑے اسپتال میں بجلی کے مسئلہ سمیت دیگر سہولیات فراہم کی جائے ۔

  • ڈیرہ اسماعیل خان میں بارشوں‘ طوفان نے تباہی مچادی

    ڈیرہ اسماعیل خان میں بارشوں‘ طوفان نے تباہی مچادی

    ڈیرہ اسماعیل خان: ڈیرہ اسماعیل خان میں موسلا دھار بارش، طوفان اورژالہ باری نے ڈیرہ اسماعیل خان شہراورنواح میں بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز طوفان نے ڈیرہ اسماعیل خان میں تباہی مچادی ہے، درخت کھمبے اوردیواریں گرگئیں، نکاسی کے نالے بند ہونے سے ڈیرہ شہر کے گھروں میں بارشی پانی داخل ہوگیا جبکہ بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا ، سی آر بی سی ،مندھراں سمیت دیگر فیڈر کی بجلی بحال نہ ہوسکی۔

    عوامی حلقوں کی جانب سے صوبائی حکومت سے ڈیرہ اسماعیل خان کوآفت زدہ علاقہ قراردے کر نقصانات کے ازالے اور امدادی سرگرمیوں کو شروع کرنے کا مطالبہ کیا جارہاہے۔

    درخت جڑوں سے اکھڑ کر دور جاگرے ، سرکلر روڈ پر سائن بورڈ ، دیوار یں اور گھروں کی چھتیں زمین بوس ہوگئیں ،ڈیرہ شہر میں نکاسی آب کے مین نالے گند سے اٹے ہونے کی وجہ سے بارش کا پانی لوگوں کے گھروں میں داخل ہوگیا جس سے لوگوں کا سامان پانی میں بہہ گیا۔

    مسلم بازار ، ڈیال روڈ اور موسمیات روڈ پر بجلی کے بڑے بڑے کھمبے گر گئے ۔ طوفان اتنا زرد زور دار تھا کہ لوگ کلمہ پڑھتے رہے ۔ 24گھنٹے گذرنے کے باوجود سی آر بی سی ، مندھراں ، سمیت مختلف فیڈز کی بجلی بحال نہیں ہوسکی ہےجس کی وجہ پیسکو کے کمپلنٹ دفاتر میں عملہ کی کمی ہے۔

    بجلی نہ ہونے سے خواتین اور بچوں کے علاوہ روزہ داروں کو بھی سخت تکلیف کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ سٹی و کینٹ ایریا میں تیز ہوا و بارش سے بڑے پیمانے پر درخت گرے ہیں۔ انصاف پارک اور لیاقت پارک کی دیواروں پر سائن بورڈ گرنے سے شدید نقصان ہوا ہے۔

    ڈیوالہ میں نکاسی آب کا نالہ بندہونے سے نکاسی کا گند ا پا نی لوگوں کے گھروں میں داخل ہوگیا اور پورا علاقہ تالاب کا منظر پیش کررہا ہے ۔ پولیس لائن میں بھی کئی درخت گرنے کی اطلاعات ہیں۔

    بارش سے ہونے والی تباہی کے بعد ضلعی انتظامیہ کی طرف سے کوئی امداد ی سرگرمیاں شروع نہیں کی گئیں ہیں تاہم ریسکیو1122مختلف ایمرجنسی کی صورت میں موقع پر بر وقت پہنچی اور امدادی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔