وزارتِ ریلوے نے کہا ہے کہ وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی سے منسوب کراچی تا لاہور بلٹ ٹرین کے اعلان کی خبریں بالکل بے بنیاد اور گمراہ کن ہیں۔
گزشتہ دنوں مختلف ذرائع ابلاغ پر کراچی سے لاہور تک بلٹ ٹرین چلانے کی خبریں آئی تھیں، خبروں میں بتایا گیا تھا کہ پاکستان ریلویز نے ملک کے سب سے بڑے شہروں لاہور اور کراچی کے درمیان 2030 تک بلٹ ٹرین منصوبہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
سرکاری ریڈیو نے وزیر ریلوے حنیف عباسی کے حوالے سے بتایا تھا کہ اس منصوبے کے تحت دونوں شہروں کے درمیان 1,215 کلومیٹر کا سفر 20 گھنٹے سے کم ہو کر صرف پانچ گھنٹے میں طے کیا جائے گا۔
میڈیا پر آنے والی رپورٹس میں یہ تک بتایا گیا تھا کہ یہ منصوبہ ایم ایل- ون پراجیکٹ کا حصہ ہے، جو 6.7 ارب ڈالر مالیت کا اپ گریڈ منصوبہ ہے۔
تاہم اب ریلوے کی جانب سے اس خبر کی تردید سامنے آگئی ہے، وزارت ریلوے نے واضح کیا ہے کہ وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی سے منسوب کراچی تا لاہور بلٹ ٹرین کے اعلان کی خبریں بالکل بے بنیاد اور گمراہ کن ہیں۔
ترجمان ریلوے نے کہا کہ وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے بلٹ ٹرین چلانے کا کوئی اعلان نہیں کیا، ریلوے کی موجودہ سہولیات کی بہتری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
ریلوے کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ عوام سے اپیل ہے کہ غیرمصدقہ خبروں پر یقین نہ کریں، صرف وزارت ریلوے کے سرکاری اعلامیے ہی حتمی ہیں۔