Author: جہانگیر اسلم

  • خاتون جج دھمکی کیس : عمران خان کے وارنٹ گرفتاری کل تک  کے لئے معطل

    خاتون جج دھمکی کیس : عمران خان کے وارنٹ گرفتاری کل تک کے لئے معطل

    اسلام آباد : عدالت نے خاتون جج دھمکی کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کل تک معطل کر دیئے۔

    تفصیلات کے مطابق سیشن کورٹ میں خاتون جج دھمکی کیس میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ کے فیصلے پر نظرثانی اپیل پر سماعت ہوئی۔

    عمران خان کے وکلاعلی بخاری اور فیصل چوہدری عدالت میں پیش ہوئے ، وکیل فیصل چوہدری نے عدالت کو بتایا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں عمران خان کی 7 ضمانت کی درخواستوں کو منظور کیا گیا ، ضمانت کی درخواستوں کو عمران خان سے سکیورٹی واپس لیئے جانے کے باعث منظور کیا گیا۔

    وکیل کا کہنا تھا کہ عمران خان سے سابق وزیراعظم کی سکیورٹی بھی واپس لے لی گئی ، ہائیکورٹ نےبھی عمران خان سے سیکورٹی واپس لیئے جانےپر تفصیلات طلب کی ہیں۔

    فیصل چوہدری نے مزید کہا کہ عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ کے فیصلے میں قانونی خامیاں ہیں ، ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری معطل نہیں ہوتے تو لاہور جیسی صورتحال ہوگی۔

    سیشن جج سکندر خان نے عمران خان کے وارنٹ گرفتاری کل تک معطل کر دیئے اور فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے سماعت کل تک ملتوی کردی۔

    یاد رہے گذشتہ روز ڈسٹرکٹ اینڈسیشن کورٹ نے خاتون جج کو دھمکی دینے کے کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے تھے اورعمران خان کو 18 اپریل کو عدالت پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔

  • توشہ خانہ کیس :  عمران خان کی آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور

    توشہ خانہ کیس : عمران خان کی آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور

    اسلام آباد : سیشن عدالت نے توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے کیس کی سماعت 29 اپریل تک ملتوی کردی۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس کے ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس کی سماعت کی۔

    عمران خان کے وکلا نے چیئرمین پی ٹی آئی کی آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ آج بھی اسلام آباد بار کی ہڑتال ہے اور 3 روز سے ہڑتال چل رہی ہے۔

    جس پر وکیل امجد پرویز نے کہا کہ وکلا کی ہڑتال میں عمران خان تو شامل نہیں، اگروکیل ملزم ہڑتال پر ہوتے تو عمران خان کو کمرہ عدالت میں ہونا چاہیے تھا، ٹرائل کی اسٹیج پر ملزم کی کمرہ عدالت میں حاضری لازم ہوتی ہے، عمران خان کو آنا چاہیے اگر ان کے وکیل ہڑتال پر جانا چاہتے ہیں۔

    اس موقع پر عمران خان کے وکیل خواجہ حارث نے کہا کہ عمران خان کی جان کو خطرہ ہے، حکومت نے عمران خان سے سکیورٹی واپس لے لی ہے، چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان کی سیکیورٹی واپس لینے کی رپورٹ طلب کی ہے۔

    خواجہ حارث نے بتایا عمران خان سیکیورٹی خدشات کے باعث عدالت میں موجود نہیں ہیں، وہ ویڈیو لنک کے ذریعے بھی عدالت میں پیش ہوسکتے ہیں لہٰذا عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کی جائے تاہم دیگر عدالتی کارروائی جاری رکھیں گے۔

    وکلا کے دلائل پر جج نے استفسار کیا کہ مشترکہ مشاورت سے عدالتی سماعت سے متعلق بتا دیں، اس پر وکیل فیصل چوہدری نے کہا کہ رمضان کے بعد توشہ خانہ کی سماعت رکھ لیں، کیا جلدی ہے؟

    عمران خان کے وکیل نے نے سماعت دو ہفتوں تک ملتوی کرنے کی تجویز دی جس پر عدالت نے مزید سماعت 29 اپریل تک ملتوی کرتے ہوئے عمران خان کی آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی۔

  • خاتون جج کو دھمکی کا کیس :  عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

    خاتون جج کو دھمکی کا کیس : عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

    اسلام آباد : ڈسٹرکٹ اینڈسیشن کورٹ نے خاتون جج کو دھمکی دینے کے کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے اور 18 اپریل کو پیش کرنے کا حکم دیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ڈسٹرکٹ اینڈسیشن کورٹ میں خاتون جج کو دھمکی دینے کے کیس کی سماعت ہوئی، سیشن عدالت کے سول جج ملک امان نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سنادیا۔

    سیشن عدالت نے عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست خارج کردی اور عمران خان کو 18 اپریل کو عدالت پیش کرنے کا حکم دیا۔

    اس سے قبل سماعت میں پراسیکیوٹرراجہ رضوان عباسی سول جج ملک امان کی عدالت میں پیش ہوئے اور عمران خان کی آج حاضری سےاستثنیٰ کی درخواست کی مخالفت کی۔

    پراسیکیوٹر نے استدعا کی قابل ضمانت وارنٹ کو ناقابلِ ضمانت وارنٹ میں تبدیل کیاجائے، ہر تاریخ پر عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کی گئی، حاضر نہ ہونے سے متعلق ٹھوس وجوہات بھی نہیں بتائی گئیں۔

    پراسیکیوٹر نے اعتراض اٹھایا کہ عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر ان کے دستخط ہی نہیں، درخواست پر صرف ان کے وکلاکے دستخط ہیں۔

    پراسیکیوٹر نے استدعا کی عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست خارج کی جائے اور ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے جائیں۔

    سول جج ملک امان نےعمران خان کی حاضری سےاستثنیٰ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔

    آج صبح عمران خان کے وکلا نے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بحال رکھنے کی استدعا کی تھی ،وکیل نے کہا تھا کہ عمران خان کی جان کو خطرہ ہے، ان سے سیکیورٹی واپس لینے سے متعلق ہائیکورٹ نےبھی نوٹس جاری کئے ہیں۔

    جس پر جج کا کہنا تھا کہ سرکار کی طرف سےابھی کوئی پیش نہیں ہواانکی طرف سےدیکھتے ہیں کیا کہا جاتا ہے تو وکیل عمران خان نے کہا کہ میں ابھی ہائیکورٹ جا رہا ہوں، جج نے ریمارکس دیئے آپ بےشک چلے جائیں آپ کے دلائل تو آگئے ہیں اور کیس کی سماعت میں 11 بجے تک کے لیے وقفہ کر دیا۔

  • اسلام آباد میں عمران خان کیخلاف 29 مقدمات درج ہیں، تفصیلات عدالت میں جمع

    اسلام آباد میں عمران خان کیخلاف 29 مقدمات درج ہیں، تفصیلات عدالت میں جمع

    اسلام آباد : چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف مقدمات کی تفصیلات عدالت میں جمع کرادی گئیں ، جس میں بتایا کہ اسلام آباد میں عمران خان کیخلاف 29مقدمات درج ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف مقدمات کی تفصیل فراہمی کی درخواست پرسماعت ہوئی۔

    چیف جسٹس عامر فاروق نے عمران خان کی درخواست پر سماعت کی ، عمران خان کی جانب سےوکیل فیصل فریدچوہدری عدالت کےسامنےپیش ہوئے۔

    اسلام آباد میں عمران خان کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات عدالت میں جمع کرادی گئی ، جس میں بتایا گیا کہ اسلام آباد میں عمران خان کیخلاف 29مقدمات درج ہے۔

    اسٹیٹ کونسل نے بتایا کہ اسلام آبادپولیس نے عمران خان کے خلاف 28 مقدمات درج کر رکھے ہیں اور ایف آئی اے میں عمران خان کے خلاف ایک مقدمہ درج ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ترنول پولیس اسٹیشن میں درج مقدمات کو ختم کر دیا گیا ہے جبکہ عمران‌ خان کا دیگر مقدمات میں ٹرائل عدالتوں میں زیر التوا ہے۔

  • اسلام آباد ہائیکورٹ نے کراچی کی 6 یونین کونسلز میں دوبارہ گنتی روکنے کا حکم دے دیا

    اسلام آباد ہائیکورٹ نے کراچی کی 6 یونین کونسلز میں دوبارہ گنتی روکنے کا حکم دے دیا

    اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے کراچی کی 6 یونین کونسلز میں دوبارہ گنتی کے عمل کو روکنے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کی 6 یونین کونسلز میں دوبارہ گنتی سے متعلق جماعت اسلامی کی درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے حکم نامہ جاری کر دیا، تحریری حکم نامہ جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے جاری کیا ہے۔

    الیکشن کمیشن نے 22 مارچ کو جماعت اسلامی کی جیتی ہوئی 6 یونین کونسلز کے 17 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ گنتی کا حکم دیا تھا، نائب امیر جماعت اسلامی کراچی نے اس حکم کو چیلنج کر دیا تھا، درخواست گزار کی جانب سے قیصر امام ایڈووکیٹ اور حسن جاوید شورش ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔

    عدالتی فیصلے کے مطابق پانچ یونین کونسلز کا کراچی ویسٹ اور ایک کا کراچی ایسٹ سے تعلق ہے، عدالت کو بتایا گیا کہ یونین کونسلز میں آج دوبارہ گنتی ہونی ہے، لیکن اگر آج گنتی ہو جاتی ہے تو یہ پٹیشن غیر مؤثر ہو جائے گی، اس لیے الیکشن کمیشن کو 29 اپریل کے لیے پری ایڈمیشن نوٹس جاری کیا جاتا ہے۔

    عدالت نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ کیا سندھ ہائیکورٹ کی بجائے اسلام آباد ہائیکورٹ میں یہ پٹیشن قابل سماعت ہے؟ عدالت نے درخواست قابل سماعت ہونے پر بھی 29 مارچ کو دلائل طلب کر لیے۔

    یاد رہے کہ نائب امیر جماعت اسلامی راجہ عارف سلطان نے 17 جنوری پوسٹ پول دھاندلی کی شکایت کی تھی۔

  • عمران خان کی جانب سے راناثنااللہ کے بیان کیخلاف  درخواست دائر

    عمران خان کی جانب سے راناثنااللہ کے بیان کیخلاف درخواست دائر

    اسلام آباد : چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے وزیر داخلہ راناثنااللہ کے بیان کیخلاف درخواست دائر کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں وفاقی وزیر داخلہ راناثنااللہ کے بیان کیخلاف درخواست دائر کردی گئی، درخواست عمران خان کی جانب سےدائرکرائی گئی ہے۔

    یاد رہے وزیرداخلہ رانا ثنااللہ نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ عمران خان معاملات کو جس سطح پر لے گئے ہیں۔ اب وہ سیاست سےمائنس ہوجائیں گے یا ہم۔

    رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ جب ہم سمجھیں گے ہمارے وجود کی نفی ہو رہی ہے تو ہرحد تک جائیں گے، پھر یہ نہیں سوچا جاتا کہ یہ جمہوری ہے یہ غیرجمہوری اور یہ اصولی یہ بے اصولی۔

    انھوں نے مزید کہا تھا کہ ملک اور ملک کی سیاست کو وہاں پر لاکھڑا کردیا ہے کہ اب دونوں میں سے ایک کا وجود ہی باقی رہے گا، انارکی پھیلی ہوئی ہے، عمران خان کے ساتھ جتنے لوگ ہیں وہ ہمیں اپنا دشمن سمجھتے ہیں۔

  • عمران خان کی ضمانت قبل از گرفتاری کیلئے 7 مختلف درخواستیں دائر

    عمران خان کی ضمانت قبل از گرفتاری کیلئے 7 مختلف درخواستیں دائر

    اسلام آباد : چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں ضمانت قبل ازگرفتاری کیلئے 7 مختلف درخواستیں دائر کردیں۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے ضمانت قبل ازگرفتاری کیلئے 7 مختلف درخواستیں دائر کردیں۔

    عمران خان کچھ دیرمیں بائیومیٹرک اورسماعت کیلئےاسلام آبادہائیکورٹ پیش ہوں گے ، درخواست میں پولیس اور وفاق کو فریق بنایا گیا ہے۔

    درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ سیاسی انتقام کانشانہ بناتےہوئےمقدمات درج کئے گئے ، عدالت فریقین کودرخواست گزار کی گرفتاری سے روکے۔

    غیرمعمولی حالات کی روشنی میں سنگین خطرات کو مدنظررکھاجائے اور عدالت میری درج مقدمات میں ضمانت قبل ازگرفتاری منظور کرے۔

    دوسری جانب اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان کی 7عبوری ضمانت کی درخواستوں پر 2، 2 اعتراضات عائد کردیئے ، اسلام آباد ہائی کورٹ کے رجسٹرار آفس نے 2،2 اعتراضات عائد کئے۔

    رجسٹرارآفس نے اعتراض اٹھایا کہ عمران خان نےبائیو میٹرک نہیں کرایا اور ٹرائل کورٹ سے پہلے ہائیکورٹ میں کیسے درخواست دائر ہوسکتی ہے۔

  • عمران خان کیخلاف کیسز کی تفصیلات کل تک طلب

    عمران خان کیخلاف کیسز کی تفصیلات کل تک طلب

    اسلام آباد : اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایف آئی اے اور اسلام آباد پولیس کی حد تک چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کیخلاف مقدمات کی تفصیل کل تک طلب کرلیں۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران کی مقدمات فراہمی کی درخواست پر سماعت ہوئی، اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامرنے کیس کی سماعت کی۔

    وکیل فیصل فرید نے بتایا کہ ابھی میں کورٹ آرہا تھا ایک کلومیٹر دور روکا گیا ہے، ہمارے لئے پارکنگ بھی بند کر دی گئی ، جس پر وکیل سردار لطیف کھوسہ نے عدالت سے کہا کہ رجسٹرار کو حکم دیں پولیس وکلا کے ساتھ ایسا سلوک نا کریں۔

    عدالت نے کہا کہ میں خود زگ ذیگ سے کینٹینر سے ہو کر آیا ہوں ، آپ کے پارٹی لیڈر آرہے ہیں انہی کے لیے سیکورٹی لگائی ہوئی ہے۔

    وکیل فیصل فرید نے رانا ثناء اللہ کے کل کے بیان کی کاپی عدالت کے سامنے پیش کی اور کہا کہ یہاں صورت حال یہ ہے یہاں پر ضمانت کرا کے نکلتے ہیں جعلی ایف آئی آر میں اٹھا لیا جاتا ہے۔

    چیف جسٹس نے کہا کہ آپ نے درخواست کر رکھی ہے غیر قانونی گرفتاری روکیں، آپ کی درخواست منظور کروں تو آپ کے کلائنٹ گرفتار ہوجائیں گے، چیف جسٹس

    چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا میں کہہ دوں غیر قانونی نہیں تو قانونی گرفتار کر لیں؟ اپنے کلائنٹ کے ساتھ یہ نہ کریں، میں صرف اس عدالت کے دائرہ اختیار تک احکامات دے سکتا ہوں۔

    وکیل نے کہا ماضی میں اسی عدالت نے نوازشریف کی صحت کی ضمانت مانگی، جس پرچیف جسٹس نے ریمارکس دیئے میں کسی ایسی چیز میں نہیں جانا چاہتا بائی بک ہی چلتا ہوں۔

    اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان کیخلاف مقدمات کی تفصیل کل تک فراہم کرنے کی ہدایت کردی ، ایف آئی اے اور اسلام آباد پولیس کی حد تک تفصیلات طلب کی۔

    بعد ازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے مقدمات کی تفصیلات فراہمی کی درخواست پر سماعت کل تک ملتوی کردی۔

  • خاتون جج دھمکی کیس : عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ قابل ضمانت وارنٹ میں تبدیل

    خاتون جج دھمکی کیس : عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ قابل ضمانت وارنٹ میں تبدیل

    اسلام آباد : ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے خاتون جج دھمکی کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ کو قابل ضمانت وارنٹ میں تبدیل کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان عمران خان کیخلاف خاتون جج کیس میں ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کی منسوخی میں توسیع سے متعلق فیصلہ سنا دیا۔

    ایڈیشنل سیشن جج فیضان حیدرگیلانی نے محفوظ فیصلہ سنادیا، فیصلے میں عدالت نے عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ کو قابل ضمانت وارنٹ میں تبدیل کردیا اور پی ٹی آئی کی وارنٹ منسوخی کی درخواست نمٹا دی

    آج صبح ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے خلاف خاتون جج دھمکی کیس میں درخواست وارنٹ معطلی سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی۔

    عمران خان کےوکیل گوہرعلی اور پراسیکیوٹر رضوان عباسی عدالت میں پیش ہوئے ، وکیل نے 30 مارچ تک عمران خان کے وارنٹ گرفتاری معطل رکھنے کی درخواست کر دی۔

    وکیل نے کہا کہ 30 مارچ کوعمران خان توشہ خانہ کیس میں جج ظفر اقبال کی عدالت میں پیش ہوں گے، جس پر جج نے کہا کہ ٹرائل کورٹ میں 29 مارچ کی تاریخ ہے اس سے آگے کی تاریخ کیسے دے سکتے ہیں۔

    وکیل نے بتایا کہ 29 مارچ کو ٹرائل کورٹ سے درخواست کریں گے کہ 30مارچ کیلئےکیس مقررکرلیا جائے، جس پر پراسیکیوٹر نے اعتراض اٹھایا کہ پٹیشن پر درخواست گزار کے جعلی دستخط ہیں۔

    وکیل عمران خان کا کہنا تھا کہ عدالت 30مارچ کی تاریخ دے عمران خان پیش ہو جائیں گے تو پراسیکیوٹر نے کہا ملزم عدالت کا فیورٹ چائلڈ ہوتا ہے مگر اتنا بھی فیورٹ نہیں ہوتا ، عمران خان ابھی تک ٹرائل کورٹ میں پیش نہیں ہوئے ان پرفرد جرم عائدہونی ہے۔

    عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد عمران خان کے وارنٹ گرفتاری معطلی میں توسیع سےمتعلق فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔

  • ممنوعہ فنڈنگ کیس : عمران خان کی ضمانت کا فیصلہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج

    ممنوعہ فنڈنگ کیس : عمران خان کی ضمانت کا فیصلہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج

    اسلام آباد : ممنوعہ فنڈنگ کیس میں چیئرمین پی‌ ٹی آئی عمران خان کی ضمانت کا فیصلہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا گیا۔

    ‌تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے نے فارن ایکسچینج ایکٹ کے تحت درج مقدمے میں سابق وزیراعظم عمران خان کیخلاف ضمانت منسوخی کے لئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی۔

    ایف آئی اے نے اسپیشل پراسیکیوٹررضوان عباسی کے ذریعے بینکنگ کورٹ کے 28 فروری کے فیصلے کو چیلنج کیا ہے۔

    ایف آئی اے کی عمران خان کی ضمانت منسوخی کی اپیل آج ہی سماعت کے لیے مقرر کردی گئی۔

    درخواست میں کہا گیا ہے کہ بینکنگ کورٹ کا فیصلہ خلاف قانون ہے، بنکنگ کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے کر عمران خان کی ضمانت منسوخ کی جائے۔

    جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس طارق محمود جہانگیری آج اپیل پر سماعت کریں گے۔

    خیال رہے 28 فروری کو بینکنگ کورٹ نے سابق وزیراعظم عمران خان کی ممنوعہ فنڈنگ کیس میں ضمانت کنفرم کی تھی۔