Author: جہانگیر اسلم

  • خبردار! درد اور سوجن دور کرنے کے لئے  یہ انجکشن ہرگز نہ لگوائیں!

    خبردار! درد اور سوجن دور کرنے کے لئے یہ انجکشن ہرگز نہ لگوائیں!

    اسلام آباد : ڈریپ نے درد کُش اور سوجن دور کرنے کے انجکشن کی فروخت پرپابندی لگاتے ہوئے مارکیٹ سے اٹھانے کا حکم جاری کردی۔

    تفصیلات کے مطابق ڈریپ نے کیڈلیک انجکشن 30 ایم جی کا پراڈکٹ ری کال الرٹ جاری کردیا، جس میں کہا کہ انتباہی مراسلے کا اجرا ریگولیٹری فورس، فارمیسیز،ڈاکٹرز کیلئے کیا ہے، یہ انجکشن بروکس فارما کراچی کا تیارکردہ ہے۔

    الرٹ کا کہنا تھا کہ کیڈلیک کیٹورولیک سالٹ سےتیار کردہ اینٹی انفلی میٹری انجکشن ہے، انجکشن کےبیچزمارکیٹ سے واپس اٹھوانے کا فیصلہ ہوا ہے۔

    الرٹ میں کہا گیا کہ بروکس فارما رضاکارانہ طور انجکشن مارکیٹ سے اٹھوا رہی ہے،سپلائی روک دی، انجکشن کی وائلزمیں غیر ضروری زرات کی تصدیق ہوئی ہے۔

    کیڈلیک انجکشن سرجری کےبعد درد کمی اور سوجن کیلئے لگایا جاتا ہے،غیر معیاری دوا کا استعمال خون کی شریانوں کو بند کر سکتا ہے، غیر معیاری دوا سے ٹشوز میں سوجن،جان لیواالرجیزہو سکتی ہیں۔

    غیر معیاری دوا کا استعمال پھیپڑے کے ٹشوز کیلئے نقصان دہ ہو سکتا ہے اور خون جمنے کی شکایت ہو سکتی ہے۔

    کیمسٹ کیڈلیک انجکشن کے متاثرہ بیچز کی سیل روکنے کیلئے اسٹاک چیک کریں اور فارمیسی بھی متاثرہ بیچز کمپنی کو واپس کریں، ڈاکٹرز مریضوں کو انجکشن کے متاثرہ بیچز استعمال نہ کرائیں۔

  • بانی پی ٹی آئی نے عدالت کو بتایا کہ نیب چلا کون رہا ہے، فیصل جاوید

    بانی پی ٹی آئی نے عدالت کو بتایا کہ نیب چلا کون رہا ہے، فیصل جاوید

    پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما فیصل جاوید نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے عدالت کو بتایا کہ نیب چلا کون رہا ہے، یہ دیکھنا ہوگا۔

    پی ٹی آئی کے سینیٹر فیصل جاوید نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج کی سماعت پی ٹی آئی کے لیے تاریخی لمحہ تھا، آج بانی پی ٹی آئی نے عدالت میں عوامی مسائل پر بات کی ہے، لائیو اسٹریمنگ کا مسئلہ آج عدالت کے سامنے بانی پی ٹی آئی نے رکھا ہے۔

    فیصل جاوید نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ اگر ترمیم کالعدم ہوئی تو میرا فائدہ ہوگا لیکن ملک کا دیوالیہ ہو جائے گا، بانی پی ٹی نے باہر اربوں روپے بھجیے جانے کا مسئلہ عدالت کے سامنے رکھا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ سپریم کورٹ پر پوری قوم کی نظریں ہیں، حقیقی عوامی نمائندوں سے بات ہونی چاہیے، عوام 47 والوں کو مسترد کرتی ہے.

    پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے اینٹی منی لانڈرنگ میں اپنی حکومت میں اپوزیشن سے معاونت مانگی تھی، اپوزیشن نے اس وقت بانی پی ٹی آئی کا ساتھ نہیں دیا تھا، بانی پی ٹی آئی نے اپنے دور میں کسی پر پرچہ نہیں درج کیا۔

    فیصل جاوید نے کہا کہ عوام نے جس کو ووٹ دیا ہے وہ اصل میں عوام کے نمائندے ہوتے ہیں، حقیقی جمہوریت ایسے ہی کام کرتی ہے منتخب نمائندے ہی پارلیمان میں آتے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ فیٹف کی قانون سازی منی لانڈرنگ کیلئے کی گئی تھی، بانی پی ٹی آئی نے اپوزیشن کو کہا کہ فیٹف کی قانون سازی میں حصہ لیں۔

    فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نے بلیک میلنگ شروع کردی کہ ہم نیب ترامیم لائیں گے، بانی پی ٹی آئی نے دعوت دی کہ آئیں اینٹی منی لانڈرنگ قانون سازی کرتے ہیں۔

  • معافی مانگنا گناہ نہیں ہے لیکن  میں نے کوئی غلطی کی ہو تو معافی مانگوں گا، فیصل واوڈا

    معافی مانگنا گناہ نہیں ہے لیکن میں نے کوئی غلطی کی ہو تو معافی مانگوں گا، فیصل واوڈا

    اسلام آباد: سینیٹر فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ عدالت میں معافی مانگنا گناہ نہیں ہے لیکن میں نے کوئی غلطی کی ہوتومعافی مانگوں گا۔

    تفصیلات کے مطابق توہین عدالت کیس کی سماعت کے بعد سینیٹر فیصل واوڈا نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ مصطفیٰ کمال کاکیس تفصیل سےسناہے، ہماراکیس ابھی سنانہیں ،باری آئےگی توہی بتاسکتاہوں، سپریم کورٹ میں اگلی تاریخ پرپتاچلےگاکہ کیاہوگا.

    فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ عدالت میں معافی مانگناگناہ نہیں ہے، میں نےکوئی غلطی کی ہوتومعافی مانگوں گا ، میں عدالت اور ججز کی عزت کرتاہوں۔

    انھوں نے بتایا کہ عدلیہ کے احترام میں سپریم کورٹ میں پیش ہواہوں ، ہر چیز ایک ہی دن تو نہیں ہوجائےگی سب کوخبریں ملیں گی، چیف جسٹس اور ان کے بینچ کی ہمیشہ عزت کی ہے۔

    سینیٹر نے کہا کہ عدلیہ کے وقار کو 140ویں نمبر سے پہلے نمبر پر دیکھنا چاہتاہوں، ہم آئینی ادارےسپریم کورٹ میں آئےہیں اس کےوقارکاخیال رکھناہے، انصاف کا نظام ٹھیک ہوگیا تو پاکستان ترقی کرے گا۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی والوں نےٹرولنگ کیں، مولاناصاحب نےبھی باتیں کی، پھرایم کیوایم والے درست کہتے ہیں ہمارا شاید ڈومیسائل کراچی کا ہے۔

  • کرغزستان سے سندھ کے لیے پہلی پرواز کراچی ایئرپورٹ پہنچ گئی

    کرغزستان سے سندھ کے لیے پہلی پرواز کراچی ایئرپورٹ پہنچ گئی

    اسلام آباد: کرغزستان سے سندھ کے لیے پہلی پرواز کراچی ایئرپورٹ پہنچ گئی، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کرغزستان میں پھنسے طالب علموں کی واپسی پر ان کا استقبال کیا۔

    سول ایویشن اتھارٹی کے مطابق جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ ٹرمینل 1 پر بشکیک کرغزستان سے ایک اور فلائٹ 171 طلبہ کو لے کر کراچی پہنچ گئی، پی آئی اے فلائٹ 6260 صبح 08 بجکر 40 منٹ پر جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچی۔

    وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، وزارت خارجہ اور او پی ایف اہلکاروں نے طلبہ کو خوش آمدید کہا۔ طلبہ کے والدین اور دیگر رشتہ دار بھی کراچی ایئرپورٹ پر موجود تھے۔

    اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ کرغزستان میں پھنسے سندھ کے 205 طلبہ کو واپس لایا گیا ہے، صوبائی حکومت طلبہ کی واپسی سے متعلق مسلسل رابطے میں رہی، اس سفر کا انتظام بھی صوبائی حکومت نے کیا۔

    کراچی آنے والی آج کی فلائت میں 205 طلبہ کی واپسی ہوئی ہے، جن میں 55 لڑکیاں اور 150 لڑکے ہیں، کرغزستان سے واپس آنے والے 99 طلبہ کا تعلق کراچی سے ہے۔ طلبہ نے حکومت سندھ اور وزیر اعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔

  • طوفانی بارشوں کے باعث ٹریفک کے لیے بند اکثر سڑکیں کھول دی گئیں

    طوفانی بارشوں کے باعث ٹریفک کے لیے بند اکثر سڑکیں کھول دی گئیں

    اسلام آباد: این ایچ اے کا کہنا ہے کہ حالیہ طوفانی بارشوں کے باعث ٹریفک کے لیے بند اکثر سڑکیں کھول دی گئی ہیں۔

    ترجمان این ایچ اے کے مطابق انتظامیہ اور فیلڈ اسٹاف کی ان تھک محنت سے گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا میں اکثر شاہراہوں پر ٹریفک رواں دواں ہو گیا ہے۔

    ترجمان نے کہا کہ گلگت بلتستان میں گیتی داس اور رائے کوٹ میں شدید برفباری اور لینڈ سلائیڈنگ کے ملبے کو تیزی سے صاف کیا جا رہا ہے، جلد ہی یہ دو شاہراہیں بھی ٹریفک کے لیے کھل جائیں گی۔

    خیبر پختونخوا میں زیادہ تر روڈ نیٹ ورک ٹریفک کے لیے رواں ہے اور موسم صاف ہے، تالاش- خوڑ شمشی خان کے قریب N-45 ٹریفک کے لیے جزوی طور پر کھلی ہے، اور اس پر کام ہو رہا ہے۔ شاہراہِ قراقرم پر پتن اور بشام، داسو کے مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کے ملبے کو بھی ہٹایا جا رہا ہے۔

    ترجمان نے کہا کہ قراقرم ہائی وے پر دو طرفہ ٹریفک بحال رکھنے کے لیے مسلسل ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں، این ایچ اے اچانک خراب موسمی صورت حال سے نمٹنے کے لیے مستعد و فعال ہے، تمام حساس مقامات پر مشینری اور عملہ پہنچ چکا ہے، موسمیاتی تبدیلی کے باعث سیلاب اور برفباری کی غیر یقینی صورت حال پیدا ہو رہی ہے۔

    این ایچ اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ سفر سے قبل موسمی صورت حال سے آگاہی ضرور حاصل کریں۔

  • پاکستان ریلویز کی جانب سے بھرتیوں کے اشتہار پر اہم بیان

    پاکستان ریلویز کی جانب سے بھرتیوں کے اشتہار پر اہم بیان

    کراچی: سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے بھرتیوں کے اشتہار پر پاکستان ریلویز نے رد عمل ظاہر کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ریلوے میں بھرتیوں کا جعلی اشتہار سوشل میڈیا پر گردش کرنے لگا ہے، جس پر پاکستان ریلویز نے اشتہار چلانے والوں کے خلاف کارروائی کا اعلان کر دیا ہے۔

    پاکستان ریلویز نے سوشل میڈیا پر پیغام جاری کرتے ہوئے خبردار کیا کہ اس طرح کی کسی بھرتی کا اعلان نہیں کیا گیا ہے، پاکستان ریلویز اس فراڈ سے بچنے کی ہدایت کرتا ہے۔

    پاکستان ریلویز نے کہا کہ سوشل میڈیا پر اس اشتہار کو چلانے والے ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

  • سائیکل کلچر کے فروغ کے لیے اسلام آباد میں طویل ترین سائیکلنگ ٹریک بنے گا

    سائیکل کلچر کے فروغ کے لیے اسلام آباد میں طویل ترین سائیکلنگ ٹریک بنے گا

    اسلام آباد: سائیکل کلچر کے فروغ کے لیے اسلام آباد میں طویل ترین سائیکلنگ ٹریک بنے گا۔

    چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کی ہدایت پر شہریوں کو صحت مندانہ ماحول فراہم کرنے کے لیے اسلام آباد میں سائیکل کلچر کو فروغ دیا جائے گا، مختلف سیکٹرز اور علاقوں میں شاہراہوں کے ساتھ بائی سائیکل لینز تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    سی ڈی اے کے بائی سائیکل لائنز پراجیکٹ (بی ایل پی) کے تحت اسلام آباد کے مختلف علاقوں اور سیکٹرز میں 374 کلومیٹر طویل سائیکلنگ ٹریک 18 ماہ کی مدت میں 2.4 ارب روپے کی لاگت سے تعمیر کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے، یہ سائیکلنگ ٹریک خیابان اقبال، سیکٹر G-6، G-7، G-8، گرین ڈبل لین، جناح ایونیو، ریڈ ڈبل لائن سمیت پرپل لائن میٹرو بس منصوبے سے منسلک شاہراہوں پر تعمیر کیا جائے گا۔

    میٹرو بس سے نکلنے والے مسافر سائیکلنگ ٹریک استعمال کر سکیں گے، اسی طرح اس منصوبے کے تحت اسلام آباد کے ہر سیکٹر کو سائیکلنگ ٹریک کے ذریعے منسلک کیا جائے گا۔ بائی سائیکل لائنز پراجیکٹ کے تحت 150 پارکنگ اسٹینڈ بھی تعمیر کیے جائیں گے، تاکہ شہری سستے کرائے پر بائیکس جیسی سہولیات سے بھی مفید ہو سکیں۔

    واضح رہے ہر اسٹینڈ پر 40 سے زائد الیکٹرانک بائیکس کھڑی کرنے کی گنجائش ہوگی، اور اس منصوبے کے تحت پیٹرول سے چلنے والی بائیکس کو مرحلہ وار ختم کر دیا جائے گا۔ بائی سائیکل لائنز پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب آئندہ دنوں میں ہوگی جس کے مہمان خصوصی وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف ہوں گے۔

    مذکورہ منصوبے کے تحت لینز میں روشنی کے مناسب انتظامات، سیکیورٹی کے انتظامات سمیت دیگر ضروری انتظامات بھی کیے جائیں گے، سی ڈی اے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اسلام آباد شہر میں ماحولیاتی آلودگی کو ختم کرنا اور شہریوں کو صحت مندانہ ماحول فراہم کرنا ادارے کی اوّلین ترجیحات میں شامل ہے۔

  • بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلیے قرارداد قومی اسمبلی میں جمع

    بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلیے قرارداد قومی اسمبلی میں جمع

    پاکستان تحریک انصاف کے بانی کو رہا کرنے کی قرارداد قومی اسمبلی میں جمع کرا دی گئی یہ قرارداد پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے جمع کرائی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے بانی کو رہا کرنے کی قرارداد قومی اسمبلی میں جمع کرا دی گئی ہے۔ اسد قیصر کی جانب سے قومی اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کرائی جانے والی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے خلاف غیر قانونی اور جھوٹے مقدمات بنائے گئے ہیں اوار انہیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

    قرارداد میں مزید کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی پر قائم مقدمات کی کوئی قانونی حیثیت نہیں۔ انہیں عوام سے دور کرنے کے لیے مقدمات بنائے گئے ہیں۔

    قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کیخلاف قانون کا غلط استعمال بند کیا جائے اور بانی سمیت پارٹی کے گرفتار دیگر رہنماؤں اور صحافیوں کو بھی فوری رہا کیا جائے۔

  • صدر علوی نے ووٹ کاسٹ کر دیا، عوام سے بھی اپنا حق استعمال کرنے کی اپیل

    صدر علوی نے ووٹ کاسٹ کر دیا، عوام سے بھی اپنا حق استعمال کرنے کی اپیل

    صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ووٹ کاسٹ کرنا آپ کی اسلامی، آئینی اور شہری ذمے داری ہے آپ سب سے درخواست ہے کہ باہر آئیں اور اپنا حق استعمال کریں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے عام انتخابات کے لیے اپنے ووٹ کا حق استعمال کر لیا ہے اور کراچی میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا ہے۔

    اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کے بعد صدر علوی نے عوام نے نام پیغام میں انہیں اپنا جمہوری حق استعمال کرتے ہوئے ووٹ ڈالنے کی ترغیب دی ہے۔

    صدر مملکت نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر ووٹ کے لیے پولنگ اسٹیشن میں قطار میں کھڑے ہونے اور پھر ووٹ ڈالنے کے بعد انگوٹھے پرنشان کے ساتھ ایک تصویر پوسٹ‌ کی ہے اور اپنے پیغام میں عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ووٹ کاسٹ کرنا آپ کی اسلامی، آئینی اور شہری ذمے داری ہے۔ ملک نے ووٹ کے ذریعے آپ سے اپنے نمائندے منتخب کرنے کا مشورہ طلب کیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ میں ایک خاندان کے طور پر پولنگ اسٹیشن پہنچا اور لائن میں کھڑے ہو کر ووٹ دیا۔ آپ سب سے بھی درخواست ہے کہ باہر آئیں اور اپنے حق کا استعمال کریں۔

    ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان کو آپ کی رائے کی آج جتنی ضرورت سے پہلے کبھی نہیں تھی۔

  • پی ایف یو جے ورکرز کے صدر پرویز شوکت کی یاد میں تعزیتی ریفرنس

    پی ایف یو جے ورکرز کے صدر پرویز شوکت کی یاد میں تعزیتی ریفرنس

    پی ایف یو جے ورکرز کے صدر پرویز شوکت کی رحلت فرمانے کے بعد آر آئی یو جے ورکرز کی جانب سے تعزیتی ریفرنس کا انعقاد پی آئی ڈی میں کیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق تعزیتی ریفرنس میں وفاقی وزیر اطلاعات مرتضی سولنگی، سیکرٹری اطلاعات و نشریات شاہیرہ شاہد، پی پی پی کے رہنما فرحت اللہ بابر اور دیگر صحافیوں نے شرکت کی۔

    شرکاء کا کہنا تھا کہ ویج بورڈ ایوارڈ اور صحافیوں کے تحفظ کے قوانین کا بننا، منظوری اور نفاذ پرویز شوکت کی بے مثل جدو جہد کا ثمر ہے۔ پرویز شوکت کی زندگی صحافی رہنماؤں، صحافیوں اور میڈیا ورکرز کیلئے مشعل راہ اور قابل تقلید ہے۔

    پرویز شوکت نے اپنے شعبے کے لوگوں کیلئے بے مثل اور بے لوث خدمت کی، آج ہم ان کا ماتم کر رہے ہیں مگر انکی داستان زیست اس قدر بھرپور تھی کہ اس حوالے سے آئندہ سے ہر سال جشن شوکت منایا جانا چاہئے۔

    ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات غلام مرتضی سولنگی، سیکرٹری اطلاعات و نشریات شاہیرہ شاہد، پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر فرحت اللہ بابر، سابق وفاقی وزیر جے سالک، پی ایف یو جے ورکرز کے قائم مقام صدر طاہر راٹھور، نائب صدر ڈاکٹر سعدیہ کمال، سیکرٹری اطلاعات عبدالرزاق چشتی، پرویز شوکت مرحوم کے بھائی اظہر سہیل نے پی ایف یو جے ورکرز کے مرحوم صدر پرویز شوکت کے تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    اس کے علاوہ آر آئی یو جے ورکرز کے صدر جہانگیر اسلم، سیکرٹری بلال عزت، سینئر صحافی فاروق اقدس، ایوب ناصر، فاروق فیصل خان، ظفر محمود شیخ، خاور نواز راجہ، اینکر پرسن مدیحہ ملک، مظہر اقبال، جاوید ملک، شکیل قرار، راشد حبیب، نمود مسلم، انوار زیدی، فرخ نواز بھٹی، اکمل شہزاد، فرحت فاطمہ، رانا عدنان و دیگر رہنماؤں نے بھی پی ایف یو جے ورکرز کے مرحوم صدر پرویز شوکت کے تعزیتی ریفرنس سے خطاب کیا۔

    وفاقی وزیر مرتضی سولنگی نے کہا کہ پرویز شوکت نے ایک قابل تقلید زندگی چھوڑی ہے۔ انہوں نے ہمیشہ کارکن کی بات کی اور مرتے دم تک اس مشن پر گامزن رہے، سیکرٹری اطلاعات شاہیرہ شاہد نے کہا کہ مرحوم جب بھی میرے آفس آئے ایک ہی ایجنڈا لیکر آئے اور وہ کارکن کے حق کی بات تھی۔

    انہوں نے کہا کہ ایک کامیاب شخص کی یاد ماتم نہیں جشن کے قابل ہوتی ہے، مقررین نے کہا کہ مرحوم نے ایک با مقصد زندگی گزاری، ایمانداری کو شعار بنائے رکھا اور ایجنڈا صحافت اختیار کر کے اپنے ذاتی مقاصد اور عہدے حاصل نہیں کئے، پرویز شوکت حقیقی رہنما کے طور پر ایک ہمدرد، غمگسار اور سخی انسان کے طور پر جئے۔

    ہمیں فخر ہے کہ ہمارا بھائی، ہمارا دوست اور ہمارا رہنماء ایک اچھا نام اور کردار چھوڑ کر گیا ہے۔ مرحوم کے بھائی سہیل اظہر، بھانجے عدیل رضا اور بھتیجے منہال نے کہا کہ ہم اہل خانہ آر آئی یو جے ورکرز کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ان کی یاد میں یہ محفل منعقد کی اور ہماری ڈھارس بندھائی۔

    انہوں نے کہا کہ ہمیں حکومت یا کسی ادارے سے کوئی مالی مدد یا نوکری نہیں چاہئے تاہم ہم چاہتے ہیں کہ انکی خدمات کے اعتراف میں دارالحکومت کی کوئی سڑک منسوب کی جائے۔

    پی ایف یو جے ورکرز کے قائم قام صدر طاہر راٹھور نے اختتامی خطاب میں کہا کہ پرویز شوکت مرحوم نے دیانت، صداقت اور جدو جہد کا جو سفر طے کیا اسے ہر صورت جاری رکھا جائے گا، تقریب کے آخر میں حافظ محمد رفیق نے مرحوم کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کروائی۔