Author: جہانگیر اسلم

  • پاکستان اور دبئی میں 3 بلین ڈالر سے زائد سرمایہ کاری کے معاہدے پر دستخط

    پاکستان اور دبئی میں 3 بلین ڈالر سے زائد سرمایہ کاری کے معاہدے پر دستخط

    اسلام آباد: پاکستان اور دبئی میں 3 بلین ڈالر سے زائد سرمایہ کاری کے معاہدے پر دستخط ہوئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ڈیوس میں ورلڈ اکنامک فورم میں پاکستان اور دبئی حکومت کے درمیان مختلف پروجیکٹس میں سرمایہ کاری کے لیے تین بلین ڈالرز کے معاہدے پر دستخط ہوئے ہیں۔

    پاکستان کی طرف سے نگراں وفاقی وزیرمواصلات، ریلویز شاہد اشرف تارڑ اور دبئی حکومت کی طرف سے چئیرمین پورٹس سلطان احمد بن سلیم نے دستخط کیے۔ شاہد اشرف تارڑ نے کہا کہ اقتصادی تعاون کے منصوبوں سے دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات مستحکم ہوں گے، جب کہ سلطان احمد بن سلیم نے کہا کہ ان معاہدوں کے ذریعے دونوں ممالک مستقبل میں مستفید ہوں گے۔

    معاہدے کے تحت ریلوے، اقتصادی زون اور انفرا اسٹرکچر میں تعاون کیا جائے گا، فریٹ کوریڈور، ملٹی ماڈل لاجسٹک پارک اور فریٹ ٹرمینلز کا قیام بھی معاہدے میں شامل ہے۔

    پاکستان کی جانب سے پاکستان ریلویز اور پورٹ قاسم اتھارٹی جب کہ دبئی کی طرف سے ڈی پی ورلڈ کام کریں گے، منصوبوں کی تکمیل سے کراچی میں ٹریفک میں بہتری اور لاجسٹک اخراجات میں کمی ہوگی، ڈی پی ورلڈ پاکستان میں اقتصادی سرگرمیوں کو بڑھانے کے ساتھ اقتصادی زون کو بھی ترقی دے گا۔

  • شاہنواز امیر کو جب تک پھانسی پر لٹکایا نہیں جاتا، پیچھے نہیں ہٹیں گے، سارہ انعام کے والد کا اعلان

    شاہنواز امیر کو جب تک پھانسی پر لٹکایا نہیں جاتا، پیچھے نہیں ہٹیں گے، سارہ انعام کے والد کا اعلان

    اسلام آباد : سارہ انعام کے والد نےعدالت کے فیصلے کو درست قرار دیتے ہوئے کہا شاہنواز امیر کو جب تک پھانسی پر لٹکایا نہیں جاتا،پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ڈسٹرکٹ کمپلیکس کے باہر سارہ انعام کے والد انعام الرحیم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہ عدالت کے فیصلے کو درست قرار دیا ، شاہنواز امیر کو جب تک پھانسی پر لٹکایا نہیں جاتا،پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

    انعام الرحیم کا کہنا تھا کہ جس وقت سارہ انعام کا قتل ہوا اس وقت اس گھر میں تین لوگ موجود تھے، ایک سارہ انعام، شاہنواز امیر اور شاہنواز امیر کی والدہ ثمینہ شاہ موجود تھے، شاہنواز امیر نے میری بیٹی کو بے دردی سے مارا ہے۔

    انھوں نے بتایا کہ رات بارہ کے قریب شاہنواز امیر نے سارہ امیر کو قتل کیا ، یہ جھوٹ ہے کہ شاہنواز امیر کی والدہ کو کچھ پتہ نا ہو کیونکہ رات کو آواز دور دور تک جاتی ہے ، میری عدالت سے گزارش ہے شاہنواز کی والدہ کو بھی قتل چھپانے کے جرم میں سزا ہونی چاہئیے۔

    سارہ انعام کے والد نے مزید کہا کہ ہمیں اندازہ ہی نہیں ہے کہ میری بیٹی کے ساتھ ان کا کیا مسئلہ ہوا ہے، شاہنواز امیر کے بارے میں پتہ چلا ہے کہ اس کی دو شادیاں پہلے سے تھیں اور اس کی بیویاں جا چکی ہیں۔

    انعام الرحیم کا کہنا تھا کہ شاہنواز امیر ایک پر تشدد شخص ہے ، اس نے میری بیٹی سے بہت زیادہ پیسے لیے ہیں ، پہلے یہ بینک سے پیسے منگواتے تھے پھر بائی ہینڈ پیسے منگوائے، شاہنواز امیر کا مقصد صرف اور صرف پیسے بٹورنا تھا۔

  • سارہ انعام قتل کیس،  مرکزی ملزم شاہنواز امیر کو سزائے موت کا حکم

    سارہ انعام قتل کیس، مرکزی ملزم شاہنواز امیر کو سزائے موت کا حکم

    اسلام آباد: سارہ انعام قتل کیس میں عدالت نے مرکزی ملزم شاہنواز امیر کو سزائے موت کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں سارہ انعام قتل کیس کی سماعت ہوئی ، مرکزی ملزم شاہنواز امیر کو کمرہ عدالت پہنچایا گیا۔

    عدالت نے سارہ انعام قتل کیس کا محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے مرکزی ملزم شاہنواز امیر کو سزائےموت کا حکم دے دیا۔

    عدالت نے شاہنواز امیر کو 10 لاکھ روپےجرمانہ بھی کیا اور ملزمہ ثمینہ شاہ کو عدم ثبوت کی بنا پر بری کردیا۔

    یاد رہے سارہ انعام قتل کیس میں پراسیکیوٹر راناحسن عباس نے عدالت سے ملزم شاہنوازامیر کے لیے سزائے موت کی استدعا کی تھی۔

    یاد رہے تھانہ شہزاد ٹاؤن کی حدود میں 23 ستمبرکو سارہ انعام کو قتل کردیا گیا تھا، جس کے بعد جائے وقوع سے پولیس نے مرکزی ملزم شاہ نواز کو آلہ قتل سمیت گرفتار کر لیا تھا۔

    شاہنوار امیر کی والدہ ثمینہ شاہ بھی ملزمہ نامزد ہیں، بعد ازاں پانچ دسمبر 2022 کو ملزمان پر فرد جرم عائد کی گئی تھی۔

    بعد ازاں ملزم شاہنواز امیر نے دوران تفتیش سارہ انعام کے قتل کا اعتراف کرلیا اور ساتھ ہی طلاق دینے کا دعویٰ بھی کیا تھا۔

    ملزم شاہ نواز نے دوران تفتیش بتایا تھا کہ سارہ انعام اسے رقم نہیں بھیجتی تھی، قتل سے چند روز پہلے سارہ کے ساتھ فون پر تلخ کلامی کے بعد سارہ کو طلاق دے دی تھی، طلاق کے بعد 22 ستمبر کو سارہ انعام ابو ظہبی سے ملزم شاہ نواز کے فارم ہاؤس میں آئی، ملزم کا کہنا ہے کہ رات کو سارا انعام نے تکرار شروع کردی اور رقم کا حساب مانگنے لگی جس پر پہلے سارہ انعام کو شو پیس مارا۔

    ملزم شاہ نواز کا کہنا تھا کہ زخمی ہونے کے بعد سارہ انعام نے شور کرنا شروع کیا تو ڈمبل اٹھا کر اس کے سر پر متعدد وار کر کے قتل کردیا اور بیوی کی لاش باتھ روم کے ٹب میں چھپا دی۔

  • ترقی یافتہ ممالک کی طرح پاکستان میں ای سائیکلنگ منصوبہ

    ترقی یافتہ ممالک کی طرح پاکستان میں ای سائیکلنگ منصوبہ

    اسلام آباد : یورپی ممالک کی طرح پاکستان میں بھی ای سائیکلنگ منصوبہ بنایا جارہا ہے، جس کا مقصد ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانا ہے،

    پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں ایک ایسا سائیکلنگ ٹریک بھی موجود ہے جہاں آپ کو اپنی ذاتی سائیکل لانے کی ضرورت نہیں بلکہ کرایہ ادا کرکے سائیکل لی جاسکتی ہے۔

    جی ہاں !! اب آپ کو کہیں جانے کی ضرورت نہیں اپنی گاڑی، بس یا ٹرین سے اترنے کے بعد اپنے مطلوبہ مقام تک جانے کیلئے الیکٹرونک سائیکل کرائے پر لی جاسکتی ہے۔

    اسلام آباد سے اے آر وائی نیوز کے نمائندے جہانگیر اسلم کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد کی کپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے تحت ای سائیکلنگ کیلئے خصوصی ٹریک بنایا جائے گا۔ بائیسائیکلنگ لین پروجیکٹ پر کام شروع کردیا گیا ہے۔

    اس حوالے سے پروگرام باخبر سویرا میں سی سائیکلنگ منصوبے سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے سی ڈی اے کے ممبر ٹیکنالوجی نعمان خالد نے کہا کہ پاکستان میں پہلی بار باقاعدہ ایک سائیکل ٹریک بچھایا جارہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ سائیکلنگ کے شائقین کیلئے علیحدہ لین کے منصوبے کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ اس کا دائرہ کار شہر کی تمام اہم سڑکوں تک بڑھایا جائے گا۔

  • طیارے سے جنگلی جانور ٹکرا گیا، پائلٹ نے حاضر دماغی سے ایمرجنسی بریک لگا دیے

    طیارے سے جنگلی جانور ٹکرا گیا، پائلٹ نے حاضر دماغی سے ایمرجنسی بریک لگا دیے

    اسلام آباد: سول ایوی ایشن اتھارٹی کے عملے کی مبینہ غفلت کے باعث اسلام آباد ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران ایک جنگلی جانور طیارے سے ٹکرا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ایئرپورٹ پر سی اے اے کے عملے کی مبینہ غفلت کی وجہ سے رن وے پر جنگلی جانور داخل ہو گیا، ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ دوران لینڈنگ جنگلی جانور طیارے سے ٹکرا گیا تاہم پائلٹ نے حاضر دماغی سے کام لیتے ہوئے ایمرجنسی بریک لگا دیے۔

    نجی ایئر لائن کی پرواز ای آر 702 دبئی سے اسلام آباد پہنچی تھی، لینڈنگ کے دوران اچانک جنگلی جانور رن وے پر آ گیا، کپتان کے ایمرجنسی بریک لگانے کے دوران جانور طیارے سے ٹکرا گیا، حادثے کے بعد کپتان نے واقعے سے متعلق سول ایوی ایشن اتھارٹی کو اطلاع دے دی، جس پر انجنیئرنگ عملے نے جہاز کا معائنہ کیا۔

    سول ایوی ایشن کے ترجمان کے مطابق لینڈنگ کے بعد پائلٹ نے رن وے پر لینڈنگ رول کے دوران نوز وہیل پر جانور ٹکرانے کی اطلاع دی، رن وے کا معائنہ پر ٹیکسی وے سی اور ایف کے درمیان مردہ جانور کی باقیات بھی پائی گئیں، تاہم متعلقہ ایئر لائن کے انجینئرنگ شعبے نے ہوائی جہاز کو کوئی نقصان نہ پہنچنے کی اطلاع دی۔

    ترجمان نے کہا کہ اسلام آباد ایئر پورٹ پر پیش آئے واقعے کو جہاز کو حادثہ کہنا قطعی درست نہیں، وائلڈ لائف کو ایئر پورٹس سے دور رکھنے کے ہر ممکن انتظامات کیے جاتے ہیں، متعلقہ حکام واقعے کے محرکات کا جائزہ لے رہے ہیں۔

  • میانوالی ایکسپریس شیخوپورہ میں کھڑی مال گاڑی سے ٹکرا گئی، 20 زخمی، 4 ریلوے ملازمین معطل

    میانوالی ایکسپریس شیخوپورہ میں کھڑی مال گاڑی سے ٹکرا گئی، 20 زخمی، 4 ریلوے ملازمین معطل

    شیخوپورہ: میانوالی سے لاہور جانے والی مسافر ٹرین شیخوپورہ میں کھڑی مال گاڑی سے ٹکرا گئی، حادثے کے نتیجے میں 20 افراد زخمی ہو گئے، جن میں سے 5 شدید زخمیوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مسافر ٹرین شیخوپورہ میں کھڑی مال گاڑی سے ٹکرا گئی، جس سے بیس افراد زخمی، ہو گئے ہیں، محکمہ ریلوے کا کہنا ہے کہ حادثہ لائن تبدیل نہ ہونے کے باعث پیش آیا۔

    ڈی ایس ریلوے حنیف گل کے مطابق حادثے کے ذمہ دار 4 ریلوے ملازمین کو معطل کر دیا گیا ہے، ٹرین ڈرائیور عمران سرور اور اسسٹنٹ ڈرائیور محمد بلال، اسسٹنٹ اسٹیشن ماسٹر قلعہ ستار شاہ علی رضا اور کیبن مین صفدر حسین معطل ہونے والے ملازمین میں شامل ہیں۔

    وزارت ریلوے کی ہدایت پر ڈپٹی پرنسپل افسران کی سربراہی میں ٹرین حادثے کی تحقیقات کے لیے 5 رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے، یہ کمیٹی 24 گھنٹے میں رپورٹ پیش کرے گی، چیئرمین ریلوے مظہر علی شاہ کا کہنا تھا کہ ذمہ داران کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی، سی ای او ریلوے شاہد عزیز نے کہا کہ سیفٹی پر کوئی کمپرومائز نہیں کیا جائے گا۔

    ڈی ایس ریلوے کا کہنا تھا کہ حادثہ ٹرین ڈرائیور اور اسٹیشن عملے کی غفلت کے باعث پیش آیا، ٹرین ڈرائیور کو رکنے کا سگنل دیا گیا تھا لیکن اس کے باوجود ٹرین نہیں روکی گئی۔

    ترجمان ریلوے کے مطابق ٹرین حادثے کی ابتدائی رپورٹ ریلوے حکام کو پیش کر دی گئی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ میانوالی ایکسپریس قلعہ ستار شاہ پر کھڑی مال بردار گاڑی سے ٹکرائی تھی، حادثے میں 3 ریلوے ملازمین سمیت متعدد افراد معمولی زخمی ہوئے، حادثے کے بعد متاثرہ بوگیوں کو ٹریک سے ہٹایا گیا اور میانوالی ایکسپریس اپنے روٹ پر روانہ کی گئی، جب کہ ریلوے لائن صبح ساڑھے 7 بجے کلیئر کر دی گئی تھی۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ مال گاڑی کی متاثرہ بوگیوں کو ریلوے یارڈ لاہور روانہ کیا جائے گا۔

  • میڈیا میں راکٹ لانچر ہاتھوں میں پکڑے ڈاکوؤں کی تصاویر سے غیر ملکی پروازوں کی بندش کا انکشاف

    میڈیا میں راکٹ لانچر ہاتھوں میں پکڑے ڈاکوؤں کی تصاویر سے غیر ملکی پروازوں کی بندش کا انکشاف

    اسلام آباد: پاکستانی میڈیا میں راکٹ لانچر ہاتھوں میں پکڑے ڈاکوؤں کی تصاویر سے غیر ملکی پروازوں کی بندش کا انکشاف ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملکی میڈیا میں راکٹ لانچر اور اینٹی ایئرکرافٹ گنز ہاتھوں میں پکڑے ڈاکوؤں کی تصاویر چھپنے سے سول ایوی ایشن اتھارٹی بہت بڑی مشکل میں گرفتار ہو گئی تھی، ان تصاویر سے غیر ملکی پروازوں کی اچانک بندش کا بھی انکشاف ہوا ہے۔

    سینیٹر ہدایت اللہ خان کی سربراہی میں سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ایوی ایشن کے اجلاس میں ڈی جی سول ایوی ایشن خاقان مرتضیٰ نے بتایا کہ فضا میں طیارے کو نقصان پہنچانے والا کوئی میزائل پاکستان میں کسی کے پاس نہیں ہے۔

    انھوں نے کہا ’’ایاسا بلیٹن کے بعد پہلے ہی دن اتحاد ایئر نے اپنی فلائٹس روک دی تھیں، لیکن سی اے اے نے بروقت تفصیلی بریفنگ کے بعد فلائٹس بحال کروائیں، اگر بروقت ردعمل نہ اتا تو شاید فلائٹس بند ہو چکی ہوتیں۔‘‘

    خاقان مرتضیٰ کے مطابق یورپی ایوی ایشن ایجنسی (ایاسا) نے ایک بلیٹن میں ایڈوئزری جاری کی تھی، ہدایات میں طیاروں کو اینٹی ایئر کرافٹ گنز اور میزائل کے خطرے کی بات کی گئی تھی، اس سے قبل جرمنی، برطانیہ اور فرانس کی ایڈوئزری بھی جاری ہو چکی تھی، تاہم برطانیہ کی ایڈوئزری ختم ہو چکی ہے، لیکن اس ایڈوئزری کی بنیاد پر پاکستانی میڈیا میں کچھ ایسی خبریں بنی تھیں، جن میں ڈاکوؤں کے ہاتھوں میں اینٹی ایئر کرافٹ گنز اور راکٹ لانچر دکھائے گئے تھے۔

    انھوں نے کمیٹی کو بتایا کہ برسلز میں میٹنگ میں ایاسا حکام نے کہا کہ آپ کے میڈیا اور پریس میں خبریں لگائی گئی ہیں، ایاسا ایڈوئزاری کے بعد اسی رات ہی پاکستان کے اوپر فلائٹس آپریشن رک گیا تھا، اس لیے میڈیا/پریس سے گزارش ہے ایسی خبروں سے اجتناب کیا جائے۔

    انھوں نے کہا میزائل رینج 30 سے 24 سو فٹ تک ہوتی ہے، ان علاقوں میں فلائٹ 35/40 ہزار فٹ سے نیچے پرواز نہیں کرتی، اور طیارے کو نقصان پہنچانے والا کوئی میزائل پاکستان میں کسی کے پاس نہیں ہے۔

    چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ آج اس ایشو کو ایجنڈے میں شامل کرنے کا مقصد بھی یہی ہے، ڈی جی سی اے اے نے کہا کہ خبر لگانا میڈیا کا حق ہے لیکن تھوڑی سی ذمہ دارانہ رپورٹنگ ہو تو بہتر ہے۔

    چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ قومی ایئرلائن کے خلاف منفی خبر دینے والے ڈائریکٹر پی آئی اے کے خلاف تحقیقات کی جائیں، کمیٹی نے پی آئی اے حکام کو میڈیا کو محکمانہ کارروائی کی بھی ہدایت کی۔

  • ریلوے مسافروں کی انشورنس کیلیے معاہدہ

    ریلوے مسافروں کی انشورنس کیلیے معاہدہ

    پاکستان ریلوے اور اسٹیٹ لائف کے مابین مسافروں کی انشورنس بارے معاہدہ طے پا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق معاہدہ پر دستخط کے دوران وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے ورچوئل طور پر شرکت کی۔ وفاقی وزیر نے ریلوے افسران کو نواب شاہ حادثہ میں جاں بحق افراد کے گھر جا کر ان کے لواحقین کی تصدیق کی ہدایت کی۔
    جاں بحق افراد کی انشورنس کی رقم ان کے گھر جا کر ادا کی جائے۔ زخمی افراد کو بھی انشورنس کی رقم ملے گی۔

    چیف ایگزیکٹو افسر ریلوے شاہد عزیز کا کہنا ہے کہ ریلوے اور اسٹیٹ لائف کے درمیان انشورنس پر معاہدہ ہو گیا ہے ریلوے مسافروں کا انشورنس بڑھا دیا گیا ہے انشورنس کی رقم 15لاکھ سےبڑھا کر25لاکھ کر دی گئی ہے، معذوری کی صورت میں 3 لاکھ روپےکا انشورنس کور ہو گا۔

    دوسری جانب سیکٹری ریلویز مظہر علی شاہ نے ریلویز کارکردگی پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ایم ایل ون کو جوائنٹ اکنامک کمیٹی سی پیک میں لے کر گیے۔ سی پیک کے زریعہ مارکیٹ شئیر کو 4% سے 20% تک لائے گے ایم ایل ون کے ٹریک کو ایسا بنا رہے ہیں جو موسم میں بچا رہے۔

    انہوں نے کہا کہ افغانستان میں مزار شریف تک ریلوے لائن ہے چھ سات ماہ سے اسی پر لگے تھے کہ اس کو کنیکٹ کیسے کر سکتے ہیں، ریلوے میں 46 نئی کوچز لے کر آئے ہیں سارے بجٹ کا صرف 5% ہی بچتا ہے جس سے ہم ریلوے چلاتے ہیں ریلوے واحد ادارہ ہے جو پنشن جیب سے دے رہا یے۔

  • یو کے ایوی ایشن سیکیورٹی ٹیم کا اسلام آباد ایئرپورٹ کا دورہ مکمل

    یو کے ایوی ایشن سیکیورٹی ٹیم کا اسلام آباد ایئرپورٹ کا دورہ مکمل

    اسلام آباد: پیٹر روبنسن کی سربراہی میں (یوکے ڈی ایف ٹی) ایوی ایشن سیکیورٹی ٹیم کا اسلام آباد ایئرپورٹ کا دورہ مکمل ہوگیا۔

    ترجمان سول ایوی ایشن کے مطابق یو کے ڈی ایف ٹی ایوی ایشن سیکیورٹی انٹرنیشنل اسسٹنس پیٹر رابنسن کی سربراہی میں اسلام آباد ایئرپورٹ کا دورہ مکمل ہوگیا۔

     ترجمان سول ایوی ایشن کا بتانا ہے کہ اس دورے کا مقصد سی اے اے ایوی ایشن سیکیورٹی ٹیم  کے انفراسٹرکچر کی مضبوطی اور صلاحیت سازی کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔

    ترجمان کے مطابق مسٹر پیٹر رابنسن نے اسلام آباد انٹرنیشنل ائرپورٹ پر مسافروں کے لئے سیکیورٹی کے الاقوامی معیار کو سراہا، مسٹر رابنسن نے ائیرپورٹ پر (یو کے ڈی ایف ٹی) کے تقاضوں کے تناظر میں اعلی ترین اضافی سیکیورٹی اقدامات کرنے پر بھی تعریف کی۔

    دورہ کا اختتام سی اے اے ڈائریکٹر سیکیورٹی کی جانب سے ایویشن سیکیورٹی کے معاملات پر نوٹ اور بریفنگ پر ہوا۔

     ترجمان کا کہنا تھا کہ دونوں جانب سے ریگولیٹری حکام نے مضبوط تعلقات اور ایوی ایشن سیکیورٹی سسٹم کی تعمیر کے لیے بین الاقوامی تعاون اور کوششوں کے تسلسل کا اعادہ کیا۔

    پیٹر رابنسن بالترتیب 2 اور 3 اگست 2023 کو ایوی ایشن ڈویژن اور اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا دورہ مکمل کرنے کے بعد برطانیہ روانہ ہوگئے۔

  • مسافروں کیلیے ویکسینیشن کارڈ کی حقیقت سامنے آگئی

    مسافروں کیلیے ویکسینیشن کارڈ کی حقیقت سامنے آگئی

    ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ سول ایویشن کی جانب سے مسافروں کے لیے پولیو ویکسینیشن کارڈ کی کوئی شرط نہیں رکھی گئی۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ عوام الناس سے درخواست ہے کہ وہ پولیو کارڈ حاصل کرنے کے لئے کسی بھی غیر مصدقہ آن لائن پیشکش پر کان نہ دھریں، مسافر بالخصوص آن لائن عناصر کو نظر انداز کریں جو اپنے آپ کو مختلف ایئرلائنز کا نمائندہ ظاہر کرتے ہوں۔

    ترجمان کے مطابق اس انتباہ کا مقصد مسافروں کو پولیو کارڈ کے نام پر موقع پرست مفاد پرستوں کے ہاتھوں آن لائن ہونے والے فراڈ سے بچانا ہے۔ مختلف میڈیا پلیٹ فارمز پر دیکھا جانے والا لیٹر اسلام اباد ایئرپورٹ کی اندرونی خط و کتابت تھی جو منسوخ ہو چکا اس بات کو بلکل واضح کیا جاتا ہے کہ مزکورہ لیٹر کسی بھی طرح پولیو سے متعلق ٹریول ایڈوائزری نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ سافروں سے التماس ہے کہ جس ملک کے سفر کا ارادہ رکھتے ہوں ایئرلائن سے اس ملک کی ہیلتھ بالخصوص پولیو ویکسینیشن پالیسی بارے ضرور پوچھیں۔