Author: جہانگیر خان

  • میڈیکل کالجز کی فیسوں کے حوالے سے طلبا کے لیے بڑی خبر

    میڈیکل کالجز کی فیسوں کے حوالے سے طلبا کے لیے بڑی خبر

    اسلام آباد : نجی میڈیکل کالجز کی فیسوں کے حوالے سے طلبا کے لیے بڑی خبر آگئی ، میڈیکل کالجز سالانہ 35 لاکھ روپے تک فیس وصول کر رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت نے نجی میڈیکل کالجز کی فیسوں کی حد بندی کا فیصلہ کرلیا، ذرائع نے بتایا کہ نجی میڈیکل و ڈینٹل کالجز فیس کی بالائی حد مقرر کی جائے گی۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ میڈیکل کالجز فیس کی بالائی حد کیلئے مختلف آپشنز زیرغور ہیں، موجودہ فیسوں سے کم پر حد بندی ہو گی۔

    میڈیکل فیس پر کیپ کا مقصد من مانے اضافوں پر قابو پانا ہے،نجی میڈیکل کالجز فیس کیپ کے حوالے سے مشاورت مکمل ہو چکی ہے، کالجز سالانہ 35 لاکھ روپے تک فیس وصول کر رہے ہیں۔

    مزید پڑھیں : میڈیکل و ڈینٹل کالجز کی رجسٹریشن پر پابندی لگانے کا فیصلہ

    گذشتہ روز پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) نے کالجز رجسٹریشن پر پابندی کے فیصلے کی منظوری دی تھی ، جس کے تحت پی ایم ڈی سی نئے میڈیکل و ڈینٹل کالجز کی رجسٹریشن نہیں کرے گی۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ 5 جنوری کے بعد کی میڈیکل کالجز رجسٹریشن کی درخواستوں پر غور نہیں ہو گا جبکہ 5 جنوری سے قبل کی 13 میڈیکل کالجز کی درخواستیں زیر غور آئیں گی۔

    میڈیکل کالجز کیلئے فیکلٹی کی کمی پر رجسٹریشن پر پابندی کا فیصلہ ہوا، ملک بھر میں میڈیکل و ڈینٹل کالجز کی تعداد 187 ہے، ملک میں نجی میڈیکل و ڈینٹل کالجز 121 اور سرکاری 66 ہیں۔

  • سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کے حوالے سے بری خبر

    سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کے حوالے سے بری خبر

    اسلام آباد: سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کے حوالے سے بری خبر آئی ہے، وزارت خزانہ نے کہا ہے کہ اضافے کی تجویز زیر غور نہیں ہے۔

    قومی اسمبلی اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران وزارت خزانہ نے قومی اسمبلی کو سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کے سوال پر تحریری جواب دیا، جس میں وزیر خزانہ محمد اورنگ زیب کی جانب سے سرکاری ملازمین کے لیے بری خبر دی گئی۔

    وزیر خزانہ نے کہا کہ آئندہ مالی سال میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی تجویز زیر غور نہیں ہے، ملازمین کے الاؤنسز اور پے سکیل پر نظر ثانی کی تجویز بھی زیر غور نہیں۔

    وزیر خزانہ نے کہا ملازمین کے لیے ہائرنگ اور سیلنگ کی حد بڑھانے کا معاملہ زیر غور ہے، وفاقی سرکاری ملازمین کی پنشن میں بھی اضافے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے۔


    عید سے قبل سرکاری ملازمین کے لئے تنخواہوں اور پنشن سے متعلق بڑی خوشخبری


    واضح رہے کہ پنجاب اور کے پی کی صوبائی حکومتوں نے ملازمین کو بڑی خوشخبری سناتے ہوئے عید سے قبل تنخواہ اور پنشن ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں خیبرپختونخوا حکومت نے متعلقہ محکموں کو مراسلہ ارسال کرتے ہوئے عید کی تعطیلات کے پیش نظر تنخواہیں اور پنشن یکم اپریل کے بجائے 20 مارچ کو ادا کرنے کی ہدایت کی ہے۔ پنجاب حکومت نے بھی تمام ملازمین کو عید الفطر سے قبل تنخواہیں اور پنشن ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

  • حکومت کا میڈیکل اور ڈینٹل کالجز سے متعلق اہم فیصلہ

    حکومت کا میڈیکل اور ڈینٹل کالجز سے متعلق اہم فیصلہ

    اسلام آباد: حکومت نے میڈیکل و ڈینٹل کالجز کی رجسٹریشن پر پابندی لگانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) نے کالجز رجسٹریشن پر پابندی کے فیصلے کی منظوری دے دی ہے، اب پی ایم ڈی سی نئے میڈیکل و ڈینٹل کالجز کی رجسٹریشن نہیں کرے گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ 5 جنوری کے بعد کی میڈیکل کالجز رجسٹریشن کی درخواستوں پر غور نہیں ہو گا جبکہ 5 جنوری سے قبل کی 13 میڈیکل کالجز کی درخواستیں زیر غور آئیں گی۔

    ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ میڈیکل کالجز کیلئے فیکلٹی کی کمی پر رجسٹریشن پر پابندی کا فیصلہ ہوا، ملک بھر میں میڈیکل و ڈینٹل کالجز کی تعداد 187 ہے، ملک میں نجی میڈیکل و ڈینٹل کالجز 121 اور سرکاری 66 ہیں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل  (پی ایم ڈی سی) نے مبینہ طور پر نجی میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں کی جانب سے فیسوں کی وصولی پر پابندی عائد کر دی تھی۔

    ذرائع نے اس حوالے سے بتایا تھا کہ گزشتہ پانچ سالوں میں نجی میڈیکل کالجز 15 ملین روپے سے زائد فیسیں وصول کر رہے ہیں۔

  • پیپلز پارٹی نے نئی متبادل توانائی پالیسی مسترد کر دی

    پیپلز پارٹی نے نئی متبادل توانائی پالیسی مسترد کر دی

    اسلام آباد: مرکزی ترجمان پی پی شازیہ مری نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے وفاقی حکومت کی متبادل انرجی کی نئی پالیسی مسترد کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی نے وفاق کی نئی متبادل انرجی پالیسی مسترد کر دی، ترجمان شازیہ مری نے کہا وفاقی حکومت کی جانب سے نیٹ میٹرنگ کے قوانین میں ظالمانہ تبدیلیاں قابل مذمت ہیں، شمسی توانائی صارفین کو 27 روپے فی یونٹ کی بجائے صرف 10 روپے فی یونٹ پر بجلی فروخت کرنے پر مجبورکیا جا رہا ہے۔

    شازیہ مری نے کہا یہ عمل متبادل انرجی صارفین پر براہ راست حملہ اور پاکستان کے قابل تجدید توانائی کے مستقبل سے غداری ہے، صارفین کو قومی گرڈ سے 65 روپے یا اس سے زائد فی یونٹ کے نرخوں پر بجلی خریدنے کے لیے پابند کیا جاتا ہے، وفاقی حکومت گرین انرجی پر جانے والے صارفین کی حوصلہ افزائی کرنے کی بجائے ان سے کھلی جنگ کر رہی ہے۔

    پی پی ترجمان نے کہا قیمتوں میں یہ 550 فی صد کا فرق ظالمانہ اور عوام کا معاشی استحصال ہے، وفاقی حکومت کی طرف سے پاور سیکٹر میں موجود مافیاز، کرپشن اور نااہل افراد کی سرپرستی جاری ہے۔

    انھوں نے کہا، یہ کہا گیا ہے کہ ’’نیٹ میٹرنگ سے عام صارفین پر 90 پیسے فی یونٹ کا بوجھ پڑتا ہے‘‘ یہ ایک کھلا دھوکا ہے، حقیقت یہ ہے کہ 18 روپے فی یونٹ ’’آئیڈل کپیسٹی پیمنٹس‘‘ اور 600 ارب روپے سالانہ بجلی چوری اور بلوں کی عدم ادائیگی میں ضائع ہو رہے ہیں۔

    شازیہ مری کا کہنا تھا کہ ان سنگین مسائل کو حل کرنے کی بجائے، وفاقی حکومت ملک کو توانائی میں خود کفیل بنانے والوں کو سزا دے رہی ہے، یہ پالیسی پاکستان کی شمسی توانائی کی صنعت کو تباہ کر دے گی، جس سے گھریلو اور تجارتی صارفین کے لیے شمسی توانائی ناقابل عمل ہو جائے گی۔

    انھوں نے کہا نئی پالیسی قابل تجدید توانائی میں مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو روکے گی، اور فرسودہ اور ناکام گرڈ پر انحصار بڑھا دے گی، حکومتی عمل عوام کو ناقابل برداشت نرخوں پر بجلی خریدنے پر مجبور کریں گے، اور گرین انرجی کے مواقع ختم ہوں گے، بند کمروں میں بیٹھ کر بغیر مشاورت کیے گئے فیصلےعوام کی بجائے طاقت ور لابیوں اور فوسل فیول انڈسٹری کے مفادات کے تحفظ کا عندیہ دیتے ہیں۔

    پی پی ترجمان کے مطابق وفاقی حکومت کا یہ اقدام پاکستان کی توانائی کی خودمختاری اور معاشی آزادی پر براہ راست حملہ ہے، انھوں نے مطالبہ کیا کہ وفاقی حکومت اس ظالمانہ پالیسی کو فوری طور پر واپس لے اور ذمہ دار افراد کے خلاف قانونی کارروائی کرے۔ اگر وفاقی حکومت نے عوام دشمن پالیسی واپس نہ لی، تو ہم اس کے خلاف عدالتی، سیاسی اور عوامی سطح پر سخت مزاحمت کریں گے۔

  • ملک کے 12 اضلاع کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق

    ملک کے 12 اضلاع کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق

    قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ) میں قائم پولیو کے خاتمے کے لیے ریجنل ریفرنس لیبارٹری نے پہلے سے متاثرہ 12 اضلاع سے لیے گئے ماحولیاتی نمونوں میں وائلڈ پولیو وائرس ٹائپ ون (ڈبلیو پی وی 1) کی نشاندہی کی تصدیق کی ہے۔

    نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر ( این ای او سی) نے ریجنل ریفرنس لیب کی 12 اضلاع کے سیمپلز میں پولیو کی تصدیق ہوئی ہے، ماحولیاتی نمونوں میں وائلڈ پولیو وائرس ٹائپ ون پایا گیا ہے۔

     این ای او سی ترجمان کا کہنا ہے کہ پولیو ٹیسٹ کیلئے ماحولیاتی نمونے 17 سے 26 فروری کو لئے گئے تھے، بلوچستان 4 اضلاع کے سیوریج سیمپلز پولیو پازیٹو نکلے ہیں۔

    اس کے علاوہ پنجاب کے 5، خیبرپختونخوا کے 3 اضلاع کی سیوریج پولیو پازیٹو ہے جبکہ لاہور، ملتان، قصور، بہاولپور، ڈی جی خان کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو پایا گیا ہے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ جنوبی وزیرستان لوئر، چارسدہ، صوابی، کوئٹہ، ڈیرہ بگٹی، لسبیلہ اور سبی کی سیوریج پولیو سے آلودہ نکلی ہے جبکہ ڈی آئی خان، جنوبی وزیرستان لوئر، شمالی وزیرستان کے سیمپلز پولیو سے پاک نکلے ہیں۔

    ترجمان کا بتانا ہے کہ ملک میں 127 مقامات سے پولیو ٹیسٹنگ کیلئے سیمپلز لئے جاتے ہیں، 2021 میں ملک بھر کے 65 مقامات سے سیوریج سیمپلز لئے جاتے تھے۔

    واضح رہے کہ رواں سال ملک میں چھ پولیو وائرس کیس رپورٹ ہو چکے ہیں، رواں سال سندھ سے 4، کے پی ایک، پنجاب ایک پولیو کیس رپورٹ ہوا ہے۔

  • پیپلزپارٹی   بڑی سیاسی وکٹ اڑانے کو تیار

    پیپلزپارٹی بڑی سیاسی وکٹ اڑانے کو تیار

    اسلام آباد : سابق وزیراعظم آزادکشمیر تنویر الیاس نے آئی پی پی چھوڑ کر پیپلزپارٹی میں شمولیت کا فیصلہ کرلیا تاہم ان کی شمولیت سے پی پی آزادکشمیر کے بعض رہنما ناخوش ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم آزاد کشمیر تنویر الیاس کا پی پی میں شمولیت کا فیصلہ کرلیا، وہ پی پی قیادت سے ملاقات کے دوران شمولیت کا اعلان کریں گے۔

    زرائع نے دعوی کیا ہے کہ سابق وزیراعظم آزاد کشمیر کے پیپلزپارٹی سے معاملات طے پا چکے ہیں،ان کی آصف زرداری، بلاول بھٹو سے ملاقاتیں ہو چکی ہیں۔

    سابق وزیراعظم آزاد کشمیر نے پیپلزپارٹی میں شمولیت کیلئے خود رابطے کئے ہیں، باہمی دوستوں کے ذریعے پیپلزپارٹی سے رابطے کئے۔

    پی پی ذرائع نے کہا کہ تنویر الیاس کی شمولیت سے پی پی آزادکشمیر کے بعض رہنما ناخوش ہیں ، پی پی آزادکشمیر رہنماوں کے ان کی شمولیت پر تحفظات ہیں تاہم قیادت کا تحفظات کے باوجود کی سابق وزیراعظم آزاد کشمیر کو پارٹی میں لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق پی پی آزادکشمیر کے رہنماوں کی قیادت سے تنویر الیاس کو عہدہ نہ دینے کی اپیل کی تاہم انھیں مستقبل میں اہم عہدہ دینے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ تنویر مستقبل میں صدر آزادکشمیر کیلئے پی پی امیدوار ہو سکتے ہیں، وپ استحکام پاکستان پارٹی آزادکشمیر کے صدر ہیں، وہ عبدالقیوم نیازی کی جگہ وزیراعظم آزادکشمیر بنے تھے۔

  • یو اے ای کی پاکستانیوں کیلئے ویزا اجرا پر پابندی ،  وزارت خارجہ کا اہم بیان آگیا

    یو اے ای کی پاکستانیوں کیلئے ویزا اجرا پر پابندی ، وزارت خارجہ کا اہم بیان آگیا

    اسلام آباد : وزارت خارجہ نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی پاکستانیوں کیلئے ویزا اجرا پر پابندی کی تردید کردی۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی اجلاس کے دوران وزارت خارجہ نے ایوان کو تحریری جواب میں یو اے ای کی پاکستانیوں کیلئے ویزا اجرا پر پابندی کی تردید کردی۔

    وزارت خارجہ نے بتایا کہ متحدہ عرب امارات نے پاکستانی شہریوں پر ویزا پابندی عائد نہیں کی، یو اے ای میں بعض پاکستانی جعلی ڈگری، ڈپلومے جمع کرانے اور ویزا مدت سے زائد قیام سمیت سیاسی و مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث پائے گئے ہیں

    تحریری جواب میں کہا گیا کہ متحدہ عرب امارات میں بعض پاکستانی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے نہ مناسب استعمال میں ملوث پائے گئے ہییں ، ابوظہبی میں پاکستانی سفارتخانے نے تحریری جواب حکومت کے ساتھ معاملہ اٹھایا ہے، ساتھ وزارتی و انڈر سیکرٹری سطح پر معاملہ اٹھایا گیا ہے۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات نے پانچ سالہ ویزا کا اعلان کیا ہے، ویزہ کیلئے رائونڈ ٹرپ ٹکٹ، ہوٹل بکنگ، جائیداد کی ملکیت کا ثبوت اور 3 ہزار درہم کی پیشگی ادائیگی کرنی ہوگی۔

  • منرل واٹر استعمال کرنے والوں کے لیے اہم خبر آگئی

    منرل واٹر استعمال کرنے والوں کے لیے اہم خبر آگئی

    اسلام آباد : منرل واٹر استعمال کرنے والوں کے لیے اہم خبر آگئی ، ملک میں تیار 27 برانڈز غیر محفوظ قرار دے دیئے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران وزارت سائنس و ٹیکنالوجی نے غیر محفوظ منرل واٹر برانڈز کی تفصیلات ایوان میں پیش کر دیں۔

    جس میں ملک میں تیار ہونے والے منرل واٹرز کے 27 برانڈز غیر محفوظ قرار دے دیا ، پاکستان تحقیقی کونسل برائے آبی وسائل نے 27 منرل واٹر برانڈز کو غیر محفوظ قرار دیا ہے۔

    پی سی آر ڈبلیو آر نے گزشتہ ماہ منرل واٹر کے معیار کی سہ ماہی رپورٹ جاری کی ہے، وزارت سائنس و ٹیکنالوجی نے کہا کہ منرل واٹر کے معیار بارے سہ ماہی رپورٹ اکتوبر تا دسمبر 2024 کی ہے، پی سی ایس آئی آر کو منرل واٹر برانڈز کے 194 سیمپلز موصول ہوئے تھے،غیر محفوظ منرل واٹر بیچنے والی کمپنیز کی تعداد 27 نکلی۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ غیر رجسٹرڈ منرل واٹر بیچنے والی دو کمپنیوں کے لائسنس منسوخ کر دیئے گئے ہیں اور غیر قانونی منرل واٹر تیار کرنے والی 6 کمپنیوں کو نوٹس کا اجرا ہوا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق بوتلوں میں بند پینے کے پانی کی 27 کمپنیز کو کیمیائی و مائیکرو بائیولوجیکل معیارات کی بنیاد پر غیر محفوظ قرار دیا گیا ہے۔

    پریزائیڈنگ آفیسر نے بتایا کہ کمپنیاں منرل واٹر کے نام پر صاف پانی کے بجائے نجانے کیا کچھ پلا رہی ہیں، جس پر قادر پٹیل نے کہا غیر معیاری پانی بیچنے والی کو جرمانہ نہ ہونے کے برابر ہے، امید ہے حکومت منرل واٹر کمپنیز کے حوالے سے مناسب ریگولیشنز تیار کرے گی۔

  • وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا

    وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا

    اسلام آباد: وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔

    محکمے کے ترجمان کے مطابق وزارت صحت آمد پر وفاقی سیکریٹری ہیلتھ ندیم محبوب اور وزارت کے سینئر حکام نے وفاقی وزیر صحت کا استقبال کیا، وزارت کا قلم دان سنبھالنے کے بعد وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے اہم اجلاس کی صدارت کی۔

    ترجمان وزارت صحت کے مطابق وفاقی وزیر صحت کو صحت کے امور سے متعلق تفصیلی بریفننگ دی گئی، جس میں پی ایم ڈی سی، ڈریپ، پاکستان نرسنگ کونسل، پولیو اور اسپتالوں کی ورکنگ سے متعلق بریفننگ شامل تھی۔ اجلاس میں فیڈرل سیکریٹری ہیلتھ ندیم محبوب، اسپیشل سیکریٹری ہیلتھ، ایڈیشنل سیکریٹری ہیلتھ، ڈی جی ہیلتھ اور دیگر سینئر افسران موجود تھے۔

    بریفننگ کے بعد وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا اللہ پاک کو اپنی مخلوق سے بہت پیار ہے، خدا کی مخلوق کے کام آنا سب سے بڑی عبادت ہے، صحت کی وزارت ایسا ادارہ ہے جس سے کروڑوں عوام کی زندگیاں وابستہ ہیں۔ انھوں نے کہا ہمارے کیے جانے والے فیصلوں کے اثرات بالواسطہ اور بلا واسطہ عوام پر پڑتے ہیں، اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ہمارے فیصلوں اور اقدامات سے عوام کی زندگی پر اچھے اثرات رونما ہوں۔

    نیب کے سینئر افسر وقاص احمد کی پراسرار موت کا معمہ پوسٹ مارٹم میں حل نہ ہو سکا، حکام کا اہم فیصلہ

    واضح رہے کہ وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے بھی وزارت ریلوے کا چارج سنبھال لیا ہے، انھوں نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا ریلوے کو مستحکم اور متحرک ادارہ بنانے کے لیے اس کی آمدنی میں اضافے اور اخراجات میں کمی لائی جائے گی۔ انھوں نے ہدایت کی کہ کسی بھی حادثے سے بچنے کے لیے نگرانی کے آلات نصب کرنے پر ور دیا جائے۔

  • نیب کے سینئر افسر وقاص احمد کی پراسرار موت کا معمہ پوسٹ مارٹم میں حل نہ ہو سکا، حکام کا اہم فیصلہ

    نیب کے سینئر افسر وقاص احمد کی پراسرار موت کا معمہ پوسٹ مارٹم میں حل نہ ہو سکا، حکام کا اہم فیصلہ

    اسلام آباد: نیب کے سینئر افسر وقاص احمد کی پراسرار موت کا معمہ پوسٹ مارٹم میں بھی حل نہ ہو سکا، حکام نے اب فرانزک ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق پوسٹ مارٹم میں گریڈ 19 کے نیب افسر وقاص احمد کی موت کی وجہ کا تعین نہ ہو سکا، ان کا پوسٹ مارٹم پولی کلینک میں ہوا تھا، اب نیب افسر کی موت کی وجہ جاننے کے لیے فرانزک ٹیسٹ کرایا جائے گا، جس سے نیب افسر کی موت کی وجہ معلوم ہو سکے گی۔

    وقاص احمد کا ٹیسٹ پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی لاہور سے کرایا جائے گا، اور رپورٹ رواں ماہ موصول ہونے کا امکان ہے، فرانزک ٹیسٹ کے لیے وقاص احمد کے اعضا کے سیمپلز بھجوا دیے گئے ہیں جو پولیس کے حوالے کیے گئے تھے۔

    فرانزک ٹیسٹ کے لیے دل، جگر، گردہ، تلی کے سیمپلز لیے گئے ہیں، وقاص احمد کی سانس کی نالی اور معدہ سے بھی سیمپل لیا گیا ہے، فرانزک ٹیسٹ سے وقاص احمد کے جسم میں زہریلے، نشہ آور اجزا کی جانچ ہوگی۔

    نیب افسر کی اسلام آباد کے گیسٹ ہاؤس سے لاش برآمد

    یاد رہے کہ نیب افسر کی لاش 23 فروری کو اسلام آباد کے گیسٹ ہاؤس سے ملی تھی، وقاص احمد کے بازوں، ٹانگوں پر سرنجز کے متعدد نشانات موجود تھے، پولی کلینک منتقلی کے وقت وقاص احمد کی دائیں ٹانگ میں کینولا لگا تھا، اور اس کینولا میں سرنج لگی ہوئی تھی، وقاص احمد کے کمرے سے استعمال شدہ متعدد انجکشنز بھی ملے تھے۔