Author: جہانگیر خان

  • سی ای سی میں پیپلز پارٹی کی پالیسی پر شدید اختلاف رائے سامنے آیا

    سی ای سی میں پیپلز پارٹی کی پالیسی پر شدید اختلاف رائے سامنے آیا

    اسلام آباد: پیپلز پارٹی کے سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آئی ہے، کمیٹی اجلاس میں پیپلز پارٹی کی پالیسی پر شدید اختلاف رائے سامنے آیا۔

    پی پی ذرائع کے مطابق سی ای سی نے پارٹی کی موجودہ پالیسی پر شدید تحفظات کا اظہار کیا، اور اکثریتی اراکین نے پارٹی پالیسی پر نظرثانی کا مطالبہ کیا۔

    ذرائع نے بتایا کہ سی ای سی میں حکومت سے اتحاد ختم کرنے کا مطالبہ باضابطہ طور پر سامنے آیا، کے پی اور پنجاب کے بعض سی ای سی ارکان نے اتحاد ختم کرنے کا مطالبہ کیا، اور کہا کہ ن لیگ کے ساتھ برابری کی بنیاد پر تعلقات رکھے جائیں۔

    اراکین کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی موجودہ پالیسی سمجھ سے بالاتر ہے، اس لیے قیادت حکومت کو بچانے کے معاملے پر اراکین کو قائل کرے،پارٹی قیادت نے کیا سوچ کر حکومت کو کاندھا دیا ہے، اور پی پی کس مجبوری کے تحت ن لیگ کی بیساکھی بنی ہوئی ہے۔

    امریکا میں چین کے خلاف کسی تقریب میں شرکت نہیں کی، محسن نقوی

    ایک رکن نے کہا عوام پی پی کو حکومت اور ن لیگ اپوزیشن سمجھتی ہے، قیادت بتائے کارکنان کو کیسے مطمئن کیا جائے؟ بلاول بھٹو نے سی ای سی اراکین کو مطمن کرنے کی ہر ممکن کوشش کی، تاہم آصف زرداری کی آمد پر بلاول بھٹو کی اراکین سے جان خلاصی ہوئی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سی ای سی کے بعض ارکان نے حکومت سے مذاکرات ختم کرنے کا مطالبہ کیا، اور کہا حکومت مذاکرات کے نام مذاق کر رہی ہے، وزیر اعظم اور وزرا پیپلز پارٹی کو سنجیدہ نہیں لیتے، پارٹی کی ایسی تذلیل کسی دور میں نہیں ہوئی۔ ایک رکن نے کہا ایک سال میں ن لیگ کا پی پی پر اعتماد نہیں بن سکا، ن لیگ قانون سازی پر بھی اعتماد میں نہیں لیتی۔

    سی ای سی رکن کا کہنا تھا کہ قانون سازی کے بارے میں اسمبلی کے آغاز پر بتایا جاتا ہے، ان حالات میں قیادت چاہے تو ن لیگ کو زمین پر لانا ممکن ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف زرداری سی ای سی اراکین کو مطمن کرنے میں کامیاب ہوئے، اور انھوں نے سی ای سی کو معاملات نتیجہ خیز بنانے کی یقین دہانی کرائی۔

  • پیپلز پارٹی کا نواز شریف سے براہ راست رابطے کا فیصلہ

    پیپلز پارٹی کا نواز شریف سے براہ راست رابطے کا فیصلہ

    اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے مابین مذاکرات ڈیڈ لاک کے شکار ہیں، جس کی وجہ سے پی پی نے میاں نواز شریف سے براہ راست رابطے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    پیپلز پارٹی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ آصف زرداری نواز شریف سے رابطہ کریں گے، ان کے ساتھ ساتھ بلاول بھٹو کی بھی نواز شریف سے ملاقات کا امکان ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی معاہدے پر عمل درآمد کے لیے نواز شریف سے رابطہ کر رہی ہے، انھیں وفاقی حکومت سے متعلق پی پی کے تحفظات سے آگاہ کیا جائے گا۔

    ذرائع پی پی کے مطابق پیپلز پارٹی نواز شریف سے مطالبات پورا کرنے کا مطالبہ کرے گی، اور ان سے مذاکرات میں کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا جائے گا، کیوں کہ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ پی پی وزیر اعظم شہباز شریف سے مکمل طور مایوس ہو چکی ہے۔

    پی ٹی آئی نے 26 ویں آئینی ترمیم سپریم کورٹ میں چیلنج کر دی

    پی پی کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم تحریری معاہدے پر عمل درآمد کروانے میں ناکام رہے ہیں، پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا سے متعلق تحفظات بدستور موجود ہیں، پیپلز پارٹی کو وفاقی حکومت سے متعلق بھی سنگین تحفظات ہیں۔

    واضح رہے کہ پی پی کو وفاق میں تعیناتیوں اور قانون سازی سے متعلق تحفظات ہیں۔

  • میڈیکل طلبا کے لیے بڑی ! بی ڈی ایس ڈگری کی مدت بڑھانے کے فیصلے پر یوٹرن

    میڈیکل طلبا کے لیے بڑی ! بی ڈی ایس ڈگری کی مدت بڑھانے کے فیصلے پر یوٹرن

    اسلام آباد : بیچلر آف ڈینٹل سرجری کی معیاد 5سال کرنے کا فیصلہ واپس لے لیا گیا ، بی ڈی ایس ڈگری کی مدت میں توسیع کا فیصلہ ایک سال کیلئے معطل ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی ایم ڈی سی نے بی ڈی ایس ڈگری کی مدت بڑھانے کے فیصلے پر یوٹرن لے لیا، ذرائع نے بتایا کہ بیچلر آف ڈینٹل سرجری کی معیاد پانچ سال کرنے کا فیصلہ واپس لے لیا گیا ہے۔

    اس سلسلے میں ملک بھر کی میڈیکل و ڈینٹل جامعات کو تحریری احکامات جاری کردیئے ہیں اور رجسٹرار پی ایم ڈی سی نے میڈیکل و ڈینٹل جامعات کو مراسلہ بھجوا دیا ہے۔

    مراسلے میں کہنا تھا کہ بی ڈی ایس ڈگری کی مدت میں توسیع کا فیصلہ ایک سال کیلئے معطل ہوا ہے، ایک سال میں پانچ سالہ بی ڈی ایس ڈگری کا طریقہ کار، نصاب تیار ہو گا، نیشنل میڈیکل، ڈینٹل اکڈیمک بورڈ 5 سالہ بی ڈی ایس کا نصاب تیار کرے گا۔

    ذرائع نے کہا کہ بی ڈی ایس کورس کی مدت چار کے بجائے پانچ سال کرنے کا فیصلہ ہوا تھا، بی ڈی ایس کورس کی مدت میں توسیع کا فیصلہ 21 نومبر 2024 کو ہوا تھا تاہم ڈینٹل سرجنز ایسوسی ایشن کے دباو پر بی ڈی ایس بارے فیصلہ واپس ہوا۔

    پی ایم ڈی سی ایگزیکٹو کمیٹی نے بی ڈی ایس ڈگری معاملے پر غور کیا ہے، پی ایم ڈی سی ایگزیکٹو کمیٹی نے بی ڈی ایس کا دورانیہ نہ بڑھانے کی تجویز دی، بی ڈی ایس کورس کے معاملے پر فریقین سے تفصیلی مشاورت ہوئی ہے اور فریقین کی مشاورت سے فیصلہ واپس لیا ہے۔

  • پیپلز پارٹی نے قومی اسمبلی کا کورم کیوں توڑا؟ وجہ سامنے آ گئی

    پیپلز پارٹی نے قومی اسمبلی کا کورم کیوں توڑا؟ وجہ سامنے آ گئی

    اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی حکمران جماعت ن لیگ سے ایک بار پھر ناراض ہو گئی ہے۔

    پی پی ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے یکسر نظر انداز کیے جانے پر پیپلز پارٹی مسلم لیگ ن سے ناراض ہے، چند دن قبل قومی اسمبلی میں کورم توڑنے کا مقصد بھی اظہار ناراضی تھا، پیپلز پارٹی نے قومی اسملی کا کورم توڑ کر حکومت کو واضح پیغام دیا۔

    ذرائع نے بتایا کہ پی پی رہنماؤں کو حکومتی پالیسیوں پر تنقید کی اجازت دینا بھی دراصل اظہار ناراضی ہے، کیوں کہ پیپلز پارٹی اہم معاملات پر مشاورت نہ ہونے پر شدید برہم ہے، حکومت اہم معاملات پر پی پی کو اعتماد میں نہیں لے رہی۔

    اس سلسلے میں پی پی ذرائع نے کہا دریائے سندھ سے لنک کینال کے معاملے پر پارٹی سے مشاورت نہیں ہوئی، یہ فیصلہ دراصل پی پی کی پیٹھ میں چھرا گھونپنا تھا، پی پی قیادت کو دریائے سندھ سے لنک کینال نکالنے پر شدید تحفظات ہیں، اور کہا گیا ہے کہ اس فیصلے کے خلاف پی پی آخر حد تک جائے گی۔

    ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی سے مذاکرات پر بھی پیپلز پارٹی کو اعتماد میں نہیں لیا گیا، نہ ہی مذاکرات شروع کرنے پر مشاورت کی گئی، پی پی ذرائع کا دعویٰ تھا کہ ن لیگ سے زیادہ مذاکرات کا تجربہ رکھنے والی جماعت پیپلز پارٹی ہے، اگر مذاکرات پر اعتماد میں لیا جاتا تو معاملات زیادہ بہتر ہوتے۔

    پی پی قیادت پر موجودہ صورت حال میں پارٹی کا شدید دباؤ ہے، پیپلز پارٹی کے سینیٹرز، ایم این ایز شدید بد دلی کا شکار ہیں۔ ایسے میں پیپلز پارٹی قیادت وزیر اعظم سے ملاقات کی خواہش مند ہے، اور بلاول بھٹو اعلیٰ سطحی ملاقاتوں کی خواہش لے کر اسلام آباد پہنچے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو کی رواں ہفتے اسلام آباد میں اہم ملاقاتوں کا امکان ہے۔

  • ملک میں عالمی برانڈز کی جعلی ادویات کی تیاری اور فروخت کا انکشاف ، ڈریپ  کا الرٹ جاری

    ملک میں عالمی برانڈز کی جعلی ادویات کی تیاری اور فروخت کا انکشاف ، ڈریپ کا الرٹ جاری

    اسلام آباد : ملک میں عالمی برانڈز کی جعلی ادویات کی تیاری اور فروخت کے انکشاف کے بعد دو جعلی ادویات کے بیچز کی سیل، استعمال پر پابندی لگا دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق ملک میں عالمی برانڈز کی جعلی ادویات کی تیاری اور فروخت کا انکشاف سامنے آیا، پنجاب حکومت نے صوبے میں جعلی ادویات کے خلاف بڑا کریک ڈاون کیا۔

    عالمی برانڈز کے ناموں کی جعلی دوائیاں مختلف شہروں کو سپلائی ہوئی ہیں، پنجاب ڈرگ کنٹرول ڈائریکٹوریٹ نے مختلف شہروں میں کریک ڈاون کیا ہے،

    ڈریپ نے بتایا کہ اینستھیزیا، اعضا سکڑنے کے علاج کی جعلی ادویات سپلائی کی گئی ہیں ، جعلی دوائیوں کے پیکٹس پر فرانس، جرمنی کے پتے درج ہیں، ڈرگ ٹیسٹنگ لیب پنجاب نے دونوں ادویات کے سیمپلز کو جعلی قرار دیا ہے۔

    ڈریپ نے دو جعلی دوائیوں کے بیچز کی سیل، استعمال پر پابندی لگا دی اور پنجاب حکومت کی درخواست پر ڈریپ نے ریکال الرٹ جاری کر دیئے۔

    الرٹ میں کہا ہے کہ کیٹامائن انجکشن 500 ایم جی کا بیچ 20158 جعلی ہے، یہ انجکشن بیہوشی کیلئے استعمال کیا جاتا ہے،انجکشن پیکٹ پر پان فارما فرانس کا پتہ درج ہے۔

    اوکریوس انجکشن کا جعلی بیچ مختلف شہروں کو سپلائی ہوا ہے،جعلی اوکریوس سلوشن کی اطلاع روشے پاکستان نے دی ہے،اوکریوس سولوشن 300 ایم جی کا بیچ H0041B27 جعلی ہے۔

    اوکریوس پیکٹ پر روشے ڈائیگناسٹک جرمنی کا پتہ درج ہے، جعلی بیچ مختلف شہروں کو سپلائی ہوا ہے۔

    ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے جعلی اوکریوس سولوشن کی تصاویر جاری کر دیں ، روشے گلوبل نے اوکریوس کے جعلی بیچ کی تحقیقات کی ہیں، روشے گلوبل نے پاکستان میں دستیاب اوکریوس سولوشن کو جعلی قرار دیا ہے۔

    روشے گلوبل نے اوکریوس کا اوریجنل بیچ 2020 میں ترکی سپلائی کیا تھا، اوکریوس سولوشن انسانی اعضا کے سکڑنے کے علاج کی دوا ہے ، انسانی اعضا سکڑنے کے علاج کی جعلی دوا کا استعمال جان لیوا ہو سکتا ہے۔

    ڈریپ کا کہنا تھا کہ جعلی ادویات کا معیار اور افادیت غیر واضح ہوتی ہے، جعلی ادویات کے استعمال سے علاج متاثر ہو سکتا ہے۔

    الرٹ میں ہدایت کی گئی کہ پنجاب حکومت جعلی ادویات کی روک تھام کیلئے مزید اقدامات کرے، ریگولیٹری فیلڈ فورس پنجاب کی مارکیٹ میں سرویلنس یقینی بنائے، پنجاب حکومت جعلی ادویات کے سپلائی چین کی جامع تحقیقات کرے۔

    ڈریپ نے ریگولیٹری فیلڈ فورس کو مارکیٹ سے جعلی ادویات کے خاتمے کی ہدایت کردی۔

  • قومی اسمبلی اجلاس میں پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کی ملی بھگت سے کورم ٹوٹنے کا انکشاف

    قومی اسمبلی اجلاس میں پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کی ملی بھگت سے کورم ٹوٹنے کا انکشاف

    اسلام آباد: قومی اسمبلی اجلاس میں گزشتہ روز پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی ملی بھگت سے کورم ٹوٹنے کا انکشاف ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز قومی اسمبلی اجلاس میں کورم ٹوٹنے کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی ہے، پی پی ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ اسمبلی میں کورم توڑنے کا منصوبہ پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کا مشترکہ تھا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز پی پی کے سگنل پر تحریک انصاف نے احتجاج ختم کر کے کورم کی نشان دہی کی تھی، اور کورم کی نشان دہی پر مشترکہ طور ایوان چھوڑنے کا فیصلہ ہوا تھا۔

    ذرائع کے مطابق پی پی نے اسمبلی شروع ہونے سے قبل ہی کورم توڑنے کا فیصلہ کر لیا تھا، اور کورم توڑنے کے معاملے پر پی ٹی آئی سے مشاورت پہلے سے کی گئی تھی، اس کے لیے آغا رفیع اللہ نے تحریک انصاف سے بات کی تھی، اور اجلاس سے قبل آغا رفیع اللہ نے پارٹی ایم این ایز کو فیصلے سے آگاہ کیا۔

    پارٹی سرٹیفکیٹ ہمارا حق ہے، پی ٹی آئی چیئرمین کی الیکشن کمیشن میں حاضری

    پیپلز پارٹی کی جانب سے ایم این ایز کو ہر صورت ایوان چھوڑنے کی ہدایت کی گئی تھی، اور ایوان نہ چھوڑنے والے ایم این ایز کو انضباطی کارروائی کا پیغام ملا تھا، اس سلسلے میں پیپلز پارٹی ایم این ایز کو لابی میں کورم کے معاملے پر بریفنگ دی گئی تھی۔

    پیپلز پارٹی قیادت نے پلان کی کامیابی پر آغا رفیع اللہ کو شاباش بھی دی ہے۔

  • پمز اسپتال کے جدید ترین آپریشن تھیٹرز سے متعلق اہم معلومات

    پمز اسپتال کے جدید ترین آپریشن تھیٹرز سے متعلق اہم معلومات

    اسلام آباد: پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) نے منفرد اعزاز اپنے نام کر لیا ہے، پمز ’ماڈیولر آپریشن تھیٹرز‘ کا حامل ملک کا پہلا سرکاری اسپتال بن گیا۔

    ذرائع وزارت صحت کے مطابق پمز میں اپنی نوعیت کے جدید ترین آپریشن تھیٹرز کی تعمیر مکمل ہو گئی ہے، اسپتال میں 7 ماڈیولر آپریشن تھیٹرز تیار کیے گئے ہیں، ماڈیولر او ٹیز منصوبہ سربراہ پمز پروفیسر عمران سکندر کی زیر نگرانی مکمل ہوا۔

    یہ ماڈیولر او ٹیز جدید ترین سہولیات سے آراستہ ہیں، اس منصوبے پر 1 ارب 40 کروڑ روپے لاگت آئی ہے، وزیر اعظم رواں ہفتے پمز ماڈیولر آپریشن تھیٹرز کا افتتاح کریں گے، انھیں یورپین طرز پر تیار کیا گیا ہے اور یہ آپریشن تھیٹرز جرمنی سے درآمد کیے گئے ہیں۔

    ذرائع وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ماڈیولر آپریشن تھیٹر ایک سے دوسری جگہ منتقل کیے جا سکتے ہیں، اس میں سٹیریلائزر یونٹ کی سہولت دستیاب ہے، تین پری آپریٹ رومز اور 6 پوسٹ آپریٹ ریکوری رومز ماڈیولر آپریشن تھیٹر کا حصہ ہیں، بلڈ، ڈرگ اینڈ یوٹیلیٹی اسٹورز بھی اس کا حصہ ہوں گے۔

    پمز آپریشن تھیٹر پمز آپریشن تھیٹر

    ذرائع کے مطابق میل، فی میل چینجنگ، اسکرب روم، ویٹنگ ایریا بھی ان ماڈیولر او ٹیز کا حصہ ہیں، ماڈیولر آپریشن تھیٹرز جراثیم سے دیرپا حفاظتی اور آٹومیٹک خصوصیات کے حامل ہیں، ان میں آڈیو اور ویڈیو ریکارڈنگ اور مانیٹرنگ ممکن ہوگی، اسکرینیں بھی نصب کی گئی ہیں۔

    پمز

    پمز اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ ماڈیولر آپریشن تھیٹر میں بجلی بندش پر بیک اپ بیٹریز استعمال کی جا سکیں گی، یہ الٹرا سونک کلینر، پیکنگ، اور کنٹنگ آلات سے لیس ہیں، ان میں میڈیکل گیسز ٹمپریچر کنٹرول نظام کے ساتھ ساتھ سرجری میں مددگار جدید ترین وائرلیس کیمرے نصب ہیں۔

    312 ایکس زوم کیمرے سے دوران سرجری اندرونی اعضا کی مانیٹرنگ ہوگی، آپریشن تھیٹر سے ملحق کونٹیکٹ سینسر ڈسپنسر قائم کیے گئے ہیں، اور ساتھ ہی آٹومیٹک سرجیکل اسکرب ڈس انفیکشن اسٹیشنز بھی قائم ہیں۔

  • قومی ادارہ صحت کی ملک میں کورونا کیسز کے پھیلاؤ کی تردید

    قومی ادارہ صحت کی ملک میں کورونا کیسز کے پھیلاؤ کی تردید

    اسلام آباد:قومی ادارہ صحت نے ملک میں کورونا کیسز کے پھیلاؤ کی تردید کردی۔

    تفصیلات کے مطابق سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول این آئی ایچ کے سربراہ ڈاکٹر ممتاز خان نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو میں کہا کہ کورونا وائرس  کے حوالے سے صورتحال قابو میں ہے، کورونا کیسز میں تیزی سے اضافے کی بات درست نہیں ہے۔

    کراچی میں ایک بار پھر کورونا کیسز رپورٹ ہونا شروع ہوگئے

    ڈاکٹر ممتاز خان نے کہا کہ کورونا، نیمو، انفلوئنزا، موسمی فلو کی علامات ملتی جلتی ہیں اس لیے شہریوں کو گھبرانے کی ضرورت نہیں حالات قابو میں ہیں، سردیوں میں امراض تنفس کیسز میں اضافہ معمول کی بات ہے۔

    ڈاکٹر ممتاز نے مزید کہا کہ سردیوں میں انفلوئنزا، ایچ ون این ون کیسز رپورٹ ہوتے ہیں، ملک میں انفلوئنزا، ایچ ون این ون کیسز سامنے آرہے ہیں، قومی ادارہ صحت نے ملک بھر میں سرویلنس بڑھائی ہے۔

  • وزارت توانائی کا کے الیکٹرک صارفین سے 8 مختلف قسم کے ٹیکسز وصول کیے جانے کا اعتراف

    وزارت توانائی کا کے الیکٹرک صارفین سے 8 مختلف قسم کے ٹیکسز وصول کیے جانے کا اعتراف

    اسلام آباد : وزارت توانائی  نے کے الیکٹرک صارفین سے 8 مختلف قسم کے ٹیکسز وصول کیے جانے کا اعتراف کر لیا، جس میں 4 مختلف قسم کے جی ایس ٹی وصول کیے جانے کا انکشاف ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق کے الیکٹرک کی جانب سے بجلی بلوں پر وصول کیے جانے والے ٹیکسز کی تفصیلات قومی اسمبلی میں پیش کردی گئیں۔

    وزارت توانائی نے کے الیکٹرک صارفین سے 8 مختلف قسم کے ٹیکسز وصول کیے جانے کا اعتراف کر لیا اور صارفین سے 4 مختلف قسم کے جی ایس ٹی وصول کیے جانے کا انکشاف کیا۔

    دستاویز میں بتایا گیا کہ کے ای صارفین سے جی ایس ٹی، مزید جی ایس ٹی، اضافی جی ایس ٹی اور خوردہ فروش جی ایس ٹی کی مد میں وصولی کی جا رہی ہے، صارفین سے گزشتہ ایک سال کے دوران نارمل جی ایس ٹی کی مد میں 102 ارب 43 کروڑ روپے وصول کیے گئے۔

    دستاویز مین کہا گیا کہ صارفین نے مزید جی ایس ٹی کی مد میں 3 ارب 14 کروڑ، اضافی جی ایس ٹی کی مد میں 11 ارب 87 کروڑ روپے ادا کیے اور کے ای نے خوردہ فروش جی ایس ٹی کی مد میں 1 ارب 83 کروڑ روپے وصول کیے۔

    صارفین نے انکم ٹیکس کی مد میں 30 ارب 26 کروڑ روپے جبکہ ود ہولڈنگ نیٹ میٹررنگ کی مد میں 61 کروڑ اور ٹی وی لائیسنس فیس کی مد میں 1 ارب 15 کروڑ روپے وصول کیے گئے۔

  • بیرون ملک جانے والے خواہشمند  میڈیکل طلبا پر بڑی پابندی عائد

    بیرون ملک جانے والے خواہشمند میڈیکل طلبا پر بڑی پابندی عائد

    اسلام آباد : بیرون ملک جانے والے خواہشمند میڈیکل طلبا پر بڑی پابندی عائد کردی گئی اور روانگی رجسٹریشن سے مشروط کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت نے بیرون ملک جانے والے میڈیکل طلبا کی رجسٹریشن کا فیصلہ کرلیا، ذرائع نے بتایا کہ طلبا کی بیرون ملک روانگی رجسٹریشن سے مشروط کر دی گئی ہے، اب ایم بی بی ایس، بی ڈی ایس کیلئے باہر جانے والوں کی رجسٹریشن لازم ہوگی۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ پی ایم ڈی سی بیرون ملک جانے والے طلبا رجسٹرڈ کرے گی، طلبا پی ایم ڈی سی رجسٹریشن کے بغیر بیرون ملک نہیں جا سکیں گے۔

    ذرائع نے کہا کہ بیرون ملک جانے والے طلبا کی سہولت کیلئے رجسٹریشن کا فیصلہ ہوا ہے، طلبا پی ایم ڈی سی ایکٹ کے تحت رجسٹرڈ ہوں گے۔

    ذرائع کا مزید بتانا تھا کہ باہر جانے طلبا کی رجسٹریشن پی ایم ڈی سی ویب سائٹ پر ہو گی اور سال 2025 میں بیرون ملک جانے والے طلبا پر فیصلے کا اطلاق ہوگا۔

    ذرائع کے مطابق پی ایم ڈی سی باہر جانے کے خواہشمند میڈیکل طلبا کو گائیڈ کرے گی اور باہر جانے والے طلبا کو مصدقہ فارن میڈیکل کالج بارے رہنمائی دی جائے گی۔

    رجسٹریشن کا مقصد بیرون ملک جانے والے طلبا کی حفاظت یقینی بنانا ہے کیونکہ 2024 میں کرغزستان میں پاکستانی طلبا پر تشدد کے واقعات سامنے آئے تھے، رجسٹریشن کا مقصد پی ایم ڈی سی سے مصدقہ کالجز میں داخلے یقینی بنانا ہے۔

    ذرائع نے کہا کہ میڈیکل طلبا کی بیرون ملک معیاری تعلیم یقینی بنانے کیلئے فیصلہ ہوا ہے، فارن میڈیکل کالجز میں زیرتعلیم پاکستانی طلبا مشکلات کا سامنا کرتے ہیں اور غیر مصدقہ فارن میڈیکل کالجز کے طلبا کو وطن واپسی پر مشکلات ہوتی ہیں جبکہ غیر مصدقہ فارن میڈیکل کالجز کی ڈگریوں کی رجسٹریشن میں مسائل ہوتے ہیں۔

    ہزاروں پاکستانی طلبا فارن میڈیکل کالجز میں زیر تعلیم ہیں، پاکستانی میڈیکل طلبا چین، کیوبا، وسطی ایشیائی ممالک میں زیرتعلیم ہیں۔