Author: جہانگیر خان

  • وزیراعظم کا ڈاکٹر توقیر شاہ کو اہم حکومتی ذمہ داری دینے کا فیصلہ

    وزیراعظم کا ڈاکٹر توقیر شاہ کو اہم حکومتی ذمہ داری دینے کا فیصلہ

    وزیراعظم شہباز شریف نے ڈاکٹر توقیر شاہ کو اہم حکومتی ذمہ داری دینے کا فیصلہ کیا ہے اور وہ امور سنبھالنے کے لیے پاکستان پہنچ چکے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کو ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ڈاکٹر توقیر شاہ کو اہم حکومتی ذمہ داری دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہیں وزیر اعظم کا مشیر برائے کابینہ ڈویژن بنایا جا رہا ہے اور ان کا یہ عہدہ وفاقی وزیر کے مساوی ہوگا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر توقیر شاہ وزیراعظم آفس، کابینہ ڈویژن امور کے ذمہ دار ہونگے اور وہ شہباز شریف کی ہدایت پر ڈاکٹر توقیر شاہ پاکستان واپس پہنچ چکے ہیں۔

    ڈاکٹر توقیر شاہ جو ماضی میں موجودہ وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری بھی رہ چکے ہیں۔ وہ شہباز شریف کے قابل اعتماد ساتھیوں میں شمار ہوتے ہیں۔

    توقیر شاہ بیورو کریسی سے متعلقہ حکومتی امور پر نظر رکھیں گے اور اس کے علاوہ وزیر اعظم کے شروع کردہ منصوبوں کے نگران بھی ہوں گے۔

    واضح رہے کہ ڈاکٹر توقیر شاہ ورلڈ بینک میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر ہیں۔ وہ ورلڈ بینک سے پاکستان، افغانستان، الجیریا، ایران اور تنزانیہ کو لیڈ کر رہے ہیں، اور ان کی تعیناتی کی مدت 2027 تک ہے۔ تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ وزیراعظم کی ہدایت پر جلد ورلڈ سے مستعفی ہو کر پاکستان میں حکومتی ذمہ داری سنبھالیں گے۔

  • سفارش پر اہم ادارے کے سربراہ کے عہدے پر تعینات میل نرس کو عہدے سے ہٹا دیا گیا

    سفارش پر اہم ادارے کے سربراہ کے عہدے پر تعینات میل نرس کو عہدے سے ہٹا دیا گیا

    اسلام آباد: سیاسی شخصیت کی سفارش پر بھرتی ڈی جی ایف ڈی آئی ظفر اقبال چنا کو عہدے سے ہٹا دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے اے آر وائی نیوز کی خبر پر ایکشن لیتے ہوئے ڈی جی فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایمونائزیشن کو عہدے سے ہٹا دیا ہے۔

    ذرائع وزارت صحت کے مطابق ظفر اقبال چنا سے ڈی جی ایف ڈی آئی کا چارج واپس لے لیا گیا ہے، اور ڈی جی ہیلتھ کو سربراہ ایف ڈی آئی کا عارضی چارج دے دیا گیا، جب کہ وزارت صحت ایف ڈی آئی کا مستقل سربراہ جلد تعینات کرے گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ میل نرس ظفر اقبال کو گزشتہ ماہ عارضی طور پر سربراہ ایف ڈی آئی تعینات کیا گیا تھا، اور ان کی تعیناتی سیاسی شخصیت کی سفارش پر ہوئی تھی۔

    گریڈ 19 کے ظفر اقبال پمز اسپتال کے سینئر موسٹ نرس ہیں، اور ڈیپوٹیشن پر ایف ڈی آئی میں تعینات ہیں، جب کہ ڈی جی ایف ڈی آئی کے لیے اہلیت کا معیار ایم بی بی ایس، ایم پی ایچ تھی، جب کہ ظفر اقبال چنا شعبہ نرسنگ میں ماسٹر ڈگری ہولڈر ہیں۔

    ذرائع کے مطابق ظفر اقبال شارٹ لسٹ امیدواروں میں شامل نہیں تھے، شارٹ لسٹ امیدواروں میں ایم بی بی ایس، پی ایچ ڈی ڈاکٹرز تھے۔ یاد رہے کہ اے آر وائی نیوز نے گزشتہ روز ظفر اقبال چنا کی تعیناتی کی خبر نشر کی تھی۔

    فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایمونائزیشن کا شمار ملک میں پبلک ہیلتھ سیکٹر کے اہم ترین اداروں میں ہوتا ہے ۔ ماضی میں اس ادارے کا نام توسیع پروگرام برائے حفاظتی ٹیکہ جات( ای پی آئی )تھا جسے تحریک انصاف حکومت میں تبدیل کر کے ایف ڈی آئی کیا گیا تھا۔ ایف ڈی آئی کی ذمہ داری پاکستان کو دنیا بھر سے ملنے والی مختلف امراض کی ویکسینوں کی وصولی کے ساتھ وفاقی سطح پر زخیرہ اندوزی اور ملک گیر ترسیل یقینی بنانا ہے۔ فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایمونائزیشن کا مرکزی دفتر اور ویئرہاوس اسلام آباد کے علاقے چک شہزاد میں واقع نیشنل ہیلتھ کمپلیکس میں قائم ہے جہاں بیرون ملک سے آنے والی پولیو، خسرہ، خناق اور نمونیہ سمیت روٹین ایمونائزیشن کی ویکسین ذخیرہ کی جاتی ہیں۔

  • آئرن کی کمی دور کرنے والی یہ   ٹیبلٹ ہرگز نہ خریدیں!

    آئرن کی کمی دور کرنے والی یہ ٹیبلٹ ہرگز نہ خریدیں!

    اسلام آباد : آئرن کی کمی دور کرنے والی ٹیبلٹ کی فروخت اور استعمال ممنوعہ قرار دیتے ہوئے مارکیٹ سپلائی پر پابندی عائد کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان سے معروف برانڈ کی غیر معیاری فولک ایسڈ گولیاں پکڑی گئیں ، جس کے بعد ڈریپ نے آئرن کمی کے علاج کی دوا کے دو بیچ غیر معیاری قرار دے دیئے۔

    ڈریپ نے غیر معیاری فولک ایسڈ ٹیبلٹ کا پراڈکٹ ریکال الرٹ جاری کر دیا ، جس میں بتایا ہے کہ ڈرگ ٹیسٹنگ لیب کوئٹہ نے دوا کے بیچز کو غیر معیاری قرار دیا ہے اور فولک ایسڈ ٹیبلٹ کے متاثرہ بیچز کی مارکیٹ سپلائی پر پابندی عائد کردی ہے۔

    الرٹ میں کہا گیا ہے کہ فولک ایسڈ ٹیبلٹ بیچ 490، 612 کی فروخت،استعمال ممنوعہ قرار دیا گیا، متاثرہ فولک ایسڈ ٹیبلٹ ضافا فارما کراچی کی تیارکردہ ہے، ڈریپ الرٹ

    ڈریپ کا کہنا تھا کہ ٹیبلٹ کا سیمپل کوالٹی ٹیسٹ کے معیار پر پورا نہیں اترا، لیبارٹری ٹیسٹ میں ٹیبلٹ سیمپل مقررہ سے کم وزن نکلا۔

    الرٹ میں کہا ہے کہ مقررہ سے کم سالٹ سے تیارکردہ دوا غیر موثر ہو سکتی ہے اور غیر معیاری دوا کی سیفٹی غیر واضح ،استعمال مضر صحت ہو سکتا ہے۔

    ڈریپ نے ضافا فارما کو ٹیبلٹ کے متاثرہ بیچز کی سپلائی روکنے کی ہدایات کرتے ہوئے کہا کہ کمپنی ٹیبلٹ کے متاثرہ بیچ مارکیٹ سے واپس منگوائے اور فیلڈ فورس، صوبائی ڈرگ کنٹرول اتھارٹی مارکیٹ سرویلنس بڑھائیں۔

    الرٹ میں کہنا تھا کہ غیر معیاری ٹیبلٹ کے متاثرہ بیچز ضبط کئے جائیں اور ڈسٹری بیوٹرز سٹاک میں ٹیبلٹ کے متاثرہ بیچز کی جانچ کریں ساتھ ہی ٹیبلٹ کے متاثرہ بیچ کی تصدیق پر ڈریپ کو اطلاع دی جائے۔

    کیمسٹ متاثرہ ٹیبلٹ بیچ کی سیل ترک، سٹاک واپس کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ متاثرہ ٹیبلٹ کے مضر اثرات ڈریپ کو رپورٹ کئے جائیں اور ڈاکٹرز، مریض ٹیبلٹ کا متاثرہ بیچ استعمال نہ کریں۔

  • اب  13500 روپے ملا کریں گے! سال نو کے آغاز  پر خواتین کے لئے  بڑا اعلان

    اب 13500 روپے ملا کریں گے! سال نو کے آغاز پر خواتین کے لئے بڑا اعلان

    اسلام آباد : سال نو پر خواتین کے لئے بڑا اعلان کردیا گیا ، جنوری 2025 سے خواتین کو 10500 کے بجائے 13500 روپے ملیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے سال نو پر مستحق خواتین کیلئے بڑا اعلان کردیا۔

    سینیٹر روبینہ خالد نے کہا جنوری 2025 سے بینظیر کفالت سہہ ماہی قسط کی رقم کو 10500 سے بڑھا کر 13500 روپے کردی گئی۔

    ان کا کہنا تھا کہ یہ سال ہم بینظیر ہنر مند پروگرام کیلئے وقف کررہے ہیں، بینظیر ہنر مند پروگرام کے ذریعے مستحق افراد خود اپنا روزگار کما کر اپنے پاؤں پر کھڑے ہو سکیں گے۔

    انھوں نے بتایا کہ رواں سال بھی ایمانداری کیساتھ پسماندہ طبقات کی خدمت کا کام جاری رکھیں گے۔

    سینیٹر روبینہ نے بی آئی ایس پی کی جانب سے پاکستان کے تمام لوگوں کو سال نو 2025 کی مبارکباد دی اور سیکرٹری عامر علی احمد اور عملے کے ہمراہ نئے سال کا کیک کاٹا۔

  • وزارت صحت میں من پسند افسر کو نوازنے کیلئے میرٹ کی دھجیاں اڑا دی گئیں

    وزارت صحت میں من پسند افسر کو نوازنے کیلئے میرٹ کی دھجیاں اڑا دی گئیں

    اسلام آباد : وزارت صحت میں من پسند افسر کو نواز نے کیلئے میرٹ کی دھجیاں اڑا دی گئیں، ظفر اقبال چنا کو ڈائریکٹر جنرل فیڈرل ڈائریکٹوریٹ ایمونائزیشن مقرر کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر ڈاکٹر مختار وزارت صحت کنٹرول کرنے میں ناکام رہے اور وزارت صحت میں من پسند افسر کو نوازنے کیلئے میرٹ کی دھجیاں اڑا دی گئیں۔

    وزارت صحت کے ماتحت ادارے میں ڈاکٹر کی آسامی پر نرس تعینات کردیا، ظفر اقبال چنا کو ڈائریکٹر جنرل فیڈرل ڈائریکٹوریٹ ایمونائزیشن مقرر کیا گیا۔

    ذرائع نے بتایا کہ ظفر اقبال چنا کو ڈی جی ایف ڈی آئی کا عارضی چارج دیا گیا ہے، ان کی تعیناتی سندھ کی اعلی شخصیت کی سفارش پر ہوئی ہے۔

    گریڈ 19 کے ظفر اقبال چنا ڈیپوٹیشن پر ایف ڈی آئی میں تعینات ہیں، وہ ایک سال سے ڈیپوٹیشن پر ایف ڈی آئی میں تعینات ہیں اور پمز شعبہ نرسنگ کے گریڈ انیس کے سنیئر ترین ملازم ہیں۔

    ذرائع وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ظفر اقبال چنا نرسنگ سپرنٹنڈنٹ ، انسٹرکچر پمز تعینات رہ چکے ہیں، ڈی جی ایف ڈی آئی کیلئے اہلیت کا معیار ایم بی بی ایس، ایم پی ایچ تھی تاہم ظفر اقبال چنا شعبہ نرسنگ میں ماسٹر ڈگری ، ہاسپٹل ایڈمنسٹریشن ، ایچ آر ایم اور ایجوکیشن پلاننگ اینڈ مینجمنٹ میں ڈپلومہ ہولڈر ہیں۔

    ذرائع کے مطابق ظفر اقبال شارٹ لسٹ امیدواروں میں شامل نہیں تھے، شارٹ لسٹ امیدواروں میں ایم بی بی ایس، پی ایچ ڈی ڈاکٹرز تھے۔

    ڈی جی ایف ڈی آئی کا عہدہ ڈاکٹر احمد قاضی کی ریٹائرمنٹ پر خالی ہوا تھا، ڈاکٹر احمد قاضی گذشتہ ماہ مدت ملازمت مکمل کر کے ریٹائرڈ ہوئے ہیں۔

  • ملک کے تین صوبوں کی سیوریج لائنوں میں پولیو وائرس کی تصدیق

    ملک کے تین صوبوں کی سیوریج لائنوں میں پولیو وائرس کی تصدیق

    اسلام آباد: ملک کے تین صوبوں کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس ٹائپ ون (ڈبلیو پی وی ون) کی نشاندہی ہوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حکومتی نااہلی کے باعث پولیو وائرس نے ملک پر پھر سے پنجے گاڑھ دیے ہیں، پولیو پازیٹو سیوریج سیمپلز کی ٹیکنیکل رپورٹ وزارت صحت کو موصول ہو گئی جس میں ملک 3 صوبوں کے 26 اضلاع کی سیوریج میں پولیو وائرس کی تصدیق کی گئی ہے۔

    ذرائع کے مطابق حیدرآباد، جیکب آباد، جامشورو، قمبر، کراچی سینٹرل، کراچی ایسٹ، کراچی ساؤتھ، کیماڑی، کورنگی، ملیر، میرپور خاص، شہید بینظیر آباد، سجاول، سکھر، چمن، لورالائی، پشین، کوئٹہ، ژوب، اسلام آباد، باجوڑ، پشاور، ڈیرہ غازی خان، لاہور، ملتان اور راولپنڈی کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس پایا گیا۔

    واضح رہے کہ رواں سال 80 سے زائد اضلاع کے ماحولیاتی نمونوں میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جب کہ ملک بھر میں 67 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

    قومی ادارہ صحت کے مطابق رواں برس رپورٹ ہونے والے کیسز میں سب سے زیادہ 26 کا تعلق بلوچستان سے ہے جب کہ خیبرپختونخوا سے 18، سندھ سے 17 اور پنجاب، اسلام آباد سے ایک، ایک کیس رپورٹ ہوا۔

    وزارت صحت نے گزشتہ دنوں ایک بیان میں کہا تھا کہ رواں برس رپورٹ ہونے والے پولیو کیسز میں 60 فیصد بچوں کو روٹین امیونائزیشن کی کوئی ویکسین نہیں لگی، جس کی وجہ سے بچوں میں مرض کی شدت دیکھنے میں آئی۔

  • ’’پیپلز پارٹی مذاق کے موڈ میں بالکل نہیں‘‘ حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے ساتھ پی پی کا مکالمہ

    ’’پیپلز پارٹی مذاق کے موڈ میں بالکل نہیں‘‘ حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے ساتھ پی پی کا مکالمہ

    اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی اور حکومتی کمیٹی کے مذاکراتی اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی ہے، جس میں پی پی نے کہا ’’ہمارے ساتھ سنگین مذاق کیا جا رہا ہے۔‘‘

    ذرائع کے مطابق حکومت کے ساتھ مذاکراتی اجلاس میں پی پی رہنما نے حکومتی وفد سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا ’’ہمارے ساتھ کمیٹی کمیٹی کھیلا جا رہا ہے، حکومت واضح کرے کیا ثابت کرنا چاہتی ہے؟ ہمارے ساتھ سنگین مذاق کیا جا رہا ہے، لیکن پیپلز پارٹی مذاق کے موڈ میں بالکل نہیں ہے۔‘‘

    پی پی رہنما نے حکومتی وفد سے سوال کیا کہ کیا حکومت پیپلز پارٹی کے بغیر چل سکتی ہے، وفد نے جواب کہ وفاق پنجاب میں پی پی کے بغیر چلنا نا ممکن ہے، اس پر پی پی رہنما نے کہا ’’اگر حکومت چل نہیں سکتی تو پھر تنگ نہ کرے، پی پی کھیلنے لگی تو حکومت کے لیے بہت مشکل ہو جائے گی۔‘‘

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پی پی اور حکومت کی یہ پہلی مذاکراتی نشست گھنٹے سے زائد جاری رہی، پیپلز پارٹی اور حکومتی کمیٹی کی پہلی ملاقات شکوے شکایات پر مبنی تھی، پی پی نے مذاکراتی نشست کے دوران حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا، ملاقات کے دوران اسحاق ڈار اور راجہ پرویز اشرف نوٹس لیتے رہے، فریقین نے میٹنگ منٹس لینے پر اتفاق کیا تھا۔

    پی پی ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ اور بلوچستان نے ترقیاتی فنڈز اجرا میں تاخیر کا معاملہ اٹھایا، پی پی نے سندھ اور بلوچستان کے ترقیاتی فنڈز کی عدم ریلیز پر تحفظات کا اظہار کیا، وفد نے کہا وفاق سندھ اور بلوچستان کے طے شدہ ترقیاتی فنڈز ریلیز نہیں کر رہا۔

    پی پی وفد نے عالمی اداروں میں پوسٹنگ میں نظر انداز کرنے پر بھی تحفظات کا اظہار کیا، اور کہا وہ عالمی اداروں میں تعیناتیوں میں عدم مشاورت پر شدید نالاں ہیں، وفاقی حکومت عالمی پوسٹنگز پر اعتماد میں نہیں لے رہی، پیپلز پارٹی کو عالمی پوسٹنگ میں ایڈجسٹ نہیں کیا جا رہا۔

    وفد نے کہا پنجاب میں بھی پی پی کو نظر انداز کرنے پر شدید تحفظات برقرار ہیں، پیپلز پارٹی نے پنجاب کے پاور شیئرنگ فارمولے پر مکمل عمل درآمد کا مطالبہ کیا، اور کہا وفاقی حکومت تحریری معاہدے پر عمل درآمد نہیں کر رہی، مراد علی شاہ نے دریائے سندھ پر لنک کینال کی تعمیر پر بھی تحفظات رکھے، گورنر پنجاب نے صوبے میں درپیش انتظامی مسائل پر تحفظات کا اظہار کیا، اور کہا کہ پنجاب حکومت اور گورنر کے درمیان آئیڈیل ریلیشن شپ نہیں ہے۔

    اجلاس میں گورنر پنجاب نے صوبے میں تعیناتیوں پر اعتماد میں نہ لینے کا شکوہ بھی کیا، گورنر کے پی نے صوبے بارے طے شدہ نکات پر عدم پیش رفت پر بات کی، اور وزیر اعظم کے وعدے پورے نہ ہونے کا شکوہ کیا، اور کہا کہ وفاقی حکومت کے پی سے متعلق کئی وعدوں سے انحراف کر رہی ہے۔

    پی پی وفد کا کہنا تھا کہ جب معاہدہ ہو چکا ہے تو اب مذاکرات سمجھ سے بالاتر ہیں، حکومت اس پر متعدد بار یقین دہانی کرا چکی لیکن عمل درآمد نہیں ہوتا، حکومت یقین دہانیاں چھوڑ کر معاہدے پر فوری عمل درآمد کرے، اجلاس میں حکومتی وفد نے تحفظات دور کرنے کی ایک اور یقین دہانی کرائی۔

  • پاکستان میں منکی پاکس کا ایک اور کیس سامنے آ گیا

    پاکستان میں منکی پاکس کا ایک اور کیس سامنے آ گیا

    ملک میں منکی پاکس کا ایک اور کیس سامنے آ گیا۔

    ذرائع این آئی ایچ کے مطابق منکی پاکس کا 34 سالہ مریض اپر دیر کا رہائشی  ہے جو 18 دسمبر کو سعودیہ سے اسلام آباد پہنچا تھا۔

    منکی پاکس کا مریض سعودیہ سے اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچا تھا جہاں تشخیص ہونے پر اسے آئیسولیشن میں ڈال دیا گیا۔ مریض پمز اسپتال کے آئیسولیشن وارڈ میں زیر علاج ہے۔

    ایئرپورٹ پر دوران اسکریننگ مسافر میں منکی پاکس علامات پائی گئیں جس پر مریض کو ایئرپورٹ سے پمز منتقل کیا گیا۔

    منکی پاکس ٹیسٹ کیلئے مریض کا سیمپل این آئی ایچ بھجوایا گیا تھا قومی ادارہ صحت نے مریض میں منکی پاکس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ منکی پاکس کے شکار مریض کی حالت تسلی بخش ہے۔

    واضح رہے کہ رواں سال رپورٹ ہونے والے منکی پاکس کیسز کی تعداد 8 ہو گئی۔

  • پاکستان میں مقامی طور ایک اور وینٹی لیٹر کامیابی سے تیار، پروڈکشن کا لائسنس بھی جاری

    پاکستان میں مقامی طور ایک اور وینٹی لیٹر کامیابی سے تیار، پروڈکشن کا لائسنس بھی جاری

    اسلام آباد: پاکستان میں مقامی طور ایک اور وینٹی لیٹر کامیابی سے تیار کر لیا گیا ہے، جس کی پروڈکشن کا لائسنس بھی جاری ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ’میڈ اِن پاکستان‘ وینٹی لیٹر سے مریضوں کی بڑی پریشانی اب دور ہو جائے گی، ’اینووینٹ‘ نامی وینٹی لیٹر ایسنز انڈسٹریز کراچی کا تیار کردہ ہے، جس کے کلینیکل ٹرائلز کامیابی سے مکمل کیے گئے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی (ڈریپ) میڈیکل ڈیوائسز ڈویژن نے اینووینٹ وینٹی لیٹر رجسٹرڈ کر لیا ہے، اور ایسنز انڈسٹریز کو وینٹی لیٹر کی لوکل پروڈکشن کا لائسنس جاری کر دیا، یہ وینٹی لیٹر تکنیکی جانچ کے بعد رجسٹرڈ کیا گیا ہے۔

    ڈریپ ذرائع کے مطابق میڈیکل ڈیوائسز ڈویژن اینووینٹ وینٹی لیٹر کا معائنہ کر چکا ہے، سی ای او ڈریپ نے وینٹیلیٹر سازی کا ایک اور لائسنس جاری کرنے کی تصدیق کر دی ہے، ایسنز انڈسٹریز کو جاری پروڈکشن لائسنس کی مدت 5 سال ہے۔

    ایسنز نے وینٹی لیٹر کی پروڈکشن کا کامیابی سے آغاز کر دیا ہے، اور وہ اینووینٹ وینٹی لیٹر تیار اور فروخت کر سکے گی، یہ وینٹی لیٹر مقامی ضرورت کے علاوہ برآمد بھی کیا جا سکے گا، اور یہ مکمل طور پاکستانی ماہرین کا تیار کردہ ہے، اس کی شیلف لائف 5 سال ہے۔ ڈریپ ذرائع کےمطابق اینووینٹ وینٹی لیٹر انتہائی نگہداشت یونٹ میں استعمال ہوگا، یہ کمپریسڈ گیس سیلنڈر کے ساتھ دستیاب ہوگا، اسے بڑی عمر کے (30 تا 200 کلو وزن کے) مریض استعمال کر سکیں گے۔

    سربراہ ڈریپ ڈاکٹر عاصم رؤف نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وینٹی لیٹرز کی لوکل پروڈکشن خود انحصاری کی جانب بڑا قدم ہے، لوکل وینٹی لیٹر طبی آلات سازی کے نئے دور کا آغاز ہے،میڈ ان پاکستان ادویات و آلات کا فروغ اوّلین ترجیح ہے، اور پاکستانی فارما انڈسٹری اب نئے دور میں داخل ہو چکی ہے۔ سی ای او ڈریپ نے کہا کہ پاکستانی فارما انڈسٹری عالمی سطح پر تیزی سے ابھر رہی ہے، اینووینٹ وینٹی لیٹر ملکی برآمدات میں اضافے کا سبب بننے گا۔

    واضح رہے کہ ماضی میں 2 پاکستانی کمپنیاں کامیابی سے وینٹی لیٹرز تیار کر چکی ہیں، یہ وینٹی لیٹرز کرونا وبا کے دوران تیار کیے گئے تھے۔ ’پاک وینٹ ون‘ اور ’آئی لیو‘ جون 2021 میں تیار ہوئے تھے، یہ دونوں میڈ ان پاکستان وینٹی لیٹرز ہیں۔ آئی لیو وینٹی لیٹر پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کا تیار کردہ ہے، جب کہ پاک وینٹ وینٹی لیٹر نیشنل انجیئرنگ سائنٹیفک کمیشن پاکستان کا تیار کردہ ہے۔

  • ایم ڈی کیٹ کے از سر نو ٹیسٹ کی تاریخ کا تعین ہو گیا

    ایم ڈی کیٹ کے از سر نو ٹیسٹ کی تاریخ کا تعین ہو گیا

    اسلام آباد: ایم ڈی کیٹ کے از سر نو ٹیسٹ کی تاریخ کا تعین ہو گیا، ٹیسٹ رواں ماہ لیا جائے گا۔

    ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں میڈیکل کالجز کے داخلہ ٹیسٹ ایم ڈی کیٹ کا ازسرنو انعقاد 22 دسمبر کو ہوگا، جو ایس زیڈ بی ایم یو کے زیر انتظام ہوگا۔

    پی ایم ڈی سی کو ٹیسٹ کی ڈیٹ شیٹ سے آگاہ کر دیا گیا ہے، امیدواران کے رول نمبرز اور امتحانی مراکز کا فیصلہ آئندہ ہفتے ہوگا، ٹیسٹ کے لیے 30 سے زائد امتحانی مراکز کے قیام کا امکان ہے۔

    ذرائع کے مطابق ٹیسٹ کے لیے امیدواران کی دوبارہ رجسٹریشن کا عمل مکمل ہو گیا ہے، اسلام آباد میں ایم ڈی کیٹ کے لیے 17597 امیدوار رجسٹرڈ ہیں، رجسٹریشن میں امیدواران کی تعداد نمایاں طور پر کم ہوئی ہے، گزشتہ ٹیسٹ میں رجسٹرڈ 5310 طلبہ ٹیسٹ نہیں دے رہے۔

    گزشتہ ٹیسٹ میں کم اور زائد نمبرز والے طلبہ شریک نہیں ہو رہے ہیں، تاہم عدالت سے رجوع کرنے والے بیش تر طلبہ ٹیسٹ دے رہے ہیں۔

    یاد رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے 29 اکتوبر کو ایم ڈی کیٹ دوبارہ کرانے کا حکم دیا تھا، اسلام آباد میں گزشتہ ٹیسٹ امتحان 22 ستمبر کو منعقد ہوا تھا۔