Author: جہانگیر خان

  • پاکستان میں پولیو کا ایک اور کیس رپورٹ ، تعداد  13 ہوگئی

    پاکستان میں پولیو کا ایک اور کیس رپورٹ ، تعداد 13 ہوگئی

    اسلام آباد : بلوچستان میں پولیو کا ایک اور کیسز سامنے آنے کے بعد رواں سال کیسز کی تعداد 13 ہوگئی-

    تفصیلات کے مطابق قلعہ عبداللہ میں 11 ماہ کے بچے میں پولیو کا نیا کیس رپورٹ سامنے آیا ، جس کے بعد رواں سال تعداد 13 ہوگئی-

    انسداد پولیو لیبارٹری نے بتایا کہ بچے میں معذوری کی علامات 17 جولائی کو ظاہر ہوئیں-

    ڈاکٹر ملک مختار بھرتھ نے کہا ہےبچوں کو پولیو سے بچانا حکومت کی اولین ترجیح ہے، صوبہ بلوچستان میں ویکسینیشن کی شرح بڑھانے کے لئے حکومت نے اقدامات شروع کردیئے –

    عائشہ رضا فاروق کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے اضلاع کوئٹہ، چمن اور قلعہ عبداللہ میں پولیو کا پھیلاؤ زیادہ ہے، گذشتہ ہفتے بلوچستان کے دورے پر وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی سے ملاقات کی، صوبائی حکومت اقدامات پر کاربند ہے-

    ستمبر میں شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم کی تیاریوں کے لئے نیشنل پولیو مینیجمنٹ ٹیم کا اجلاس ہوا، تمام صوبوں کے ساتھ مشاورت سے وائرس کی منتقلی روکنے کے لئے جامع روڈ میپ نافذ کرنے کا عمل جاری ہے-

    ہر بچے کے لئے پولیو ویکسین کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے سال میں متعدد بار شہریوں کی دہلیز پر ویکسین پہنچائی جاتی ہے –

    نیشنل کوآرڈینیٹر انوار الحق کے مطابق ہر بچے کے لیے پولیو ویکسین کی اہمیت پر زوردیا ہے کہ ہر کمپین میں والدین کا تعاون اہم ہے، پولیو پروگرام کے لیے وفاقی ٹیموں کا مکمل تعاون حاصل ہے۔

    بلوچستان ایمرجنسی آپریشنز سینٹر اور صوبائی محکمہ صحت کو وفاقی ٹیموں کا مکمل تعاون حاصل ہے، پاکستان سے پولیو کے خاتمے کا عزم برقرار’ والدین پولیو ویکسین کی مہم میں بھرپور حصہ لیں۔

    بلوچستان سے 10واں اور قلعہ عبداللہ سے پانچواں کیس رپورٹ ہوا جبکہ رواں سال سندھ سے دو اور پنجاب سے ایک پولیو کیس رپورٹ ہوچکا ہے۔

  • اب اینٹی بائیوٹکس ڈاکٹر کے نسخے کے بغیر خریدی نہیں جا سکیں گی

    اب اینٹی بائیوٹکس ڈاکٹر کے نسخے کے بغیر خریدی نہیں جا سکیں گی

    اسلام آباد: حکومت نے اینٹی بائیوٹکس کے بے جا استعمال کی حوصلہ شکنی کے لیے اہم قدم اٹھاتے ہوئے اینٹی بائیوٹکس اور اینٹی بیکٹیرل ادویات کے استعمال کے قواعد میں تبدیلی کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    ڈریپ ذرائع کے مطابق ڈریپ نے صوبوں سے ڈرگ سیلز رولز پر نظر ثانی کی سفارش کر دی ہے، اس سلسلے میں صوبوں کو ایک خط لکھا گیا ہے، جس میں ڈریپ ایکٹ 2012 کے تحت ڈرگ رولز میں تبدیلی کی سفارش کی گئی ہے۔

    ڈریپ نے دوا کی فروخت کے قانون میں الفاظ ’انفرادی مالیکیولز‘ کو تبدیل کر کے الفاظ ’کلاسز آف اینٹی بیکٹیریل، اینٹی بائیوٹک‘ شامل کرنے کی سفارش کی ہے، جس کا مقصد شیڈولز لسٹ ڈرگز میں تمام اینٹی بائیوٹکس اور اینٹی بیکٹریل دواؤں کو شامل کرنا ہے، تاکہ ڈاکٹر کے نسخے کے بغیر اسے فروخت نہ کیا جا سکے۔

    واضح رہے کہ ڈرگ ایکٹ 1976 سیکشن 6 کے تحت ادویات کی فروخت کو ریگولیٹ کیا جاتا ہے، اور ملک میں ادویات کی فروخت ڈرگ سیلز رولز کے تحت کی جاتی ہے، جب کہ رولز کے تحت ڈاکٹر کے نسخے کے بغیر شیڈولز لسٹ ڈرگز کی سیل ممنوع ہے۔ دوسری طرف پاکستان میں 2017 میں نیشنل ایکشن پلان فار اے ایم آر تشکیل دیا گیا تھا جس کا مقصد اینٹی بائیوٹکس کا غیر ضروری استعمال روکنا تھا۔

    خیال رہے کہ ملک میں اینٹی مائیکروبیل ریزسٹنس کیسز تیزی سے بڑھ رہے ہیں، اے ایم آر کی وجہ اینٹی بائیوٹکس اور اینٹی بیکٹیرل کا بے جا استعمال ہے، عالمی سطح پر ماہرین کا کہنا ہے اینٹی بائیوٹکس کے بہت زیادہ استعمال سے جراثیم طاقت ور اور دوا کمزور پڑ رہی ہے۔

  • پمز اسپتال کے ڈاکٹرز نے قومی خزانے کو کروڑوں کا چونا لگا دیا

    پمز اسپتال کے ڈاکٹرز نے قومی خزانے کو کروڑوں کا چونا لگا دیا

    اسلام آباد کے پمز اسپتال کے عملے کی جعلسازی نے بقاب ہوگئی، ڈاکٹرز نے قومی خزانے کو کروڑوں کا چونا لگا دیا۔

    ذرائع کے مطابق پمز اسپتال کے ڈاکٹرز کی سرکاری رہائش گاہوں سے متعلق تحقیقات مکمل کرلی گئی ہے، انکوائری میں پمز کے 38 ڈاکٹرز، ایک چارج نرس کی جعلی سازی ثابت ہوئی ہے۔

    پمز کے ڈائریکٹر فنانس کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی نے تحقیقات کیں، رپورٹ میں پمز کے ڈاکٹرز کا ہاؤس رینٹ لینے کے باوجود سرکاری رہائش رکھنے کا انکشاف ہوا ہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ پمز اسپتال کی تحقیقاتی کمیٹی نے رپورٹ وزارت صحت کو جمع کرادی جس کے بعد وزارت صحت نے جعلساز عملے کے خلاف کارروائی کی منظوری دیدی۔

    تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق 38 میڈیکل آفیسرز، ایک چارج نرس مس کنڈکٹ کے مرتکب پائے گئے، کمیٹی نے عملہ اکاموڈیشن ایلوکیشن رولز 2022 کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیتے ہوئے ای اینڈ ڈی رولز 2020 کے تحت کارروائی کی سفارش کی گئی۔

    ذرائع نے بتایا کہ کمیٹی جعلساز ڈاکٹرز، چارج نرس کے خلاف محکمانہ کارروائی، ڈسپلنری ایکشن اور 38 ڈاکٹرز، نرس سے 3 کروڑ 29 لاکھ روپے کی ریکوری کی سفارش کی ہے ساتھ ہی جعلسازی میں ملوث ڈاکٹرز، نرس کیلئے 10 سال کی سرکاری رہائش کالعدم قرار دینے کی سفارش بھی کردی ہے۔

  • بلاول بھٹو کا اختلافات پر نوٹس، بلوچستان کی پارٹی قیادت کو شوکاز جاری ہو گئے

    بلاول بھٹو کا اختلافات پر نوٹس، بلوچستان کی پارٹی قیادت کو شوکاز جاری ہو گئے

    اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان میں اختلافات شدت اختیار کر گئے ہیں، بلاول بھٹو نے پارٹی کی خراب صورت حال پر نوٹس لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صدر چنگیز جمالی، نائب صدر عمر گورگیج، جنرل سیکریٹری اور سیکریٹری اطلاعات کو شوکاز نوٹسز جاری کر دیے گئے ہیں۔

    بلوچستان پارٹی کی قیادت کو شو کاز سیکریٹری جنرل پی پی کی ہدایت پر انچارج سنٹرل سیکرٹریٹ پی پی سبط الحیدر بخاری نے جاری کیے ہی، پیپلز پارٹی بلوچستان کی قیادت کو 10 روز میں شوکاز کا جواب دینے کی ہدایت کی گئی ہے، نوٹس کا جواب نہ دینے پر پارٹی قواعد کے تحت کارروائی کی جائے گی۔

    نوٹس میں کہا گیا ہے کہ پی پی بلوچستان کے رہنماؤں نے پارٹی قواعد کی خلاف ورزی کی ہے، قیادت نے گزشتہ روز کوئٹہ میں پریس کانفرنس کی، جس میں انھوں نے ڈویژنل، ضلعی عہدے داران کی معطلی کا اعلان کیا، یہ پریس کانفرنس پارٹی قواعد کی خلاف ورزی تھی، رہنماؤں کو پارٹی عہدے داران کی معطلی کا اختیار نہیں ہے۔

    شوکاز نوٹس میں کہا گیا ہے کہ کیوں نہ آپ کے خلاف پارٹی قواعد کی خلاف ورزی پر کارروائی کی جائے؟ اس لیے اس نوٹس کے دس دن کے اندر اندر جواب دیا جائے۔

  • پاکستان میں ایک ہفتے کے دوران کتے کے کاٹنے کے 7815 کیسز رپورٹ

    پاکستان میں ایک ہفتے کے دوران کتے کے کاٹنے کے 7815 کیسز رپورٹ

    اسلام آباد : پاکستان میں ایک ہفتے کے دوران کتے کے کاٹنے کے 7815 کیسز رپورٹ ہوئے ، صرف پنجاب میں 5158 کیسز سامنے آئے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں آوارہ کتوں کے کاٹنے کے کیسز میں ہوشربا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، زرائع این آئی ایچ نے کہا کہ گزشتہ ہفتے ملک میں کتے کاٹے کے 7815 کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب نے کتے کاٹے کے کیسز میں سندھ کو پیچھے چھوڑ دیا۔

    ملک میں کتے کاٹے کے سب سے زیادہ 5158 کیسز پنجاب سے رپورٹ ہوئے گزشتہ ہفتے سندھ میں 1975 شہری ، خیبرپختونخوا 475، بلوچستان میں 91 شہری آوارہ کتوں کا نشانہ بنے۔

    آزادکشمیر 112، گلگت بلتستان سگ گزیدگی کے 4 کیس ، سندھ میں کتے کاٹے کے سب سے زیادہ 192 کیس گھوٹکی سے رپورٹ ہوئے جبکہ قمبر میں 185، خیرپور 163، دادو 162 شہری آوارہ کتوں کا نشانہ بنے۔

    زرائع کا کہنا تھا کہ گزشتہ ہفتے کراچی ویسٹ 140، ملیر 38 ، کراچی ایسٹ 10، سنٹرل سے 9 سگ گزیدگی کیس رپورٹ ہوئے۔

    زرائع نے بتایا کہ گزشتہ ہفتے کورنگی، کیماڑی، ساوتھ سے سگ گزیدگی کیس رپورٹ نہیں ہوا،صوابی 116، سوات 60 شہری آوارہ کتوں کے کاٹنے سے زخمی ہوئے۔

    لکی مروت 46، پشاور 37،باجوڑ 30 شہری آوارہ کتوں کا نشانہ بنے، پنجاب حکومت نے سگ گزیدگی کیسز کا تفصیلی ڈیٹا فراہم نہیں کیا۔

  • بیوروکریسی رکاوٹ، وزارت صحت کی مبینہ ہٹ دھرمی سے 20 ملین ڈالر ایکسپورٹ تاخیر کا شکار

    بیوروکریسی رکاوٹ، وزارت صحت کی مبینہ ہٹ دھرمی سے 20 ملین ڈالر ایکسپورٹ تاخیر کا شکار

    اسلام آباد: پاکستان میں بیوروکریسی کی روایتی بے جا مداخلت برآمدات کی راہ میں رکاوٹ بننے لگی ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت صحت کی مبینہ ہٹ دھرمی کے سبب 20 ملین ڈالر ایکسپورٹ تاخیر کا شکار ہے۔

    وزارت صحت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کو سوڈان سے سگریٹ ایکسپورٹ کا بڑا کنٹریکٹ ملا ہے، تاہم بیوروکریسی کی مبینہ ہٹ دھرمی کے باعث ملٹی نیشنل سگریٹ ساز کمپنی پی ٹی سی کو ملنے والا 20 ملین ڈالر کا ایکسپورٹ کنٹریکٹ کینسل ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق پی ٹی سی سوڈان کو دس سگریٹ والی ڈبیہ کی کھیپ ایکسپورٹ کرے گی، سوڈان کے قانون میں دس سگریٹ پیکٹ کے فروخت کی اجازت ہے۔

    سوڈان کو سگریٹ ایکسپورٹ کرنے سے متعلق سفارشات بھی حکومت منظور کر چکی ہے، وزیر اعظم نے سگریٹ برآمد کنٹریکٹ پر بین الوزارتی کمیٹی تشکیل دی تھی، جس نے کنٹریکٹ کی منظوری کی سفارش کی، وزیر اعظم نے بھی 28 مئی کو سفارشات منظور کر لیں، تاہم وزیر اعظم کی منظوری کے باوجود سوڈان کو سگریٹ ایکسپورٹ شروع نہیں ہو سکی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت صحت وزیر اعظم کے احکامات پر عمل درآمد سے گریز کر رہی ہے، اور سگریٹ برآمد کی اجازت کا ایس آر او جاری نہیں کر رہی، جب کہ وزارت قانون پہلے ہی متعلقہ ایس آر او ترامیم کی منظوری دے چکی ہے۔

    سگریٹ ایکسپورٹ کے ایس آر او کی فائل ٹوبیکو کنٹرول سیل میں ہے، اور اس نے ترمیم شدہ ایس آر او ابھی تک جاری نہیں کیا۔

    ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ وزارت صحت کا ٹوبیکو کنٹرول سیل ایکسپورٹ کنٹریکٹ کا مخالف اور ایس آر او جاری کرنے کے خلاف ہے، اس لیے متعلقہ فورمز سے منظوری کے باوجود ٹی سی سی تاخیری حربوں میں مصروف ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سگریٹ ایکسپورٹ ایس آر او ترامیم کو جان بوجھ کر جاری نہیں کیا جا رہا، ٹوبیکو کنٹرول سیل ایس آر او رکوانے کے لیے سرگرم ہے۔

  • صحت کے شعبے میں وزرات صحت کا بڑا انقلابی اقدام

    صحت کے شعبے میں وزرات صحت کا بڑا انقلابی اقدام

    اسلام آباد : وزرات صحت نے پولی کلینک اسپتال کی اپ گریڈیشن کیلیے 4 ارب روپے کا پی سی ون منظور کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق صحت کے شعبے میں وزرات صحت کا بڑا انقلابی اقدام سامنے آیا ، ترجمان وزارت صحت نے بتایا کہ پولی کلینک اسپتال کی اپ گریڈیشن کیلیے چار ارب روپے کا پی سی ون منظور کرلیا ہے۔

    وزیر اعظم کوآرڈینیٹر برائے صحت ڈاکٹر مختار احمد نے کہا کہ پولی کلینک اسپتال میں کیتھ لیب انسٹال کی جائے گی، کیتھ لیب سے دل کے مریضوں کو معیاری طبی سہولیات فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔

    ڈاکٹر مختار احمد کا کہنا تھا کہ کیتھ لیب سے دل کے مریضوں کو سٹنٹگ کی سہولت بھی میسر ہوگی اور باییومیڈیکل کی پرانی مشینری تبدیل کرکے نئی مشینری خریدی جائے گی، جس سے مریض جدید طبی سہولیات سے مستفید ہوں گے۔

    انھوں نے کہا کہ اسپتال کی مین بلڈنگ ایم سی ایچ آبپارہ G73/74 ڈسپنسری اور ہاسٹل کو سولر پر شفٹ کیا جائے گا ، سولر پر شفٹ کرنے سے توانائی کی بچت ہو گی گورنمنٹ کے خزانے پر بوجھ بھی کم ہو گا۔

    ڈاکٹر مختار کا مزید کہنا تھا کہ حکومت عوام کو معیاری اور جدید سہولیات فراہم کرنے کیلیے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔

  • مون سون بیماریوں کی ادویات کی مارکیٹ میں دستیابی کے لیے اہم قدم

    مون سون بیماریوں کی ادویات کی مارکیٹ میں دستیابی کے لیے اہم قدم

    اسلام آباد: ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے مون سون اور ڈینگی سیزن کے آغاز سے قبل ادویہ ساز کمپنیوں کی تنظیموں سے رابطہ کر کے مون سون سیزن کے امراض کی ادویات کے اسٹاک سے متعلق تفصیلات طلب کی تھیں، جس پر تنظیموں کی جانب سے مثبت جواب دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈریپ نے پاکستان فارماسیوٹیکل مینو فیکچررز ایسوسی ایشن اور فارما بیورو سے رابطے کیے تھے اور ان سے سے مون سون کے سلسلے میں تیار ادویات اور خام مال کی تفصیلات مانگی گئی تھیں، پی پی ایم اے اور فارما بیورو نے خام مال اور ادویات کی تفصیلات ڈریپ کو بھجوا دیں۔

    ذرائع کے مطابق ملک میں مون سون سیزن امراض کی ادویات اور خام مال کا وافر ذخیرہ دستیاب ہے، فارما کمپنیوں کے پاس 24 اہم ادویات اور خام مال کا وافر اسٹاک موجود ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ کمپنیوں کے پاس ملیریا، ہیضہ، اسہال کی وافر ادویات اور خام مال دستیاب ہے، جن میں نمکول اور الیکٹرولائٹ ڈرپس سمیت اینٹی بائیوٹکس، اینٹی بیکٹیریل ادویات شامل ہیں۔

    کمپنیز کے پاس ٹائیفائیڈ اور سانپ کے کاٹے کی ویکسین کا بھی وافر ذخیرہ دستیاب ہے، اینٹی الرجک اور جلدی امراض کے لیے کورٹیکوسٹیرائیڈ ادویات بھی دستیاب ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ مون سون سیزن کے دوران ملک میں 24 ادویات کا استعمال بڑھ جاتا ہے۔

  • غزہ کے میڈیکل اور ڈینٹل طلبہ کی رکی ہوئی تعلیم کے سلسلے میں پاکستان کا بڑا فیصلہ

    غزہ کے میڈیکل اور ڈینٹل طلبہ کی رکی ہوئی تعلیم کے سلسلے میں پاکستان کا بڑا فیصلہ

    اسلام آباد: پاکستان نے اپنے فلسطینی بھائیوں سے ایثار کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے غزہ کے میڈیکل اور ڈینٹل طلبہ کو پاکستان میں تعلیم کی خصوصی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ترجمان پی ایم ڈی سی کے مطابق پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل نے اس فیصلے کی منظوری دے دی ہے کہ غزہ کے میڈیکل، ڈینٹل طلبہ بقیہ تعلیم پاکستان میں مکمل کریں گے، یہ فیصلہ لندن میں پاکستانی ہائی کمشنر کی درخواست پر ہوا ہے۔

    غزہ کے طلبہ پاکستانی میڈیکل، ڈینٹل کالجز میں ایڈجسٹ کیے جائیں گے، اس سلسلے میں ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس کے سربراہ صدر پی ایم اینڈ ڈی سی ہوں گے اور وزارت خارجہ و صحت کے نمائندے کمیٹی میں شامل ہوں گے۔

    ترجمان کے مطابق غیر ملکی طلبہ کی کلینیکل روٹیشن کا کوئی اسٹرکچر موجود نہیں تھا، ہائی کمیشن کی اپیل پر یہ معاملہ کونسل میں زیر بحث آیا، اس لیے غزہ کے میڈیکل طلبہ کو بطور اسپیشل کیس لیا جائے گا۔

    پی ڈی ایم ڈی سی کا کہنا ہے کہ غزہ کے 100 میڈیکل و ڈینٹل طلبہ کے آنے کا امکان ہے، جو 20 تا 30 میڈیکل طلبہ پر مشتمل گروپس کی صورت آئیں گے اور یہاں پاکستانی کالجز میں زیر تعلیم رہیں گے اور کلینیکل روٹیشن مکمل کریں گے۔

    صدر پی ایم ڈی سی ڈاکٹر رضوان تاج کا کہنا ہے کہ ان طلبہ کو ڈگری فلسطین کی میڈیکل یونیورسٹی سے جاری ہوگی، یہ طلبہ تعلیم مکمل کر کے غزہ میں خدمات انجام دے سکیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں میڈیکل اور ڈینٹل کی تعلیم بین الاقوامی معیار کی ہے، غزہ کے طلبہ کو پروفیشنل ماحول میں سیکھنے کا موقع ملے گا۔

    ڈاکٹر رضوان تاج کے مطابق غزہ کے میڈیکل طلبہ کو حصول تعلیم میں ہر ممکن سہولت دی جائے گی، فلسطینی تنازع کے باعث ان طلبہ کو تعلیم میں رکاوٹوں کا سامنا ہے، پی ایم ڈی سی مشکل گھڑی میں غزہ کے طلبہ کی مدد کر رہی ہے۔

    انھوں نے کہا غزہ کے میڈیکل طلبہ کی پاکستان میں تعلیم سے دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت سفارتی اور ثقافتی تعلقات مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔

  • ملک بھر کے سرکاری اسپتالوں میں 14 ہزار بیڈز کا اضافہ کیا جائے گا

    ملک بھر کے سرکاری اسپتالوں میں 14 ہزار بیڈز کا اضافہ کیا جائے گا

    اسلام آباد: ملک بھر کے سرکاری اسپتالوں میں 14 ہزار بیڈز کا اضافہ کیا جائے گا۔

    ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے سرکاری اسپتالوں کی استعداد کار بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت ملک بھر کے سرکاری اسپتالوں میں بیڈز کی تعداد بڑھائی جائے گی۔

    وفاقی حکومت نے ملک بھر کے سرکاری اسپتالوں کو ایک مراسلہ بھجوایا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ اس وقت ملک بھر کے سرکاری اسپتالوں میں بیڈز کی تعداد 2 لاکھ 16 ہزار ہے، اس تعداد کو بڑھا کر 2 لاکھ 30 ہزار کی جائے گی۔

    وفاقی حکومت نے سرکاری اسپتالوں سے بیڈز کی موجودہ تعداد کی تفصیلات اور بیڈز کی تعداد میں اضافے کا روڈ میپ طلب کیا ہے، سرکاری اسپتالوں سے بیڈز کی تعداد میں ممکنہ اضافے کی سفارشات بھی طلب کی گئی ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپتالوں میں بیڈز بڑھانے کا مقصد داخلوں کی شرح میں اضافہ کرنا ہے۔