Author: جہانگیر خان

  • ’آؤٹ بریک رسپانس‘ کے نام سے حکومت کا ایک اور خصوصی انسداد پولیو مہم چلانے کا فیصلہ

    ’آؤٹ بریک رسپانس‘ کے نام سے حکومت کا ایک اور خصوصی انسداد پولیو مہم چلانے کا فیصلہ

    اسلام آباد: حکومت نے ’آؤٹ بریک رسپانس‘ کے نام سے ایک اور خصوصی انسداد پولیو مہم چلانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک میں سیوریج لائنوں میں پولیو وائرس کے تیزی سے جاری پھیلاؤ کے پیش نظر حکومت نے خصوصی انسداد پولیو مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہے، جو ’آؤٹ بریک رسپانس‘ کے نام سے چلائی جائے گی، صوبوں کی مشاورت سے خصوصی انسداد پولیو مہم کا شیڈول بھی تیار کر لیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق خصوصی انسداد پولیو مہم یکم تا 7 جولائی چلائی جائے گی، جس میں 95 لاکھ سے زائد بچوں کی پولیو ویکسینیشن ہوگی۔

    اسلام آباد اور چار صوبوں کے 41 مخصوص اضلاع میں یہ پولیو مہم چلے گی، جس میں پولیو پازیٹو سیوریج والے 31 اضلاع شامل ہیں، جب کہ گزشتہ ذیلی پولیو مہم کے بقیہ دس اضلاع کو بھی اس میں شامل کیا گیا ہے۔ ان میں بلوچستان کے 16، کے پی کے 11، سندھ کے 8، پنجاب کے پانچ اضلاع شامل ہیں۔

    پولیو پازیٹوسیوریج والے اضلاع میں 89 لاکھ بچوں کی، گزشتہ ذیلی مہم کے بقیہ اضلاع میں ساڑھے 5 لاکھ بچوں کی، بلوچستان میں 9 لاکھ بچوں کی، کے پی میں 13 لاکھ بچوں کی، سندھ میں 27 لاکھ بچوں کی، پنجاب میں ساڑھے44 لاکھ بچوں کی، اسلام آباد میں 1 لاکھ 33020 بچوں کی پولیو ویکسینیشن کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

    بلوچستان میں ذیلی پولیو مہم میں رہ جانے والے ایک، اور پولیو پازیٹو سیوریج والے 15 اضلاع، کے پی کے پولیو پازیٹیو سیوریج والے 2 اور ذیلی پولیو مہم میں رہ جانے والے 9 اضلاع، سندھ کے پولیو پازیٹو سیوریج والے 8، پنجاب کے پولیو پازیٹو سیوریج والے 5 اضلاع میں مہم چلائی جائے گی۔

    بلوچستان میں قلعہ عبداللہ، لورالائی، قلعہ سیف اللہ، دکی، اوستہ محمد، مستونگ، سبی، نصیر آباد، لسبیلہ، بارکھان، قلات، موسیٰ خیل، زیارت، ژوب، چمن، شیرانی میں خصوصی پولیو مہم منعقد ہوگی۔ کے پی میں پشاور، سوات، صوابی، بنوں، کرم، جنوبی وزیرستان لوئر،اپر، شمالی وزیرستان، ڈی آئی خان، لکی مروت، ٹانک میں خصوصی پولیو مہم چلے گی۔ پنجاب میں لاہور، راولپنڈی، بہاولپور، لودھراں، مظفر گڑھ میں، سندھ میں سکھر، قمبر، شکارپور، میرپور خاص، بدین، حیدر آباد، جیکب آباد، جامشورو میں خصوصی انسداد پولیو مہم چلے گی۔

    رواں برس چاروں صوبوں سے 203 سیوریج سیمپلز پولیو پازیٹو نکلے ہیں، اور ملک بھر کے 47 اضلاع کی سیوریج پولیو زدہ نکلی، جب کہ رواں برس ملک میں پولیو وائرس کے 8 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

  • آصفہ بھٹو کا تنخواہ اور مراعات سے متعلق بڑا فیصلہ

    آصفہ بھٹو کا تنخواہ اور مراعات سے متعلق بڑا فیصلہ

    صدرِ مملکت آصف علی زرداری کی صاحبزادی آصفہ بھٹو زرداری نے بطور رکن قومی اسمبلی تنخواہ اور الاونسز نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

    اس حوالے سے آصفہ بھٹوزرداری نے سیکرٹری جنرل قومی اسمبلی کو باقاعدہ خط لکھ کر آگاہ کر دیا ہے۔

    خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ بطور رکن کوئی تنخواہ یا الاونسز نہیں لوں گی اگر کوئی تنخواہ یا الاونسز جاری کئے گئے تو منسوخ کر دیں۔

    قومی اسمبلی میں بجٹ اجلاس میں اظہارخیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ بجٹ کی ترجیحات میں کسان، عام آدمی کو ریلیف فراہم ہونا چاہیے تھا کیا پاکستان کے لوگ اس عوام دشمن بجٹ کے مستحق ہیں ہمیں عام آدمی کے ریلیف کے لیے آگے بڑھنا ہوگا۔

    آصفہ بھٹو نے کہا کہ اس وقت  ملک میں تاریخی مہنگائی  اور بے روزگاری ہے پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی چیلنجز کا سامنا ہے کبھی سیلاب  کاسامنا ہےاور کبھی طوفان  کاسامنا ہے ہمیں کسانوں کا سوچنا ہوگا، غریبوں کے لئے کچھ کرنا ہوگا، ہمیں کسانوں کو مضبوط اور سہارا دینا ہو گا ہمیں جلد سے جلد غریب عوام کو ریلیف دینا ہو گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ کیا اس عہدے سے انصاف کر رہے ہیں جس کیلئے ہمیں منتخب کیا گیا؟ ہمیں نئی سیاسی حکمت عملی کا آغاز کرنا ہو گا جب صدر پاکستان اتحاد کی بات کرتے ہیں وہ وقت کی ضرورت ہے کسی بھی مسئلے کا حل الزام تراشی  نہیں ہے۔

  • پیپلز پارٹی نے آپریشن عزم استحکام کی حمایت کر دی

    پیپلز پارٹی نے آپریشن عزم استحکام کی حمایت کر دی

    اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی نے انتہا پسندی اور دہشتگردی کے خلاف آپریشن ’عزم استحکام‘ کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاستی رٹ چیلنج کرنے والوں کو جواب دینا ضروری ہے۔

    پیپلز پارٹی کی سیکرٹری اطلاعات شازیہ مری نے پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خاتمے تک ملک ترقی نہیں کر سکتا۔

    شازیہ مری نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے عزم استحکام آپریشن کی حمایت کا فیصلہ کیا ہے، چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو کی زیرِ صدارت ہونے والے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں آپریشن کا معاملہ زیرِ غور آیا تھا، پارلیمانی پارٹی نے متفقہ طور اس کی حمایت کی۔

    سیکرٹری اطلاعات نے کہا کہ پیپلز پارٹی دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خلاف ہے، ہماری جماعت نے دہشتگردی کے خلاف بڑی قربانیاں دی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ان کی جماعت عزم استحکام آپریشن کو وقت کی ضرورت سمجھتی ہے، قوم امن کیلیے 80 ہزار سے زائد جانوں کا نذرانہ پیش کر چکی ہے، دہشتگردی کے خلاف کارروائی ضروری ہے جسے بلیک میلنگ کر کے روکا نہیں جا سکتا۔

    ان کا کہنا تھا کہ امن ملک کی ترقی کا ضامن ہے ہم سب نے مل کر ملک کو امن کا گہوارہ بنانا ہے، دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خاتمے تک ملک ترقی کر سکتا ہے اور نہ ہی شہری خود کو محفوظ تصور کر سکتے ہیں۔

    شازیہ مری نے کہا کہ عزم استحکام آپریشن پر سیاسی فریقین کو آن بورڈ نہیں لیا گیا، سیاسی فریقین کو عزم استحکام آپریشن پر اعتماد میں لیا جانا ضروری ہے، آن بورڈ لئے جانے پر سیاسی فریقین آپریشن کی ذمہ داری لیں گے۔

  • عائشہ رضا فاروق وزیر اعظم کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو مقرر

    عائشہ رضا فاروق وزیر اعظم کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو مقرر

    اسلام آباد: وفاقی حکومت نے وزیر اعظم شہباز شریف کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو کیلیے عائشہ رضا فاروق کو مقرر کر دیا۔

    ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ عائشہ رضا فاروق کی تقرری وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر کی گئی ہے اور ان کا فوکل پرسن کا عہدہ اعزازی ہوگا۔

    فوکل پرسن وزیر اعظم کو انسداد پولیو کے بارے میں حکومتی اقدامات سے آگاہ کریں گی جبکہ عائشہ رضا فاروق نیشنل پولیو اسٹیرنگ کمیٹی کے اجلاسوں کی صدارت بھی کریں گی۔

    عائشہ رضا فاروق وزیر اعظم کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو مقرر

    ذرائع نے بتایا کہ عائشہ رضا فاروق انسداد پولیو مہم کی نگرانی اور اس کیلیے بنائی گئی ٹاسک فورس کی سربراہی کریں گی۔ علاوہ ازیں، وہ پولیو ایکشن پلان پر عمل درآمد کیلیے سفارشات بھی دیں گی۔

    ذرائع کے مطابق عائشہ رضا فاروق انٹرنیشنل انسداد پولیو پارٹنرز سے کوآرڈینیشن اور انٹرنیشنل ڈونرز سے رابطے کریں گی جبکہ عالمی سطح پر پولیو سے متعلق پاکستان کی نمائندگی بھی کریں گی۔

    عائشہ رضا فاروق وزیر اعظم کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو مقرر

    یاد رہے کہ عائشہ رضا فاروق مسلم لیگ (ن) کی سابق حکومت میں وزیر اعظم کی فوکل پرسن رہ چکی ہیں اور وہ سابق سینیٹر اور سابق رکن قومی اسمبلی بھی ہیں۔

  • پی پی وفاقی بجٹ منظوری کیلیے ووٹ دے گی یا نہیں؟ اہم خبر سامنے آ گئی

    پی پی وفاقی بجٹ منظوری کیلیے ووٹ دے گی یا نہیں؟ اہم خبر سامنے آ گئی

    حکومت کی اتحادی جماعت پیپلز پارٹی وفاقی بجٹ کی منظوری کے لیے ووٹ دے گی یا نہیں اس حوالے سے اہم خبر آگئی ہے۔

    قومی اسمبلی کا بجٹ سیشن جاری ہے، جس میں آج پی پی چیئرمین بلاول بھٹو نے خطاب کرنا تھا اور ذرائع کے حوالے سے بجٹ میں موجود سقم اور عوام پر پڑنے والے بد اثرات کا احاطہ کرنا تھا تاہم یہ خطاب اچانک موخر کر دیا گیا اور اب یہ خطاب کل ہوگا۔

    بجٹ کے حوالے سے پیپلز پارٹی کو سخت تحفظات ہیں اور اس حوالے سے حکومت سے پی پی کی کئی میٹنگز بھی ہوچکی ہیں تاہم اب تک پی پی نے بجٹ منظوری کے لیے ووٹ دینے کا فیصلہ نہیں کیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کو ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق پیپلز پارٹی نے پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے جو کل چیئرمین بلاول بھٹو کی زیر صدارت منعقد ہوگا اور اس اجلاس میں بجٹ کی منظوری کے لیے ووٹ دینے یا نہ دینے سے متعلق حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

    پی پی کی پارلیمانی پارٹی کو حکومت سے مذاکرات پر بریفنگ دی جائے گی اور وفاقی بجٹ کی منظوری کے لیے ووٹ دینے کے معاملے پر رائے لی جائے گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی سخت تحفظات اور تنقید کا سلسلہ جاری رکھنے کے باوجود وفاقی بجٹ کی منظوری کے حق میں ووٹ دے گی۔

    ذرائع کے مطابق کل پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے بعد بلاول بھٹو قومی اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں شرکت کریں گے اور خطاب بھی کریں گے۔

     

    واضح رہے کہ گزشتہ روز پی پی کی رکن قومی اسمبلی آصفہ بھٹو زرداری نے ایوان میں تقریر کرتے ہوئے بجٹ کو غریب دشمن قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا تھا۔

    https://urdu.arynews.tv/budget-is-not-made-people-friendly-asifa-bhutto/

  • پیپلز پارٹی کے تمام مطالبات تسلیم نہیں کیے گئے، ذرائع کا دعویٰ

    پیپلز پارٹی کے تمام مطالبات تسلیم نہیں کیے گئے، ذرائع کا دعویٰ

    اسلام آباد: حکومت اور پیپلز پارٹی کے درمیان مذاکراتی ادوار کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی ہے، ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ پیپلز پارٹی کے تمام مطالبات تسلیم نہیں کیے گئے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق پی پی پنجاب کے بلدیاتی الیکشن کے مطالبے سے پیچھے ہٹ گئی ہے، پنجاب میں بلدیاتی الیکشن رواں سال کرانے کا مطالبہ پورا نہیں ہوا، پنجاب حکومت رواں سال بلدیاتی الیکشن سے متعلق قانون سازی کرے گی، اور پی پی کو اس سلسلے میں اعتماد میں لے گی۔

    ذرائع نے بتایا کہ مذاکرات کے دوران حکومت نے پنجاب میں پی پی مخالف انتقامی کارروائیوں سے اظہار لاعلمی کیا، ن لیگ کا کہنا تھا کہ حکومت اتحادی پارٹی سے سیاسی انتقام کیسے لے سکتی ہے۔

    پی پی ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے پنجاب میں میرٹ پر بھرتیوں کی یقین دہانی کرائی ہے، مخصوص اضلاع میں پی پی کی تجویز پر تقرریاں کی جائیں گی، اور ضلعی انتظامیہ پی پی کی تجویز کردہ ہوگی۔

    ’حکومت نے پی پی کے تمام مطالبات تسلیم کر لیے‘

    پنجاب میں پی پی کے مطالبات پر عمل درآمد کے لیے مانیٹرنگ کمیٹیاں بھی تشکیل دی گئیں، ن لیگ اور پی پی کی مانیٹرنگ کمیٹیوں کے اجلاس پندرہ روز بعد ہوں گے۔

  • ’حکومت نے پی پی کے تمام مطالبات تسلیم کر لیے‘

    ’حکومت نے پی پی کے تمام مطالبات تسلیم کر لیے‘

    حکومت اور پیپلز پارٹی کے درمیان مذاکرات کا دور ختم ہوگیا اور وفاق نے پنجاب کے امور پر پی پی کے تمام مطالبات تسلیم کر لیے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستا ن پیپلز پارٹی کے رہنما اور مذاکراتی کمیٹی کے رکن ندیم چن نے مذاکرات کے اختتام پر اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خوشخبری دی ہے کہ حکومت اور پی پی کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں اور شہباز حکومت نے ہمارے تمام مطالبات تسلیم کر لیے ہیں۔

    ندیم افضل چن نے کہا کہ ن لیگ کے ساتھ خوش اسلوبی سے بات چیت ہوئی۔ پنجاب کے معاملات میں اسپیس کا ایشو تھا۔ پی پی چاہتی ہے کہ کوئی انتقام کا نشانہ نہ بنے اور صوبے میں اچھی گورننس دی جائے۔

    انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے ساتھ کافی حد تک بات ہو چکی ہے اور حکومت نے پی پی کے تمام مطالبات تسلیم کر لیے ہیں۔ اب تحریری معاہدے پرعملدرآمد سے متعلق بات ہو رہی ہے۔

    پی پی رہنما نے کہا کہ معاہدے میں ایک سال کے اندر پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کرانے کی بات ہوئی اور بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے ہماری مشاورت شام کی جائے گی جب کہ معاہدے پر عملدرآمد سے متعلق کمیٹیوں  کی ہر 15 دن بعد میٹنگ ہوگی۔

  • نواز شریف کا بجٹ اجلاس سے متعلق اہم فیصلہ

    نواز شریف کا بجٹ اجلاس سے متعلق اہم فیصلہ

    وفاقی حکومت کو جہاں بجٹ منظوری کے حوالے سے پی پی اختلافات کے باعث مشکلات کا سامنا ہے وہیں قائد ن لیگ نے جاری بجٹ اجلاس سے متعلق اہم فیصلہ کیا ہے۔

    وفاقی حکومت نے رواں ماہ 12 جون کو آئندہ مالی سال کے لیے بجٹ پیش کیا تھا جس کی منظوری کے لیے قومی اسمبلی کا بجٹ سیشن جاری ہے اور شہباز حکومت کو پی پی اختلافات کے باعث بجٹ منظوری سے متعلق خدشات اور مشکلات کا سامنا ہے ایسے میں حکمران جماعت ن لیگ کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے بجٹ اجلاس سے متعلق اہم فیصلہ سامنے آیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف نے بجٹ اجلاس میں شریک نہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے بجٹ سیشن سے چھٹی کی درخواست اسمبلی سیکریٹریٹ کو بھیجی ہے۔

    نواز شریف کی رخصت کی درخواست اسمبلی سیکریٹریٹ کو موصول ہوگئی ہے اور مکمل بجٹ سیشن سے رخصت کی درخواست بھی منظور کر لی گئی ہے۔

    واضح رہے کہ نواز شریف بجٹ پیش کرنے کے دن بھی قومی اسمبلی سے غیر حاضر تھے۔

    دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف کے صاحبزادے اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز بھی بجٹ سیشن میں شرکت نہیں کریں گے۔

    قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے حمزہ شہباز کی مکمل بجٹ سیشن سے رخصت کی درخواست منظور کر لی ہے جس کے بعد وہ بجٹ بحث اور منظوری کے عمل میں شریک نہیں ہوں گے۔

    https://urdu.arynews.tv/important-to-pass-budget-otherwise-government-collapse-sharmila-farooqui/

    حمزہ شہباز بھی بجٹ پیش کرنے والے دن قومی اسمبلی سے غیر حاضر تھے۔

  • پیپلز پارٹی کی آج کے بجٹ اجلاس کے حوالے سے حکمت عملی تیار

    پیپلز پارٹی کی آج کے بجٹ اجلاس کے حوالے سے حکمت عملی تیار

    اسلام آباد : پیپلز پارٹی نے آج قومی اسمبلی بجٹ اجلاس میں علامتی شرکت کا فیصلہ کرتے ہوئے چار ایم این ایز نامزد کر دیئے۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی نے آج کے بجٹ اجلاس کے حوالے سے حکمت عملی تیار کرلی۔

    ذرائع نے بتایا کہ پی پی نے قومی اسمبلی بجٹ اجلاس میں علامتی شرکت کا فیصلہ کرلیا اور قومی اسمبلی اجلاس کیلئے چار ایم این ایز نامزد کر دیئے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پی پی کے چار اراکین آج اسمبلی اجلاس میں شرکت کریں گے، آغا رفیع اللہ، قادر پٹیل، شبیر بجارانی اور اسد نیازی شریک ہوں گے۔

    ذرائع نے کہا کہ پی پی کے ایم این ایز کو اسلام آباد میں موجود رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہے۔

    بجٹ اجلاس میں مکمل شرکت کا فیصلہ وزیراعظم سے ملاقات سے مشروط کردیا گیا ہے ، وزیراعظم سے نتیجہ خیز ملاقات پر پی پی بجٹ اجلاس میں مکمل شرکت کرے گی۔

    پیپلزپارٹی نے بجٹ تقریر کے روز قومی اسمبلی اجلاس میں علامتی شرکت کی تھی۔

  • شہری کھانسی کے یہ 2 سیرپ ہرگز استعمال نہ کریں !

    شہری کھانسی کے یہ 2 سیرپ ہرگز استعمال نہ کریں !

    لاہور: ڈریپ نے کھانسی کے دو سیرپ سمیت 4 ادویات  کو مضر صحت قرار دیتے ہوئے متاثرہ بیچز کی فروخت پر پابندی عائد کردی۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب میں غیر معیاری اور مضر صحت ادویات کی فروخت کا انکشاف سامنے آیا۔

    ڈرگ ٹیسٹنگ لیب نے 4 ادویات کے 4 بیچز اور 2 ادویات کے 8 بیچز مضر صحت قرار دیے، غیرمعیاری ادویات میں اینٹی بائیوٹک، اینٹی الرجک ڈرپ، انجکشن ، وائرل انفیکشن ،اینٹی بائیوٹک آئی ڈراپس شامل ہیں۔
    .

    الرٹ میں کہا گیا کہ کھانسی کے دو سیرپ کو مضر صحت قرار دیا گیا ہے، ٹوزن ڈی سسپنشن اور ارپس پاؤڈر کا ایک بیچ غیر معیاری ہے.

    میٹروان سیرپ اور این ول انجکشن کا ایک بیچ غیر معیاری قرار دیا گیا جبکہ ٹوراکس اور زونڈ سیرپ کے سات بیچز مضر صحت قراردیئے گئے۔

    ٹوراکس اور زونڈ سیرپ میں ایتھیلین گلائیکول کی مقدار مقررہ سے زائد ثابت ہوئی، غیر معیاری، مضر صحت ادویات کے متاثرہ بیچز کی فروخت پر پابندی عائد کردی ہے۔

    ڈریپ سے غیر معیاری، مضر صحت ادویات کا پراڈکٹ ریکال الرٹ جاری کردیا ہے، پنجاب ڈرگ کنٹرول ڈائریکٹوریٹ نے سیمپلز ٹیسٹنگ لیب بھجوائے تھے۔