Author: جہانگیر خان

  • کراچی اور پشاور کے سیوریج کے نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق

    کراچی اور پشاور کے سیوریج کے نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق

    اسلام آباد : کراچی اور پشاورکے سیوریج کے نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوگئی، متاثرہ اضلاع سے  ٹیسٹ سیمپلنگ 3 اور 4 جون کو ہوئی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق ملک کے 2 شہروں کے 3 سیوریج سیمپلز میں پولیو کی تصدیق ہوئی ، ذرائع نے بتایا کہ کراچی کیماڑی، پشاورکی سیوریج میں وائرس پایا گیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی، پشاور کی سیوریج وائلڈ پولیو وائرس ون سے آلودہ ہے، رواں سال چاروں صوبوں سے 185 سیمپلز پولیو پازیٹو ہوئے ہیں۔

    رواں سال 45 اضلاع کی سیوریج وائرس سے آلودہ ہو چکی ہے، متاثرہ اضلاع سے پولیو ٹیسٹ سیمپلنگ 3 اور 4 جون کو ہوئی تھی۔

    پشاور کے علاقے نرے خوڑپلوسی کی سیوریج پولیو پازیٹو نکلی ہے،رواں سال پشاور کے تیرہ سیوریج سیمپلز پولیو پازیٹو نکلے ہیں اور وائرس کا جینیاتی طور پر لوکل ہے۔

    کیماڑی کے اورنگی نالہ، محمد خان کالونی کی سیوریج پولیو پازیٹو ہے، رواں سال کراچی کیماڑی کے گیارہ سیمپلز میں وائرس پایا گیاہے، جہاں وائرس کا جینیاتی تعلق حیدرآباد، ضلع وسطی سے ہے۔

    رواں برس ملک میں پانچ پولیو کے کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں، رواں برس پولیو سے متاثرہ ایک بچہ انتقال کر چکا ہے۔

  • وزیراعظم شہباز شریف سے چیئرمین پی پی بلاول بھٹو کی ملاقات طے پاگئی

    وزیراعظم شہباز شریف سے چیئرمین پی پی بلاول بھٹو کی ملاقات طے پاگئی

    اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی کے ذرائع نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف سے بلاول بھٹو زردار کی ملاقات کل سہ پہر4 بجے ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ شہبازشریف سے بلاول بھٹو زرداری کی ملاقات وزیراعظم ہاؤس میں ہوگی، حکومت بیک ڈور چینل کے ذریعے پیپلزپارٹی کے ساتھ رابطے میں ہے، بلاول نے بیک ڈور رابطوں پرپارٹی سے مشاورت کی ہے۔

    چیئرمین پی پی نے پارٹی مشاورت کے بعد وزیراعظم سے ملاقات کا فیصلہ کیا، بلاول بھٹو کی وفد کیساتھ وزیراعظم سے ملاقات کا امکان ہے۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہبازشریف نےعید کی مبارکباد کیلئے بلاول کو فون کیا تھا، شہباز شریف نے چیئرمین پی پی کو فون پر وزیراعظم ہاؤس مدعو کیا، بلاول بھٹو وزیراعظم کو حکومت سے متعلق پارٹی تحفظات سے آگاہ کرینگے۔

    بلاول زرداری وزیراعظم کو وفاق اور پنجاب سے متعلق تحفظات کے بارے میں بھی بتائیں گے، وہپ وفاقی بجٹ پر پارٹی تحفظات وزیراعظم کے سامنے رکھیں گے۔

  • حکومت اور پیپلزپارٹی کے درمیان برف جلد پگھلنے کا امکان

    حکومت اور پیپلزپارٹی کے درمیان برف جلد پگھلنے کا امکان

    وفاقی حکومت اور پاکستان پیپلزپارٹی کے درمیان برف جلد پگھلنے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پی پی ذرائع کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو نے بیک ڈور رابطوں پر سینئر پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کی ہے۔

    ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے عید کی مبارکباد کیلئے بلاول بھٹو کو فون کیا تھا، وزیراعظم نے بلاول بھٹو کو وزیراعظم ہاؤس مدعو کیا تھا، بلاول بھٹو وزیراعظم کی دعوت پر ملاقات ان سے ملاقات کریں گے۔

    بلاول بھٹو وزیراعظم کو وفاق، پنجاب سے متعلق تحفظات سے آگاہ کریں گے، وفاقی بجٹ پر پارٹی کے تحفظات وزیراعظم کے سامنے رکھیں گے۔

    پی پی ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی بلاول بھٹو کو ملاقات کی دعوت خوش آئند ہے، امید ہے وزیراعظم سے بلاول بھٹو کی ملاقات نتیجہ خیز ہو گی۔

    کالعدم ٹی ٹی پی کا اہم سرغنہ افغانستان میں مارا گیا

    ذرائع کا کہنا ہے کہ امید ہے وزیراعظم پیپلزپارٹی کے تحفظات کا فوری حل نکالیں گے، پیپلزپارٹی چاہتی ہے حکومت مقررہ مدت پوری کرے۔

  • بلاول بھٹو نے وزیراعظم کی ملاقات کی دعوت قبول کرلی

    بلاول بھٹو نے وزیراعظم کی ملاقات کی دعوت قبول کرلی

    چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم شہباز شریف کی ملاقات کی دعوت قبول کرلی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے بلاول بھٹو کو فون کیا اور عید کی مبارکباد پیش کی، انہوں نے بلاول کو عید کے بعد وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی دعوت دی۔

    ذرائع کا بتانا ہے کہ بلاول بھٹو نے وزیراعظم کی ملاقات کی دعوت قبول کرلی۔

    وزیراعطم اور بلاول بھٹو کے درمیان ملاقات میں زیر التوا معاملات کے حل پر بات ہوگی۔

    علاوہ ازیں شہباز شریف نے ایم کیو ایم رہنما خالد مقبول صدیقی سے رابطہ کیا اور عید کی مبارک باد دی۔

    شہباز شریف نے ایم کیو ایم کارکنان کو بھی عید کی مبارک باد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا، دونوں رہنماؤں میں عید کے بعد اہم حکومتی معاملات پر مشاورت کے لیے ملاقات پر اتفاق کیا۔

  • اونٹ کو مصنوعی ٹانگ لگانے کے لیے مختلف کمپنیوں سے رابطے

    اونٹ کو مصنوعی ٹانگ لگانے کے لیے مختلف کمپنیوں سے رابطے

    سانگھڑ میں متاثرہ اونٹ کو کراچی منتقل کر دیا گیا ہے جہاں متاثرہ اونٹ کی اینیمل سینچری میں علاج کی سہولت اور اس کی بحالی کا عمل جاری ہے، کوشش کی جا رہی ہے کہ اونٹ کو مصنوعی ٹانگ لگے۔

    پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی ترجمان اور سانگھڑ سے رکن قومی اسمبلی شازیہ مری نے اپنے بیان میں بتایا کہ اونٹ کو مصنوعی ٹانگ لگانے کے لیے ہم مختلف کمپنیوں سے رابطے میں ہیں، اور انھیں متاثرہ اونٹ کی مصنوعی ٹانگ بنانے کا ٹارگٹ دیا گیا ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ اونٹ اب محفوظ ہاتھوں میں ہے، اس کی زندگی بچانا ایک مشترکہ کوشش تھی، اس افسوس ناک واقعے کی خبر سنی تو بے انتہا دکھ ہوا اور انتظامیہ کو فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کی، اونٹ کی دیکھ بھال کی گئی اور اس کو حفاظت میں لایا گیا۔

    اونٹ کے بعد گدھے کی ٹانگ بھی کاٹ دی گئی، ملزم گرفتار

    انھوں نے کہا کسی بے زبان کے ساتھ اس قسم کا وحشیانہ سلوک قابلِ مذمت ہے، اس وحشیانہ واقعے میں ملوث عناصر کو سخت سے سخت سزا ملنی چاہیے تاکہ دوبارہ کوئی ایسی جرم کا مرتکب نہ ہو۔

    سینیٹر قرۃ العین مری نے سوشل میڈیا ایکس پر لکھا کہ ہم نے ڈاکٹروں کی ٹیم کو بلوایا اور سی ڈی آر ایس سے فوری رجوع کیا، جنھوں نے اونٹ کو حفاظت میں لیا اور دیکھ بھال شروع کی، اگر وہ اس کی دیکھ بھال نہ کرتے تو شاید اونٹ ہمارے ساتھ نہ ہوتا۔

    سینیٹر قرۃ العین مری کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں بے زبان جانوروں کے ساتھ ہونے والے ہر ظلم پر آواز اٹھانی ہوگی، سانگھڑ میں تو اس زبان کو مدد مل گئی مگر افسوس کہ اور کئی جگہوں پہ یہ ظلم جاری ہے، ان کا کہنا تھا کہ کھیتوں میں سے لے کے جانے سے لے کر ٹارچ کی روشنی میں اس کے زخم کا علاج کرنے تک ہر وہ شخص جس نے اونٹ کی مدد کی وہ ہیرو ہے۔

  • حکومتی بیک ڈور رابطے، پیپلز پارٹی نے لچک دکھانے سے صاف انکار کر دیا

    حکومتی بیک ڈور رابطے، پیپلز پارٹی نے لچک دکھانے سے صاف انکار کر دیا

    اسلام آباد: لیگی حکومت کی جانب سے بیک ڈور چینل رابطوں کے جواب میں پاکستان پیپلز پارٹی نے مطالبات پر لچک دکھانے سے صاف انکار کر دیا ہے۔

    پی پی ذرائع کے مطابق حکومت اور پیپلز پارٹی کے درمیان بیک ڈور چینل رابطے جاری ہیں، حکومت باہمی دوستوں کے ذریعے کئی بیک ڈور رابطے کر چکی ہے، تاہم پیپلز پارٹی نے مطالبات پر لچک دکھانے سے صاف انکار کر دیا ہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ باہمی دوستوں نے مطالبات پورے کرانے کی یقین دہانی کرائی ہے، جب کہ پی پی نے پیغام رساں کو جواب میں کہا ہے کہ وہ مطالبات سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹے گی، کیوں کہ پی پی قیادت حکومتی وعدوں پر مزید اعتماد کرنے کو تیار نہیں ہے۔

    دوسری طرف دوستوں نے مطالبات پورے کرانے میں ضامن بننے کی آفر کی ہے، جب کہ پی پی نے بھی مشترکہ دوستوں کو بات آگے بڑھانے کے لیے گرین سگنل دے دیا ہے، اور کہا ہے کہ پیپلز پارٹی بامقصد مذاکرات کے لیے ہر وقت تیار ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ بیک ڈور چینل رابطوں سے حکومت اور پی پی میں برف پگھلنے کا امکان ہے، اگر یہ رابطے کامیاب ہوئے تو عید کے بعد مذاکرات کا دوبارہ آغاز ہوگا۔ خیال رہے کہ حکومت اور پیپلز پارٹی میں مذاکرات کے دو بے نتیجہ دور ہو چکے ہیں۔

  • ڈریپ نے کراچی میں مویشیوں کی ممنوعہ دوا تیار کرنے والی فیکٹری پکڑ لی

    ڈریپ نے کراچی میں مویشیوں کی ممنوعہ دوا تیار کرنے والی فیکٹری پکڑ لی

    اسلام آباد: ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی اور ایف آئی اے نے کراچی میں ایک کارروائی میں مویشیوں کی ممنوعہ دوا تیار کرنے والی فیکٹری پکڑ لی۔

    تفصیلات کے مطابق ڈریپ اور ایف آئی اے نے چانڈیو ولیج دہلی کالونی میں قائم ایک فیکٹری پر چھاپا مارا، جس میں ممنوعہ دوا تیار کی جا رہی تھی، فیکٹری سے تیار شدہ بوسٹن پلس (boostin) انجکشن، اور خام مال کی بھاری مقدار برآمد کی گئی۔

    ڈریپ الرٹ کے مطابق فیکٹری سے برآمدہ اشیا میں بوسٹن پلس انجکشن کے کنٹینرز، بوتلیں، سرنجز، اور پیکنگ میٹریل شامل ہیں، بوسٹن سینتھیٹک سوماٹوٹروفن ہارمون سے تیار کردہ ایک انجکشن ہے، جو مویشی کو دودھ کی پیداوار بڑھانے کے لیے لگایا جاتا ہے۔

    ڈریپ کے مطابق پاکستان میں بوسٹن انجکشن کی فروخت اور استعمال پر پابندی عائد ہے، اسے مویشیوں کے لیے انتہائی مضر قرار دیا گیا ہے، ڈریپ کا کہنا ہے کہ بوسٹن انجکشن لگوانے والے جانور کے دودھ کا استعمال مضر صحت ہے، یورپ، آسٹریلیا، کینیڈا میں بھی بوسٹن انجکشن کی فروخت پر پابندی عائد ہے۔

    ڈریپ کا کہنا ہے کہ بوسٹن انجکشن کی تیاری، سپلائی، ڈسٹری بیوشن، اور سیل قانوناً جرم ہے، اس لیے ڈسٹری بیوٹرز، فارمیسیاں، کیمسٹ بوسٹن انجکشن کی سیل فوری ترک کریں، ڈریپ نے بوسٹن انجکشن کے سپلائر، اسٹاکسٹ، اور سیلرز کے خلاف ایکشن لینے کی بھی ہدایت جاری کی ہے۔

    فیلڈ فورس کو ہدایت کی گئی ہے کہ مارکیٹ سے بوسٹن انجکشن کا دستیاب اسٹاک قبضے میں لیا جائے، جب کہ مویشی پالنے والوں اور صارفین کو بھی بوسٹن انجکشن استعمال نہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

  • عید مبارک ویکسینیشن، شاپنگ سینٹرز اور تفریحی مقامات پر پولیو ویکسین کا اہتمام

    عید مبارک ویکسینیشن، شاپنگ سینٹرز اور تفریحی مقامات پر پولیو ویکسین کا اہتمام

    اسلام آباد: ملک بھر میں عیدالاضحیٰ کی رونقیں شروع ہوتے ہی پاکستان پولیو پروگرام نے بچوں کو پولیو سے محفوظ رکھنے اور پولیو وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ایک خصوصی مہم شروع کر دی ہے۔

    ترجمان پولیو پروگرام کے مطابق ’عید مبارک ویکسینیشن انیشی ایٹیو‘کے تحت ملک کے 20 سے زائد اضلاع میں شاپنگ سینٹرز اور چڑیا گھر جیسے تفریحی مقامات پر 187 خصوصی پولیو ویکسینیشن اسٹالز لگائے گئے ہیں، جہاں والدین پولیو کے خاتمے میں پولیو پروگرام کا ساتھ دے سکتے ہیں۔

    اس اقدام کا مقصد پولیو ویکسین کی اہمیت کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا، والدین کو اس موذی مرض کے خلاف جنگ میں براہ راست شامل کرنا اور عوام میں ویکسینیشن کو فروغ دینا ہے۔

    ترجمان نے کہا کہ والدین ان اسٹالز پر تربیت یافتہ پولیو ورکرز کی مدد سے اپنے بچوں کو خود ویکسین پلانا سیکھ سکتے ہیں اور پولیو کے خلاف جنگ میں ہمارا ساتھ دے سکتے ہیں۔

    انسداد پولیو کے لیے قائم نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر کے کوآرڈینیٹر، کیپٹن (ر) محمد انور الحق نے کہا ’’عید مبارک ویکسینیشن انیشی ایٹیو لوگوں سے جڑنے اور انھیں پولیو کے خاتمے کی کوششوں کا فعال حصہ بنانے کا ایک بہترین موقع ہے۔‘‘

    انھوں نے کہا ’’والدین پولیو کے خلاف جنگ میں ہمارے اہم اتحادی ہیں اور انھیں ویکسینیشن کے عمل میں شامل کر کے ہم نہ صرف پولیو ویکسین کی اہمیت کے بارے میں آگاہی پیدا کر رہے ہیں بلکہ ویکسینز کے حامی بھی بنا رہے ہیں۔‘‘

  • حکومت کا پیپلزپارٹی سے ایک بار پھر رابطہ، ملاقات کیلئے وقت مانگ لیا

    حکومت کا پیپلزپارٹی سے ایک بار پھر رابطہ، ملاقات کیلئے وقت مانگ لیا

    اسلام آباد : حکومت نے ایک بار پھر پیپلزپارٹی سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کردیا، پیپلزپارٹی وفد نے ملاقات کیلئے مشروط آمادگی ظاہر کی۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت نے پیپلزپارٹی سے ایک بار پھر رابطہ کرلیا، ذرائع نے بتایا کہ حکومتی وفد کا خورشید شاہ، نوید قمر سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں پیپلزپارٹی سے آج ملاقات کیلئے وقت مانگ لیا ہے۔

    پی پی ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومتی وفد نے آج تین بجے ملاقات کی خواہش ظاہر کی ، جس پر پی پی وفد نے ملاقات کیلئے مشروط آمادگی ظاہر کی۔

    ذرائع نے کہا کہ پی پی وفد بلاول بھٹو سے مشاورت کے بعد حکومت کو ملاقات بارے آگاہ کرے گا۔

    یاد رہے پی پی اور حکومت کے درمیان مذاکرات میں ڈیڈ لاک برقرار ہے، پی پی نے ملاقات میں مطالبات سے پیچھے ہٹنے سے صاف انکار کردیا تھا ، جس پر حکومتی وفد نے پیپلزپارٹی کو مطالبات پورے ہونے کی یقین دہانی کروائی ہے۔

    پی پی ذرائع کا کہنا تھا کہ بظاہر حکومتی مذاکراتی وفد کے پاس مکمل مینڈیٹ نہیں تھا، پی پی رکن نے استفسار کیا تھا کہ کیا وزیراعظم پی پی مطالبات سے آگاہ نہیں، پی پی رکن کا کہنا تھا کہ حکومت نے ہر مشکل کی اتحادی پی پی کا اعتماد توڑا ہے، حکومت کے ساتھ اعتماد سازی کی فضا برقرار نہیں رہی۔

    پی پی کا کہنا تھا کہ حکومت سے مذاکرات سے قبل اعتماد سازی کی فضا بحال کرنے کا مطالبہ کیا، حکومتی باتوں، وعدوں پر یقین کرنا مشکل ہوگیا ہے، حکومت مذاکرات کے نام پر مزید وقت ضائع نہ کرے، عملی اقدامات کا آغاز کیا جائے۔

    پارٹی ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی وفد کی ملاقات کے بعد بلاول بھٹو کو مذاکرات پر بریفنگ دی گئی، بلاول نے مذاکراتی وفد کو مطالبات سے ایک انچ بھی پیچھے نہ ہٹنے کی ہدایت کی تھی۔

  • بلاول بھٹو کی محسن نقوی سے اہم ملاقات

    بلاول بھٹو کی محسن نقوی سے اہم ملاقات

    اسلام آباد: سابق وزیر خارجہ و چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کی آج اہم شخصیات سے ملاقاتیں ہوئی ہیں۔

    ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ بلاول بھٹو نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات کی جو ڈیڑھ گھنٹے سے زائد جاری رہی، یہ ملاقات دوپہر زرداری ہاؤس میں ہوئی تھی۔

    ذرائع نے مزید بتایا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی سے عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے رہنما ثمر ہارون بلور نے بھی ملاقات کی۔

    ذرائع کے مطابق ثمر ہارون بلور کے پیپلز پارٹی سے معاملات طے پائے جانے کا امکان ہے اور وہ پارٹی میں شمولیت بھی اختیار کر سکتے ہیں۔

    گزشتہ روز پاکستان پیپلز پارٹی نے بجٹ سیشن میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔

    سینئر پارٹی رہنما خورشید شاہ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ پیپلز پارٹی بجٹ سیشن میں شرکت نہیں کرے گی، پی ایس ڈی پی کے حوالے سے ہمیں اعتماد میں نہیں لیا۔

    انہوں نے کہا تھا کہ اگر پیپلز پارٹی نے شرکت بھی کی تو صرف دو ارکان ہی جائیں گے، کہا گیا تھا پی ایس ڈی پی بیٹھ کر تیار کریں گے لیکن ایسا نہیں ہوا، تنخواہوں اور کسانوں سے متعلق وعدے پورے نہیں کیے گئے۔

    خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ حکومت اور ہم ایک کشتی کے سوار ہیں دونوں کو نقصان برابر ہوگا، اس نقصان سے بچنے کیلیے ہماری بات مانی جائے۔

    بعدازاں، وزیر خارجہ اسحاق ڈار پیپلز پارٹی کی قیادت کو اجلاس میں شرکت کیلیے منانے میں کامیاب ہوئے تھے۔ خورشید شاہ اور نوید قمر اسحاق ڈار کے ہمراہ ایوان میں چلے گئے تھے۔

    (ن) لیگی وفد کے ساتھ ملاقات ختم ہونے کے بعد جب صحافی نے بلاول بھٹو سے پوچھا کہ کیا وہ قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت کریں گے تو انہوں نے جواب میں کہا کہ میں تو گھر جا رہا ہوں۔