اسلام آباد: خیبرپختونخوا سے سینیٹ کے ضمنی الیکشن میں پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے درمیان سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر اتفاق ہو گیا، پی پی ن لیگی امیدوار کے حق میں دست بردار ہو گئی۔
ذرائع کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے مابین سینیٹ کے ضمنی الیکشن پر معاملات طے پا گئے ہیں، دونوں جماعتوں نے الیکشن مل کر لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پیپلز پارٹی نے ن لیگی امیدوار کے مقابلے میں اپنی امیدوار راحیلہ بی بی کے کاغذات نامزدگی واپس لینے کے لیے ریٹرننگ آفیسر کے پی کو درخواست دے دی، پیپلز پارٹی نے کاغذات نامزدگی واپس لینے کی درخواست پی پی خیبرپختونخوا کے جنرل سیکریٹری شجاع شازی خان کے ذریعے جمع کرائی ہے۔
الیکشن کمیشن کا تین حلقوں میں ضمنی الیکشن کروانے کا اعلان
ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی نے جنرل الیکشن میں تعاون پر ن لیگ کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا فیصلہ کیا ہے، حالیہ سینیٹ الیکشن میں ن لیگ نے پی پی کی امیدوار سینیٹر روبینہ خالد کو ووٹ دیا تھا۔
خیبر پختونخوا سے سینیٹ کی خواتین کی نشست پر ضمنی الیکشن کل ہوگا، پاکستان تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر ثانیہ نشتر اکتوبر 2024 میں سینیٹ کی اس نشست سے مستعفی ہو گئی تھیں اور ان کا استعفیٰ چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے مارچ 2025 میں منظور کیا تھا۔