Author: جہانگیر خان

  • وفاقی وزارت صحت کا غیر قانونی انٹرنیشنل این جی اوز سے معاونت لینے کا انکشاف

    وفاقی وزارت صحت کا غیر قانونی انٹرنیشنل این جی اوز سے معاونت لینے کا انکشاف

    اسلام آباد: وفاقی وزارت صحت کی جانب سے غیر قانونی انٹرنیشنل این جی اوز سے معاونت لینے کا انکشاف ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق منسٹری آف نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشن اینڈ کوآرڈینشن کا پروجیکٹ ٹوبیکو کنٹرول سیل مختلف سرگرمیوں کے حوالے سے امریکی این جی اوز ’کمپین فار ٹوبیکو فری کڈز‘ اور ’وائٹل اسٹریٹیجی‘ کے ساتھ کام کر رہا ہے۔

    ذرائع کے مطابق یہ دونوں امریکی این جی اوز پاکستان میں بغیر کسی رجسٹریشن کے کام کر رہی ہیں، پاکستان کے قانون کے تحت کسی بھی بین الاقوامی این جی او کو پاکستان میں کام کرنے کے لیے لازم ہے کہ وہ وزارت داخلہ میں رجسٹرڈ ہوں، جب کہ وزرات داخلہ میں رجسٹریشن حساس اداروں کی سیکیورٹی کلیئرنس کے بعد ہی کی جاتی ہے۔

    ذرائع کے مطابق ٹوبیکو کنٹرول سیل مختلف پروجیکٹس بشمول سگریٹ انڈسٹری کے حوالے سے ٹیکس نظام اور ٹوبیکو کنٹرول پالیسی گائیڈ لائن کے حوالے سے وائٹل سٹریٹیجی اورکمپین فار ٹوبیکو فری کڈز کی معاونت سے کام کر رہا ہے، جب کہ قانون کے تحت حکومت پاکستان کا کوئی بھی ادارہ یا وزارت کسی ایسی بین الاقوامی این جی او کے ساتھ کام نہیں کر سکتی جو وزارت داخلہ میں رجسٹرڈ نہ ہو۔

    وزارت صحت کی جانب سے غیر قانونی طور پر پاکستان میں کام کرنے والے بین الاقوامی این جی اوز سے سرکاری روابط پر ایک سوالیہ نشان ہے، ان غیر قانونی این جی اوز کی جانب سے وزارت صحت کے علاوہ مختلف سرکاری اور نجی اداروں کو تکنیکی اور مالی معاونت کے انکشاف پر وزارت صحت کے اعلیٰ افسران میں کھلبلی مچ گئی ہے۔

    سیکیورٹی حکام کے مطابق اس سے پہلے سیو دی چلڈرن نامی بین الاقوامی این جی او کی جانب سے صحت کے حوالے سے کمپین کی آڑ میں جاسوسی کا انکشاف ہونے کے بعد پاکستان نے تمام بین الاقوامی این جی اوز پر لازم قرار دیا تھا کہ وہ سیکیورٹی کلیئرنس کے بعد وزارت داخلہ میں اپنی رجسٹریشن کروائیں۔

  • پرویز الہٰی کے ایکوکارڈیوگرام ٹیسٹ کی رپورٹ موصول

    پرویز الہٰی کے ایکوکارڈیوگرام ٹیسٹ کی رپورٹ موصول

    اسلام آباد: پرویز الہٰی کے ایکوکارڈیوگرام ٹیسٹ کی رپورٹ موصول نارمل آئی ہے۔

    پمز اسپتال ذرائع کے مطابق میڈیکل بورڈ کی تجویز پر سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی کا ایکوکارڈیوگرام ٹیسٹ ہوا، جس کی رپورٹ نارمل آئی ہے۔

    بورڈ کو پرویز الہٰی کے دل کی ٹیسٹ رپورٹس تاحال موصول نہیں ہوئی ہیں، پمز اسپتال کے خصوصی میڈیکل بورڈ نے چوہدری پرویز الہٰی کا معائنہ کیا ہے، انھیں پسلیوں اور کمر میں درد، اور سانس کی شکایت ہے تاہم مجموعی حالت تسلی بخش ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پرویز الہٰی کو دو روز میں اسپتال سے ڈسچارج کیے جانے کا امکان ہے۔

  • چوہدری پرویز الہی کے طبی معائنہ کیلئے میڈیکل بورڈ تشکیل

    چوہدری پرویز الہی کے طبی معائنہ کیلئے میڈیکل بورڈ تشکیل

    اسلام آباد : سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہی کے طبی معائنہ کیلئے میڈیکل بورڈ تشکیل دے دیا گیا، امراض قلب، میڈیسن، معدہ، سینہ، جنرل سرجری کے ڈاکٹرز بورڈ میں شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پمز اسپتال میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہی کے طبی معائنہ کیلئے میڈیکل بورڈ تشکیل دے دیا گیا۔

    اسپتال زرائع نے بتایا ہے کہ پرویز الہی کیلئے پانچ رکنی میڈیکل بورڈ تشکیل دیا گیا ہے، امراض قلب، میڈیسن، معدہ، سینہ، جنرل سرجری کے ڈاکٹرز بورڈ میں شامل ہیں۔

    ڈاکٹر ممتاز نیازی، ڈاکٹر تاشفین، ڈاکٹر اسرار ، ڈاکٹر اختر بندیشہ، ڈاکٹر علی عارف میڈیکل بورڈ میں شامل ہیں۔

    میڈیکل بورڈ نے پرویز الہی کے کارڈیک ٹیسٹ کرانے کی تجویز دی ہے ، پرویز الہی کا ایکو کارڈیوگرام، دل کے بلڈ ٹیسٹ کئے جائیں گے۔

    میڈیکل بورڈ ٹیسٹ رپورٹس کی بنیاد پر پرویز الہی کا علاج کرے گا، پرویز الہی کا دو ماہ قبل آر آئی سی میں تھیلم سکین ہو چکا ہے، ان کی تھیلیم سکین رپورٹ نارمل تھی۔

    پمز منتقلی پر پرویز الہی کی ای سی جی،شوگر، بلڈ ٹیسٹ ہوئے تھے، رپورٹس کی بنیاد پر پرویز الہی کے اسپتال داخلے کا فیصلہ ہوا تھا،چوہدری پرویز الہی کو سینے میں درد کی شکایت ہے۔

    پرویز الہی طویل عرصہ سے شوگر، عارضہ قلب میں مبتلا ہیں جبکہ اڈیالہ جیل میں گرنے سے چوہدری پرویز الہی کی تین پسلیاں فریکچر ہیں، ان کو پہلے سے جاری ادویات دی جا رہی ہیں، وہ پمز کارڈیک سنٹر کے پرائیویٹ روم میں زیرعلاج ہیں۔

  • ملک بھر میں  آوارہ کتوں کے کاٹنے کے واقعات میں اضافہ

    ملک بھر میں آوارہ کتوں کے کاٹنے کے واقعات میں اضافہ

    ملک بھر میں آوارہ کتوں کے کاٹنے کے واقعات میں اضافہ ہوگیا، گزشتہ ایک ہفتے میں کتوں کے کاٹنے کے 2562 کیسز رپورٹ ہوئے۔

    ذرائع قومی اداری صحت (این آئی ایچ ) کے مطابق گزشتہ ہفتے کتے کے کاٹنے کے 2562 کیسز رپورٹ اور سب سے زیادہ 2186 کیسز سندھ سے رپورٹ ہوئے ہیں۔

    ذرائع کا بتانا ہے کہ پنجاب حکومت نے کیسز کا ڈیٹا فراہم نہیں کیا اس کے علاوہ گزشتہ ہفتے خیبر پختونخوا میں 244 افراد، بلوچستان میں 95 شہری، آزادکشمیر میں 36، گلگت بلتستان میں ایک شہری کو کتے نے کاٹا ہے جبکہ اسلام آباد میں گزشتہ ہفتے سگ گزیدگی کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔

    این آئی ایچ کی رپورٹ کے مطابق سندھ میں کتے کاٹے کے سب سے زیادہ 289 کیسز دادو سے رپورٹ ہوئی جبکہ کشمور میں 275، گھوٹکی 226 افراد، جیکب آباد میں 146، حیدر آباد 40، قمبر میں 126، خیرپور 154 افراد سگ گزیدگی کا شکار ہوئے۔

    زرائع این آئی ایچ نے بتایا کہ گزشتہ ہفتے کراچی ویسٹ میں 174 شہری آوارہ کتوں کا نشانہ بنے، جبکہ کراچی ملیر 23، کراچی ایسٹ 13 اور کراچی سنٹرل میں ایک شہری آوارہ کتوں کا نشانہ بنا۔

  • ملک کے 5 شہروں کے  9 سیوریج سیمپلز میں پولیو وائرس کی تصدیق

    ملک کے 5 شہروں کے 9 سیوریج سیمپلز میں پولیو وائرس کی تصدیق

    اسلام آباد : ملک کے پانچ شہروں کے نو سیوریج سیمپلز میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوگئی، سیوریج میں وائلڈ پولیو وائرس ون، وائے بی اے تھری کلسٹر پایا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چاروں صوبوں کی سیوریج میں پولیو وائرس کا پھیلاو تیزی سے جاری ہے ، ملک کے پانچ شہروں کے نو سیوریج سیمپلز میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوگئی۔

    ذرائع نے بتایا کہ سیوریج میں وائلڈ پولیو وائرس ون، وائے بی اے تھری کلسٹر پایا گیا ہے، کراچی، لاہور، بدین، پشاور، چمن کی سیوریج پولیو پازیٹو نکلی ہے۔

    رواں برس 30 اضلاع کے 83 سیمپلز پولیو پازیٹو ہو چکے ہیں، پولیو پازیٹو 80 سیوریج سیمپلز جینیاتی طور لوکل ہیں جبکہ 3 سیوریج سیمپلز کا جینیاتی تعلق افغانستان سے نکلا ہے۔

    پانچ شہروں سے پولیو ٹیسٹ کیلئے سیمپلنگ 6 تا 13 مارچ ہوئی تھی، کراچی ایسٹ راشد منہاس روڈ ، ایسٹ مچھر کالونی، چکورا نالہ کی سیوریج پولیو پازیٹو ہے۔

    رواں برس کراچی ایسٹ کے 12 سیوریج سیمپلز پولیو پازیٹو نکلے ہیں، کراچی ایسٹ کی سیوریج کا پولیو وائرس جینیاتی طور لوکل ہے جبکہ کراچی ساوتھ کی ہجرت کالونی کی سیوریج میں پولیو پایا گیا ہے، جہاں پولیو وائرس کا جینیاتی تعلق کراچی ایسٹ سے ہے۔

    کراچی ملیر لانڈھی بختاور کی سیوریج میں پولیو پایا گیا ہے، ملیر لانڈھی بختاور کی سیوریج کا پولیو وائرس جینیاتی طور پر لوکل ہے۔

    اس کے علاوہ پشاور کے علاقہ نرے خوڑ کی سیوریج پولیو پازیٹو ہے، پشاور کے پولیو وائرس کا جینیاتی تعلق جلال آباد افغانستان سے ہے جبکہ چمن کے علاقہ ہادی پاکٹ کی سیوریج میں پولیو پایا گیا ہے، جہاں پولیو وائرس جینیاتی طور پر لوکل ہے۔

    لاہور کی آوٹ فال سٹیشن انوائرمنٹل سائٹ میں پولیو کی تصدیق ہوگئی، لاہور کی سیوریج کے پولیو وائرس کا جینیاتی تعلق کراچی ایسٹ سے ہے جبکہ بدین کے علاقہ ماہوالی درگاہ نالہ کی سیوریج میں پولیو پایا گیا ہے، جہاں پولیو وائرس کا جینیاتی تعلق کراچی سنٹرل سے ہے، رواں برس ملک میں پولیو وائرس کے دو کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

  • بدہضمی، تیزابیت کی یہ دوا استعمال کرنے والے ہوجائیں ہوشیار

    بدہضمی، تیزابیت کی یہ دوا استعمال کرنے والے ہوجائیں ہوشیار

    کراچی میں امراض معدہ (بدہضمی، تیزابیت ) کی معروف جعلی دواکی فروخت کا انکشاف ہوا ہے جس کے بعد ڈریپ نے پراڈکٹ ریکال الرٹ جاری کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق فیڈرل ڈرگ انسپکٹر کراچی نے رائزک 40 ایم جی کے 2 سیمپلز سینٹرل ٹیسٹنگ لیب بھجوائے تھے، سینٹرل ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری نے دوا کے سیمپلز جعلی قرار دے دیئے۔

    ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے جعلی دوا کا پراڈکٹ ریکال الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ السر، تیزابیت، بدہضمی کی دوا کا ایک بیج 059 پی اے 5 جعلی ہے۔

    ڈریپ نے جاری کردہ الرٹ میں کہا کہ رائزک 40 ایم جی انجکشن جعلی سالٹ سے تیار کیا گیا ہے، اس جعلی دوا کے پیکٹ پر معروف فارما کمپنی کی تفصیلات درج ہیں جبکہ ملٹی نیشنل گیٹس فارما اس انجکشن کے بیج کی تیاری اور سپلائی سے انکاری ہے۔

    ڈریپ الرٹ میں کہا گیا کہ جعلی ادویات میں نقصان دہ مضر زرات شامل ہوسکتے ہیں، اس لیے فیلڈ فورس میڈیسن مارکیٹ میں سرویلنس میں اضافہ کریں اور مارکیٹ میں دستیاب جعلی دوائیں ضبط کریں۔

    ڈریپ کی جانب سے جاری الرٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کیمسٹ، فارمیسیز جعلی رائزک انجکشن کی فروخت روکیں، فارمیسیز جعلی رائزک انجکشن کے اسٹاک پر ڈرگ ڈیپارٹمنٹ کو آگاہ کریں۔

  • واقعہ ’پاک چین دوستی‘ کے دشمنوں کی طرف سے ترتیب دیا گیا تھا: صدر آصف زرداری

    واقعہ ’پاک چین دوستی‘ کے دشمنوں کی طرف سے ترتیب دیا گیا تھا: صدر آصف زرداری

    اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے شانگلا واقعے پر کہا ہے کہ یہ ’پاک چین دوستی‘ کے دشمنوں کی طرف سے ترتیب دیا گیا واقعہ تھا، انھوں نے کہا دکھ کی اس گھڑی میں پاکستانی عوام چینی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔

    صدر آصف زرداری نے آج بدھ کو چین کے سفارت خانے کا دورہ کیا، جہاں چینی سفیر چیانگ زئے دونگ نے ان کا استقبال کیا، صدر مملکت نے چینی شہریوں کی ہلاکت پر پاکستانی حکومت اور عوام کی جانب سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا پاکستانی قوم چینی عوام کے غم میں برابر کی شریک ہے۔

    صدر آصف زرداری نے کہا پاکستان دہشت گردوں کو خطے میں امن، خوش حالی اور سلامتی کے لہے ہمارے مشترکہ اہداف کو کمزور کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دے گا، غیر انسانی حملہ دونوں ممالک کے درمیان پائیدار دوستی اور مشترکہ اقدار پر حملہ ہے، یہ واقعہ پاک چین دوستی کے دشمنوں کی طرف سے ترتیب دیا گیا تھا۔

    ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق انھوں نے کہا کہ دشمن یہ قبول نہیں کر سکتے کہ پاک چین دو طرفہ تعلقات مزید مضبوط ہو رہے ہیں، بہیمانہ فعل میں ملوث مجرموں کو پکڑ کر انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، اور پاکستان میں مختلف منصوبوں پر کام کرنے والے چینی شہریوں کی سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

    شانگلہ دھماکے کی فوٹیج سامنے آ گئی

    چینی سفیر نے تعزیت کے لیے ذاتی طور پر سفارت خانے کا دورہ کرنے پر صدر مملکت کا شکریہ ادا کیا، چینی سفیر نے انسداد دہشت گردی میں تعاون بڑھانے، پاکستان میں چینی کارکنوں کو تحفظ فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انھوں نے کہا کہ دہشت گرد انسانیت کے دشمن ہیں، بے گناہ لوگوں کو نشانہ بنانے پر انھیں پکڑنے کی ضرورت ہے۔

    چینی سفیر نے پاکستان کے ساتھ تعاون مزید مضبوط بنانے، سی پیک سمیت دیگر منصوبوں کے لیے حمایت جاری رکھنے کے چینی عزم کا اعادہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے پاکستانیوں نے دہشت گرد حملے کی مذمت کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ چینی کارکنوں نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا۔

  • چوہدری پرویز الہٰی کی سی ٹی اسکین رپورٹ ڈاکٹرز کو موصول

    چوہدری پرویز الہٰی کی سی ٹی اسکین رپورٹ ڈاکٹرز کو موصول

    اسلام آباد: چوہدری پرویز الہٰی کی سی ٹی اسکین رپورٹ ڈاکٹرز کو موصول ہو گئی ہے، ان کی کئی پسلیوں میں فریکچر ہے۔

    اسپتال ذرائع کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کا پمز اسپتال میں علاج جاری ہے، ڈاکٹروں نے ان کو دو تین روز زیرعلاج رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، تاہم ان کے لیے خصوصی میڈیکل بورڈ تشکیل نہیں دیا گیا، کارڈیک، جنرل سرجری اور پلمونولوجی کے ڈاکٹروں نے پرویز الہٰی کا معائنہ کیا۔

    ذرائع نے کہا چوہدری پرویز الہٰی کی مجموعی صحت تسلی بخش قرار دی گئی ہے، سی ٹی اسکین رپورٹ ڈاکٹرز کو موصول ہو گئی، جس میں پسلیوں کے فریکچر کی تصدیق ہوئی ہے، چوہدری پرویز الہٰی کی دو تین پسلیوں میں فریکچر ہے۔

    چوہدری پرویز الہٰی واش روم میں گر کر زخمی ہو گئے

    پرویز الہٰی کو پسلیوں اور کمر میں درد کی شکایت ہے، ڈاکٹروں نے جاری ادویات میں معمولی رد و بدل کر دی ہے، اور بعض نئی دافع درد ادویات تجویز کی ہیں، ان کا کہنا ہے کہ پسلیوں کے فریکچر کے لیے سرجری کی ضرورت نہیں ہے، فریکچر از خود ٹھیک ہو جائے گا۔

    اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ چوہدری پرویز الہٰی کو شدید نقاہت ہو رہی ہے، اس لیے ڈاکٹروں نے ان کو مکمل بیڈ ریسٹ کی ہدایت کی ہے۔

  • طلحہ محمود جے یو آئی چھوڑ کر پیپلز پارٹی میں کیوں شامل ہوئے؟ اندرونی کہانی

    طلحہ محمود جے یو آئی چھوڑ کر پیپلز پارٹی میں کیوں شامل ہوئے؟ اندرونی کہانی

    مولانا فضل الرحمان کے قریبی ساتھی سابق سینیٹر طلحہ محمود جے یو آئی چھوڑ کر پیپلز پارٹی میں کیوں شامل ہوئے اس کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی۔

    جے یو آئی کے سابق سینیٹر اور مولانا فضل الرحمان کے قریبی ساتھی طلحہ محمود نے آج اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس میں جے یو آئی کو الوداع کہہ دیا اور پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ ان کی پی پی میں شمولیت کی وجہ کیا رہی یہ اندرونی کہانی سامنے آ گئی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ طلحہ محمود گزشتہ ایک ماہ سے پیپلز پارٹی سے رابطے میں تھے اور وہ سینیٹ ٹکٹ کی یقین دہانی پر پی پی میں شامل ہوئے ہیں۔

    ذرئع کے مطابق طلحہ محمود کی پی پی میں شمولیت پر سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے اہم کردار ادا کیا اور ان کی ملاقات پارٹی کی اعلیٰ قیادت سے کرائی۔

    ذرائع نے بتایا کہ آئندہ ماہ 2 اپریل کو ہونے والے سینیٹ الیکشن کے لیے پی پی رواں ہفتے طلحہ محمود کو سینیٹ ٹکٹ جاری کر دے گی اور وہ کے پی سے سینیٹ کے لیے نامزد امیدوار ہوں گے جہاں سے ان کی کامیابی یقینی ہے۔

    واضح رہے کہ سابق سینیٹر طلحہ محمود کا شمار جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان کے قریبی ساتھیوں میں ہوتا تھا جو تین بار ایوان بالا کے رکن رہ اور سینیٹ میں جے یو آئی کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر بھی رہ چکے ہیں جب کہ وہ پی ڈی ایم کی 16 ماہ کی حکومت میں وفاقی وزیر مذہبی امور بھی تھے۔

    جے یو آئی کو بڑا دھچکا، فضل الرحمان کے قریبی ساتھی پیپلز پارٹی میں شامل

    طلحہ محمود نے 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں چترال کے حلقے سے جے یو آئی کے ٹکٹ سے الیکشن لڑا تھا تاہم پی ٹی آئی کے امیدوار سے شکست ہوئی تھی۔

  • جے یو آئی کو بڑا دھچکا، فضل الرحمان کے قریبی ساتھی پیپلز پارٹی میں شامل

    جے یو آئی کو بڑا دھچکا، فضل الرحمان کے قریبی ساتھی پیپلز پارٹی میں شامل

    جمعیت علمائے اسلام کو بڑا سیاسی دھچکا پہنچا ہے کیونکہ ان کے سابق سینیٹر طلحہ محمود نے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کر دیا ہے۔

    جے یو آئی سے تعلق رکھنے والے سابق سینیٹر طلحہ محمود نے اسلام آباد میں پی پی کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اپنی پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا اور کہا کہ میں نے حکومت پاکستان سے کبھی کچھ نہیں لیا، 18 سالہ سیاسی زندگی میں تنخواہ اور مراعات نہیں لیں اور پاکستانی قوم کے لیے سیاست میں اپنا حصہ ڈالا۔ سمجھتا ہوں کہ سمجھتا ہوں کہ پاکستان کیلیے قومی سطح پر میں کوئی کام کر سکوں اور قومی سطح پر پیپلز پارٹی سے بہتر کوئی پارٹی نظر نہیں آئی۔

    طلحہ محمود نے کہا کہ پی پی وفد نے مجھے پارٹی میں شمولیت کی دعوت دی تھی، ایک ہفتہ قبل صدر آصف زرداری سے طویل ملاقات ہوئی اور انہوں نے بھی پیپلز پارٹی میں شمولیت کی باضابطہ دعوت دی اسی لیے آج میں پی پی سیکریٹریٹ میں ساتھیوں سمیت آیا ہوں اور پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کرتا ہوں۔

    ان کا کہنا تھا کہ 2006 میں جے یو آئی کے پلیٹ فارم سے ایم این اے کا ٹکٹ لیا تھا اور آج تک جمعیت علمااسلام کے سوا کسی جماعت میں نہیں رہا، میں 9 سال وزارت داخلہ کمیٹی کا چیئرمین رہا ہوں، بطور وفاقی وزیر مذہبی امور بہتر حج مشن کے لیے دن رات کام کیا، میری سیاسی زندگی کھلی کتاب کی طرح ہے اور میں نے اپنی زندگی صاف ستھری گزارنے کی کوشش کی ہے۔

    سابق سینیٹر نے کہا کہ پی پی کی تاریخ ہے کہ انہوں نے پاکستان کے مشکل وقت میں ہمیشہ ملک کا ساتھ دیا اور ملکی حالات حالات کی بہتری میں نمایاں کردار ادا کیا۔ آج پھر پاکستان میں معاشی بدحالی اور سیاسی عدم استحکام ہے سب جانتے ہیں کہ پاکستان کن حالات سے گزر رہا ہے۔ اس وقت پاکستان کو افہام وتفہیم اور ایک پلیٹ فارم پر آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔

    طلحہ محمود نے کہا کہ میری سابقہ جماعت کی زیادہ تر سیاست کے پی اور بلوچستان میں ہے جب کہ پاکستان کے سب سے بڑے صوبے پنجاب اور سندھ میں جے یو آئی کا کوئی خاص کنٹری بیوشن نہیں۔ جہاں سے میں نے الیکشن لڑا چیلنج کرتا ہوں وہاں سے پی ٹی آئی نے میرا مینڈیٹ چرایا۔

    واضح رہے کہ سابق سینیٹر طلحہ محمود کا شمار جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان کے قریبی ساتھیوں میں ہوتا تھا جو تین بار ایوان بالا کے رکن رہ اور سینیٹ میں جے یو آئی کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر بھی رہ چکے ہیں جب کہ وہ پی ڈی ایم کی 16 ماہ کی حکومت میں وفاقی وزیر مذہبی امور بھی تھے۔