Author: جہانگیر خان

  • پیپلز پارٹی نے ن لیگ کو صوبوں میں تعاون کی مشروط پیشکش کر دی

    پیپلز پارٹی نے ن لیگ کو صوبوں میں تعاون کی مشروط پیشکش کر دی

    اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی نے مسلم لیگ ن کو صوبوں میں تعاون کی مشروط پیشکش کر دی ہے۔

    پیپلز پارٹی کے ذرائع نے کہا ہے کہ وفاق اور صوبوں میں حکومت سازی کے لیے پی پی اور ن لیگ میں رابطے ہوئے ہیں، جس میں پی پی نے ن لیگ کو وفاق اور صوبائی حکومتوں کا معاملہ علیحدہ رکھنے کا پیغام دیا ہے۔

    پی پی نے تجویز پیش کی ہے کہ صوبائی حکومتوں کا معاملہ مرکز سے علیحدہ ڈیل کیا جائے، ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی نے ن لیگ کو صوبوں میں تعاون کی مشروط پیشکش کی ہے، پی پی کا مؤقف ہے کہ ن لیگ بلوچستان حکومت سازی میں تعاون کرے، پیپلز پارٹی پنجاب حکومت بنانے میں ن لیگ سے تعاون کرے گی۔

    پی پی کے ساتھ وفاق میں حکومت بنانے پر غور جاری ہے، خواجہ آصف

    ن لیگ نے پیپلز پارٹی کی تجویز قیادت کو پہنچانے کی یقین دہانی کرائی ہے، پیپلز پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ن لیگ کے جواب کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل طے ہوگا۔

    انتخابی دھاندلی پر ہڑتال، بلوچستان بھر میں چار جماعتی اتحاد نے شاہراہیں بند کر دیں

  • پیپلزپارٹی کا ن لیگ کی تشکیل کردہ کابینہ میں شامل ہونے سے انکار

    پیپلزپارٹی کا ن لیگ کی تشکیل کردہ کابینہ میں شامل ہونے سے انکار

    اسلام آباد: پیپلزپارٹی نے وفاقی کابینہ میں شمولیت کے معاملے پر ایبسولوٹلی ناٹ کہہ دیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پی پی ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی ن لیگ کی تشکیل کردہ کابینہ میں کسی صورت شامل نہیں ہوگی، حالیہ الیکشن پر شدید تحفظات برقرار ہیں۔

    پی پی ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی پی ڈی ایم حکومت کا جانبدارانہ رویہ نہیں بھولی ہے، پیپلزپارٹی کو پنجاب میں سیاسی انتقام کے معاملے پر تحفظات تھے۔

    ذرائع پیپلزپارٹی کا کہنا ہے کہ ن لیگ نے حکومتی ناکامی کا ملبہ ہم پر ڈالنے کی کوشش کی، شہباز شریف کی ساری مہربانیاں جے یو آئی، دیگر اتحادیوں پر تھیں۔

    پی پی حکام کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی کو فنڈنگ، ترقیاتی اسکیموں میں نظر انداز کیا گیا تھا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز ن لیگی رہنماؤں نے قائد نواز شریف کو وفاقی حکومت نہ لینے کا مشورہ دیا تھا۔

    سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے لیگی قیادت کو پیپلزپارٹی سے ہونے والی دو ملاقاتوں پر بریفنگ دی تھی جس کے بعد لیگی رہنماؤں نے نواز شریف کو وفاقی حکومت نہ لینے کا مشورہ دیا تھا۔

    ذرائع کا بتانا تھا کہ لیگی ارکان نے خدشات کا اظہار کیا کہ پیپلزپارٹی قدم قدم پر بلیک میل کرے گی۔

    ن لیگی ارکان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی سامنے بھی نہیں آنا چاہتی اور فوائد بھی لینا چاہتی ہے اگر پیپلزپارٹی مکمل شامل ہو تو حکومت لینے میں کوئی حرج نہیں ہے۔

  • پیپلزپارٹی نے بلوچستان میں حکومت بنانے کا فیصلہ کرلیا!

    پیپلزپارٹی نے بلوچستان میں حکومت بنانے کا فیصلہ کرلیا!

    پاکستان پیپلزپارٹی نے بلوچستان میں حکومت بنانے کا فیصلہ کرلیا ہے، پارٹی صوبے میں اتحادی حکومت بنانےکی خواہشمند ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں حکومت بنانے کے لیے پیپلزپارٹی آگے آگئی ہے۔ پی پی بلوچستان میں ن لیگ اور جے یو آئی سے مل کر حکومت بنائے گی۔ پیپلزپارٹی نے بلوچستان میں حکومت بنانے کیلئے ن لیگ سے تعاون مانگ لیا۔

    ذرائع نے بتایا کہ پاکستان مسلم لیگ ن نے بلوچستان میں حکومت سازی پر مشاورت کیلئے مہلت مانگ لی ہے۔ پی پی بلوچستان میں حکومت سازی کیلئے جے یو آئی سے جلد رابطہ کرے گی۔

    صوبہ بلوچستان کی حکومت پر جے یو آئی اور ن لیگ سے پی پی کے معاملات طے پانے کا امکان ہے۔ دونوں پارٹیوں کی شمولیت سے بلوچستان میں مستحکم حکومت بنے گی۔

    ذرائع نے کہا کہ بلوچستان کے بیشتر نومنتخب آزاد ایم پی ایز پی پی میں شامل ہونگے۔ بلوچ قوم پرست پارٹیز کو حکومت میں شمولیت کی دعوت دی جائے گی۔ وزیراعلیٰ بلوچستان پی پی، کابینہ میں اتحادی جماعتوں کے وزرا ہونگے۔

    پیپلزپارٹی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ نواب ثنااللہ زہری وزیراعلیٰ بلوچستان کیلئے مضبوط امیدوار ہیں۔ ثنااللہ زہری وزیراعلیٰ کیلئے پارٹی کی پہلی ترجیح ہیں۔

    ذرائع نے کہا کہ ثنا اللہ زہری بلوچستان کی پشتون اور بلوچ بیلٹ کیلئے قابل قبول ہیں۔ انکے جے یو آئی، ن لیگ اور قوم پرست پارٹیز سے ورکنگ ریلیشن ہیں۔ وہ بلوچستان کے سابق وزیراعلیٰ رہ چکے ہیں۔

  • ڈاکٹر اب وٹامن اور ملٹی وٹامن ادویات کا نسخہ نہیں لکھ سکیں گے

    ڈاکٹر اب وٹامن اور ملٹی وٹامن ادویات کا نسخہ نہیں لکھ سکیں گے

    اسلام آباد: وزارت صحت نے وٹامن اور ملٹی وٹامن ادویات کا نسخہ لکھنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔

    ترجمان وزارت صحت کے مطابق پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل اور تمام صوبائی ہیلتھ کیئر کمیشنز کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وٹامن، ملٹی وٹامن، اور ان پر مبنی مصنوعات کے نسخہ جات لکھنے پر پابندی عائد کی جائے۔

    مصنوعات کی فروخت کے حوالے سے صحت کے تمام صوبائی محکمہ جات کو بھی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، ہدایات میں کہا گیا ہے کہ ان مصنوعات کی فروخت علیحدہ اور سیلف سروس شیلف میں کی جائے، اور تمام فارمیسیوں پر فارماسسٹ کی موجودگی کو بھی یقینی بنایا جائے۔

    ڈریپ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وٹامنز پر مبنی مصنوعات کی رجسٹریشن کو یقینی بنائے۔

  • اتحادی حکومت بننے کی امید ، پیپلزپارٹی کا بڑا یو ٹرن

    اتحادی حکومت بننے کی امید ، پیپلزپارٹی کا بڑا یو ٹرن

    اسلام آباد : پیپلز پارٹی کی قیادت نے پارٹی کو ن لیگ مخالف بیان بازی سے روک دیا اور کہا حکومت سازی سے قبل ن لیگ پر تنقید نہ کی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق اتحادی حکومت بننے کی امید پر پیپلزپارٹی نے بڑا یو ٹرن لیتے ہوئے پارٹی کو ن لیگ مخالف بیان بازی سے روک دیا۔

    زرائع کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی کے مرکزی و صوبائی رہنماوں کو واضح احکامات جاری کردیئے گئے ہیں ، جس میں پی پی قیادت نے کہا ہے کہ حکومت سازی سے قبل ن لیگ پر تنقید نہ کی جائے اور ن لیگ بارے رواداری اور شائستگی کا مظاہرہ کیا جائے۔

    پی پی رہنماوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ حکومت بننے سے قبل ن لیگ سے دوطرفہ تعلقات بہتر کئے جائیں۔

    زرائع نے کہا کہ پی پی قیادت نے سنیئر رہنما کی لاہور میں پریس کانفرنس پر اظہار برہمی کرتے ہوئے ن لیگ کے بارے میں سخت الفاظ کے  استعمال پر پی پی رہنما کو جھاڑ پلائی گئی۔

    زرائع نے بتایا کہ پارٹی رہنما نے پریس کانفرنس میں ن لیگ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا، پی پی قیادت نے پارٹی رہنماؤں کو ن لیگ بارے محتاط رویہ اپنانے کی ہدایت کردی۔

    زرائع کے مطابق آصف زرداری نے انتخابی مہم بارے بلاول بھٹو سے اظہار ناراضگی کیا تھا، آصف زرداری سخت زبان کے استعمال پر بلاول بھٹو سے ناراض تھے، بلاول بھٹو نے انتخابی مہم کےدوران ن لیگی قیادت پر شدید تنقید کی تھی۔

    آصف زرداری نے بلاول بھٹو کو ن لیگ سے معاملات بہتر کرنے کی ہدایت کی تھی اورآصف زرداری کی ہدایت پر بلاول بھٹو نےشہباز شریف کا استقبال کیا۔

  • پولیو وائرس نے ملکی نظام صحت کی جڑوں کو ہلا کر رکھ دیا

    پولیو وائرس نے ملکی نظام صحت کی جڑوں کو ہلا کر رکھ دیا

    اسلام آباد: موذی پولیو وائرس نے ملکی نظام صحت کی جڑوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے، چاروں صوبوں کی سیوریج میں وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے۔

    ذرائع وزارت صحت کے مطابق ملکی سیوریج میں ٹائپ ون وائلڈ پولیو وائرس پایا گیا ہے، 14 شہروں سے ریکارڈ 30 سیوریج سیمپلز پولیو پازیٹو نکلے ہیں، 28 سیوریج سیمپلز جنوری، 2 سیمپل دسمبر 2023 میں لیے گئے تھے۔

    جن شہروں سے سیمپلز لیے گئے تھے ان میں کراچی، پشاور، کوئٹہ، چمن، پشین، لاہور، راولپنڈی، ڈی جی خان، سکھر، کیچ، حیدر آباد، جامشورو، ناصر آباد، اور خضدار شامل ہیں، جن کی سیوریج پولیو زدہ قرار دی گئی ہے۔

    ذرائع کے مطابق 2023 کے پولیو پازیٹو سیوریج سیمپلز کی تعداد 126 تھی، جب کہ رواں سال کے پولیو پازیٹو سیوریج سیمپلز کی تعداد اب تک 28 ہو گئی ہے۔

    کوئٹہ کے علاقے جاتک کلے، تختانی کی سیوریج پولیو پازیٹو ہے، جس کے پولیو وائرس کا جینیاتی تعلق قندھار سے ہے، خضدار کے علاقہ کٹن پل کی سیوریج کے پولیو وائرس کا تعلق ہلمند افغانستان سے ہے، راولپنڈی کے علاقہ ڈھوک دلال کی سیوریج کے پولیو وائرس کا جینیاتی تعلق پشاور سے ہے، ڈی جی خان کی سائٹ مین ڈسپوزل کی سیوریج کے پولیو وائرس کا جینیاتی تعلق گڈاپ سے ہے۔

    لاہور کے علاقہ آؤٹ فال اسٹیشن کی سیوریج کے پولیو وائرس کا جینیاتی تعلق جلال آباد سے ہے، کراچی ایسٹ کے چار علاقوں گڈاپ ٹاؤن، مچھر کالونی، راشد منہاس روڈ، چکوڑا نالہ کی سیوریج کے پولیو وائرس کا جینیاتی طور پر لوکل ہے۔

    ذرائع کے مطابق کراچی کیماڑی کی محمد خان کالونی، اورنگی نالہ، کراچی ساؤتھ کی منظور کالونی، حاجی مرید گوٹھ، کراچی کورنگی کے علاقہ کورنگی نالہ، کراچی ملیر کی لانڈھی بختاور ویلج کالونی کی سیوریج پولیو پازیٹو ہے۔

    ڈرین کے بی فیڈر جامشورو، حیدرآباد کے علاقہ لطیف آباد، سکھر کے علاقہ مکہ پمپنگ اسٹیشن کی سیوریج میں پولیو وائرس موجود ہے، کوئٹہ کے علاقوں ریلوے پل، سرپل، جاتک کلے، طاؤس آباد، تختانی، چمن کے علاقہ آرمی کازیبہ، ہادی پاکٹ، پشین کے علاقہ طروا، کیچ کے علاقہ تربت ٹاؤن، شاہین ٹاؤن پشاور، واپڈا کالونی ناصر آباد کی سیوریج پولیو پازیٹو ہے۔

  • بچوں کی اموات : چینی کمپنی کی تیار کردہ ادویات سے متعلق الرٹ جاری

    بچوں کی اموات : چینی کمپنی کی تیار کردہ ادویات سے متعلق الرٹ جاری

    اسلام آباد : چینی کمپنی کا تیارکردہ ادویات کے خام مال کا ایک بیچ غیر معیاری قرار دے دیا گیا، چینی ساختہ خام مال میں ایتھیلین گلائیکول کی مقدار مقررہ سے زائد ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈریپ نے ادویات کے غیر معیاری خام کی روک تھام کیلئے بڑا ایکشن لیتے ہوئے چینی کمپنی کا تیارکردہ ادویات کے خام مال کا ایک بیچ غیر معیاری قرار دے دیا۔

    چینی ساختہ خام مال سنٹرل ڈرگ لیبارٹری نے غیر معیاری قرار دیا ہے ، پروپیلین گلائیکول کا بیچ وائے ایف 01200730 غیر معیاری قرار پایا ہے۔

    ڈریپ کا کہنا ہے کہ چینی ساختہ خام مال میں ایتھیلین گلائیکول کی مقدار مقررہ سے زائد ہے، لیب کو چینی خام مال پی جی کا سیمپل فارما کمپنی نے بھجوایا تھا۔

    اس حوالے سے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے خام مال کے استعمال پر انتباہی مراسلہ جاری کر دیا ہے ، ڈریپ نے پاکستان فارماسوٹیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن، کمپنیز ، پاکستان فارما بیورو، کیمسٹ، ڈرگسٹس ایسوسی ایشن کو مراسلہ جاری کیا۔

    ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے صوبائی دفاتر، ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹریز کے نام مراسلے میں کہا کہ فارما انڈسٹری پروپیلین گلائیکول کو بطور خام مال استعمال کرتی ہے، پروپیلین گلائیکول سے متبادل ادویات، محلول تیار ہوتے ہیں، خام مال میں ای جی، ڈی ای جی کی مقررہ سے زائد مقدار جان لیوا ہے۔

    ڈی ای جی، ای جی کی زائد مقدار اعصاب، دل، گردوں کیلئے نقصان دہ ہے، ملک میں ڈی ای جی، ای جی کے متعدد منفی اثرات کیس رپورٹ ہوئے ہیں، زائد ڈی ای جی، ای جی سے گیمبیا، انڈونیشیا،ازبکستان میں اموات ہوئی ہیں۔

    ڈریپ کے مطابق ڈی ای جی، ای جی کی ذائد مقدار سے بچوں کے گردے متاثر، اموات ہوئی تھیں،ملک میں غیر معیاری پی جی کے متعدد کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں، غیر معیاری خام مال میں ای جی، ڈی ای جی کی مقدار زائد تھی۔

    ملک میں غیر معیاری خام مال، پراڈکٹس کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں،غیر معیاری خام مال، پراڈکٹس میں ای جی، ڈی ای جی کی مقدار زائد تھی،غیر معیاری خام مال کے سپلائی بارے تحقیقات کی گئی تھیں۔

    مراسلے میں کہا گیا ہے کہ فارما انڈسٹری معیاری خام مال بارے احکامات پر عملدرآمد میں ناکام رہی، فارما انڈسٹری کو مستند سپلائرز سے خام مال امپورٹ کی ہدایات تھیں، سنٹرل ڈرگ لیب خام مال، پراڈکٹس کا تفصیلی تجزیہ کر رہی ہے۔

    غیر معیاری خام کے امپورٹرز، سپلائر کے خلاف ایکشن لیئے ہیں، فارما کمپنیز کو معیاری خام مال کے استعمال بارے متعدد بار خبردار کیا ہے، فارما انڈسٹری کو خام مال کی سکریننگ بارے خبردار کیا جاتا ہے۔

    فارما انڈسٹری میں سیرپ تیاری کے خام مال بارے تحقیقات جاری ہیں،فارما انڈسٹری خام مال کی استعمال سے قبل ٹسیٹنگ میں ناکام رہی ہے،فارما انڈسٹری نے خام مال میں ڈی ای جی،ای جی کی مقدار ٹیسٹ نہیں کی۔

    پیشگی عدم ٹیسٹنگ پر غیر معیاری فارما پراڈکٹس مارکیٹ میں آتی ہیں، انڈسٹری خام مال میں ای جی، ڈی ای جی مقدار بارے ٹیسٹنگ یقینی بنائے، فارما انڈسٹری کو پی جی،گلیسرین ، سوربیٹول کے استعمال پر متنبی کیا جاتا ہے۔

    ڈریپ کا کہنا تھا کہ فارما کمپنیز شہریوں کو آلودہ ادویات سے بچاو کیلئے اقدامات کریں، فارما کمپنیاں مستند اداروں سے معیاری خام مال کی خریداری کریں، فارما کمپنیز پروڈکشن سے قبل خام مال کی سکریننگ یقینی بنائیں۔

    دواساز کمپنیز پروپیلین گلائیکول، گلیسرین، سوربیٹول کی سکریننگ کریں،فارما کمپنیز خام مال، پراڈکٹس میں ای جی، ڈی ای جی مقدار جانچیں، کمپنیز پری پروڈکشن سپلائی سے قبل سکریننگ، ٹیسٹنگ کریں۔

    فارما کمپنیز پراڈکٹس میں ای جی ، ڈی ای جی کی مقدار ٹیسٹ کریں اور متاثرہ خام مال کے بیچ سے تیارشدہ ادویات سپلائی نہ کریں، کمپنیز غیر معیاری خام مال سے تیارشدہ ادویات مارکیٹ سے اٹھائیں ،کمپنیز ای جی، ڈی ای جی کی مقدار پر رپورٹس جمع کرانے کی پابند ہیں، شہریوں کیلئے معیاری و محفوظ ادویات کی دستیابی اولین ترجیح ہے۔

  • رواں سال کی پہلی قومی انسداد پولیو مہم مقررہ ہدف کے حصول میں ناکام

    رواں سال کی پہلی قومی انسداد پولیو مہم مقررہ ہدف کے حصول میں ناکام

    اسلام آباد: رواں سال کی پہلی قومی انسداد پولیو مہم مقررہ ہدف کے حصول میں ناکام ہو گئی، قومی پولیو مہم کی پرفارمنس رپورٹ اے آر وائی نیوز کو موصول ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق رواں سال کی پہلی قومی انسداد پولیو مہم مقررہ ہدف کے حصول میں ناکام رہی ہے، قومی پولیو مہم میں لاکھوں بچوں کے ویکسین سے محرومی کا انکشاف ہوا ہے۔

    ذرائع نے کہا ہے کہ ملک بھر میں 21 لاکھ 99317 بچے پولیو ویکسینیشن سے محروم رہے، پولیو مہم مقررہ ہدف کا 95 فی صد حاصل کر سکی، سندھ اور گلگت بلتستان میں 99 فی صد بچوں کی ویکسینیشن ہوئی، بلوچستان میں 98 فی صد، پنجاب اور آزاد کشمیر میں 96 فی صد بچوں کو پولیو ویکسین پلائی گئی، جب کہ اسلام آباد میں 104 فی صد بچوں کی پولیو ویکسینیشن کی گئی۔

    نمونیہ سے بچوں کی اموات میں اضافہ، مزید 18 بچے انتقال کرگئے

    ذرائع کے مطابق پنجاب میں 9 لاکھ 18260 بچے پولیو ویکسینیشن سے محروم رہے، سندھ میں 54 ہزار 163 بچے، خیبر پختون خوا میں 11 لاکھ 52387 بچے، بلوچستان میں 60588 بچے، آزاد کشمیر میں 26741 بچے، اور جی بی میں 3367 بچے پولیو ویکسین سے محروم رہے۔

    واضح رہے کہ قومی انسداد پولیو مہم 8 تا 17 جنوری چلائی گئی تھی، جب کہ لکی مروت اور ٹانک میں قومی انسداد پولیو مہم نہیں چلی تھی۔

  • خناق سے متعلق تشویشناک ایڈوائزری جاری

    خناق سے متعلق تشویشناک ایڈوائزری جاری

    اسلام آباد: قومی ادارہ صحت نے ملک میں خناق کے پھیلاؤ کا خدشہ ظاہر کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ادارہ صحت نے صوبوں کے نام خناق سے متعلق انتباہی ایڈوائزری جاری کی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ خناق زہریلے مادے پیدا کرنے والا سنگین بیکٹیریل انفیکشن ہے، جو خون کے ذریعے دل، اعصاب اور گردوں کو متاثر کرتا ہے۔

    مراسلے کے مطابق خناق کے کیسز موسم سرما، بہار میں سامنے آتے ہیں، یہ چھینکنے اور کھانسے سے دوسرے فرد کو منتقل ہو سکتا ہے، مریض کے کپڑوں اور دیگر اشیا کے استعمال سے بھی خناق پھیلتا ہے، مریض میں خناق کی علامات 2 تا 5 دن بعد شروع ہوتی ہیں، اور مرض کا آئیسولیشن پیریڈ دو تا دس دن ہے۔

    این آئی ایچ کے مطابق خناق سے شرح اموات 5 تا 10 فی صد ہے، تاہم ویکسین نہ لگوانے والے افراد میں خناق سے شرح اموات 100 فی صد ہو سکتی ہے، یہ ناک، حلق، گلے کی جھلیوں کو نقصان پیہنچاتا ہے، اور خناق سے حلق اور سانس کی نالی کے بالائی حصے پر سوجن ہو جاتی ہے، سخت کھانسی، خرخراہٹ، اور سانس میں تنگی، بخار، گلے کی خراش، سردی اور ناک بہنا و بندش خناق کی علامات ہیں۔

    خناق میں جھلی ناک، ٹانسلز، ٹشوز، وائس باکس کو ڈھانپتی ہے، خناق کا جرثومہ خون میں شامل ہو کر پیچیدگی اختیار کر سکتا ہے، یہ انسانی جسم کا الیکٹرولائٹ لیول غیر متوازن کرتا ہے، اس سے پلیٹ لیٹس کی تعداد میں نمایاں کمی ہو سکتی ہے، خناق سے پولی نیوروپیتھی اور گردے ناکارہ ہو سکتے ہیں۔

    این آئی ایچ کے مطابق گنجان آبادی، گندگی، غذائی قلت خناق کے پھیلاؤ کا اہم سبب ہیں، نان ویکسینیٹڈ بزرگ افراد خناق کے حوالے سے ہائی رسک ہیں، روٹین ایمونائزیشن میں بہتری سے خناق کا تدارک ممکن ہے، ملک میں خناق سے بچاؤ کی ویکسین دستیاب ہے، اور یہ ویکسین توسیعی پروگرام حفاظتی ٹیکہ جات میں شامل ہے، تاہم ویکسین دستیابی کے باوجود خناق وبائی صورت اختیار کر سکلتا ہے، اس لیے محکمہ صحت اور متعلقہ حکام خناق بارے پیشگی اقدامات کریں۔

    این آئی ایچ نے ہدایت کی ہے کہ متعلقہ ادارے خناق کا پھیلاؤ روکنے کے لیے مشتبہ کیسز مانیٹر کریں، اور شکار افراد کو فوری طور پر آئیسولیٹ کیا جائے، خناق کے مریض کو اینٹی ٹاکسن، اینٹی بائیوٹک شروع کرائی جائیں، پاکستان میں بچوں کو انسداد خناق ویکسین کی تین ڈوز دی جاتی ہیں، 12 سالہ بچوں کو خناق کی بوسٹر ڈوز لگائی جاتی ہے، ملک میں خناق کے تشخیصی ٹیسٹ کی سہولت دستیاب ہے، قومی ادارہ صحت خناق کے مشتبہ سیمپل کا ٹیسٹ مفت کر رہا ہے۔

    مراسلے کے مطابق خناق کی تصدیق بیکٹرولوجیکل کلچر، پی سی آر ٹیسٹ سے ممکن ہے، خناق کے ٹیسٹ کے لیے ناک اور حلق سے رطوبت لی جاتی ہے۔

  • اس انفیوژن ڈرپ کا استعمال نہ کریں، ڈریپ نے غیر معیاری قرار دے دیا

    اس انفیوژن ڈرپ کا استعمال نہ کریں، ڈریپ نے غیر معیاری قرار دے دیا

    اسلام آباد: بیکٹیریل انفیکشن کی ایک غیر معیاری دوا کی مارکیٹ میں دستیابی کا انکشاف ہوا ہے، ڈریپ نے ’انسپ انفیوژن‘ ڈرپ کا ایک بیچ غیر معیاری قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے انسپ انفیوژن (Incip infusion) کا پراڈکٹ ریکال الرٹ جاری کر دیا ہے، سینٹرل ڈرگ لیب کراچی نے انسپ انفیوژن کا ایک بیچ غیر معیاری قرار دیا ہے۔

    ٹیسٹ میں انسپ انفیوژن کے متاثرہ بیچ کی ڈرپس میں غیر ضروری ذرات پائے گئے، انسپ 200 ایم جی انفیوژن بیکٹیریل انفیکشن کے علاج کے لیے استعمال ہوتا ہے، یہ انونٹر فارما کراچی کا تیار کردہ ہے، ڈریپ کا کہنا ہے کہ غیر معیاری اینٹی بائیوٹک کا استعمال شدید ری ایکشن کر سکتا ہے، اور جان لیوا بھی ہو سکتا ہے، اس سے مریض کو سیپسز ہو سکتا ہے، اور انفیکشن شدت بھی اختیار کر سکتا ہے۔

    ڈریپ نے خبردار کیا ہے کہ غیر معیاری اینٹی بائیوٹک کے استعمال سے انفیکشن شدید ہونے پر مریض کے جسمانی اعضا اور ٹشوز متاثر ہوتے ہیں، سیپسز ہونے پر مریض کے اہم اعضا ناکارہ ہو سکتے ہیں، اس لیے ڈریپ نے کمپنی کو انسپ انفیوژن کا متاثرہ بیچ مارکیٹ سپلائی سے روک دیا ہے، اور کمپنی کو اس کا متاثرہ بیچ مارکیٹ سے اٹھانے کی ہدایت کر دی ہے۔

    ڈریپ نے کہا ہے کہ کیمسٹ انسپ انفیوژن کے متاثرہ بیچ کی سیل روکنے کے لیے اسٹاک چیک کریں، اور کیمسٹ، فارمیسی انسپ انفیوژن کا متاثرہ بیچ کمپنی کو واپس کریں، اور ڈاکٹرز مریضوں کو انسپ انفیوژن کا متاثرہ بیچ استعمال نہ کرائیں۔