Author: جہانگیر خان

  • پیپلزپارٹی نے بلوچستان سے متعدد امیدواروں کے نام فائنل کرلیے

    پیپلزپارٹی نے بلوچستان سے متعدد امیدواروں کے نام فائنل کرلیے

    پاکستان پیپلزپارٹی نے بلوچستان سے متعدد امیدواروں کے نام فائنل کرلیے ہیں، قومی، صوبائی اسمبلی امیدواروں کے نام قیادت کو بھجوا دیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان سے پاکستان پیپلزپارٹی کے متوقع امیدواروں کے ناموں پر غور جاری ہے۔ پارلیمانی بورڈ نے قومی اور صوبائی اسمبلی کے امیدواروں کے نام قیادت کو بھجوا دیے گئے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ این اے 252 سے سردار اسرار ترین کا نام تجویز کیا گیا ہے۔ این اے 262 کوئٹہ سے حاجی رمضان اچکزئی کا نام سامنے آیا ہے۔

    پی بی 38 سے سکینہ عبداللہ، پی بی 39 سے شریف خلجی کا نام تجویز کیا گیا ہے۔ پی بی40 سے ہادی عسکری جبکہ پی بی 5 سے سربلند جوگیزئی کا نام پیش کیا گیا ہے۔

    اس کے علاوہ پی بی 41 سے نورالدین کاکڑ، پی بی 42 سے طاہر محمود کا نام سامنے آیا ہے۔ پی بی 43 سے لیاقت لہڑی اور پی بی 44 سے عبید گورگیج کا نام تجویز کیا گیا ہے۔ پی بی 45 سے علی مدد جتک اور پی بی 46 ریاض شہوانی کا نام پیش کیا گیا ہے۔

    این اے 263 سے روزی خان کاکڑ کا نام تجویز کیا گیا ہے جبکہ این اے 264 سے نوابزادہ جمال رئیسانی کا نام سامنے آیا ہے۔ این اے253 سے سردار ہربیار ڈومکی کا نام قیادت کو بھیجا گیا ہے۔

    علاوہ ازیں پی بی 8 سے سرفراز ڈومکی، پی بی 9 سے میر نصیب اللہ کا نام تجویز کیا گیا ہے۔ پی بی 4 سے زادہ انعام کھیتران کا نام سامنے آیا ہے۔ پی بی 6 سے ملک شاہ خان ترین کا نام پیش کیا گیا ہے۔

  • عالمی ادارہ صحت کا پاکستان پر سفری پابندیاں برقرار رکھنے کا فیصلہ

    عالمی ادارہ صحت کا پاکستان پر سفری پابندیاں برقرار رکھنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: عالمی ادارہ صحت نے پاکستان پر سفری پابندیاں برقرار رکھنے کا فیصلہ کرتے ہوئے پولیو کے باعث سفری پابندیوں میں 3 ماہ کی توسیع کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) سے جاری ایک اعلامیے میں پاکستان اور افغانستان کو پولیو کے عالمی پھیلاؤ کے حوالے سے بدستور خطرہ قرار دیا گیا ہے، ڈبلیو ایچ او کی ایمرجنسی کمیٹی برائے پولیو کی جانب سے پابندیوں میں توسیع کی سفارش کی گئی تھی۔

    اعلامیے کے مطابق ڈبلیو ایچ او کی ہنگامی پولیو کمیٹی کا 37 واں اجلاس 12 دسمبر کو ہوا، جس میں دنیا میں پولیو کے پھیلاؤ اور اس کے تدارک کے اقدامات پر غور کیا گیا، اجلاس میں پاکستان، افغانستان، مصر، کینیا، موریطانیہ، نائجیریا، زمبابوے میں پولیو صورت حال اور متاثرہ ممالک کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔

    اعلامیے کے مطابق 2023 میں پاکستان میں 6 پولیو کیس رپورٹ ہوئے ہیں، اور 98 سیوریج سیمپلز پولیو پازیٹو نکلے، چاروں صوبوں کے سیوریج میں پولیو وائرس کی موجودگی خطرہ ہے، ڈبلیو ایچ او کے مطابق کراچی، کوئٹہ، پشاور، راولپنڈی، اسلام آباد کے سیوریج میں پولیو موجود ہے۔

    کراچی اور چمن کے 2 ماحولیاتی سیمپلز میں پولیو وائرس کی تصدیق

    پاکستان میں پولیو ویکسینیشن سے انکاری والدین اور محروم بچے چیلنج ہیں، حساس ایریاز میں پولیو ویکسین سے محروم بچے بدستور ایک چیلنج ہیں، تاہم ڈبلیو ایچ کا کہنا تھا کہ پولیو ویکسین سے محروم بچوں کے لیے پاکستانی انتظامات تسلی بخش ہیں، پاکستان اس سلسلے میں خصوصی اقدامات کر رہا ہے۔

    ڈبلیو ایچ او کے مطابق پاکستان اور افغانستان میں آمد و رفت پولیو کے پھیلاؤ کا ذریعہ ہے، کراچی اور کوئٹہ بلاک پولیو وائرس کے حوالے سے حساس ہیں، گزشتہ برس پولیو کے پھیلاؤ میں تیزی آئی ہے، پاکستان سے افغان مہاجرین کی واپسی سے بھی پولیو پھیل سکتا ہے۔

    اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی پولیو سے متعلق سرویلنس مزید تین ماہ جاری رہے گی، پاکستان سے بیرون ملک جانے والے افراد کی پولیو ویکسینیشن لازمی ہوگی، ڈبلیو ایچ او 3 ماہ بعد انسداد پولیو کے لیے پاکستانی اقدامات جانچے گا۔

    واضح رہے کہ پاکستان پر پولیو کی وجہ سے سفری پابندیاں مئی 2014 میں عائد ہوئی تھیں۔

  • الیکشن 2024 : بلاول بھٹو نے اہم فیصلہ کرلیا

    الیکشن 2024 : بلاول بھٹو نے اہم فیصلہ کرلیا

    اسلام آباد : چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو آئندہ ماہ سے خیبرپختونخوا میں انتخابی مہم کا آغاز کریں گے اور 8 جنوری کو پہلے انتخابی جلسہ سے خطاب کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے خیبرپختونخوا میں انتخابی مہم خود چلانے کا فیصلہ کرلیا، ذرائع نے بتایا کہ بلاول بھٹو آئندہ ماہ سے کے پی میں انتخابی مہم کا آغاز کریں گے۔

    بلاول بھٹو کے خیبرپختونخوا کے انتخابی جلسوں کا ابتدائی شیڈول تیار کرلیا گیا ہے، بلاول بھٹو 8 جنوری کو کے پی میں پہلے انتخابی جلسہ سے خطاب کریں گے۔

    بلاول بھٹو کے پہلے جلسہ کیلئے ڈی آئی خان، کوہستان، ضلع کرم کا حلقہ زیرغور ہے، بلاول بھٹو پشاور، مالاکنڈ، ڈی آئی خان، صوابی میں انتخابی جلسہ کریں گے۔

    بلاول بھٹو خیبرپختونخوا کے تمام ڈویژنز میں انتخابی جلسہ کریں گے، کے پی کے انتخابی جلسوں کیلئے خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔

    خصوصی کمیٹی کے پی میں بلاول بھٹو کے جلسوں کے معاملات دیکھے گی۔

  • بخار اور درد کی غیرمعیاری دوا کی فروخت کا انکشاف

    بخار اور درد کی غیرمعیاری دوا کی فروخت کا انکشاف

    اسلام آباد : ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) نے بخار اور جسمانی درد کے علاج کی دوا کا ایک بیچ غیر معیاری قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے سینٹرل ڈرگس لیبارٹری کراچی کی رپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے درد اور بخار میں استعمال کی جانے والی دوا سیٹا فنڈانفیوژن کا ایک بیچ غیر معیاری قرار دے دیا جس کا بیچ نمبر بیچ 23 آر سی 55 ہے۔

    ڈریپ نے متعلقہ کمپنی کو فوری طور پر غیرمعیاری دوا مارکیٹ سے اٹھانے کی ہدایت کردی، مزید براں ڈریپ نے ملک میں فروخت ہونے والی غیر معیاری ادویات کے خلاف کارروائی مزید تیز کردی۔

    ڈریپ

    سینٹرل ڈرگ لیب کراچی نے سیٹافنڈانفیوژن کاایک بیچ غیرمعیاری قرار دیا، ڈریپ کی جانب سے سیٹا فنڈانفیوژن ڈرپ ری کال الرٹ کا اجراء معلومات عامہ کیلئے کیا گیا ہے، اس دوا کا بیچ 23 آر سی 55غیر معیاری قرار پایا۔

    الرٹ کے مطابق سیٹافنڈ انفیوژن کی ڈرپس میں غیر متعلقہ ذرات پائے گئے ہیں، سیٹافنڈ انفیوژن پیرا سیٹامول سے تیارکردہ بخار، جسمانی درد کی دوا ہے۔

    ڈریپ کا کہنا ہے کہ غیرمعیاری سیٹافنڈ انفیوژن کا استعمال ری ایکشن کرسکتا ہے اور اس سے خون میں کلاٹس بن سکتے ہیں، مذکورہ دوا فرینڈز فارما سیوٹیکل لاہور کی تیارکردہ ہے۔

    ڈریپ نے کمپنی کو سیٹافنڈ کا متاثرہ بیچ مارکیٹ سپلائی نہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کمپنی مارکیٹ اسٹاک سے متاثرہ بیچ واپس اٹھالے، فارمیسیز سیٹافنڈ کے متاثرہ بیچ کی سیل روکنے کیلئے اسٹاکس کو چیک کریں۔

    ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے مزید کہا کہ کیمسٹ سیٹافنڈ انفیوژن کا متاثرہ بیچ کمپنی کو فوری طور پر واپس بھجوائیں، ڈاکٹرز بھی مریضوں کو یہ دوا استعمال نہ کرائیں۔

  • سابق نگراں وزیر کا پیپلز پارٹی میں شمولیت کا فیصلہ

    سابق نگراں وزیر کا پیپلز پارٹی میں شمولیت کا فیصلہ

    خیبر پختونخوا میں عوامی نیشنل پارٹی کو دھچکا لگا گیا جہاں سابق نگراں وزیر عدنان جلیل نے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا فیصلہ کر لیا۔

    ذرائع نے بتایا کہ عدنان جلیل کے پیپلز پارٹی کے ساتھ معاملات طے پا چکے ہیں اور وہ پیپلز پارٹی کی قیادت سے ملاقات بھی کر چکے ہیں۔

    عدنان جلیل مرحوم سینئر اے این پی رہنما حاجی عدیل کے بیٹے ہیں جو خیبر پختونخوا کی نگراں کابینہ میں انڈسٹریز اور ٹیکنیکل ایجوکیشن منسٹر رہے۔ انہیں سابق نگراں وزیر اعلیٰ اعظم خان نے کابینہ سے برطرف کیا تھا۔

    متعلقہ: پیپلز پارٹی کو خیبر پختونخوا سے بڑی سیاسی کامیابی مل گئی

    سابق نگراں وزیر جلد پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کریں گے، وہ صدر پیپلز پارٹی خیبر پختونخوا محمد علی باچا کے ہمراہ پریس کانفرنس کریں گے۔

    ذرائع نے بتایا کہ عدنان جلیل کے پارٹی امور پر اختلافات ہیں اور وہ اپنے تحفظات سے اے این پی قیادت کو آگاہ کر چکے ہیں، تاہم قیادت نے تاحال ان کے تحفظات دور نہیں کیے۔

    سابق نگراں وزیر عدنان جلیل کا پیپلز پارٹی میں شمولیت کا فیصلہ

    چند روز قبل، اسفندیار ولی خان کے قریبی ساتھی عابد اللہ یوسفزئی نے اپنی جماعت کو خیرباد کہہ کر پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کی تھی۔

    ذرائع نے بتایا تھا کہ پیپلز پارٹی خیبر پختونخوا کے صدر محمد علی شاہ باچا نے وفد کے ہمراہ پشاور میں عابد اللہ یوسفزئی سے ملاقات کی، اس دوران صوبے کی سیاسی صورت حال سمیت باہمی دل چسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

    پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر نے اے این پی رہنما کو پارٹی میں شمولیت کی دعوت دی تھی جسے انہوں نے قبول کیا تھا۔

  • پیپلز پارٹی کا انتخابی منشور تیار، کل اعلان متوقع

    پیپلز پارٹی کا انتخابی منشور تیار، کل اعلان متوقع

    پاکستان پیپلز پارٹی کا انتخابی منشور تیار کر لیا گیا ہے جس کا اعلان چیئرمین بلاول بھٹو کل (27 دسمبر) کو لاڑکانہ یا کراچی میں کریں گے۔

    ذرائع کے مطابق 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی کا انتخابی منشور تیار کر لیا گیا ہے۔ یہ منشور ماہرین کی مشاورت سے تیار کیا گیا ہے جس کا اعلان پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اپنے والدہ کی برسی کے موقع پر لاڑکانہ جلسے یا کراچی میں پریس کانفرنس میں کریں گے۔

    پارٹی ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کا منشور کتابچے کی صورت میں تیار کیا گیا ہے جس میں اس کی سابق حکومت کی کامیابیوں کو حصہ بنایا گیا ہے جس میں سندھ میں سیلاب متاثرین کے لیے گھروں کی تعمیر، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا توسیع پلان، یوتھ کارڈ، مزدور اور کسان کارڈ کی توسیع جیسے پروگرام شامل ہیں۔

    منشور میں ’’بلاول آئے گا روزگار لائے گا‘‘ کا نعرہ بھی شامل کیا گیا ہے جب کہ تخفیف غربت، سماجی تحفظ، بجلی پیداوار، روزگار میں اضافے اور کاروباری صنعت کیلیے سبسڈیز پیکجز بھی منشور کا حصہ بنائے گئے ہیں۔

    انتخابی منشور میں مہنگائی کا خاتمہ، شہریوں کی قوت خرید بہتر بنانے، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں نمایاں اضافہ، شعبہ زراعت کی ترقی کیلئے منصوبے، کسانوں کو سستے بیج اور کھاد کی فراہمی اور بجلی پر سبسڈی پلان جیسے نکات بھی شامل ہیں۔

  • اسفندیار ولی خان کے قریبی ساتھی نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کر دیا

    اسفندیار ولی خان کے قریبی ساتھی نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کر دیا

    اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی نے پشاور سے عوامی نیشنل پارٹی کی اہم وکٹ اڑا دی، اسفندیار ولی خان کے قریبی ساتھی عابد اللہ یوسفزئی نے اپنی جماعت کو خیرباد کہہ کر پی پی میں شمولیت اختیار کر لی۔

    ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی خیبر پختون خوا کے صدر محمد علی شاہ باچا نے وفد کے ہمراہ پشاور میں عوامی نیشنل پارٹی کے سینئر صوبائی رہنما اور باچا خان مرکز کے سابق سربراہ عابد اللہ یوسفزئی سے ملاقات کی۔

    ملاقات کے دوران صوبے کی سیاسی صورت حال سمیت باہمی دل چسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر نے اے این پی رہنما کو پارٹی میں شمولیت کی دعوت دی جسے انھوں نے قبول کرتے ہوئے پی پی میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔

    ملاقات کے دوران عابد اللہ یوسفزئی نے آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار بھی کیا۔

    واضح رہے کہ عابد اللہ یوسفزئی عوامی نیشنل پارٹی پشاور میٹروپولیٹن کے صدر اور باچا خان مرکز کے سابق انچارج تھے، عابد اللہ یوسفزئی کا شمار عوامی نیشنل پارٹی کے سنیئر رہنماؤں اور اسفند یار ولی خان کے قریبی ساتھیوں میں ہوتا تھا۔

  • کراچی اور چمن کے 2 ماحولیاتی سیمپلز میں پولیو وائرس کی تصدیق

    کراچی اور چمن کے 2 ماحولیاتی سیمپلز میں پولیو وائرس کی تصدیق

    اسلام آباد: کراچی اور چمن کے 2 ماحولیاتی سیمپلز میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

    وزارت صحت کے ذرائع کے مطابق ملک کے دو شہروں کراچی اور چمن کی سیوریج میں ٹائپ ون وائلڈ پولیو وائرس پایا گیا ہے، رواں برس کے پولیو پازیٹو سیوریج سیمپلز کی تعداد 94 ہو گئی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت صحت نے پولیو پازیٹو سیوریج سیمپلز سے متعلق ٹیکنیکل رپورٹ تیار کر لی ہے، کراچی ساؤتھ کی ہجرت کالونی کا سیوریج سیمپل پازیٹو نکلا، رواں سال کراچی ساؤتھ کی سیوریج پانچویں بار پولیو پازیٹو نکلی ہے۔

    کراچی ساؤتھ کے سیمپلز 13 ستمبر، 11، 16 اکتوبر، اور 7 نومبر کو پازیٹو نکلے تھے، ہجرت کالونی سے پولیو ٹیسٹ کے لیے سیمپل 4 دسمبر کو لیا گیا تھا، ہجرت کالونی کے پولیو وائرس کا جینیاتی تعلق کراچی ایسٹ گڈاپ سے ہے۔

    دوسری طرف چمن کے علاقے آرمی کازیبہ کی سیوریج میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، چمن کی سیوریج سے پولیو ٹیسٹ کے لیے سیمپلز 4 دسمبر کو لیے گئے تھے، جس سے رواں سال چمن کی سیوریج میں ساتویں بار پولیو وائرس پایا گیا ہے۔ چمن کی سیوریج میں موجود پولیو وائرس جینیاتی طور پر لوکل ہے۔

    واضح رہے کہ رواں برس ملک میں پولیو وائرس کے 6 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

    سیوریج لائنز میں پولیو وائرس کی موجودگی نے حکومت کو چکرا کر رکھ دیا ہے، حکومت نے آئندہ ماہ ملک گیر انسداد پولیو مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہے، صوبوں کی مشاورت سے قومی انسداد پولیو مہم کا شیڈول تیار کر لیا گیا، مہم تین مراحل میں چلائی جائے گی، پہلا ملک گیر مرحلہ 8 تا 14 جنوری چلے گا۔

  • پیپلز پارٹی کو خیبر پختونخوا سے بڑی سیاسی کامیابی مل گئی

    پیپلز پارٹی کو خیبر پختونخوا سے بڑی سیاسی کامیابی مل گئی

    عام انتخابات سے قبل پاکستان پیپلز پارٹی کو خبیر پختونخوا سے بڑی سیاسی کامیابی مل گئی۔ اس نے صوبے کے ناراض بڑے سیاسی خاندان کو منا لیا۔

    پیپلز پارٹی سے منسلک ذرائع نے بتایا کہ پارٹی کے وفد نے سابق وفاقی وزیر ارباب عالمگیر سے گزشتہ رات پشاور میں ملاقات کی، ملاقات میں عاصمہ ارباب بھی شریک تھیں۔

    ذرائع نے بتایا کہ وفد کی قیادت صدر خیبر پختونخوا محمد علی شاہ باچا نے کی۔ ملاقات کے دوران ارباب عالمگیر نے وفد کو اپنے شکوے اور تحفظات سے آگاہ کیا۔

    پیپلز پارٹی نے ارباب عالمگیر اور عاصمہ ارباب کے گلے شکوے دور کر دیے۔ ارباب خاندان کو ایک قومی اور ایک صوبائی اسمبلی کا ٹکٹ دیا جائے گا۔

    متعلقہ: بلوچستان کے 2 بڑے الیکٹیبلز کی پیپلز پارٹی میں شمولیت سے معذرت

    ذرائع کے مطابق ارباب عالمگیر کو پشاور سے قومی اسمبلی جبکہ ان کے بیٹے کو صوبائی اسمبلی کا ٹکٹ دیا جائے گا۔

    ارباب عالمگیر سابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا ارباب جہانگیر کے صاحبزادے ہیں۔ ارباب عالمگیر اور عاصمہ ارباب سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کی کابینہ میں وزیر تھے۔

    چند روز قبل، پاکستان پیپلز پارٹی کے بلوچستان سے تعلق رکھنے والے ایک الیکٹیبکل مٹھا خان کاکڑ سے معاملات طے پائے تھے۔

    ذرائع نے بتایا تھا کہ بلوچستان کے سابق وزیر مٹھا خان کاکڑ نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کا فیصلہ کر لیا، وہ جلد یہ اس کا باضابطہ اعلان کریں گے، ان کی پی پی قیادت سے ملاقات ہو چکی ہے۔

    سابق صوبائی وزیر مٹھا خان کاکڑ کا تعلق بلوچستان عوامی پارٹی سے ہے۔ وہ 2018 میں ژوب سے رکن بلوچستان اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔

  • پیپلز پارٹی کے بلوچستان کے ایک الیکٹیبل سے معاملات طے پا گئے

    پیپلز پارٹی کے بلوچستان کے ایک الیکٹیبل سے معاملات طے پا گئے

    کوئٹہ: پاکستان پیپلز پارٹی کے بلوچستان سے تعلق رکھنے والے ایک الیکٹیبکل مٹھا خان کاکڑ سے معاملات طے پا گئے۔

    ذرائع نے بتایا کہ بلوچستان کے سابق وزیر مٹھا خان کاکڑ نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کا فیصلہ کر لیا، وہ جلد یہ اس کا باضابطہ اعلان کریں گے، ان کی پی پی قیادت سے ملاقات ہو چکی ہے۔

    سابق صوبائی وزیر مٹھا خان کاکڑ کا تعلق بلوچستان عوامی پارٹی سے ہے۔ وہ 2018 میں ژوب سے رکن بلوچستان اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔

    متعلقہ: سرفراز بگٹی کا پیپلز پارٹی میں شامل ہونے کا فیصلہ

    گزشتہ روز ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا تھا کہ بلوچستان کے دو بڑے الیکٹیبلز نے پیپلز پارٹی میں شمولیت سے معذرت کر لی تھی۔

    سردار صالح بھوتانی اور جان محمد جمالی نے پارٹی میں شمولیت سے معذرت کی تھی۔ اس حوالے سے ذرائع کا کہنا تھا کہ یار محمد رند نے مبینہ طور پر خود کو بلوچستان کا وزیر اعلیٰ بنانے اور ساتھ ہی اپنے بیٹے کیلیے سندھ اسمبلی میں کنفرم سیٹ کا مطالبہ کیا تھا۔

    ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی نے ان کی یہ شرائط قبول کرنے سے انکار کر دیا تھا جس کے بعد یار محمد رند نے پیپلز پارٹی میں شمولیت سے معذرت کی تھی۔