Author: جہانگیر خان

  • لاہور میں ڈسٹری بیوٹر کے دفتر پر چھاپا، ایواسٹین انجیکشن کی بھاری مقدار برآمد

    لاہور میں ڈسٹری بیوٹر کے دفتر پر چھاپا، ایواسٹین انجیکشن کی بھاری مقدار برآمد

    اسلام آباد: لاہور میں ڈرگ حکام نے ڈسٹری بیوٹر کے دفتر پر چھاپا مار کر ایواسٹین انجیکشن کی بھاری مقدار برآمد کر لی۔

    ڈریپ ذرائع کے مطابق ڈریپ نے صوبائی ڈرگ حکام کے ہمراہ لاہور میں ادویات کے ڈسٹری بیوٹر پر چھاپا مارا، چھاپے کے دوران ڈسٹری بیوٹر کے دفتر سے ایواسٹین انجیکشن کی 110 وائلز برآمد ہو گئیں۔

    ڈریپ کا کہنا ہے کہ برآمد شدہ انجیکشن کے سیمپل ڈرگ ٹیسٹنگ لیب لاہور ارسال کر دیے گئے ہیں، اور ڈریپ نے ڈسٹری بیوٹر کو ایواسٹین انجیکشن کی فروخت سے روک دیا ہے۔

    ڈی ٹی ایل لاہور ایواسٹین انجیکشن کی کوالٹی اور سیفٹی چیک کرے گی، اور ڈی ٹی ایل رپورٹ آنے تک ڈسٹری بیوٹر انجیکشن فروخت نہیں کرے گا، ڈریپ ذرائع کے مطابق برآمد شدہ بیچ کے ایواسٹین انجیکشنز لاہور میں غیر قانونی فروخت ہوئے اور جینئس ایڈوانسڈ فارما اسی بیچ کے انجیکشن غیر قانونی فروخت کر رہی تھی۔

  • خبردار: مارکیٹ میں بخار کے غیر معیاری سیرپ کی فروخت کا انکشاف

    خبردار: مارکیٹ میں بخار کے غیر معیاری سیرپ کی فروخت کا انکشاف

    اسلام آباد: مارکیٹ میں بخار کے غیر معیاری سیرپ کی فروخت کا انکشاف ہوا ہے، ڈریپ نے بخار کی دوا کا ایک بیچ غیر معیاری قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے ’پیڈولل‘ سسپنشن کا پراڈکٹ ری کال الرٹ جاری کر دیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ پیڈولل سسپنشن پیراسیٹامول فارمولے سے تیار کردہ ہے، لیکن اس کا بیچ 167 غیر معیاری ہے۔

    ڈریپ الرٹ کے مطابق پیڈولل سسپنشن جے اے ایس ایم فارما رسالپور کی تیار کردہ ہے، پیڈولل بیچ کو فیڈرل ڈرگ اینالسٹ، سی ڈی ایل کراچی نے غیر معیاری قرار دیا، یہ ری کال الرٹ شہری، ڈاکٹرز، کیمسٹ کے لیے جاری کیا گیا ہے۔

    ناقص انجیکشن بنانے والی کمپنی کے گودام پر ڈرگ اتھارٹی کا چھاپہ

    پیڈولل سسپنشن بخار، جسم کے درد کے علاج میں استعمال کیا جاتا ہے، الرٹ میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹرز مریض کو پیڈولل سسپنشن کا متاثرہ بیچ استعمال نہ کرائیں، غیر معیاری دوا کا استعمال مریض کی جان کے لیے خطرناک ہو سکتا ہے۔

    ڈریپ الرٹ کے مطابق غیر معیاری دوا کا استعمال جگر اور گردے کے لیے نقصان دہ ہو سکتا ہے، خون کی خرابی کا باعث بھی بن سکتا ہے، اس لیے فارما کمپنی پیڈولل سسپنشن کا متاثرہ بیچ سپلائی نہ کرے، اور کمپنی متاثرہ بیچ فوری طور پر مارکیٹ سے واپس اٹھوائے۔

    کراچی میں جعلی ادویات فروخت کرنے والے متعدد میڈیکل اسٹورز سیل

    ڈریپ کا کہنا تھا کہ کیمسٹ بھی پیڈولل سسپنشن کا متاثرہ بیچ فارما کمپنی کو واپس کریں، ڈریپ کی جانب سے صوبائی ٹیموں کو میڈیسن مارکیٹ میں سرویلنس بڑھانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

  • میڈیکل طلبہ کی فیسوں کے حوالے سے بڑا فیصلہ

    میڈیکل طلبہ کی فیسوں کے حوالے سے بڑا فیصلہ

    کراچی : سرکاری، نجی میڈیکل و ڈینٹل کالجز کی زائد فیسوں کا معاملے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جس کے مطابق ان تعلیمی اداروں کی فیسوں میں نمایاں فرق مٹانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ میڈیکل و ڈینٹل کالجز کی فیسوں سے متعلق قواعد بنائے جائیں گے۔

    ذرائع کے مطابق ان کالجز کی فیسوں کے بارے میں خصوصی کمیٹی قائم کی گئی ہے، مذکورہ کمیٹی نیشنل میڈیکل و ڈینٹل اکیڈمک بورڈ کے حکم پر قائم کی گئی ہے۔

    پی ایم ڈی سی کے ذرائع نے بتایا کہ پروفیسر ڈاکٹر ضیا الحق پانچ رکنی کمیٹی کے سربراہ مقرر کیے گئے ہیں، کمیٹی سرکاری، نجی میڈیکل و ڈینٹل کالجوں کی انتظامیہ سے فیس اسٹرکچر طلب کرے گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ میڈیکل و ڈینٹل کالجز سے 2020 سے بعد کا فیس اسٹرکچر طلب کیا جائے گا، کمیٹی ان کالجز کے فیس اسٹرکچر کی جانچ پڑتال کرے گی۔

    اس کے علاوہ کمیٹی فیسوں کے بارے میں سفارشات نیشنل میڈیکل و ڈینٹل اکیڈمک بورڈ کو دے گی،جس کے بعد ان کالجز کی فیسوں کیلئے قواعد و ضوابط بنائے جائیں گے۔

    ذرائع نے بتایا کہ فیس پالیسی کے بارے میں حتمی فیصلہ نیشنل میڈیکل و ڈینٹل اکیڈمک بورڈ کرے گا، مذکورہ کالجز سالانہ 30 لاکھ روپے تک فیس لے رہے ہیں جبکہ اوورسیز سیٹ پر 18 ہزار ڈالر سالانہ فیس وصول کی جارہی ہے۔

  • ’پیپلز پارٹی کے الیکشن کمیشن کے اعلان سے متعلق تحفظات برقرار‘

    ’پیپلز پارٹی کے الیکشن کمیشن کے اعلان سے متعلق تحفظات برقرار‘

    اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے عام انتخابات سے متعلق اعلان پر تحفظات برقرار ہیں۔

    ذرائع نے بتایا کہ پارٹی رہنماؤں نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے رابطہ کر کے انہیں الیکشن کمیشن کے اعلان پر تحفظات سے آگاہ کر دیا جس کے بعد قیادت نے پارٹی سے مشاورت اور مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس بلانے کا فیصلہ کر لیا۔

    ذرائع کے مطابق مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس بلاول بھٹو زرداری کی وطن واپسی پر ہوگا جس میں الیکشن کمیشن کے اعلان پر تفصیلی غور کیا جائے گا۔

    پیپلز پارٹی سے منسلک ذرائع نے بتایا کہ الیکشن کمیشن کا اعلان خلاف آئین اور قابلِ قبول نہیں ہے، پارٹی کو انتخابات کی تاریخ کے اعلان کی امید تھی، الیکشن کمیشن کو تاریخ اور شیڈول کا اعلان کرنا چاہیے تھا۔

    ذرائع نے مزید بتایا کہ الیکشن کمیشن کو آئین کے مطابق الیکشن نہ کروانے پر جوابدہ ہونا پڑے گا، مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس عوام میں جانے اور عدلیہ سے رجوع سمیت مختلف آپشنز پر غور کرے گا اور آئندہ کا لائحہ عمل بھی طے کیا جائے گا۔

  • سینیٹ میں پیپلزپارٹی جڑانوالہ واقعہ پر بحث کے مطالبے سے پیچھے ہٹ گئی

    سینیٹ میں پیپلزپارٹی جڑانوالہ واقعہ پر بحث کے مطالبے سے پیچھے ہٹ گئی

    اسلام آباد : پیپلزپارٹی ایک بار پھر سینیٹ اجلاس بلانے کیلئے ریکوزیشن جمع کراتے ہوئے جڑانوالہ واقع پر بحث کے مطالبے سے پیچھے ہٹ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی نے ایک بار پھر سینیٹ اجلاس بلانے کیلئے ریکوزیشن جمع کروا دی اور سینیٹ میں پیپلزپارٹی جڑانوالہ واقع پر بحث کے مطالبے سے پیچھے ہٹ گئی۔

    ذرائع پی پی کا کہنا ہے کہ نئی ریکوزیشن میں ملک میں مہنگائی اور معاشی صورتحال پر بحث کا مطالبہ کیا گیا ہے ، ریکوزیشن پر 28ارکان کے دستخط موجود ہیں۔

    پہلی ریکوزیشن سینیٹ سیکرٹریٹ نے دستخط مشکوک قرار دے کر مسترد کر دی تھی ، ملکی تاریخ میں پہلی بار سینیٹ اجلاس بلانے کی ریکوزیشن مشکوک قرار پائی تھی۔

    یاد رہے 7 ستمبر کو پی ڈی ایم و اتحادی جماعتیں سینیٹ میں اپنی ریکوزیشن سے پیچھے ہٹ گئیں تھیں ، دستاویز کے مطابق سینیٹ اجلاس بلانے کی ریکوزیشن میں 6 سینیٹرز کے دستخط جعلی قرار دے دیے گئے تھے۔

  • کارکن تھک جائیں گے، پیپلز پارٹی نے الیکشن شیڈول سے قبل انتخابی مہم بے سود قرار دے دیا

    کارکن تھک جائیں گے، پیپلز پارٹی نے الیکشن شیڈول سے قبل انتخابی مہم بے سود قرار دے دیا

    اسلام آباد: الیکشن کی تاریخ کے اعلان سے قبل پیپلز پارٹی نے انتخابی مہم نہ چلانے کا فیصلہ کیا ہے، پارٹی کا کہنا ہے کہ اس طرح کارکن تھک جائیں گے۔

    پی پی ذرائع کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی نے انتخابی مہم الیکشن تاریخ کے اعلان سے مشروط کرنے کا فیصلہ کیا ہے، الیکشن شیڈول کے اعلان بعد پی پی انتخابی مہم شروع کرے گی۔

    ذرائع نے بتایا ہے کہ انتخابی مہم کے آغاز سے متعلق فیصلہ پارٹی مشاورت سے ہوا ہے، پیپلز پارٹی الیکشن شیڈول اعلان کے فوراً بعد انتخابی مہم کا اعلان کرے گی، پارٹی کے انتخابی شیڈول اور منشور کی تیاری پر کام جاری ہے۔

    پارٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ الیکشن شیڈول کے اعلان سے قبل انتخابی مہم چلانا بے سود ہے، قبل از وقت انتخابی مہم چلانے سے کارکن اور شہری تھک جائیں گے، جب کہ پیپلز پارٹی انتخابی شیڈول سے قبل کارکنان کو تازہ دم رکھنا اور اپنی توانائیاں بھرپور انتخابی مہم کے لیے بچا کر رکھنا چاہتی ہے۔

    انتخابات کا اصل ماحول الیکشن شیڈول اعلان کے بعد بنے گا، انتخابی ماحول بننے کے بعد چلنے والی مہم نتیجہ خیز ہوگی، ذرائع نے یہ بھی کہا کہ پیپلز پارٹی قیادت کی حالیہ انتخابی مہم بھرپور اور متاثر کن ہوگی۔

  • پشاور اور پشین کے ماحولیاتی سیمپلز میں پولیو وائرس کی تصدیق

    پشاور اور پشین کے ماحولیاتی سیمپلز میں پولیو وائرس کی تصدیق

    اسلام آباد: پاکستان کے پولیو فری ہونے کا خواب حقیقت نہ بن سکا۔ دو شہروں کے ماحولیاتی سیمپلز میں پولیو وائرس کی تصدیق کر دی گئی۔

    ذرائع وزارت صحت کے مطابق خیبر پختونخوا کے شہر پشاور اور بلوچستان کے ضلع پشین کے سیوریج میں پولیو پایا گیا ہے، دونوں علاقوں کے سیوریج میں وائلڈ پولیو وائرس ون موجود ہے۔

    پشاور کے علاقہ نرے خوڑ کے سیوریج میں پولیو وائرس موجود ہے۔ رواں سال شہر کے سیوریج میں گیارہویں بار پولیو وائرس پایا گیا ہے۔ نرے خوڑ کے سیوریج سے پولیو ٹیسٹ کیلیے سیمپل 5 ستمبر کو لیا گیا تھا۔ شہر کے سیوریج میں موجود وائرس کا جنیاتی تعلق افغانستان کے علاقے ننگرہار سے ہے۔

    پشین کے علاقے تروا کے سیوریج میں پولیو وائرس موجود ہے۔ پولیو ٹیسٹ کیلیے سیمپل 4 ستمبر کو لیا گیا تھا۔ ضلع کے سیوریج میں پہلی بار پولیو وائرس پایا گیا ہے۔ وائرس کا جینیاتی تعلق بھی افغانستان کے شہر قندہار سے ہے۔

    خیال رہے کہ رواں برس 24 ماحولیاتی سیمپلز میں پولیو کی تصدیق ہو چکی ہے۔ رواں برس ملک میں پولیو وائرس کے دو کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

  • شوگر اور مرگی کی ادویات سے متعلق اہم خبر

    شوگر اور مرگی کی ادویات سے متعلق اہم خبر

    اسلام آباد: ملک میں شوگر اور مرگی کی ادویات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے اہم پیش رفت ہوئی ہے، وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ ان امراض کی ادویات کی رجسٹریشن کا عمل ہنگامی بنیادوں پر شروع ہو چکا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان وزارتِ صحت نے کہا ہے کہ وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان کی ہدایت پر شوگر اور مرگی کی ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے، انسولین اور ہیپارِن کی دوا کی ایمرجنسی بنیادوں پر رجسٹریشن کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔

    ڈاکٹر ندیم جان نے کہا کہ ڈریپ ترجیحی بنیادوں پر رجسٹریشن کے کیسز کی فاسٹ ٹریک پراسس کو یقینی بنا رہا ہے، چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈریپ کو ہدایت کر دی ہے کہ فاسٹ ٹریک پر رجسٹریشن یقینی بنایا جائے اور ہفتہ وار رپورٹ دی جائے۔

    وزیر صحت کا کہنا تھا کہ ادویات کی رجسٹریشن سے خاص طور پر شوگر اور مرگی کے مریضوں کے لیے مارکیٹ میں ادویات کی فراہمی میں مدد ملے گی، فارما انڈسٹری کی صلاحیت بڑھانے کے لیے مؤثر ترین اقدامات اور جامع حکمت کے تحت کام کیا جا رہا ہے۔

    ندیم جانے کے مطابق سی ای او ڈریپ نے بتایا ہے کہ رجسٹریشن بورڈ نے ترجیحی بنیادوں پر 10 سے زائد درخواستوں کا جائزہ لیا ہے اور متعدد درخواستوں کی منظوری دے دی ہے۔

  • جان بچانے والی مزید 16 اہم ادویات کی رجسٹریشن مکمل

    جان بچانے والی مزید 16 اہم ادویات کی رجسٹریشن مکمل

    اسلام آباد: مارکیٹس سے غائب ادویات کو واپس لانے کے پلان پر عمل درآمد اور جان بچانے والی نئی اہم ادویات کی فوری رجسٹریشن کا عمل جاری ہے۔

    ذرائع کے مطابق جان بچانے والی مزید 16 ادویات کی رجسٹریشن مکمل کر لی گئی، ہنگامی رجسٹریشن ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) کے بورڈ نے کی۔

    ذرائع نے بتایا کہ نایاب دوا کے فارمولہ والی متبادل دوا رجسٹرڈ کی جا رہی ہے، کمپنیز کو باری سے ہٹ کر میڈیسن رجسٹریشن کی سہولت دی گئی ہے، ہائیپر ٹیشن کے انجکشن لیبیٹالول کی ہنگامی رجسٹریشن کر لی ہے، کیلشیئم کی کمی دور کرنے والے انجکشن کی رجسٹریشن مکمل کر لی گئی۔

    بچوں کو ہارٹ فیل سے بچاؤ کا ڈیگوکسن نامی انجکشن، کولیسٹرول کمی میں استعمال ہونے والا کولیسٹرامائن پاوڈر، بائی پولر ڈس آرڈر کی دوا اور امراض چشم ڈراپس کی رجسٹریشن مکمل کر لی گئی۔

    مرگی کی گولی اور انجکشن کی فوری رجسٹریشن کر لی گئی ہے۔ سرجری کیلیے بیہوش کرنے والا اینستھیزیا انجکشن پروپوفول، خون پتلا کرنے والے ہیپارن فارمولہ کے انجکشن، نوزائیدہ کی بیماری رہیسس کے علاج کے انجکشن، ہارٹ اٹیک میں پیچیدگی سے بچاؤ کے انجکشن کی رجسٹریشن مکمل کر لی گئی۔

    مہلک ڈائریا علاج کے انجکشن، مرگی کی گولی کاربامیزاپائن، بیکٹیریل انفیکشن کے پینسیلین جی نامی انجکشن، ہڈیوں کی کمزوری کے انجکشن اور سکن انفیکشن کریم رجسٹرڈ کر لی گئی۔

    ذرائع کے مطابق فارما کمپنیز رجسٹریشن سرٹیفکیٹ ملنے پر فوری پیداوار شروع کریں گی، اہم ادویات کی دستیابی کیلیے باری سے ہٹ کر رجسٹریشن کا فیصلہ ہوا تھا، نایاب ادویات کے متبادل برانڈز جلد مارکیٹ میں لائے جائیں گے، اہم ادویات رجسٹریشن کی مزید درخواستوں پر کارروائی جاری ہے، برانڈ رجسٹرڈ کرانے والی کمپنیز نے فوری پیداوار کی یقین دہانی کروائی ہے۔

  • سی ای سی نے بلاول بھٹو کی پالیسی پر اتفاق رائے کر لیا

    سی ای سی نے بلاول بھٹو کی پالیسی پر اتفاق رائے کر لیا

    اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کی سی ای سی نے بروقت انتخابات کے معاملے پر بلاول بھٹو زرداری کی پالیسی پر اتفاق رائے کر لیا ہے۔

    پیپلز پارٹی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ سنٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی کے اجلاس میں بروقت الیکشن کے معاملے پر طویل غور ہوا، اور سی ای سی نے بلاول بھٹو کی پالیسی پر اتفاق رائے کیا۔

    ذرائع کے مطابق سی ای سی میں آصف زرداری اور ان کے صاحب زادے بلاول کی پالیسی پر مشاورت کی گئی، بعض سنیئر اراکین کی تجویز تھی کہ آصف زرداری کی مفاہمتی پالیسی لے کر چلا جائے، آصف زرداری معیشت کو بچانے کی پالیسی اپنانے کے خواہاں تھے، تاہم سی ای سی کی اکثریت نے الیکشن پر آصف زرداری کے مؤقف کی مخالفت کی۔

    پی پی ذرائع نے بتایا ہے کہ سی ای سی کی اکثریت نے بلاول بھٹو کی پالیسی کی حمایت کی، اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ پیپلز پارٹی بروقت الیکشن کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی، اراکین کا مؤقف تھا کہ عام انتخابات میں تاخیر قبول نہ کی جائے، اور پی پی قیادت بروقت الیکشن سے متعلق جارحانہ مؤقف اپنائے۔

    اراکین کا کہنا تھا کہ عام انتخابات میں تاخیر کا بھرپور خمیازہ بھگتنا پڑے گا، ملک اور جمہوریت الیکشن میں تاخیر کی متحمل نہیں ہو سکتی، پی پی بروقت الیکشن کا بھرپور فائدہ اٹھا سکتی ہے، کیوں کہ عام آدمی حالات کا ذمہ دار ن لیگ کو قرار دے رہا ہے، اور الیکشن میں سابقہ حکومتی کارکردگی کا نزلہ ن لیگ پر گرے گا۔

    پی پی ذرائع کے مطابق اراکین نے مؤقف پیش کیا کہ ن لیگ اور شہباز شریف ڈیڑھ سالہ دور حکومت میں بے نقاب ہوئے ہیں، اس لیے ن لیگ کی بری پوزیشن کا بھرپور فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے، اور پی ٹی آئی اور ن لیگ کے بعد عوام کی امید اب پیپلز پارٹی ہے۔