Author: جہانگیر خان

  • حفاظتی ٹیکے: پروگرام میں سروائیکل کینسر سے بچاؤ کی ویکسین بھی شامل

    حفاظتی ٹیکے: پروگرام میں سروائیکل کینسر سے بچاؤ کی ویکسین بھی شامل

    اسلام آباد: حفاظتی ٹیکہ جات پروگرام میں سروائیکل کینسر سے بچاؤ کی ویکسین بھی شامل کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق حفاظتی ٹیکہ جات کے پروگرام کی کارکردگی بڑھانے کے سلسلے میں بڑی پیش رفت ہوئی ہے، وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان کی ہدایت پر تین بڑے اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    سروائیکل کینسر سے بچاؤ کے لیے HPV ویکسین حفاظتی ٹیکہ جات پروگرام میں شامل کر دی گئی ہے، ایچ پی وی ویکسین کو حفاظتی ٹیکہ جات پروگرام کا حصہ بنانے کے لیے مربوط حکمت عملی تشکیل دے دی گئی۔

    ڈاکٹر ندیم جان کے مطابق صحت مراکز کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جا رہا ہے، پہلے مرحلے میں ہائی رسک ایریاز کے چار سو صحت کے مراکز کو شمسی توانائی پر شفٹ کیا جائے گا، بعد ازاں دوسرے مراکز کو بھی شمسی توانائی پر شفٹ کیا جائے گا۔

    انھوں نے کہا قومی الیکٹرانک امیونائزیشن رجسٹری کا آغاز بھی کیا جا رہا ہے، جس سے پروگرام کی کارکردگی کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی، نیشنل الیکٹرانک رجسٹری کے تحت ہر بچے کا امیونائزیشن کا ڈیٹا سسٹم میں درج ہو جائے گا اور بچے کے والدین کو الرٹ موصول ہوگا کہ آپ کے بچے کی ویکسینیشن کی تاریخ کون سی ہے، والدین یہ معلوم کر سکیں گے کہ کون سی ویکسین بچے کو لگنی ہے، اس سسٹم کے تحت ادارہ اپنے ویکسینیٹر کی حاضری اور کارکردگی کو بھی مانیٹر کر سکتا ہے۔

    ڈاکٹر ندیم جان نے کہا ’’وزارت صحت صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر کوریج کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کو یقینی بنا رہی ہے، اور ملک بھر کے بچوں کو 12 بیماریوں سے بچانے کے لیے خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ حفاظتی ٹیکہ جات پروگرام تیزی سے یونیورسل ہیلتھ کوریج کی جانب گامزن ہے۔

  • شہری یہ اینٹی بائیوٹک سیرپ استعمال نہ کریں ، الرٹ جاری

    شہری یہ اینٹی بائیوٹک سیرپ استعمال نہ کریں ، الرٹ جاری

    اسلام آباد: ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی (ڈریپ) نے اینٹی بائیوٹک سیرپ ‘کیمیجل سسپنشن ‘ کے حوالے سے الرٹ جاری کردیا اور ہدایت کی ڈاکٹرز مریض کو کیمیجل سسپنشن کا متاثرہ بیچ استعمال نہ کرائیں۔

    تفصیلات کے مطابق ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی (ڈریپ) نے اینٹی بائیوٹک سیرپ کا ایک بیچ غیر معیاری قرار دےدیا اور کیمیجل سسپنشن کا پروڈکٹ ری کال الرٹ جاری کردیا ہے۔

    ڈریپ نے بتایا کہ کیمیجل سسپنشن کا بیچ ایم 319 کو غیر معیاری قرار دیا گیا ہے، کیمیجل سسپنس الکیمے فارما لیبارٹریز حیدر آباد کی تیارکردہ ہے، اس کا سیمپل صوبائی ڈرگ انسپکٹر جامشورو نے لیبارٹری بھجوایا تھا، جہاں کیمیجل سسپنس کے بیچ کو ڈرگ ٹیسٹنگ لیب کراچی نے غیر معیاری قرار دیا۔

    ڈریپ کا کہنا تھا کہ کیمیجل سسپشن ری کال الرٹ کا اجراء شہری، ڈاکٹرز، کیمسٹ کیلئے کیا گیا اور کہا ہے کہ کیمیجل سسپنشن بیکٹریل انفیکشن کے علاج میں استعمال کیا جاتا ہے، ڈاکٹرز مریض کو کیمیجل سسپنشن کا متاثرہ بیچ استعمال نہ کرائیں۔

    الرٹ میں کہا گیا کہ غیر معیاری دواکا استعمال مریض کی جان کیلئے خطرناک ہو سکتا ہے، غیرمعیاری اینٹی بائیوٹک استعمال سےمرض پیچیدگی اختیار کرسکتاہے۔

    ڈریپ کی جانب سے کہا ہے کہ فارما کمپنی کیمیجل سسپنشن کا متاثرہ بیچ کی سپلائی نہ کرے، کمپنی کیمیجل سسپنشن کا متاثرہ بیچ مارکیٹ سے واپس اٹھوائے اور کیمسٹ کیمیجل سسپنشن کامتاثرہ بیچ فارما کمپنی کو واپس کریں ساتھ ہی ڈریپ کی صوبائی ٹیمیں میڈیسن مارکیٹ میں سرویلنس بڑھائیں۔

  • پیپلزپارٹی ساتھ نہ دیتی تو شہباز شریف کبھی وزیراعظم نہ بنتے ، ارکان کی پی پی قیادت پر کھل کر تنقید

    پیپلزپارٹی ساتھ نہ دیتی تو شہباز شریف کبھی وزیراعظم نہ بنتے ، ارکان کی پی پی قیادت پر کھل کر تنقید

    اسلام آباد : پیپلزپارٹی کے سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی اجلاس میں ارکان نے بعض معاملات پر پی پی قیادت پر کھل کر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی ساتھ نہ دیتی تو شہباز شریف کبھی وزیراعظم نہ بنتے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں ہونے والی پیپلزپارٹی کی سی ای سی اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی، سی ای سی ارکان نے بعض معاملات پر پی پی قیادت پر کھل کرتنقید کی۔

    ارکان نے کہا کہ پیپلزپارٹی ساتھ نہ دیتی تو شہبازشریف کبھی وزیراعظم نہ بنتے، پی ڈی ایم آج بھی سڑکوں پر ہوتی، ن لیگ اور جےیو آئی رہنمااحسانات کا بدلہ تنقید کرکے دے رہے ہیں۔

    آصف علی زرداری نے خورشید شاہ سے کہا شہبازشریف کو اپوزیشن لیڈر آپ نے بنایا تھا، جس پر بلاول بھٹو نے کہا شہباز شریف کو وزیراعظم آپ نے بنایا، بلاول بھٹو کے برجستہ جواب پرآصف زرداری اور ارکان مسکرا دیئے۔

    سی ای سی ارکان نے مہنگائی میں ہوشربا اضافے پر بھی شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا بجلی اور اشیائےضروریہ کی قیمتوں میں اضافےپر عوام کا سامنا کیسے کریں، موجودہ حالات میں الیکشن ہونے پرنتائج سب کے سامنے ہیں۔

    سی ای سی نے وفاقی کابینہ سےمتعلق شدید تحفظات کا اظہار بھی کیا اور وفاقی کابینہ کا معاملہ آصف زرداری کے سپرد کردیا۔

    پیپلزپارٹی کےسینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی نے نگراں سندھ حکومت پر شدید تحفظات کا اظہار کیا کہ پیپلزپارٹی رہنماؤں کیخلاف کیسز بنارہی ہے۔

    پی پی قیادت نے وفاقی کابینہ کا معاملہ متعلقہ فورم پر اٹھانے کی یقین دہانی کرائی اور ارکان کو الیکشن کمیشن پر بیان بازی سے گریز کرنے کی بھی ہدایت کی۔

  • پاکستان میں کورونا ویکسین بوسٹر ڈوز لگوانے کا عمل شدید سست روی کا شکار

    پاکستان میں کورونا ویکسین بوسٹر ڈوز لگوانے کا عمل شدید سست روی کا شکار

    اسلام آباد : پاکستان میں کورونا ویکسین بوسٹر ڈوز لگوانے کا عمل شدید سست روی کا شکار ہے، صرف 5 کروڑ 21 لاکھ 76755 افراد کو بوسٹر ڈوز لگائی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق ملک میں کورونا ویکسین بوسٹر ڈوز لگوانے کا عمل شدید سست روی کا شکار ہے، ذرائع نے بتایا کہ ملک میں 5 کروڑ 21 لاکھ 76755 بوسٹر ڈوز لگائی جا چکی ہیں، جس میں پنجاب پہلےاور بلوچستان آخری نمبر پر ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک کی 41 فیصد اہل آبادی کو کورونا بوسٹر ڈوز لگ چکی ہے، آزاد کشمیر کی 45 فیصد ، گلگت بلتستان کی 45 فیصد ، سندھ کی 27، کے پی کی 24 فیصد ، اسلام آباد کی 26 اور بلوچستان 14 فیصد آبادی کو بوسٹر ڈوز لگ چکی ہے۔

    اس کے علاوہ پنجاب میں 3 کروڑ 66 لاکھ 89748 افراد ، سندھ میں 95 لاکھ 29972 افراد ، خیبرپختونخوا میں 37 لاکھ 88464 افراد ، آزادکشمیر میں 8 لاکھ 64333 افراد کو کورونا بوسٹر ڈوز لگائی جا چکی ہیں۔

    ذرائع کے مطابق بلوچستان میں بھی 6 لاکھ 65318 افراد اور اسلام آباد میں 3 لاکھ 40895 کورونا بوسٹر ڈوز لگ چکی ہے۔

  • مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس : ن لیگ اور جے یو آئی کی پی پی مخالف بیان بازی کی مذمت

    مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس : ن لیگ اور جے یو آئی کی پی پی مخالف بیان بازی کی مذمت

    لاہور : پیپلزپارٹی نے ن لیگ اور جے یو آئی کی پی پی مخالف بیان بازی کی مذمت کردی ، ارکان نے مخالفین کو بھرپور جواب دینے کا مطالبہ کیا تو قیادت نے بھی گو ہیڈ دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ، اجلاس ارکان نے ن لیگ جے یو آئی ف کے خلاف شکایتوں کے انبار لگا دیے۔

    ذرائع نے بتایا کہ اراکان نے ن لیگ اور جے یو آئی کی جانب سے تنقید پرشدید برہمی کا اظہارکیا، ارکان کا کہنا تھا ن لیگ اور جے یوآئی ف منصوبہ بندی سےپی پی مخالف مہم چلا رہے ہیں، سیاسی مخالفین کواینٹ کاجواب پتھر دینا ہوگا۔

    ارکان نے قیادت سے تنقید کا جواب دینےکی اجازت مانگی تو قیادت نے بھی تنقید کا بھرپورجواب دینے کی ہدایت کردی۔

    پی پی نے فضل الرحمان کے پی پی مخالف بیانات افسوسناک قراردیا، سی ای سی کا کہنا تھا کہ مولانا کا پیپلزپارٹی نے ہرمشکل میں بھرپور ساتھ دیا، ان کے بیانات نےمایوس کیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق اجلاس میں کہا گیا ن لیگ کی پیپلزپارٹی پرتنقید پوائنٹ اسکورنگ ہے، ن لیگ ناکامیوں کا ملبہ پیپلزپارٹی پرڈالنا افسوسناک ہے، ن لیگ کامیابیاں اپنی اورناکامیاں پی پی کی جھولی میں ڈال رہےہیں اور پیپلزپارٹی کےخلاف سوشل میڈیا مہم چلائی بھی جا رہی ہے.

    اجلاس میں چینی ایکسپورٹ کامعاملہ بھی زیربحث آیا ارکان نے کہا ن لیگ نے جان بوجھ کر نوید قمرکومتنازع بنایا۔

    سی ای سی نے نگران کابینہ پرتحفظات کا اظہارکیا اور کہا کہ ان لیگی منظور نظرلوگوں کوعہدے مل رہے ہیں، نگراں کابینہ میں چاروزرا ن لیگ کےقریبی ہیں، فواد حسن فواد،احد چیمہ، عم سیف،سمیع سعید لیگی وزراہیں پی پی کوکسی معاملے پراعتماد میں نہیں لیاجا رہا، پیپلز پارٹی کو لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں مل رہی۔۔

    اجلاس میں فیصلہ ہوا پی پی وزرا پرعائد کردہ الزامات بارے حقائق سامنےلائےجائیں گے اور سابقہ حکومت میں پی پی کے وزرا کی کارکردگی کوسامنےلایا جائےگا۔

  • پیپلزپارٹی قیادت کا ناراض دوستوں کو منانے کا فیصلہ ، دعوت نامہ ارسال

    پیپلزپارٹی قیادت کا ناراض دوستوں کو منانے کا فیصلہ ، دعوت نامہ ارسال

    اسلام آباد : پیپلز پارٹی نے اعتزاز احسن اور لطیف کھوسہ کو سی ای سی اجلاس کا دعوت نامہ ارسال کردیا ،پی پی قیادت سی ای سی میں اعتزاز احسن، لطیف کھوسہ کی شرکت کی خواہشمند ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی قیادت نے ناراض دوستوں کو منانے کا فیصلہ کرلیا ، پی پی زرائع نے کہا ہے کہ اعتزاز احسن، لطیف کھوسہ کو سی ای سی اجلاس کا دعوت نامہ ارسال کردیے ، دونوں کو دعوت نامے موصول ہو گئے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پی پی قیادت کی ہدایت پر اعتزاز احسن، لطیف کھوسہ کو مدعو کیا گیا ہے،پی پی قیادت سی ای سی میں اعتزاز احسن، لطیف کھوسہ کی شرکت کی خواہشمند ہے ساتھ ہی اعتزاز احسن، لطیف کھوسہ سے آئینی و قانونی امور پر معاونت چاہتی ہے۔

    آصف زرداری ، بلاول بھٹو سی ای سی اجلاس کی صدارت کریں گے، اعتزاز احسن، لطیف کھوسہ نے سی ای سی کے دعوت نامہ قبول کر لئے ہیں تاہم اعتزاز احسن نے سی ای سی میں شرکت بارے تاحال فیصلہ نہیں کیا جبکہ لطیف کھوسہ کی بزریعہ ویڈیو لنک پر سی ای سی میں شرکت کا امکان ہے۔

    ذرائع نے کہا ہے کہ سردار لطیف کھوسہ چودہ ستمبر کو اسلام آباد میں ہوں گے اور بالمشافہ سی ای سی میں شرکت سے گریزاں ہیں کیونکہ کو سی ای سی اجلاس میں بدمزگی کا خدشہ ہے، گزشتہ سی ای سی میں اعتزاز احسن کے ساتھ بدمزگی کا واقعہ پیش آیا تھا۔

    آصف زرداری سی ای سی میں شرکت کیلئے جلد لاہور پہنچیں گے، پیپلزپارٹی سی ای سی کے بعد چند روز کیلئے لاہور میں قیام کرے گی، سی ای سی کو الیکشن کمیشن سے ملاقات پر بریفنگ دی جائے گی اور ن لیگ کی پی پی مخالف بیان بازی معاملہ زیر غور آئے گا۔

    حلقہ بندیوں کے باعث الیکشن میں ممکنہ تاخیر کے معاملے سمیت سیاسی جماعتوں سے رابطوں سمیت مختلف آپشنز پر غور ہو گا اور سی ای سی الیکشن حکمت عملی، مستقبل کا لائحہ عمل طے کرے گی

    الیکشن سے قبل عوامی رابطہ مہم کیلئے حکمت عملی طے ہو گی، مرکزی مجلس عاملہ میں اے پی سی بلانے کی تجویز زیرغور آئے گی ، لاہور میں سی ای سی کا مقصد پنجاب میں پارٹی کو فعال کرنا ہے۔

  • الرجی کی ملاوٹ شدہ اور  مس برانڈڈ دوا کے مارکیٹ میں فروخت ہونے کا  انکشاف

    الرجی کی ملاوٹ شدہ اور مس برانڈڈ دوا کے مارکیٹ میں فروخت ہونے کا انکشاف

    اسلام آباد : ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) نے الرجی کے علاج کی دوا کا ایک بیچ کو غیر معیاری قرار دیتے ہوئے الرٹ جاری کردیا ، الرٹ کا اجرا شہری، ڈاکٹرز، کیمسٹ کیلئے کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق الرجی کی ملاوٹ شدہ اور مس برانڈڈ دوا کے مارکیٹ میں فروخت پونے کا انکشاف سامنے آیا ، ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) نے الرجی کے علاج کی دوا کا ایک بیچ کو غیر معیاری قرار دے دیا۔

    ڈریپ سے پلائیول 25 ایم جی انجکشن کا پراڈکٹ ری کال الرٹ جاری کردیا ہے ، پلائیول انجکشن ری کال الرٹ کا اجرا شہری، ڈاکٹرز، کیمسٹ کیلئے کیا گیا ہے۔

    ڈریپ الرٹ میں کہا گیا ہے کہ پلائیول انجکشن کے بیچ 847 کو غیر معیاری قرار دیا ہے ، ملاوٹ شدہ پلائیول انجکشن میں غیر متعلقہ زرات پائے گئے ہیں،پلائیول انجکشن پلائیوا فارما لسبیلہ بلوچستان کی تیارکردہ ہے۔

    الرٹ میں کہنا ہے کہ پلائیول کے سیمپل کا ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری کوئٹہ میں معائنہ کیا گیا، لیب نے پلائیول کے بیچ کو ملاوٹ شدہ، مس برانڈڈ قرار دیا پے، فارما کمپنی پلائیول انجکشن کا متاثرہ بیچ مارکیٹ سپلائی نہ کرے۔

    ڈریپ نے کمپنی کو پلائیول انجکشن کا متاثرہ بیچ مارکیٹ سے اٹھانے کی ہدایت کردی ہے۔

  • متعدی و غیر متعدی امراض کے کیسز پر این آئی ایچ کی ہفتہ وار رپورٹ سامنے آ گئی

    متعدی و غیر متعدی امراض کے کیسز پر این آئی ایچ کی ہفتہ وار رپورٹ سامنے آ گئی

    اسلام آباد: نیشنل ہیلتھ انسٹیٹیوٹ (این آئی ایچ) نے ملک بھر میں متعدی اور غیر متعدی امراض کے کیسز کی ہفتہ وار رپورٹ تیار کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق این آئی ایچ کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے ملک میں 1 لاکھ 38 ہزار 566 ملیریا کیسز رپورٹ ہوئے، جب کہ ہیضہ سے مشابہ مرض کے 2 لاکھ 1822 کیسز رپورٹ ہوئے۔

    ذرائع این آئی ایچ کے مطابق گزشتہ ہفتے ملک بھر میں ٹائیفائیڈ کے 8835 کیس رپورٹ ہوئے، انفلوئنزا سے مشابہ مرض کے 30 ہزار 748 کیسز، ڈائریا کے 11 ہزار 240 کیس، ہیضہ کے 813 کیس رپورٹ ہوئے۔

    گزشتہ ایک ہفتے میں کم عمر بچوں میں 17 ہزار 890 اے ایل آر آئی کیس رپورٹ ہوئے، اے ایل آر آئی بچوں میں سانس کی نالیوں کی سوزش کا مرض ہے، خسرہ کے 447 کیسز اور چکن پاکس کے 313 کیس رپورٹ ہوئے۔

    رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران ملک میں کالی کھانسی کے 176، کانگو وائرس کے 8 کیس، گردن توڑ بخار کے 8 کیس، اور خناق کے 14 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔

    گزشتہ ہفتے ملک بھر میں کتے کے کاٹے کے بھی 1014 کیس رپورٹ ہوئے ہیں اور ان میں سب سے زیادہ کیسز سندھ میں 701 رپورٹ ہوئے ہیں۔

  • اندرون سندھ میں  ملیریا کی وبائی صورتحال  شدت اختیار کرنے لگی

    اندرون سندھ میں ملیریا کی وبائی صورتحال شدت اختیار کرنے لگی

    اسلام آباد : اندرون سندھ میں ملیریا وبائی صورتحال شدت اختیار کرنے لگی، جس کے پیش نظر مخصوص اضلاع میں مچھر دانی، ملیریا دوا کی تقسیم کا فیصلہ کرلیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اندرون سندھ میں ملیریا کی صورتحال تشویشناک ہونے کے پیش نظر سندھ کے مخصوص اضلاع میں مچھر دانی، ملیریا دوا کی تقسیم کا فیصلہ کرلیا گیا۔

    ذرائع وزارت صحت نے بتایا کہ لاڑکانہ، رتو ڈیرو، ٹھٹھہ، سجاول ملیریا کے حوالے سے حساس اور ضلع قمبر ملیریا کے حوالے سے انتہائی حساس ہے۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ سندھ کے ضلع قمبر میں دوا لگی مچھر دانیاں تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، قمبر کی تحصیل نصیر آباد میں ایک لاکھ مچھر دانی تقسیم ہو گی۔

    ذرائع کے مطابق تحصیل نصیر آباد میں ایک لاکھ مچھر دانی کی تقسیم جلد شروع ہو گی جبکہ اندرون سندھ کے اضلاع میں انسداد ملیریا مہم جاری ہے، سندھ محکمہ صحت، ڈبلیو ایچ او کے تعاون سے انسداد ملیریا مہم چلا رہی ہے۔

    ذرائع وزارت صحت نے کہا ہے کہ ضلع لاڑکانہ، تحصیل رتو ڈیرو میں سپرے مہم جاری ہے،رتو ڈیرو کے مخصوص علاقوں کے 10 ہزار گھروں میں سپرے ہو گا،رتوڈیرو کی پانچ یو سیز میں انسداد ملیریا ادویات کی تقسیم جاری ہے۔

    اس کے علاوہ رتوڈیرو کی 74616 آبادی کو انسداد ملیریا ادویات فراہم کی جائیں گی اور ٹھٹھہ، سجاول کی دو یونین کونسلز میں ملیریا ادویات تقسیم کی جائیں گی۔

    اندرون سندھ ملیریا کی صورتحال پر رپورٹ صوبائی حکومت نے وفاقی حکومت کو ارسال ردی ہے۔

  • پی پی اور (ن) لیگ سابق دورِ حکومت کی ناکامیوں کا ملبہ ایک دوسرے پر ڈالنے لگیں

    پی پی اور (ن) لیگ سابق دورِ حکومت کی ناکامیوں کا ملبہ ایک دوسرے پر ڈالنے لگیں

    اسلام آباد: کل کے سیاسی حلیف آج کے حریف بن گئے۔ پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) سابق دورِ حکومت کی ناکامیوں کا ملبہ ایک دوسرے پر ڈالنے لگیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ذرائع نے بتایا پیپلز پارٹی (ن) لیگی رہنماؤں کے مخالف بیانات پر شدید برہم ہوگئی اور اس متعلق اپنی قیادت کو تحفظات سے آگاہ کر دیا۔

    ذرائع کے مطابق پی پی قیادت پر (ن) لیگی قیادت کو تحفظات سے آگاہ کرنے کیلیے دباؤ بڑھنے لگا ہے۔ پارٹی رہنماوں کو تاحال پارٹی قیادت کی جانب سے جواب موصول نہیں ہوا۔ پیپلز پارٹی رہنماؤں نے معاملہ سی ای سی اجلاس میں لے جانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق پی پی رہنما کا کہنا ہے کہ (ن) لیگی رہنماؤں کی بیان بازی کا معاملہ قیادت کے سامنے رکھیں گے اور لیگی قیادت سے وضاحت طلبی کا مطالبہ کریں گے، (ن) لیگی رہنماؤں کے مخالف بیانات سنجیدہ معاملہ ہے۔

    رہنما نے کہا کہ لیگی رہنماؤں کے بیانات کسی صورت نظر انداز نہیں کر سکتے، لیگی رہنما پیپلز پارٹی مخالف بیانات انفرادی حیثیت میں نہیں دے رہے، شک ہے کہ وہ پارٹی پالیسی کے تحت ہم پر تنقید کر رہے ہیں، وہ ڈیڑھ سالہ ناکامیوں کا ملبہ ہم پر مت ڈالیں۔

    پی پی رہنما نے کہا کہ پیپلز پارٹی دیگر جماعتوں کی طرح حکومتی اتحاد کا حصہ تھی، لیگی رہنما دیگر جماعتوں کو چھوڑ کر پیپلز پارٹی کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں، (ن) لیگی قیادت کے پارٹی رہنماؤں کے بیانات پر خاموشی سوالیہ نشان ہے۔

    انہوں نے کہا کہ لیگی قیادت کا پی پی مخالف بیان بازی کا نوٹس نہ لینا افسوسناک ہے، سابقہ حکومت کی کامیابیوں اور ناکامیوں کی ذمہ دار تمام اتحادی جماعتیں ہیں۔