Author: جہانگیر خان

  • وزارتِ صحت کا ملک بھر میں ہنگامی صورتحال کا اعلان

    وزارتِ صحت کا ملک بھر میں ہنگامی صورتحال کا اعلان

    اسلام آباد: وزارت صحت کی طرف سے ہنگامی صورت حال کا اعلان کردیا گیا جبکہ تمام طبی اداروں کو الرٹ کر دیا گیا۔

    وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے ملک کی موجودہ جنگ اور اس سے پیدا ہونے والی ہنگامی صورت حال کے پیش نظر فوری اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے اسلام آباد کے سرکاری اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی اور تمام طبی عملے کو مکمل الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    وفاقی وزارت صحت اور اس کے ماتحت اداروں کے تمام ڈاکٹرز، نرسز، پیرا میڈیکل اسٹاف اور انتظامی عملے کی چھٹیاں فوری طور پر منسوخ کر دی گئی ہیں۔ تمام ملازمین کو اپنے عہدوں پر فوری حاضر ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    موجودہ ہنگامی صورتحال کے پیش نظر وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے جنیوا اور قطر کے طے شدہ سرکاری دورے فوری طور پر منسوخ کر دیے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ اس وقت میری اولین ترجیح ملک کی اندرونی صورتحال پر توجہ مرکوز کرنا اور عوام کی صحت کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔

    مصطفیٰ کمال نے کہا کہ وفاقی ادارہ صحت میں ایک 24/7 ایمرجنسی کویک ریسپانس سینٹر قائم کیا گیا ہے، جو جنگ اور اس سے متعلقہ طبی ہنگامی حالات کا فوری جائزہ لے گا اور ردعمل کو مربوط کرے گا۔

    انہوں نے کہا کہ یہ سینٹر تمام صوبائی و ضلعی ہیلتھ اتھارٹیز کے ساتھ براہ راست رابطے میں رہے گا، تمام صوبائی حکومتوں کے صحت کے سیکرٹریز کو مرکزی وزارت صحت کے ساتھ مستقل رابطے میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    صوبائی حکام کو وقتاً فوقتاً جاری ہونے والی ہدایات کی روشنی میں اپنے ایمرجنسی پلانز کو اپ ڈیٹ کرنے کا پابند بنایا گیا ہے۔

  • عوام ہوشیار !   یہ انجکشن ہرگز نہ خریدیں!

    عوام ہوشیار ! یہ انجکشن ہرگز نہ خریدیں!

    اسلام آباد : ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے امراض خون کے علاج کے لیے استعمال ہونے والے انجکشن کیلئے الرٹ جاری کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے جعلی امپورٹڈ دوا کی فروخت پر ایکشن لیتے ہوئے امراض خون کے جعلی انجکشن کی سیل و استعمال پر پابندی لگا دی۔

    ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے روہپیلک انجکشن کا ریپڈ الرٹ جاری کر دیا، جس میں کہا ہے کہ روہپیلک ہیومن اینٹی ڈی ایمیونوگلوبولن کی دوا ہے، انجکشن سوئس کمپنی سی ایس ایل بیہرنگ کا تیارکردہ ہے۔

    ڈرگ کنٹرول ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے جعلی روہپیلک انجکشن کی اطلاع دی ہے، ملک بھر کی میڈیسن مارکیٹ میں جعلی انجکشن دستیاب ہے،انجکشن کا بیچ 100669751 P جعلی ہے۔

    ڈریپ کا کہنا تھا کہ انجکشن سیمپل کے لیبل پر جعلی تفصیلات درج ہیں، جعلی انجکشن لیبل پر سی ایس ایل سوئٹزرلینڈ کا پتہ درج ہے،سٹیریلیٹی ٹیسٹ میں روہپیلک انجکشن غیر معیاری قرار پایا ہے۔

    اینٹی ڈی ایمیونوگلوبولن کمرشل بائیولوجیکل اینٹی باڈی ہے،اینٹی ڈی ایمیونوگلوبولن انسانی خون کے پلازمہ سے لیا جاتا ہے، اینٹی ڈی ایمیونوگلوبولن مریض کے سرخ خلیات ٹارگٹ کرتا ہے۔

    روہپیلک ایمیون تھرمو سائیٹوفینک پرپرا نامی مرض کی دوا ہے، جعلی انجکشن کا استعمال انتہائی مضر صحت ہو سکتا ہے،جعلی ادویات کا معیار اور افادیت غیر واضح ہوتی ہے

    جعلی دوائیں اور پاکستان

    ڈریپ نے نیشنل ریگولیٹری فیلڈ فورس کو مارکیٹ سرویلنس بڑھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ریگولیٹری فورس مارکیٹ سے روہپیلک انجکشن کا جعلی بیچ ضبط کرے اور فارمیسیز روہپیلک انجکشن کے جعلی بیچ کی سیل فوری ترک کریں ساتھ ہی ڈاکٹرز اور مریض روہپیلک انجکشن کا متاثرہ بیچ استعمال نہ کریں۔

  • بھارت سے علاج کے بغیر واپس آنے والے بچوں کا علاج پاکستان میں کہاں ممکن ہے؟

    بھارت سے علاج کے بغیر واپس آنے والے بچوں کا علاج پاکستان میں کہاں ممکن ہے؟

    کراچی: کشیدگی میں اضافے کے بعد پڑوسی ملک بھارت سے علاج کے بغیر وطن واپس آنے والے بچوں کے علاج کے حوالے سے خدشات پیدا ہو گئے ہیں، وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے اس معاملے کا نوٹس لے لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چین کے دورے پر موجود وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے بھارت سے علاج کے بغیر واپس آنے والے 2 بچوں کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی جی ہیلتھ کو متعلقہ فیملی کی مدد کا حکم دے دیا ہے۔

    مصطفیٰ کمال نے اپنے بیان میں کہا بچوں کا علاج اگر بھارت میں نہ ہو سکا تو سرکار کی مدد سے پاکستان میں کروائیں گے، ڈی جی ہیلتھ کو فیملی کی مدد کی ہدایت کر دی ہے، بچوں کے علاج کے لیے وزیر اعظم ہاؤس نے بھی رابطہ کیا ہے۔

    انھوں نے کہا وزارت صحت حکام نے بچوں کے علاج کے لیے مختلف اسپتالوں سے رابطے شروع کر دیے ہیں، ممکنہ طور پر آرمڈ فورسز انسٹیٹیوٹ آف کارڈیولوجی سے بچوں کا علاج کروایا جا سکتا ہے۔


    بھارت سے واپس بھیجے گئے بچوں کی حالت تشویشناک ہوچکی، والد شاہد شیخ


    واضح رہے کہ لاڑکانہ سے تعلق رکھنے والی دو معصوم بچوں کی زندگیاں بھارتی جارحیت نے داؤ پر لگا دی ہیں، دونوں کی حالت تشویش ناک ہو چکی ہے، دل کی تکلیف میں مبتلا بچوں کے والد شاہد شیخ نے بتایا کہ بچے دل کی تکلیف میں مبتلا ہیں۔

    شاہد شیخ کے مطابق بھارت کے اسپتال میں کچھ دن بچوں کے ٹیسٹ کرانے میں لگ گئے تھے، پھر سرجری سے پہلے ہی پاکستانیوں کے ویزے منسوخ ہونے پر ہمارے بھی منسوخ کر دیے گئے۔ بچوں کی سرجری کے پیش نظر بھارتی حکام سے اپیلیں کیں لیکن کسی نے نہیں مانی۔

    مجبور والد نے اپیل کی ہے کہ حکومت معاملے کا نوٹس لے کر امریکا سے بچوں کے آپریشن کرائے۔

  • میڈیکل کالجز میں داخلے کے خواہشمند طلبا کی بڑی مشکل آسان ہوگئی

    میڈیکل کالجز میں داخلے کے خواہشمند طلبا کی بڑی مشکل آسان ہوگئی

    اسلام آباد : میڈیکل و ڈینٹل کالجز میں داخلے کے خواہشمند طلبا کی بڑی مشکل آسان ہوگئی، فیسوں میں کمی کا حکمنامہ تیار کرلیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق میڈیکل و ڈینٹل کالجز کی فیسوں میں کمی کا حکمنامہ تیار کرلیا گیا، پاکستان میڈیکل، ڈینٹل کونسل نے فیسوں میں کمی کا حکمنامہ تیار کیا ہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ میڈیکل فیسوں کمی کا حکمنامہ صوبائی حکومتوں کو بھجوایا جائے گا، پی ایم ڈی سی حکمنامہ آزادکشمیر، جی بی حکومت سمیت ملک گیر نجی میڈیکل، ڈینٹل کالجز کو بھجوائے گی۔

    حکم نامے میں کہا گیا کہ وزیراعظم کی تشکیل کردہ میڈیکل ایجوکیشن کمیٹی نے فیسز کا تعین کیا ہے، نجی کالج کی ایم بی بی ایس، بی ڈی ایس کی سالانہ فیس 18 لاکھ مقرر کردی ہے۔

    حکم نامے میں کہنا تھا کہ ایم بی بی ایس، بی ڈی ایس کے تمام سیشنز کی سالانہ فیس 18 لاکھ ہو گی جبکہ سیشن 2025 فیس میں سالانہ 5 فیصد اضافہ ہو گا اور سال 2026 سیشن سے میڈیکل فیس میں سالانہ اضافہ سی پی آئی کے تحت ہو گا۔

    اضافی فیس لینے والے کالجز فیس واپسی، ایڈجسٹمنٹ کے پابند ہوں گے تاہم کالج پی ایم ڈی سی کی منظوری کے بغیر زائد فیس نہیں لے سکیں گے، کالجز زائد فیس کی وصولی کیلئے پی ایم ڈی سی سے اجازت کے پابند ہوں گے۔

    میڈیکل کالج زائد فیس کیلئے پی ایم ڈی سی کو مالیاتی تفصیلات فراہم کریں گے،پی ایم ڈی سی مالیاتی تفصیلات کی بنا پر زائد فیس وصولی کی اجازت دے گی ، ملک گیر نجی میڈیکل، ڈینٹل کالجز فیصلے پر عملدرآمد کے پابند ہوں گے۔

  • کینالز معاملہ: وزیراعظم اور وزیراعلیٰ سندھ کی ملاقات طے پاگئی

    کینالز معاملہ: وزیراعظم اور وزیراعلیٰ سندھ کی ملاقات طے پاگئی

    نہروں کی تعمیرکے معاملے پر وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ سندھ کے درمیان ملاقات طے پاگئی ہے۔

    پیپلزپارٹی ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے سندھ حکومت سے رابطہ کیا ہے جبکہ سندھ حکومت نے وزیراعظم سے ملاقات کی دعوت قبول کر لی۔

    وزیراعظم اور وزیراعلی سندھ کے درمیان ملاقات طے پا گئی، ان سے ملاقات کیلئے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور وزیر آبپاشی جام شورو اسلام آباد روانہ ہوگئی ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم ترکیہ سے وطن پہنچ کر سندھ حکومت کے وفد سے ملاقات کریں گے، سندھ کے آبپاشی ماہرین  بھی وزیراعلیٰ سندھ کے ہمراہ اسلام آباد پہنچے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق ملاقات میں سندھ میں جاری احتجاجی دھرنوں پر گفتگو ہوگی، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور وزیر آبپاشی جام شورو متنازع کینال پر اپنا مؤقف وزیراعظم کے سامنے رکھیں گے۔

    ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ ن لیگ کی سینئر قیادت کی جانب سے سندھ حکومت سے ملاقات جاری ہے، وفاقی حکومت چاہتی ہے متنازع کینالز پر احتجاجی دھرنے فوری ختم ہوں۔

  • پاکستان اور افغانستان کا بیک وقت انسداد پولیو مہم چلانے کا فیصلہ

    پاکستان اور افغانستان کا بیک وقت انسداد پولیو مہم چلانے کا فیصلہ

    اسلام آباد : پاکستان اور افغانستان کا بیک وقت انسداد پولیو مہم 21 اپریل سے شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور افغانستان نے بیک وقت انسداد پولیو مہم چلانے کا فیصلہ کرلیا، پاکستان افغانستان میں بیک وقت پولیومہم رواں ماہ منعقد ہوگی۔

    ذرائع نے بتایا کہ پولیو مہم کے حوالے سے پاک افغان کوآرڈی نیشن تاحال جاری ہے ، پولیو مہم کا شیڈول پاک افغان حکام کی مشاورت سے تیار ہوا، پاک افغان مشترکہ پولیو مہم کا آغاز 21 اپریل سے ہوگا۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ پاکستان میں159 ، افغانستان کے382  اضلاع میں پولیومہم چلائی جائے گی اور پاکستان میں ساڑھے 4کروڑ سے زائد بچوں کی ویکسی نیشن ہوگی۔

    افغانستان میں ایک کروڑ16 لاکھ سےزائدبچوں کی ویکسی نیشن ہوگی، انسداد پولیو مہم کے حوالے سے پاک افغان کوآرڈی نیشن مکمل کرلی گئی ہے۔

    پولیو مہم میں پاک افغان سرحد سےمتعلق خصوصی پلان تشکیل دیا گیا ہے ، پاک افغان سرحد پرفکسڈ، موبائل پولیو ٹیمیں تعینات کی جائیں گی، پاک افغان کراسنگ پوائنٹس پر تمام بچوں کی ویکسی نیشن ہو گی۔

    رواں سال اب تک پاکستان میں6،افغانستان میں ایک پولیوکیس رپورٹ ہوچکا ہے ، پاکستان افغانستان ماضی میں بیک وقت پولیو مہم چلاتے رہے ہیں،ماضی میں پاک افغان روابط اور تعاون سےپولیومیں نمایاں کمی آئی تھی۔

    یاد رہے پاکستان اور افغانستان پر پولیو کے باعث مشروط عالمی سفری پابندیاں عائد ہیں ، ڈبلیو ایچ او نے پاکستان، اور افغانستان کو پولیو سےمتعلق ایک بلاک قراردیا ہے۔

  • عوام ہوشیار!  اینٹی بائیوٹک اور اینٹی الرجک کی یہ دوائیں ہرگز استعمال نہ کریں !

    عوام ہوشیار! اینٹی بائیوٹک اور اینٹی الرجک کی یہ دوائیں ہرگز استعمال نہ کریں !

    لاہور : ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی سے 7 غیر معیاری ادویات کے میڈیکل پراڈکٹ الرٹ جاری کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب ڈرگ کنٹرول ڈائریکٹوریٹ کا غیر معیاری ادویات کیخلاف کریک ڈاؤن جاری ہے ، جسمیں غیر معیاری وٹامن بی 12، اینٹی بائیوٹک اور اینٹی الرجک دوائیں پکڑی گئیں۔

    ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی سے 7 غیر معیاری دواؤں کے میڈیکل پراڈکٹ الرٹ جاری کردیا، جس میں بتایا پنجاب ڈرگ ٹیسٹنگ لیب نے ادویات کے غیر معیاری ہونے کی تصدیق کی۔

    ڈریپ الرٹ میں کہا گیا کہ پنجاب ڈرگ ٹیسٹنگ لیب نے 7دواؤں کےبیچ جعلی قرار دیئے ہیں، غیر معیاری دوائیں لاہور، راولپنڈی کی فارما کمپنیزکی تیارکردہ ہیں

    ڈریپ کا کہنا تھا کہ متاثرہ دوائیں اے ایس ایس اے ٹیسٹ کے معیار پرپورا نہیں اتریں،غیر معیاری دواؤں کے سیمپلز میں غیرمتعلقہ زرات پائےگئےتھے او سیمپلز ملاوٹ شدہ پائے گئے تھے۔

    اعصابی کمزوری دواکے3، اینٹی الرجک دوا کا ایک بیچ غیرمعیاری ہے، ینٹی بائیوٹک دواؤں کے دو بیچز غیر معیاری نکلے ہیں۔

    میتھی کوبال انجکشن، ٹیبلٹس کے 3غیر معیاری بیچزپکڑےگئے ،نیوکوبال انجکشن کا بیچ ایس 2455 غیر معیاری ہے، میکولومائن ٹیبلٹ کے بیچز 8440، 8482 غیر معیاری ہیں۔

    اینٹی بائیوٹک انجکشن ایمیکورون کا بیچ بی کے 019 اور انجکشن سازی کے سٹیرائل واٹر ایکوا پی بیچ 669 غیر معیاری ہے جبکہ الرجی کی دوا اورٹیزن ٹیبلٹ کا بیچ 241268 بیچ اور اینٹی بائیوٹک ڈرپ ڈورسپ کا بیچ ڈی سی 121 غیر معیاری ہے

    غیر معیاری ادویات کے استعمال سے علاج متاثر ہو سکتا ہے، پنجاب حکومت غیرمعیاری دواؤں کی روک تھام کیلئے ہنگامی اقدامات کرے۔

    ڈریپ کی ریگولیٹری فورس کو پنجاب مین مارکیٹ سرویلنس بڑھانے اور پنجاب میں جعلی ادویات سپلائی چین کی جامع تحقیقات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا مارکیٹس میں دستیاب غیر معیاری دواؤں کے بیچ ضبط کئے جائیں۔

  • ملک میں عید الضحی سے قبل  خطرناک وائرس پھیلنے کا خدشہ

    ملک میں عید الضحی سے قبل خطرناک وائرس پھیلنے کا خدشہ

    اسلام آباد : ملک میں عید الضحی سے قبل کانگو وائرس پھیلنے کے خدشے کے پیش نظر ہنگامی ایڈوائزری جاری کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ادارہ صحت نے کانگو وائرس بارے ہنگامی ایڈوائزری جاری کر دی، ایڈوائزری وفاقی، صوبائی وزارت صحت، نجی، سرکاری اسپتالوں کو ارسال کردی گئی۔

    ترجمان نے بتایا کہ کانگو وائرس بارے ایڈوائزری این آئی ایچ ماہرین کی تیارکردہ ہے، ہدایت نامہ کا مقصد شہریوں ، طبی ماہرین کو کانگو کی معلومات فراہم کرنا اور شہری،متعلقہ اداروں کو کانگو بارے خبردار کرنا ہے۔

    جاری ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں اس وائرس کا پہلا کیس 1976 میں رپورٹ ہوا تھا، ملک میں بیشتر کانگو کیس بلوچستان سے رپورٹ ہوتے ہیں۔

    سرحد پار نقل و حمل پر بلوچستان کانگو بارے حساس علاقہ ہے، دوہزارچوبیس میں کے دوران ملک میں 61 کانگو وائرس کیسز رپورٹ ہوئے۔

    عید الاضحیٰ سے قبل مویشیوں کی ملک گیر نقل و حمل ہوتی ہے، عید کے ایام میں کانگو کے پھیلائو کا خدشہ ہوتا ہے، وائرس کا پھیلائو روکنے کیلئے بروقت اقدامات ناگزیر ہیں، بروقت حفاظتی اقدامات سے وائرس کا پھیلاؤ روکنا ممکن ہے، ادارے وائرس کا پھیلاؤ روکنے کیلئے پیشگی اقدامات کریں۔

    کانگو بخار کیا ہے؟

    کانگو بخار خطرناک نیرو نامی وائرس سے لاحق ہوتا ہے، دی گئی گائیڈ لائنز کے مطابق کانگو وائرس مویشی کی کھال سے چپکی چیچڑ میں پایا جاتا ہے، گائے، بکری، بھیڑوں، پالتو جانوروں کی جلد کانگو کی پناہ گاہ ہے۔

    کانگو وائرس چیچڑ کے ذریعے دوسری جگہ منتقل ہوتا ہے، متاثرہ چیچڑ کے کاٹنے سے وائرس انسان کو منتقل ہوتا ہے، وائر س متاثرہ مریض سے دوسرے میں منتقل ہو سکتا ہے جبکہ طبی فضلے کی نہ مناسب تلفی سے بھی پھیل سکتا ہے۔

    وائرس کے مریض کا انکیوبیشن پیریڈ 9 روزہ ہے، قصاب، گلہ بان، پرندے بیچنے والے کانگو کیلئے ہائی رسک ہیں، کانگو متاثرہ علاقوں کے ہیلتھ کیئر ورکرز کانگو کیلئے ہائی رسک ہیں۔

    نیرو وائرس انسانوں کو کانگو بخار لاحق ہونے کا سبب بنتا ہے، وائرس سے انسان ہیموریجک بخار میں مبتلا ہوتا ہے، بخار سے ہلاکتوں کی شرح 10 تا 40 فیصد ہو سکتی ہیں۔

    جانوروں میں کانگو بخار کی علامات ظاہر نہیں ہوتیں تاہم یہ وائرس انسانی خون، تھوک اور فضلے میں پایا جاتا ہے، جس سے گلہ بان ،قصاب کانگو وائرس سے جلد متاثر ہو سکتے ہیں۔

    کانگو بخار کی علامات

    تیز بخار، کمر، پٹھوں، گردن میں درد ،قے ،متلی ،گلے کی سوزش، جسم پر سرخ دھبے کانگو کی علامات ہیں جبکہ منہ ،ناک، اندرونی اعضاء سے خون بہنا کانگو کی اہم علامات ہیں۔

    محکمہ لائیو سٹاک مویشی منڈی میں جانوروں پر چیچڑ مار سپرے کرے، جانور کی مذبحہ خانے منتقلی سے قبل ایک ماہ کیلئے آئیسولیٹ کیا جائے جبکہ چیچڑ والے جانور کوقربانی سے ایک ماہ قبل آئیورمکٹن انجکشن لگایا جائے۔

    جاری ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ شہری و قصاب قربانی کے وقت دستانوں کا استعمال کریں اور قربانی کے وقت خود کو زخم و جانوروں کے خون سے بچائیں جبکہ قربانی کا گوشت دھوتے وقت دستانوں کا استعمال کریں اور احتیاطاً قربانی کے گوشت کو اچھی طرح پکا کر کھائیں۔

    اس وائرس کی باقاعدہ ویکسین تاحال ایجاد نہیں ہو سکی ہے، شہری احتیاطی تدابیر اپنا کر وائرس سے محفوظ رہ سکتے ہیں، طبی عملہ کانگو کے مریض کا علاج کرتے وقت خصوصی احتیاط کریں اور طبی ماہرین کانگو کے مصدقہ مریض کو آئیسولیشن روم میں رکھیں۔

    این آئی ایچ میں کانگو وائرس کی تشخیصی سہولیات دستیاب ہیں، ڈاکٹرز کانگو کے مشتبہ مریض کے نمونے فورا این آئی ایچ بھجوائیں، مناسب احتیاطی تدابیر اپنا کر وائرس سے بچائو ممکن ہے۔

  • ٹرینوں کی سیکورٹی میں تین گنا اضافہ

    ٹرینوں کی سیکورٹی میں تین گنا اضافہ

    سانحہ جعفر ایکسپریس کے بعد مسافر ٹرینوں کی سیکورٹی بڑھا دی گئی۔ کوئٹہ سے چلنے والی جعفر اور بولان ایکسپریس کی سیکورٹی میں تین گنا اضافہ کر دیا گیا۔

    اس حوالے سے وزارت ریلوے نے سیکورٹی انتظامات کی تفصیلات ایوان میں پیش کر دیں جس میں بتایا گیا ہے کہ مسافر ٹرینوں کی سیکورٹی کی ذمہ داری ایف سی اور ریلوے پولیس کے سپرد ہے۔

    جعفر ایکسپریس اور بولان میل پر سیکورٹی اہلکاروں کو بڑھا کر 35 کر دیا گیا ہے۔ دونوں ٹرینوں پر ایک کیپٹن، ایک سیکنڈ لیفٹینٹ 20ایف سی اہلکار تعینات ہوں گے۔

    ایک ہیڈ کانسٹیبل 9پولیس کانسٹیبل اور بلوچستان لیویز فورس کے اہلکارجعفر ایکسپریس پر اضافی تعینات کیے جارہے ہیں۔

    مسافر ٹرینوں کی سیکورٹی پرمامور جدید ترین ہتھیار فراہم کیے گئے ہیں۔ امن امان کی صورتحال کے پیش نظر پی آر پی ڈویژن مزید 50 اہلکار ریلوے اسٹیشن پر تعینات کیے گئے۔

    مسافر ٹرینوں کی سیکورٹی کیلئے 8ارب کی لاگت سے دو اہم منصوبے شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزارت ریلوے نے 3ارب 10کروڑ لاگت سے پاکستان ریلوے انٹیگریٹڈ سیکورٹی سسٹم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    وزارت ریلوے نے 5ارب 20کروڑ لاگت سے اپ گریڈیشن آف انفراسٹرکچر آف پی آر پی کی منصوبہ بندی کر لی اس حوالے سے وزارت ریلوے نے دونوں منصوبے پی ایس ڈی پی 2025-26میں شامل کرنے کی سفارش کر دی۔

    ایڈولیسنس: دنیا بھر میں مقبولیت حاصل کرتی ہوئی ویب سیریز

  • قومی اسمبلی میں حکومت کی اہم قانون سازی متاثر ہونے کا خدشہ، پی پی کا عدم تعاون کا فیصلہ

    قومی اسمبلی میں حکومت کی اہم قانون سازی متاثر ہونے کا خدشہ، پی پی کا عدم تعاون کا فیصلہ

    اسلام آباد: قومی اسمبلی میں حکومت کی اہم قانون سازی متاثر ہونے کا خدشہ ہے، پاکستان پیپلز پارٹی نے عدم تعاون کا فیصلہ کیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق فرنٹ ڈور کی ناکامی کے بعد اب حکومت کی جانب سے پی پی سے بیک ڈور رابطے کیے جا رہے ہیں، پی پی ذرائع نے بتایا ہے کہ حکومت مشترکہ دوستوں کے ذریعے رابطے کر رہی ہے، تاہم وفاقی حکومت پیپلز پارٹی کو منانے میں تاحال ناکام ہے۔

    پی پی ذرائع کے مطابق پارٹی نے پارلیمان میں خاموش احتجاج جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، قومی اسمبلی کا آج ہونے والا اجلاس بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے، کیوں کہ پی پی اسمبلی بزنس چلانے میں حکومت سے تعاون نہیں کرے گی، ذرائع نے کہا پیپلز پارٹی قومی اسمبلی اجلاس کا کورم مکمل نہیں ہونے دے گی، اور کورم کی نشان دہی نہیں کرے گی، کورم کی نشان دہی پر پی پی اراکین ایوان سے لابی میں چلے جائیں گے۔


    وفاقی حکومت کی کینال منصوبہ ختم کرنے کی پیشکش ، پیپلزپارٹی کا دو ٹوک جواب آگیا


    ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی میں حکومت کی اہم قانون سازی متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے، قومی اسمبلی کے آج کے اجلاس کا 20 نکاتی ایجنڈا جاری ہو چکا ہے، جس میں قائمہ کمیٹیوں کی رپورٹس پیش کی جائیں گی، وقفہ سوالات، توجہ دلاؤ نوٹسز پیش کیے جائیں گے، اور اراکین نئے اور ترامیمی بلز پیش کریں گے، صدارتی خطاب پر بحث بھی قومی اسمبلی اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہے۔