Author: جہانگیر خان

  • این سی او سی کا پی ایس ایل 7 کے میچز میں شائقین کی شرکت سے متعلق بڑا فیصلہ

    این سی او سی کا پی ایس ایل 7 کے میچز میں شائقین کی شرکت سے متعلق بڑا فیصلہ

    اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 7 کے حوالے سے بڑا فیصلہ کر لیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کے کراچی میچز 25 فی صد شائقین اسٹیڈیم میں دیکھ سکیں گے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کرکٹ اسٹیڈیم میں میچز دیکھنے کے لیے مکمل ویکسینیشن لازمی ہوگی، جب کہ پی ایس ایل لاہور کے میچز سے متعلق فیصلہ فروری کے پہلے ہفتے میں ہوگا، این سی او سی نے وفاق، صوبوں اور پی سی بی کو مراسلہ ارسال کر دیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ مکمل ویکسینیٹڈ افراد ہی کو اسٹیڈیم میں میچ دیکھنے کی اجازت ہوگی، تاہم عمر کی کوئی قید نہیں ہوگی اور تمام عمر کے افراد اسٹیڈیم میں پی ایس ایل میچز دیکھ سکیں گے۔

    مراسلے میں وضاحت کی گئی ہے کہ اسٹیڈیم میں آنے کے لیے 12 سال سے زائد عمر والوں کی ویکسینیشن لازم ہوگی، پی سی بی ویکسینیٹڈ افراد کو ٹکٹ کے اجرا کے لیے ایک میکنزم تیار کرے گا، اور پی سی بی سیکیورٹی انتظامات کی ذمہ دار ہوگی۔

    پی ایس ایل 7: شائقین کرکٹ کے لیے بڑی خوش خبری

    کرکٹ گراؤنڈ میں ایس او پیز پر عمل درآمد کی ذمہ داری بھی پی سی بی کی ہوگی، کرکٹ اسٹیڈیم میں تماشائیوں کے لیے ماسک، سماجی فاصلہ رکھنا لازم ہوگا۔

    واضح رہے کہ تازہ مراسلے کے مطابق اسٹیڈیم میں پی ایس ایل میچز دیکھنے کے خواہش مند شائقین کی تعداد کم کی گئی ہے، این سی او سی نے 29 دسمبر کو 100 فی صد شائقین کو اسٹیڈیم میں پی ایس ایل میچز دیکھنے کی اجازت دی تھی۔

  • اسلام آباد کے مزید 9 تعلیمی ادارے بند کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد کے مزید 9 تعلیمی ادارے بند کرنے کا فیصلہ

    وفاقی دارالحکومت اسلام آباد مین کورونا کیسز بڑھنے پر مزید 9 تعلیمی اداروں کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے تعلیمی اداروں میں کورونا کیسز سامنےآنے کا سلسلہ برقرار ہے اور نئے کیسز رپورٹ ہونے پر 9 مزید تعلیمی اداروں کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ گزشتہ روز بھی 8 تعلیمی ادارے بند کئے گئے تھے جس کے بعد مجموعی تعداد 17 ہو گئی ہے۔

    اس حوالے سے ڈی ایچ او اسلام آباد ڈاکٹر زعیم ضیا نے ڈپٹی کمشنر کے نام مراسلہ لکھ کر آگاہ کیا ہے کہ ماڈل اسکول فارگرلز ماڈل ٹاؤن ہمک، ماڈل اسکول فار گرلز جی سکس ٹو، ماڈل کالج فار گرلز آئی ٹین فور، ماڈل اسکول فارگرلز ایف سکس ون میں کورونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

    ڈی ایچ او اسلام آباد کا کہنا ہے کہ وفاقی انتظامیہ متاثرہ تعلیمی ادارے تاحکم ثانی بند کرے اور انتظامیہ متاثرہ تعلیمی اداروں میں کونٹیکٹ ٹریسنگ کے ساتھ ساتھ ٹیسٹنگ کرے۔ وفاقی انتظامیہ پازیٹیو طلبا،طالبات کےقریبی افرادکے ٹیسٹ کرائے۔

    دو روز قبل بھی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اسلام آباد نے ڈپٹی کمشنر کو خط لکھ کر آگاہ کیا تھا کہ ‏‏2کالجوں میں کورونا کے 6 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد انہیں بند کر دیا گیا ہے۔

  • 12 سال سے زائد عمر کے طلبہ کی کرونا ویکسینیشن لازمی قرار

    12 سال سے زائد عمر کے طلبہ کی کرونا ویکسینیشن لازمی قرار

    اسلام آباد: ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں‌ 12 سال سے زائد عمر کے طلبہ کی کرونا ویکسینیشن لازمی قرار دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق این سی او سی نے ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں کرونا ٹیسٹنگ مہم چلانے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے دوران بارہ سال سے زائد عمر کے تمام طالب علموں کی ویکسینیشن کو یقینی بنایا جائے گا۔

    این آئی ایچ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک میں کرونا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے اہم فیصلے کیے گئے ہیں، آئندہ دو ہفتوں میں تعلیمی اداروں میں کرونا ٹیسٹنگ شروع کی جائے گی۔

    ذرائع کے مطابق کرونا ٹیسٹنگ میں زیادہ شرح والے تعلیمی ادارے ایک ہفتہ بند رکھے جائیں گے، اور 12 سال سے زائد عمر کے طلبہ کی کرونا ویکسینیشن لازمی ہوگی، جس کا آغاز یکم فروری سے ہوگا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ تعلیمی اداروں میں 100 فی صد طلبہ کی ویکسینیشن یقینی بنائی جائے گی، اور ویکسینیشن سے استثنیٰ کے لیے طلبہ کو میڈیکل سرٹیفکیٹ پیش کرنا ہوگا، جب کہ ویکسینیشن نہ کرانے والے طلبہ تعلیمی سہولتوں سے محروم رہیں گے۔

    واضح رہے کہ پاکستان میں کرونا مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، کراچی یومیہ شرح میں بدستور سرفہرست ہے، کراچی میں کرونا مثبت آنے کی شرح تقریباً 39 فی صد ہو گئی ہے، گوجرانوالہ میں شرح 15، حیدر آباد میں 14، لاہور میں تقریباً 13 فی صد،اسلام آباد میں 9، راولپنڈی میں 7.6 اور پشاور میں 7.24 فی صد رہی۔

    این سی او سی کے مطابق سندھ میں شرح ساڑھے 18 فی صد، پنجاب میں 5، آزاد کشمیر میں 3، بلوچستان میں ڈھائی فی صد رہی، جب کہ ملک بھر میں مجموعی طور پر کرونا مثبت آنے کی شرح ساڑھے 9 فی صد ہو گئی ہے۔

  • این سی او سی کا کرونا پھیلاؤ پر اظہار تشویش، بڑی پابندیوں کا عندیہ

    این سی او سی کا کرونا پھیلاؤ پر اظہار تشویش، بڑی پابندیوں کا عندیہ

    اسلام آباد: این سی او سی نے ملک میں کرونا کے پھیلاؤ پر اظہار تشویش کرتے ہوئے فوری فیصلے صادر کردئیے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کرونا کے پانچویں لہر کے باعث این سی او سی کا خصوصی اجلاس ہوا، اجلاس میں ملک بھر میں کورنا کے پھیلاؤ کی رفتار پر اظہار تشویش کیا گیا اور کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر سخت کی اقدامات کی ہدایت کی ہے۔

    این سی او سی نے صوبوں کو کرونا ویکسی نیشن کی رفتار تیز کرنے کی بھی ہدایت جاری کیں ہیں۔

    اسد عمر کی زیر صدارت ہونے والے خصوصی اجلاس میں این سی او سی نے17جنوری سے فضائی سفر کےدوران کھانا دینے پرپابندی عائد کردی ہے جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ میں بھی کھانا دینے پر پابندی عائد لگادی ہے، این سی اوسی نے ہدایت کی کہ سول ایوی ایشن فضائی سفر کے دوران اور ایئرپورٹ پر ایس او پیز پر عمل کرائے۔

    این سی او سی نے اپنے حکم نامے میں کہا کہ صوبے ٹرانسپورٹ سیکٹر میں ایس او پیزپر سختی سے عمل درآمد کریں اور شعبہ تعلیم ،ریسٹورنٹس اور شادی ہالز میں سختی سے ایس او پیز پر عمل درآمدکو یقینی بنائیں۔

    این سی اوسی نے صوبوں خاص کر حکومت سندھ کیساتھ وبا کےپھیلاؤ پر ملکر کام کرنے کا عزم کا اعادہ کیا اور صوبوں کو آکسیجن اسٹاک سے متعلق سروے کرانے کی ہدایت کی۔

    اجلاس میں کورونا وبا کے پیش نظر شہری علاقوں میں بعض پابندیوں کی تجویز بھی زیر غور آئی اس کے علاوہ این سی او سی نے صوبائی وزرا ئے تعلیم کا اجلاس 17جنوری کو طلب کرلیا ہے، اجلاس کے دوران شعبہ تعلیم سے متعلق نئی پابندیوں کا فیصلہ ہوگا۔

  • ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے صارفین کی بڑی مشکل آسان کردی

    ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے صارفین کی بڑی مشکل آسان کردی

    اسلام آباد : ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے صارفین کی بڑی مشکل آسان کردی اور دفتری امور میں کاغذ کے استعمال کو خیرباد کہنے کا فیصلہ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے فارماانڈسٹری کی سہولت کیلئے انقلابی اقدام اٹھاتے ہوئے دفتری امور میں کاغذ کے استعمال کو خیرباد کہنے کا فیصلہ کرلیا۔

    ذرائع وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ڈریپ میں ای گورننس نظام کانفاذ حتمی مراحل میں ہے، ڈریپ کے شعبہ جات کو مرحلہ وار ڈیجیٹلائز کیاجارہا ہے، ای گورننس کا باضابطہ افتتاح ڈاکٹر فیصل سلطان کریں گے۔

    ذرائع کے مطابق ڈریپ کا شعبہ امپورٹ، ایکسپورٹ کو ڈیجیٹلائز کر دیا گیا ہے اور ادویہ لائسنسنگ کیلئے درخواستوں کی آن لائن وصولی جاری ہے۔

    وزارت صحت کا کہنا تھا کہ ڈریپ نے شہریوں کو ادویات امپورٹ کیلئے این او سی کا آن لائن اجرا بھی شروع کردیا ہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ ڈریپ کا گزشتہ15سالہ ریکارڈ ڈیجیٹلائز کردیا گیا ہے، 45لاکھ دستاویزات کو ڈیجیٹلائز کیا گیا جبکہ ڈریپ کے قیام سےاب تک کا ریکارڈ محفوظ کیا جا رہا ہے۔

  • افغان شہریوں کے لیے 16 کروڑ مالیت کی ادویات حکومت کے حوالے

    افغان شہریوں کے لیے 16 کروڑ مالیت کی ادویات حکومت کے حوالے

    اسلام آباد: پاکستانی فارماسیوٹیکل کمپنیوں کی جانب سے افغان شہریوں کے لیے 16 کروڑ روپے مالیت کی ادویات پر مبنی امدادی کھیپ آج جمعرات کو حکومت کے حوالے کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں منعقدہ ایک تقریب میں دوا ساز کمپنیوں کی جانب سے افغان شہریوں کے لیے کروڑوں روپے مالیت کی ادویات حکومت کے حوالے کی گئی ہیں۔

    اس سلسلے میں پاکستان فارماسیوٹیکل مینوفیکچرنگ ایسوسی ایشن کے ایک وفد نے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان سے ملاقات کی، جس میں ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کے سی ای او ڈاکٹر عاصم رؤف بھی موجود تھے۔

    معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان نے پی پی ایم اے کی کوششوں کو سراہا، اور کہا افغانستان ہمارا بردار پڑوسی ملک ہے، افغانستان کے عوام کے لیے ادویات کا تحفہ مشکلات میں کمی کا باعث بنے گا۔

    چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈریپ ڈاکٹر عاصم نے اس موقع پر کہا کہ ادویات کی کھیپ جلد افغانستان روانہ کر دی جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ افغانستان بھجوائی جانے والی ادویات میں بخار، نزلہ زکام، امراض قلب، شوگر، جان بچانے والی ادویات شامل ہیں۔

    گزشتہ ماہ افغان وزیر صحت کی سربراہی میں ایک وفد نے پاکستان کا دورہ کیا تھا، افغان وفد نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ادویات فراہمی کی اپیل کی تھی۔

    یاد رہے گزشتہ ماہ کے آخر میں پاکستان نے افغان وزیر صحت کی درخواست پر افغانستان کو جان بچانے والی ادویات عطیہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے افغان مریضوں کی سہولت کے لیے بارڈر پر ڈاکٹرز بھی تعینات کر دیے تھے۔

  • قومی ادارہ صحت کی پاکستان میں اومیکرون کا کیس سامنے آنے کی خبر کی تردید

    قومی ادارہ صحت کی پاکستان میں اومیکرون کا کیس سامنے آنے کی خبر کی تردید

    اسلام آباد : قومی ادارہ صحت(این آئی ایچ) نے پاکستان کورونا وائرس کی نئی قسم اومی کرون کا کیس سامنے آنے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشتبہ مریض میں تاحال اومی کرون کی تصدیق نہیں ہوئی۔

    قومی ادارہ صحت(این آئی ایچ) نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ کراچی میں اومی کرون کیس کی میڈیا رپورٹس قبل از وقت ہیں، مشتبہ مریض میں تاحال اومی کرون کی تصدیق نہیں ہوئی۔

    قومی ادارہ صحت کا کہنا تھا کہ مشتبہ مریض کےسیمپل کی تاحال جینوم سیکونسنگ نہیں ہوئی، کراچی سےسیمپل موصول ہونےپر جینوم سیکونسنگ کی جائے گی، شہری ترجیحی بنیادپرکورونا ویکسینیشن کرائیں۔

    یاد رہے کراچی میں کورونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون کے3 مشتبہ کیسز کی اسپتال میں زیرعلاج ہونے کی تصدیق ہوئی تھی ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کا کہنا تھا کہ نجی اسپتال میں کوویڈ 19کے 4 کیسز سامنے آئے۔

    بعد ازاں وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے اومی کرون ویرینٹ کے معاملے پر اپنے ویڈیو بیان میں کہا تھا کہ اومی کرون وائرس کے مشتبہ کیس کی جینومک اسٹڈی جاری ہے، جینومک اسٹڈی کے نتائج آنے میں 2 ہفتے کاوقت لگ سکتا ہے۔

    وزیر صحت سندھ کا کہنا تھا کہ وائرس کی کسی بھی قسم سے بچنے کا بہترین حل ویکسین ہے ویکسین نہ کرانے کی وجہ سے وائرس تیزی سے پھیلتا ہے، مشتبہ مریضہ ویکسین شدہ نہیں۔

  • اومی کرون کا خطرہ ، پاکستان آنے والے مسافروں کیلئے اہم خبر ، نئی پابندی عائد

    اومی کرون کا خطرہ ، پاکستان آنے والے مسافروں کیلئے اہم خبر ، نئی پابندی عائد

    اسلام آباد : این سی اوسی نے اومی کرون کے خطرے کے پیش نظر مزید نو ممالک کو کیٹیگری سی میں شامل کردیا اور کیٹیگری سی میں شامل ممالک سے پاکستان آنے پر مکمل پابندی عائد کردی۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا اجلاس ہوا ، جس میں دنیا بھر میں کورونا کے پھیلاؤ پر غور کیا گیا اور ایئر ٹریول پالیسی سمیت کیٹ سی لسٹ پر نظر ثانی کی گئی۔

    این سی اوسی نے کہا کہ ایئرپالیسی اور کیٹ سی لسٹ پرنظر ثانی عالمی صورتحال کے پیش نظرکی گئی، جس کے بعد مزید 9 ممالک کو شامل کرلیا گیا ، جس کے بعد کیٹ سی لسٹ شامل ممالک کی تعداد پندرہ ہوگئی تاہم پاکستان آنیوالے مسافر کورونا پروٹوکول پر عمل کے پابند ہوں گے۔

    نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے بتایا پندرہ ممالک میں کروشیا، ہنگری، نیدرلینڈ، یوکرائن، آئرلینڈ ، سلوینیا، ویتنام، پولینڈ، جنوبی افریقہ ، موزمبیق، لیسوتھو، ایسوتینی، بوٹسوانا، زمبابوے، نیمبیا شامل ہیں۔

    این سی اوسی کے مطابق کیٹ سی والے ممالک سے پاکستان داخلے پر مکمل پابندی ہو گی تاہم لسٹ والے ممالک سے پاکستان ضروری آمد مشروط طور ہو گی۔

    این سی اوسی کا کہنا تھا کہ کیٹ سی ممالک سے آنے والوں کو ایگزمشن کمیٹی سے ایگزمشن سرٹیفکیٹ لینا ہوگا اور پاکستان آنے والے افراد کیلئے مکمل ویکسی نیشن اور 6 سال سے زائدعمر افراد کیلئے کورونا پی سی آر ٹیسٹ لازم ہے۔

    نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے بتایا کہ کیٹ بی لسٹ میں جرمنی، ٹرنڈاڈ، ٹوباگو، آذربائیجان ، میکسیکو، سری لنکا، روس، امریکا، تھائی لینڈ، فرانس، آسٹریا، افغانستان، ترکی شامل ہیں۔

    پاکستان آنے والے مسافروں کیلئے نیگیٹیو پی سی آرٹیسٹ رپورٹ لازم ہوگی جبکہ کیٹ سی ممالک سے آنے والے افراد کا ایئرپورٹ پر کورونا ریپڈ ٹیسٹ ہوگا، منفی کوروناریپڈ ٹیسٹ والے مسافر ایئرپورٹ سے باہرجا سکیں گے اور مثبت کوروناریپڈٹیسٹ والے مسافر کو دس دن قرنطینہ کیا جائے گا۔

    کیٹ اے والے ممالک کے مسافرریپڈ کوروناٹیسٹ سے مستثنی ہوں گے تاہم براستہ سعودی عرب،قطر، یو اے ای پاکستان آنے والے مسافروں کا رپیڈ ٹیسٹ ہوگا۔

    این سی اوسی نے مزید کہا کہ کیٹ سی ممالک سے پاکستانی 15 دسمبر تک وطن واپس آسکتے ہیں تاہم کیٹ سی ممالک سے آنے والے پاکستانیوں کو کورونا پروٹوکول پر عمل کرنا ہوگا۔

  • بڑی خبر، ایکٹیمرا کی متبادل گولی پاکستان لانے کی تیاریاں مکمل

    بڑی خبر، ایکٹیمرا کی متبادل گولی پاکستان لانے کی تیاریاں مکمل

    اسلام آباد: کرونا مریضوں کے لیے بڑی خوشخبری ہے، ایکٹیمرا کی متبادل گولی پاکستان لانے کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق کرونا مریضوں کی سہولت کے لیے ڈریپ اقدامات کے ثمرات سامنے آنے لگے، ذرائع کا کہنا ہے کہ ایکٹیمرا انجکشن کی متبادل گولی پاکستان لانے کی تیاریاں مکمل ہو گئیں، یہ گولی آئندہ ماہ ملک میں دستیاب ہو گی۔

    ڈریپ ذرائع نے بتایا ہے کہ کراچی کی فارما کمپنی ایکٹیمرا کی متبادل گولی اسپین سے درآمد کر رہی ہے، یہ گولی بیریسٹینیب (Baricitinib) سالٹ سے تیار شدہ ہے، جب کہ ایکٹیمرا کی متبادل ٹوفاسٹینیب گولی گزشتہ ماہ سے دستیاب ہے۔

    ذرائع کے مطابق ٹوفاسٹینیب، بیریسٹینیب مؤثر اور عالمی سطح پر تسلیم شدہ ہیں، اور یہ عالمی سطح پر ایکٹیمرا کا بہترین متبادل ہیں، دنیا میں ایکٹیمرا کی قلت پر متبادل دوا متعارف کرانے کا فیصلہ ہوا تھا، بیریسٹینیب گولی ایکٹمرا انجکشن کے مقابلے کئی گنا سستی ہے۔

    بیریسٹینیب کی 7 گولیوں کا پیکٹ 38 ہزار 389 روپے میں دستیاب ہوگا، جب کہ 200 ایم ایل ایکٹیمرا انجکشن کی مقررہ قیمت 60 ہزار روپے ہے، ایکٹیمرا انجکشن کرونا کے تشویش ناک مریضوں کو لگایا جاتا ہے۔

    ذرائع کے مطابق کابینہ نے رواں ہفتے بیریسٹینیب گولی کی قیمت مقرر کی ہے، جب کہ ڈریپ ایکٹیمرا انجکشن کی متبادل گولی کے درآمد کی اجازت دے چکی ہے۔

  • مریم نواز اور شاہد خاقان کے خلاف توہین عدالت کیس سماعت کے لیے مقرر

    مریم نواز اور شاہد خاقان کے خلاف توہین عدالت کیس سماعت کے لیے مقرر

    اسلام آباد ہائی کورٹ نے مسلم لیگ ن کے نائب صدور مریم نواز  اور شاہد خاقان عباسی کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کل مقرر کردی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق گلگت بلتستان کے سابق چیف جج رانا شمیم کے بیان حلفی اور بیان کے بعد مریم نواز اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے عدلیہ مخالف تقاریر کیں۔

    ان تقاریر کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی گئی، جس میں مریم نواز، شاہد خاقان عباسی  فریق ٹھہرایا گیا ہے۔

    اسلام آباد ہائی کورٹ نے مریم نواز اور شاہد خاقان کے خلاف توہین عدالت کیس کی کل سماعت کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس پر وکیل کلثوم خالق ایڈوکیٹ دلائل پیش کریں گی۔

    اسلام آبادہائی کورٹ کےچیف جسٹس اطہرمن اللہ کل خود اس درخواست کی سماعت کریں گے۔

    مزید پڑھیں: ہائیکورٹ کا رانا شمیم، میر شکیل، انصار عباسی، عامر غوری کو الگ الگ شوکاز نوٹس

    یاد رہے کہ گزشتہ دنوں گلگت بلتستان کے سابق جج رانا شمیم نے لندن کے نوٹری پبلک میں ایک بیان حلفی جمع کروایا جس میں انہوں نے سپریم کورٹ کے سابق چیف جسٹس (ر) ثاقب نثار پر نوازشریف اور مریم نواز کیس میں جانبداری کا الزام عائد کیا تھا،

    راناشمیم نےحلف نامے میں دعویٰ کیا کہ اس وقت کےچیف جسٹس ثاقب نثارنے ہائی کورٹ کے جج کو فون پر کہا کہ 2018 کے انتخابات تک نوازشریف اورمریم نوازکو جیل میں رہنا چاہئے۔