Author: جہانگیر خان

  • افغان طالبان کا انسداد پولیو مہم کے حوالے سے بڑا فیصلہ

    افغان طالبان کا انسداد پولیو مہم کے حوالے سے بڑا فیصلہ

    کابل: افغان طالبان کی قیادت نے ملک میں انسداد پولیو مہم جاری رکھنے کا اعلان کردیا۔

    ذرائع ابلاغ کو طالبان ذرائع سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق افغان طالبان نے انسداد پولیو مہم کے حوالے سے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے مہم جاری رکھنے کا اعلان کردیا۔

    ذرائع کے مطابق افغان طالبان نے پاکستان کو انسداد پولیو سےمتعلق فیصلے سے آگاہ کیا اور انسداد پولیو کے لیے پاکستان کے ساتھ دو طرفہ تعاون کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار بھی کیا ہے۔

    طالبان ذرائع کے مطابق ڈاکٹر ہجرت اللہ نبی زادہ کو افغان انسداد پولیو پروگرام کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے،  وہ قندھار میں انسداد پولیو ایڈوائزر کے طور پر کام کر چکے ہیں۔

    مزید پڑھیں: افغانستان میں‌ پولیو رضاکاروں پر فائرنگ، پانچ جاں‌ بحق

    یہ بھی پڑھیں: افغانستان : پولیو ٹیم پر حملہ، چار کارکن ہلاک

    ذرائع کے مطابق قیادت کی منظوری کے بعد جلد افغانستان میں انسداد پولیو مہم کا آغاز کیا جائے گا، افغانستان میں شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم سے پاکستان پر مثبت اثرات پڑیں گے۔

    ذرائع کے مطابق پاکستان افغانستان انسداد پولیو کیلئے سالوں سے مشترکہ طور پر مل کر کام کر رہے ہیں، پاکستان افغانستان کو انسداد پولیو کیلئےہر ممکن تعاون فراہم کر رہا ہے،  پاکستان نے افغانستان سے پولیو آپریشن سینٹر کی تشکیل میں تعاون بھی کیا تھا۔

    یاد رہے کہ پاکستان، افغانستان ماضی میں مشترکہ انسدادپولیو مہم چلا چکے ہیں، پاکستان، افغانستان میں رواں سال ایک، ایک پولیو کیس سامنے آ چکا ہے۔

  • حکومتِ پاکستان  کا  کورونا ویکسین کی بوسٹر ڈوز لگانے پر غور

    حکومتِ پاکستان کا کورونا ویکسین کی بوسٹر ڈوز لگانے پر غور

    اسلام آباد : حکومتِ پاکستان نے کورونا ویکسین کی بوسٹر ڈوز لگانے سے متعلق غور کا آغاز کردیا ہے ، انٹرنیشنل پریکٹس کے مثبت نتائج ملنے پر بوسٹرڈوز لگانے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت نے کورونا ویکسین کی بوسٹر ڈوز لگانے سے متعلق غور کرنا شروع کردیا ہے ، ذرائع کا کہنا ہے کہ کورونا ویکسین بوسٹر ڈوز حکمت عملی مشاورت سے تیار ہو گی اور بوسٹرڈوز کےبارے میں ماہرین صحت سے رائے طلب کی جائے گی۔

    ذرائع نے بتایا کہ حکومت نے کورونا بوسٹر ڈوز سے متعلق انٹرنیشنل پریکٹس پر غور کے ساتھ ساتھ عالمی اداروں سےکورونا بوسٹر ڈوز کے نتائج کاڈیٹا مانگ لیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق انٹرنیشنل پریکٹس کے مثبت نتائج ملنے پر بوسٹرڈوز لگانےکاآغازہو گا، کورونا بوسٹر ڈوز لگانے یا نہ لگانے کا فیصلہ رواں ہفتے متوقع ہے کیونکہ بیرون ملک جانے کےخواہشمندافراد کی بڑی تعداد بوسٹر ڈوزکی منتظر ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ بیرون ملک جانے کےخواہشمند افراد کی بڑی تعدادکوچینی ویکسین لگی ہے جبکہ امریکا اوریورپ کے بیشتر ممالک میں چینی ویکسین قابل قبول نہیں، چینی ویکسین لگوانے والےافراد کیلئےامریکی ویکسین کابوسٹر ضروری ہے۔

    ذرائع نے کہا ہے کہ کورونا بوسٹر ڈوز بیرون ملک جانے کے منتظر افراد کا مطالبہ ہے۔

  • کورونا کی ادویات اسمگل کرنے والے گروہ پکڑا گیا

    کورونا کی ادویات اسمگل کرنے والے گروہ پکڑا گیا

    ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی (ڈریپ) نے لاہور کے نجی اسپتال میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے بیرون ملک ‏سے کورونا کی ادویات اسمگل کرنے والے گروہ کو پکڑ لیا۔

    سی ای او ڈریپ کے مطابق پنجاب ڈرگ کنٹرول یونٹ اور ڈرپ نے مشترکہ کارروائی کر کے گروہ ‏سے کورونا کی اسمگل شدہ مختلف ادویات برآمد کر لیں۔

    سی ای او ڈریپ ڈاکٹر عاصم کا کہنا ہے کہ ملزم سے ایکٹمرا، پریوینر ویکسین، ایمفوٹیریسین ‏انجکشنز اور بھارتی ساختہ ادویات برآمد ہوئی ہیں، گرفتار ملزم کے مطابق گروہ کے پاس ادویات ‏کاوافرسٹاک ہے گروہ رکن اسپتال میں مریض کو ادویات دینے آیا تھا۔

    بتایا گیا ہے کہ اسمگلر گروہ کے خلاف کارروائی خفیہ اطلاع پر کی گئی ہے گروہ کے ایجنٹس ‏اسپتالوں میں سمگل کورونا ادویات پہنچاتے تھے گروہ کورونا کی اسمگل ادویات کئی گنا مہنگے ‏داموں فروخت کرتا تھا، ملزمان ایکٹمرا انجکشن ایک تا ڈیڑھ لاکھ میں فروخت کرتے تھے جب کہ ‏ایکٹمرا انجکشن کی سرکاری قیمت 60000 مقرر ہے۔

    سی ای او ڈریپ کا کہنا ہے کہ غیر قانونی ادویات بیچنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی ‏ان میں بھارتی ساختہ ادویات بھی شامل ہیں جو ڈیلٹا ویئرئنٹ میں ہونے والے بلیک فنگس میں ‏استعمال ہوتی ہیں ۔

  • زہر کی تصدیق، ٹوکسیکالوجی کیلئے سنتھیا رچی کے بلڈ سیمپلز لاہور  بھجوا دیئے گئے

    زہر کی تصدیق، ٹوکسیکالوجی کیلئے سنتھیا رچی کے بلڈ سیمپلز لاہور بھجوا دیئے گئے

    اسلام آباد : ڈاکٹرز نے امریکی نژاد خاتون سینتھا رچی کو اسپتال میں مزید زیرعلاج رکھنے کا فیصلہ کرلیا اور ٹوکسیکالوجی کیلئےسنتھیا رچی کے سیمپلز لاہور بھجوا دیئے گئے، جس کے ذریعے جسم میں زہر کی تصدیق کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق شعبہ میڈیسن کے سنیئر ڈاکٹرز نے امریکی نژاد خاتون سینتھا رچی کا معائنہ کیا ، ذرائع کا کہنا ہے کہ سنتھیا رچی کی صحت کی مجموعی صورتحال بہتر ہے تاہم ڈاکٹرز نے سنتھیا رچی کو اسپتال میں مزید زیرعلاج رکھنےکا فیصلہ کیا ہے۔

    ذرائع پولی کلینک نے بتایا کہ سینئرڈاکٹرز کی ہدایت پرسنتھیا رچی کی ادویات میں ردوبدل کردیاگیا جبکہ انھیں اینٹی بائیوٹک انجکشنز تجویز کر دیئے ہیں ، سنتھیا رچی پر غنودگی کے اثرات بدستور برقرار ہیں، اس لیے ان کو میڈیکل آئی سی یو میں رکھا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق ٹوکسیکالوجی کیلئےسنتھیا رچی کے سیمپلز لاہور بھجوا دیئے گئے، ٹوکسیکالوجی رپورٹ آنے میں چند دن لگیں گے، ٹوکسیکالوجی کے ذریعے جسم میں زہر کی تصدیق کی جاتی ہے۔

    گذشتہ روز امریکی نژاد سنتھیا رچی اپنے فلیٹ میں بے ہوش پائی گئی تھیں، پولیس کا کہنا تھا کہ ان کو ہمسائے نے فلیٹ میں بے ہوش پایا، اور انھیں اسپتال پہنچایا۔

    بعد ازاں امریکی نژاد سنتھیا رچی نے ہوش میں آ کر پولیس کو بیان میں کہا تھا کہ دو بھارتی شہری ان کے اپارٹمنٹ میں آئے تھے، انھوں نے کہا کہ میں پاکستان میں کام نہ کروں، اس کے بعد بھارتی شہریوں نے انھیں کوئی نشہ آور چیز دی۔

  • کوویکس کی جانب سے پاکستان کو کورونا ویکسین کی فراہمی کا سلسلہ جاری

    کوویکس کی جانب سے پاکستان کو کورونا ویکسین کی فراہمی کا سلسلہ جاری

    اسلام آباد : کوویکس کی جانب سے سائینوفام کورونا ویکسین کی بڑی کھیپ آج پاکستان پہنچے گی، کوویکس رواں ہفتےپاکستان کو 20لاکھ سے زائد ویکسین ڈوز فراہم کر چکا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کوویکس کی جانب سے پاکستان کو کورونا ویکسین کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے ، ذرائع وزارت صحت کا کہنا ہے کہ سائینوفام کورونا ویکسین کی بڑی کھیپ آج پاکستان پہنچے گی ، غیرملکی ایئرلائن سے 15لاکھ سائینوفام ڈوز اسلام آباد لائی جائیں گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کو15لاکھ سائینوفام ڈوزکوویکس فراہم کررہاہے جبکہ کوویکس کی فراہم کردہ 20 لاکھ سائینو فام ڈوزکل اسلام آبادپہنچیں گے۔

    ذرائع کے مطابق کوویکس رواں ہفتےپاکستان کو 20لاکھ سے زائد ویکسین ڈوز فراہم کر چکا ہے اور بقیہ 6 لاکھ سائینو فام ڈوز آئندہ ہفتے فراہم کرے گا، کوویکس پاکستان کو مجموعی 61لاکھ کوروناویکسین ڈوزفراہم کرے گا۔

    ذرائع نے کہا کہ کوویکس پاکستان کوایک کروڑسےزائدکورونا ویکسین ڈوزفراہم کر چکا ہے، فراہم کردہ کورونا ویکیسن میں فائزر،آسٹرازنیکا،موڈرنا،سائینوفام شامل ہیں۔

  • کوویکس کی فراہم کردہ چینی ساختہ کورونا ویکسین کی کھیپ پاکستان پہنچ گئی

    کوویکس کی فراہم کردہ چینی ساختہ کورونا ویکسین کی کھیپ پاکستان پہنچ گئی

    اسلام آباد : کوویکس کی فراہم کردہ چینی ساختہ کورونا ویکسین کی کھیپ پاکستان پہنچادی گئی ، کوویکس کی جانب سے 10 لاکھ سائنوفام ڈوز فراہم کی گئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کوویکس کی فراہم کردہ ویکسین کھیپ پاکستان پہنچادی گئی، ذرائع کا کہنا ہے کہ غیر ملکی ایئرلائن چینی ساختہ کورونا ویکسین لیکر اسلام آباد پہنچی، کوویکس کی جانب سے 10 لاکھ سائنوفام ڈوز فراہم کی گئی ہیں۔

    ذرائع نے کہا ہے کہ ویکسین کھیپ ایئرپورٹ سے فیڈرل ای پی آئی کے مرکزی ویئر ہاؤس منتقل کی جائے گی ، چین نے کوویکس کو ایک کروڑ سائینوفام ڈوز فراہم کی ہیں۔

    کوویکس رواں ہفتے پاکستان کو 61 لاکھ سائنوفام ڈوز فراہم کرے گا، کوویکس سے پاکستان کو سائنوفام ویکسین پہلی بار مل رہی ہے جبکہ کوویکس پاکستان کو تاحال81 لاکھ ویکسین ڈوز فراہم کر چکا ہے۔

    ذرائع کے مطابق کوویکس سےپاکستان کو 55 لاکھ موڈرنا،25 لاکھ آسٹرازنیکا ڈوز ملی ہیں جبکہ کوویکس پلیٹ فارم سے پاکستان کو ایک لاکھ فائزر ویکسین ڈوز مل چکی ہیں۔

    خیال رہے پاکستان کورونا ویکسین سےمتعلق عالمی پلیٹ فارم کوویکس کارکن ہے،کوویکس پاکستان کی 20 فیصد آبادی کو مفت ویکسین فراہم کرے گا۔

  • کچی آبادیوں کےخلاف آپریشن سے متعلق ہائیکورٹ کا بڑا حکم

    کچی آبادیوں کےخلاف آپریشن سے متعلق ہائیکورٹ کا بڑا حکم

    اسلام آباد ہائیکورٹ نے کچی آبادیوں کے خلاف آپریشن روکنے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی کچی آبادی میں کسی قسم کے آپریشن پر اسلام آباد ہائی کورٹ ‏نے حکم امتناع جاری کر دیا۔

    کچی آبادی پر چیئرمین سی ڈی اے ڈی جی فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی سے تفصیلی ‏جواب طلب کیا گیا ہے۔

    اسلام آباد ہائی کورٹ نے حکم دیا ہے کہ کیس کی اگلی سماعت تک ضلعی انتظامیہ کچی آبادی ‏میں کسی قسم کا آپریشن نہ کرے۔

    چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ ورکنگ کلاس اسلام آباد کی زمین باقی شہریوں کی طرح ‏کیوں نہیں ایکوائر کرسکتی؟ متوسط طبقہ کچی آبادیوں میں چار دہائیوں سے آباد ہے انہیں ‏سہولیات کیوں نہیں مل سکتی۔

    ہائی کورٹ نے اٹارنی جنرل پاکستان، وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل کو اگلے سماعت پر طلب ‏کرلیا ہے۔

    واضح رہے کہ چیف جسٹس اطہر من اللہ نے شہری نذر خان کی درخواست پر عبوری حکمنامہ ‏جاری کیا ہے۔

  • پاکستان  کورونا ویکسین کی بھاری مقدار حاصل کرنے میں  کامیاب

    پاکستان کورونا ویکسین کی بھاری مقدار حاصل کرنے میں کامیاب

    اسلام آباد : پاکستان کورونا ویکسین کی بھاری مقدار حاصل کرنے میں کامیاب ہوگیا ، رواں ماہ 3 کروڑ 50 لاکھ سے زائد ویکسین ڈوز پاکستان لائی جائیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی سطح پر قلت کے باوجود پاکستان کورونا ویکسین کےحصول میں کامیاب ہوگیا ، ذرائع کا کہنا ہے کہ رواں ماہ کورونا ویکسین کی بھاری مقدارپاکستان آئے گی، رواں ماہ3 کروڑ 50 لاکھ سےزائدویکسین ڈوزپاکستان لائی جائیں گی۔

    ذرائع نے کہا ہے کہ رواں ماہ آنے والی 3کروڑ سے زائد ڈوز پاکستان نے خریدی ہیں ، اس دوران چین سے سائینوفام، کین سائینو اور سائینوویک کی کھیپ آئے گی۔

    ذرائع کے مطابق رواں ماہ کے اختتام پر فائزر کمپنی پاکستان کو کھیپ فراہم کرے گی، پاکستان نے فائزر کمپنی سے1 کروڑ 30 لاکھ ویکسین ڈوز خریدی ہیں جبکہ پاکستان کورواں ماہ کوویکس سےویکسین کی بھاری مقدار ملنے کا امکان ہے، پاکستان کو کوویکس سے سائینو فام، آسٹرازنیکا، فائزر ویکسین ملے گی۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ گزشتہ ماہ 2 کروڑ 13لاکھ40 ہزار ویکسین ڈوز پاکستان لائی گئی تھیں، جس میں سے 1 کروڑ 45 لاکھ ڈوز پاکستان نے خریدی تھیں جبکہ کوویکس نے گزشتہ ماہ پاکستان کو 67 لاکھ 40 ہزار ڈوز فراہم کی تھی۔

    ذرائع نے بتایا کہ رواں ماہ چین سے کورونا ویکسین کی 55 لاکھ ڈوز لائی جا چکی ہیں ، چین نے پاکستان کو20 لاکھ سائینوفام ویکسین ڈوزتحفہ دیں جبکہ رواں ماہ 64 ہزار فائزر، 15 ہزاراسپٹنک ڈوز پاکستان پہنچ چکی ہیں۔

  • اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کا بڑا فیصلہ

    اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کا بڑا فیصلہ

    اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ کا بڑا فیصلہ، چیف جسٹس اسلام آباد ہائی ‏کورٹ نے معلومات تک رسائی قانون کے تحت چیف جسٹس اور دیگر ججز کو ملنے والی مراعات ‏سے متعلق تفصیلات جاری کردیں۔

    رجسٹرار آفس کی طرف سے سیکرٹری وزارت قانون کو لکھے گئے خط میں کہاگیاہےکہ اسلام آباد ‏ہائی کورٹ کےچیف جسٹس اور ججز میں نہ گورنمنٹ اسکیم نہ کسی اور اسکیم میں پلاٹ کے لیے ‏اپلائی کیا نہ پلاٹ الاٹ ہوا،پاکستان انفارمیشن کمیشن کے فیصلے کے مطابق شہری کو چیف ‏جسٹس ،ججز کی مراعات کی معلومات شئیر کریں۔

    شہری نے چیف جسٹس اور سپریم کورٹ اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز کی مراعات سے متعلق ‏معلومات کی درخواست دی تھی،پاکستان انفارمیشن کمیشن نے2جون کو فیصلہ دیا شہری کو ‏معلومات تک رسائی قانون کے تحت معلومات دی جائیں، پاکستان انفارمیشن کمیشن کا مراعات کی ‏معلومات شئیر کرنے کا پیراگراف خط کا حصہ ہیں، پاکستان انفارمیشن کمیشن کے فیصلے پر عمل ‏کرتے ہوئے متعلقہ معلومات شہری کو دیں جائیں۔

    چیف جسٹس اور ہائی کورٹ کے ججز کے ( ‏Perks and Privileges‏) صدراتی آرڈر کے ذریعے ہوتے ‏ہیں،ججز مراعات کے صدارتی آرڈرز کو اسلام آباد ہائی کورٹ کی ویب سائٹ پر پبلک کردیا گیا ہے، ‏صدارتی آرڈر میں چیف جسٹس اور ججز کی ریٹائرمنٹ کے بعد کی مراعات کی تفصیلات بھی ‏شامل ہیں، ججز مراعات کے صدراتی آرڈیننس کے مطابق چیف جسٹس ہائی کورٹ کی تنخواہ8 لاکھ ‏‏63 ہزار 69 روپے ہے جبکہ ہائی کورٹ کے ہر جج کی تنخواہ 8 لاکھ 29 ہزار8 سو75 روپے ہے۔

  • کورونا کے پیش نظر نئی پابندیاں، نوٹی فکیشن جاری

    کورونا کے پیش نظر نئی پابندیاں، نوٹی فکیشن جاری

    اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی) نے ملک میں کورونا وائرس کے حوالے سے نئی پابندیوں کا نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک کے مخصوص شہروں کے لیے این سی او سی کی پابندیوں کا اطلاق آج سے ہوگا۔ کورونا کی نئی پابندیوں کا اطلاق لاہور، راولپنڈی فیصل آباد، ملتان، پشاور، ایبٹ آباد، مظفر آباد، میرپور اور اسلام آباد پر ہوگا۔ سندھ حکومت کی جانب سے کراچی اور حیدر آباد میں سخت پابندیاں ہیں۔

    نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ مخصوص شہروں میں کاروباری سرگرمیاں رات 8 بجے تک ہوں گی، مخصوص شہروں میں کاروبار ہفتہ وار 2روز بند رہیں گے، ہفتہ وار بندش کے لیے 2دنوں کا انتخاب صوبوں کی صوابدید ہے۔

    نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے نوٹی فکشن کے مطابق پیڑول پمپس، فارمیسی اور ویکسینیشن سنٹرز، کھلے رہیں گے، اشیائے خوردونوش کی دکانیں بھی کھلی رہیں گی، 13 مخصوص شہروں میں انڈور ڈائننگ پر مکمل پابندی ہوگی، آؤٹ ڈور ڈائننگ کی رات 10 بجے تک اجازت ہوگی۔

    سندھ لاک ڈاؤن، این سی او سی کا فضائی آپریشن، ٹرین سروس اور وفاقی ادارے کھلے رکھنے کا اعلان

    این سی او سی کا کہنا ہے کہ ریسٹورینٹس میں ٹیک اوے پر پابندی نہیں ہوگی، 8 اگست سے ان ڈور شادی تقریبات پرپابندی عائد کی ہے، 400افراد کے ساتھ آؤٹ ڈور تقریب کی رات10 بجے تک اجازت ہے۔

    نوٹی فکیشن کے تحت مخصوص شہروں میں مزارات اور سینما گھر مکمل بند رہیں گے۔ مخصوص شہروں میں انڈور سماجی، مذہبی اور تفریحی اجتماعات پر پابندی ہوگی۔ 400افراد کے آؤٹ ڈور مذہبی، سماجی اور تفریحی اجتمات کی اجازت ہوگی۔ 13شہروں میں سرکاری اور نجی دفاتر میں 50 فیصد عملہ کام کرے گا۔