Author: جہانگیر خان

  • کروناویکسین کی ایڈوانس بکنگ، وزارت صحت نے 15 کروڑ ڈالر مانگ لیے

    کروناویکسین کی ایڈوانس بکنگ، وزارت صحت نے 15 کروڑ ڈالر مانگ لیے

    اسلام آباد: وزارت صحت نے کروناویکسین کی ایڈوانس بکنگ کے لیے 15کروڑ ڈالر مانگ لیے، متوقع ویکسین کی ایڈوانس بکنگ سےمتعلق سمری اقتصادی رابطہ کمیٹی(ای سی سی) کو ارسال کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت صحت کی جانب سے ای سی سی کو بھیجی گئی سمری میں کہا گیا ہے کہ ای سی سی متوقع کرونا ویکسین کی بکنگ کے لیے 15کروڑ ڈالر مختص کرے، ٹیکنیکل ایکسپرٹ کمیٹی نے کروناویکسین بکنگ کا تخمینہ15کروڑ ڈالر لگایا، عالمی سطح پر ویکسین کی تیاری فیز تھری میں داخل ہوچکی ہے۔

    وزارت صحت کا اپنی سمری میں کہنا ہے کہ تمام ممالک کروناویکسین کی ایڈوانس بکنگ کررہے ہیں، ویکسین2021کی پہلی اور دوسری سہ ماہی میں دستیاب ہوگی، ویکسین کی خریداری پیپراقواعد کے تحت کی جائے گی۔

    سمری کے مطابق ویکسین سازاداروں کو ادائیگی غیرملکی کرنسی کی صورت میں ہوگی، پاکستان نے مفت ورعایتی ویکسین فراہمی کے لیے گاوی سے رابطہ کیا ہے، گاوی سے ویکسین2021کے آخر میں ملنے کا امکان ہے، ویکسین سے متعلق بین الوزارتی اور نیشنل ایکسپرٹ کمیٹی قائم کی گئی تھی۔

    وزیر اعظم کی جانب سے کرونا ویکسین کی ایڈوانس بکنگ کے حوالے سے بڑا قدم

    اس حوالے سے سمری میں یہ بھی کہا گیا کہ ویکسین کی بکنگ کا معاملہ این سی اوسی میں زیربحث ہے۔

    خیال رہے کہ عبدالحفیظ شیخ کی زیرصدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا۔ ای سی سی کی جانب سے کروناویکسین بکنگ کی سمری منظور کیے جانے کا امکان ہے۔ وزارت صحت نے وزیراعظم کو گزشتہ ماہ ویکسین بکنگ سے متعلق خط لکھا تھا۔ وزیراعظم سے ویکسین بکنگ کا معاملہ ای سی سی بھجوانے کی درخواست کی گئی تھی۔

    وزارت صحت نے وزیراعظم کو ممکنہ کروناویکسین کی بکنگ کی تجویز دی تھی۔ وزارت صحت نے ایک کروڑ شہریوں کے لیے ویکسین بکنگ کی تجویز دی تھی جن میں ہیلتھ ورکرز اور بوڑھے شہری بھی شامل ہوں گے۔

  • امریکا  کی  پاکستان کو کورونا ویکسین فراہم کرنے سے معذرت

    امریکا کی پاکستان کو کورونا ویکسین فراہم کرنے سے معذرت

    اسلام آباد : امریکا نے پاکستان کو کورونا ویکسین فراہم کرنے سے معذرت کرلی ، دفتر خارجہ نے وزارت قومی صحت کو امریکی جواب سے آگاہ کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا نے فی الحال پاکستان کو کورونا ویکسین فراہم کرنے سے معذرت کرتے ہوئے کہا کمپنی پہلے فیز میں ویکسین کی مقامی ضرورت پورا کرے گی، دوسرے مرحلے میں کمپنی کورونا ویکسین برآمد کرے گی۔

    ذرائع کے مطابق واشنگٹن میں پاکستانی مشن نے حکومت کو امریکی ردعمل سے آگاہ کیا ، جس کے بعد دفتر خارجہ نے وزارت قومی صحت کو امریکی جواب سے آگاہ کر دیا ہے۔

    مراسلے میں کہا ہے کہ واشنگٹن میں پاکستانی مشن کورونا ویکسین کے حصول کیلئے سرگرم ہے، پاکستانی مشن ویکسین پر کام کرنے والی کمپنیوں سے رابطے میں ہے جبکہ وزارت صحت کے امریکی کمپنیوں سے رابطوں کیلئے کوششیں جاری ہیں۔

    خیال رہے پاکستان متوقع کورونا ویکسین کی ایڈوانس بکنگ کیلئے کمپنیوں سے رابطے کر رہا ہے، اس سلسلے میں وزارتِ صحت کی پارلیمانی سیکریٹری ڈاکٹر نوشین حامد نے اے آر وائی نیوز سےگفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا کہ وزیر اعظم نے کرونا ویکسین کی ایڈوانس بکنگ کی منظوری دے دی ہے۔

    ڈاکٹر نوشین حامد کا کہنا تھا کہ ایڈوانس بکنگ کے لیے 2 ویکسین ساز اداروں سے رابطے ہو چکے ہیں، امید ہے پاکستان کرونا ویکسین کی ایڈوانس بکنگ میں کامیاب ہوگا۔

    ذرایع کا کہنا تھا کہ وزارت صحت نے ایک کروڑ شہریوں کے لیے کرونا ویکسین کی بکنگ اور اس کے لیے 100 ملین ڈالر مختص کرنے کی تجویز دی تھی، پہلے فیز میں ہیلتھ ورکرز اور ضعیف شہریوں کے لیے ویکسین بکنگ کی تجویز ہے۔

  • وزیر اعظم کی جانب سے کرونا ویکسین کی ایڈوانس بکنگ کے حوالے سے بڑا قدم

    وزیر اعظم کی جانب سے کرونا ویکسین کی ایڈوانس بکنگ کے حوالے سے بڑا قدم

    اسلام آباد: کرونا سے بچاؤ کی ویکسین کے لیے پاکستان نے ایڈوانس بکنگ کا فیصلہ کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نے کرونا ویکسین کی ایڈوانس بکنگ کرانے کی منظوری دے دی ہے، اب ویکسین کے حصول کے لیے عالمی سطح پر رابطے کیے جا رہے ہیں۔

    اس سلسلے میں وزارتِ صحت کی پارلیمانی سیکریٹری ڈاکٹر نوشین حامد نے اے آر وائی نیوز سےگفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وزیر اعظم نے کرونا ویکسین کی ایڈوانس بکنگ کی منظوری دے دی، اب ویکسین کی ایڈوانس بکنگ کے لیے عالمی سطح پر رابطے جاری ہیں۔

    ڈاکٹر نوشین حامد کا کہنا تھا کہ ایڈوانس بکنگ کے لیے 2 ویکسین ساز اداروں سے رابطے ہو چکے ہیں، امید ہے پاکستان کرونا ویکسین کی ایڈوانس بکنگ میں کامیاب ہوگا۔

    پاکستان میں کورونا کی شدت میں اضافہ، ایک دن میں 33 اموات، 2 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ

    ذرایع کا کہنا ہے کہ وزارت صحت نے ایک کروڑ شہریوں کے لیے کرونا ویکسین کی بکنگ اور اس کے لیے 100 ملین ڈالر مختص کرنے کی تجویز دی تھی۔

    ذرایع کے مطابق پہلے فیز میں ہیلتھ ورکرز اور ضعیف شہریوں کے لیے ویکسین بکنگ کی تجویز ہے۔

    واضح رہے کہ کرونا کی دوسری لہر نے ملک بھر میں خطرناک صورت اختیار کر لی ہے، ایک دن میں 33 اموات ریکارڈ کی گئیں جب کہ 2 ہزار 50 نئے کیسز سامنے آئے، جس کے بعد ملک میں مجموعی کیسز 3 لاکھ 61 ہزار 82 تک جا پہنچے ہیں۔

  • آصف زرداری کی بیٹی بختاور کی منگی طے

    آصف زرداری کی بیٹی بختاور کی منگی طے

    کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور شہید بے نظیر بھٹو کی صاحب زادی بختاور کی منگنی رواں ماہ کی 27 تاریخ کو طے ہو گئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق بے نظیر بھٹو شہید کی بڑی صاحب زادی بختاور بھٹو کی منگنی 27 نومبر کو چوہدری یونس کے صاحب زادے محمود سے ہوگی۔

    منگنی کی تقریب بلاول ہاؤس کراچی میں ہوگی، مہمانوں کو منگنی کے دعوت نامے بھی بھجوا دیےگئے، بختاور کے منگیتر محمود، یونس چوہدری کے صاحب زادے ہیں۔

    دعوت نامے میں مہمانوں کو خصوصی ہدایت کی گئی ہے کہ تقریب میں شرکت سے قبل کرونا ٹیسٹ لازمی کروائیں گے، اور اس کی رپورٹ 24 گھنٹے قبل بلاول ہاؤس کراچی کو بھجوائی جائے گی۔

    مہمانوں کو یہ ہدایت بھی کی گئی ہے کہ وہ تقریب کے دوران اپنا موبائل فون استعمال نہیں کریں گے، سیل فون تقریب میں لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ تقریب میں آفیشل فوٹو گرافر ہی کو منگنی کی تصاویر لینے کی اجازت ہوگی، مہمانوں کو بھی وہی تصاویر دی جائیں گی۔

    تقریب میں محدود تعداد میں مہمانوں کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔

    بلاول ہاؤس کراچی سے بھی اس سلسلے میں اعلامیہ جاری ہو گیا ہے، جس میں بختاور بھٹو کی منگنی کی تصدیق کی گئی ہے، آصف زداری کا کہنا ہے کہ بختاور بھٹو کا رشتہ محمود چوہدری سے طے پایا ہے۔

  • اسلام آباد میں چینی شہریوں کے لیے کرونا آئسولیشن مراکز قائم

    اسلام آباد میں چینی شہریوں کے لیے کرونا آئسولیشن مراکز قائم

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں چینی شہریوں کے لیے کرونا آئسولیشن مراکز قائم کر دیے گئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ذرایع نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کے سلسلے میں حفاظتی اقدامات کے تحت اسلام آباد میں چینی شہریوں کے لیے کرونا آئسولیشن مراکز قائم کیے گئے ہیں۔

    ذرایع نے بتایا کہ چینی کمپنی نے اپنے ملازمین کے لیے 2 آئسولیشن مراکز قائم کیے ہیں، این آئی ایچ کی ٹیم نے چینی کمپنی کے کرونا آئسولیشن مرکز کا دورہ کیا، قومی ادارہ صحت نے چینی کمپنی کے آئسولیشن مراکز کو کلیئرنس بھی دے دی ہے۔

    ذرایع کے مطابق چینی کمپنی کے 300 ملازمین کی رواں ماہ چین سے واپسی شروع ہوگی، ان ملازمین کو 14 دن آئسولیشن مراکز میں رکھا جائے گا، چینی کمپنی 300 ملازمین کو مرحلہ وار پاکستان واپس لائے گی، چینی کمپنی کے یہ ملازمین سالانہ تعطیلات کے لیے چین گئے تھے۔

    کرونا وائرس دنیا کے لیے بڑا خطرہ بن گیا، اموات 2619 ہو گئیں

    چینی کمپنی کے آئسولیشن مراکز 20 بستروں پر مشتمل ہیں، ان مراکز میں چینی شہریوں کی 2 ہفتے مانیٹرنگ ہوگی، 20 ملازمین کی کرونا کلیئرنگ کے بعد چینی کمپنی مزید ملازمین بلوائے گی۔

    خیال رہے کہ نہایت مہلک کرونا وائرس دنیا کے لیے بڑا خطرہ بن گیا ہے، چین، جاپان، تائیوان، ایران، اٹلی، فلپائن سمیت متعدد ملکوں میں وائرس سے اموات کی تعداد 2619 ہو گئی ہے۔

    قاتل کرونا وائرس نے ایران میں بھی 7 افراد کی جان لے لی ہے، جب کہ 28 سے زائد لوگ متاثر ہوئے ہیں، جس کے بعد تہران سمیت کئی شہروں میں جامعات ایک ہفتے کے لیے بند کر دیے گئے، سینما ہالز پر بھی تالے پڑ گئے، تقریبات بھی منسوخ کر دی گئیں، سعودی عرب نے اپنے شہریوں کو ایران کے سفر سے روک دیا۔ عراق اور ترکی نے ایران کے ساتھ سرحدیں بند کر دیں، عراقی ایئر ویز کا آپریشن بھی معطل کر دیا گیا، پاکستان نے بھی تفتان اور چاغی بارڈر بند کر دیے، ایران سے ملحقہ بلوچستان کے اضلاع میں ایمرجنسی کا نفاذ بھی کر دیا گیا ہے۔