Author: جہانزیب علی

  • امریکی انتخابات : وہائٹ ہاؤس کو آہنی قلعے میں کیوں تبدیل کیا گیا؟

    امریکی انتخابات : وہائٹ ہاؤس کو آہنی قلعے میں کیوں تبدیل کیا گیا؟

    امریکی صدارتی انتخابات کے نتائج کے روز کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلئے وائٹ ہاؤس کو لوہے کے قلعے میں تبدیل کر دیا گیا یے۔

    اس حوالے سے بیورو چیف جہاں زیب علی نے اے آر وائی نیوز کے ناظرین کو وائٹ ہاؤس کے باہر سے براہ راست تفصیلات سے آگاہ کیا۔

    انہوں نے بتایا کہ اس وقت امریکا کی سیاست اہم موڑ پر ہے، امریکی الیکشن اب گھنٹوں کی دوری پر ہے، وائٹ ہاؤس کی سیکیورٹی کے حوالے سے خدشات اس لیے بھی ہیں کہ 6 جنوری کو جو واقعہ ہوا اس کو مد نظر رکھتے ہوئے خصوصی حفاظتی انتطامات کیے گئے ہیں تاکہ دوبارہ کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہ ہو۔

    انہوں نے بتایا کہ یہاں مظاہروں کے زیادہ خطرات ہیں، واشنگٹن ڈی سی میں پرتشدد مظاہرے ہوسکتے ہیں، اس کے علاوہ ان حفاظتی اقدامات کی ایک بڑی وجہ یہ بھی ہے کہ یہاں ایک بہت بڑا اسٹیج بھی تیار کیا جارہا ہے۔

    انتخابات میں کامیابی کے بعد وائٹ ہاؤس کا جو بھی نیا مکین آئے گا اس کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا جاتا ہے، اس وقت وائٹ ہاؤس کے باہر شہریوں کی بڑی تعداد موجود ہے جو اپنے امیدوار کے حق میں پلے کارڈز لیے کھڑے ہیں۔

    امریکی الیکشن میں ڈونلڈ ٹرمپ اور کاملا ہیرس میں کانٹے کا مقابلہ ہے، امریکی صدارتی انتخابات ہر چار سال بعد نومبر کے پہلے منگل کو منعقد ہوتے ہیں، اس بار ڈونلڈ ٹرمپ اور کاملا دیوی ہیرس میں کانٹے کا مقابلہ ہے۔

    دونوں امیدوار عوام سے خطابات میں ایک دوسرے پر مسلسل الزامات عائد کررہے ہیں، ووٹرز کو رام کرنے کیلئے ایک دن میں دو دو بار سوئنگ اسٹیٹس کے دورے کررہے ہیں۔

    یہ دنیا کی تاریخ کے مہنگے ترین الیکشن ہیں، ایک طرف دنیا کے امیرترین شخص اور ٹیسلا کے مالک ایلن مسک ٹرمپ کے ساتھ کھڑے ہیں تو دوسری جانب مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس کاملا ہیرس کے حمایتی ہیں۔

    کاملا ہیرس نے آج اٹلانٹا،جارجیا اور نارتھ کیرولائنا کا دورہ کیا، ریلی خطاب میں کاملا ہیرس نے کہا کہ اپنے ملک کیلئے لڑنے کو تیار ہیں،ہم لڑیں گے اور جیتیں گے،مخالفین سے انتقام کی بجائے انہیں ٹیبل پرلائیں گے۔

    دوسری جانب ڈونلڈ ٹرمپ نے نارتھ کیرولائنا اور ورجینیا میں اپنے حمایتیوں سے خطاب کیا اور فتح کا دعویٰ کیا، ٹرمپ نے کہا کہ جوبائیڈن اور کاملا ہیرس کی معاشی پالیسیاں ناکام رہی ہیں، اقتدار میں آکر مجرموں کا امریکا میں داخلہ بند کردیں گے۔

  • بانی پی ٹی آئی کو ہٹانے میں ہمارا کوئی کردار نہیں، امریکی ترجمان

    بانی پی ٹی آئی کو ہٹانے میں ہمارا کوئی کردار نہیں، امریکی ترجمان

    واشنگٹن : امریکی ترجمان محکمہ خارجہ میتھیو ملر  نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی حکومت کو ہٹانے میں امریکا کا کوئی کردار نہیں۔

    واشنگٹن میں ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھیو ملر نے پریس کانفرنس کے دوران کیے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی وزارت عظمیٰ سے برطرفی میں امریکی کردار کے الزامات غلط ہیں۔

    میتھو ملر سے سوال کیا گیا تھا کہ لطیف کھوسہ کہتے ہیں کہ ٹرمپ انتخابات جیتے تو بانی پی ٹی آئی رہا ہوجائیں گے اور ڈونلڈ لو بانی پی ٹی آئی کیخلاف سازش میں ملوث تھے،۔

    جس کے جواب میں ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا تھا کہ سابق وزیر اعظم کیخلاف قانونی کارروائیاں پاکستانی عدالتوں کا معاملہ ہے، مقدمات کا فیصلہ پاکستانی عدالتوں نے کرنا ہے، پاکستان کی سیاست پاکستان کے عوام کے لیے ہے۔

    امریکی ترجمان میتھیو ملر نے مزید کہا کہ پاکستانی سیاست کا معاملہ پاکستانی عوام کو اپنے قانون اور آئین کے مطابق طے کرنا ہے۔

    میتھوملر سے پوچھا گیا کہ کینیڈین حکومت نے الزام لگایا ہے کہ بھارتی وفاقی وزیر امیت شاہ سکھوں کی قاتلانہ سازش میں ملوث ہیں، جس پر ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا جواب تھا کہ کینیڈا کی طرف سے لگائے گئے الزامات تشویشناک ہیں، الزامات پر حکومت سے مشاورت جاری رکھیں گے۔

  • سکھ رہنما کا قتل : بھارتی ایجنٹ کی حوالگی پر امریکا کا مؤقف سامنے آگیا

    سکھ رہنما کا قتل : بھارتی ایجنٹ کی حوالگی پر امریکا کا مؤقف سامنے آگیا

    واشنگٹن : ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ سکھ رہنما پر قاتلانہ حملے کے معاملے پر حقیقی معنوں میں احتساب ہوتا دیکھنا چاہتے ہیں۔

    یہ بات انہوں نے واشنگٹن میں پریس بریفنگ دیتے ہوئے کہی، اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق دوران بریفنگ ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھیو ملر سے سوال کیا گیا کہ کیا سکھ رہنما پر قاتلانہ حملے میں ملوث بھارتی ایجنٹ کی امریکا حوالگی کا مطالبہ کیا گیا ہے؟۔

    جس کے جواب میں میتھیو ملر نے کہا کہ اس معاملے پر محکمہ انصاف سے رجوع کریں، امریکا نے بھارتی حکومت سے بات کی ہے اور مودی حکومت پر زور دیا گیا ہے کہ امریکا حقیقی معنوں میں احتساب ہوتے دیکھنا چاہتا ہے۔

    صحافی نے سوال کیا کہ کیا امریکا نے بھارت سے اس معاملے پر احتساب کا مطالبہ کیا ہے؟ بھارتی ایجنٹ پر امریکا فرد جرم عائد کرچکا ہے لیکن گرفتاری پھر بھی عمل میں نہیں آئی؟ اور کیا امریکا نے بھارت سے اس ایجنٹ کی حوالگی کا کہا ہے؟

    میتھیو ملر کا کہنا تھا کہ جب حوالگی کا سوال آتا ہے تو میں آپ کو محکمہ انصاف سے رجوع کرنے کا کہتا ہوں کیونکہ یہ ایک قانونی معاملہ ہے، ہم ہمیشہ حوالگی سے متعلق محکمہ انصاف سے بات کرنے کا کہتے ہیں۔

    ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے بتایا کہ ہم نے اس معاملے پر بھارتی حکومت کے ساتھ بات چیت کی ہے، دو ہفتے قبل امریکی حکومت کو بھارتی حکام نے تحقیقات پر براہ راست بریفنگ دی تھی۔

    انہوں نے بتایا کہ ہم نے بھارتی حکومت کو اپنی تحقیقات سے بھی آگاہ کیا تھا، ہم نے اس ملاقات میں واضح کیا تھا کہ یہ بات چیت جاری رکھیں گے، ہم نے بھارت پر واضح کیا ہے کہ ہم حقیقی احتساب دیکھنا چاہتے ہیں۔

    صحافی کی جانب سے سوال کیا گیا کہ کینیڈا میں سکھ رہنما کے قتل کے بعد کینیڈین حکومت نے بھارتی ایجنٹس کو بے دخل کردیا تھا، رپورٹس ہیں کہ امریکا نے بھی بھارتی ہائی کمیشن میں کام کرنے والےایجنٹس کو بےدخل کردیا؟

    امریکی ترجمان میتھیو ملر نے جواب میں کہا کہ میں اس رپورٹ سے واقف نہیں ہوں، مجھے ابھی ایسے کسی واقعے کا علم نہیں ہے۔

  • اسرائیل کا ایران پر فضائی حملہ، متعدد عمارتوں میں آتشزدگی، امریکی میڈیا

    اسرائیل کا ایران پر فضائی حملہ، متعدد عمارتوں میں آتشزدگی، امریکی میڈیا

    تہران : اسرائیل نے ایران پر فضائی حملوں کا باقاعدہ آغاز کردیا، متعدد عمارتوں میں آتشزدگی سے متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

    امریکی میڈیا کے مطابق اسرائیل نے ایران پر فضائی حملوں کا آغاز کردیا ہے، ایران کے سرکاری ذرائع نے بھی تہران میں دھماکوں کی تصدیق کردی ہے۔

    ایرانی سرکاری میڈیا نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ تہران زور دار دھماکوں سے گونج اٹھا۔ تہران کے مغربی علاقے میں متعدد دھماکے ہوئے ہیں جبکہ دمشق کے وسطی علاقے میں بھی دھماکے ہوئے۔

    تہران پر اسرائیلی حملوں کے بعد کئی مقامات اور متعدد عمارتوں میں آگ لگ گئی۔ تہران فائر ڈپارٹمنٹ کے مطابق آگ سے متاثرہ عمارت سے 10 افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔

    عرب میڈیا کے مطابق ایران میں پاسداران انقلاب کے ہیڈ کوارٹرز سمیت تہران کے امام خمینی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔

    دوسری جانب ترجمان اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ ایران میں طے شدہ اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے، امریکی میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیل نے حملے سے قبل وائٹ ہاؤس کو آگاہ کردیا تھا، اسرائیل کے مطابق یہ کارروائی ایرانی حملوں کے جواب میں کی گئی ہے۔

    دوسری جانب جوبائیڈن انتظامیہ کے ایک عہدیدار نے اپنے بیان میں واضح کیا ہے کہ امریکا ایران کیخلاف حالیہ اسرائیلی آپریشن کا حصہ نہیں بنے گا۔

    امریکی اخبار کے مطابق امریکا نے اسرائیل کو ایرانی ایٹمی تنصیبات اور تیل کے ذخائر کو نشانہ نہ بنانے کا پابند کیا تھا، امریکا نے اس کے بدلے اسرائیل کیلئے مزید امداد کا وعدہ بھی کیا۔

    امریکی اخبار کا دعویٰ ہے کہ امریکا اس کے بدلے اسرائیل کو جدید ہتھیار فراہم کرے گا، امریکا نے یقین دہانی کرائی کہ وہ یمنی حوثیوں کیخلاف کاروائیاں تیز کرے گا۔

    iran attack

    تازہ ترین اطلاعات کے مطابق عرب میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ عراق کے شہر تکریت میں بھی دھماکے سنے گئے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ وہ ایران اور خطے میں اس کے اتحادیوں کی جانب سے حملوں کے ردعمل میں ایران کے عسکری اہداف پر حملے کر رہی ہے۔ تاہم آخری اطلاعات تک ایرانی حکومت کی جانب سے فوری طور پر کوئی رد عمل یا تبصرہ سامنے نہیں آیا۔

    الجزیرہ کے مطابق حملوں کی وسعت اور درست اہداف واضح نہیں ہیں اور یہ بھی معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے کس قسم کے ہتھیار استعمال کیے گئے ہیں۔

    اسرائیلی فوج کے ترجمان ڈینیئل ہگاری نے ایک ویڈیو بیان جاری کیا ہے جس میں انہوں نے تصدیق کی کہ اسرائیلی فورسز ایران میں فوجی اہداف پر درست حملے کر رہی ہیں۔

    ان کا کہنا ہے کہ ایرانی حکومت اور اس کے علاقائی اتحادی 7 اکتوبر سے اسرائیل پر بے رحمانہ حملے کر رہے ہیں، جن میں ایرانی سرزمین سے براہِ راست حملے بھی شامل ہیں۔ ہگاری نے مزید کہا کہ دنیا کے دیگر خود مختار ممالک کی طرح اسرائیل کو بھی اپنے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے۔

    واضح رہے کہ کچھ روز قبل ایرانی وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کے سربراہ اینتونیو گوتریس کو خبردار کیا تھا کہ اگر اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملہ کیا گیا تو اس صورت میں تہران ’فیصلہ کن اور ہولناک جواب دینے کے لیے تیار ہے۔

    غزہ میں اسرائیلی فوج کی بمباری، مزید 12 فلسطینی شہید

    دوسری جانب غزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی کا کہنا ہے کہ اسرائیلی ڈرون حملوں میں امداد کے لیے انتظار کرنے والے مزید 12 فلسطینی شہید ہوگئے ہیں۔

    خان یونس میں اسرائیلی فوج کے حملے میں کم از کم 38 افراد ہلاک ہوئے، جن میں 14 بچے بھی شامل ہیں اور یہ سب ایک ہی خاندان کے افراد تھے۔

    رپورٹ کے مطابق لبنان کے جنوبی علاقے حاصبیا میں اسرائیل کے جنگی کارروائی کی رپورٹنگ کرنے والے تین صحافی مبینہ طور پر اسرائیلی حملے میں ہلاک ہوگئے۔

  • بھارت الزامات کو سنجیدہ لے کر کینیڈا سے تعاون کرے، امریکا

    بھارت الزامات کو سنجیدہ لے کر کینیڈا سے تعاون کرے، امریکا

    واشنگٹن : ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھیو ملر نے کہا ہے کہ امریکی شہری کی قاتلانہ سازش سے متعلق بھارت الزامات کو سنجیدہ لے اور کینیڈین حکومت سے تعاون کرے۔

    یہ بات انہوں نے واشنگٹن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر ان سے اے آر وائی نیوز کی جانب سے مختلف سوالات بھی کیے گئے۔

    بھارتی وفد کی امریکا آمد سے متعلق سوال کہ بھارتی وفد بھارتی ایجنٹس کی امریکی شہری پر حملے کی سازش پر گفتگو کیلئے آیا کیا بات ہوئی؟

    جس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کینیڈا کی جانب سے بھارت پر سنگین الزامات عائد کیے گئے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ بھارت الزامات کو سنجیدہ لے اور کینیڈین حکومت سے تعاون کرے۔

    ترجمان میتھیو ملر سے دریافت کیا گیا کہ امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے بھارت کو عالمی جرائم پر کیا پیغام دیا گیا ہے؟

    جس پر امریکی ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارت کو وہی پیغام دیا گیا ہے جو ہم نے کچھ عرصہ پہلے واضح کرچکے ہیں، ہم امریکی شہری کی قاتلانہ سازش کو ناقابل یقین حد تک سنجیدگی سے لیتے ہیں، ہم دیکھنا چاہتے ہیں کہ اس معاملے کی مکمل تفتیش کی گئی ہے یا نہیں؟۔

    ایس سی او سمٹ کے حوالے سے سوال کہ پاکستان میں ہونے والی شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کو امریکا کیسا دیکھ رہا ہے؟

    میتھیو ملر نے بتایا کہ امریکا ہر ملک کے خود مختار گروپ میں شریک ہونے کے حق کا احترام کرتا ہے، حوصلہ افزائی کرینگے کہ کثیرالجہتی فورم میں شرکت عالمی قانون کی پاسداری ہو۔

    امریکی ترجمان کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ اجلاس میں تمام ملکوں کی خودمختاری، علاقائی سالمیت کا احترام کیا جائے۔

    سوال کیا گیا کہ پاکستان نے بھارت میں جوہری مواد کی اسمگلنگ کی تحقیقات کا مطالبہ کیا، جس پر ترجمان نے کہا کہ ہم سلامتی کونسل میں پاکستان کی درخواست سے آگاہ ہیں، ہم جوہری پھیلاؤ کے خطرات کیلئے مؤثر پالیسی کو لاگو کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔ دنیا کی سلامتی کیلئے شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے۔

    ایک اور سوال کہ روس کے سفیر نے کہا ہے کہ یوکرین نے امریکی میزائل استعمال کئے تو ٹکراؤ کا خطرہ ہے، ترجمان کا کہنا تھا کہ میرے خیال میں روس کیلئے اس قسم کے بیانات جاری رکھنا نامناسب ہے۔

    میتھیوملر نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان میں ہر فرد کے انسانی حقوق کا احترام کیا جائے، امریکی ترجمان میتھیوملر سے سوال کیا گیا کہ کینیڈا اور بھارت میں سفارتی کشیدگی کو امریکا کیسے دیکھتا ہے؟

    جس پر ان کا کہنا تھا کہ ہم نے واضح کردیا ہے کہ الزامات انتہائی سنگین نوعیت کے ہیں اور ان کی تحقیق ہونا ضروری ہے، ترجمان نے مزید بتایا کہ کینیڈا سے بھارتی سفیر کی بےدخلی سے متعلق ایک ہفتہ پہلے ہی آگاہ تھے۔

  • کراچی ایئرپورٹ کے قریب دھماکے پر امریکا کا اہم بیان آگیا

    کراچی ایئرپورٹ کے قریب دھماکے پر امریکا کا اہم بیان آگیا

    واشگٹن: اتوار کے روز کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب ہونے والے خودکش بم دھماکے پر امریکی محکمہ خارجہ کی طرف سے اہم بیان آگیا۔

    ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھیو ملر نے پریس کانفرنس کے دوران خودکش بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگرد حملے میں جانوں کے ضیاع اور شہریوں کے زخمی ہونے پر دکھ ہوا، دہشتگردی سے متاثر ہونے والوں سے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔

    میتھیو ملر نے پاکستان میں پُرتشدد مظاہروں پر سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر کی طرح پاکستان میں پُرامن اجتماع اور اظہار کی آزادی کی حمایت کرتے ہیں، پاکستان میں مظاہرین سے مطالبہ کرتے ہیں پُرامن رہیں اور تشدد سے گریز کریں۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکومت سے انسانی حقوق اور بنیادی آزادیوں کا احترام کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں، پاکستان کے قانون اور آئین کے احترام کو یقینی بنانا اہم ہے، پاکستانی حکومت امن و امان برقرار رکھنے کیلیے اقدامات کرے۔

    پریس کانفرنس کے دوران میتھیو ملر سے سوال کیا گیا کہ امریکی کمیشن نے محکمہ خارجہ سے بھارت پر پابندیاں عائد کرنے کا مطالبہ کیا ہے، کمیشن نے بھارت کو تشویشناک ممالک میں شامل کرنے کا مطالبہ کیا ہے، کیا محکمہ خارجہ کمیشن کی سفارشات پر عمل در آمد کرے گا؟

    اس پر انہوں نے جواب دیا کہ ہم نے بھارت کے حوالے سے رپورٹ دیکھی ہے، کمیشن ایگزیکٹو برانچ کے ساتھ ساتھ کانگریس کو پالیسی سفارشات فراہم کرتا ہے، جائزہ لینے کے بعد وزیر خارجہ نے بھارت کو خاص تشویشناک ممالک میں شامل نہیں کیا، ہم بھارت سمیت ہر ملک میں مذہبی آزادی کی صورتحال پر بغور نگرانی کرتے رہتے ہیں۔

  • پاکستان میں مقیم امریکی شہریوں کیلیے سکیورٹی الرٹ جاری

    پاکستان میں مقیم امریکی شہریوں کیلیے سکیورٹی الرٹ جاری

    واشنگٹن: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے احتجاجی مظاہروں کے پیشِ نظر امریکی محکمہ خارجہ نے پاکستان میں مقیم اپنے تمام شہریوں کیلیے نیا سکیورٹی الرٹ جاری کر دیا۔

    سکیورٹی الرٹ میں محکمہ خارجہ نے کہا کہ موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس میں رکاوٹیں ہیں، مظاہرے اور بڑے ہجوم 7 اکتوبر کے بعد بھی جاری رہ سکتے ہیں لہٰذا شہری بڑے اجتماعات سے گریز کریں۔

    محکمہ خارجہ نے کہا کہ امریکی مشن کے اہلکاروں کی نقل و حرکت متاثر ہو سکتی ہے، امریکی شہریوں کو یاد دلایا جاتا ہے کہ مظاہرے اور اجتماعات پُرتشدد ہو سکتے ہیں، انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس کی بندش جاری ہے۔

    سکیورٹی الرٹ میں کہا گیا کہ امریکی شہری مظاہروں اور دیگر بڑے اجتماعات سے گریز کریں، پاکستان میں مقیم امریکی شہری احتیاط برتیں، اگر آپ کسی بڑے اجتماع یا مظاہرے کے آس پاس ہوں تو علاقہ چھوڑ دیں۔

    مزید کہا گیا کہ امریکی شہری معلومات کیلیے مقامی میڈیا کی نگرانی کریں اور اپنے اردگرد کے حالات سے آگاہ رہیں، شہری شناخت اپنے ساتھ رکھیں اور حکام کے ساتھ تعاون کریں۔

  • بلاول بھٹو کا شہباز شریف پر سیلاب متاثرین کی رقم کھانے کا الزام : امریکا نے نوٹس لے لیا

    بلاول بھٹو کا شہباز شریف پر سیلاب متاثرین کی رقم کھانے کا الزام : امریکا نے نوٹس لے لیا

    واشنگٹن : امریکا نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے شہباز شریف حکومت پر سیلاب متاثرین کی رقم کھانے کے الزامات کے حوالے سے بیان کا نوٹس لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق واشنگٹن میں ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھیو ملر کی پریس کانفرنس کے دوران صحافی نے سوال کیا کہ بلاول بھٹو نے شہباز شریف پر سیلاب متاثرین کی رقم کھانے کا الزام عائد کیا ہے؟ کیا امریکا امداد کیلئے دی جانے والی رقم کے غلط استعمال پر نظر رکھتا ہے۔

    ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی اطلاعات کوہم بہت سنجیدگی سےلیتےہیں، دنیا میں جہاں بھی امریکی ٹیکس دہندگان کے ڈالراستعمال ہوتے ہیں سنجیدہ معاملہ ہے۔

    انھوں نے بتایا کہ امداد کے غلط استعمال سے انسانی مفادات کو داؤ پر لگا دیا جاتاہے، یو ایس ایڈ کے ذریعے امداد کی فراہمی کی نگرانی کا ایک سخت نظام استعمال کیا جاتاہے، امداد کا غلط استعمال ہوتے دیکھ کر اس امداد کو بند کر دیتے ہیں۔

    یاد رہے بلاول بھٹو زرداری نے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے سیلاب زدگان کے لیے 400 ملین ڈالر کا قرضہ اور امداد حاصل کی، جسے وفاقی حکومت نے مبینہ طور پر اپنے لیے مختص کیا ہے۔

    پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ ورلڈ بینک سے حاصل کردہ 400 ملین ڈالر وفاقی حکومت نے اپنے پاس رکھے ہوئے ہیں، جو انہیں اس بہانے سے روپے فراہم کر رہی ہے کہ وہ منصوبوں کے لیے استعمال ہوں گے۔

    انہوں نے حالیہ برسوں میں ایک بھی گھر کی تعمیر میں ناکامی پر وفاقی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور زور دیا کہ فنڈز سیلاب زدگان کے لیے بھیجے جائیں۔

  • اسرائیلی فوج لبنان میں عام شہریوں کو نشانہ نہ بنائے، امریکا

    اسرائیلی فوج لبنان میں عام شہریوں کو نشانہ نہ بنائے، امریکا

    واشنگٹن : ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھیو ملر کا کہنا ہے کہ اسرائیل پر واضح کردیا ہے کہ لبنان میں عام شہریوں کو نشانہ نہ بنائے۔

    واشنگٹن میں مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی پر پریس بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکا لبنان میں عام شہریوں، انفرا اسٹرکچر کو نشانہ بنتے نہیں دیکھنا چاہتا۔

    ان کا کہنا تھا کہ مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر امریکا کی گہری نظر ہے، مشرق وسطیٰ میں قیام امن کیلئے کوششیں کررہے ہیں۔

    میتھیو ملر نے کہا کہ حماس نے جنگ بندی سے متعلق مذاکرات میں شامل ہونے سے انکار کردیا ہے، مشرق وسطیٰ کی صورتحال سے بخوبی آگاہ ہیں، امن کیلئے مسلسل کوششیں کررہےہیں۔

    اس موقع پر امریکی ترجمان سے سوال کیا گیا کہ ’’بلاول بھٹو نے شہباز شریف پر سیلاب متاثرین کی رقم کھانے کا الزام عائد کیا ہے ‘‘ ترجمان امریکی محکمہ خارجہ سے یہ بھی پوچھا گیا کہ کیا امریکا امداد کیلئے دی جانے والی رقم کے غلط استعمال پرنظر رکھتا ہے؟

    جس کے جواب میں میتھیو ملر نے بتایا کہ امریکا ایسی اطلاعات کو سنجیدگی سے لیتا ہے، دنیا میں جہاں بھی امریکی ٹیکس دہندگان کے ڈالراستعمال ہوتے ہیں سنجیدہ معاملہ ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ یو ایس ایڈ کے ذریعے امداد کی فراہمی کی نگرانی کا ایک سخت نظام استعمال کیا جاتا ہے، غلط استعمال ہو تو امریکا امداد بند کردیتا ہے۔

  • ایران کو اسرائیل پر حملے کے سنگین نتائج بھگتنا پڑیں گے، امریکا کی دھمکی

    ایران کو اسرائیل پر حملے کے سنگین نتائج بھگتنا پڑیں گے، امریکا کی دھمکی

    واشنگٹن : امریکا نے ایران کو متنبہ کیا ہے کہ اسے اسرائیل پر کیے جانے والے میزائل حملوں کے سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے۔

    یہ بات ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھیوملر نے واشنگٹن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی، ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل پر حملہ ناقابل قبول ہے۔

    میتھیو ملر نے کہا کہ دنیا کو ہمارےساتھ کھڑے ہوکر ایران کی مذمت کرنا پڑے گی، اسرائیل نے اتحادیوں کے ساتھ مل کر حملہ ناکام بنایا، ایران برسوں سے دہشت گردوں کی سرپرستی کرتا آرہا ہے۔

    ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ حماس کے مذاکرات پر راضی نہ ہونے کی وجہ سے غزہ میں جنگ بندی نہ ہوسکی، حماس مذاکرات کی میز پر آنے کیلئے تیار نہیں تھا۔

    انہوں نے کہا کہ ایران کے اسرائیل پر میزائل حملے سے آگاہ ہیں، اس سلسلے میں اسرائیلی حکام سے رابطے میں ہیں، امریکا ایک بار پھر اسرائیل کے دفاع میں کھڑا ہوا۔

    امریکی عہدیدار کا کہنا تھا کہ دنیا کو ایران کے میزائل حملوں کی مذمت کرنی چاہیے، ایران نے اسرائیل پر 200کے قریب میزائل داغے، بائیڈن نے واضح کیا ہے کہ ہم اسرائیل کے ساتھ کھڑے ہیں۔

    میتھیوملر نے واضح کیا کہ دنیا کو ہمارے ساتھ کھڑے ہوکر ایران کی مذمت کرنی پڑے گی،
    امریکا نے ایران کے حملے سے متعلق خدشہ ظاہر کیا تھا تاہم اطلاعات کے مطابق ایرانی حملوں میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ایران کا حملہ دہشت گردی ہے، اسرائیل کو اپنے دفاع کا پورا حق حاصل ہے،
    ایران مشرق وسطیٰ میں دہشت گروپوں کی فنڈنگ کررہا ہے، ایران نے اب اسرائیل پر براہ راست حملہ کیا ہے، آج کا حملہ اسٹیٹ کی طرف سے اسٹیٹ پر ہے۔

    میتھیوملر کا کہنا تھا کہ امریکی تنصیبات محفوظ ہیں، ہم نے ایرانی حملہ روکنے میں اسرائیل کی مدد کی، کشیدگی سے متعلق خطے میں دوست ممالک سے بھی بات کریں گے۔

    انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال حماس کے حملے کے وقت بھی خدشہ ظاہر کیا تھا کہ یہ کشیدگی پورے خطے تک بڑھے گی، تاہم امریکا نہیں چاہتا کہ کشیدگی مسلسل بڑھتی رہے۔

    امریکی ترجمان نے کہا کہ امریکا اور دیگر اتحادیوں نے سیزفائر کے لیےبہت کوششیں کیں، ایران فنڈڈ حماس سیز فائر کے لیے مذاکرات کی ٹیبل پر آنا نہیں چاہتا، سیز فائرنہ ہونے کا اصل ذمہ دار حماس ہے۔

    میتھیوملر کا مزید کہنا تھا کہ ایران کا آج کا حملہ اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ حماس کو کنٹرول کرتا ہے، سیز فائر کے مذاکرات کے لیے سب سے بہترین حل یرغمالیوں کی رہائی ہوگا۔

    یاد رہے کہ ایران نے اسرائیل پر سیکڑوں میزائل فائر کیے جس میں متعدد میزائل نشانے پر لگنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران سے اسرائیل پر 400 میزائل داغے گئے ہیں اور ایرانی میزائلوں نے تل ابیب میں اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔ اسرائیلی آئرن ڈوم حملہ روکنے میں ناکام رہا ہے اور متعدد ایرانی میزائل نشانے پر جا لگے ہیں۔