Author: جہانزیب علی

  • پاکستان معاشی بحالی کے راستے پر گامزن ہے، ڈونلڈ لو

    پاکستان معاشی بحالی کے راستے پر گامزن ہے، ڈونلڈ لو

    نیویارک : امریکی نائب وزیر خارجہ برائےجنوبی اوروسطی ایشیا ڈونلڈ لو کا کہنا ہے کہ پاکستان معاشی بحالی کے راستے پر گامزن ہے، امریکا چاہتا ہے کہ پاکستان کامیاب ہو۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی نائب وزیر خارجہ برائے جنوبی اور وسطی ایشیا ڈونلڈ لو نے اےآروائی نیوز سے خصوصی گفتگو میں کہا کہ پاکستان معاشی بحالی کےراستے پرگامزن ہے، پاکستان جس معاشی بحالی سے گزر رہا ہے اس سے ہمیں بہت حوصلہ ملا ہے۔

    انھوں نے بتایا کہ وزیر خزانہ اورنگزیب سے تفصیلی ملاقات ہوئی، ملاقات میں معاشی منصوبے اوراصلاحات سے متعلق جاننے کا موقع ملا، یہ منصوبے آسان نہیں لیکن یہ پاکستان کا مستقبل ہے،ان منصوبوں سے پاکستان اپنی معیشت کو مستحکم کرے گا۔

    امریکی نائب وزیر خارجہ برائے جنوبی اور وسطی ایشیا کا کہنا تھا کہ معیشت کی بحالی نہ صرف نوجوانوں بلکہ تمام پاکستانیوں کے فائدہ مند ہے، انسداد دہشتگردی کی کوششیں میں فوج اور حکومت پاکستان کا ساتھ دےرہےہیں، امریکا چاہتا ہے کہ پاکستان کامیاب ہو۔

    انھوں نے کہا کہ شہباز شریف کی حکومت سے ہمارے گہرے تعلقات ہیں، ہمارا پاکستانی عوام سے بہت گہرا رشتہ ہے۔

  • اسرائیل کے وحشیانہ اقدام کی شدید مذمت کرتے ہیں، شہباز شریف

    اسرائیل کے وحشیانہ اقدام کی شدید مذمت کرتے ہیں، شہباز شریف

    نیو یارک : وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اسرائیل کی غزہ میں ظلم اور نسل کشی کی شدید مذمت کرتے ہیں، ہمارے دل فلسطینی بھائی، بہنوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔

    یہ بات انہوں نے نیو یارک میں فلسطینی صدر محمود عباس سے ملاقات کے موقع پر کہی ان کے ہمراہ طارق فاطمی، عطا تارڑ اور خالد مقبول صدیقی بھی تھے۔

    شہبازشریف نے کہا کہ میں یہاں پاکستانیوں کے جذبات پہنچانے آیا ہوں، اسرائیل کی غزہ میں ظلم اور نسل کشی کی شدید مذمت کرتے ہیں، ہمارے دل فلسطینی بھائی، بہنوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران غزہ جنگ میں 41 ہزار فلسطینی شہید ہوچکے ہیں، اس جنگ میں بچے بڑے بزرگ مائیں بہنیں شہید ہوئیں۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اسرائیل کے غزہ پر دہشت گرد حملے کی حالیہ تاریخ میں مثال نہیں ملتی، ہم غزہ میں فوری جنگ بندی اور فلسطینی ریاست کے قیام کا مطالبہ کرتے ہیں۔

    شہباز شریف نے کہا کہ فلسطینی ریاست جلد قائم ہوگی اور وہ وقت جلدی آئے گا جب ہم مل کر بیٹھیں گے، فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کی قربانی اور بہادری رائیگاں نہیں جائیں گی۔

    فلسطینی صدر کی اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو

    نیو یارک میں وزیراعظم شہباز شریف اور فلسطینی صدر کے درمیان ملاقات کے بعد محمود عباس نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کی۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز سے بات کرتے ہوئے فلسطینی صدر نے کہا کہ سال1948 سے لے کر آج تک پاکستان نے فلسطین کی بھرپور حمایت کی ہے، پاکستانیوں نے ہمیشہ فلسطینیوں کا ساتھ دیا۔

  • خوشحال، مستحکم اور پرامن پاکستان امریکا کے اپنے مفاد میں ہے، مارگریٹ میکلوڈ

    خوشحال، مستحکم اور پرامن پاکستان امریکا کے اپنے مفاد میں ہے، مارگریٹ میکلوڈ

    نیو یارک : اردو ترجمان امریکی محکمہ خارجہ مارگریٹ میکلوڈ کا کہنا ہے کہ خوشحال، مستحکم اور پرامن پاکستان امریکا کے اپنے مفاد میں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے اجلاس کے دوران اردو ترجمان امریکی محکمہ خارجہ مارگریٹ میکلوڈ نے اے آر وائی نیوز کے بیورو چیف جہاں زیب علی سے خصوصی گفتگو میں کہا پاکستانی عوام کئی دہائیوں سے دہشت گردی کی بھاری قیمت ادا کررہے ہیں، ہم بہترپاک بھارت تعلقات دیکھنا چاہتےہیں۔

    اردو ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان سرمایہ کاری کافروغ چاہتاہے ، جس کیلئےمستحکم اقتصادی صورتحال کا ہوناضروری ہے تاہم آئی ایم ایف کی اصلاحات پاکستان کےلوگوں کیلئےفائدہ مندہیں

    انھوں نے کہا کہ خوشحال، مستحکم اور پرامن پاکستان امریکا کے اپنے مفاد میں ہے، اسی لیے پاکستان میں عوام کی منتخب کردہ حکومت سے ہماری بات چیت جاری رہتی ہے۔

    امریکی ترجمان نے بتایا کہ صدر بائیڈن دنیا بھر کے اختلافات ختم کرکے اس دنیا کو امن کا گہوارہ بنانا چاہتے ہیں اور امریکا پاکستان کو معاشی و سماجی طور پر مضبوط دیکھنا چاہتا ہے۔

  • ’پاکستان میں افغانستان سے دہشتگردی پر گہری تشویش ہے‘

    ’پاکستان میں افغانستان سے دہشتگردی پر گہری تشویش ہے‘

    نیویارک: نیشنل سیکیورٹی کونسل کے ترجمان جان کربی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں افغانستان سے دہشت گردی ہمارے لیے گہری تشویش کا باعث ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق نیشنل سیکیورٹی کونسل کے ترجمان جان کربی سے پریس کانفرنس کے دوران افغانستان سے پاکستان میں دہشت گرد حملوں پر سوال کیا گیا۔

    جواب میں جان کربی نے کہا کہ پاکستان میں افغانستان سے دہشت گردی ہمارے لیے گہری تشویش کا باعث ہے اور پاکستان میں دہشت گردی کی سرگرمیوں سے ایک مہلک خطرہ ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بائیڈن نے افغان جنگ کے خاتمے کے بعد انسداد دہشت گردی صلاحیت برقرار رکھنے کو ترجیح دی، ہم نے کافی حد تک ثابت کیا انسداد دہشت گردی صلاحیت امریکا کے پاس موجود ہے اور یہ صلاحیت خطرے سے نمٹنے کے لیے کافی بہتر اور کارآمد ہے۔

    جان کربی نے کہا کہ ہم نے القاعدہ رہنماؤں کو میدان جنگ سے نکالا جن میں ظواہری بھی شامل ہے، ہم خطے میں داعش کے رہنماؤں کا پیچھا کرچکے ہیں، عراق، شام میں داعش کیخلاف اپنے مفادات، فوج، تنصیبات کا دفاع کیا۔

    جب جان کربی سے بھارتی ایجنٹس کے امریکا میں سکھ رہنما کی قاتلانہ سازش پر سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ بھارت اہم پارٹنر ہے، ہم ہندوستان کے اچھے دوست اور اچھے شراکت دار ہیں پر اس کے باوجود ہمیشہ اپنے خدشات کا اظہار کیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے ساتھ تمام معاملات پر صاف گوئی سے بات کی ہے، سکھ رہنما قاتلانہ سازش پر بات کرنے سے کبھی کنارہ کشی اختیار نہیں کی۔

  • دہشت گردوں سے کسی قسم کے مذاکرات نہیں ہوں گے، عطا تارڑ

    دہشت گردوں سے کسی قسم کے مذاکرات نہیں ہوں گے، عطا تارڑ

    نیویارک : وفاقی وزیر اطلاعات عطا محمد تارڑ کا کہنا ہے کہ دہشت گردی پر زیرو ٹالرنس ہےدہشت گردوں سے کسی قسم کے مذاکرات نہیں ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے نیویارک میں اے آر وائی نیوز کے بیوروچیف جہانزیب علی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا وزیراعظم خطاب میں فلسطین اور کشمیرکےمسئلے سمیت دہشت گردی اور ماحولیاتی تبدیلی پربات کریں گے۔

    وفاقی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ پاکستان میں مہنگائی سنگل ڈیجٹ پرچلی گئی ہ. ہماری آئی ٹی ایکسپورٹس3.1بلین ڈالرتک پہنچ چکی ہیں، وزیراعظم نے ہر فورم پرفلسطین کا مسئلہ اٹھایاہے، ان کے دورے کے پاکستان پربہت اچھے نتائج مرتب ہوں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی معیشت بہتری کی طرف جارہی ہے، سیاسی استحکا م معاشی استحکام سے ممکن ہے، آئی ایم ایف سے مذاکرات حتمی مراحل میں داخل ہوچکے ہیں، ملاقاتیں ہوں گی، آئی ایم ایف پروگرام فائنل ہوگا۔

    وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ نوازشریف کےدورمیں ہم نےدہشت گردی کومکمل ختم کیا ، نوازشریف دور میں کراچی کاامن واپس لایا گیا، پھر ایک حکومت آئی اورکہا ہمیں طالبان سےبات کرنی ہے ، طالبان کو واپس لایا گیا،جس کا خمیازہ پوری قوم بھگت رہی ہے

    وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ہم دہشت گردی کوجڑ سےاکھاڑ دیں گے، دہشت گردی پر زیرو ٹالرنس ہے، دہشت گردوں سے کسی قسم کے مذاکرات نہیں ہوں گے، ہمارا عزم پاکستان کو مستحکم کرنا ہے، دہشتگردی کوجب تک جڑسےاکھاڑ نہیں دیتے ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

    انھوں نے پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ نعرےلگاتےہیں خان نہیں توپاکستان نہیں، پاکستان ہے تو ہم سب ہیں،پاکستان نہیں توہم سب بھی نہیں، 9مئی کےحملےکرنےوالوں سےکیابات کریں اورکون کرے،ان کے2جلسےناکام ہوئے،یہ لوگ جلسے چھوڑیں عوام کی خدمت کریں، ہم لیپ ٹاپ بانٹ رہےتھے،یہ لنگربانٹ رہےتھے۔

    ان کا کہنا تھا کہ سوات میں جو ہوا وہ نا قابل قبول ہے،پولیس کےجوان شہیدہوئے، کاش وزیراعلیٰ کے پی کسی دہشتگرد کےخلاف کارروائی کرتے، ان سے درخواست کروں گا، خیبرپختونخوا اور پاکستان ہم سب کا ہے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوابیان بازی چھوڑیں عوام میں جائیں۔

  • کشمیر کے بغیر بھارت کیساتھ مذاکرات نہیں ہوسکتے، منیر اکرم

    کشمیر کے بغیر بھارت کیساتھ مذاکرات نہیں ہوسکتے، منیر اکرم

    نیویارک : اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین صورتحال ہے، کشمیر کے بغیر بھارت کیساتھ مذاکرات نہیں ہوسکتے۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو میں کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کی غزہ کے حوالے سے سفارشات انصاف پر مبنی ہیں، غزہ کی صورتحال نے مغربی دنیا کی منافقانہ پالیسی بے نقاب کردی ہے اور انسانی حقوق کا شور مچانے والے ممالک کی پول کھول دی ہے۔

    پاکستانی مستقل مندوب کا کہنا تھا کہ افغان طالبان کیساتھ مذاکرات اور سیکورٹی معاملات پر کارروائیاں جاری رہیں گی۔۔ ہم چاہتے ہیں ٹی ٹی پی کے خلاف کارروائی کی جائے اور طالبان حکومت کو باور کرانا ہے کہ یہ نہ صرف خطے بلکہ خود ان کیلئے خطرناک ہے۔

    انھوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جس طرح کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں۔۔ عوام کو کچلا جارہا ہے، ایسے میں مذاکرات کا ہونا مشکل ہوجاتا ہے۔،کشمیر کے بغیر بھارت کیساتھ مذاکرات نہیں ہوسکتے۔

    پاکستانی سفیر کا مزید کہنا تھا کہ بھارت کو اس حوالے سے اقدامات کرنا ہوں گے لیکن بھارت کی جانب سے تو دھمکیاں آتی ہیں، ہمارے ارادے ہیں کہ صورتحال کو معمول پر لایا جائے۔

    وزیراعظم کے خطاب کے حوالے سے انھوں نے بتایا کہ وزیراعظم سلامتی کونسل میں سماجی ومعاشی ترقی سےمتعلق دنیا کو آگاہ کریں گے اور کشمیر، فلسطین،افغانستان ودیگر عالمی مسائل پر توجہ دلائیں گے۔

  • امریکی صدر جوبائیڈن کا چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پاکستان کا ساتھ دینے کا اعادہ

    امریکی صدر جوبائیڈن کا چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پاکستان کا ساتھ دینے کا اعادہ

    واشنگٹن : امریکی صدر جوبائیڈن نے چیلنجز سے نمٹنے کے لیےپاکستان کا ساتھ دینے کا اعادہ کرتے ہوئے پاک امریکا تعلقات علاقائی استحکام اورسلامتی کے لیے اہم قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق واشنگٹن میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے صدر بائیڈن کو اپنی سفارتی اسناد پیش کیں، اس موقع پرصدربائیڈن نےامریکا اورپاکستان کےدرمیان مضبوط پارٹنرشپ کو دنیا بھر کے لوگوں کی سیکیورٹی کے لئے اہم قرار دیا۔

    صدر بائیڈن نےکہا دہشت گردی کےخطرات سے نمٹنے کے لیے پاک امریکا تعاون کو سراہتے ہیں اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش رکھتے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ پچھہترسال سے زائد عرصے پر محیط دوستی اوراقتصادی روابط ، سیکیورٹی تعاون اور ثقافتی تبادلے کے لیے ہماری مستقل وابستگی کی علامت ہے۔

    امریکی صدر کا کہنا تھا سیکیورٹی،تجارت و سرمایہ کاری،اقتصادی ترقی،یو ایس پاکستان ‘گرین الائنس’ کے فریم ورک اور خوشحالی میں مشترکہ مفادات کو اجاگر کرتے رہنا چاہیے۔ امریکا دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ ایجنڈے کو آگے بڑھانے اور تعلقات کو مستحکم کرنے کیلئے پاکستان کے ساتھ کام کرنےکےخواہاں ہے۔

    پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا کہ پاک امریکا اقتصادی شراکت داری ہماری ترجیح ہے۔ پاکستان متبادل توانائی،گرین ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں امریکی سرمایہ کاری کے لیے تیار ہے۔

  • پاکستانی بیلسٹک میزائل پروگرام کی حمایت سے انکار دیرینہ پالیسی ہے، امریکا

    پاکستانی بیلسٹک میزائل پروگرام کی حمایت سے انکار دیرینہ پالیسی ہے، امریکا

    واشنگٹن : ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھیو ملر کا کہنا ہے کہ پاکستانی بیلسٹک میزائل پروگرام کی حمایت نہیں کریں گے، پاکستانی بیلسٹک میزائل پروگرام کی حمایت سے انکار دیرینہ پالیسی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق واشنگٹن میں ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھیوملر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہماراطویل المدتی شراکت دارہے، شراکت داری کےباوجودجہاں اختلاف ہونگےوہاں کارروائی کریں گے۔

    میتھیوملر کا کہنا تھا کہ پاکستان کےبیلسٹک میزائل پروگرام کی حمایت سے انکارہماری پالیسی رہی ہے ، ہم اپنی قومی سلامتی کیلئے پابندیوں اوردیگراقدامات کا استعمال جاری رکھیں گے۔

    ترجمان نے کہا کہ اختلافات ہوتےہیں توامریکی مفادات کیلئےکارروائی سے نہیں ہچکچاتے، ہم کئی سالوں سے پاکستان کے بیلسٹک میزائل پروگرام کے بارے میں اپنے خدشات کے بارے میں واضح اور مستقل رہے ہیں۔

    میتھیوملر کا مزید کہنا تھا کہ امریکاہتھیاروں کےپھیلاؤکی حمایت کرنےوالےنیٹ ورک کیخلاف کارروائی کرتارہےگا اور ہتھیاروں کےعدم پھیلاؤ کے نظام کو مضبوط کرنے کیلئے پُرعزم ہے، ہتھیاروں کے پھیلاؤ کیلئے امریکی مالیاتی نظام کو استعمال نہیں کیا جا سکتا۔

    گذشتہ روز امریکی وازرت خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکی انڈرسیکریٹری نے دورہ پاکستان میں ملاقاتوں میں دہشت گردی اورپُرتشدد انتہا پسندی کا مقابلہ کرنے پرتبادلہ خیال کیا ساتھ ہی اقتصادی امور پر دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے پر بات کیا۔

    انھوں نے مزید کہا کہ امریکا میں افغانوں کی آبادکاری میں مدد کرنے پر پاکستان کے تعاون پرشکریہ ادا کیا، تمام مسائل کےحل کیلئےحکومت پاکستان کےساتھ مل کرکام کرتے رہیں۔

  • جان باس کے دورہ پاکستان سے متعلق امریکی محکمہ خارجہ کا اہم بیان

    جان باس کے دورہ پاکستان سے متعلق امریکی محکمہ خارجہ کا اہم بیان

    واشنگٹن : ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھیو ملر  نے کہا ہے کہ قائم مقام امریکی نائب وزیر خارجہ جان باس نے اپنے دورہ پاکستان میں معیشت اور سلامتی کے امور پر گفتگو کی۔

    واشنگٹن میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اے آر وائی کی جانب سے جان باس کے دورہ پاکستان سے متعلق کیے جانے والے سوال پر ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھیو ملر نے تفصیلی آگاہ کیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ امریکی قائم مقام نائب وزیر خارجہ برائے سیاسی امور جان باس نے دورہ پاکستان میں اہم شخصیات سے کی جانے والی ملاقاتوں میں معیشت اور سلامتی امور پر گفتگو کی۔

    امریکی عہدیدار  نے بتایا کہ جان باس نے دہشت گردی اور پُرتشدد انتہا پسندی کا مقابلہ کرنے پر تبادلہ خیال کیا، انہوں نےاقتصادی، سلامتی امور پردوطرفہ تعاون کو وسعت دینے پر بات کی۔

    میتھیوملر نے بتایا کہ ملاقاتوں میں علاقائی استحکام اور خوشحالی کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا گیا، جان باس نے امریکا میں افغانوں کی آباد کاری میں مدد کرنے پر پاکستان کے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔

    ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ تمام مسائل کے حل کیلئےحکومت پاکستان کے ساتھ مل کرکام کرتے رہیں گے۔

  • امریکا میں دہشت گردی : پاکستانی نوجوان کینیڈا سے گرفتار

    امریکا میں دہشت گردی : پاکستانی نوجوان کینیڈا سے گرفتار

    نیو یارک : کینیڈا میں ایک 20 سالہ پاکستانی نژاد نوجوان کو امریکا میں دہشت گردانہ حملوں کی منصوبہ بندی کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکا میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کے الزام میں امریکا میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کا الزام، ایک پاکستانی نوجوان کو کینیڈا سے گرفتار کیا گیا ہے۔

    اس حوالے سے امریکی محکمہ انصاف نے 20سالہ شاہ زیب جدون کی گرفتاری کی تصدیق کردی ہے، گرفتار ملزم شاہ زیب پر نیویارک کے یہودی مرکز میں فائرنگ کی منصوبہ بندی کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق پاکستانی نوجوان کو نیویارک میں دائر کی گئی شکایت کے سبب کینیڈا میں گرفتار کیا گیا ہے، اس پر داعش کی مدد کی کوشش کا الزام ہے۔

    Washington

    امریکی اٹارنی جنرل میرک بی گارلینڈ نے بتایا ہے کہ ملزم نے7 اکتوبر کے قریب دہشت گردانہ حملے کی منصوبہ بندی کی تھی، تاہم ایف بی آئی اور کینیڈین حکام کی بروقت کارروائی سے یہ سازش ناکام بنادی گئی، گرفتاری پر کینیڈین شراکت داروں کے مشکور ہیں۔