Author: جہانزیب علی

  • امریکا نے مزید ویزے منسوخ کرنے کا عندیہ دے دیا

    امریکا نے مزید ویزے منسوخ کرنے کا عندیہ دے دیا

    امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے مزید ویزے منسوخ کرنے کا عندیہ دے دیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا کہ میں نے کسی طالب علم کو ڈی پورٹ نہیں کیا، طالب علموں کے ویزے منسوخ کیے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ آپ یہاں پڑھنے آتے ہیں، پھر تعلیمی اداروں، ملکی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہیں، ہم مزید ویزے منسوخ کرنے جارہے ہیں۔

    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے موجودہ صورتحال میں اسرائیل کے ساتھ مذاکرات ختم کردیے ہیں، اسرائیل اور سعودی عرب کو قریب لانا چاہتے ہیں۔

    علاوہ ازیں امریکی سینیٹرز نے پاک بھارت کشیدگی ختم کروانے پر مارکو روبیو کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

    امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے اسرائیل غزہ کی صورت حال پر سوالات کیے گئے، متعدد امریکی سینیٹرز نے مارکو روبیو سے نیتن یاہو کے حالیہ بیانات پر سوالات کیے۔

    امریکی سینیٹر نے کہا کہ نیتن یاہو نے کہا ہے وہ غزہ سمیت دیگر علاقوں پر بھی قبضہ کریں گے، اسرائیلی فوج غزہ میں امدادی سامان جانے نہیں دے رہی جواب میں امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ غزہ میں امداد کی ترسیل شروع ہوگئی ہے۔

    مارکو روبیو کا کہنا تھا کہ اسرائیل حماس کی باقیات ک ختم کرنا چاہتا ہے، حماس کے ہوتے ہوئے غزہ کے لوگ خوشحال نہیں ہوسکتے۔

    امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ اس وقت توجہ مغویوں کی واپسی اور امداد کی فراہمی پر ہے۔

  • غزہ میں انسانی امداد کی بندش، برطانیہ نے اسرائیل کے ساتھ نئے فری ٹریڈ مذاکرات معطل کر دیے

    غزہ میں انسانی امداد کی بندش، برطانیہ نے اسرائیل کے ساتھ نئے فری ٹریڈ مذاکرات معطل کر دیے

    لندن: برطانیہ نے غزہ کی مسلسل ناکہ بندی اور امداد کی ترسیل کو روکنے پر اسرائیل کے ساتھ نئے فری ٹریڈ مذاکرات معطل کر دیے۔

    برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈلیمی نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیلی سفیر کو فری ٹریڈ ڈیل معطلی سے آگاہ کرنے کیلئے طلب کر لیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ غزہ میں لاکھوں شہریوں پر بھوک کا خطرہ منڈلا رہا ہے جو مکروہ عمل ہے غزہ میں 11 ہفتوں سے انسانی امداد کی ناکہ بندی ظالمانہ ہے، اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو اب یہ سب ختم کریں۔

    وزیر خارجہ نے دوٹوک پیغام دیا کہ اسرائیل نے غزہ کی ناکہ بندی کو ختم نہ کیا تو ہم مزید کارروائی بھی کریں گے، برطانیہ نیتن یاہو سے امدادی ناکہ بندی کے فوری خاتمےکا مطالبہ کرتا ہے۔

    برطانیہ، فرانس اور کینیڈا کے رہنماؤں نے اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس نے غزہ پر اپنی فوجی کارروائی نہ روکی اور انسانی امداد پر عائد پابندیاں نہ ہٹائیں، تو اُس کے خلاف عملی اقدامات اُٹھائے جائیں گے۔

    رپورٹس کے مطابق تینوں ممالک کے مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ”اسرائیلی حکومت کی جانب سے شہری آبادی کے لیے بنیادی انسانی امداد کو روکنا کسی صورت قبول نہیں اور بین الاقوامی انسانی قانون کی صریح خلاف ورزی ہے۔

    ان کے اس بیان میں مغربی کنارے میں بستیوں کی توسیع کی بھی مخالفت کی گئی اور واضح کیا گیا کہ اگر صورتحال میں تبدیلی نہ آئی تو مخصوص نوعیت کی پابندیاں بھی عائد کی جا سکتی ہیں۔

    امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کا کہنا ہے ٹرمپ کے معاونین نے اسرائیلی حکام کو واضح پیغام دیا ہے اگر جنگ نہ رکی تو ہم آپ کی حمایت سے دستبردار ہوجائیں گے۔

    دوسری جانب اسرائیلی وزیرخارجہ گیدون سار کا کہنا ہے امریکی صدر کی جانب سے پابندیوں کی دھمکیوں کے بعد اسرائیل نے محدود امداد کھولنے کا فیصلہ کیا۔

    اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ نیتن یاہو حکومت کو امریکا کی جانب سے شدید دباؤ ہے۔

    اطلاعات ہیں کہ اسرائیل ایک حتمی معاہدے کی طرف بڑھ رہا ہے، جب کہ واشنگٹن کی جانب سے دباؤ واضح طور پر اور شدت اختیار کر چکا ہے۔

  • پاک بھارت چھوٹی نہیں بڑی ایٹمی طاقتیں ہیں، ایٹمی جنگ کے قریب تھے، ڈونلڈ ٹرمپ

    پاک بھارت چھوٹی نہیں بڑی ایٹمی طاقتیں ہیں، ایٹمی جنگ کے قریب تھے، ڈونلڈ ٹرمپ

    واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ پاکستان کو نظر انداز نہیں کر سکتے، پاکستان کے ساتھ بہت عمدہ بات چیت ہوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پاک بھارت چھوٹی نہیں، بڑی ایٹمی طاقتیں ہیں، دونوں ملک ناراض تھے، اور دونوں ملک ایٹمی جنگ کے قریب تھے۔

    انھوں نے کہا لڑائی بڑھ رہی تھی، میزائل حملے کیے جا رہے تھے، وہ مقام آ گیا تھا جب ایٹمی جنگ چھڑ جاتی، میں نے اپنے اہلکاروں سے کہا کہ پاکستان اور بھارت کو فون کرو، تجارت اور ملاقاتوں کا آغاز کرو۔

    ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ’’میں نے کہا ہم تجارت کو بہت زیادہ بڑھائیں گے، میں اپنے وعدے پورا کرنے والا شخص ہوں، تجارت کو دشمنیاں ختم کرنے اور امن کے لیے استعمال کر رہا ہوں۔‘‘


    جوہری معاہدے پر ایران جلدی سے آگے بڑھے، ٹرمپ


    امریکی صدر نے کہا بھارت سب سے زیادہ ٹیرف لگاتا ہے، بھارت نے کاروبار کرنا تقریباً ناممکن بنا دیا ہے، اب بھارت امریکا سے ٹیرف 100 فی صد کم کرنے پر تیار ہے۔

    امریکی ٹی وی کو انٹرویو میں ٹرمپ نے کہا کہ بھارت کے معاملے میں تو وہ پُر یقین تھے تاہم پاکستان سے بھی تجارت پر بات کی ہے، پاکستان کی خواہش ہے کہ امریکا سے تجارت کرے، پاکستانی ذہین لوگ ہیں، حیرت انگیز اشیا بناتے ہیں۔

    انھوں نے بتایا کہ پاکستان سے امریکا زیادہ تجارت نہیں کرتا اس کے باوجود اُن کے پاکستان سے اچھے تعلقات ہیں، ٹرمپ نے مزید کہا کہ خارجہ پالیسی امور میں انھیں زندگی میں آج تک جس بات پر سب سے زیادہ سراہا گیا ہے وہ پاک بھارت جنگ بندی کامیاب بنانا ہے۔

  • امریکی محکمہ خارجہ نے بھارتی صحافی کے پروپیگنڈے کو مسترد کردیا

    امریکی محکمہ خارجہ نے بھارتی صحافی کے پروپیگنڈے کو مسترد کردیا

    واشنگٹن : بھارت کو ایک بار پھر منہ کی کھانی پڑگئی، امریکی محکمہ خارجہ نے بھارتی صحافی کے پروپیگنڈے  کو مسترد کردیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران امریکی محکمہ خارجہ نائب ترجمان ٹامی پگٹ نے بھارتی صحافی کو جواب دے کر خاموش کرا دیا۔

    اس موقع پر بھارتی صحافی کی جانب سے نائب ترجمان ٹامی پگٹ سے پاکستان مخالف جواب لینے کی کوشش کی گئی لیکن امریکی محکمہ خارجہ نے اس کے پروپیگنڈے کو مسترد کردیا۔

    صحافی نے سوال کیا کہ پاکستان میں جوہری مواد کی لیک کی رپورٹس ہیں، جس پر نائب ترجمان ٹامی پگٹ نے جواب دیا کہ ہم نے ایسی کوئی رپورٹس نہیں دیکھیں۔

    بھارتی صحافی نائب ترجمان ٹامی پگٹ کی پریس بریفنگ میں زہر اگلنے لگے، ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے کشمیر کے مسئلے پر صدر ٹرمپ کی ثالثی کو مسترد کردیا ہے۔

    نائب ترجمان امریکی محکمہ خارجہ ٹامی پگٹ نے کہا کہ امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ دنیا میں امن قائم کرنا چاہتے ہیں۔

    امریکی محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان ٹامی پگٹ کا پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان سیز فائر کا خیرمقدم کرتے ہیں، اور اسے قائم رہتے دیکھنا چاہتے ہیں۔

    ٹامی بگٹ نے کہا کہ امن کاراستہ منتخب کرنے پر وزیراعظم شہباز شریف اور نریندرمودی کے فیصلے کو سراہتے ہیں، صدر ٹرمپ کہہ چکے ہیں کہ سیزفائر کا فیصلہ طاقت، دانشمندی اور استقامت کی عکاسی کرتا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہم دونوں فریقین پر زور دیتے ہیں کہ پاکستان اور بھارت علاقائی استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے براہ راست رابطہ رکھیں، ہماری توجہ جنگ بندی پر ہے،ٹرمپ امن قائم کرنے والے شخص ہیں۔

    نائب ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا مزید کہنا تھاکہ امریکا امن کی پیروی کرتے ہوئے تنازعات کا خاتمہ چاہتا ہے، صدر ٹرمپ دنیا بھر کےتنازعات کو ختم کرنا چاہتے ہیں اور امن کیلئے سب کی مدد کو تیار ہیں۔

    مزید پڑھیں : صدر ٹرمپ کی پاکستان اور بھارت کو ساتھ ڈنر کرانے کی خواہش کا اظہار

    واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سخت کشیدہ حالات کے دوران حریف ممالک پاکستان اور بھارت کو ساتھ ڈنر کرانے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

    پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تمام خبریں

    صدر ٹرمپ جو ان دنوں سعودی عرب کے دورے پر ہیں نے ریاض میں ایک تقریب سے خطاب کے دوران پاکستان اور بھارت کو ساتھ ڈنر کرانے کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے وزیر خارجہ مارکو روبیو کو مخاطب کیا اور کہا کہ مارکو یہ کتنا اچھا ہوگا کہ دونوں (پاکستان اور بھارت) کو باہر ڈنر پر لے جائیں۔ جس کے جواب میں مارکو روبیو مسکرا دیے۔

  • ڈونلڈ ٹرمپ سعودی عرب روانہ، قطری طیارے کے تحفے کو ایئر فورس وَن میں ڈھالا جائے گا

    ڈونلڈ ٹرمپ سعودی عرب روانہ، قطری طیارے کے تحفے کو ایئر فورس وَن میں ڈھالا جائے گا

    ون

    واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ مشرق وسطیٰ کے دورے کے لیے سعودی عرب روانہ ہو گئے ہیں، صدر ٹرمپ دوحہ، قطر، متحدہ عرب امارات کا دورہ بھی کریں گے۔

    ترجمان وائٹ ہاؤس کیرولین لیوٹ نے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایک قابل فخر، خوش حال اور کامیاب مشرقِ وسطیٰ چاہتے ہیں، امریکا اور مشرقِ وسطیٰ کے تعلقات باہمی تعاون پر مبنی ہیں۔

    وائٹ ہاؤس کے سینئر اہلکار نے امریکی میڈیا سے گفتگو میں کہا ٹرمپ قطر میں موجود امریکی فوجی اڈے کا بھی دورہ کریں گے، ڈونلڈ ٹرمپ کے دورہ مشرق وسطی کا بڑا مقصد کاروبار، تجارت اور سرمایہ کاری ہے۔

    انھوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ قطر کی جانب سے تحفے میں دیے جانے والا بولنگ طیارہ بھی قبول کریں گے، اور اس قطری طیارے کو امریکی فوج ایئر فورس ون میں ڈھالے گی، خیال رہے کہ ایئر فورس ون طیارہ امریکی صدر کے زیر استعمال ہوتا ہے۔


    ’میں احمق ہوں گا‘ جو قطری طیارے کو قبول نہ کروں، ٹرمپ


    مشرق وسطیٰ کے دورے میں ٹرمپ عرب رہنماؤں سے اسرائیل غزہ، اور ایران کے معاملے پر بھی بات کریں گے، امریکی میڈیا کے مطابق وزیر خارجہ مارکو روبیو پہلے ہی سعودی عرب پہنچ چکے ہیں۔

    ادھر روئٹرز نے رپورٹ کیا ہے کہ امریکی صدر نے قطری شاہی خاندان کی جانب سے تحفے کے طور پر ہوائی جہاز قبول کرنے کے اپنے منصوبے کے بارے میں اخلاقی خدشات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیر کے روز اس فراخ دلانہ پیش کش کو ٹھکرانا ’’احمقانہ‘‘ ہوگا۔


    امریکا کا افغان شہریوں سے متعلق بڑا فیصلہ


  • امریکا کا افغان شہریوں سے متعلق بڑا فیصلہ

    امریکا کا افغان شہریوں سے متعلق بڑا فیصلہ

    امریکا نے افغانوں کیلئے عارضی محفوظ حیثیت کو ختم کر دیا۔

    وزیر برائےہوم لینڈ سیکورٹی کرسٹی نوئم کے مطابق ہوم لینڈ سیکیورٹی آج سے افغانوں کیلئے عارضی محفوظ حیثیت کو ختم کر رہا ہے کیونکہ افغانستان میں سیکیورٹی کی صورتحال بہتر ہوئی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ افغانوں کیلئے ٹی پی ایس کی میعاد 20 مئی 2025 کو ختم ہو رہی ہے افغان شہریوں کی برطرفی 12 جولائی 2025 کومؤثر ہوگی۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنے پارٹنرز ایجنسیز کے ساتھ افغانستان کے حالات کا جائزہ لیا ہے افغان شہری اب ٹی پی ایس کے تقاضوں کو پورا نہیں کرتے۔

  • صدر ٹرمپ چاہتے ہیں کہ پاک بھارت کشیدگی  مزید نہ بڑھے اور جلد ختم ہو، ترجمان وائٹ ہاؤس

    صدر ٹرمپ چاہتے ہیں کہ پاک بھارت کشیدگی مزید نہ بڑھے اور جلد ختم ہو، ترجمان وائٹ ہاؤس

    واشنگٹن : ترجمان وائٹ ہاؤس کیرولین لیویٹ کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ چاہتے ہیں کہ پاک بھارت کشیدگی مزید نہ بڑھے اور جلد ختم ہو۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان وائٹ ہاؤس کیرولین لیویٹ نے نیوز بریفنگ میں کہا کہ امریکی وزیرخارجہ مارکوروبیوپاک بھارت کشیدگی پر متحرک ہیں، امریکی وزیر خارجہ نے دونوں ممالک کے رہنماؤں سے بات کی ہے ، مارکو رووبیو  نے دونوں ممالک سے تنازع کے خاتمے پر بات کی۔

    ،ترجمان وائٹ ہاؤس کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ بھی پاک بھارت معاملے پر بات کرچکے ہیں، صدر ٹرمپ چاہتے ہیں کشیدگی نہ بڑھے اور یہ معاملہ جلد ختم ہو۔

    کیرولین لیویٹ نے کہا کہ صدر ٹرمپ کے دونوں ممالک کے رہنماؤں سے اچھے تعلقات ہیں لیکن پاکستان اور بھارت کاتنازع کئی دہائیوں سے چل رہا ہے۔


    پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تمام خبریں


    یاد رہے امریکی وزیرخارجہ مارکوروبیو نے پاکستانی ہم منصب اسحاق ڈار سے رابطہ کیا تھا، اسحاق ڈار نے مارکو روبیو سے کہا تھا گیند اب بھارت کے کورٹ میں ہے، بھارت نے صورتحال کو مزید بڑھایا تو پاکستان نہیں رکے گا۔ بھارت اب حملہ کرے گا تو زیادہ سخت جواب دیا جائے گا۔

    بعد ازاں امریکی محکمہ خارجہ نے بتایا تھا کہ روبیو نے کہا دونوں فریق ہر صورت کشیدگی کم کرنے کے طریقے تلاش کریں۔ براہِ راست رابطے بحال کریں۔

  • ’امریکا نے بھارت اور پاکستان سے مسلح تصادم بند کرنے کا کہہ دیا‘

    ’امریکا نے بھارت اور پاکستان سے مسلح تصادم بند کرنے کا کہہ دیا‘

    ترجمان امریکی محکمہ خارجہ ٹیمی بروس نے بتایا ہے کہ امریکا نے بھارت اور پاکستان سے مسلح تصادم بند کرنے کا کہہ دیا ہے۔

    ترجمان ٹیمی بروس نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ امریکی وزیرخارجہ کی وزیر اعظم شہبازشریف سے بات ہوئی ہے جب کہ مارکو روبیو کی بھارتی وزیرخارجہ سے بھی گفتگو ہوئی ہے۔

    ترجمان نے کہا کہ امریکا پاکستان اور بھارت  میں براہ راست رابطہ بحال کرانا چاہتا ہے، پاکستان اور بھارت میں براہ راست رابطوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں اور مارکوروبیو نے پاکستان اور بھارت سےکشیدگی کم کرنے پر بات کی ہے۔

    ترجمان کے مطابق فریقین سے کہتے ہیں مسائل کےحل کیلئے ذمہ دارانہ اقدامات کریں پاکستان پہلگام واقعے کی تحقیقات چاہتا ہے اور امریکا سمجھتا ہےکشمیر میں جو کچھ بھی ہو رہا ہے افسوسناک ہے۔

    قبل ازیں امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے وزیراعظم شہباز شریف کو ٹیلیفون کیا اس موقع پر پاک بھارت کشیدگی اور موجودہ صورتحال پر گفتگو کی گئی۔

    وزیراعظم نے بھارتی میزال اور ڈرون حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حملوں میں شہری بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا جب کہ ان حملوں میں 31 شہری شہید اور 57 زخمی ہوئے ہیں۔

    شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ بھارت نے جارحیت کر کے خطے کے امن اور استحکام کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ پاکستانی عوام بھارت کی بلا اشتعال شر انگیزی سے شدید غصہ میں ہیں۔

    وزیراعظم شہباز شریف نے ملکی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کا ہر قیمت پر دفاع کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت اپنے دفاع میں کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

    اس موقع پر امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا کہ ہم جنوبی ایشیا کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور خطے میں امن واستحکام کے فروغ کے لیے پر عزم ہیں۔

    امریکی وزیر خارجہ نے پاکستان اور بھارت پر کشیدگی کم کرنے کے لیے مل کر کام کرنے پر زور دیا۔

  • پاکستان نے اقوام متحدہ کو بھارتی جارحیت سے آگاہ کردیا

    پاکستان نے اقوام متحدہ کو بھارتی جارحیت سے آگاہ کردیا

    نیویارک : بھارت کی جانب سے رات گئے میزائل حملوں سے متعلق پاکستان نے اقوام متحدہ کو باضابطہ طور پر بھارتی جارحیت سے آگاہ کردیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل، صدر جنرل اسمبلی اور صدر سلامتی کونسل کو آگاہ کیا۔

    اس کے علاوہ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل نمائندے نے بھی بھارتی جارحیت سے آگاہ کیا۔

    مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا کہ بھارتی جارحیت کا مناسب جواب دینے کا حق رکھتے ہیں، بھارت نے بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزی کی ہے۔

  • پاکستان اور بھارت ذمہ دارانہ حل کےلیے کام کریں، امریکا

    پاکستان اور بھارت ذمہ دارانہ حل کےلیے کام کریں، امریکا

    ترجمان امریکی محکمہ خارجہ ٹیمی بروس نے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ ایک پرامن دنیا چاہتے ہیں صدر ٹرمپ امریکی امنگوں کےمطابق امن کیلئے کام کر رہے ہیں صدر دنیا بھر میں جاری تمام تنازعات کا خاتمہ چاہتےہیں کسی بھی تنازع میں فریقین کو مذاکرات پر لانا آسان ہے۔

    ترجمان امریکی محکمہ خارجہ ٹیمی بروس سے پاکستان بھارت کشیدگی پر سوال کیا تو انہوں نے جواب میں کہا کہ پاکستان بھارت تنازع ایک متحرک اور سنجیدہ مسئلہ ہے پاکستان بھارت کشیدگی کی وجہ سےایک ابھرتی صورتحال بنی ہوئی ہے ہم اب بھی پاکستان بھارت کشیدہ صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں۔

    ترجمان نے کہا کہ پاکستان اور بھارت پر زور دیتے ہیں کہ ذمہ دارانہ حل کےلیے کام کریں ایسا حل جو جنوبی ایشیا میں طویل مدتی امن اور علاقائی استحکام کو برقرار رکھے، پاکستان اور بھارت کی حکومتوں کےساتھ متعدد سطح پر رابطے میں ہیں تمام صورتحال سے واقف ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ حوثیوں نے کہا ہے اب وہ بحری جہازوں پر حملہ نہیں کریں گے امریکا بھی حوثیوں کو نشانہ نہیں بنائےگا، عمان کی ثالثی میں ایک اہم معاہدہ طے پایا ہے معاہدہ کےتحت کمرشل بحری جہازوں کی آزادانہ نقل وحرکت ہوگی۔