Author: کامل عارف

  • کراچی، ایمرجنسی ڈیوٹی سے غیرحاضر 20 پولیس افسر، اہلکاروں پر جرمانہ

    کراچی، ایمرجنسی ڈیوٹی سے غیرحاضر 20 پولیس افسر، اہلکاروں پر جرمانہ

    کراچی: شہر قائد میں کرونا ایمرجنسی ڈیوٹی سے غیر حاضر 20 پولیس افسر اور اہلکاروں پر جرمانہ عائد کردیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی میں کرونا وائرس کے پیش نظر لگائی جانے والی ایمرجنسی ڈیوٹی سے غیرحاضر 20 پولیس افسر، اہلکاروں پر ایس ایس پی نے جرمانہ عائد کردیا۔

    پولیس افسران، اہلکاروں کو 3 ہزار روپے یومیہ کے حساب سے جرمانہ عائد کیا گیا ہے، تمام افسران اور اہلکار کرونا ایمرجنسی ڈیوٹی کے دوران غیرحاضر تھے۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق جن پولیس افسران و اہلکاروں پر جرمانہ عائد کیا گیا ہے ان میں انسپکٹر، سب انسپکٹر، اے ایس آئی اور ہیڈ کانسٹیبل اور سپاہی رینک کے لوگ شامل ہیں۔

    مزید پڑھیں: کرونا وائرس کے خلاف ایڈیشنل آئی جی کراچی کا بڑا اقدام

    واضح رہے کہ کرونا وائرس پیش نظر کراچی سمیت سندھ بھر میں 22 مارچ کو لاک ڈاؤن کیا گیا تھا، لاک ڈاؤن کے دوران پولیس افسران و اہلکار ایمرجنسی ڈیوٹی پر مامور ہیں۔

    لاک ڈاؤن کے دوران گھروں سے باہر نکلنے والے شہریوں سے پولیس کی جانب سے وجہ پوچھی جارہی ہے۔

    یاد رہے کہ 16 مارچ کو کرونا وائرس کے پیش نظر ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن نے صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کردی تھیں۔

    ایڈیشنل آئی جی نے احکامات جاری کیے تھے کہ پولیس اسٹیشنز، ایس ایس پیز، زونل ڈی آئی جیز کی سطح پر نفری میں اضافہ کیا جائے اور شادی ہال اور عارضی بازاروں کی بندش کی پابندی یقینی بنائی جائے۔

  • پولیس اہلکاروں کو ڈاکٹروں اور طبی عملے کو سلیوٹ کرنے کی ہدایت

    پولیس اہلکاروں کو ڈاکٹروں اور طبی عملے کو سلیوٹ کرنے کی ہدایت

    کراچی : کورونا وائرس کیخلاف جنگ لڑنے پر ایڈیشنل آئی جی کراچی نے پولیس اہلکاروں کو ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل عملے کو سلیوٹ کرنے کی ہدایت کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کیخلاف جہاد کرنے اور اس کے سدباب کیلئے دن رات ایک کرنے والے مسیحاؤں کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی نے پولیس اہلکاروں کو خصوصی  ہدایات جاری کی ہیں۔

    ایڈیشنل آئی جی کراچی نے پولیس اہلکاروں  سے کہاہے کہ شہر میں جہاں جہاں پولیس کے ناکے لگے ہیں اگر اس دوران وہاں ڈاکٹرز یا پیرا میڈیکل اسٹاف آتا ہے تو پولیس اہلکار و افسران انہیں دیکھ کر سلیوٹ کریں۔

    انہوں نے  مزیدکہا کہ کیونکہ یہ ڈاکٹرز  اور طبی عملہ اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر کورونا وائرس کی وباء کیخلاف فرنٹ لائن پر لڑ رہے ہیں اس لیے یہ خراج تحسین کے مستحق ہیں۔

    اس حوالے سے افسران کی ہدایت پر عمل درآمد کرتے ہوئے کلفٹن کے علاقے بوٹ بیسن کے قریب پولیس اہلکاروں نے ایک ڈاکٹر کو سلیوٹ کیا،فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پولیس اہلکار ڈاکٹر کو سلیوٹ کررہے ہیں۔

    واضح رہے کہ کرونا وائرس اس وقت پاکستان پر کسی عذاب کی طرح مسلط ہے اور ایسے میں ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹرز نرسیں اور دیگر طبی عملہ اپنی جانوں کی پرواہ کیے اس محاذ پر اس موذی وائرس کیخلاف جہاد کررہے ہیں۔ اس سلسلے میں دنیا کے دیگر ممالک میں بھی ڈاکٹرز اور طبی عملے کی خدمات کو سراہا جارہا ہے۔

    چین میں کرونا وائرس کی وبا پھوٹنے کے بعد ملک بھر سے ہزاروں ڈاکٹر اور نرسیں ووہان سٹی میں مریضوں کے علاج کے لیے پہنچیں اور دن رات محنت کی۔ ان کی جان توڑ کوششوں اور حکومت کے سخت اقدامات کا نتیجہ یہ نکلا کہ اب ووہان شہر میں جہاں سے وبا کا آغاز ہوا تھا، ایک بھی نیا کرونا وائرس کا کیس رپورٹ نہیں ہوا۔

  • بل کیوں دوں؟ خاتون نے اسنیکس میں لال بیگ ڈال دیا

    بل کیوں دوں؟ خاتون نے اسنیکس میں لال بیگ ڈال دیا

    کراچی: شہر قائد میں انٹرنیشنل فوڈ آؤٹ لیٹ کے اسنیکس میں لال بیگ کا راز فاش ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں انٹرنیشنل فوڈ آؤٹ لیٹ کے اسنیکس میں دو خواتین نے لال بیگ ڈال کر اسے برآمد کرنے کا جھوٹا دعویٰ کیا اور بل دئیے بغیر رفو چکر ہوگئیں۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق دونوں خاتون اپنے بیگ میں رکھے ٹشو پیپر میں لال بیگ رکھ کر لائی تھیں اور بل دینے سے بچنے کے لیے اس میں لال بیگ ڈال دیا۔

    سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ خاتون بیگ میں سے ٹشو پیپر نکال کر ڈونٹس میں لال بیگ ڈال رہی ہیں اور عملے سے بل نہ دینے کے لیے جھگڑ بھی رہی ہیں۔

    انتظامیہ کی جانب سے لال بیگ نکلنے کے دعوے کی تحقیقات کی گئی تھیں، تحقیقات میں خاتون کے قصور وار ہونے پر ویڈیو جاری کی گئی ہے۔

    خاتون کی جانب سے یہ اقدام کیوں اٹھایا گیا یہ واضح طور پر معلوم نہیں ہوسکا ہے تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ بل دئیے بغیر روانہ ہوئی ہیں اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ پیسے دئیے بغیر جانا چاہتی ہیں اس ہی لیے ڈونٹس میں لال بیگ ڈالا گیا۔

  • ایس ایس پی شکارپور کی رپورٹ میں امتیاز شیخ کے خلاف مزید انکشافات سامنے آگئے

    ایس ایس پی شکارپور کی رپورٹ میں امتیاز شیخ کے خلاف مزید انکشافات سامنے آگئے

    کراچی: ایس ایس پی شکارپور کی رپورٹ میں مزید انکشافات سامنے آئے ہیں، رپورٹ میں امتیاز شیخ کے خلاف سنگین الزامات لگائے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی شکارپور ڈاکٹر رضوان نے اپنی رپورٹ میں پیپلزپارٹی رہنما امتیاز شیخ کے خلاف سنگین الزامات لگائے ہیں، رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امتیاز شیخ کے بیٹے فراز شیخ کے گن مین، ڈاکوؤں کو 500 گولیاں بھی فراہم کرچکے ہیں، سیاسی اثر و رسوخ رکھتے ہوئے 115 شیخ برادری کے افراد کو پولیس میں بھرتی کروایا گیا۔

    ایس ایس پی نے رپورٹ میں انکشاف کیا کہ امتیاز شیخ مخالف ووٹرز کو ڈرا دھمکا کر ووٹ بھی حاصل کرتے رہے، تیغو خان تیغانی اور بیلو خان اغوا ہونے والے شہریوں کو کچے کے علاقے میں رکھتے تھے، گن مین علی نواز شیخ پر مختلف تھانہ جات میں ڈکیتی ، قتل اور ریپ کے 30 مقدمات درج ہیں۔

    مزید پڑھیں: صوبائی وزیر امتیاز شیخ کا ایس ایس پی کے خلاف عدالت جانے کا اعلان

    رپورٹ کے مطابق گن مین علی نواز، کرمنل ایوب تیغانی کا گولیوں کے حوالے سے رابطہ بھی ہوا تھا، گن مین علی نواز انسپکٹر رفیع اللہ کے قتل میں بھی ملوث ہے، داؤد شیخ، اتو شیخ کرمنل مخالف ووٹرز کو ڈرا دھمکا کر ووٹ بھی حاصل کرتے رہے ہیں۔

    ایس ایس پی کی رپورٹ کے مطابق ڈرگ پیٹلرز امتیاز اور مقبول شیخ کی گاڑیوں میں، اسلحہ، گولیاں، منشیات منتقل کرتے تھے، امتیاز شیخ ضلع شکارپور میں پسندیدہ افسر لگانا چاہتے تھے، ان کے اسکواڈ میں موجود اہلکار غوث بخش کے خلاف 20 سنگین مقدمات موجود ہیں۔

    ایس ایس پی نے رپورٹ میں بتایا کہ سردار تیغو خان تیغانی امتیاز شیخ کا رائٹ ہینڈ ہے اور اس کے شکارپور، کندھ کوٹ، کشمور اور سکھر میں کرمنل کیمپ قائم ہیں، گھڑی تیغو کے علاقے میں اغوا کیے جانے والے شہریوں کو چھپایا جاتا ہے، تیغانی گروپ کراچی میں بھی اغوا میں ملوث رہا ہے، کراچی کے تاجر سلیم سورٹھیا کو بھی تیغانی گروہ نے اغوا کرکے کچے کے علاقے میں منتقل کیا تھا۔

  • وزیر اطلاعات سعیدغنی کے بھائی کا جرائم پیشہ افراد سے روابط کا انکشاف

    وزیر اطلاعات سعیدغنی کے بھائی کا جرائم پیشہ افراد سے روابط کا انکشاف

    کراچی: ایس ایس پی جمشید ٹاؤن ڈاکٹر رضوان نے رپورٹ میں انکشاف کیا کہ سعید غنی کے بھائی فرحان غنی اجرتی قاتل، منشیات فروشوں کے سہولت کار ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی جمشید ٹاؤن ڈاکٹر رضوان نے رپورٹ میں تہلکہ خیز انکشافات کیے ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صوبائی وزیر سعید غنی کے بھائی فرحان غنی اجرتی قاتل، منشیات فروشوں کے سہولت کار ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق چنیسرگوٹھ میں فرحان غنی، حسن عرف ناتھا کا مضبوط نیٹ ورک ہے، حسن ناتھا ،فدا جوگی نے دوران تفتیش فرحان غنی سے رابطوں کی تصدیق کی، فرحان غنی جرائم پیشہ افراد سے مستقل رابطے میں ہیں، فرحان غنی کی کالز کا ریکارڈ رپورٹ کا حصہ ہے۔

    ایس ایس پی ڈاکٹر رضوان کے مطابق منشیات فروشوں کا قریبی ساتھی ظہیراحمد سعید غنی کے دفتر میں ملازم ہے، محمود آباد پولیس اسٹیشن کا اہلکار بھی منشیات فروشی میں ملوث ہے، محکمہ ایکسائز کا اہلکار رؤف منشیات فروشوں کے ساتھ ملا ہوا تھا۔

    آئی جی سندھ اور حکومت سندھ میں اختلافات کی بڑی وجہ سامنے آگئی

    اس سے قبل ایس ایس پی شکار پور ڈاکٹر رضوان نے سیکرٹ رپورٹ میں انکشاف کیا تھا کہ شکارپور میں خرابی امن کے ذمےدار سردار اور بااثر سیاسی افراد ہیں۔

    سیکرٹ رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ صوبائی وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ شکارپور میں جرائم پیشہ عناصر کی سرپرستی کرتے ہیں، امتیاز شیخ سیاسی مخالفین کو دبانے کے لیے کرمنل ونگ کا استعمال کرتے ہیں،صوبائی وزیر نے کرمنلزکے ذریعے سیاسی مخالف شاہ نواز کے بیٹے کو قتل کرایا۔

  • سندھ پولیس افسران کا براہ راست امریکی سفارت خانے سے رابطوں کا انکشاف، حکومت بے خبر

    سندھ پولیس افسران کا براہ راست امریکی سفارت خانے سے رابطوں کا انکشاف، حکومت بے خبر

    کراچی: سندھ پولیس کے افسران کا امریکی سفارت خانے سے براہ راست رابطوں کا انکشاف سامنے آیا ہے۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کامل عارف کے مطابق  سندھ پولیس افسران کس سفارتخانےسےبراہ راست رابطےمیں رہے؟ اس کے دستاویزی ثبوت منظر عام پر آگئے ہیں۔

    دستاویز کے مطابق امریکی سفارت خانے نے آئی جی سندھ کو اگست2019میں خط لکھا جس میں میامی میں ہونے والے تربیتی کورس کے لیے 5 افسران کے نام مانگے گئے۔

    سندھ پولیس نے صوبائی حکومت کی مشاورت اور اُن کے علم میں لائےبغیر امریکی سفارتخانےکو خاموشی سے ستمبر 2019 جوابی خط ارسال کیا۔

    مزید پڑھیں: غیر قانونی سرگرمیوں‌ میں‌ ملوث سندھ حکومت کے ’منظور نظر‘ پولیس افسران کے خلاف تہلکہ خیز رپورٹ

    امریکی سفارتخانے نےتربیتی کورس کے لیے خاتون پولیس افسرکا نام بھی مانگا تھا مگر سندھ پولیس نےکسی خاتون افسرکو کورس کےلیےنامزدنہیں کیاتھا۔

    نمائندہ اے آر وائی کے مطابق قانون کے تحت کوئی محکمہ یا افسر کسی بھی ملک کے سفارت خانے سے براہ راست رابطہ نہیں کرسکتا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ کورس کے لیے تجویزکردہ افسران کےناموں سےصوبائی حکومت مکمل لاعلم تھی، امریکا میں ہونے والا تربیتی کورس انسانی اور ممنوعہ اشیاء کی اسمگلنگ کی روک تھام سےمتعلق تھا۔

    https://www.facebook.com/arynewsasia/videos/889502088131084/

  • آئی جی سندھ اور حکومت سندھ میں اختلافات کی بڑی وجہ سامنے آگئی

    آئی جی سندھ اور حکومت سندھ میں اختلافات کی بڑی وجہ سامنے آگئی

    کراچی: ایس ایس پی شکار پور ڈاکٹر رضوان نے سیکرٹ رپورٹ میں انکشاف کیا کہ شکارپور میں خرابی امن کے ذمےدار سردار اور بااثر سیاسی افراد ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق آئی جی سندھ سید کلیم امام اور حکومت سندھ میں اختلافات کی ایک اور بڑی وجہ سامنے آگئی۔ ایس ایس پی ڈاکٹر رضوان نے ڈی آئی جی لاڑکانہ کو دی جانے والی سیکرٹ رپورٹ میں اہم انکشافات کیے۔

    سیکرٹ رپورٹ میں بتایا گیا کہ صوبائی وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ شکارپور میں جرائم پیشہ عناصر کی سرپرستی کرتے ہیں، امتیاز شیخ سیاسی مخالفین کو دبانے کے لیے کرمنل ونگ کا استعمال کرتے ہیں،صوبائی وزیر نے کرمنلزکے ذریعے سیاسی مخالف شاہ نواز کے بیٹے کو قتل کرایا۔

    رپورٹ کے مطابق امتیازشیخ ایس ایس پی سے اہم عہدوں پر من پسند افسران تعینات کراتے تھے، پولیس کے کئی آپریشن سیکرٹ لیک ہونے کے باعث ناکام ہوئے۔

    رپورٹ میں بتایا گیا کہ امتیاز شیخ نے ڈاکٹر رضوان کی تعیناتی کے بعد ایس ایچ اوز کے تبادلوں کے لیے دباؤ ڈالا، ایس ایس پی کی دوبارہ تعیناتی کے بعد پولیو ٹیم سے ڈکیتی بھی امتیازشیخ نے کرائی، واردات میں امتیاز شیخ کے بھائی مقبول شیخ کے گن من کو استعمال کیا گیا۔

    ایس ایس پی ڈاکٹر رضوان کے مطابق امتیاز شیخ کچے کے کرمنلز کے ذریعے امن خراب کر کے پولیس پر دباؤ ڈالنا چاہتے ہیں، جرائم پیشہ افراد کو امتیازشیخ کے ہوٹلز، پمپ،گیسٹ وفارم ہاؤس میں پناہ دی جاتی ہے۔

    سیکرٹ رپوٹ میں امتیاز شیخ اور جرائم پیشہ افراد کے نمبروں کا کال ریکارڈ بھی پیش کیا گیا، امتیازشیخ کی بھائی مقبول شیخ، بیٹے فرازشیخ کا کرمنلزکے ساتھ کال ریکارڈ بھی پیش کیا گیا۔

    ڈاکٹر رضوان کی رپورٹ کے مطابق امتیاز شیخ اور ڈکیت اتو شیخ کے درمیان متعدد بار رابطے ہوئے۔ رپورٹ میں اعلیٰ حکام سے امتیازشیخ، بھائی مقبول شیخ، بیٹے فراز کے خلاف قانونی کارروائی کی سفارش کی گئی۔

  • کراچی، وائٹ سیل بلڈ کے نام پر پلازمہ کی فروخت کا انکشاف

    کراچی، وائٹ سیل بلڈ کے نام پر پلازمہ کی فروخت کا انکشاف

    کراچی: شہر قائد میں وائٹ سیل بلڈ کے نام پر پلازمہ کی فروخت کا انکشاف ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’ذمہ دار کون‘ کے اسٹنگ آپریشن میں کراچی میں وائٹ سیل بلڈ کے نام پر پلازمہ کی فروخت کا انکشاف ہوا، کے کے ایف اور پٹیل اسپتال کے نام سے میگا یونٹ کی فروخت کی جانے لگی۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق ہمیں اطلاعات موصول ہوئی تھیں کراچی میں ایک ایسی مافیا سرگرم ہے جو کہ میگا یونٹ کی فروخت کررہی ہے۔

    اسٹنگ آپریشن کے دوران اے آر وائی کی ٹیم نے شہر کے مختلف مقامات سے میگا یونٹ 16 سے 20 ہزار روپے میں خریدے، جس میں حیران کن طور پر سیل موجود ہی نہیں تھے یا کچھ ایسے میگا یونٹ تھے جس میں سیل کی مقررہ مقدار موجود نہیں تھی۔

    اسٹنگ آپریشن میں انکشاف ہوا کہ ڈینگی کے مریضوں کو جو میگا یونٹ لگائے جارہے تھے اس سے ان کو فائدہ نہیں ہورہا تھا، ایسے پلازمہ بھی ملے جن میں سیل کی مقدار کم تھی۔

    رپورٹ کے مطابق کراچی کے 2 ایسے بلڈ بینک تھے جنہیں ماضی میں بند کیا جاچکا ہے ان کے نام سے بھی میگا یونٹ فروخت کیے جارہے تھے۔

    کے کے ایف، پٹیل اسپتال کا موقف ہے کہ میگا یونٹ آج کل تیار ہی نہیں ہورہے جبکہ ایس بی ٹی اے حکام کی جانب سے غیرمعیاری خون کی فروخت پر آپریشن کرنے کے بجائے سرسری کارروائیاں کی گئیں۔

  • کراچی، پارک میں بلند جھولے نے لوگوں کی زندگیاں خطرے میں ڈال دیں

    کراچی، پارک میں بلند جھولے نے لوگوں کی زندگیاں خطرے میں ڈال دیں

    کراچی: شہر قائد کے پارک میں بلند جھولے نے لوگوں کی زندگیاں خطرے میں ڈال دیں، جھولا بلندی پر خراب ہوگیا، شہری دو گھنٹے تک پھنسے رہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے چنکی منکی پارک میں جھولا بلندی پر جاکر خراب ہوگیا، جھولا رکنے پر اس میں بیٹھے افراد دو گھنٹے تک پھنسے رہے، شہریوں کی جانب سے 15 پر پولیس کو کال کی گئی وہ بھی مدد کو نہ پہنچے۔

    شہریوں کی جانب سے واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی گئیں جو وائرل ہوگئیں۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کامل عارف کے مطابق جھولا بلندی پر پھنس جانے کے بعد پارک انتظامیہ نے فوری طور پر گیٹ بند کردئیے اور لوگوں کو پیچھے ہٹانے کی کوشش کرتے ہوئے ویڈیو بنانے سے روکتے رہے۔

    پارک میں جھولے میں پھنسے لوگوں کو ریسکیو کرنے کے لیے کوئی متبادل انتظام موجود نہیں تھا، دو سیڑھیوں کو رسیوں سے جوڑ کر لوگوں کو ریسکیو کیا گیا۔

    مزید پڑھیں: پرانی سبزی منڈی کے پارک میں جھولا گر گیا، ایک بچی جاں بحق، متعدد زخمی

    جھولا خراب ہونے کا واقعہ گزشتہ رات پیش آیا، شہریوں کی جانب سے مدد کے لیے 15 پر کال کی گئی پولیس بھی مدد کو نہ پہنچی، واقعے کا تاحال کوئی نوٹس نہیں لیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ سال جولائی میں پرانی سبزی منڈی پر تفریحی پارک میں جھولا گر گیا تھا جس کے نتیجے میں دس سالہ بچی جاں بحق اور 18 سے زائد افراد زخمی ہوگئے تھے۔

    حادثے کے بعد انتظامیہ اور عملہ غائب ہوگیا تھا، ابتدائی طور پر لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت جھولے کے نیچے دبنے والوں کو نکالا اور ذاتی گاڑیوں کے ذریعے مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا تھا۔

  • کراچی، پولیس اہلکار بھتہ وصولی میں ملوث، ویڈیو منظر عام پر آگئی

    کراچی، پولیس اہلکار بھتہ وصولی میں ملوث، ویڈیو منظر عام پر آگئی

    کراچی: شہر قائد کے ضلع ساؤتھ میں تعینات پولیس اہلکار کی بھتہ وصولی کی ویڈیو منظر عام پر آگئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے ضلع ساؤتھ کا پولیس اہلکار بھتہ وصولی میں ملوث نکلا جس کی ویڈیو منظر عام پر آگئی، اہلکار شاہد خٹک گیسٹ ہاؤس، مساج پارلر سے بھتہ وصول کرتا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق اہلکار شاہد خٹک منشیات کے اڈوں اور شیشہ کیفے سے بھی بھتہ لیتا ہے اور رقم کی لین دین ایس ایس پی ساؤتھ آفس میں کی جاتی ہے۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کامل عارف کے مطابق پولیس اہلکار شاہد خٹک بھتہ وصول کرتا تھا اور جو رقم ادا نہیں کرتا اس کے کام کو بند کرادیا جاتا تھا، ساؤتھ زون میں پولیس کو بھتہ دے کر غیر قانونی کام جیسے شیشہ کیفے، مساج پارلر اور منشیات کے اڈے چلائے جارہے ہیں۔

    ویڈیو اس وقت کی ہے جب یہ اہلکار ہفتہ وصولی کررہا ہے، پولیس کی جانب سے بھتہ ہفتے کی بنیاد پر وصول کیا جاتا ہے، شاہد خٹک ایس ایس پی ساؤتھ آفس کے اندر بھتہ وصول کررہا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ساؤتھ زون میں یہ اہلکار ماہانہ 70سے 80 لاکھ روپے بھتہ وصول کرتا ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد میں پولیس اہلکار کی رشوت طلب کرنے کی ویڈیو منظر عام پر آئی تھی، کار سوار سے کاغذات نہ ہونے پر رشوت طلب کی گئی تھی جبکہ برابر میں بیٹھے شخص نے ویڈیو بنالی تھی۔