Author: کامل عارف

  • کراچی: ایس آئی یو کی کارروائی، دو دہشت گرد گرفتار

    کراچی: ایس آئی یو کی کارروائی، دو دہشت گرد گرفتار

    کراچی: ایس آئی یو اور سی آئی اے نے مشترکہ کارروائی کے دوران دو دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا ہے۔

    ایس ایس پی ایس آئی یو نے میڈیا کو بتایا کہ کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں ایس آئی یو اور سی آئی اے نے مشترکہ کارروائی کی۔

    کارروائی کے دوران دو دوہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا، دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی تعداد میں دھماکا خیز مواد برآمد کیا گیا۔

    انہوں نے بتایا کہ گرفتار دہشتگردوں سے ایک ہزار ڈیٹونیٹراوردو کوائل ڈیٹونیٹر وائر برآمد کئے گئے،گرفتار دہشت گرد دھماکا خیزمواد کو منتقل کررہےتھے، کارروائی کے دوران دہشت گردوں کا ایک ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ہے۔

    ایس ایس پی ایس آئی یو نے مزید بتایا کہ گرفتاردہشت گرد دھماکاخیزمواد کو منتقل کررہےتھے یہ دھماکہ خیزمواد پشاورسےلایا گیا تھا جسے شہر قائد میں دہشت گرد کارروائیوں میں استعمال کیاجاناتھا۔

    یہ بھی پڑھیں: شمالی وزیرستان میں سی ٹی ڈی کی ٹیم پر حملہ، زیر حراست 3 ملزمان اور 4 دہشت گرد ہلاک

    واضح رہے کہ آج شمالی وزیرستان میں سی ٹی ڈی کی ٹیم پر حملہ ناکام بنایا گیا تھا، دہشت گردوں کی فائرنگ سے زیر حراست تینوں ملزمان اور کالعدم تنظیم کے 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے تھے۔

    سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک دہشتگردوں کی شناخت ارشاداللہ،عبدالرحمان،مہردین کےنام سےہوئی، ملزمان سی ٹی ڈی کومتعدد سنگین دہشتگردی کے مقدمات میں مطلوب تھے۔

  • سادہ لوح شہریوں کو لوٹنے والا جعلی پیر ساتھیوں سمیت پکڑا گیا

    سادہ لوح شہریوں کو لوٹنے والا جعلی پیر ساتھیوں سمیت پکڑا گیا

    کراچی میں اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ نے کارروائی کرتے ہوئے سادہ لوح افراد کو بے وقوف بنا کر لوٹنے والے جعلی پیر کو ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پولیس کے اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ نے کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں کارروائی کرکے جعلی پیر اور اس کے 4 ساتھیوں کو گرفتار کرلیا جو پیسہ ڈبل کرنے کا جھانسہ دے کر سادہ لوح افراد کو لوٹا کرتے تھے۔

    گرفتار ملزمان نے دوران تفتیش بتایا کہ ملزمان کا ایک ساتھی کسی بھی عام شہری کو روک کر اس سے پوچھتا کہ کیا یہاں کوئی قریب بڑا پیر ہے۔ اسی دوران ان کا دوسرا ساتھی آکر بتاتا کہ ہاں ایک بڑے پیر صاحب ہیں اور میں بھی ان کے پاس ہی جا رہا ہوا، آپ بھی چلیں۔

    دونوں ملزمان اسی بہانے شہری کو بھی اپنے ساتھ گاڑی میں بٹھا کر جعلی پیر کے پاس لے جاتے اور اس سے ملاقات کراتے۔ جہاں شعبدہ باز جعلی پیر رومال یا ٹیشو پیپر کو آگ لگا کر اپنے ہاتھ کی مہارت دکھاتا۔

    پولیس کے مطابق ملزمان کا گروہ پچاس افراد پر مشتمل ہے اور اس کارروائی میں ان میں سے 5 کارندے گرفتار ہوئے ہیں۔

    پولیس کے مطابق ملزمان نوشہرو فیروز سے گاڑی کرائے پر لے کر کراچی آتے تھے۔ شہری پر بھروسہ قائم کرنے کے لیے ملزمان کا ایک ساتھی عام شہری بن کر ڈرامے میں شامل ہوتا تھا اور اپنا جعلی سونا دکھا کر کہتا کہ میرا سونا بھی ڈبل ہوگیا ہے۔ ان کے جھانسے میں آکر سادہ لوح شہری اپنا پیسہ اور سونا لے کر پیر کے پاس پہنچ جاتے تھے۔

  • پولیس کے ہاتھوں اعلیٰ تعلیم یافتہ ڈاکو سمیت 6 گرفتار

    کراچی پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے موبائل فون ایکسپرٹ سافٹ وئیر انجینئر سمیت چھ ڈاکوؤں کو گرفتار کرلیا ہے۔

    پولیس کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ بلال کالونی اور سرسید پولیس نے مشترکہ کارروائیاں کے دوران موبائل فون ایکسپرٹ سافٹ ویئر انجینئرسمیت چھ ڈاکوؤں کو گرفتار کرلیا۔

    پولیس کے مطابق ملزمان ڈسٹرکٹ سینٹرل میں مختلف وارداتوں میں ملوث تھے، گرفتار ملزم میں عطا سافٹ ویئر انجینئر اور ای ایم ای آئی تبدیل کرنے کا ماہر ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: کراچی : میمن گوٹھ میں مسلح افراد نے شہری کو گولیاں ماردیں

    اس کے علاوہ ملزم ستار اور دیدار وائٹ کرولا گینگ کے مرکزی ملزمان بھی ہیں، دونوں ملزمان بینک سے کیش لیکر نکلنے والے شہریوں کو لوٹتے تھے۔

    چند روز قبل بھی ملزمان نے سچل کے علاقے میں ستر لاکھ روپےچھینے تھے، گرفتار ملزمان سے اسلحہ ، پندرہ چھینے ہوئے موبائل فون،لیپ ٹاپ اور کمپیوٹر برآمد کیا گیا ہے۔

    ملزمان سے مزید تفتیش کے لئے انہیں متعلقہ تھانے منتقل کردیا گیا ہے اور تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔

  • ملک میں لوگ ’ہنی ٹریپ‘ کا شکار، پولیس نے سندھ بارڈر پر بینرلگا دئیے

     پاکستان میں لوگ ہنی ٹریپ کا شکار ہونے لگے پولیس بھی ڈاکوؤں کے طریقہ کار سے پریشان ہوگئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ملک میں لوگ ہنی ٹریپ کا شکار ہورہے ہیں ڈاکوؤں کی جانب سے دلفریب زنانہ آواز نکال کر لوگوں کو ورغلا کر اغوا کیا جاسکتا ہے۔

    سندھ کے شہر کشمور، گھوٹکی کے کچے کے ڈاکو زنانہ آواز میں ورغلاتے ہیں جو لوگ جھانسے میں آجاتے ہیں انہیں یرغمال بنا کر تاوان طلب کیا جاتا ہے۔

    پولیس نے سندھ بارڈر پر بینرز لگادیے جبکہ پبلک بسوں میں بھی اعلانات کیے جارہے ہیں۔

    پنجاب پولیس کی جانب سے ہنی ٹریپ سے بچاؤ کے لیے مہم جاری ہے جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ اعلانات سے 60 افراد کو بچانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

  • کراچی ڈاکوؤں کے رحم و کرم پر، ڈکیتی کی فوٹیج سامنے آگئی

    کراچی: شہر قائد میں اسٹریٹ کرمنلز کی وارداتیں روز کا معمول بن گئیں، شہری جان و مال سے محروم ہونے لگے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے ملیر میں موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے شہری کو لوٹ لیا جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آگئی ہے۔

    فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ موٹرسائیکل سوار ڈاکوؤں نے شہری کو دھکا دے کر گرا دیا اور اس سے موبائل فون اور نقدی لوٹ کر فرار ہوگئے۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے دونوں ڈاکو واردات کے بعد باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

    ایک اور واقعے میں گلشن اقبال کے ڈی اے مارکیٹ کے قریب ڈکیتوں نے ہوٹل پر بیٹھے ہوئے شہریوں کو لوٹ لیا۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شہری ہوٹل پر موجود ہے اسی اثنا میں دو ڈاکو آتے ہیں اور اسلحہ دکھا کر نوجوانوں سے موبائل فون لے کر باآسانی فرار ہوجاتے ہیں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ دنوں بھی یونیورسٹی روڈ پر این ای ڈی یونیورسٹی کے طالب علم کو ڈکیتی مزاحمت پر قتل کردیا گیا تھا بعدازاں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کیا تھا۔

  • گورنر سندھ گھر میں اہلیہ کا ہاتھ بٹانے میں بھی ماہر نکلے

    کراچی: گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری گھر میں اہلیہ کا ہاتھ بٹانے میں بھی ماہر نکلے۔

    گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کوٹ اور ٹائی پہن کر نومولود ذوالقرنین کو نہلانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ کردی ساتھ ہی والدین کے لیے پیغام بھی شیئر کیا۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ گورنر سندھ سوٹ، ٹائی پہن کر مگ میں پانی بھرکے نومولود ذوالقرنین کو نہلا رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ’یہ ان سب لوگوں کو بتا رہا ہوں جو پورا دن کام کرتے ہیں لیکن والدین کو اپنے بچوں کا اسی طرح خیال رکھنا چاہیے۔‘

  • کراچی میں اسپتالوں، ہفتہ بازار، شادی ہال اور پارکنگ ایریاز سے موٹر سائیکلیں چوری کرنے والا گینگ گرفتار

    کراچی میں اسپتالوں، ہفتہ بازار، شادی ہال اور پارکنگ ایریاز سے موٹر سائیکلیں چوری کرنے والا گینگ گرفتار

    کراچی : شہر قائد میں اسپتالوں، ہفتہ بازار، شادی ہال اور پارکنگ ایریاز سے موٹر سائیکلیں چوری کرنے والے گینگ کو گرفتار کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں اینٹی وہیکل لیفٹنگ سیل نے کارروائی کرتے ہوئے چار رکنی موٹر سائیکل چور گروہ کو گرفتار کرلیا۔

    ملزمان اسپتالوں ،شادی ہالوں ،ہفتہ بازاروں کے باہر سے موٹر سائیکلیں چوری کرتے تھے، ملزمان شہر سے100سے زائد موٹر سائیکلیں چوری کرچکے ہیں۔

    ملزمان نے اورنگی ٹاون میں 2گودام بنا رکھے تھے ان گوداموں میں چوری شدہ موٹر سائیکلیں کھول کر ان کے پارٹس بلوچستان اور کراچی میں کباڑیوں کو فروخت کرتے تھے۔

    پولیس نے گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر گوداموں سے 5موٹر سائیکلیں اور10چوری کی موٹر سائیکل کی پارٹس برآمد کرلئے ہیں۔

  • کراچی :  بلدیہ ٹاؤن میں بچی کے مبینہ اغوا کا ڈراپ سین

    کراچی : بلدیہ ٹاؤن میں بچی کے مبینہ اغوا کا ڈراپ سین

    کراچی : بلدیہ ٹاوٴن میں بچی کے مبینہ اغوا کا ڈراپ سین ہوگیا، اغوا کا مقدمہ درج کرانے والی خاتون کے یہاں کبھی بچی کی پیدائش ہی نہیں ہوئی، بچی کے اصلی ماں سامنے آگئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاوٴن میں بچی کے مبینہ اغوا کا ڈراپ سین ہوگیا، پولیس بچی کے اصلی ماں تک پہنچ گئی۔خاتون کے یہاں کبھی بچی کی پیدائش ہی نہیں ہوئی ۔

    پولیس ذرائع نے بتایا کہ خاتون کے یہاں کبھی بچی کی پیدائش ہی نہیں ہوئی، خاتون اپنی دوست کی بچی کو پالنے کا کہہ کر اپنے گھر لائی تھی.

    پولیس نے بتایا کہ چند دن خاتون نے بچی کو اپنے پاس رکھا اور جنگ اسکول کے قریب خاتون اپنی والدہ کے ہمراہ بچی واپس کرآئی۔

    پولیس ذرائع کا کہنا تھا کہ خاتون پہلی بیوی جبکہ شوہر اپنی دوسری بیوی کے ساتھ رہتا ہے، ایسا لگتا ہے کہ خاتون نے شوہر کی توجہ حاصل کرنے کیلئے جھوٹ بولا۔

    پولیس نے خاتون اور اسکی والدہ کا ویڈیو بیان حاصل کرلیا ہے، ویڈیو بیان میں خاتون کی والدہ نے من و عن تمام واقعہ بتایا ہے۔

    پولیس بچی کے اصلی ماں تک پہنچ گئی، ایس ایس پی کیماڑی فدا حسین جانوری کا کہنا تھا کہ بچی اپنی اصلی والدہ کے پاس موجود ہے،خاتون عینی نے بچی کے اغوا کا ڈرامہ کیا تھا۔

    ایس ایس پی کیماڑی کا کہنا تھا کہ عینی کو شامل تفتیش کریں گے اس نے جھوٹی اطلاع دی اور جھوٹا مقدمہ درج کروایا۔

  • اسٹریٹ کرمنلز کے گروہ کا سرغنہ ٹک ٹاکر نکلا

    اسٹریٹ کرمنلز کے گروہ کا سرغنہ ٹک ٹاکر نکلا

    کراچی: شہر قائد میں اسٹریٹ کرمنلز کے ایک گروہ کا سرغنہ ٹک ٹاکر نکلا، جو واردات میں استعمال ہونے والے اسلحے کے ساتھ ٹک ٹاک ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر ڈال دیتا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق ضلع وسطی کراچی میں کارروائیاں کرنے والا اسٹریٹ کرمنلز کے ایک گروہ کا سرغنہ ٹک ٹاکر نکلا ہے، نیو کراچی پولیس کو مطلوب یوسف موٹا مسلسل ٹک ٹاک پر ویڈیوز بنا کر ڈالتا ہے۔

    نیو کراچی پولیس نے کچھ دن قبل سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے اسٹریٹ کرمنلز کا ایک گروہ پکڑا تھا، انھوں نے نشان دہی کی کہ ان کا سرغنہ یوسف موٹا ہے، جو ایک ٹک ٹاکر ہے۔

    پولیس نے مزید تفتیش کی تو پولیس کو یوسف موٹا کی ٹک ٹاک ویڈیوز بھی مل گئیں۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یوسف موٹا جس پستول سے واردات کرتا ہے اسی کے ساتھ ویڈیوز بناتا ہے، ملزم نے شہر کے مختلف علاقوں میں گروہ بنا کر وارداتیں کیں، اور واردات کے بعد وہ اندرون سندھ فرار ہو جاتا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ یوسف موٹا کو واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں شناخت کیا گیا ہے۔

    دوسری طرف پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کراچی پولیس نے گزشتہ ایک ہفتے کے دوران کامیاب کارروائیوں میں 15 زخمی ڈاکوؤں سمیت 25 ملزمان رنگے ہاتھوں گرفتار کیے ہیں، جب کہ گزشتہ ہفتے کے دوران مجموعی طور پر 771 سے زائد ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

    پولیس حکام کے مطابق اہل کاروں اور ملزمان کے درمیان گزشتہ ہفتے 17 مقابلے ہوئے، جن میں 5 ڈاکو ہلاک ہوئے، منشیات فروش ملزمان سے لاکھوں روپے مالیت کی منشیات برآمد کی گئی، گرفتار اسٹریٹ کرمنلز سے 153 سے زائد غیر قانونی اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔

  • کراچی : مقابلے میں ہلاک دو دہشت گردوں کی شناخت ہوگئی

    کراچی : مقابلے میں ہلاک دو دہشت گردوں کی شناخت ہوگئی

    کراچی : گلشن معمار میں حساس اداروں اور سی ٹی ڈی کی مشترکہ کارروائی میں فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں مارے گئے دو دہشت گردوں کی شناخت ہوگئی۔

    اس حوالے سے پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے ہلاک ہونے والے مبینہ دہشت گردوں کے نام ایمل شاہ اور عبداللہ ہیں، مبینہ دہشت گردوں کے3ساتھی بھی گزشتہ سال ہلاک ہوئے تھے۔

    ذرائع نے بتایا ہے کہ مبینہ دہشت گردوں کا گروپ کوئٹہ میں مختلف سنگین وارداتوں میں ملوث رہا ہے، ہلاک مبینہ دہشت گردوں کا تعلق پشین اور کوئٹہ سے تھا،

    ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ مبینہ دہشت گرد اپنے ایک ساتھی کی گرفتاری کے بعد افغانستان فرار ہوگئے تھے، ہلاک دہشت گردوں میں سریناہوٹل خودکش دھماکے کا ماسٹر مائنڈ شامل ہے۔

    علاوہ ازیں پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران گرفتار ہونے والے ملزمان میں سلطان، رضوان، نعیم، جبار اور ہمدان سلفی شامل ہیں۔

    واضح رہے کہ آج صبح کراچی کے علاقے گلشن معمار کے قریب جنجال گوٹھ میں واقع گھر میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر حساس اداروں اور سی ٹی ڈی نے چھاپہ مارا۔

    کارروائیکے دوران دہشت گردوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی، فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشت گرد ہلاک ہوئے جن کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے جب کہ سی ٹی ڈی کے 4 اہلکار بھی زخمی ہوئے۔

    مزید پڑھیں : کراچی میں حساس اداروں کی مشترکہ کارروائی، 2 دہشت گرد ہلاک

    سی ٹی ڈی حکام کے مطابق دہشت گردوں سے مقابلے کے وقت گھر میں ایک خاتون اور بچی بھی موجود تھی، تاہم انہیں کوئی نقصان نہیں پہنچا اور سیکیورٹی اداروں نے دونوں کو تحویل میں لے لیا۔

    ڈی آئی جی آصف اعجاز شیخ کے مطابق مقابلے میں زخمی 4 سی ٹی ڈی اہلکاروں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں دو کی حالت تشویشناک ہے۔